اے ٹی ایم سے کارڈ چوری کے دوران کیمروں کو زبان چڑھانے والا ملزم گرفتار

لاہور (ویب ڈیسک)پنجاب پولیس نے اے ٹی ایم میں چوری کے دوران ‘عجیب حرکتیں’ کرکے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے گوجرانوالہ کے چور اور نوسر باز کو رحیم یار خان سے گرفتار کرلیا گیا۔خیال رہے کہ کچھ روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو وائل ہوئی، جس میں ایک شخص کو فیصل آباد میں ایک آٹومیٹک ٹیلر مشین (اے ٹی ایم) کو توڑنے کے بعد اس میں سے کارڈ چوری کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔تاہم اسی دوران اس شخص نے بوتھ کے کنارے پر لگے کیمرے اور اے ٹی ایم مشین میں نصب کیمرے کو زبان بھی چڑائی تھی۔بعد ازاں جمعہ کو یہ شخص رحیم یار خان میں شاہی روڈ پر حبیب بینک لمیٹڈ کے اے ٹی ایم بوتھ میں داخل ہوا اور جب وہ مشین کے بیرونی حصے کو توڑنے میں مصروف تھا تب ہی اسے دیگر صارفین کی جانب سے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔اس حوالے سے ضلعی پولیس افسر کے ترجمان ذیشان رندھاوا نے بتایا کہ چور کی شناخت صلاح الدین ایوبی کے نام سے ہوئی اور وہ گوجرانوالہ کے ضلع کامونکے کا رہائشی ہے۔ذیشان رندھاوا نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم نے ماضی میں گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں متعدد اے ٹی ایم توڑے اور وہ ہر واردات کے بعد طویل عرصے تک روپوش رہتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کو 3 مرتبہ پہلے بھی گرفتار کیا گیا لیکن بعد میں خود کو گونگے کے طور پر ظاہر کرنے پر اسے چھوڑ دیا گیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ ‘گزشتہ روز جب لوگوں نے صلاح الدین ایوبی کو پولیس کے حوالے کیا تو ابتدائی طور پر یہ تاثر ڈالا گیا کہ وہ بولنے سے محروم ہے لیکن بعد ازاں تفتیش کاروں کے سامنے اس نے بیان دیا’۔علاوہ ازیں پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 411، 427، 454 اور 380 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

امریکا:جعلی سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کے ذریعے غیرملکیوں کی نگرانی کی اجازت

واشنگٹن (ویب ڈیسک)امریکا کی سٹیزن شپ اور امیگریشن سروسز (یو ایس سی آئی ایس) کے افسران کو سوشل میڈیا میں جعلی اکاﺅنٹس کے ذریعے ویزا، گرین کارڈز اور شہریت کے تلاش میں سرگرداں غیر ملکیوں کی نگرانی کی اجازت دے دی گئی۔خبرایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ نے جولائی 2019 میں پرائیویسی کے حوالے سے عائد پابندی کا جائزہ لینے کے بعد افسران کو جعلی پروفائل بنانے پر عائد پابندی کا فیصلہ واپس کردیا۔یو ایس سی ایس سے جاری بیان میں وضاحت کردی گئی ہے کہ فراڈ یا سیکیورٹی خدشات اور کسی بھی غیر ملکی کو امریکا میں داخلے کی اجازت دینے کے حوالے سے ثبوت حاصل کرنے کے لیے تفتیش کاروں کو جعلی اکاﺅنٹس اور جعلی شناخت سے آسانی ہوگی۔رپورٹ کے مطابق پالیسی میں تبدیلی سے پہلے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے دیگر اقدامات بھی لیے گئے تھے جس میں امریکا کے ویزے کے حصول کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کو اپنا سوشل میڈیا اکاﺅنٹ میں زیر استعمال نام بھی جمع کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔امریکی انتظامیہ نے امیگریشن اور امریکا میں داخل ہونے والے غیر ملکیوں پر نظر رکھنے کے لیے اپنی پالیسی میں سختی برتنے کے لیے ایسے اقدمات اٹھائے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس فیصلے سے تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ فیس بک اور ٹویٹر میں جعلی سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کس طرح فعال ہوں گے کیونکہ یہ دونوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے وضاحت کردی ہے کہ کسی طرح کی اصلی نام کے بجائے نقالی کو قواعد کی خلاف ورزی قرار دیا جائے گا۔ٹویٹر اور فیس بک نے حال ہی میں چینی حکومت کی جانب سے جعلی شناخت کے تحت چلائے جانے کے شبہات میں کئی اکاﺅنٹس کو معطل کردیا تھا۔ٹویٹرنے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ‘جعلی شناخت اور کسی فرد کی نگرانی کے لیے دستاویزات کا استعمال ہماری پالیسیوں کے خلاف ہے اور ہمیں امید ہے کہ یو ایس سی ایس کے مجوزہ اقدامات ہمارے قواعد کے مطابق ہوں گے ’۔فیس بک نے امریکی انتظامیہ کے تازہ فیصلے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

افغان شہر قندوز میں خودکش دھماکا، پولیس ترجمان سمیت 10 افراد ہلاک

قندوز (ویب ڈیسک)افغان شہر قندوز میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔افغان حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے افغان سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا، ہلاک ہونے والوں میں قندوز پولیس ترجمان بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق خودکش دھماکے میں قندوز پولیس چیف زخمی ہیں جبکہ حملے کی ذمے داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔خیال رہے کہ طالبان نے جمعے کی شب 1:30 بجے کے قریب قندوز پر چار جانب سے حملہ کیا اور متعدد سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرلیا۔افغان فورسز طالبان کا حملہ پسپا کرنے کیلئے زمینی و فضائی آپریشن کررہی ہے، جھڑپوں میں 8 افغان فوجیوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ افغان فورسز نے 35 طالبان جنگجوﺅں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان عمل عمل زلمے خلیل زاد نے قندوز حملے پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ طالبان سے دوحا میں جاری مذاکرات میں قندوز حملے کا معاملہ اٹھایا ہے۔زلمے خلیل نے کہا کہ طالبان کو بتایا کہ قندوز حملے جیسے واقعات رکنے چاہئیں، جنگ اسی صورت میں ختم ہوگی جب تمام فریقین اسے ختم کرنے پر راضی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مفاہمت اور جامع جنگ بندی کیلئے تمام افغانوں کو مذاکرات میں آنا ہوگا۔یاد رہے کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کا نواں دور قطر کے دارالحکومت دوحا میں جاری ہے جس سے متعلق افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور ان کے 98 فیصد مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں۔

ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسی کا اکاﺅنٹ ہیک

فرانیسکو(ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مقبول سائٹ ٹوئٹر کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) جیک ڈورسی کا اکاو¿نٹ بھی ہیک ہوگیا۔ٹوئٹر نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے تمام صارفین کو آگاہ کیا کہ جیک ڈورسی کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ ہیک کرلیا گیا ہے۔کمپنی کے مطابق جیک ڈورسی کے اکاﺅنٹ سے نامناسب ٹوئٹس کی گئی ہیں جو نفرت انگیز مواد پر مبنی تھیں۔ہیکرز نے تقریباً 20 منٹس میں ایک درجن سے زائد ٹوئٹس کیں جن میں ہٹلر کی تعرفیں بھی کی گئیں۔ٹوئٹر ترجمان ایبونے ٹرنر کا کہنا ہے کہ نامناسب ٹوئٹس کلاﺅڈہوپر کے ذریعے

بھیجی گئی تھیں جو 2010 میں ٹوئٹر ایس ایم ایس سروس کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کی گئی تھی۔امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ڈورسی کا اکاو¿نٹ ان کا پاسورڈ کے بجائے کسی اختیاری تھرڈ پارٹی ایپ کے ذریعے سے ہیک کیا گیا۔بعدازاں ٹوئٹر نے ایک اور ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ اکاو¿نٹ کو بحال کر لیا گیا ہے اور ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ہیکرز نے ٹوئٹر سسٹم کو متاثر کیا ہوا۔جیک ڈروسی کے اکاو¿نٹ کو 42 لاکھ فالوورز ہیں جب کہ وہ خود 4 ہزار سے زائد اکاﺅنٹس کو فالو کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ چند سال قبل فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کا ٹوئٹر اکاو¿نٹ دو مرتبہ ہیک ہوا تھا۔

بھارتی کالج میں طالب علموں نے پاکستانی پرچم لہرادیا

کیرالہ (ویب ڈیسک)بھارتی ریاست کیرالہ کے کالج میں طالب علموں نے پاکستانی پرچم لہرادیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کیرالہ کے پیرامبرا سلور کالج میں پاکستانی پرچم لہرانے کا واقعہ پیش آیا، شکایت ملنے پر پولیس نے 30 طلبا کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔رپورٹس کے مطابق مسلم اسٹوڈنٹس فرنٹ نامی طلبہ تنظیم سے تعلق رکھنے والے طالب علموں نے کالج الیکشن کے حوالے سے نکالی جانے والی ایک ریلی کے دوران کالج کیمپس کے اندر پاکستانی پرچم لہرایا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے میں کیرالہ اسٹوڈنٹس یونین بھی شامل ہے اور ان دونوں تنظیموں کو کانگریس کی حمایت حاصل ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ 30 طالب علموں پر تعزیرات ہند کی دفعہ 143، 147، 153 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب مسلم اسٹوڈنٹ فرنٹ کا کہنا ہے کہ ان کا پارٹی پرچم پاکستان کے پرچم سے مشابہہ ہے، پرچم اتنا بڑا تھا کہ آدھا حصہ چھپ گیا اور جو حصہ نظر آیا وہ پاکستانی پرچم سے مشابہہ تھا، حکام نے غلط فہمی کی بنیاد پر طلبا پر کیس درج کیا ہے۔

فخرزمان انجری کا شکار، ٹریننگ کیمپ سے باہر

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخرزمان گھٹنے کی انجری کے باعث پری سیزن کیمپ سے باہر ہوگئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ‘فخرزمان کو دائیں گھٹنے کی انجری سے صحت یابی کے لیے ایک ہفتے کا آرام کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس کے باعث وہ پری سیزن کیمپ سے باہر ہوگئے ہیں’۔بیان کے مطابق ‘پی سی بی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی نے فخر زمان کے ایم آر آئی کا جائزہ لینے کے بعد ان کی بحالی کا پروگرام جاری کردیا ہے’۔پی سی بی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی 10 روز بعد ایک مرتبہ پھر فخرزمان کی انجری کا جائزہ لے گی۔خیال رہے کہ پی سی بی نے 29 اگست کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہین شاہ آفریدی ڈینگی کا شکار ہوکر سیزن کیمپ سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد قومی ٹیم کا دوسرا اہم کھلاڑی انجری کے باعث کیمپ سے باہر ہوگیا ہے۔پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ فخرزمان کے دائیں گھٹنے کا ایم آر آئی اسکین کروایا گیا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد میڈیکل ایڈوائزری پینل انجری کی نوعیت کا جائزہ لے گا۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا پری سیزن کیمپ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے جبکہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے انتخاب کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز بھی جاری ہیں جو ستمبر کے اوائل میں ہی کسی نام کو حتمی شکل دے دی گی۔قومی کرکٹ ٹیم ستمبر کے اواخر میں سری لنکا کے خلاف 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جس کے لیے سری لنکن ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔سری لنکا کی ٹیم تینوں ون ڈے کراچی جبکہ تینوں ٹی ٹوئنٹی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ نے ہر ہاﺅسنگ سوسائٹی میں فی گھر دو درخت لگانے کو لازمی قرار دے دیا

لاہور (ویب ڈیسک)لاہور ہائی کورٹ نے ہر ہاﺅسنگ سوسائٹی میں فی گھر دو درخت لگانے کو لازمی قرار دے دیا۔جسٹس جواد حسن نے شیخ عاصم کی درخواست پر 78 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں درخت نہ لگانے والی ہاﺅسنگ سوسائٹیوں کے نقشے منظور نہ کرنے کا حکم دیا گیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق درخت کاٹنے والوں کو بھاری جرمانے ہوں گے اور درخت نہ لگانے والی فیکٹریوں کی این او سی منسوخ کردی جائے گی۔جسٹس جواد حسن نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ درخواستوں پر نمبر لگانا اور اس کا خیال رکھنا متعلقہ محکموں کے افسران کی ذمہ داری ہوگی اور وہ درخت لگانے کے حوالے سے سالانہ رپورٹ جاری کریں گے۔فیصلے میں حکومت پنجاب سے متعلق کہا گیا کہ پنجاب حکومت زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے اور درختوں کے حوالے سے متعلقہ قوانین میں نظرثانی کریں۔عدالت نے درخت لگانے اور کاٹنے کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع لازمی قرار دیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق رجسٹرار کوآپریٹو تمام ہاﺅسنگ سوسائٹیوں میں درخت لگانے کے حوالے سے واضح احکامات جاری کرنے کے پابند ہوں گے اور محکمہ جنگلات اور پی ایچ متعلقہ اداروں کو درختوں کے بارے سہولت فراہم کریں۔جسٹس جواد حسن نے فیصلے میں کہا کہ تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، پارکنگ سمیت عوامی مقامات پر بھی درخت لگائے جائیں تاہم غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔فیصلے میں کہا گیا کہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہےاس لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔علاوہ ازیں عدالتی فیصلے میں درخت لگانے کے حوالے سے حکومتی پالیسی کو سراہا گیا۔سماعت میں وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اف پاکستان سعدیہ ملک پیش ہوئیں جبکہ محکمہ ماحولیات، پی اینڈ ڈی، ایل ڈی اے اور پی ایچ اے کے نمائندے، سی ای او فاریسٹ اربن پالیسی، ایڈیشنل سیکرٹری جنگلات ،سمیت دیگر افسران پیش ہوئے۔واضح رہے کہ عمران خان نے انتخابات سے قبل پارٹی منشور میں یہ واضح طور پر کہا گیا تھا کہ کامیابی حاصل کرنے پر پارٹی ملک بھر میں 10 ارب درخت لگائے گی۔ملک میں جنگلات ختم ہو رہے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ رہنے اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے شجرکاری مہم ضروری ہے۔پاکستان دنیا کے ان 7 ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں اور ان کے تباہ کن اثرات سے ہر سال ہلاکتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔پاکستان دنیا کے ان ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں جنگلات تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔پاکستان میں جنگلات صرف 2 سے 5 فیصد حصے پر مشتمل ہیں جو کہ اقوام متحدہ کے تجویز کردہ شرح 12 فیصد سے بہت کم ہے۔ملک کا شمار ان پہلے 6 ممالک میں بھی ہوتا ہے جو گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری پر تیکنیکی مذاکرات کا چوتھا دور زیرو پوائنٹ پر منعقد

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری پر تیکنیکی مذاکرات کا چوتھا دور زیرو پوائنٹ پر منعقد ہوا۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق زیرو پوائنٹ ڈیرہ بابانانک کے مقام پر ٹیکنکل مذاکرات میں پاکستان اور بھارت کے ماہرین نے شرکت کی اور کرتار پور راہداری کی تعمیر سے متعلق تیکنیکی امور پر بات چیت کی گئی۔پاکستان کی جانب سے راہداری سے متعلق کام تکمیل کے مراحل میں داخل ہو گیا تاہم بھارت نے راہداری پر کام 50 فیصد بھی مکمل نہیں کیا۔دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح کے مذاکرات بھارت کی تجویز پر ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔’نومبر میں کرتاپور کھل جائے گا’دوسری جانب انٹرنیشنل سکھ کنونشن سے خطاب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ سکھ کنونشن سیاسی نعرہ نہیں بلکہ ایک منزل کی طرف قدم ہے، وزیر اعظم کی کوششوں سے نومبر میں کرتاپور کھل جائے گا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت نے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے، سکھ برادری پاکستان کا امن پسند چہرہ دنیا کو دکھائے گی۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 28 نومبر 2018 کو کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن سے پہلے پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔