دس سال میں خیبر پختونخوا کو کنگال کردیا گیا، مریم نواز

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ دس سال میں خیبر پختونخوا کو کنگال کردیا گیا، صوبے کو مسلم لیگ (ن) کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

خیبرپختون خواہ کے یوتھ کوآرڈینیٹرز سے ملاقات کے دوران مریم نواز نے کہا کہ دس سال میں خیبرپختونخوا کو کنگال صوبہ بنادیا گیا۔ صوبے کے پاس تنخواہیں اور پینشن دینے کے پیسے نہ رہے، بی آرٹی اور بلین ٹری سونامی کے نام پر بدترین کرپشن کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نامراد تبدیلی پاکستان اور خیبرپختونخوا کو ڈیفالٹ کے کنارے چھوڑ گئی، پورے پاکستان میں سب سے پہلے خیبرپختونخوا کو صحت کارڈ نوازشریف نے 2016 میں دیا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختون خوا کے غیرت مند اور وفاشعار عوام کو ریاست سے لڑانے کی سازش کی گئی۔ 190 ملین پاﺅنڈ لوٹنے والوں نے خیبرپختون خوا اور پاکستان کے وسائل ہڑپ کرلئے۔ خیبرپختون خوا کی دس سال کی محرومیاں دور کریں گے۔

پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی ماحول فراہم کیا جائے، عمران خان کا چیف جسٹس کو خط

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق کا نفاذ اور تحفظ یقینی بنانے اور پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں کیلئے مساوی ماحول فراہم کرنے کی استدعا کردی۔

عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان کو بذریعہ خط عدالتِ عظمیٰ سے اپنے آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کے بنیادی حقوق کا نفاذ یقینی بنانے کی استدعا کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا شہریوں کو شخصی آزادی اور آزادی اظہار رائے کے آئینی حقوق سے محروم کرنے پر سپریم کورٹ کو آرٹیکل 184(3) کے تحت فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے جبکہ تحریک انصاف سے وابستہ افراد کو جھوٹے مقدمات کے اندراج سے لے کر غیر قانونی قید میں رکھنے تک مختلف قسم کے حربوں سے نشانہ انتقام بنایا جا رہا ہے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ سے استدعا ہے کہ دستور میں دیے گئے آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق کا نفاذ اور تحفظ یقینی بنایا جائے۔

چیف جسٹس سے استدعا کی گئی کہ نگران وفاقی و صوبائی حکومتوں اور الیکشن کمیشن کو ہدایات جاری کی جائیں کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں کیلئے مساوی ماحول فراہم کیا جائے۔

موسمیاتی تبدیلی: خلیجی و مغربی ممالک پاکستان میں متبادل توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو فوری طور پر فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق امیر اور ترقی یافتہ ممالک کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور خلیجی و مغربی ممالک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے پاکستان میں متبادل توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوپ۔28 کے موقع پر ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کا ذمہ دار نہیں ہے لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے سندھ اور بلوچستان متاثر ہوئے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب کو یہ یقین دلانے میں کامیاب رہے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقیاتی فنڈز اور بڑے مالیاتی اداروں کے قرضوں سے الگ ہونا چاہئے اور یہ سرمایہ میرٹ پر اور اضافی ہونا چاہئے، یہ شراکت داری حقیقی معنوں میں ہونی چاہئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سب جانتے ہیں گذشتہ صدی کے دوران ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا ذمہ دار کون ہے، ممالک اور معیشتوں پر فیصلہ تھوپنے کی بجائے ایماندار مباحثہ اہم ہے، امیر ممالک کو خود ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ سے متعلق اقوام متحدہ کے فریم ورک پر زیادہ عرصہ لگ سکتا ہے، تاہم بڑے عالمی مالیاتی اداروں کے ذریعے اس کو فعال بنایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئلہ پر چلنے والے منصوبوں کو قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی وضع کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے ایسے مخصوص منصوبوں پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت سمیت مغربی ممالک اس میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، یہ ہمارے اور ان کیلئے بہترین موقع ہے۔

تاریخ میں پہلی بار یوگنڈا نے آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا

  کراچی: تاریخ میں پہلی بار افریقی ملک یوگنڈا نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

کوالیفائنگ راونڈ میں یوگنڈا نے چھ میچوں میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کرکے افریقا ریجن میں ٹاپ ٹو میں جگہ بنالی۔ یوں یوگنڈا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

یوگنڈا کسی بھی آئی سی سی ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی بار شرکت کرے گا جبکہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والا پانچواں افریقی ملک ہوگا۔

یوگنڈا نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں تنزانیہ، زمبابوے، نائیجریا، روانڈا اور کینیا کو ہرایا جبکہ نمیبیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلی بار آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے پر روانڈا کے کھلاڑیوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا اور انہوں نے اس کامیابی پر خوب جشن منایا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کا فارمیٹ گزشتہ دو ایڈیشنز سے مختلف ہوگا جس میں 20 ٹیموں کو پہلے راؤنڈ کیلئے پانچ پانچ کے چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر 8 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر 8 ٹیموں کو چار چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کیلئے تمام 20 ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوچکی ہے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقا، سری لنکا، افغانستان، بنگلا دیش، کینیڈا، نیپال، عمان، پاپوانیوگنی، آئر لینڈ، اسکاٹ لینڈ، نیبیا، یوگنڈا شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز اور امریکا کی ٹیمیں بطور میزبان ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گی۔

آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری، چار سرکاری ادارے حکومتی سرپرستی سے آزاد ہوگئے

 اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کردی، ایوان صدر سے چار سرکاری اداروں کو حکومتی سرپرستی سے آزاد کرنے کے آرڈی ننس  جاری کردیے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت نے چاروں اداروں ریڈیو پاکستان، این ایچ اے، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور پوسٹل سروسز سے متعلق آرڈی ننسز کی منظوری دے دی، غیر منافع بخش اور مالی خسارے کا سبب بننے والے یہ چار سرکاری ادارے خود مختار بورڈز کے ماتحت کام کریں گے ان پر سے حکومتی سرپرستی ختم کردی گئی۔

اس حوالے سے ایوان صدر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (ترمیمی) آرڈیننس 2023ء، پاکستان پوسٹل سروسز مینجمنٹ بورڈ (ترمیمی) آرڈیننس 2023ء، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (ترمیمی) آرڈیننس 2023ء اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (ترمیمی) آرڈیننس 2023ء جاری کیے ہیں۔

اس ضمن میں تمام متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریوں نے صدر کو ان آرڈیننس کی فوری ضرورت سے آگاہ کیا تھا کیونکہ ان چار ایس او ای کے حوالے سے رواں سال جولائی میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاملہ طے پایا تھا۔

نئی ترامیم کے ذریعے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کے دفاتر کو مذکورہ بالا تمام اداروں میں الگ الگ کر دیا جائے گا تاکہ عالمی طریقوں کے مطابق ادارے کی مینجمنٹ کو یقینی بنایا جاسکے۔ اراکین کو ان اداروں کے بورڈز میں شامل کیا جائے گا جو فیصلہ سازی کے عمل میں اپنی مہارت کا اضافہ کریں گے، ترمیم میں آزاد ارکان کی مدت ملازمت کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا گیا۔

دریں اثنا حکومت نے پی ٹی وی، کسٹم اور پاکستان اسٹیل کو بھی حکومتی سرپرستی سے آزاد کرنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے اور ان کے لیے صدارتی آرڈی ننس لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خراب کارکردگی والے ان مزید چار سرکاری اداروں کا بھی انتظامی ڈھانچہ تبدیل کرنے کا فریم ورک تیار کیا جاچکا ہے اور آئندہ یہ مزید چار سرکاری ادارے بھیی خود مختار بورڈ کے زیر سرپرستی کام کریں گے۔

ذرائع کے مطابق خود مختار بنائے گئے سرکا ری اداروں کا انتظامی بورڈ 6 سے 12 ممبران پر مشتمل ہوگا۔

بیرسٹر گوہر کی تعیناتی سے پی ٹی آئی کو تقسیم کرنے کی سازش ناکام ہوگئی، پی ٹی آئی

 اسلام آباد: تحریک اںصاف کی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر کی عبوری چیئرمین تعیناتی سے پی ٹی آئی کو تقسیم کرنے اور اس کی صفوں میں انتشار پھیلانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ نے پارٹی کی کور کمیٹی کے خصوصی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق اجلاس میں انٹراپارٹی الیکشنز کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، کورکمیٹی نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے بطور عبوری چیئرمین نامزدگی پر بیرسٹر گوہر علی خان کو مبارک باد پیش کی گئی۔

شرکا نے بیرسٹر گوہر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی نامزدگی کو پی ٹی آئی کو تقسیم کرنے کی سازش پر کاری ضرب قرار دیا۔

کور کمیٹی نے کہا کہ بانی عمران خان نے موروثی سیاست کے خاتمے اور پارٹی کو ادارہ بنانے کے ویژن کی تائید و توثیق کی ہے،  عمران خان کے اہلِ خانہ کو بےجا سیاست میں گھسیٹنے اور جماعتی معاملات میں مداخلت یا فیصلہ سازی پر اثر انداز ہونے کا جھوٹا، من گھڑت اور سازشی بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔

کورکمیٹی نے کہا کہ نہایت غیرمعمولی حالات میں نہایت اہم منصب پر جماعت کے ایک محنتی، وفاشعار اور قابل کارکن کی نامزدگی بانی چیئرمین کے جماعت کے حوالے سے ویژن کی بےمثال عملی نظیر ہے، نیاز اللہ نیازی کی بطور چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

کور کمیٹی نے مزید کہا کہ ہم یک جان ہوکر اپنے حقیقی اہداف کی جانب بڑھیں گے اور عمران خان کی قیادت میں قومی انتخابات میں بے مثال کامیابی کے ذریعے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور ملک کی حقیقی آزادی کی تاریخی جدوجہد کو منزل سے ہمکنار کریں گے۔

بلاول نے اپنی شناخت بنالی، اب اسے یوتھ اور آنے والے کل کا لیڈر بنانا ہے، آصف زرداری

سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بلاول نےاپنی شناخت بنالی ہے، ہم نے اس کی تربیت کرنی ہے اور کل کا لیڈر بنانا ہے۔

کوئٹہ میں یوسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور پاکستان کے دل کو جیتنا بہت ضروری ہے، لیکن اس دھرتی پر دکھ اور غم پھیلا ہوا ہے، ہمیں ان کےدکھوں پر مرہم رکھنا ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نےآپ کو آپ کی دھرتی کا مالک بنایا، اب ہم نے بلوچستان کےعوام کے پاس پانی پہنچانا ہے، ہم نے ہمیشہ کسانوں اور مزدوروں کی خدمت کی ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ بلاول نے اپنی شناخت بنا لی ہے، ہم نے اس کی سپورٹ اور تربیت کرنی ہے، ہم نے بلاول کو یوتھ اور آنے والے کل کا لیڈر بنانا ہے، ہمیں جو آتا ہے وہ اس کو سکھانا ہے۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر پاکستان کوعظیم ملک بنانا ہے، پاکستان دنیا کے نقشے پر عظیم ملک بن کر ابھرے گا۔

عالمی بینک کا مصنوعی بارش کے منصوبوں سے اختلاف، چنگ چی رکشہ بند کروانے کا فیصلہ

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اسموگ سے نمٹنے کے لیے مصنوعی بارش کے دو منصوبے زیر غور ہیں تاہم ورلڈ بینک حکام ان منصوبوں سے متفق نہیں ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زاہد اختر زمان نے کہا کہ اسموگ کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لینا ہوگا، اسموگ پر قابو پانے کے لیے ورلڈ بینک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک حکام مصنوعی بارش کے منصوبوں سے متفق نہیں، اسموگ کے خاتمے کے لیے 30 الیکٹرک بسیں امپورٹ کر رہے ہیں، بہتر سفری سہولیات کے لئے لاہور کو 14 سو بسوں کی ضرورت ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ چنگ چی رکشہ بند کروانے کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے، اس کی 900 غیر قانونی ورک شاپس ہیں، نیا چنگ چی رکشہ بنے گا اور نہ ہی وہ مارکیٹ میں آئے گا۔

زاہد اختر زمان نے کہا کہ اسموگ کو جانچنے والے آلات بھی تسلی بخش نہیں جب کہ اسموگ کے حوالے سے مختلف اداروں کے ڈیٹا میں بھی تضاد ہے۔

غیر قانونی افغان باشندوں کے اخلاء پر ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب سے اب تک 900 افغان مہاجرین کو بے دخل کیا گیا ہے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور اسمگلنگ کے باعث سالانہ 4 ارب ڈالر کا نقصان ہورہا تھا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ اسمگلنگ رکنے کے باعث چینی کی قیمتوں میں واضح کمی آئی اور گندم کی مقدار وافر ہوگئی ہے۔

توشہ خانہ کیس: الیکشن کمیشن نے دلائل کی تیاری کیلئے دو ہفتوں مہلت مانگ لی

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل کی تیاری کے لئے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جتنا جلدی ممکن ہے تحریری دلائل جمع کرائیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے وکلاء لطیف کھوسہ اور بابر اعوان اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ کے دلائل

وکیل لطیف کھوسہ روسڑم پر آئے اور دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف فیصلہ معطل کیاجائے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ آرڈر میں ترمیم کروانا چاہتے ہیں۔ جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ جی میں آرڈر میں ترمیم بھی چاہتا ہوں، الیکشن کمیشن نے چئیرمین پی ٹی آئی کو 5 سال کیلئے نا اہل کیا، 5 اگست کو ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سزاسنائی۔

لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ میں کیوں کہہ رہا ہوں کہ فیصلے کو معطل کیا جائے، 8 فروری کو قومی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، مجھے کہا گیا 20 روزمیں انٹرا پارٹی الیکشن کروائیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر پی ٹی آئی کچھ نہیں، انتخابات سے باہرہونے سے حقوق متاثر ہو رہے ہیں، اس کے نتائج انتہائی تباہ کن ہیں، انتخابات میں سب کو لیول پلیئر فیلڈ ملنی چاہیے، ہائیکورٹ کے پاس اپنے فیصلے پر نظرثانی کا مکمل اختیار ہے۔

وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز کی استدعا

وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے مخالفت کرتے ہوئے کہا نئے گراؤنڈز کے بغیر چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست قابل سماعت نہیں، سزا معطلی اور خاتمے کیلئے مختلف گراؤنڈز ہوتے ہیں۔

امجد پرویز نے دلائل کی تیاری کیلئے دو ہفتوں مہلت کی استدعا کردی۔ جس پرعدالت نے امجد پرویز کو تحریری معروضات دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جتنا جلدی ممکن ہے تحریری دلائل جمع کرائیں، تحریری معروضات دیں گے تو عدالت آرڈرکرے گی۔ عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

شریف برادران عوامی عدالت میں حساب دینے کیلئے تیار رہیں، پرویز الٰہی

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر پرویزالہیٰ کا کہنا ہے کہ شریف برادارن عوامی عدالت میں حساب دینے کیلئے تیار رہیں، مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتا جائے گا۔

لاہور کی ضلع کچہری کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ کیا اب بھی نوازشریف کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے، یہ دونوں بھائی عوامی عدالت میں حساب دینے کیلئے تیار رہیں۔

پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ شریف برادران اللہ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے، اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ یاد کروا دیں گے، مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتا جائے گا، عوام ان لاڈلوں کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے باہر نکالیں گے، یہ عوامی غیض وغضب سےنہیں بچ سکیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ن لیگ ہر بارعوام کو گمراہ کرکےاقتدار حاصل کرتی ہے، اب ان لاڈلوں کو چاہئے کہ عوام کی جان چھوڑ دیں، شہباز شریف نے 16 ماہ میں وائے لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل کرنے کے کچھ نہیں کیا۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے، تحریک انصاف بلے کے نشان کے ساتھ الیکشن میں اترے گی، اور پورے پاکستان میں ہر سیٹ پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی، یہ بات نہایت افسوسناک ہے کہ سستی شہرت کے کاموں پر اربوں روپے ضائع کیے جا رہے ہیں۔

پرویزالٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روزہ توسیع

اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ضلع کچہری لاہور میں پیش کیا گیا۔

پولیس نے پرویزالٰہی کو راولپنڈی اڈیالہ جیل سے لاہورضلع کچہری میں پیش کیا اور جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔

عدالت نے پرویزالٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روزہ توسیع کردی اور انہیں 14 دسمبرکو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

حکومت کی 2007 سے خریدی گئی سرکاری گاڑیوں اور ان کے استعمال کی تحقیقات کا حکم

سندھ حکومت نے سرکاری گاڑیوں کا غیر قانونی استعمال روکنے کے لیے اہم فیصلہ کرلیا۔

2007 سے اب تک گاڑیوں کی خریدی اوراستعمال کی تحقیقات ہوں گی جس کے لیے صوبائی محکموں سے ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔

سندھ حکومت نے سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور ان کی خریداری کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری سروسز کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جن غیر مجاز ملازمین نے گاڑیاں اپنے پاس رکھی ہوئی ہیں، ان کی جانچ کی جائے گی۔

توہین الیکشن کمیشن کیس؛ وزارت داخلہ نے عمران خان کو پیش نہ کرنے کی رپورٹ جمع کرادی

اسلام آباد: توہین الیکشن کمیشن کیس میں وزارت داخلہ نے عمران خان کو الیکشن کمیشن میں پیش نہ کرنے سے متعلق رپورٹ جمع کروادی۔

الیکشن کمیشن میں توہینِ کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کو پیش نہیں کیا گیا، اس حوالے سے وزارت داخلہ نے اپنی رپورٹ جمع کروا دی۔ دوران سماعت کمیشن کے ممبرنثاردرانی نے کہاکہ وزارت داخلہ کے مطابق حالات ایسے نہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کوپیش کیا جاسکے، تاہم جیل کے اندر ٹرائل کیا جاسکتا ہے۔

ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثاردرانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی ، جس میں اسد عمر،شعیب شاہین اور فیصل چوہدری پیش ہوئے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی اورفواد چوہدری کو پیش نہ کیا جاسکا۔
وکیل چیئرمین پی ٹی آئی شعیب شاہین نے وزارت داخلہ کی رپورٹ کی کاپی فراہم کرنے کی استدعا کی اور کہاکہ کیس کے بارے میں تاثراچھا نہیں جائے گا ، جس پر کمیشن سربراہ نثاردرانی نے رپورٹ کی کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ تاثرکی باتوں کوچھوڑدیں ہم قانون کے مطابق کام کریں گے۔ آپ کیس کوآگے بڑھانا چاہتے ہیں اورتعاون بھی نہیں کرتے۔

شعیب شاہین نے جان بوجھ کر پیش نہ کرنے کا مؤقف اپنایا تو ممبرالیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی بولے پہلے آپ بھی جان بوجھ کرپیش نہیں کررہے تھے۔ سوال یہ ہے کہ ہم ان کو یہاں پیش کرنے کا رسک کیوں لیں؟

فیصل چوہدری نے فواد چوہدری کی اڈیالہ جیل میں موجودگی کا بتایا۔ اسد عمر نے کہاکہ میں توسب سے زیادہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوا ہوں اوراب توسیاست بھی چھوڑ چکا ہوں، جس پر ممبر کمیشن نے کہاکہ نہیں آپ سیاست کریں۔ اسد عمر شکریہ ادا کرتے ہوئے بولے اب سیاست چھوڑ چکا ہوں۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 6دسمبر تک ملتوی کردی۔

ٹک ٹاکر کو چوری اور قتل کے جرم میں سزائے موت

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ٹک ٹاکر کو چوری، قتل کے جرم میں سزائے موت سنا دی۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے ٹک ٹاکر عالیان کو سزائے موت کا حکم دےدیا۔

گزشتہ سال مئی میں ٹک ٹاکر محمدنیاز عرف عالیان نے مدعی مقدمہ کے بیٹے 28 سالہ خرم اکبر کو قتل کیا اور سے گاڑی چھین کر فرار ہوگیا۔
مقتول خرم اکبر رات گئے گجرانوالہ سے اسلام آباد کی طرف آرہا تھا۔ مجرم عالیان نے جائے وقوعہ کی خود نشاندہی کی۔

جج طاہرعباس سِپرا نے فیصلے میں کہا کہ مجرم عالیان سے تیس بور پستول بھی برآمد ہوچکی، اس نے آلہ قتل کو جائے وقوعہ کے قریب جھاڑیوں میں پھینک دیاتھا۔

مجرم عالیان کے مطابق قتل کی خبر ملنے پر پشاور میں موجود تھا لیکن اس کے بیان کا کوئی گواہ نہیں۔ اس کے استعمال میں تیس بور پستول کا فارنزک میچ ہوا

مجرم عالیان کی گواہان نے شناخت بھی کی۔ ثبوتوں، گواہان کی روشنی میں مجرم عالیان قتل اور چوری کا مرتکب ہوا۔

جج طاہرعباس سِپرا نے فیصلے میں کہا کہ مجرم عالیان کو سزائے موت، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا، چوری کے جرم میں 7 سال قید اور تیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی جاتی ہے۔

مئی 2022 میں مجرم عالیان کے خلاف تھانہ گولڑہ میں قتل، چوری کے الزام میں مقدمہ درج کیاگیاتھا