سعودی قومی دن کے موقع پر روایتی لباس پہننا بینزیما کیلئے ’جرم‘ بن گیا

فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما کیلئے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر روایتی لباس پہننا ’’جرم‘‘ بن گیا۔

غیرملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسٹار فتبالر کریم بینزیما فرانس کی انتہا پسند نیشنل ریلی پارٹی کے سربراہ نے سعودی قومی دن کے موقع پر روایتی لباس پہننے پر ‘اسلام پسند طرز زندگی کی خواہش’ کا الزام لگادیا۔

سعودی فٹبال کلب التحاد میں شمولیت اختیار کرنے والے کریم بینزیما کو انتہائی دائیں بازو کی نیشنل ریلی پارٹی کے صدر جارڈن بارڈیلا تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس لیے سعودی عرب کا رخ اس لیے کیا کیونکہ وہ ’’اسلام پسند طرز زندگی چاہتے تھے‘‘۔

ٹی وی شو کے دوران دیگر سیاستدانوں نے بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ لوگ جو اسلام پسند طرز زندگی کے خواہاں ہیں وہ انہیں ممالک میں چلے جائیں تو شاید فرانس بہتر ہو‘‘۔

ورلڈکپ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم دبئی پہنچ گئی

لاہور: بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میں شرکت کیلئے قومی اسکواڈ دبئی پہنچ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ٹیم بھارت میں کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہوئی۔ 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ 3 ریزرو کھلاڑی شامل، کوچز اور معاون عملہ سمیت 13 ارکان بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

بولنگ کوچ مورنے مورکل دبئی میں جوائن کریں گے جب کہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر 30 ستمبر کو براہ راست بھارت پہنچیں گے۔

دبئی میں 9 گھنٹے قیام کے بعد اسکواڈ کی اگلی منزل حیدرآباد ہوگی، قومی اسکواڈ بھارتی وقت کے مطابق رات 8:15 حیدرآباد پہنچے گا۔ گرین شرٹس کا پہلا وارم اپ میچ جمعہ کے روز نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

روس سے ایل پی جی کی پہلی کھیپ پاکستان کیلیے روانہ

اسلام آباد: روس سے ایل پی جی کی پہلی کھیپ پاکستان کیلیے روانہ کر دی گئی۔

روس نے ایک لاکھ ٹن ایل پی جی کی پہلی کھیپ پاکستان روانہ کر دی ہے۔

پاکستان میں روسی سفارتخانے نے ٹویٹر پر بتایا کہ یہ کھیپ ایران کے سرخس اسپیشل اکنامک زون سے بھجوائی گئی ہے، دوسری کھیپ بھجوانے کیلیے مشاورت جاری ہے۔

 

بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے کا امکان

 اسلام آباد: بجلی کی قیمت میں ایک روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔

چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں نیپرا اتھارٹی بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت کرے گی۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔

گزشتہ ماہ 15 ارب 47 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت 131 ارب 11 کروڑ روپے رہی۔ سب سے مہنگی بجلی فرنس آئل سے پیدا کی گئی۔فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 33 روپے 32 پیسے فی یونٹ رہی۔

ایل این جی سے 23 روپے 71 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی اور ایران سے 25 روپے 9 پیسے فی یونٹ پر بجلی درآمد کی گئی۔ لائن لاسز کی نظر  24 پیسے فی یونٹ بجلی ہوئی

ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن: مونس الہٰی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور: احتساب عدالت نے لاہور میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن میں مونس الہٰی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر مونس الہٰی کے 5 اکتوبر تک ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے، نیب نے عدالت میں دائر درخواست میں بتایا چیئرمین نیب نے 11 اگست کو مونس الہٰی کا وارنٹ جاری کیا، مونس الہٰی کی گرفتاری کے لئے کوششیں کی، مگر اس نے خود کو روپوش کررکھا ہے۔

احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے نیب کی درخواست پر سماعت کی، ملزم مونس الہٰی پر ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں روپے کرپشن کرنے کا الزام ہے۔

کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک ہوگا: نگران وزیرداخلہ

اسلام آباد:  نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی گرفتاری پر دیے جانے والے بیان سے متعلق وضاحت پیش کردی۔

سرفراز بگٹی کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہےکہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا، نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کا ایک بڑا حصہ نواز شریف کو خوش آمدید کرنے کی تیاریوں میں مشغول ہے اور وطن واپسی پر نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔

نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ چہ مگوئیوں اور مفروضوں سے باہر نکل کر معاملات کو حقیقت کے آئینے سے دیکھنا ہوگا، نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی۔

سرفراز بگٹی نے کیا بیان دیا؟

حال ہی میں دیے گئے بیان میں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ نوازشریف کو عدالت سے ضمانت نہ ملی تو گرفتار کریں گے، میرے خیال میں نواز شریف خود بھی گرفتار ہونا ہی چاہیں گے، ایک ملزم کو جہاز سے گرفتار کرنے کیلئے کوئی بڑی فورس نہیں چاہیے ہوتی۔

(ن) لیگ کا سخت رد عمل

لاہور : مسلم لیگ (ن )کے رہنما رانا ثنااللہ نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا بیان ’حد سے تجاوز‘ قرار دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو ’حد سے تجاوز‘ قراردیتے ہوئے کہا کہ سرفراز بگٹی بیان دینے سے پہلے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں، نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے، نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی۔

معلوم نہیں برف پگھلی ہے یا نہیں: شاہ محمود کی کمرہ عدالت میں گفتگو

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ انہیں معلوم نہیں برف پگھلی ہے یا نہیں لیکن جو بےگناہ ہے اسے رہائی ملنی چاہیے۔

ایف آئی اے نے سائفر کیس میں شاہ محمود کو ہتھکڑی لگا کر جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد   پہنچایا جہاں  کمرۂ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 40 سال سیاست کی، 39 سال ایک پرچہ نہیں ہوا تھا لیکن  ایک  سال میں کورٹ کچہری دیکھ لی، دہشتگرد بھی بنا دیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں برف پگھلی ہے یا نہیں، جو بےگناہ ہے اسے رہائی ملنی چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات وقت کی ضرورت اور واحد حل ہیں، اگر شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ملک کا ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا اور عوام کا موجودہ جمہوری نظام سے اعتبار اٹھ جائے گا۔

 واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی ہے۔

پاکستان نے اپنا جنگی بحری جہاز “پی این ایس طارق” برطانیہ کو دے دیا

  کراچی: پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت جنگی بحری جہاز “پی این ایس طارق” برطانیہ کے سپرد کر دیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے حکومتی منظوری کے بعد جنگی بحری جہاز پی این ایس طارق برطانیہ کے حوالے کیا۔

پی این ایس طارق کی حوالگی کی تقریب لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تھے۔رائل برطانوی بحریہ کے سابق فرسٹ سی لارڈ اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل لارڈ ایلن ویسٹ نے بطور گیسٹ آف آنر تقریب میں شرکت کی۔

برطانیہ نے پاکستان سے ایمیزون یا طارق کلاس ٹائپ 21 جنگی جہاز کی حوالگی کی استدعا کی تھی۔ پاک بحریہ میں شامل ٹائپ 21 ایمیزون کلاس فریگیٹس 70، 80 کی دہائیوں میں برطانوی شاہی بحریہ کا حصہ رہے۔ ایمیزون کلاس فریگیٹس نے 1982ء میں برطانیہ، ارجنٹائن فاک لینڈ جنگ میں حصہ لیا۔

برطانیہ، پاکستان سے جہاز حاصل کر کے فاک لینڈ جنگ کی یادگار کے طور پر رکھنا چاہتا ہے۔ جہاز گلاسگو کے کلائیڈ میری ٹائم ہیری ٹیج سنٹر میں رائل اور پاکستانی بحری افواج کے مشترکہ بحری ورثے کی علامت کے طور پر نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔

پاک بحریہ میں شامل “پی این ایس طارق” برطانوی ٹائپ 21 ایمیزون یا طارق کلاس سیریز کا آخری جہاز ہے۔ پاکستان نے 90 کی دہائی کے اوائل میں برطانیہ سے 6 ایمیزون کلاس ٹائپ 21 فریگیٹس حاصل کیے۔

پاک بحریہ میں جہاز ایچ ایم ایس ایمبسکیڈ کا نام مجاہد اسلام طارق بن زیاد سے منسوب پی این ایس طارق رکھا تھا۔ برطانوی ساختہ ٹائپ 21 طارق کلاس فریگیٹس نے 30 سال تک پاک بحریہ میں کلیدی خدمات سرانجام دیں۔

خیبر کے علاقے تیرہ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک

تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خفیہ معلومات پر سیکیورٹی فورسز کی جانب خیبر کے علاقے تیراہ میں آپریشن کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں میں کفایت عرف طور بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تیراہ میں کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی، مارے گئے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف مختلف قسم کی دہشت گردی کی کاروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ باقی ماندہ دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمہ کا آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسزملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہیں۔

190 ملین پاؤنڈ کیس: بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 12 اکتوبر تک توسیع

جعلی رسیدیں کیس کی سماعت میں پیشی کے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی لاہور سے اسلام آباد کے روانہ ہوگئی ہیں، جب کہ احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 12 اکتوبرتک توسیع کر دی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔

بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ نیب نے بشریٰ بی بی کی گرفتاری فل الحال مطلوب نہ ہونے کا بیان دیا، ہمیں لفظ فی الحال پراعتراض ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ نیب کا ارادہ تبدیل ہونے پرعدالت کے ذریعے آگاہ کیا جائے کیونکہ حفاظتی ضمانت بنیادی حق ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے وکیل کے بیان پر مخالفت کرتے ہوئے کہا مؤقف اختیار کیا کہ کوئی قانون نہیں کہ کسی ملزم کو گرفتاری سے قبل آگاہ کیا جائے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کوتوشہ خانہ کے زیورات پیش کرنے کا کہا گیا ہے یہ تفتیش میں تعاون کریں۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 12 اکتوبر تک توسیع کردی۔

اس سے قبل اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جعلی رسیدیں کیس کی سماعت ہوئی، جج طاہرعباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے بشریٰ بی بی کی ضمانت پر دلائل کا وقت مقررکرنے کی استدعا کی، اور مؤقف پیش کیا کہ بشریٰ بی بی لاہورسے اسلام آباد کیلئے روانہ ہیں۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کیخلاف کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔

جعلی رسید کیس میں بشریٰ بی بی کیخلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

دوسری جانب احتساب عدالت میں بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کچھ دیر بعد ہوگی۔

بشریٰ بی بی کے وکلاء احتساب عدالت پہنچ گئے ہیں، بشریٰ بی بی کے پہنچنے پر احتساب عدالت میں سماعت کا آغاز ہوگا۔

احتساب عدالت کے باہر اسلام آباد پولیس کی سخت سیکیورٹی تعینات کردی گئی ہے۔

سندھ میں ملیریا بے قابو، ایک ہی روز میں 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

کراچی سمیت صوبےت بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملیریا کے 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو گئے۔

سندھ بھرمیں ملیریا کا مرض پھیلنے لگا، ایک ہی دن میں مزید 5 ہزار 185 مریض رپورٹ ہوگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں رواں سال ملیریا کیسز کی تعداد 3 لاکھ 52 ہزار 238 ہوگئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حیدرآباد ڈویژن میں 2 ہزار 243، لاڑکانہ میں ایک ہزار 490، میر پور خاص میں 949، سکھر 283، شہید بینظیر آباد میں 195 ، اور کراچی میں 25 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کراچی کے ضلع ملیر میں 12، کورنگی میں 9، ضلع وسطی، شرقی، جنوبی اور ضلع غربی میں ایک، ایک کیس سامنے آیا۔

سندھ میں رواں سال ملیریا کیسز کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی جب کہ 2023 میں ملیریا کے سبب 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

خاور مانیکا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن پنجاب کے حوالے

بشریٰ بی بی کے سابقہ شوہر خاور مانیکا کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے حوالے کردیا گیا۔

اینٹی کرپشن کےمقدمے میں نامزد ملزم خاور مانیکا کواوکاڑہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، اینٹی کرپشن پولیس نے عدالت سے 14 روزہ جسمانی کی استدعا کی۔

عدالت نے خاور ماینیکا کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منطور کرتے ہوئے انہیں اینٹی کرپشن پولیس کے حوالے کردیا۔

ریمانڈ ملتے ہی اینٹی کرپشن کی ٹیم خاور مانیکا کو لے کر ساہیوال روانہ ہوگئی۔

انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر مزید سستا ہوگیا

 کراچی: امریکی ڈالر کی روپے کے مقابلے میں قدر کم ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کے روز بھی انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر مزید سستا ہوگیا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید ایک روپے 08 پیسے کمی کے ساتھ 289 روپے 78 پیسے کی سطح پر آ گئی ۔ بعد ازاں گراوٹ کا رجحان جاری رہا اور دوپہر تک انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپے 22 پیسے کی کمی سے 289 روپے 64 پیسے ہو گئی۔