الیکشن کمیشن کا نئی حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:  الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی حلقہ بندیوں کا دورانیہ کم کر دیا، الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کا عمل 30 نومبر تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور فیڈ بیک مدنظر رکھتے ہوئے اہم اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کا شیڈول اور حلقہ بندیوں سے متعلق امور زیر غور آئے۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت اور فیڈ بیک کے بعد حلقہ بندیوں کے دورانیے کو کم کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اب حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 نومبر کو ہوگی، حلقہ بندیوں کے دورانیے کو کم کرنےکا مقصد جلد الیکشن ممکن بنانا ہے، حلقہ بندیوں کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن شیڈول کا اعلان بھی کردیاجائےگا۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کےکام کی شفافیت کو یقینی بنائے گا، واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا دورانیہ 14 دسمبر رکھا تھا۔

سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی رہائی کے فوری بعد دوبارہ گرفتار

لاہور:  اسلام آباد پولیس نے صدر تحریک انصاف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الہٰی کو 3 ایم پی او کے تحت اسلام آباد پولیس نے ظہور الہٰی روڈ سے گرفتار کیا، وفاقی پولیس چودھری پرویز الہٰی کو گرفتار کرکے اسلام آباد روانہ ہوگئی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی اسلام آباد منتقلی خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جا رہی ہے، چودھری پرویز الہٰی کو اڈالہ جیل میں 3 ایم پی او کے تحت بند کیا جائے گا۔

وکلا کا توہین عدالت اور حبس بے جا کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ
چودھری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے بعد وکلا کی بڑی تعداد لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئی، سابق وزیراعلیٰ کے وکلا جسٹس امجد رفیق کی عدالت میں جمع ہو گئے، وکلا توہین عدالت اور حبس بے جا کی درخواست دائر کریں گے۔

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی نیب گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے نیب کو چودھری پرویز الہٰی کو ایک گھنٹے میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے چودھری پرویز الہٰی کو رہا کرنے اور مزید کسی بھی کیس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔

پرویز الہٰی کی دوبارہ گرفتاری کیلئے نیب اور پولیس اہلکاروں کی ہاتھا پائی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی دوبارہ گرفتاری کے معاملے پر نیب اور پولیس اہلکار گتھم گتھا ہوگئے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے چودھری پرویز الہٰی کی رہائی کا حکم ملنے کے بعد نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو دوبارہ گرفتار کرنے سے انکار کر دیا جبکہ پولیس افسران پرویز الہٰی کی دوبارہ گرفتاری کیلئے نیب ٹیم کی منت سماجت کرتے رہے۔

اس موقع پر نیب کی جانب سے انکار پر پولیس اور نیب کے اہلکار آپس میں الجھ پڑے، نیب آفیسر کا کہنا تھا کہ پولیس کی وجہ سے گالیاں ہم نہیں سن سکتے۔

بعد ازاں نیب آفیسر کی ہدایت پر نیب ٹیم کے افسران و اہلکار لاہور ہائیکورٹ سے روانہ ہوگئے۔

سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں: آرمی چیف

 آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے امن مشن کے وزارتی اجلاس کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ اجلاس ہوا  جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اختتامی سیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

امن مشن کے تحفظ اورسکیورٹی کے موضوع پر منعقدہ اجلاس کی مشترکہ میزبانی پاکستان اور جاپان نے کی جب کہ اجلاس میں مختلف ممالک کے  مندوبین اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سمیت سفارتی برادری کے ارکان بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں آرمی چیف نے امن دستوں کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجز اور خطرات کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے کہا عالمی امن کی بحالی میں اقوام متحدہ کا کردار لائق تحسین ہے، اقوام متحدہ پیچیدہ خطرات سے نمٹنے کیلئے امن مشن کو مزید مؤثر بنائے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایسا خطہ چاہتا ہے جہاں امن قائم ہو، تجارت، ٹرانزٹ اور سرمایہ کاری ہو اور  ایسا خطہ جو جنوبی، مغربی اور وسطی ایشیا کی تمام ریاستوں کیلئے خوشحالی کا باعث بنے۔

جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

پیٹرول کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کردیا گیا

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد فی کلو ایل پی جی 38 روپے97 پیسےمہنگی ہوگئی، اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی جی کے 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 459 روپے 85 پیسے مہنگا ہوکر 2 ہزار 833 روپے 49 پیسے کا ہو گیا۔

اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو ایل پی جی کی نئی قیمت 240 روپے 12 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ کردیا گیا تھا، پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 91 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔

دوسری جانب تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ریلوے نے بھی ٹرینوں کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کا پرویز الٰہی کو رہا کرنے کا حکم

لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی پنجاب کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو لاہور ہائی کورٹ میں پیش کیا جس کے بعد عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے عدالت کو بتایا تھا کے انٹرا کورٹ اپیل خارج ہو گئی تھی۔

عدالت نے پرویز الٰہی کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

قبل ازیں لاہورہائیکورٹ نے پرویزالٰہی کی نیب گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران نیب کو ایک گھنٹے میں سابق وزیراعلیٰ کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

منکی پاکس نے پھر سراٹھا لیا

کراچی میں لیبیا سے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پہنچنے والے تین مسافروں میں منکی پوکس کی علامات ظاہرہونے پرانہیں قرنطینہ کردیا ہے۔

ائرپورٹ پر جمعرات کو منکی پاکس کے مشتبہ کیسز کی نشاندہی ہوئی، جن میں تین مسافر شامل ہیں، جو لیبیا سے کراچی پہنچے تھے۔

انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ مسافروں کو اسپتال منتقل کرنے کے بعد قرنطینہ کردیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے مراسلے میں کہا کہ سرویلنس ٹیم نے31 اگست 2023 کو لیبیا سے آنے والے 3 مسافروں کی نشاندہی کی، جن کی عمریں 30 سے ​​45 سال کے درمیان تھیں اور ان میں منکی پوکس کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔

مزید بتایا کہ متاثرہ تینوں مسافر پاکستانی شہری ہیں، جنہیں محکمہ صحت سندھ کے انفیکشن ڈیزیز کے اسپتال میں قرنطینہ کردیا گیا۔

رواں سال ایک مریض مئی کے پہلے ہفتے میں سعودی عرب سے واپس آیا تھاجوعلاج کے بعد صحت یاب ہو گیا۔

حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی

اسلام آباد: نگران حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے فی لیٹر پیٹرول پر لیوی کی فل شرح عائد کر دی۔

رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے فی لیٹر پیٹرول پر 5 روپے لیوی کی شرح بڑھائی گئی ہے جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول پر 60 روپے لیوی عائد ہو گئی۔

اسی طرح حکومت کی جانب سے ڈیزل پر 50 روپے لیوی عائد ہے اور دونوں پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی 60 روپے فی لیٹر تک بڑھانے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق بجٹ میں لیوی بڑھانے کی منظوری دی گئی تھی تاہم 60 روپے سے زیادہ لیوی عائد کرنے کے لیے پارلیمنٹ سے منظوری لازم ہے۔

واضح رہے کہ نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔