حکومت کو مدت پوری کرنے دیں: شاہد آفریدی کا مطالبہ

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے حکومت کی مدت پوری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ملک کے قیام کو 74 سال ہوگئے ہیں۔ خدارا کسی ایک منتخب حکومت کو تو آئینی مدت پوری کرنے دیں کیونکہ ہر عوام کی منتخب کردہ حکومت کو آئینی مدت پوری کرنے کا حق ہے ۔
انہوں ننے مزید کہا کہ 74 سال کی برائیاں ختم ہوتے ہوتے ہونگی۔

پیوٹن نے روسی گیس کی ادائیگی روبل میں کرنےکے احکامات پر دستخط کردیے

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یکم اپریل سے روسی گیس کی ادائیگی روسی کرنسی روبل میں کرنےکے احکامات پر دستخط کردیے۔
پیوٹن کا کہنا ہےکہ غیرملکی کمپنیوں نے ادائیگیاں نہیں کیں تو معاہدے روک دیے جائیں گے۔
روسی صدر نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ امریکا دوسروں کے خرچے پر اپنے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے گا اور عالمی عدم استحکام سے منافع کمائےگا۔
پیوٹن نے کہا کہ روس کے خلاف معاشی جنگ سالوں قبل شروع ہوگئی تھی، روس کے خلاف پابندیوں کا مقصد اس کی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے، مغربی پابندیاں پہلے سے تیارکی گئی تھیں اور اب مغرب پابندیوں کی نئی وجوہات تلاش کرنے کی کوشش کرےگا۔
خیال رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد امریکا اور برطانیہ سمیت متعدد یورپی ممالک روس پر معاشی پابندیوں کا اعلان کر چکے ہیں۔

وزیراعظم کے خطاب پر مریم نواز کا ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل آگیا۔
ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ ہر روز ثابت کرتے ہیں کہ یہ اس کرسی کے قابل نہیں تھے ۔
ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زباں بندی کرنی ہوگی اس سے پہلے کہ یہ دنیا میں اس ملک کا مذاق بنا کر رکھ دیں۔

شہباز شریف نے وزیراعظم کو ملک کیلئے سکیورٹی رسک قرار دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کو ملک کے لئے سکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی اقتدار بچانے کے لئے پاکستان کو نشانے پر لے آئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خطاب ختم ہوگیا ہو تو 172 ارکان پورے کریں، آپ کی کرپشن، نالائقی اور نااہلی نے ملک کو معاشی، سماجی، خارجہ تباہی سے دوچار کیا، عمران نیازی کی تقاریر پر پابندی لگائی جائے، وہ ملک کے سفارتی تعلقات تباہ کرنے کے درپے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے خطاب تک عوام اور پارلیمنٹ کو خط نہیں دکھایا گیا، صرف مندرجات بتائے جا رہے ہیں، خط نہ دکھانے کا مطلب ہے کہ کوئی خط نہیں، عمران نیازی ہمیشہ کی طرح اب ایک نیا جھوٹ بول رہے ہیں، کرپشن، ریاست مدینہ کے بیانیوں کے بعد اب سازشی خط کا بیانیہ لائے ہیں، عوام انہیں اور ان کے ہر جھوٹ کو مسترد کر چکے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ دوگھنٹے جلسے میں اور ایک گھنٹہ قوم سے خطاب میں جس خط کا ذکر کیا، وہ خط ہے ہی نہیں، ایک سفارتی کیبل کو سازش کا رنگ دے کر پیش کیا جارہا ہے۔

” مقابلہ کرو چوہوں کی طرح ادھر ادھر نہ بھاگو” خواجہ سعد رفیق کا عمران خان کو چیلنج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کہنا ہے کہ مودی کو کس نے ویلکم کیا ہے؟کشمیر کا سودا کس نے کیا ہے؟بلین ٹری سونامی سے لے کر توشہ خانہ ریفرنس تک کس کا سب کچھ کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے؟اور الزام ن لیگ پر لگائے جارہے ہیں۔ مقابلہ کرو چوہوں کی طرح ادھر ادھر نہ بھاگو۔
لیگی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ذہنی طور پر کھسک گئےہیں،اپنے سوا سب انہیں غدار نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ مودی کو ویلکم آپ کرتے ہو،کشمیر کا معاہدہ آپ کرتےہو،سی پیک کو رول بیک آپ کرتے ہو اور الزم ہم پر لگاتے ہو کہ یہ مودی کو دعوتیں دیتے تھے؟ان کا کہنا تھا کہ لوگ آپ کی شکل دیکھنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ سی پیک گیم چینجر تھا جو کہ ہم لے کر آئے،کوئی ایسا پراجیکٹ بتاؤ جو تم نے مکمل کیا ہو؟کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آپ کوئی تیس مار خان ہیں؟آپ نے کیا ہی کیا ہے؟اگر آپ کو شوق ہے تو چڑھ جاو کنٹینر پر۔ مقابلہ کرو چوہوں کی طرح ادھر ادھر نہ بھاگو۔

حکومت کا پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 149 روپے 86 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 144 روپے 15 پیسے فی لیٹر برقرار ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 125 روپے 56 پیسے، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 118 روپے 31 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی ، قیمتوں کا اطلاق یکم سے 15 اپریل تک کیلئے ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق حکومت قیمتیں برقرار رکھ کے 33 ارب روپے کا بوجھ برداشت کرے گی، وزیراعظم عمران خان کے 28 فروری کے فیصلے کی روشنی میں قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔

دوسرا ون ڈے میچ: امام اور بابر کی سنچریاں، پاکستان نے رنز کا کوہ ہمالیہ سر کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) امام الحق کی سنچری اور بابر اعظم کی قائدانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 349 رنز کا کوہ ہمالیہ 6 وکٹ سے سر کر کے تین میچوں کی سیریز 1،1 سے برابر کر دی ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی قائد ایرون فنچ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 349 رنز کا ہدف پاکستان نے کپتان بابر اعظم اور امام الحق کی سنچری کی بدولت 49 اوورز میں صرف 4 وکٹ کے نقصان پر252 رنز بنا کر کرلیا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے ایک مرتبہ پھر اپنی بلے بازی سے مخالف ٹیم پر دھاک بٹھا دی اور اپنے کیریئر کی 15 اور بطور کپتان چوتھی سنچری سکور کرکے آسٹریلیا کے خلاف یہ اعزاز حاصل کرنے والے والے پہلے قائد بن گئے، انہوں نے 1 چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 83 گیندوں پر 114 رنز کی اننگز کھیلی۔
امام الحق نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری جڑ دی، انہوں نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 97 گیندوں پر 106 رنز بنائے، محمد رضوان 26 گیندوں پر 23 رنز بناکر پویلین لوٹے، خوشدل شاہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 27 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے، افتخار احمد بھی 11 سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔
شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے ایڈم زمپا نے 2، نیتھن ایلس اور مارکس سٹوئنس نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینگروز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 348 رنز بنائے، بین مک ڈرموٹ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 108 گیندوں پر 104 رنز کی باری کھیلی، ٹریوس ہیڈ 89 اور کپتان فنچ صفر،مارنس لبوشین 59، الیکس کیری، کیمرون گرین 5،5،مارکس سٹوئنس 49 اور شان ایبٹ 28 سکور بناکر آؤٹ ہوئے۔
بابر الیون کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد وسیم جونیئر نے 2، زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

بابر اعظم نے ایک اور نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیا عالمی ریکارڈ بنادیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں سنچری اسکور کی جس کے بعد انہوں نے کم سے کم اننگز میں 15 ون ڈے سنچری اسکور کرنے کاریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
بابر اعظم نے 83 اننگز میں 15 سنچریاں مکمل کیں، اس سے قبل جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے 86 اننگز میں 15 سنچریاں اسکور کی تھیں۔
اس سے قبل پاکستانی کپتان آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں تیز ترین 4 ہزار رنز بنانے والے ایشین کرکٹر بنے تھے۔
بابر اعظم نے 82 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا جبکہ وہ ون ڈے کرکٹ میں دنیا کے دوسرے تیز ترین 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے پلیئر بھی بن گئے۔

تاریخ کی طویل ترین 335 سالہ جنگ، اور ایک ہلاکت بھی نہیں

لاہور: (ویب ڈیسک) تاریخ کی یہ طویل ترین جنگ 1651 میں نیدرلینڈ اور آئزلز آف سلی کے درمیان چھڑی جو 1986 میں ختم ہوئی۔
خون کا ایک قطرہ بہے بغیر یہ طویل ترین جنگ انگلینڈ میں دوسری خانہ جنگی سے جُڑی تھی جس میں نیدر لینڈ نے ایک غیر متعلقہ کھلاڑی کے طور پر حصہ لیا۔ تنازعہ دراصل انگلینڈ کے اراکین پارلیمنٹ اور شاہی خاندان کے حامیوں کے درمیان شروع ہوا تھا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خانہ جنگی کی صورت اختیار کرلی۔
نیدر لینڈ نے انگلینڈ کے اراکین پارلیمنٹ کو ممکنہ فاتح کے طور پر شناخت کرنے کے بعد تنازعہ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا جس پر شاہی خاندان کے حامی(رائلسٹس) جو کہ نیدرلینڈ کے طویل عرصے سے اتحادی تھے، نے اس فیصلے کو دھوکہ پر محمول کیا اور انگلینڈ کی حدود میں آنے والے ڈچ سامان بردار بحری جہازوں پر چھاپہ مار کر انہیں ’سزا‘ دینے کا فیصلہ کیا۔
اراکین پارلیمنٹ کا قائد کرومویل نے بڑی طاقت اور ثابت قدمی سے رائلسٹس کا مقابلہ کیا جبکہ رائلسٹس کی نیوی کو آئزلز آف سِلی (جزیروں پر مشتمل انگلینڈ کے خطے) کی طرف دھکیل دیا۔ چونکہ رائلسٹس نے نیدرلینڈ کے کئی بحری جہازوں کو نقصان پہنچایا تھا، انہوں نے رائلسٹس سے اُن نقصانات کی بھرپائی کا مطالبہ کیا جس پر ناراض رائلسٹس نے انکار کردیا۔
رائلسٹس کی جانب سے سردمہری کا مظاہرہ پاکر ڈچ نیوی کے سربراہ ایڈمرل مارٹن ٹرومپ نے آئزلز آف سِلی پر اعلانِ جنگ کردیا تاہم 3 مہینوں بعد ہی رائلسٹس نے ہتھیار ڈال دیے اور خطے میں نیدرلینڈ کے حمایت یافتہ اراکین پارلیمنٹ کا کنٹرول ہوگیا۔
اعلان جنگ کے کچھ ہی عرصے بعد (1651 جون میں) رائلسٹس نے ڈچ آرمی کے سامنے ہتھیار ڈال دیے اور یوں نیدرلینڈ کے حمایت یافتہ اراکین پارلیمنٹ کا آئزلز آف سِلی پر کنٹرول ہوگیا۔ تاہم جب ڈچ فوج نے وہاں سے واپسی کا رختہ سفر باندھا تو وہ اعلان جنگ سے رجوع کرنا بھول گئے اور یوں سرکاری طور پر جنگ کا سلسلہ 335 سال تک رہا۔

امام الحق ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 9 سنچریاں اسکور کرنیوالے پلیئر بن گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق نےنیا عالمی ریکارڈ بنادیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں امام الحق آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کرکے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 9 سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
امام الحق 48 ون ڈے اننگز میں 9 سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹر ہیں ، ان سے قبل جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے 52 اننگز میں 9 سنچریاں اسکور کی تھیں جبکہ کوئنٹن ڈی کوک نے 53 اور بابر اعظم نے 61 اننگز میں 9 سنچریاں بنائی تھیں۔
اس کے علاوہ امام الحق 48 اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بھی بن گئے ہیں ان سے قبل ظہیر عباس نے 48 اننگز میں 2166 رنز بنائے تھے۔

مکڑیاں اپنے جالے کو لاؤڈ اسپیکر بنا کر سننے کی صلاحیت بڑھاتی ہیں

لندن: (ویب ڈیسک) مکڑیاں ہوں یا ان کے جالے دونوں ہی قدرت کا عظیم شاہکار ہیں اور اب معلوم ہوا ہے کہ ایک خاص مکڑی کا جالا انہیں ’سننے‘ میں مدد دیتا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق ’اورب ویونگ اسپائیڈر‘ اس کام میں مہارت رکھتی ہیں۔ وہ حسِ سماعت بہتر بنانے کے لیے تاروں کی قطاروں کو لاؤڈ اسپیکر میں ڈھالتی ہیں۔ مکڑی کے جالے مضبوط، لچک دار اور کم وزن ہوتے ہیں۔ اب ایک غیرمعمولی دریافت سے معلوم ہوا ہے کہ ایک قسم کی مکڑی اپنے جالے سے سننے کا کام لیتی ہیں۔
اس مکڑی کے جالے کا ہر تار آواز کی امواج پر تھرتھراتا ہے۔ اس ارتعاش سے جالے کا تار مکڑی کے لیے گویا ایک مائیکروفون بن جاتا ہے۔ بنگھمٹن یونیورسٹی سےوابستہ انجنیئر رو مائلز کہتے ہیں کہ مکڑیاں باریک تار کے ارتعاش سے آواز محسوس کرتی ہے اور اس کا مطالعہ ضروری تھا۔
رو مائلز اور ان کے ساتھی اس پورے نظام کو سمجھنا چاہتے ہیں جس کا فائدہ ہم انسانوں کو یوں ہوگا کہ مستقبل کے بہترین مائیکروفون، آلاتِ سماعت اور اسمارٹ فون اسپیکر وضع ہوں گے۔ اس کے لئے ماہرین نے تجربہ گاہ میں چوکور فریم میں مکڑیوں سے جالے بنوائے۔
پھر جالے کی تاروں پر لیزر وابئرومیٹر لگا کر صوتی امواج کے ارتعاش کو نوٹ کیا گیا ۔ سائنسدانوں نے کل 1000 مقامات پر آواز کے ارتعاشات ریکارڈ کئے جس کا مقصد دیکھنا تھا کہ آواز مکڑی کے جالوں پر کیسے اثرانداز ہوتی ہیں اور آوازیں کس طرح سفر کرتی ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے مکڑی کے رویوں کو بھی نوٹ کیا کہ وہ مختلف آوازوں پر کیسا ردِ عمل دکھاتی ہے؟
اگرچہ یہ تجربہ مشکل تھا لیکن سائنسدانوں نے عقلمندانہ طریقہ استعمال کیا۔ انہوں نے مکڑی کے جال کے مرکز سے 5 سینٹی اور اس کے کناروں سے دو ملی میٹر دور چھوٹے چھوٹے اسپیکر رکھے۔ واضح رہے کہ مکڑی جالے کے عین درمیان بیٹھنا پسند کرتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اسپیکر کی آواز دونوں طریقوں سے یعنی ہوا کے ذریعے اور خود جالے کے تاروں سے مکڑی تک پہنچ رہی تھی۔ اس طرح لگ بھگ 68 ڈیسی بیل کی آواز تار کے ذریعے مکڑی تک جارہی تھی۔
کل 12 میں سے 4 مکڑیوں نے جالے سے گزرنے والے ارتعاش کے آواز پر اپنا ردِ عمل دیا۔ یعنی اس طرح مکڑیاں جالے سے سننے کا کام لیتی ہیں۔ یہ وہ راز ہے جسے جاننے میں سائنسدانوں کو کل پانچ سال لگے۔ پھر سائنسدانوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ آواز کی لہریں جب جب مکڑی کے جالوں کے تار سے گزریں تو کچھ دیر اس ننھے جانور نے اپنے بدن کو کھینچا اور کچھ دیر رینگیں تاکہ وہ اپنے جسم پر آواز محسوس کرسکیں۔
لیکن اس کا فائدہ کیا ہے، اول وہ اپنے شکار سے آگاہ ہوتی ہیں اور دوم کسی خطرے سے بھی خود کو بچاتی ہیں۔

دنیا کی سب سے پتلی مکینیکل گھڑی؛ قیمت صرف 8 کروڑ روپے!

روم: (ویب ڈیسک) اٹالین لگژری برانڈ ’’بلگری‘‘ نے دنیا کی سب سے پتلی مکینیکل گھڑی پیش کردی ہے جس کی موٹائی صرف 1.8 ملی میٹر (0.07 اِنچ) ہے، جبکہ اس کی قیمت 4 لاکھ 40 ہزار ڈالر (8 کروڑ پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔
بظاہر معمولی دکھائی دینے والی اس گھڑی کی ڈیزائننگ اور تیاری میں بلگری (Bvlgari) کے انجینئروں کو تین سال لگ گئے کیونکہ اس میں 170 انتہائی مختصر پرزہ جات کو غیرمعمولی مہارت سے بے حد باریک سانچے میں سمویا گیا ہے۔
اس گھڑی کا نام ’’آکٹو فِینِیسِیمُو الٹرا‘‘ ہے جس میں جدید ترین لیزر اور ہولوگرافک ٹیکنالوجی کے ذریعے، ٹیٹانیم دھات سے بنائے گئے بے حد مختصر پرزوں کو انتہائی نفاست سے صرف 1.5 ملی میٹر پتلے سانچے میں رکھا گیا ہے۔
یہ گھڑی ایک مرتبہ چابی بھرنے کے بعد مسلسل 50 گھنٹے تک چل سکتی ہے۔
بلگری کے مطابق، آکٹو فِینِیسِیمُو الٹرا کی صرف دس گھڑیاں بنائی گئی ہیں اور ایسی ہر گھڑی 4 لاکھ 40 ہزار ڈالر میں خریدی جاسکے گی۔
گھڑی میں وقت بتانے والے ڈائل کے ساتھ ایک پینل پر کیو آر کوڈ بھی نقش ہے، جسے گھڑی کا مالک اپنے اسمارٹ فون سے اسکین کرکے ’’آکٹو فِینِیسِیمُو الٹرا‘‘ کی تمام تکنیکی تفصیلات جان سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، یہی کیو آر کوڈ استعمال کرتے ہوئے ایک خاص تھری ڈی ورچوئل ٹور بھی کیا جاسکتا ہے جس میں ’’گھوم پھر کر‘‘ اس گھڑی کی تیاری کے مراحل اور پرزوں سے متعلق مناظر تک دیکھے جاسکتے ہیں۔

امید ہے پاکستان میں تمام جماعتیں یکجہتی اور استحکام کیلئے کام کریں گی: چین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر چین کا کہنا ہے کہ وہ عدم مداخلت کے اصول پر عمل پیرا ہیں اور امید ہے پاکستان میں تمام جماعتیں استحکام کے لیے کام کریں گی۔
بریفنگ کے دوران پاکستان کے متعلق ایک سوال کے جواب میں چینی دفتر خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر عمل پیرا رہتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں ملکی ترقی اور استحکام کے لیے اعلیٰ ترین مفاد کو برقرار رکھیں گی۔