کراچی کیلئے 10 ارب ڈالر مانگنے پر شبلی فراز اور ناصر حسین میں نوک جھونک

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے صوبہ سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ 10 ارب ڈالر ہمارے پاس نہیں، اتنے پیسے ہوتے بھی تو ان کو نہ دیتے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے ساتھ ہمدردیاں ہیں اور وزیراعظم کراچی کی صورتحال پر مسلسل رابطے میں ہیں، سندھ میں گھوسٹ اسکول بنے ہوئے ہیں، صحت کی سہولیات نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ناصرشاہ نے کہا کراچی کے لیے 10 ارب ڈالرز  درکار ہیں، ہمارے پاس اتنے پیسے ہوتے بھی تو ان کو نہ دیتے، ان کو پیسے دینے کا مطلب ان کی جیبیں بھرنا ہے، سندھ کو پیسے دیتے تو اومنی کے اکاؤنٹ میں چلے جاتے، یہ چاہتے ہیں کہ ان کی چوری کا حساب نہ لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جلد کراچی کا دورہ کریں گے، وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ سےتفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور سندھ حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

162 ارب روپے دے دیں جس کا وزیراعظم نے کئی بار وعدہ کیا: ناصر حسین شاہ

دوسری جانب صوبہ سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات ناصر حسین شاہ کا ردعمل میں کہنا تھا کہ شبلی فراز 10 ارب ڈالر چھوڑدیں، وہ 162 ارب روپے دے دیں جس کا وزیراعظم نے کئی بار وعدہ کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ 172 ارب روپے دے دیں جو این ایف سی میں سندھ کا حصہ بنتا ہے، اگر قوم کو گمراہ کرنے پرنوبیل انعام ہوتا تو پی ٹی آئی حکومت ہی جیت جاتی۔

خیال رہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا تھا کہ کراچی کے لیے 10 ارب ڈالرز درکار ہیں۔

کے الیکٹرک پر 20 کروڑ کا جرمانہ عائد

نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک پر 20 کروڑ کا جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک پر 20 کروڑ کا جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

اس ضمن میں ترجمان نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طویل لوڈشیڈنگ کی گئی جس کے باعث ماہ جون اور جولائی میں طویل لوڈشیڈنگ پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ترجمان نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکڑک نے اپنے لائسنس کے قوائد وضوابط کا بھی خیال نہیں کیا گیا جس کی بناء پر نیپرا نے کے الیکڑک کو ہدایات اور ملٹی ائیر ٹیرف بھی دیا تاہم اب تک لوڈ شیڈنگ کم نہ ہوسکی ہے۔

ترجمان کے مطابق اس تمام تر صورتحال کو دیکھتے ہوئے نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک پر 20 کروڑ کا جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازع ایک بار پھر گرم

بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازع نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے۔

لداخ کے علاقے گلوان میں 15 جون کو بھارت اور چین کی افواج کے درمیان جھڑپوں میں بھارتی فوج کے افسران سیت 20 فوجی مارے گئے تھے۔

گزشتہ تین ماہ سے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہیں تاہم اونٹ کسی کروٹ بیٹھنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔

اب بھارت کی جانب سے چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) پر لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل او اے سی) کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازع ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے۔

بھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ایل اے نے 29 اور 30 اگست کی شب ایل او اے سی پر اشتعال انگیز نقل و حرکت کی جسے روک دیا گیا۔

بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ صورت حال پر قابو پانے کے لیے بریگیڈ کمانڈر سطح کی فلیگ میٹنگ چوشول پر ہو رہی ہے۔

دوسری جانب چین نے بھارتی الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی سرحدی فوج نے کبھی لائن آف ایکچوئل کنٹرول پار نہیں کی۔

چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پیپلز لبریشن آرمی کے سرحدی اہلکار لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی سختی سے پاسداری کرتے ہیں۔

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کی وزیر خارجہ سے ملاقات

ویب ڈیسک : اسلام آباد میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہء خیال کیا گیا ہے۔

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔

سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا دکھائی دے گا حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں شہری آبادیوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر توانائی عزت مآب جناب عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے متوقع دورہء پاکستان کے دوران ان دونوں شخصیات سے ملاقات کے متمنی ہیں وزیر خارجہ نے سعودی سفیر سے سعودی فرمانروا کنگ سلیمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خیریت بھی دریافت کی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کثیر تعداد میں پاکستانی سالہا سال سے سعودی عرب میں مقیم ہیں اور سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے چلے آرہے ہیں ہمیں توقع ہے کہ سعودی حکومت کورونا وبائی صورتحال میں بہتری کے بعد ملازمتوں سے برخاست کیے گئے پاکستانی ورکرز کی واپسی اور روزگار کی دوبارہ فراہمی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کرے گی۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ایف بی آر کا کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف گھیرا تنگ

اسلام آباد(ویب ڈیسک): ممبر ایف بی آر ایڈمنسٹریشن بختیار محمد کا کہنا ہے کہ کرپشن میں ملوث 10 افراد کو برطرف کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف بی آر ندیم رضوی نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایف بی آر کے اندر کرپشن کی تحقیقات کے لیے سیل موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی شکایت پر انٹگریٹی مینجمنٹ سیل تحقیقات کرتا ہے،شکایات عموماً نامعلوم افراد کی طرف سے ہوتی ہیں۔

میڈیا بریفنگ کے دوران ممبر ایڈمنسٹریشن ایف بی آر بختیار محمد نے کہا کہ کرپشن کی شکایات پر اسکروٹنی کے بعد تحقیقات کا فیصلہ ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر میں نئی ٹیم جولائی میں آئی،یکم جولائی سے 76 افراد کے خلاف کارروائی ہوئی،دس افراد کو برطرف کیا گیا۔

بختیار محمد کا کہنا تھا کہ گریڈ 20 کے 2 افسران کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم سے اجازت لی گئی،گریڈ 21 کے ایک افسر کے خلاف اندرونی تحقیقات جاری ہیں۔

ممبر ایڈمنسٹریشن ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اب سے کرپشن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

بختیار محمد نے کہا کہ سابق ممبرکسٹم کے حوالے سے ایف بی آر کو شکایت نہیں ملی، 300 کنٹینرز معاملے پر وزیر اعظم نے تحقیقات کی ہدایت کی تھی،اس میں سابق ممبر کسٹم کا نام نہیں آیا،300کنٹینرز کے حوالے سے جے آئی ٹی کی کوئی رپورٹ نہیں آئی۔

حکومت بلوچستان نے ملازمت کیلئے عمر کی حد میں 43 سال تک کی عام رعایت دے دی

ویب ڈیسک کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے ملازمت کے لیے عمر کی بالائی حد میں 43 سال تک کی عام رعایت دے دی۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے ملازمت کے لیے بالائی عمر میں رعایت کا اطلاق 23جون 2021 تک ہوگا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے عمر کی حد میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

سعودی عرب پر ڈرون اور بارودی کشتی کے حملے ناکام

ریاض(ویب ڈیسک): عرب فوجی اتحاد نے سعودی عرب پر ہوائی اور سمندری دو حملے ناکام بنادیے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک حملہ سعودی عرب کے شہر ابہا کے ہوائی اڈے پر کیا گیا۔

یمن کے حوثیوں باغیوں نے بارودی مواد سے بھرے ڈرون کے ذریعے ابہا ائرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم عرب فوجی اتحاد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔

مار گرائے جانے والے ڈرون کے کچھ ٹکرے ابہا ائرپورٹ پر بھی گرے تاہم کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔ اس واقعے کے باوجود ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت متاثر نہ ہوئی اور معمول کے مطابق جاری رہی۔

عرب فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالی نے بتایا کہ اتحاد نے حوثی باغیوں کا بارودی کشتی سے کیا جانے والا حملہ بھی ناکام بنادیا۔

کرنل ترکی المالی نے کہا کہ حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر کے جنوب میں ریموٹ سے کنٹرول ہونے والی ڈرون کشتی کے ذریعے حملے کی کوشش کی لیکن فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے کشتی کو بھی ہدف تک پہنچنے سے قبل تباہ کردیا گیا۔

ترجمان عرب فوجی اتحاد کے مطابق یہ کشتی علاقائی و بین الاقوامی سلامتی اور بحری جہازوں عالمی تجارت کے لیے بھی خطرہ تھی۔

واضح رہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے یمن کی حکومت پر قبضہ کرلیا ہے اور سعودی عرب کی قیادت میں عرب فوجی اتحاد حوثی باغیوں کے خلاف فوجی آپریشن کررہا ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کی قرآن کی بے حرمتی کے واقعات کی مذمت

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سویڈن اور ناروے میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سویڈن اور ناروے میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ   ایسے واقعات دنیا کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہیں۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ  متعلقہ حکومتیں ایسے عناصر کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مسلم امہ اور جید علماء کرام کے درمیان رابطوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔

اسرائیلی طیارہ متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر لینڈ کر گیا

ابوظہبی(ویب ڈیسک) اسرائیلی طیارہ متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر لینڈ کر گیا۔ تل ابیب سے پہلی پرواز مسافروں کو لے کر ابوظبی پہنچی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسرائیل سے پہلی کمرشل پرواز متحدہ عرب امارات پہنچ گئی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اسرائیل کا اعلیٰ سطح کا وفد یو اے ای پہنچا۔اسرائیلی شہر تل ابیب سے فلایٹ ایل وائے 971 مسافروں کو لے کر ابوظبی پہنچی۔ی، جہاز میں اسرائیل اور امریکا کا اعلی سطحی وفد موجود ہے جو اماراتی حکام سے تعلقات کی بحالی کے لیے حتمی مذاکرات کرے گا۔پرواز کا دورانیہ تین گھنٹے اور 13 منٹ تھا ،پرواز اگلے روز ہی واپس چلی جائے گی۔گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے اسرائیل کا معاشی بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امارات کی انفرادی شخصیات اور کمپنیوں کو اسرائیلی اداروں کے ساتھ معاہدے کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔

اس کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے دعوی کیا تھا کہ سفارتی تعلقات کیلئے مزید کئی عرب ریاستوں کے ساتھ خفیہ مذاکرات جاری ہیں۔اسرائیلی وفد ابوظہبی میں ہونے والی بات چیت شعبہ ہوابازی، سیاحت، تجارت، صحت، توانائی اور سلامتی سمیت دیگر امور پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے تبادلہ کرے گا اسرائیل نے کہا کہ ستمبر کے وسط تک متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدے پر دستخط کی تقریب واشنگٹن میں ہو گی۔ اس حوالے سے ’دا یروشلم پوسٹ ‘ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی پرواز کو سعودی عرب سے گزرنے کی خصوصی اجازت دے دی گئی ہے۔ تل ابیب سے ابو ظہبی جانے والا اسرائیلی طیارہ تاریخ میں پہلی بار سعودی فضائی حدود سے گرزے گا۔۔رپورٹ کے مطابق جہاز میں سوار امریکی عہدیداروں کی موجودگی کی وجہ سے پرواز کو سعودی عرب کی فضائی حدود سے اڑان کی اجازت دی گئی تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسے کھلم کھلا تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ طیارے پر خصوصی طور پر ’سلام پیس ‘ بھی لکھا گیا ہے۔دوسری جانب ٹائمز آف اسرائیل میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تاحال اس حوالے سے سرکاری سطح پر نہیں بتایا گیا کہ آیا اسرائیلی پرواز سعودی عرب کی فضائی حدود استعمال کرے گی یا نہیں۔اسرائیلی ائیر لائن پائلٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی اس معاملے کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پرواز آج 3 بج کر 5 منٹ پر لینڈ کرے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل 2018ء میں سعودی عرب نے اسرائیل جانے والی ائیر انڈیا کی پرواز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔

وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)  وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی۔تفصیلات کے مطابق یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات 8 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔زرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ہائی سپیڈ ڈیزل 8 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ۔بتایا گیا کہ حکومت 31 اگست کو نئی قیمتوں کا تعین کرے گی۔ تاہم جب یہ تجویز وزیراعظم عمران خان کے آگے رکھی گئی تو انہوں نے مسترد کر دی،وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مشکل حالا ت میں عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا۔ واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ اوگرا کی جانب سے یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے باقاعدہ سمری تیار کی گئی۔

سمری میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے سے زائد اضافے کی سفارش کی گئی ۔ سمری وزارت خزانہ کو بھجوا دی گئی ۔ وزارت خزانہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد قیمتوں میں اضافہ کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے حتمی اعلان کرے گی۔ دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ حکومت نے صارفین کی سہولت کیلئے تیل کی قیمتوں کی پالیسی میں تبدیلیاں کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر 15 دن بعد ردوبدل کیا جائے گا۔ ہر 15 دن بعد قیمتوں میں رد و بدل کیے جانے کی پالیسی کا نفاذ ستمبر کے ماہ سے ہوگا۔ جبکہ آئندہ ماہ سے صرف یورو فائیو سٹینڈرڈ پیٹرول درآمد کیا جائے گا جس کا مقصد معیاری تیل کی فراہمی کے ساتھ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنا ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت گزشتہ 2 ماہ کے دوران پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں پہلے ہی تقریباً 30 روپے تک کا اضافہ کر چکی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جنوبی پنجاب میں 12 سیکرٹریز تعینات کرنے کی منظوری

لاہور ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب میں 12 سیکرٹریز تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب میں 12 سیکرٹریز تعینات کرنے کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیدیا  ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جن 12 سیکرٹریز تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے ان میں سیکرٹری سروسز، سیکرٹری وائلڈ لائف، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری انرجی، سیکرٹری مواصلات اور سیکرٹری اسپورٹس جنوبی پنجاب سمیت دیگر 6 سیکرٹریز شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ تعینات ہونے والے سیکرٹریز جنوبی پنجاب میں بیٹھیں گے اور مکمل اختیارات کے ساتھ افسران فرائض انجام دیں گے جب کہ جنوبی پنجاب میں الگ سیکرٹریز تعینات کرنے سے مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کا سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اعلان

ویب ڈیسک : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں موجودہ بلدیاتی نظام کے خاتمے کے بعدالیکشن کمیشن حرکت میں آگیا، سندھ میں یونین کونسلز،یونین کمیٹیز ،وارڈز کی ازسرنو حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر نگرانی نئی بلدیاتی حلقہ بندیاں ہونگی، نئی حلقہ بندیوں کےبعد سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ہوگا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول بھی  جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 9 سے22ستمبر تک سندھ بھر میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کو مکمل کیاجائےگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق23 ستمبر کو سندھ میں یونین کونسلز،یونین کمیٹیز وارڈز کی ابتدائی حلقہ بندیاں آویزاں کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ حلقہ بندیوں کے بعد الیکشن شیڈول کااعلان کیا جائے گا۔

ق لیگ سے ورکنگ ریلشن شپ پہلے سے زیادہ مضبوط بنائیں گے: عثمان بزدار

لاہور(ویب ڈیسک): وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق کے ساتھ ورکنگ ریلشن شپ پہلے سے بھی زیادہ مضبوط بنائیں گے، اتحادی جماعت کو ہر موقع پر ساتھ لے کر چلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے خصوصی ملاقات کی، جس میں سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے، پرویز الٰہی نے وزیر اعلیٰ کو پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر سے متعلق آگاہ کیا۔

ملاقات میں اسمبلی عمارت کی تعمیر کے لیے فنڈ جاری کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اور 2 ستمبر کو حکومت اور اپوزیشن کے بلائے گئے اسمبلی اجلاس پر مشاورت کی گئی، پرویز الٰہی نے کہا نئی عمارت کی تعمیر جلد مکمل کرانے کے لیے 3 شفٹ میں کام کیا جائے گا، ہم چاہتے ہیں نومبر میں ہونے والا اجلاس نئی عمارت میں ہو۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا عوام کی خدمت کے سفر میں رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے، پرویز الٰہی نے 2 برس میں پنجاب اسمبلی کی کارروائی کو احسن طریقے سے چلایا، سازشیں کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے، ہمارا اتحاد آگے بڑھتا جائے گا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا تنقید برائے تنقید کرنے والوں کو اپنی کارکردگی سے جواب دیں گے، اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

انھوں نے مزید کہا حکومت کی مؤثر پالیسیوں کے تحت کرونا کا پھیلاؤ رکا ہے، جب کہ اپوزیشن نے کرونا سمیت ہر نازک موقع پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی، آج اپوزیشن جماعتیں مایوسی کا شکار ہیں۔