سیلاب کے بعد پاکستان سے کیےگئے وعدے پورے کرنے چاہئیں : انتونیوگوتریس

نیویارک :  اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکرٹری جنرل نے کہا ہے  کہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں بدترین معاشی بحران پیدا ہوا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان سے کیے گئے امداد کے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے 16.4 ارب ڈالر کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اقوام متحدہ کے 78 ویں جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ( ایکس ) پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی امداد پر زرو دیتے ہوئے اسے عالمی برادری کیلئے اخلاقی فریضہ قراردیا۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کو ایک سال گزر جانے کے باوجود اب تک لاکھوں بچے بنیادی سہولیات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کے منتظر ہیں۔

ڈینس فرانسس کاکہنا تھا کہ یہ ہمارا اخلاقی فریضہ بنتا ہے کہ اس امتحان میں پاکستان اور اس کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔

انہوں نےمزید لکھا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور یو این سسٹم کو بحالی اور تعمیر نو کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سالانہ اعلیٰ سطحی اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ، جس میں پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سمیت دنیا بھر سے تقریباً 88 سربراہان مملکت، 42 سربراہان حکومت اور 650 سے زائد وزرا نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں، مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال جیسے چیلنجز کو اجاگر کیا گیا، عالمی رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ادارہ جاتی چیلنجز کے باوجود اقوام متحدہ انسانیت کو درپیش چیلنجز کا اجتماعی حل تیار کرنے کے لئے سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔

قوم نوازشریف کو 2013ء والا مینڈیٹ دوبارہ دے: رانا ثناء اللہ

گوجرانوالہ: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قوم نوازشریف کو2013ء والا مینڈیٹ دوبارہ دے۔

رانا ثناء اللہ نے گوجرانوالہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں، نوازشریف مینار پاکستان پر پوری قوم سے خطاب کریں گے، خوشحالی کی طرف بڑھتے ہوئے پاکستان کو بحران سے دوچار کیا گیا، نوازشریف ملک کو مشکلات سے نکالنے کا حل بتائیں گے، نوازشریف کے بتائے گئے راستے پر چل کر ملک بحرانوں سے نکلے گا، ہمارا بیانیہ ایک ہی ہے اور وہ پاکستان کی خدمت ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ترقی کو روکنے والا سفر 21 اکتوبر کو دوبارہ شروع ہونا ہے، پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 21 اکتوبر کو500 بندے لانے کا ٹارگٹ پورا کرنا ہے، 500 بندوں کو ہم نے فون کر کے چیک بھی کرنا ہے، ہم نے فون کے ذریعے ایپ تیارکروائی ہے، ہمیں پتا چل جائے گا کتنے لوگ آئے اور کتنے نہیں آئے، جو ورکرز کو لانے کا ٹارگٹ پورا کریں گے ان کو شاباش دی جائے گی۔

رانا ثناء اللہ نے گجرات میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف 90 کی دہائی میں آئے قوم نے اعتماد کا اظہار کیا تھا، پاکستان ایشین ٹائیگر بننے کی دوڑ میں شامل ہو گیا تھا، بیرون ممالک سے لوگ آکر دیکھتے تھے کیسے پاکستان ایشن ٹائیگر کی دوڑ میں شامل ہوا، 90 کی دہائی میں میاں نواز شریف کیخلاف سازش ہوئی تو ملک کی ترقی رک گئی تھی، پاکستان اور مسلم لیگ ن کا بیانہ ایک ہی ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا نواز شریف کا بیانہ ایک ہی رہا ہے اس سے کبھی ہم پیچھے نہیں ہٹے، ہمارا بیانیہ عوام کی خدمت کرنے کا ہے، خوشحالی کی طرف بڑھتی ہوئی قوم کو دوبارہ دلدل میں دھکیلا گیا، جو ملک کے ساتھ ہوا کیا ہم اس پر افسوس بھی نہ کریں، میاں نواز شریف نے جن کرداروں کا نام لیا کیا وہ قصور وار نہیں؟

دنوشکا گوناتلکے کو عدالت نے ریپ الزامات سے بری کردیا

سری لنکن کرکٹر دنوشکا گوناتلکے کو ریپ کیس میں مجرم قرار نہیں پائے، عدالت نے انہیں بری کردیا۔

آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق لنکن کرکٹر پر ریپ کیس کے حوالے سے شکایت کنندہ ٹھوس شواہد پیش نہ کر سکی، جس کے باعث کرکٹر کو باعزت بری کردیا گیا۔

لنکن کرکٹر دنوشکا گوناتلکے پر ریپ کیس میں چار مختلف الزامات تھے، جن میں سے 3 الزامات کو پہلے ہی ختم کردیا گیا تھا جبکہ واحدواحد الزام سے بھی عدالت نے کرکٹر کو بری کیا۔

گیس چوری، مزید 188کنکشن منقطع، 80 لاکھ روپے جرمانہ عائد

 لاہور: سوئی ناردرن کے تحت پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کیخلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید 188گیس کنکشن منقطع کر دیے، 277 انڈر بلنگ کیسز پروسیسڈ کیے گئے۔

گیس چوری میں ملوث افراد پر 80لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کردیے گئے ہیں، لاہور ریجن نے ڈوبن پورہ، سبزہ زار کے علاقے سے گلی میں 300 فٹ بچھائی گئی فیک لائین پکڑ لی، جس کو گیس مین لائن سے منسلک کرکے گیس چوری کا منصوبہ تھا جسے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا گیا۔ گیس چوروں کے خلاف متعلقہ تھانے میں کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں ہی گیس کے غیر قانونی استعمال پر 10گھریلو کنiکشن اور کمپریسر کے استعمال پر 09 کنکشن منقطع کیے گئے جبکہ40 انڈر بلنگ کیسز پروسیس کiے گئے اور 10لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ میں 200ارب روپے کمی کا امکان

 اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال2023-24 کے دوران ترقیاتی بجٹ میں 150 سے 200 ارب روپے کمی کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزرائے خزانہ کا پی ایس ڈی پی بارے اجلاس ہوا نگران وزیراعلیٰ سندھ، وفاقی و صوبائی سیکریٹری خزانہ و پلاننگ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں اخراجات کو کم کرنے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا صوبے کٹوتی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے منصوبوں کی ترجیحات طے کریں، پرائمری بجٹ خسارے کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ترقیاتی بجٹ پر کٹوتی لگائی جائے گی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

 

انسداد دہشتگردی عدالت؛ سانحہ 9 مئی کا چالان جمع، عمران خان قصوروار قرار

 لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9 مئی سے  متعلق چالان جمع کروا دیا گیا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔

9 مئی واقعات سے متعلق جناح ہاؤس حملہ سمیت 11مقدمات کا چالان لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جمع  کروا دیا گیا۔ پراسکیوشن کی جانب سے 11مقدمات کا چالان  جمع کروایا گیا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی ، عمر سرفراز چیمہ اور  میاں محمود الرشید  قصوروار قرار دیے گئے ہیں۔

جعلی اکاؤنٹس و توشہ خانہ کیس؛ آصف زرداری احتساب عدالت طلب

 اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اور توشہ خانہ کیس میں احتساب عدالت 3 نے سابق صدر آصف علی زرداری کو طلب کر لیا ہے۔

احتساب عدالت نمبر 3 نے توشہ خانہ کیس میں آصف علی زرداری کے ساتھ یوسف رضا گیلانی کو بھی طلب کیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو 24 اکتوبر کے لیے نوٹسز جاری کر دیے گئے۔

عدالت نے آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی کو ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

سپریم کورٹ نے سرکاری افسران کیلئے صاحب کا لفظ استعمال کرنے سے روک دیا

 اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی نے کہا ہے کہ ڈاکوؤں اور ریاست میں کوئی تو فرق ہونا چاہیے۔

سپریم کورٹ میں زمین کے معاوضے کی کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور سرکاری افسران پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ عدالت نے ایک سال قبل حکم جاری کیا تھا، ایک سال بعد بتایا جارہا ہے کہ معاوضے کی ادائیگی کا عمل جاری ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ہمیں اور آپکو عوام کی جیبوں سے تنخواہیں ملتی ہیں، ہماری کارکردگی صفر ہے، ڈاکوؤں اور ریاست میں کوئی تو فرق ہونا چاہیے ، عدالتوں کے ساتھ شفاف رویہ ہونا چاہیے اور نظام انصاف سے مذاق کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ 17 نومبر 2022 کو عدالت نے حکم جاری کیا ، پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ ایک متفرق درخواست دائر کردی گئی ہے، حکومت پنجاب نے بشیراں بی بی کی زمین کی ملکیت کو تسلیم کیا، بشیراں بی بی کی زمین پر ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر سے متعلق ملکیت بھی تسلیم کی گئی، 26 مارچ 1990 سے معاوضے کی ادائیگی کا حکم دیا گیا۔

عدالت نے کہا کہ سوال یہ تھا کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر پر بشیراں بی بی کو کتنا معاوضہ دیا جائے گا ، جب حکومت کسی فرد کی ملکیت تسلیم کرے تو سمجھ سے بالاتر ہے معاوضہ کیوں نہیں دیا گیا، لاہور سے کچھ افسران کو سپریم کورٹ بھیجا گیا کہ ہمیں ممبر صاحب نے بھیجا ہے، ہم نے سوال کیا کیوں آئے ہیں، جواب نہیں دیا گیا، سرکاری ملازمین کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، ممبر کے نام کے ساتھ صاحب کا لفظ استعمال کرنا مائنڈ سیٹ کو ظاہر کرتا ہے، دفاتر میں سرکاری ملازمین کیلئے صاحب کا لفظ حکمرانی کو ظاہر کرتا ہے ، آئین میں ایسی کوئی شق موجود نہیں ہے۔

سپریم کورٹ نے سرکاری افسران کیلئے صاحب کا لفظ استعمال کرنے سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت تک بشیراں بی بی کو معاوضہ دیا جائے ، اگر معاوضہ نہ دیا گیا تو محکمہ پنجاب کے ممبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کریں گے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ثناء اللہ زاہد نے استدعا کی کہ وکلاء کو انکے طریقہ کار کے مطابق سنا جائے، اگر آپ کہتے ہیں تو میں استعفیٰ دے کر چلا جاتا ہوں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کھلی عدالت میں سماعت ہورہی ہے، ایک سال بعد آکر بتایا کہ ابھی تک معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کچھ نہیں کیا گیا، آپ نے عدالت کو شرمندہ کردیا۔

عدالت نے دو ماہ میں بشیراں بی بی کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

ملکی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانا ہو گا: آرمی چیف

پشاور: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دورہ پشاور، خواتین سمپوزیم اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سمپوزیم میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی خواتین نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا، خیبر پختونخوا کی خواتین نے ان تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے خواتین کی حوصلہ افزائی بھی کی، آرمی چیف نے کہا کہ خواتین خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں، خواتین اس تبدیلی کا پورا پورا فائدہ اٹھائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بعد ازاں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان بھی شریک ہوئے۔

اپیکس کمیٹی میں آرمی چیف کو ذخیرہ اندوزی، منشیات اور دیگر اشیا کی سمگلنگ کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کو مجموعی سکیورٹی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں، اجلاس کے شرکاء نے شہداء کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا، ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج خیبرپختونخوا کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی، پاک فوج صوبے کی معاشی ترقی کی رفتار کو بڑھانے میں تعاون جاری رکھے گی، آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔

کسی بھی سیاسی جماعت اور لیڈر کو الیکشن سے پہلے نشانہ نہیں بنانا چاہیے، رانا ثناء اللہ

لاہور:  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت اور لیڈر کو الیکشن سے پہلے اور بعد میں نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

اپنے ایک بیان میں ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنانے کے حق میں نہیں ہیں لیکن اگر کوئی جماعت یا لیڈر ملکی دفاع پر چڑھ دوڑے، شہدا کے مجسموں کی بے حرمتی کرے تو کیا اس پر کیس اس لیے نہیں چلنا چاہیے کہ اس نے الیکشن لڑنا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے، نواز شریف لاہور پہنچنے کے بعد مینار پاکستان جائیں گے، مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا جس سے نواز شریف خطاب کریں گے، ہماری الیکشن مہم کا آغاز مینار پاکستان سے ہوگا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جتنے بھی کیسز ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں، آج ملک جس حال میں ہے وہ اس سازش کی وجہ سے ہے جو نوازشریف کے خلاف کی گئی، 2018ء میں جب 25 جولائی کو الیکشن ہوئے تو نواز شریف کہاں تھے؟۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو اقامہ میں نا اہل کیا گیا، سینیٹ میں ہمارے سینیٹرز کو دوہری شہریت کی بنا پر نا اہل قرار دیا گیا، یہ سب کچھ آن ریکارڈ ہے۔

کندھ کوٹ: راکٹ لانچر کا گولا پھٹنے سے دھماکا، خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق

کندھ کوٹ میں راکٹ لانچر کا گولا پھٹنے سے دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں بچوں اور خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے کچے کے علاقے میں راکٹ لانچر کا گولا پھٹا جس کی وجہ سے دھماکا ہوگیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے چار بچوں اور تین اتین سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعہ گھوڑاگھٹ تھانہ کی حدودعلی نواز سبزوئی میں پیش آیا جہاں اہلخانہ نامعلوم مقام سے ملنے والا گولہ بیچنے کے لئے توڑ رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتش جاری ہے جب کہ پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کرلیا۔

ایس ایس پی روحیل کے مطابق نیاز ، ایاز ، زبیر قربان، حنیفہ، رخسانہ، خدیجہ اور شائستہ واقعے میں جاں بحق ہوئے جب کہ جاں بحق افراد میں ایک ماں بیٹا بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیاز اور ایاز دونوں نے کچے کی زمین سے مارٹن گولہ برآمد کیا جو گھر لے کر آئے تو انہوں نے مل کر ہتھڑوں سے توڑنے کی کوشش کی جس سے دھماکہ ہوا اور یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے کندھ کوٹ میں راکٹ لانچر واقع پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔

مقبول باقر نے سوال کیا کہ راکٹ لانچر زنگی سبزوئی گوٹھ میں کیسے پہنچا، کیا کوئی اسلحہ کی کھیپ کچے میں اسمگل ہو رہی تھی یا ان کے سہولت کار موجود ہیں؟

نگراں وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ سے کہا کہ راکٹ لانچر کیسے بلاسٹ ہوئے جس سے اتنا جانی نقصان ہوا، تفصیلی رپورٹ دیں۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی کندھ کوٹ میں راکٹ پھٹنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور کمشنر لاڑکانہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

کامران ٹیسوری نے جاں بحق افراد کے ورثاء سے اظہار تعزیت کی اور زخمیوں کو بہترئین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کندھ کوٹ کے قریب کچے کے علاقے میں گھر کے اندر راکٹ کا گولہ پھٹنے کے معاملے پر تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

بلاول بھٹو نے واقعے میں معصوم بچوں سمیت 8 افراد کی ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں کو اسلحے سے پاک جب کہ جرائم کی آماجگاہ بننے سے روکنا ہوگا۔

راکٹ لانچر کا گولہ پٹھنے سے جاں بحق 9 افراد کی نماز جناز ادا

دوسری جانب کندھ کوٹ میں راکٹ لانچر کا گولہ پٹھنے سے جاں بحق ہونے والے 9 افراد کی نماز جناز ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں سبزوئی قبیلے کے افراد سمیت علاقے کے معززین نے شرکت کی، نماز جنازہ کے بعد آبائی قبرستان میں تدفین کی گئی۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔

برازیلی اسٹار فٹبالر رونالڈو نے تیسری شادی کرلی

برازیلی اسٹار فٹبالر رونالڈو نے تیسری شادی کرلی

برازیل کے فٹبال لیجنڈ رونالڈو لوئس نزاریو 33 سالہ برازیلین ماڈل سیلینا لاکس کے ساتھ باضابطہ طور پر شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

برازیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فٹبال لیجنڈ رونالڈو اور 33 سالہ سیلینا لاکس 7 سال سے ایک دوسرے کے ساتھ رہ رہے تھے تاہم کچھ روز قبل شادی کا فیصلہ کیا۔ اسٹار فٹبالر کی میلین ڈومینگیس اور ڈینییلا سیکاریلی کے ساتھ طلاق کے بعد یہ تیسری شادی ہے۔

دوسری جانب سیلینا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا آج ہم اپنے خاندانوں کو مذہبی جشن کے لیے اکٹھا کررہے ہیں جس کے ساتھ بہت سی تقریبات کا آغاز ہوتا ہے۔

رونالڈو نے برازیل کی نمائندگی کرتے ہوئے 98 میچز میں حصہ لیا جس میں انہوں نے 62 گولز اسکور کیے، لیجنڈری فٹبالر نے سال 2002 میں اپنی ٹیم کو پانچواں فیفا ورلڈکپ ٹائٹل جیتنے میں بھی مدد کی۔

الیکشن کمیشن ملک بھرمیں ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست آج جاری کرے گا

الیکشن کمیشن عام انتخابات سے قبل ملک بھر میں ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست آج جاری کرے گا۔

ابتدائی حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28ستمبرتا27 اکتوبر دائر کیے جاسکیں گے۔

الیکشن کمیشن ان اعتراضات و تجاویز کو 26 نومبر تک نمٹائے گا جس کے بعد 30 نومبرکو حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کی جائے گی۔

قومی صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رہیں گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 266، پنجاب اسمبلی کی 297نشستوں پرحلقہ بندیاں کی گئیں۔

سندھ اسمبلی کی 130 اور خیبرپختونخوا کی 115نشستوں پرجبکہ بلوچستان اسمبلی کی51نشستوں پرحلقہ بندیاں کی گئیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں الیکشن کروانے کا اعلان کیا ہے۔