چھ ماہ میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیرشروع ہوجائے گی

(ویب ڈیسک):وزیر اعظم عمران خان کی اعلان  کردہ اپنا گھر اسکیم کے تحت چھ ماہ میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیرشروع ہوجائے گی۔

 نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ ، کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ  کے اجلاس کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔

تعمیراتی منصوبوں سے متعلق تیرہ بڑے تعمیراتی گروپس نے تیرہ سوارب کے تعمیراتی منصوبے شروع کرنے پررضامندی ظاہرکردی ہے۔ آئندہ 6 ماہ میں  ایک  لاکھ مکانات کی تعمیر شروع  ہوجائے گی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں سرمایہ کاروں نے حکومتی تعاون کو حوصلہ افزا قرار دیا۔

سرمایہ کاروں کاکہناتھا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے تعمیراتی شعبے میں وسیع سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے  مزید سرمایہ کاری پربھی آمادگی ظاہرکی ۔

اعلامیے کے مطابق  قرضوں کے حصول میں آسانی  سے تعمیراتی سرگرمیوں میں بڑی پیشرفت ہوگی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ون ونڈو سہولت  یقینی بنانے کے لیے کڑی نگرانی  کی جائے۔نئے رہائشی منصوبوں  میں گیس ، بجلی اور دیگر بنیادی ضروریات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ٹک ٹاک بنانے کا شوق ایک اور نوجوان کی جان لے گیا

لاہور: (ویب ڈیسک ) ٹک ٹاک بنانے کا شوق ایک اور نوجوان کی جان لے گیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹک ٹاک بناتے چھت سے گر کر زخمی ہونے والا نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

فردوس مارکیٹ میں حمزہ نامی نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے گھر کی چوتھی منزل سے گرگیا تھا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

امریکا چین کی وجہ سے سی پیک کیخلاف پروپیگنڈا کررہا ہے، چینی سفیر

امریکا چین کو اپنا اولین حریف کہتا ہے ، اسی لیے ہر منصوبے میں رکاوٹیں ڈالتا ہے، پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ سی پیک سے پاکستان کا استحصال جبکہ چین کو یکطرفہ فائدہ ہوگا، حالانکہ سی پیک کا پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ پاکستان میں تعینات چینی سفیرکا انٹرویو

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے کہا ہے کہ امریکا چین کی وجہ سے سی پیک کیخلاف پروپیگنڈا کررہا ہے، امریکا چین کو اپنا اولین حریف کہتا ہے ، اسی لیے ہر منصوبے میں رکاوٹیں ڈالتا ہے، پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ سی پیک سے پاکستان کا استحصال جبکہ چین کو یکطرفہ فائدہ ہوگا، اور سی پیک پاکستان کی معیشت پر بوجھ ہے۔انہوں نے نجی ٹی وی کو اپنے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ امریکا چین کو اپنا اولین حریف کہتا ہے اور چین کے ہر منصوبے میں رکاوٹیں ڈالتا ہے۔ چین کی وجہ سے امریکا سی پیک کیخلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ سی پیک سے پاکستان کو ہی نہیں بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ خطے کے دیگر ممالک بھی سی پیک میں شامل ہوکر اس کے ثمرات سے مستفید ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کو یقینا ایک اور طرح کا بھی عالمی چیلنج درپیش ہے، جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ چین دنیا کا اقتصادی مرکز بنتا جا رہا ہے۔

اور امریکا کا بڑا حریف بن کر ابھر رہا ہے۔سی پیک جو کہ باہمی اقتصادی ترقی کا منصوبہ ہے اس کو بدنام کرنے کیلئے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ سی پیک کے ذریعے پاکستان کا استحصال کیا جا رہا ہے اور یہ یکطرفہ مفاداتی منصوبہ ہے جس کے تمام تر فوائد چین کو ہوں گے۔ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ سی پیک پاکستان کیلئے مہنگا منصوبہ ہے اور پاکستان کی معیشت پر بوجھ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ پروپیگنڈا سی پیک دشمنوں کی جانب سے باقاعدہ منصوبہ بندی سے کیا جارہا ہے۔تاکہ باہمی اقتصادی تعاون کے اس منصوبے میں رکاوٹیں ڈالی جائیں۔ جب سے ہم سی پیک تعاون منصوبے پر کام کررہے ہیں۔ ہم پچھلے چار ادوار سے پاکستانی حکومتوں اور سوسائٹی کے ساتھ بہتر کام کررہے ہیں تو ہم بہتر پوزیشن میں ہیں۔ تاکہ سمجھا جاسکے کہ یہ خالصتا اقتصادی اور تجارتی منصوبے ہیں۔

شجرکاری مہم کے تحت بڑی تبدیلی نظرآرہی ہے،وزیراعظم

ویب ڈیسک : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شجرکاری مہم کے تحت ایک سال میں بڑی تبدیلی نظرآرہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے علاقے بلوکی کی ویڈیو ٹویٹ کردی۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 10 بلین ٹری سونامی کے تحت پنجاب میں موسمیاتی تبدیلی واضح ہے جبکہ شجرکاری مہم کے تحت ایک سال میں بڑی تبدیلی نظرآرہی ہے۔

واضح رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہوٹہ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا تھا۔

افغان صدر کا عید کے موقع پر 500 طالبان قیدی رہا کرنے کا اعلان

کابل(ویب ڈیسک  ) افغان صدر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 500 طالبان قیدی رہا کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم سے خطاب میں افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کی جانب سے عید کے دنوں میں سیز فائر کے اعلان کے جواب میں طالبان قیدی رہا کرنے کا حکم دیا۔اشرف غنی کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے طالبان اس سیز فائر کے اعلان کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

افغان صدر نے کہا کہ ان قیدیوں کو اگلے چار روز کے دوران رہا کیا جائے گا اور رہا کیے جانے والے یہ 500 طالبان قیدی اس فہرست میں سے نہیں ہیں جو طالبان نے حکومت کو فراہم کی ہے۔افغان صدر کا کہنا تھا کہ طالبان کی فراہم کردہ فہرست میں 400 قیدی انتہائی سنگین جرائم میں ملوث ہیں جن کی رہائی کا اختیار بطور صدر ان کے پاس بھی نہیں ہے لہٰذا وہ اس معاملے پر جرگہ اور افغان قبائل سے مشورہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اور امن دونوں میں افغان حکومت کی پوزیشن مضبوط ہے۔

پی آئی اے کا 15اگست سے پیرس سے پاکستان کیلئےپروازیں چلانےکا فیصلہ

خصوصی چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے پیرس سے مسافروں کو وطن پہنچایا جائےگا، سول ایوی ایشن نے چارٹرڈ فلائٹ کو اسلام آباد میں لینڈنگ کی اجازت دے دی۔ ترجمان پی آئی اے

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) قومی ایئرلائن پی آئی اے نے 15اگست سے پیرس سے پاکستان کیلئے پروازیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے، خصوصی چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے پیرس سے مسافروں کو وطن پہنچایا جائے گا،سول ایوی ایشن نے چارٹرڈ فلائٹ کو اسلام آباد میں لینڈنگ کی اجازت دے دی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے نے 15 اگست سے پیرس سے پاکستان کیلئے پروازیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے، پی آئی اے کے خصوصی چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے پیرس سے مسافروں کو وطن پہنچایا جائے گا۔اس مقصد کیلئے اسلا م آباد سے پیرس کیلئے15 اگست سے پرواز آپریٹ کرے گی۔اسی طرح اسلام آباد سے 16اگست کو مسافر پیرس کیلئے روانہ ہوں گے۔29 اگست سے پیرس سے اسلام آباد کیلئے پرواز آپریٹ کی جائے گی۔

اسی طرح 30 اگست کو پرواز اسلا م آباد سے پیرس کیلئے روانہ ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن نے بھی پیرس کی چارٹرڈ فلائٹ کو اسلام آباد میں لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے۔

خیال رہے پاکستانی پائلٹوں کی جعلی ڈگریوں کے معاملے پر پی آئی اے پر یورپ کیلئے فضائی پابندی عائد ہے۔ دوسری جانب ایئرلائن پائلٹوں کی بین الاقوامی تنظیم ایئر لائن پائلٹ ایسوسی ایشن (آلپا) نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔ آلپا نے وزیر اعظم کو بھیجے گئے خط میں پی آئی اے اور پالپا کے تکنیکی امور کو حل کرنے میں مدد کی پیشکش کی ہے۔آلپا کے صدر کیپٹن جوزف جی ڈی پیٹ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ایوی ایشن انڈسٹری میں پاکستان کے فضائی آپریشن کی بحالی کی خواہش مند ہیں۔خط میں کہا گیا کہ سیفٹی مینجمنٹ اورسیفٹی رپورٹنگ سسٹم میں سی اے اے اور ایئر لائنز کے ساتھ کام کرچکے ہیں، ہمارا تجربہ پاکستان کو دوبارہ امریکا اور برطانیہ میں آپریشن شروع کرنے میں معاون ہوگا۔

 

شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے نے 11 رکنی ٹیم تشکیل دی

اسلام آباد (ویب ڈیسک): شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر ایکشن کے لئے ایف آئی اے کی 11 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ انکوائری ٹیم کے سربراہ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون ڈاکٹر معین مسعود ہونگے۔

 وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی 11 رکنی ٹیم جعلی طور پر چینی کی افغانستان برآمد کرنے کے معاملے کی تحقیقات کرے گی، تحقیقاتی ٹیم میں کسٹمز، ایف آئی اے اور ایف بی آر سمیت سٹیٹ بنک کے نمائندے شامل ہیں۔ ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم منی لانڈرنگ کی بھی تحقیقات کریگی۔

یاد رہے وفاقی کابینہ نے 23 جون کو شوگر کمیشن کی رپورٹ پر کارروائی کی منظوری دی تھی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے خطوط ارسال کیے، گورنر سٹیٹ بینک، مسابقتی کمیشن اور تین صوبوں کو بھی خط لکھے گئے جس کیساتھ شوگر کمیشن رپورٹ بھی بھجوائی گئی۔

خط کے متن میں کہا گیا ایف بی آر شوگر ملز کی بے نامی ٹرانزیکشنز کی تحقیقات کرے، نیب شوگر کمیشن کے نتائج کی روشنی میں زمہ داران کا تعین کرے۔ نیب کو شوگر ملز اور مالکان کے مالی معاملات کی تحقیقات کا کہا گیا۔

واضح رہے سپریم کورٹ نے شوگر ملز مالکان کو سندھ ہائیکورٹ سے ملنے والا ریلیف ختم کرتے ہوئے چینی سکینڈل کے معاملے پر شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں حکومت کو کارروائی کی اجازت دی تھی، تاہم معاملے پر عدالتی فیصلے آنے تک غیر ضروری اقدامات اٹھانے اور شوگر کمیشن رپورٹ پر حکومتی عہدیداروں کو بیان بازی سے روک دیا گیا تھا۔

روس اور چین نے تجارت میں ڈالر پر انحصار کم کرنا شروع کر دیا

رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں دونوں ملکوں کے درمیان ڈالر میں تجارت کا حجم پہلی مرتبہ 50 فیصد سے بھی کم ریکارڈ کیا گیا

چین(ویب ڈیسک ) روس اور چین نے تجارت میں ڈالر پر انحصار کم کرنا شروع کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کئی برسوں تک ڈالرز میں تجارت نہ کرنے پر مذاکرات کے بعد اب لگتا ہےکہ چین اور روس نے اس مقصد کی جانب ٹھوس اقدامات کرنا شروع کر دیے ہیں۔رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں دونوں ملکوں کے درمیان ڈالر میں تجارت کا حجم پہلی مرتبہ 50 فیصد سے بھی کم ریکارڈ کیا گیا۔اس حوالے سے غیر ملکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صورت حال کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور چار سال قبل کا تجارتی حجم دیکھنا ضروری ہے جو 90 فیصد سے زیادہ حد تک ڈالرز میں کیا جاتا تھا۔یہ حجم اب کم ہوکر 46 فیصد ہوگیا ہے۔2018 میں حجم 75 فیصد تک تھا۔ڈالر کی تجارت میں سے 54 فیصد حصہ چین کا یوآن ادا کر رہا ہے۔جو 17 فیصد ہے۔جب کہ یورو میں 30 فیصد تک کاروبار کیا جاتا رہا ہے۔

روس کی کرنسی روبل میں 7 فیصد تک کاروبار ہوتا رہا۔بین الاقوامی تجارت میں ڈالر کے کم ترین کردار کا ذمہ دار چین اور امریکہ کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی کو قرار دیا جاسکتا ہے ۔دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اس سال انتہائی خراب سطح پر آ چکے ہیں اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے شہروں میں قونصل خانے بھی بند کر دئے ہیں۔ چین کے شہر سر چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ باضابطہ طور پر بند کر دیا گیا ہے۔امریکی قونصل خانے کی عمارت پر لگا امریکی پرچم بھی نیچے کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ امریکی قونصل خانے کے اعتراف میں چینی پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔مطلقہ چینی حکام نے قونصل خانے کے اندر داخل ہو کر کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ چینی حکام نے چینگڈو میں امریکی سفارتی عملے کے قونصلیٹ چھوڑنے کے بعد عمارت کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ چینی حکومت نے گزشتہ ہفتے امریکہ کی جانب سے ہیوسٹن میں چینی قونصلیٹ بند کرنے کے جواب میں چینگڈو شہر میں امریکی قونصلیٹ بند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

کورونا ویکسین کی پاکستان میں آزمائش کی تیاریاں

کورونا ویکسین کی پاکستان میں آزمائش کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور اس مقصد کے لے رضاکاروں کے ناموں کے اندارج کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔

وائس چانسلریونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے کورونا کی ویکسین کی آزمائش پاکستان میں بھی کی جائے گی۔

ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ کورونا کی آزمائش کے لیے رضاکاروں کے ناموں کا اندراج شروع کردیا گیا، کورونا ویکسین کی آزمائش کے لیے 20 ہزار افراد کا اندراج کیا جائےگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ویکسین کی آزمائش کے لیے دو ماہ لگ سکتے ہیں، برطانیہ سے ویکسین بھیجنے کی تصدیق پر حکومت پاکستان سے اجازت لی جائے گی۔

خیال رہے کہ کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے دنیا بھر میں کوششیں جاری ہیں تاہم ابھی تک کورونا کے حوالے سے سائنسدانوں کو مکمل کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے البتہ مختلف ممالک کی جانب سے مختلف ادویات کی انسانوں اور جانوروں پر آزمائش کی جا رہی ہے۔

برطانوی ایئرلائنز کا پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

راولپنڈی(ویب ڈیسک) اسلام آباد سے برٹش ایئرویز کو اجازت ملنے کے بعد کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ماہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اپنے فلائٹ آپریشن کو دوبارہ شروع کرے گی۔ایئر لائن کا کہنا ہے کہ وہ ہفتے میں تین بار لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی، پہلی پرواز 14 اگست کو اسلام آباد میں لینڈ ہوگی اور اس کے عملے اور مسافروں کی حفاظت کے لیے اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔اس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اعلان برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات اور عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھانے کے لیے ایک اور اہم قدم ہے۔کورونا وائرس کے باعث مسافروں کو ماسک پہننا لازمی ہوگا اور انہیں پرواز کے دوران ہینڈ سینیائٹرز بھی فراہم کیا جائے گا جبکہ عملے کے اراکین دوران پرواز ماسک پہنیں گے جبکہ ہوائی اڈوں پر اضافی اقدامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ مسافر محفوظ رہیں۔برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر سی ایم جی نے برٹش ایئرویز کے پاکستان کے لیے ’فلائٹ آپریشن‘ کی بحالی کو برطانیہ اور پاکستان کے درمیان روابط کے لیے ایک اہم لمحہ قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘برٹش ایئرویز کی براہ راست پروازوں کے دوبارہ آغاز سے ہزاروں مسافروں کو فائدہ احاصل ہوگا جو دو عظیم ممالک کے درمیان باقاعدگی سے سفر کرتے ہیں، بہت سے ایسے افراد جو وبائی امراض کے باعث اپنے سفری منصوبوں کو روک چکے ہیں، میں حکومت پاکستان، برٹش ایئرویز اور پاکستان میں اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس خوش آئند خبر کو پہنچانے کے لیے سخت محنت کی ہے’۔برٹش ایئرویز میں ایشیا پیسیفک اور مشرق وسطی کے سربراہ مورین برجر نے کہا کہ ‘ہمیں خوشی ہے کہ ایک بار پھر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایک سروس فراہم کریں گے، ہم جانتے ہیں کہ دونوں ممالک میں ہمارے بہت سارے صارفین دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ ملنے کا انتظار کر رہے ہیں، ہم جہاز پر ان کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں’۔برٹش ایئرویز کی براہ راست پروازیں 10 سال کے وقفے کے بعد جون 2019 میں دوبارہ شروع ہوئی تھیں۔
اس ایئرلائن کی پہلی پرواز 1976 میں اسلام آباد آئی تھی۔
لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے پروازیں اتوار، منگل اور جمعرات کو چلائی جائیں گی، رات 8 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوں گی اور 4 بجکر 20 منٹ پر اسلام آباد پہنچیں گی۔اسلام آباد سے پروازیں پیر، بدھ اور جمعہ کو صبح 6 بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوں گی اور دوپہر 3 بجے لندن پہنچیں گی۔برٹش ایئرویز نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) سے اگست میں اسلام آباد سے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت طلب کی تھی کیونکہ کورونا وائرس پھیل جانے کے باعث پروازیں معطل ہوچکی تھیں۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے معاملے پر دبئی اور لندن میں برٹش ایئرویز کے حکام اور پی سی اے اے کے درمیان دو اجلاس ہوئے تھے، ایئر لائن نے پی سی اے اے کے لینڈنگ اور مسافروں کے معاوضوں میں کافی ریلیف طلب کیا تھا۔پی سی اے اے کے حکام کا کہنا تھا کہ ‘برٹش ایئرویز نے اسلام آباد کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کی تھی جسے جمعرات کے روز لینڈنگ اور مسافروں کے معاوضوں میں ریلیف دی گئی’۔

آخری فتح تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری فتح تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔اسلام آباد میں وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایک سال میں کشمیروں پر کیا بیتی، انہوں نے کس کرب سے سال گزارا، یہ ان سے زیادہ بہتر کوئی اور نہیں جان سکتا۔انہوں نے کہا کہ آج بھی کشمیر میں کیمونیکیشن بلیک آﺅٹ جاری ہے، کشمیر میں آج بھی بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔
پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کل بھی کھڑی تھی اور آج بھی کھڑی ہے
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا کے بعد دنیا جانتی ہے کہ لاک ڈاون کی تکالیف کیا ہوتی ہیں، لیکن کشمیری ایک سال سے ڈبل لاک ڈاﺅن برداشت کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا دنیا سے سوال ہے کہ اگر آپ پر ڈبل لاک ڈاو¿ن مسلط ہو تو آپ پر کیا گزرے گی؟ ڈبل لاک ڈاو¿ن تو امریکا، برطانیہ اور یورپ کے لوگ بھی برداشت نہیں کر سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں مقیم کشمیروں کو یکجہتی کا پیغام دینا چاہتے ہیں، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کل بھی کھڑی تھی اور آج بھی کھڑی ہے، آخری فتح تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ پیش کر کے ثابت کیا کہ وہ کشمیریوں کے سفیر ہیں، دو سال کے دوران وزیراعظم کی کشمیر کے حوالے سے 100 سے زائد انگیجمنٹ ہیں جب کہ ہیومن رائٹس کونسل جنیوا میں مسئلہ کشمیر پر انسانی پہلو کو اجاگر کیا گیا۔
کشمیر کی قراردادیں گرد اور دھول میں دب گئی تھیں
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پانچ اگست کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا نیا موڑ ہے، اس روز ہندوستان نے کشمیریوں کا جھنڈا چھینا، ان کی شناخت ختم کی اور کشمیر کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ہندو پنڈت ہو مسلمان یا بدھسٹ، کسی نے اسے قبول نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کو متنازع علاقہ سلامتی کونسل کی قرارداد کہتی ہے، لیکن اسے آر ایس ایس نے بھارت میں ضم کرنے کی کوشش کی، دنیا جانتی ہے کہ سب سے بڑا ملٹری زون مقبوضہ کمشیر ہے، جہاں بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاسی دھڑےبندی کے باوجود مسئلہ کشمیر پر سب نے کہا کہ وزیر خارجہ نے ہماری ترجمانی کی جب کہ ایک سال میں ہندوستان کی پالیسی پر سب سے زیادہ تنقید ہوئی ہے، بین الاقوامی میڈیا میں بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، شائننگ انڈیا سے برن انڈیا دکھائی دے رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کو مسئلہ کشمیر پر 9 خط لکھ چکا ہوں، یہ خطوط منزل کے حصول میں کردار ادا کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر ایک سال میں تین مرتبہ سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا، 55 سال میں کشمیر کی قراردادیں گرد اور دھول میں دب گئی تھیں۔
ہماری منزل سری نگر ہے
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ناحق خون بہا ہے، جو بولے گا، کشمیریوں سے وعدہ کرتے ہیں آپ کی ترجمانی کریں گے، 5 اگست کو ایک پلان مرتب کیا ہے کہ پوری قوم یوم استحصال منائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری منزل سری نگر ہے، ہم کمشیر ہائی وے کا نام سری نگر ہائے وے رکھ رہے ہیں، یہ شاہراہ ہمیں سری نگر لے کر جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر پارلیمان کو لے کر جا رہے ہیں، دنیا کو دکھا رہے ہیں کہ بھارت کی ایل او سی پر حرکتیں کیا ہیں، جن کو معذور کیا گیا ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے جا رہے ہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو دنیا کے رہنماو¿ں کو خطوط لکھے جائیں گے، سمینار منعقد کیے جائیں گے اور سوشل میڈیا کمپین چلائی جائیں گی، بین الاقوامی اخبارات میں کالم لکھوائے جا رہے ہیں جس میں کشمیروں پر ظلم کی داستان کو اجاگر کیا جائے گا، صرف ہائی کمیشن میں تقریب نہیں، لوکل میڈیا کو بھی انگیج کیا جائے گا، دیکھوں گا کس سفیر نے کس میڈیا کے ساتھ کتنا انگیج کیا، خود ہائی کمیشن کی نگرانی کروں گا۔انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کو وزیراعظم کمشیر کی اسمبلی میں خطاب کریں گے، اظہار یکجہتی کی واک ہوں گی، پورے ملک میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں اور یورپ میں آج عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے

سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں، یورپ اور امریکا میں آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز عید الاضحیٰ کے کورونا کے باعث محدود اجتماعات ہوئے جس میں  ایس او پیز کا  بھرپور خیال رکھا گیا۔

مسجدالحرام میں نماز عیدکی امامت اور خطبہ شیخ عبداللہ الجہنی نے دیا جس کے بعد انہوں نے امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

شیخ عبداللہ الجہنی کا کہنا تھا کہ حکومت نے حجاج کرام کی صحت کی حفاظت کے لیے محدود حج کا فیصلہ کیا جو  اسلامی قانون کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان آپس میں اتحاد کو مستحکم کریں اور کسی بھی قسم کے انتشار سے دور رہیں۔

دوسری جانب مسجد نبوی ﷺ میں نماز عید کی امامت اور خطبہ شیخ احمد بن طالب نے دیا۔

حجاج کرام نماز عید کے بعد منیٰ روانہ ہو گئے جہاں سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کی جا رہی ہے جب کہ آج حجاج کرام سر بھی منڈوائیں گے۔

حجاج منیٰ میں گيارہ اور بارہ ذی الحج كی راتيں گزاریں گے اور ہر دن زوال كے بعد تينوں جمرات كو كنكرياں ماری جائیں گی۔

12 تاريخ كو تینوں شیاطین کو كنكرياں مارنے کے بعد جلد چاہیں تو غروب آفتاب سے قبل منٰی سے نكلنا ہوگا اور تاخير چاہیں تو 13 تاريخ كی رات منٰی ميں بسر کی جائے گی، حجاج کرام اپنے وطن روانہ ہونے سے قبل الوداعی طواف کریں گے۔

خلیجی ممالک دبئی، بحرین، کویت، عمان میں بھی سادگی سے سنت ابراہیمی کا فریضہ ادا کیا جا رہا ہے۔

ادھر امریکا، آسٹریلیا،جاپان اور دیگر ممالک سمیت یورپ میں مقیم مسلمان بھی عید الاضحیٰ منا رہے ہیں اور سنت ابراہیمی کی پیروری کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر  رہے ہیں۔

پاکستانی طالبہ نے بھارتی پروفیسر کا پیریاڈک ٹیبل بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

اکستان کی ہونہار طالبہ نطالیہ نے بھارتی پروفیسر کا پیریاڈک ٹیبل بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ 

لاہور سے تعلق رکھنے والی ہونہار  طالبہ نطالیہ نے  پیریاڈک ٹیبل بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ کر اپنا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کروا لیا ہے۔

نطالیہ کی والدہ شینا کے مطابق نطالیہ نے پیریاڈک ٹیبل ریکارڈ 2 منٹ 42 سیکنڈ میں مکمل کیا۔

 بھارت کے کیمسٹری پروفیسر میناکشی اگروال نے 2 منٹ 49 سیکنڈ میں پیریاڈک ٹیبل کا ریکارڈ بنایا تھا جب کہ نطالیہ نے 7 سیکنڈ کے فرق سے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

گینز قوانین کے مطابق گنیز ورلڈ ریکارڈ کے چار ممبران نے 18 جولائی کو نطالیہ کا ریکارڈ بنتے براہ راست دیکھا اور  29 جولائی کو گینز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے طالبہ کی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔

نطالیہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کا بچپن سے ہی سائنس کی طرف رجحان رہا، کورونا لاک ڈاؤن کے دوران نطالیہ نے ٹیبل کے عناصر  یاد کیے اور عالمی ریکارڈ بنا کر ملک کا نام روشن کیا۔

والدہ نے بتایا کہ نطالیہ مستقبل میں بائیو کیمسٹ بننا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ پیریاڈک ٹیبل کا یہ اعزاز بھارت سے پہلے بھی ایک پاکستانی کے پاس تھا۔