امیدوں اور نئے عزم کے ساتھ سال 2023 کا آغاز

کراچی / لاہور / راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان میں نئی امیدوں اور عزم کے ساتھ نئے سال 2023 کا آغاز ہوگیا۔
پاکستان میں نئے سال کا جشن بھرپور طریقے سے منایا گیا اور رات بارہ بجتے ہی ملک بھر میں شاندار آتش بازی کے ساتھ سال 2023 کو خوش آمدید کیا گیا۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں سال نو کی آمد کے حوالے سے رنگارنگ تقاریب منعقد ہوئیں، جشن کی سب سے بڑی تقریب بحریہ ٹاؤن کراچی 2 میں ہوئی جہاں شاندار آتش بازی کی گئی اور میوزیکل کنسرٹ منعقد کیا گیا، جس میں نامور گلوکار عاطف اسلم نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ جشن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں بحریہ ٹاؤن راولپنڈی اور لاہور ایفل ٹاور میں بھی شاندار تقریب کا مظاہرہ کیا گیا جہاں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس کے باعث آسمان رنگ و نور کی روشنی سے جگمگا اٹھا۔
اسی طرح ملک کے بڑے شہروں میں بھی سال نو کی آمد کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ نئے سال پر منچلوں نے بائیکس ریلیاں نکالیں، ون ویلنگ کی، سائلنسر نکال کر بائیکس دوڑائیں جس پر پولیس نے گرفتاریاں بھی کیں۔
کراچی میں ہزاروں نوجوان سی ویو پہنچے۔ رواں سال سندھ حکومت نے سی ویو کی سڑکیں بند نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ وزیر اعلیٰ نے ڈبل سواری پر عائد پابندی کو ختم کردیا تھا۔
سال نو کے آغاز پر اپنے پیغام میں وزیرا عظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ 2023 کے سال کو انسانیت کی فلاح و بہبود اور امن و خوش حالی کا باعث بنائے،3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کی زندگیوں میں اجالے کرنے کی سرتوڑ کوشش کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2022 پاکستان کے لئے تلخ وشیریں ثابت ہوا، سیلاب کی تباہ کاریوں نے عوام کے مسائل اور تکالیف میں اضافہ کیا،دعا ہے کہ نیا سال دہشت گردی، مہنگائی سے نجات کا سال ہو، عوام کی جان اور معاش کا تحفظ ہو۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ نئے سال میں دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت ہمہ جہت چیلنجوں کاسامنا ہے،نئے سال کو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی پائیدار بنیاد بنانے کے لئے استعمال کرنا ہو گا۔
وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ عہد کرتے ہیں کہ عوام کی زندگیوں کی تلخیاں کم کرنے اور حالات بہتر بنانے کے لئے دن رات کام کریں گے،نئے سال کو اپنے نوجوانوں کے لئے مواقع کا سال بنائیں گے۔
میاں شہباز شریف نے دعا کی کہ نیا سال مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کے موقع پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ 2023 کو پاکستان کے عوام کیلئے امن، ترقی اورخوشحالی کا سال بنائے، نئے سال میں ہم پاکستان کو دہشتگردی اورانتہاپسندی سے مکمل نجات دلائیں گے۔ نئے سال کی آمد پرقوم کے شہدائے کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور وطن کی خاطر جان دینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔ آمین
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی منظرنامے پر خصوصاً دیوالیہ پن کے امکانات کے باعث چھائی مایوسی کے باوجود میرا رب العزت پر ایمان اور اپنی قوم پر اعتماد ہےکہ تحریک انصاف بلاشبہ 2023 میں انتخاب کے ذریعے ایک مضبوط حکومت قائم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں آنے کے بعد پاکستان کو بحرانوں کے اس دلدل سے نکالے گی جس میں امپورٹڈ سرکار اور اسکے سرپرستوں نے دھکیلا ہے۔

چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت، جذبات اور متحرک قوت کا حامل ہے،شی جن پنگ

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے، آج کا چین جذبات اور متحرک قوت کا حامل ہے۔
بیجنگ میں سال 2023 کے حوالہ سے اپنے پیغام میں چینی صدر نے کہا کہ سال 2022میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بیسویں قومی کانگریس کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی،جس میں جدید سوشلسٹ ملک کی جامع تعمیر اور چینی طرز کی جدیدیت کے ذریعے چینی قوم کی نشاۃ الثانیہ کے فروغ کی شاندار منصوبہ بندی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت کی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے، معیشت کا مستحکم فروغ جاری ہے ،سالانہ جی ڈی پی ایک سو بیس ٹریلین یوان سے متجاوز رہنے کی توقع ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ عالمی غذائی بحران کے تناظر میں ، چین میں خوراک کی پیداوار مسلسل انیس سالوں سے بڑھ رہی ہے، چینی عوام کے لیے تحفظ خوراک کو یقینی بنایا گیا ہے۔
شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ انسداد غربت کے نتائج کو مستحکم کرتے ہوئے دیہی احیاء کو بھر پور طریقے سے آگے بڑھایا گیا ہے، ٹیکس و فیس کی کمی سمیت متعدد اقدامات کے ذریعے عوامی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پورا کیا گیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ہم نے وبائی صورتحال میں تسلسل کے ساتھ عوام اور انسانی زندگی کو ترجیج دی ہے، سائنسی اقدامات کے ذریعے وبا کی روک تھام اور کنٹرول کی گئی ہے، موجودہ صورتحال کے مطابق انسدادی اقدامات کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور عوام کی زندگی و صحت کے تحفظ کی بھرپور کوششیں جاری ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی عوام ، بالخصوص طبی عملہ اور بنیادی سطح پر فعال اداروں کے کارکن مشکلات کے سامنے پیچھے نہیں ہٹے ہیں ، انہوں نے سخت جدوجہد سے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں اور بے مثال آزمائشوں سے گزرے ہیں۔ہر ایک کو مشکلات درپیش آتی ہیں،آج وبا کی روک تھام اور کنٹرول ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، اس نازک موڑ پر تمام لوگ بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کورونا وباء کے حوالے سے عوام کو کہا کہ روشنی سامنے نظر آرہی ہے،سب ہمت سے کام لیں ، ہم سب جدوجہد اور اتحاد برقرار رکھتے ہوئے فیصلہ کن فتح حاصل کریں گے۔

یوکرین کیخلاف جنگ میں حصہ لینے والے روسی فوجی انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین میں لڑنے کے لیے تعینات فوجیوں اور ریاستی ملازمین کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ماسکو کی جانب سے کیف کے خلاف عسکری مہم کا حصہ بننے والے فوجیوں کی حوصلہ افزائی پر مشتمل اقدام ہے کیونکہ حالیہ چند ماہ کے دوران روس کو یوکرین میں متعدد جنگی مقامات پر شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔
کریملن کے ترجمان کے مطابق ٹیکس کا نیا اقدام ان تمام روسی فوجیوں سے متعلق ہے جو یوکرین کے چار علاقوں میں لڑ رہے ہیں جس میں ڈونیٹسک، لوہانسک، کھیرسن اور زاپوریزیا شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فوجیوں، پولیس، سیکورٹی سروسز کے ارکان اور چاروں خطوں میں خدمات انجام دینے والے دیگر ریاستی ملازمین کو اب اپنی آمدنی، اپنے اخراجات، اپنے اثاثوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ایف بی آر نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 3428 ارب ٹیکس جمع کیا

لاہور: (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 3428 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت ٹیکس آمدن میں 17 فیصد اضافہ ہوا، صرف ماہ دسمبر 2022 میں 740 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا جبکہ دسمبر 2021 میں 599 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا تھا۔
اعلامیہ کے مطابق رواں مالی سال پہلی ششماہی میں 176 ارب روپے کا ٹیکس ریفنڈ دیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں 149 ارب روپے کا ٹیکس ریفنڈ ادا کیا گیا تھا۔

بابراعظم کی اسپتال میں زیرِعلاج ننھے مداح سے ملاقات

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان بابراعظم نےکراچی کے مقامی اسپتال میں زیرِعلاج ننھے مداح سے ملاقات کی۔
بابراعظم نے اپنے مداح کو آٹوگراف والی کیپ تحفے میں دی ، قومی ٹیم کے کپتان نے بچے کی محمد رضوان سے ویڈیو کال پر بات بھی کرائی۔
ننھے مداح نے ملاقات میں پی ایس ایل ٹیموں کے بارے میں دلچسپ گفتگو کی ۔

بنوں میں سکیورٹی فورسزکے آپریشن میں جوان شہید، 4 دہشت گرد مارے گئے

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوا، شہید سپاہی محمد وسیم کا تعلق خیرپور سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا سوشل میڈیا پوسٹ شیئرکرنے سے قبل اس کی تصدیق کا مشورہ

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں اور افواہوں کی روک تھام کے لیے سرگرم ہوگئے ۔
انتونیو گوتریس نے سوشل میڈیا پر کوئی بھی پیغام شیئر کرنے سے پہلے اس کی صداقت کی تصدیق کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ آن لائن پوسٹ غلط معلومات کو بہت دور تک اور وسیع پیمانے پر پھیلاسکتی ہے، ہم سب مضر مواد کو پھیلنے سے روکنے میں مدد کرسکتے ہیں۔
قوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ کوئی بھی پوسٹ شیئر کرنے سے پہلے اپنے آپ سے یہ سوالات ضرور پوچھیں کہ یہ پوسٹ کس نے بنائی، اس کا ذریعہ کیا ہے، یہ کہاں سے آئی ہے، آپ اسے کیوں شیئر کر رہے ہیں اور یہ خبر یا پوسٹ پہلےکب چھپی یا شیئر ہوئی تھی؟

عمران کے دور میں ملکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی تھی، عمر سرفراز چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مشیر داخلہ و اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عمران کے دور میں ملکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی تھی، جی ڈی پی کی شرح 6 فیصد کے قریب پہنچ چکی تھی جو پی ڈی ایم کے دور میں ایک فیصد کے قریب آ چکی ہے۔
مشیر داخلہ و اطلاعات حکومت پنجاب نے احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال اور مریم اورنگزیب نے جھوٹ اور منافقت کا سہارا لیا، پی ٹی آئی کے دور میں صنعتوں اور زراعت نے ریکارڈ ترقی کی، ملکی تاریخ کی ریکارڈ برآمدات ہوئیں، عمران خان کے دور حکومت کی ترقی پی ڈی ایم حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد و شمار میں بھی ثابت ہو چکی ہے۔
عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ نااہل ٹولہ نے چند ماہ میں ملکی معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا، پی ڈی ایم ٹولہ قوم کے زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتا تو سفید جھوٹ کا سہارا بھی نہ لے، دروغ گوئی کے بجائے حکومتی ترجمان ملکی معیشت اور اعداوشمار دیکھیں اور قوم کو سچ بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی عہدیداران معیشت کی تباہی پر مناظرہ کر لیں تا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے، نا اہلوں کے دور حکومت میں فیکٹریاں، کارخانے بند، لاکھوں لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کی بی ٹیم بن چکا ہے، جرات ہے تو پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے پیچھے چھپنے کے بجائے انتخابات میں مقابلہ کرے، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بلا روک ٹوک اور صاف شفاف انتخابات ہوئے۔
مشیر داخلہ و اطلاعات حکومت پنجاب نے کہا کہ بکرے کی ماں آخر کب تک خیر منائے گی پی ڈی ایم ٹولہ کو عبرتناک شکست ملنے والی ہے۔

اقوام متحدہ نے عالمی عدالت سے فلسطین میں اسرائیلی قبضوں پر قانونی رائے طلب کرلی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کے قانونی نتائج کے بارے میں رائے دے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جنرل اسمبلی نے قرارداد پر 53 عدم حاضری کے ساتھ 87 کے مقابلے 26 ووٹ دیے، مغربی ممالک تقسیم ہو گئے لیکن اسلامی مملک کی جانب سے متفقہ حمایت کے ساتھ روس اور چین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
اسرائیل، امریکا اور برطانیہ اور جرمنی سمیت 24 دیگر ارکان نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا، جبکہ فرانس ان 53 ممالک میں شامل تھا جنہوں نے اس قرارداد میں حصہ نہیں لیا۔ ہیگ میں قائم عالمی عدالت آئی سی جے ریاستوں کے درمیان تنازعات کو نمٹاتی ہے۔
فلسطینی رہنماؤں نے ووٹنگ کا خیرمقدم کیا۔ سینئر عہدیدار حسین الشیخ نے کہا کہ یہ “فلسطینی سفارتکاری کی فتح کی عکاسی کرتا ہے”۔ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے ترجمان نبیل ابو رودینے نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اسرائیل کو قانون کے تابع ریاست بنایا جائے اور ہمارے لوگوں کے خلاف جاری جرائم کے لیے اسے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
اقوام متحدہ کی قرارداد میں آئی سی جے سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ اس بارے میں مشورہ دے کہ وہ پالیسیاں اور طرز عمل کس طرح “قبضے کی قانونی حیثیت کو متاثر کرتے ہیں” اور اس حیثیت سے تمام ممالک اور اقوام متحدہ کے لیے کیا قانونی نتائج پیدا ہوتے ہیں۔

دعا ہے 2023 دہشت گردی اور مہنگائی سے نجات کا سال ہو، وزیر اعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ سال کے 2023 میں پاکستان کو معاشی و سیاسی استحکام اور سماجی بہتری کی منزل کی طرف لے کر جائیں گے
سال نو کے آغاز پر اپنے پیغام میں وزیرا عظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ 2023 کے سال کو انسانیت کی فلاح و بہبود اور امن و خوش حالی کا باعث بنائے،3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کی زندگیوں میں اجالے کرنے کی سرتوڑ کوشش کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2022 پاکستان کے لئے تلخ وشیریں ثابت ہوا، سیلاب کی تباہ کاریوں نے عوام کے مسائل اور تکالیف میں اضافہ کیا،دعا ہے کہ نیا سال دہشت گردی، مہنگائی سے نجات کا سال ہو، عوام کی جان اور معاش کا تحفظ ہو۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ نئے سال میں دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت ہمہ جہت چیلنجوں کاسامنا ہے،نئے سال کو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی پائیدار بنیاد بنانے کے لئے استعمال کرنا ہو گا۔
وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ عہد کرتے ہیں کہ عوام کی زندگیوں کی تلخیاں کم کرنے اور حالات بہتر بنانے کے لئے دن رات کام کریں گے،نئے سال کو اپنے نوجوانوں کے لئے مواقع کا سال بنائیں گے۔
میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ نیا سال مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو،نئے سال کے موقع پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔

کراچی میں بجلی ہے نہ گیس، ہر چیز مافیا کے قبضے میں ہے، گورنر سندھ

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں بجلی ہے نہ گیس ہے، ہر چیز مافیا کے قبضے میں ہے، کراچی کے شہریوں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے دل زخمی ہیں، مرہم رکھنے والا کوئی نہیں، ہمیں خود اپنا حق حاصل کرنا ہوگا، کوئی مسیحا نہیں آئے گا، ایک موبائل کی خاطر بچوں کو ماؤں سے چھینا جا رہا ہے، شہر میں سٹریٹ کرائمز بڑھ رہے ہیں، اب سب کو سمجھ آگئی ہے کہ ٹوٹنے اور بکھرنے میں نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا سال شروع ہونے والا ہے، پریشانی کا سال ختم ہوا، کراچی سب کی خدمت کرتا ہے اور آج شہر ٹوٹ رہا ہے تو ہم کیوں بکھرے ہوئے ہیں، سمندرکےقریب رہتے ہیں مگرپانی کی ایک ایک بوند کو ترستے ہیں، نفرتیں ختم کروانے کے لئے سب کے پاس گیا، ہم سب نے مل کر شہر کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں سے مجرموں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، اتنے ظلم سہنے کے باوجود شہری اف نہیں کر رہے، کس کا انتظار ہے، کوئی نہیں آئے گا، کوئی مسیحا نہیں آئے گا، ہمیں خود ہی ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا ہے، فاروق ستار سے میرا تعلق ڈھکا چھپا نہیں، فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی سمیت سبھی شہر کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ بہت دیر ہو گئی، جس کے پاس گاڑی تھی وہ موٹرسایئکل پر آگیا ہے، لوگ اتنے مایوس ہو چکے ہیں کہ ووٹ نہیں دینا چاہتے، کراچی میں تعلیم، ہیلتھ کا نظام صفر اور نوکریاں نہیں ملتی، کراچی شہر میں بجلی ہے نہ گیس ہے، ہر چیز مافیا کے قبضے میں ہے، ہم نے غلطیوں سے اپنی طاقت کو کھو دیا ہے، کراچی والوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ بخشش پر گزارہ کریں گے یا پھر اپنا حق چاہیے۔

ملک کو دہشتگردی، اقتصادی چیلنجزکا سامنا، فریقین میں اتفاق رائے ضروری:آرمی چیف

کراچی: (ویب ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، ملک کو دہشتگردی اور اقتصادی چیلنجز درپیش ہیں جس سے نمٹنے کیلئے تمام فریقین کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 118ویں مڈشپ مین اور 26ویں شارٹ سروس کمیشن کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاد ہوا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف کے پاکستان نیول اکیڈمی پہنچنے پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے استقبال کیا۔
تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، پاکستان کو دہشتگردی اور اقتصادی چینجلز درپیش ہیں، تمام فریقین کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ میری ٹائم صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے، مستقبل میں نیوی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، نیوی کو پیشہ ورانہ مہارتوں اور جدید رجحانات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تربیت مکمل کرنے والے ملکی اور دوست ممالک کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ملیر گیریژن میں کراچی کور، رینجرز اور دیگر سی اے ایف کے افسران سے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے پیشہ ورانہ اور جدید جنگ کے تقاضوں پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے ان کا استقبال کیا۔

روس کو تباہ کرنے کے لئے یوکرین کو استعمال کیا جا رہا ہے: پیوٹن

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرین کو بطور ٹول استعمال کرکے روس کو تباہ کرنے کی مغربی کوششوں کے سامنے نہیں جھکے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پیوٹن نے نئے سال کی آمد کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ روس یوکرین میں اپنے ’مادر وطن‘ کی حفاظت کے لیے لڑ رہا ہے۔نئے سال کا پیغام روسی فوجیوں کے سامنے ریکارڈ کیا گیا ہے جس کو روس کی سرکاری ٹیلی ویژن نے نشر کیا۔
صدر پیوٹن کا مزید کہنا تھا کہ روسی کی یوکرین میں جنگ ’حقیقی آزادی‘ کے حصول کے لیے ہے۔آج ہم اس کے لیے لڑ رہے ہیں اور اپنے لوگوں کو تاریخی طور پر پر اپنے ہی علاقوں جو کہ اب روسی فیڈریشن کا حصہ بن گئے میں میں حفاظت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب روسی وزیر دفاع نے نئے سال کے پیغام میں کہا ہے کہ روس کی یوکرین پر فتح ناگزیر ہے۔ انہوں نے روسی فوجیوں کی بہادری کی بھی تعریف کی۔