صدف کنول نے شہروز سبزواری سے شادی کرلی

     

نکاح کے بعد اداکارہ صدف کنول نے انسٹاگرام پر اپنا نام تبدیل کرکے صدف سبزواری کرلیا

کراچی(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31مئی2020ء) صدف کنول نے شہروز سبزواری سے شادی کرلی ہے، ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل ہی اپنی اہلیہ سائرہ یوسف کو طلاق دینے والے شہروز سبزواری نے صدف کنول سے شادی کرلی ہے۔بتایا گیا ہے کہ اداکار شہروز سبزواری اور صدف کنول نے ایک پرائیویٹ تقریب میں نکاح کیا جس میں صرف قریبی افراد نے شرکت کی۔ نکاح کے بعد اداکارہ صدف کنول نے انسٹاگرام پر اپنا نام تبدیل کرکے صدف سبزواری کرلیا ہے اور نکاح کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شئیر کی ہیں۔

ورلڈ کپ: بھارتی سازش کے مزید گواہ سامنے آگئے

                 کراچی: ورلڈ کپ میں پاکستان کیخلاف بھارتی سازش کے مزید گواہ سامنے آگئے۔

انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے اپنی کتاب میں ورلڈ کپ 2019 کے گروپ راؤنڈ میں اپنی ٹیم کے خلاف بھارتی حکمت عملی پر سوال اٹھائے جو جیتنے کی کوشش کرنے کے بجائے ہار گئی تھی، پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا دارومدار میزبان کی فتح پر تھا مگر کوہلی الیون کی شکست نے گرین شرٹس کو ایونٹ سے باہر کردیا تھا، اگرچہ بعد میں اسٹوکس نے کہا کہ ان کے الفاظ کا درست مطلب نہیں نکالا گیا مگر پاکستان کو ایونٹ سے باہر کرنے کی بھارتی سازش کو دیگرکھلاڑیوں نے بھی واضح طورپر محسوس کیا۔

میگا ایونٹ میں ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ بطور اسپین کنسلٹنٹ موجود مشتاق احمد نے کہاکہ جیسے ہی بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی جیسن ہولڈر، کرس گیل اور آندرے رسل نے مجھے کہا کہ بلو شرٹس پاکستان کو سیمی فائنل میں نہیں دیکھنا چاہتے، اس بات کو سمجھے کیلیے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں ہے، انگلینڈ کے کمنٹیٹرز ناصر حسین اور مائیکل ایتھرٹن نے بھی اس کی نشاندہی کردی،اگر آپ کرکٹ کے ساتھ کھیلیں تو پھر یہ بھی آپ کے ساتھ کھیلتی ہے، بھارت اس وقت حد سے زیادہ خود اعتمادی کا شکار ہوچکا تھا کیونکہ ہر کوئی اسے فیورٹ قرار دے رہا تھا۔

مشتاق نے مزید کہاکہ ہم صرف بلو شرٹس کی جانب سے جان بوجھ کر خراب بیٹنگ کی بات کررہے مگر حقیقت تو یہ ہے کہ بولنگ بھی بہتر نہیں تھی، ابتدا میں ہی 2، 3  جلد وکٹیں لینے کے بعد انھوں نے حریف سائیڈ کو پارٹنرشپ تشکیل دینے اور مجموعے کو 337 تک پہنچانے کا موقع فراہم کیا

ادھر سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کے مطابق اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بھارت وہ میچ جان بوجھ کر ہارا تھا، میں نے یہ بات اسی وقت بھی کہی تھی، حقیت تو یہ ہے کہ ہر کسی کی رائے یہی تھی، ایک شخص جو چھکے چوکے جڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے وہ گیند کو بلاک کرتے رہا اور اسی سے ہی سب اندازہ ہورہا تھا۔

یاد رہے کہ338 رنزکے تعاقب میں روہت شرما کی سنچری کے باوجود بھارتی ٹیم 31 رنز سے ہار گئی تھی۔۔

کوئی کرکٹ میچ ایمانداری سے نہیں کھیلا جاتا، سب فکس ہوتے ہیں، بکی سنجیو چاولہ

ممبئی(ویب ڈیسک) بھارتی بکی سنجیو چاولہ نے دعویٰ کیاہے کہ کوئی بھی کرکٹ میچ ایمانداری سے نہیں کھیلا جاتا، سب ہی فکس ہوتے ہیں۔

دہلی پولیس کو اپنے تازہ بیان میں بکی سنجیو چاولہ نے کہا کہ لوگ جو بھی کرکٹ میچ دیکھتے ہیں وہ سب فکس ہوتے ہیں، بہت ہی بڑا انڈر ورلڈ مافیا تمام مقابلوں پر اثرانداز ہوتا ہے، یہ بالکل ویسے ہی ہے جیسے کسی فلم کی کوئی ڈائریکشن دیتا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سنجیو چاولہ نے کہاکہ اس سارے کھیل کے پیچھے بہت ہی طاقت ور مافیا ہے، اس لیے وہ اس حوالے سے مزید تفصیل بیان نہیں کرسکتے۔دوسری جانب اسپیشل سی پی کرائم پراویررانجن نے کہاکہ چونکہ معاملہ زیرتفتیش ہے اس لیے وہ اس بارے میں کوئی معلومات شیئر نہیں کرسکتے۔

وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ

حکومت کے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں نے انتظامی دفاتر کل سے کھولنے کا اعلان کردیا، اداروں کے سربراہان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد ۔ (ویب ڈیسک) وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ، وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کو کل یکم جون سے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے انتظامی دفاتر کل سے کھولے جائیں گے۔ حکومت نے اداروں کے سربراہان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ کورونا کی وجہ سے بند کیے جانے والے ادارے کھولے جارہے ہیں، موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر اداروں کے انتظامی دفاتر کو صاف ستھرا رکھتے ہوئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی نظامِ تعلمیات اسلام آباد کے زیرِ اہتمام 423تعلیمی اداروں کے تمام سربراہان کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام ایس او پیز پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کورونا وبا کے باعث سٹاف کو حاضری سے استثنیٰ دیا گیا تھا تاہم اب انہیں واپس دفتر آنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے 15جولائی تک کورونا وباء عروج پر ہونے کے امکان کو مد نظر رکھتے ہوئے سفارش کی ہے کہ تعلیمی اداروں کو اگست تک بند رکھا جائے‘ این سی او سی نے چاروں صوبوں بشمول آزاد وجموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں انڈسٹری سے منسلک کچھ دیگر شعبے کھولنے کے لئے صوبائی حکومت سے تجاویز اور آراء مانگ لیں ہیں‘ ان کی روشنی میں دیگر صنعتیں بھی کھولنے کی سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی میں اعلی سحطی اجلاس منعقد ہوا۔ کوویڈ 19 سے متعلق ’’طویل مدتی بیماری‘‘ کے عنوان سے طویل اور قلیل مدتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فورم نے کوویڈ19‘ معاملے پر بہتر پیغام رسانی اور عوامی رسائی کے لئے مواصلاتی حکمت عملی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بارشوں اور آندھیو ں کے پیش نظرمیپکو عملے کو تیار رہنے کی ہدایات

ملتان (ویب ڈیسک) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمودنے جنوبی پنجاب میں ممکنہ بارشوں اور آندھیوں کے پیش نظر افسران وسٹاف کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے ۔ انہوں نے ریجن کے تمام سپریٹنڈنگ انجینئرز کو جاری ہدایات میں کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جون کے پہلے ہفتے میں آندھیوں اور شدید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر بجلی سسٹم پر گہری نگاہ رکھی جائے۔بجلی بند ہونے کی صورت میں بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور سب ڈویژنوں میں ایمرجنسی ٹرانسفارمرزٹرالیاں تیار رکھی جائیں ۔ ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی صورت میں فوری طورپر ٹرالی نصب کرکے کم سے کم وقت میں بجلی کی بحالی یقینی بنائی جائے۔ لائن سٹاف مکمل ٹی اینڈ پی اور سیفٹی پالیسی کے تحت بجلی بحالی کے لئے کام کریں ۔

فالٹ بھی کم سے کم وقت میں تلاش کرکے صارفین کی مشکلات دور کی جائیں ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی بارشوں کے دوران بجلی تنصیبات سے دور رہیں ۔ بجلی بند ہونے کی صورت میں اپنے بلوں پر درج متعلقہ شکایت مرکز اور سب ڈویژن کے لینڈ لائن نمبر پر رابطہ کریں ۔بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اورتاروں سے دوررہیں اور اپنے جانوروں کو بھی بجلی کے کھمبوں سے مت باندھیں ۔ صارفین، عام شہریوں اور میپکو سٹاف کی قیمتی جانوں کا تحفظ ہمارا فرض ہے ۔

امریکا ‘چین کشیدگی : دنیا تیسری جنگ عظیم کے دہانے پر

لندن(ویب ڈیسک ) لداخ میں حالیہ بھارت چین سرحدی کشیدگی کے بعد یورپی میڈیا میں مکمل جنگ کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس پر چین کے خلاف مہم اور تجارتی تنازع کے باوجود دونوں ملکوں میں ثالثی کی پیشکش بھی کردی ہے، جبکہ بھارت اور چین کی طرف سے بارڈر پر فوجوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے.بھارتی دعوے کے مطابق چین لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے اندر تک آچکا ہے سیٹلائٹ سے لی گئی تصویروں میں ایل اے سی کے اندر مبیّنہ بھارتی حدود میں چین کے فوجی 60 خیمے لگا چکے ہیں جبکہ چین کی اپنی حدود میں 100 خیمے نصب کیے جا چکے ہیں بھارتی دعوے کے مطابق چین بھارتی مشینری کی مدد سے بنکرز بھی بنا رہا ہے. اس تنازع کو سمجھنے کے لیے بھارت چین سرحدی تنازع کو 1950 کے عشرے سے دیکھنا پڑے گا امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی جانب سے اگست 1963 میں تیار کیے گئے ورکنگ پیپر میں اس تنازع کو امریکی نظر سے دیکھا گیا ہے لیکن اس سے تنازع کو سمجھنے میں کافی مدد مل سکتی ہے.اس ورکنگ پیپر کو پہلے ٹاپ سیکریٹ قرار دیا گیا تھا تاہم اب وہ ڈی کلاسیفائیڈ کردیا گیا ہے یہ ورکنگ پیپر 1959 کے اوائل سے 1963 کے اواخر تک کے حالات پر مبنی ہے 24 اکتوبر 1959 میں جاری ہونے والا سی آئی اے کا سینٹرل انٹیلی جنس بلیٹن بھی چین بھارت سرحدی جھڑپ پر روشنی ڈالتا ہے. سی آئی اے کے سینٹرل انٹیلی جنس بلیٹن کے مطابق نئی دہلی نے 21 اکتوبر کی سرحدی جھڑپ پر سخت احتجاج کیا، مشرقی کشمیر کے علاقے لداخ میں ہونے والی اس جھڑپ میں 17 فوجی مارے گئے تھے نئیدہلی کے ترجمان نے چین کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کیا کہ بھارتی فوجیوں نے چین کے علاقے میں دراندازی کی تھی اور چین کے گشت کرنے والے فوجی قافلے پر فائرنگ کی تھی.امریکی سی آئی اے کی نظر میں یہ واقعہ منصوبے کے تحت پیش نہیں آیا تھا کیونکہ دونوں حکومتیں مذاکرات کی تیاری کر رہی تھیں چین نے اس واقع پر موقف اپنایا تھا کہ اس کے فوجی اپنے دفاع میں فائرنگ پر مجبور ہوئے تھے چین نے بھارت پر زور دیا تھا کہ چین کی سرحدوں کی خلاف ورزی کے واقعات کو مستقبل میں روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں. انٹیلی جنس بلیٹن میں کہا گیا کہ نہرو نے 8 اکتوبر کو کہا کہ ان کی حکومت اس موقع پر کوئی فوجی آپریشن نہیں کرے گی ماﺅزے تنگ نے بھی حال ہی میں بھارت کے کمیونسٹوں کو یقین دلایا کہ چین بھارت کے خلاف جارحیت کا ارادہ نہیں رکھتا سی آئی اے نے اپنے تجزیے میں کہا کہ لداخ کا واقع اور دونوں طرف سے احتجاجی بیانات بھارتی عوام اور حکام کے موقف کو سخت کرسکتے ہیں جس سے اس سازگار ماحول میں رکاوٹیں کھڑی ہوسکتی ہیں جس کے لیے ماﺅزے تنگ مذاکرات سے پہلے مطالبہ کرتے ہیںسی آئی اے کے ورکنگ پیپر کے مطابق 10 نومبر کو نہرو نے مذاکرات کے لیے پیشگی شرط رکھی کہ دونوں طرف کی فوجیں ایل اے سی پر واپس اپنی روایتی پوزیشنوں پر چلی جائیں.17 دسمبر کو چینی وزیراعظم چو این لائی نے جوابی خط لکھا کہ بھارتی شرائط یا تجاویز ایک تھیوری کی حد تک ہیں کیونکہ بھارت کا کوئی فوجی وہاں موجود ہی نہیں جہاں سے انخلا کی بھارتی تجویز دی جا رہی ہے چو این لائی نے علاقے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ ایک وسیع علاقے سنکیانگ اور تبت کو ملانے کے لیے اہم ہے بھارتی حکومت نے علاقے میں ستمبر 1958تک چین کی طرف سے کسی سڑک کی تعمیر سے لاعلمی کا اظہار کیا اور دنیا بھر میں اپنے سفیروں کو یہ موقف اپنانے کی ہدایت کی کہ کسی پڑوسی ملک کی طرف سے دخل اندازی اس بنیاد پر اس علاقے پر قانونی حق کا جواز نہیں بخشتی کہ وہ ملک اپنے علاقے میں دخل اندازی سے لاعلم تھا یا اس نے مزاحمت نہیں کی.چو این لائی نے اپنے خط میں لکھا کہ سرحدی جھڑپ کے بعد چین نے علاقے میں فوجی گشت روک دیا ہے، چو این لائی نے نہرو سے کہا کہ مذاکرات کے بنیادی اصول طے کرنے کے لیے بالمشافہ ملاقات کی جائے چو این لائی نے اشارہ دیا کہ وہ میک موہن لائن کے جنوبی علاقے سے اقصائے چین کے بدلے دستبردار ہونے کو تیار ہے نہرو جنوری 1960 تک ملاقات سے گریزاں رہے اور پھر اپنے سفیر اور چند وزرا کے مشورے پر ملاقات کے لیے راضی ہوگئے اس عرصے میں روس کے صدر خروش چیف نے چین بھارت تنازع پر کئی بیانات دیے اور کہا کہ چین کی فوجی کارروائیاں ماسکو اور دہلی کے تعلقات کو خطرے میں ڈال رہی ہیں.نومبر میں خروش چیف نے اس تنازع کو افسوسناک اور احمقانہ کہانی قرار دیا خروش چیف کے بیانات نے بھارتی سفارتکاروں کو اس خوش فہمی میں مبتلا کردیا کہ سوویت یونین نے اس تنازع میں براہِ راست مداخلت کی ہے لیکن جب بیجنگ پر دباﺅ ڈالنے کے ثبوت مانگے گئے تو سوویت یونین نے موقف اپنایا کہ سوویت یونین نے بیجنگ پر جلد از جلد مذاکرات پر زور دیا تھا سوویت یونین کا حقیقت میں چین پر کوئی اثر و رسوخ نہیں تھا بلکہ چینی حکام خروش چیف کے بیانات پر ناراض تھے بھارتی سیکرٹری خارجہ نے ایک امریکی عہدیدار کو بتایا کہ خروش چیف اس معاملے میں غیر جانبدار رہے اور ان کے خیال میں سوویت یونین کے دونوں دوست ملک تنازع کو باہم حل کرلیں گے.نومبر 1960 میں چینی حکام نے برما کو سرحدی تنازعات کے حل کے لیے بیجنگ آنے پر راضی کیا تاکہ سرحدی تنازعات دوستانہ طریقے سے حل کرنے کی مثال قائم کی جاسکے چین کا خیال تھا کہ برمی وزیرِاعظم کے ساتھ سرحدی تنازع جلد از جلد حل کرکے وہ نہرو کو مذاکرات پر آمادہ کرسکتے ہیں برما کے وزیرِاعظم نے اندازہ لگایا کہ چین ان کے ساتھ سرحدی تنازع خروش چیف کے دورہ نئی دہلی سے پہلے حل کرنا چاہتا ہے تاکہ نئی دہلی کے اس موقف کو جھٹلا سکے کہ چین تنازعات کو حل کرنے سے انکاری ہے.پارلیمنٹ اور میڈیا کے دباﺅ میں نہرو نے ملاقات پر آمادگی ظاہر کی اور 5 فروری 1960 کے خط میں چو این لائی کو مذاکرا ت نہیں بلکہ ملاقات کے لیے نئی دہلی آنے کی دعوت دی۔

فروری اور مارچ میں اشارے ملنے لگے کہ نہرو اقصائے چین پر بھارت کا برائے نام اختیار برقرار رکھتے ہوئے سنکیانگ تبت روڈ چین کے استعمال میں دینے کو قبول کرنے کو تیار ہیں . چینی حکام بھارت کے موقف میں اس نرمی کو بھانپ گئے اور بے معنی ملاقات کی بجائے بامقصد مذاکرات کی تیاری میں لگ گئے چین کے حکام نے اپنی آمادگی کو معتبر بنانے کے لیے نہرو کی طرف سے دو بار دورے کی دعوت مسترد کرنے کے باوجود چو این لائی کے دورہ نئی دہلی پر آمادگی دکھائی اور برما کے ساتھ سرحدی معاہدے کے صرف 2 ماہ بعد ہی نیپال کے ساتھ مارچ میں سرحدی معاہدہ کرلیا.

چو این لائی کی طرف سے اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ 6 روزہ دورہ نئی دہلی کی تجویز پر بھارتی حکام ششدر رہ گئے نہرو کے مشیروں نے یہ بات نوٹ کی کہ نئی دہلی تعلقات میں بہتری کے لیے نہرو، چو این لائی ملاقات چاہتا ہے جبکہ چو این لائی کی طرف سے دورے کی قبولیت کا خط سرحدی تنازعات کے ٹھوس حل کی طرف اشارہ کر رہا ہے جب نہرو سے پوچھا گیا کہ چو این لائی نئی دہلی میں 6 دن کیا کریں گے تو نہرو نے کہا کہ چو این لائی ایک ملاقات میں 3 سے 4 گھنٹے بلاتکان بول سکتے ہیں نہرو کو مشیروں نے مشورہ دیا کہ وہ چو این لائی کے ساتھ ملاقات میں ذہن تبدیل نہ کریںاپریل میں چو این لائی بھاری بھرکم وفد کے ساتھ نئی دہلی پہنچے نہرو کے ساتھ وفود کی سطح اور تنہائی میں ملاقاتوں میں چو این لائی کو کامیابی نہ ملی 3 دن کی مسلسل ملاقاتوں میں لداخ پر بھارتی موقف تبدیل نہ ہوا.اس پر چو این لائی نے بھی مقبوضہ بھارتی علاقے چھوڑنے سے انکار کردیا چین نے فروری اور مارچ میں بھارتی موقف میں نرمی کے درست اندازے لگائے تھے لیکن اپریل کے آخر تک یہ اندازے درست نہیں رہے تھے اور نہرو کے مشیر ان کے موقف کو سخت کر چکے تھے یہ ملاقاتیں ناکام رہیں اور نہرو نے معاملہ اپنے ماتحت حکام پر چھوڑ دیا تاکہ وہ چین کے ہم منصبوں سے ملاقاتوں میں معاملے کے قانونی اور تاریخی پہلوﺅں کا جائزہ لے سکیں1960 کے آخر تک درمیانے درجے کے حکام کے مابین مذاکرات چلتے رہے لیکن نتیجہ خیز نہ ہوسکے.چین نے مستقل فوجی گشت بند کرکے وقتاً فوقتاً گشت کی پالیسی اپنائی اور فوج کو فائرنگ سے گریز کا حکم دیا تاہم چین نے نومبر 1960 میں یہ اندازہ لگا لیا کہ بھارت مقبوضہ علاقے چھڑانے کا ارادہ نہیں رکھتا کیونکہ اس کی فوجی صلاحیت کم ہے لیکن چین نے گشت معطل کرنے کے باوجود نئی پوسٹوں کی تعمیر جاری رکھی چینی حکام نے مذاکرات کے دوران بھارتی ہم منصبوں کو علاقے کا نیا نقشہ بھی دیا جس میں بھارتی دعوے کے علاقے بھی شامل تھے.بھارت نے علاقے پر چینی فضائیہ کے گشت پر اعتراض کیا تو چو این لائی نے نہرو سے کہا کہ وہ ان طیاروں کو مار گرائیں تاکہ انہیں پتہ چل سکے کہ یہ طیارے چین کے نہیں لیکن بھارت ایسا کرنے سے ہچکچاتا رہا اور احتجاج بھی کرتا رہا شاید بھارت نے چین کا دعویٰ مان لیا تھا کہ یہ طیارے امریکی ہیں لیکن اس کا کھلے عام اعتراف کرنے میں بھی گریز کرتا رہا جنوری 1961تک چین کی پالیسی نئی دہلی کے ساتھ اچھے تعلقات کی تھی اور کھلی جنگ کو ناممکنات میں تصور کیا جا رہا تھا.یہ چیئرمین ماﺅ کا سفارتکاری میں برداشت کا فلسفہ تھا ان کا تصور تھا کہ ہمیں اپنی جدوجہد میں مخالف فریق کو کچھ چھوٹ دینی چاہیے بھارت کے ساتھ مذاکرات میں چین کو خدشہ تھا کہ ان سرحدی جھڑپوں کو جواز بناکر نہرو یا ان کی پوری حکومت کو چلتا کیا جاسکتا ہے یا بھارت امریکی دھڑے میں جاسکتا ہے اور امریکا اس بہانے چین کے گھیراﺅ کے لیے بھارت میں اڈے بنا سکتا ہے.ماﺅزے تنگ اور کمیونسٹ پارٹی کے پہلے وائس چیئرمین لیو شاﺅچی نے بھارت کی کمیونسٹ پارٹی کے چیئرمین اجے گھوش سے اکتوبر 1959 کی ملاقاتوں میں ان خدشات کا اظہار بھی کیا تھالیو شاﺅچی نے اجے گھوش سے کہا تھا کہ ہم نے پاکستان میں فوجی حکومت کے قیام کو سنجیدگی سے لیا ہے، امریکی سرمایہ دار خطے میں بڑی قوموں کو قبضے میں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، خصوصاً وہ ملک جو سوویت یونین اور چین کے ہمسائے میں ہیں.برما، جاپان، پاکستان، نیپال، سیلون، بھارت اور دیگر ملک جیسے انڈونیشیا۔ یہ وہ بڑے ملک ہیں جن کے ذریعے 2 عظیم سوشلسٹ ملکوں سوویت یونین اور چین کو گھیرنے کی کوشش ہو رہی ہے اس طریقے سے امریکا کے سرمایہ دار سوشلسٹ کیمپ کے ملکوں کو فوجی طور پر گھیرنا چاہتے ہیں پاکستان اور برما میں وہ کامیاب ہوچکے ہیں، اور انڈونیشیا میں وہ اس کو دہرانے کی ابھی تک کوشش کر رہے ہیں، پاکستان میں کامیابی کے بعد امریکی یہی سب کچھ بھارت میں کرنے کی کوشش میں ہیں.فوجی طور پر چین کے گھیراﺅ کے خدشات کو تقویت 1957 سے 1961 تک بھارت کے آرمی چیف رہنے والے جنرل کودندر تھمیا کے رویے سے بھی ملی جنہوں نے کرشنا مینن کو وزیر دفاع کے عہدے سے ہٹوانے کی کوشش کی، اور اس کوشش سے چینی حکام کے خدشات بڑھ گئے تھے کہ بھارت بھی امریکی منصوبے کی تکمیل کی طرف بڑھ رہا ہے. چینی حکام کے خیال میں جنرل کودندر تھمیا دائیں بازو کا تھا جو چین کے ساتھ سرحدی جھڑپوں کی آڑ میں بھارت کو امریکی مدد کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا تاکہ چین کو تنہا کیا جاسکے کمیونسٹ پارٹی چین کے وائس چیئرمین لیو شاو¿ چی کا خیال تھا کہ ممکن ہے کہ نہرو دائیں بازو والوں کے حق میں فیصلہ کر لے لیکن فی الوقت اسے ایسا کرنے سے روکا جانا چاہے.چین کے حکام نہرو کے متعلق خدشات کے باوجود انہیں بھارت کی دیگر سیاسی و عسکری قیادت سے بہتر خیال کرتے تھے بھارت میں فوجی حکومت کا راستہ روکنے کے لیے چین نے بھارت میں پاکستان اور برما جیسے حالات پیدا نہ رہنے دینے کی حکمت عملی اپنائی اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کو دائیں بازو کے مقابلے میں نہرو کی حمایت کی ہدایت کی گئی اور یوں بھارت کے ساتھ سرحدی تنازع کو سازگار ماحول میں مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی پالیسی اپنائی گئی 19 اکتوبر کو جب چو این لائی نے نہرو کو خط لکھا کہ بھارت کے نائب صدر رادھا کرشن بیجنگ کا دورہ کریں، ممکن ہے یہ دورہ مذاکرات کا نکتہ آغاز ثابت ہو.چین کے سدیر نے 24 اکتوبر کو جب یہ خط پہنچایا تو نہرو اور بھارت کے نائب صدر شدید غصے میں تھے کیونکہ 21 اکتوبر کو چین کے فوجی فائرنگ کرکے 17 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کرچکے تھے یوں یہ موقع بھی ضائع ہوگیا 7 نومبر کو چو این لائی نے ایک خط میں مذاکرات کو فوری نوعیت کا معاملہ قرار دیتے ہوئے نہرو سے جلد ملاقات کی خواہش ظاہر کی تاکہ بارڈر تنازع پر بات کی جائے.چو این لائی نے مستقبل میں مزید سرحدی جھڑپوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا چو این لائی نے مذاکرات کے لیے سازگار ماحول بنانے کے لیے دونوں ملکوں کی افواج کو میک موہن لائن اور ایل اے سی سے ساڑھے 12 میل پیچھے ہٹانے کی بھی تجویز دی چو این لائی کی یہ تجویز ان کی 8 ستمبر کی تجویز کا ہی ایک نیا رخ تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سرحد کو جوں کا توں مان لیا جائے اور سرحد پر فوج کی بجائے غیر مسلح بارڈر پولیس تعینات کردی جائے.جوں کا توں ماننے کا مطلب تھا کہ میک موہن لائن کو بارڈر ماننے کے ساتھ شمالی لداخ پر چین کا کنٹرول تسلیم کرلیا جائے افواج واپس بلانے کی تجویز کا مطلب یہ تھا کہ چند مخصوص پوسٹوں سے فوج ہٹائی جائے گی نہرو نے اس بات کو تسلیم کیا نہ مسترد بلکہ یہ کہا کہ چین کی تجویز بنفسہ بری نہیں12 نومبر کو چین نے بھارت کو آگاہ کیا کہ وہ 10 بھارتی فوجیوں (بھارت انہیں بارڈر پولیس کہتا تھا) کو رہا کرنے اور 9 فوجیوں کی لاشیں واپس کرنے کو تیار ہے.14 نومبر کو قیدی اور لاشیں بھارت کے حوالے کردی گئیں گرفتار بھارتی فوجی گروپ کے سربراہ کرم سنگھ نے کہہ دیا کہ چین کی فوج نے 21 اکتوبر کی جھڑپ میں مارٹر استعمال نہیں کیے تھے جس پر چین کے خلاف بھارت میں پروپیگنڈا شروع ہوگیا کہ اس نے بھارتی فوجیوں کی برین واشنگ کی ہے اس پروپیگنڈے سے ماحول مزید کشیدہ ہوگیا 16 نومبر کو بھارتی وزارتِ خارجہ نے قیدی فوجیوں پر تشدد اور بدسلوکی کا الزام لگایا اور کرم سنگھ کی طرف سے چینی تفتیش کاروں کے ظلم کا بیان بھی شامل کیا گیا17 نومبر کو نہرو نے چین کو خط لکھ کر پھر پیشگی شرائط عائد کردیں اور مبیّنہ مقبوضہ علاقہ خالی کرنے کے علاوہ پورے لداخ میں دونوں طرف سے فوج پیچھے ہٹانے کی شرط لگادی.نہرو، چو این لائی فوری ملاقات کی بجائے درمیانے درجے کے عہدیداروں کے مذاکرات اور بنیادی سمجھوتے پر پہنچنے کے بعد سربراہِ ملاقات کی شرط رکھی گئی پورے بارڈر پر دونوں طرف کی افواج کی ساڑھے 12 میل واپسی کی تجویز مسترد کردی گئی اس کی بجائے گشت روکنے کی تجویز دی گئی بھارت کے اندر نہرو پر دباﺅ کم نہ ہوا اور آرمی چیف نے کرشنا مینن کو نہ ہٹانے کی صورت میں استعفے کی دھمکی دے دی نہرو نے پارلیمنٹ میں آکر کرشنا مینن کی حب الوطنی کا دفاع کیا اور امید ظاہر کی کہ آرمی چیف استعفیٰ واپس لیں گے نہرو نے ملک کے دفاع کی ذمہ داری اکیلے کرشنا مینن پر ڈالنے کی بجائے کہا کہ ملکی دفاع پوری کابینہ کی ذمہ داری ہے19 نومبر کو نہرو نے اقصائے چین میں چین کی طرف سے ایئر اسٹرپ بنانے کی تردید اور تصدیق دونوں سے گریز کیا اور کہا کہ علاقہ چونکہ چین کے کنٹرول میں ہے اس لیے انٹیلی جنس معلومات مشکل ہیں.17 دسمبر کو چو این لائی نے نہرو کے خط کا جواب دیا اور اقصائے چین پر بیجنگ کے حق کا پہلے کی نسبت زیادہ سختی سے اعادہ کیا ساتھ ہی چو این لائی نے لداخ سے فوج کی واپسی پر سابقہ موقف دوہرایا کہ جب بھارتی وہاں موجود ہی نہیں تو واپس کیسے جائیں گے لداخ کی سنکیانگ اور تبت کے لیے آمد و رفت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے چو این لائی نے کہا کہ 1950 سے چین کی فوج تبت کے لیے سپلائی اسی راستے سے کر رہی ہے اور 1956 سے یہاں سڑک تعمیر کی گئی ہے جس سے بھارت لاعلم تھا کیونکہ یہ علاقہ عرصے سے چین کا حصہ ہے۔چو این لائی نے لکھا کہ وہ اگست 1968 میں قبضے میں لیے گئے علاقے لانگجو سے نکلنے کو تیار ہیں لیکن بھارت کو بدلے میں 10 متنازع پوسٹیں خالی کرنا ہوں گی چو این لائی نے سربراہ ملاقات ضروری قرار دیتے ہوئے 26 دسمبر کی تاریخ بھی دی اور کہا کہ ملاقات چین یا رنگون میں رکھی جائے چو این لائی نے کہا کہ سربراہ ملاقات میں بنیادی نوعیت کا سمجھوتہ ہونے سے پہلے وزارتی سطح کی ملاقاتیں بے فائدہ ہیں.نہرو نے 21 دسمبر کو چو این لائی کی تجاویز مسترد کردیں اور خود سے کوئی نئی تجویز نہ دی نہرو نے کہا کہ وہ کہیں بھی اور کسی بھی وقت ملاقات کے لیے تیار ہیں لیکن جب تک حقائق پر اتفاق نہ ہو ایسی ملاقاتوں کا کوئی فائدہ نہیں اپوزیشن اور میڈیا کے دباو¿ نے نہرو کا موقف سخت کردیا چو این لائی بھارتی ہم منصب سے مذاکرات کے لیے اس قدر پرامید تھے کہ انہوں نے برما کے وزیرِاعظم سے رابطہ کرکے مجوزہ ملاقات کے لیے سہولت پر بات بھی کرلی تھی لیکن نہرو نہ مانے یوں حالات 1962 کی جنگ تک جا پہنچے اور بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور بڑا علاقہ بھی گنوا بیٹھا.چین بھارت تنازع کی تفصیل طویل ہوگئی لیکن اس کا مقصد چین اور بھارت میں پائی جانے والی سوچ کو واضح کرنا تھا آج مودی ٹرمپ دوستی اور امریکا بھارت قربت ایک بار پھر چین کے خدشات کو تقویت دے رہی ہے کہ امریکا اس کا گھیراﺅ کرنے کو ہے اور بھارت کا دائیں بازو اس کی مدد کو پوری طرح تیار ہے بھارت کے وزیرِاعظم اور ڈیفنس چیف دونوں دائیں بازو کے ہیں یوں چین کے خدشات نہرو دور سے بھی زیادہ مضبوط ہیں اس وقت صرف آرمی چیف اور سیاست دانوں کا ایک گروپ نہرو پر بھاری پڑ رہے تھے اب تو بھارت پوری طرح قوم پرستی میں ڈوبا ہے نہرو کا بھارت کسی حد تک غیر جانبدار تھا مگر مودی کا بھارت تو امریکا کی گود میں ہے.ہمسایہ ملکوں میں بیٹھ کر چین کا گھیراﺅ کرنے کی امریکی پالیسی 2 قدم آگے بڑھ گئی ہے اب امریکا ہانگ کانگ میں علیحدگی پسندی کو کھلے عام ہوا دے رہا ہے تائیوان کو آزاد ملک کے طور پر عالمی اداروں کی رکنیت دلوانے کی کوشش کر رہا ہے تائیوان کو اسلحہ بیچنے میں لگا ہے بحیرہ جنوبی چین میں امریکی بحریہ کی بار بار گشت کی کوششیں ڈھکی چھپی نہیں.کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کا سبب چین کو بتا کر اس سے ہرجانہ لینے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں کورونا وائرس کی تحقیقات کی قرارداد چین کو اشتعال دلانے کے لیے کافی ہے چین کی کمپنیوں پر امریکی پابندیاں، چین کی مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافہ کرکے کمپنیوں کو چین چھوڑنے پر مجبور کرنا ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہے. لداخ میں محاذ کھول کر چین بھی اشارے دے رہا ہے چین کی پارلیمنٹ کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ وانگل یی نے کھل کر کہہ دیا کہ امریکا کی کچھ سیاسی قوتیں دونوں ملکوں کو سرد جنگ میں دھکیلنا چاہتی ہیں وانگ یی نے خبردار کیا کہ واشنگٹن تائیوان میں سرخ لکیر کو عبور کرنے کی غلطی نہ کرے.تائیوان چین میں ضم ہوکر رہے گا امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کی طرف سے ہانگ کانگ کو خصوصی تجارتی درجہ دینے اور چین کے نیشنل سیکورٹی بل پر تنقید کے جواب میں چین کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ہانگ کانگ چین کا اندرونی معاملہ ہے اور تمام ملک عدم مداخلت کی پالیسی پر کاربند رہیں. چین اور امریکا کے درمیان سرد جنگ کا پہلا محاذ ہانگ کانگ ہے امریکی صدر نے چین کا نیشنل سیکیورٹی بل ہانگ کانگ میں نافذ ہونے کی صورت میں شدید ردِعمل کی دھمکی دے رکھی ہے چین بھی اس سرد جنگ میں اپنی پسند کے محاذ کھولنے پر مجبور ہوگا اور بھارت کے ساتھ سرحدی کشیدگی چین کا پسندیدہ محاذ ہوسکتا ہے.ایک سوال جو کبھی امریکی بڑی رعونت کے ساتھ دنیا کے ملکوں سے پوچھتے تھے اب چینی بھی یہی سوال کر رہے ہیں کہ تم ہمارے ساتھ ہو یا ہمارے خلاف؟کورونا وائرس کی وبا پھیلنے پر امریکا یورپ کی طرف سے سفری پابندیوں کا اطلاق ہوا، تو جنوب مشرقی ملکوں کمبوڈیا، لاﺅس، میانمار اور تھائی لینڈ نے مارچ کے مہینے تک چین کے لیے زمینی فضائی راستے کھلے رکھے.چین نے کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کے لیے دنیا کے کئی ملکوں کو سامان اور طبّی عملہ بھجوایا اٹلی سمیت یورپ کے وہ ملک جو چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہیں، انہوں نے چین سے شکرگزاری کے ساتھ امداد وصول کی دراصل یہ مہم چین کی طرف سے ایک طرح سے یہی سوال تھا کہ تم ہمارے ساتھ ہو یا خلاف؟ چین نے اس مہم سے ملکوں کا موڈ چیک کرلیا ہے. کچھ ملکوں نے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے چین کی بنائی گئی کٹس واپس بھجوا کر یا ان کے نقائص بیان کرکے بتا دیا کہ وہ بیجنگ کے ساتھ نہیں جن میں اسپین بھی شامل ہے جبکہ سویڈن نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ بند کرکے جواب دیا آسٹریلیا نے چین پر الزامات کی بارش کرکے امریکی کیمپ میں ہونے کا اعلان کیا ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں آسٹریلوی قرارداد پر دستخط کرکے بھارت نے بھی اپنا جواب بیجنگ تک پہنچا دیا تھا یوں سرد جنگ کا نیا دور شروع کرنے کی تیاریاں ہوچکی ہیں بلکہ شاید اس کا آغاز ہوچکا لیکن اعتراف باقی ہے.

اداکار دانیال راحیل اور فریال محمود رشتہ ازواج میں منسلک ہوگئے

اسلام آباد ۔ (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ایک اور اداکار جوڑی فریال محمود اور دانیال راحیل رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق فریال محمود اسٹیج کی معروف اداکارہ روحانی بانو کی بیٹی ہیںجبکہدانیال راحیل اداکارہ سیمی راحیل کے بیٹے اور مہرین راحیل کے بھائی ہیں۔دانیال اور فریال نے کچھ عرصہ قبل ہی شادی کا اعلان کیا تھا۔واضع رہے کہ دونوں کئی پراجیکٹس میں بھی اکٹھے کام کر چکے ہیںاورحال ہی میں دونوں اداکاروں نے معروف ڈیزائنر دیپک پروانی کے لیے شوٹ بھی کروایا تھا۔

افغانستان میں بم دھماکا، ایک صحافی ہلاک

کابل ۔ (ویب ڈیسک):  افغان دارالحکومت کابل میں سڑک کنارے نصب ایک بم پھٹنے سے ایک ٹی وی چینل کا رپورٹر ہلاک ہو گیا۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب افغان حکومت نے طالبان کے ساتھ بات چیت کے لیے عبداللہ عبداللہ کو اعلیٰ مذاکرات کار مقرر کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے 15 ملازمین سے بھری بس سڑک کنارے نصب ایک بم سے ٹکرا گئی۔ افغان حکومت نے اس بم حملے کو ’بزدلانہ کارروائی‘ قرار دیا ہے۔

پر تشدد مظاہروں کے بعد 16 امریکی ریاستوں کے 25 شہروں میں کرفیو نافذ

پورے ملک میں مظاہرے جاری‘ پولیس کے ساتھ جھڑپیں ‘ ربر کی گولیاں اور آنسو گیس کے شیلز برسائے گئے

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی ریاست منی سوٹامیں پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شخص کی ہلاکت پر ہونے والے پر تشدد مظاہروں کے بعد 16 ریاستوں کے 25 شہروں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے. امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سیاہ فام شخص کی ہلاکت کی ویڈیو پیر کے روزسامنے آئی تھی جس میں ایک پولیس اہلکار نے اس کی گردن پر اس سختی سے اپنا گھٹنا رکھا ہوا تھا کہ آخر کار سانس نہ آنے کی وجہ سے وہ دم توڑ گیاجس کے بعد شہر میں ہنگامہ مچ گیا اور مشتعل مظاہرین گھروں سے نکل آئے، پولیس اسٹیشنز سمیت کئی عمارتوں کو آگ لگائی، کھڑکیاں توڑ دی گئیں اور اسٹورز کو لوٹ لیا گیا.

اس کے علاوہ مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگادی اور براہ راست پتھراﺅ کیا جبکہ پولیس کی جانب سے ان پر ربر کی گولیاں اور آنسو گیس کے شیلز برسائے گئے‘احتجاج کا یہ سلسلہ پر امن انداز میں شروع ہوا تھا جو پولیس کے ساتھ جھڑپوں اور اشتعال انگیزی میں تبدیل ہوا اور برسوں سے پولیس کے ہاتھوں ہونے والی ہلاکتوں کی مذمت کے لیے یہ بے امنی اس وقت ایک قومی رجحان کا روپ دھار چکی ہے.سی این این کی رپورٹ کے مطابق حکام نے 16 ریاستوں کے 25 شہروں میں کرفیو نافذ کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ آف کولمبیا(واشنگٹن ڈی سی) سمیت درجنوں ریاستوں میں نیشنل گارڈ کو طلب کرلیا گیا ہے‘جن شہروں میں کرفیو نافذ کی گیا ان میں لاس اینجلس، میامی، اٹلانٹا، شگاگو، منی پولس، سینٹ پاﺅل، کلیولینڈ، کولمبس، پورٹ لینڈ، فلاڈیلفیا، پٹس برگ، چارلسٹن، کولمبیا، نیش ولے اور سالٹ لیک سٹی شامل ہیں.احتجاج کے دوران مظاہرین جارج فلائیڈ کے دم توڑتے ہوئے الفاظ ”مجھے سانس نہیں آرہی“کے نعرے لگاتے نظر آئے اور اب تک کی کشیدہ صورتحال میں مختلف ریاستوں میں درجنوں افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے‘علاوہ ازیں پولیس کی برسائی جانے والی گولیاں اور شیلز لگنے سے متعدد لوگ زخمی ہوئے جبکہ انڈیانا پولس میں ایک شخص کی ہلاکت بھی ہوئی. ادھر 4 روز سے منی پولس میں جاری آتش زنی، توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے باعث جنگ عظیم دوم کے بعد پہلی مرتبہ منی سوٹا نیشنل گارڈ کو پوری طرح متحرک کردیا گیا‘اس سلسلے میں منی سوٹا گورنر کا کہنا تھا کہ گارڈز کی تقرری ضروری تھی کیوں کہ بیرونی جارحیت پسند جارج فلائیڈ کی ہلاکت پر ہونے والے احتجاج کو انتشار پھیلانے کے لیے استعمال کررہے ہیں.اس کے علاوہ غیر معمولی طور پر پینٹاگون کی جانب سے بیان سامنے آیا کہ منی سوٹا کے گورنر کی جانب سے امن برقرار رکھنے میں مدد کی درخواست کرنے کی صورت میں فوجی دستوں کو 4 گھنٹوں کے نوٹس پر الرٹ رہنے کا کہہ دیا گیا ہے امریکا میں کئی ہفتوں سے جاری کورونا وائرس لاک ڈاﺅن کے بعد سڑکوں پر مظاہرین کی بڑی تعداد کی موجودگی نے بحرانی کیفیت کو ہوا دی ہے.ادھر دارالحکومت واشنگٹن میں بھی سینکڑوں مظاہرین نے محکمہ انصاف کی عمارت کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ”سیاہ فاموں کی جانیں اہم ہیں“کے نعرے لگائے جس کے بعد متعدد افراد وائٹ ہاﺅس کی جانب چل پڑے جہاں انہیں بھاری تعداد میں شیلڈز پکڑے پولیس اہلکاروں کا سامنا ہوا. اس ضمن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر لیفیٹ اسکوائر پر جمع ہونے والے مظاہرین نے وائٹ ہاﺅس کے پار جنگلے کو توڑنے کی کوشش کی تو ان کا استقبال اس طرح کے خطرناک ترین کتوں اور پر آشوب ہتھیاروں سے کیا جائے گا جو شاید ہی میں نے دیکھے ہوں.

حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لینے کا فیصلہ کرلیا

 حکومت اگلے مالی سال کے دوران15ارب ڈالرمزید قرضہ لینے کا منصوبہ بنا رہی ہے، 10ارب ڈالر سے پرانے قرضے اتارے جائیں گے، باقی رقم سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھا جائے گا: وزارتِ خزانہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک): حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے  مطابق پاکستانی حکومت اگلے مالی سال کے دوران15ارب ڈالرمزید قرضہ لینے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر پاکستان کو یہ قرضہ مل جاتا ہے تو اس میں سے 10ارب ڈالر سے پرانے قرضے اتارے جائیں گے جبکہ باقی رقم سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھا جائے گا۔وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اگرپاکستان 15ارب ڈالر کے ان قرضوں کا انتظام کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو یہ قرضے ملکی تاریخ میں کسی بھی ایک مالی سال کے دوران لیے گئے قرضے کی سب سے بڑی مالیت ہوگی اور اس سے ملک قرضوں کے مزید بوجھ تلے دب جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہموجودہ حکومت قرضوں سے نجات کیلئے ملکی برآمدات، ترسیلات زربڑھانے اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری لانے میں ناکام ہوچکی ہے جس کی وجہ سے مزید قرضے لینے پڑ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس وقت اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس زرمبادلہ کے جو12ارب ڈالرذخائر موجود ہیں لیکن یہ ذخائر بھی قرضوں کے ذریعے بنائے گئے ہیں جبکہ آئی ایم ایف نے اپریل کی اپنی رپورٹ میں مالی سال 2020-21 کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکی حد 15.6ارب ڈالر مقررکررکھی ہے جسے بغیر مزید قرض حاصل کیے پورا کرنا مشکل ہے کیونکہ ملکی برآمدات میں اضافہ بہت کم ہوا ہے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے بھیجی گئی رقوم میں بھی کورونا وبا کے باعث کمی ہورہی ہے۔جون کے آخری ہفتے تک موجودہ حکومت کی جانب سے لیے گئے غیرملکی قرضوں کی مالیت 25ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی اور اس میں سے 16.5ارب ڈالر پرانے قرضے چکانے پر خرچ ہونگے۔ حکومت آئی ایم ایف سے قرضے کی اگلی قسط حاصل کرنے کیلئے اس کی شرائط پوری کرنے کے ضمن میں تمام تر کوششیں کررہی ہے۔نئے قرضوں کے حصول کیلئے حکومت کو آئی ایم ایف کے پروگرام کو بحال رکھنا ضروری ہوگا۔اگلے مالی سال کے دوران حکومت کو آئی ایم ایف سے 2.1 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے۔

خانیوال کے قریب مسافر بس اُلٹنے سے 7 افراد جاں بحق، 24 زخمی

ویب ڈیسک : خانیوال کےقریب لاہور سے ملتان جانے والی مسافر بس اُلٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں7 افراد جاں بحق اور 24زخمی ہوگئے۔

لاہور سے ملتان جانے والی بس ملتان خانیوال روڈ پل رانگوپر موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے الٹ گئی۔

حادثےمیں 4 مسافر موقع پر ہی جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے تھے، اطلاع ملنے پر ریسکیو عملہ موقع پرپہنچ گیا۔

ریسکیو عملے نے زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں مزید 3 افراد دم توڑگئے۔

پولیس یونیفارم میں جعلی ناکہ بندی کر کے شہریوں کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک : لاہور میں تھانہ گڑھی شاہو  پولیس نے 2 جعلی پولیس ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کو شہریوں کی اطلاع پر مین بازار گڑھی شاہو سے گرفتار کیا گیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس یونیفارم میں ملزمان جعلی ناکہ بندی کر کے شہریوں کو لوٹا کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان  کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر کی تردید کر دی

جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر کی تردید کر دی۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’گزشتہ روز سے مختلف نیوز چینلز پر یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ وہ (ڈاکٹر سیمی جمالی) شدید علیل ہیں اور انھیں کورونا ہو گیا ہے مگر یہ مکمل طور پر جھوٹی خبر ہے‘۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے اور اللہ کے فضل سے بالکل ٹھیک ہوں ۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے جس سے عام افراد سمیت فرنٹ لائن پر اس کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی متاثرین میں شامل ہے۔