یوکرینی علاقوں کا روس سے الحاق خطرناک اضافہ ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ روس کے یوکرین کے 4 علاقوں کا الحاق 7 ماہ کی جنگ میں خطرناک اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں صحافیوں کو بتایا کہ اس خطرناک اور غیر محفوظ صورتحال میں ان کی بوطر سیکرٹری جنرل ذمہ داریوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان روسی حکومت کے اس اعلان کے فوراً بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین کے ڈونیٹسک ریپبلک، لوہانسک ریپبلک، زاپوریزہیا اور خارسن کے مقبوضہ علاقوں کو ضم کرنے کے معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یوکرین کے ڈونیٹسک، لوہانسک، خیھرسن اور زاپوریزہیا علاقوں کے الحاق کے کسی بھی فیصلے کی کوئی قانونی اہمیت نہیں ہوگی اور اس کی مذمت کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ روس کی طرف سے الحاق سے متعلق پیش رفت کا کوئی بھی فیصلہ امن کے امکانات کو مزید خطرے میں ڈال دے گا اور یہ عالمی معیشت خاص طور پر ترقی پذیر ممالک پر اثرات کو طول دے گا اور یوکرین اور دنیا کے دیگر ممالک کو امداد فراہم کرنے کی ہماری صلاحیت کو روک دے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن کے طور پر روس اقوام متحدہ کے چارٹر کا احترام کرنے کے لیے ایک خاص ذمہ داری عائد ہوتی ہے، روسی اقدام بین الاقوامی قانونی فریم ورک کے ساتھ ہم آہنگ نہیں ہےاور روس ہر اس چیز کی مخالفت کرتا ہے جس کے لیے بین الاقوامی برادری حمایت کرتی ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کے مقاصد اور اصولوں کے منافی ہے جو ایک خطرناک اضافہ ہے اور جدید دنیا میں اس کی کوئی جگہ نہیں ہےجسے قبول نہیں کیا جانا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یوکرین کی خودمختاری، اتحاد، آزادی اور علاقائی سالمیت کے لیے اقوام متحدہ کے واضح عزم کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کے 4مقبوضہ علاقوں نام نہاد ریفرنڈم کو عوامی مرضی کا حقیقی اظہار نہیں کہا جا سکتا اور روس کی جانب سے اس حوالے سے پیش رفت کا کوئی بھی اقدام امن کے امکانات کو مزید خطرے میں ڈال دے گا، ہمیں اس تباہ کن اور احمقانہ جنگ کے خاتمے کے لیے پہلے سے بھی متحد ہو کر کام کرنا ہو گا اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کو برقرار رکھنا ہو گا۔

حیدر علی کی طبیعت خراب، اسپتال منتقل

لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کیخلاف چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد نوجوان بیٹر حیدر علی کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نوجوان بیٹر حیدر علی کو طبیعت کی ناسازی کے باعث اسپتال لے جایا گیا ہے، وہ آج رات اسپتال میں رہیں گے جہاں ان کا مکمل چیک اپ کیا جائے گا۔
آج کے میچ میں حیدر علی نے 14 گیندوں پر 18 رنز بنائے تھے۔
پی سی بی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ اسکواڈ کل ہوٹل میں آرام کرے گا اور کل کرکٹ کے حوالے سے کوئی سرگرمی نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 3-3 سے برابر ہے اور فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔

پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد مریم نواز کی ٹوئٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ پیٹرول کی قیمت 12 روپے 63 پیسے فی لیٹر کم کردی گئی ہے اور نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
ان کا کہنا تھاکہ ڈیزل کی قیمت 12روپے 13 پیسے فی لیٹرکمی کے بعد 235 روپے 30پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10روپے 78پیسےفی لیٹرکمی کی گئی ہے اور اب لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 186 روپے50 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مریم نواز نے بھی ٹوئٹ کرکے اپنا ردعمل دیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم نے کہا کہ ’الحمداللہ بالآخر عوام کو کچھ ریلیف ملا۔‘ انہوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’خوشی کی خبر ہے۔‘

یوکرینی شہروں کے الحاق پر امریکا نے روس پر پابندیاں مزید سخت کردیں

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) صدر پوٹن نے یوکرین کے شہروں کھیرسن، زپوریزہیا، ڈونیٹسک اور لوہانسک اپنا حصہ قرار دیدیا جس پر امریکا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے روس پر پابندیاں مزید سخت کردیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی فوج کے حمایت یافتہ علیحدگی پسند باغیوں نے یوکرین کے 4 شہروں پر قبضہ کرکے اپنی حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا تھا اور حال ہی میں روس نے ان شہروں میں الحاق سے متعلق ریفرنڈم کرایا تھا۔
روسی صدر پوٹن نے ایک سرکاری تقریب میں ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کھیرسن، زپوریزہیا، ڈونیٹسک اور لوہانسک کو روس کا حصہ قرار دیدیا اور یوکرین کے 15 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ یوکرین کے خودمختار علاقوں پر دھونس اور دھمکی سے قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔ روس بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کو پامال کرکے پُر امن قوموں کی توہین کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا کہ اس غیر قانونی اقدام کے جواب میں روس پر مزید تیزی سے سخت پابندیاں عائد کر رہا ہے جب کہ G7 اتحاد بھی کسی ایسے ملک پر بھی پابندیاں عائد کرنے کا حامی ہے جو یوکرائنی علاقوں کے الحاق پر روس کی حمایت کرے گا۔

چھٹا ٹی 20، فِل سالٹ کی جارحانہ اننگز: پاکستان کیخلاف انگلینڈ کی فتح،سیریز 3-3 سے برابر

لاہور: (ویب ڈیسک) 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-3 سے برابر کردی۔
پاکستان کا 170 رنز کا ہدف انگلش بیٹرز نے صرف 14.3 ویں اوورمیں پورا کرلیا، فل سالٹ نے جارحانہ رنز کی اننگز کھیلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں پر 169رنز بنائے، بابر اعظم 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔
قومی کرکٹ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں ،فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی فائنل الیون میں واپسی ہوئی جبکہ وکٹ کیپر محمد حارث نے آج اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا ۔محمد رضوان اور حارث رؤف کو آج آرام دیا گیا ۔
انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا آغاز اتنا اچھا نہ رہا، ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والےمحمد حارث 7 اور نئے آنے والے بیٹر شان مسعود صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو تیسرا نقصان حیدر علی کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 14 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ افتخار احمد 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کےعلاوہ آصف علی 9 اور محمد نواز 12 رنز بناسکے۔
کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور مقررہ اوورز میں 169 تک پہنچایا، بابر 59 گیندوں پر 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی اور سام کُرن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں تیز ترین تین ہزار رنز کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا۔
بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کیریئر کی 81 ویں اننگ میں تین ہزار رنز مکمل کیے۔انہوں نے اننگز کا 52 واں رنز لے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔اس سے قبل کے ویرات کوہلی نے بھی 81 اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کیے تھے۔
پاکستان کے 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے کافی جارحانہ آغاز کیا،لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں چھٹے میچ میں پاکستان کے 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے پہلی پاور پلے میں ایک وکٹ کے نقصان پر 82 رنز بنائے۔
یہ پاکستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی میچ کی پہلی پاور پلے میں سب سے زیادہ بنایا جانے والا اسکور ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ایلس ہلیز27 اور ڈیوڈ ملان 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،
سیریز کے پہلے مرحلے کے چار میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے جس میں سے دو میں پاکستان اور دو میں انگلینڈ نے فتح حاصل کی جبکہ لاہور میں کھیلے گئے پانچویں میچ میں گرین شرٹس نے 6 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔

پیٹرول 12 روپے 63 پیسے سستا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ پیٹرول کی قیمت 12 روپے 63 پیسے فی لیٹر کم کردی گئی ہے اور نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
ان کا کہنا تھاکہ مٹی کے تیل کی قیمت 10 روپے 19 پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 13 پیسے فی لیٹراور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 78 پیسےفی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

ریلویز کا 2 اکتوبر سے مرحلہ وار کراچی تک مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ریلویز کے اجلاس میں 2 اکتوبر سے مرحلہ وارکراچی تک مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا جس میں مرحلہ وار کراچی تک مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھاکہ ریلوے نے فیصلہ مسافروں کی مشکلات کے پیش نظرکیا، پہلے مرحلے میں روہڑی تک بحال کی گئی 2 ٹرینوں کوکراچی تک چلانےکا فیصلہ کیا گیا ہے اور خیبرمیل اور رحمان بابا ایکسپریس 2 اکتوبر سے کراچی تک چلائی جائیں گی۔
سعد رفیق کا کہنا تھاکہ 5 اکتوبر سے قراقرم، کراچی، پاک بزنس ایکسپریس کوبھی بحال کرنےکا فیصلہ کیا گیا جبکہ لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کا اوسط دورانیہ 22 گھنٹے رکھاگیاہےاور تمام ٹرینوں کواضافی کوچز کے ساتھ چلایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ سفری دورانیے کا جائزہ 30 روز کے بعد دوبارہ لیا جائے گااور اسے بتدریج کم کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملک میں بدترین سیلاب کے بعد کراچی تک ریلوے آپریشن روک دیا گیا تھا۔

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: بابر نے ویرات کوہلی کا اہم ریکارڈ برابر کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں تیز ترین تین ہزار رنز کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا۔
بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کیریئر کی 81 ویں اننگ میں تین ہزار رنز مکمل کیے۔انہوں نے اننگز کا 52 واں رنز لے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔
اس سے قبل کے ویرات کوہلی نے بھی 81 اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کیے تھے۔
بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں تین ہزار رنز کرنے والے پانچویں بیٹر ہیں، ان سے قبل کوہلی، روہت شرما، مارٹن گپٹل اور پال اسٹرلنگ بھی تین ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز اسکور کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ بابر نے مختصر ترین وقت میں تین ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز کا سنگ میل عبور کیا۔انہوں نے چھ سال 24 دن میں تین ہزار رنز مکمل کیے جبکہ ویرات کوہلی نے دس سال 275 دن میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
مارٹن گپٹل نے 12 سال، روہت شرما نے 14 سال اور پال اسٹرلنگ نے ڈبیو کے 13 سال بعد یہ سنگ میل عبور کیا۔
بابر اعظم تین ہزار T20I رنز کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

ملکہ برطانیہ کے انتقال کی وجہ سامنے آگئی

لندن: (ویب ڈیسک) 96 سالہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 8 ستمبر کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال میں داخل ہوئیں اور سہ پہر 3 بج کر 10 منٹ پر انتقال کرگئی تھیں تاہم اُس وقت ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی تھی جو اب ڈیتھ سرٹیفیکٹ کے ذریعے منظر عام پر آگئی۔
عالمی خبر ساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں شاہی خاندان کی روایات اور وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکہ برطانیہ کے انتقال کے روز ان کی موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی تھی تاہم 19 ستمبر کو تدفن کے بعد اب ڈیتھ سرٹیفیکٹ جاری کردیا گیا جس میں ساری تفصیلات درج ہیں۔
اسکاٹ لینڈ کے نیشنل ریکارڈز سے جاری ہونے والے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ کے مطابق ملکہ برطانیہ کا انتقال بالمورل کیسل اسٹیٹ میں 3 بج کر 10 منٹ پر ہوا یعنی انتقال کی خبریں آنے سے ساڑے تین گھنٹے پہلے ملکہ برطانیہ جہان فانی سے کوچ کرگئی تھیں۔
ڈیتھ سرٹیفیکٹ میں درج ہے کہ ملکہ برطانیہ کی موت کی رجسٹریشن کے لیے 16 ستمبر کو ان کی اکلوتی بیٹی شہزادی این نے درخواست دی تھی اور وہی اپنی والدہ کے آخری لمحات میں ان کے ساتھ تھیں۔
ملکہ برطانیہ کے ڈیتھ سرٹیفیکٹ میں ان کی موت وجہ بڑھاپے کو قرار دیا گیا اور یہ بھی درج ہے کہ ملکہ برطانیہ مکمل صحت یاب اور کسی بھی بیماری میں مبتلا نہیں تھیں۔

روس کا پناہ کی تلاش میں جانے والے یوکرینی قافلے پر میزائل حملہ؛ 25 افراد ہلاک

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی فوج کے زیر تسلط علاقوں سے محفوظ مقام پر جانے والے یوکرینی عوام کے قافلے پر میزائل حملے میں 25 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے علیحدگی پسندوں کی مدد سے یوکرین کے چار علاقوں کھیرسن، زپوریزہیا، ڈونیٹسک اور لوہانسک پر قبضہ کرلیا تھا اور ان علاقوں کے الحاق کا اعلان کردیا۔
روسی حمایت یافتہ مسلح باغیوں نے ان علاقوں میں اپنی حکومت قائم کرلی ہے جس کے باعث یوکرینی عوام کی بڑی تعداد ان علاقوں سے محفوظ مقام پر منتقل ہورہے ہیں۔
محفوظ شہروں کی جانب منتقلی کے دوران ایک قافلے پر روس نے میزائل حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔
یہ قافلہ بسوں اور کاروں پر مشتمل تھا اور اپنے آبائی علاقے سے محفوظ شہر جا رہا تھا۔ قافلے میں بچے اور خواتین بھی موجود تھے۔

چھٹا ٹی20: بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ، پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 170 رنز کا ہدف

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ کو جیت کیلئے 170 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں پر 169رنز بنائے، بابر اعظم 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
قومی کرکٹ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں ،فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی فائنل الیون میں واپسی ہوئی ہے جبکہ وکٹ کیپر محمد حارث آج اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں۔محمد رضوان اور حارث رؤف کو آج آرام دیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا آغاز اتنا اچھا نہ رہا، ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والےمحمد حارث 7 اور نئے آنے والے بیٹر شان مسعود صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو تیسرا نقصان حیدر علی کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 14 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ افتخار احمد 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کےعلاوہ آصف علی 9 اور محمد نواز 12 رنز بناسکے۔
کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور مقررہ اوورز میں 169 تک پہنچایا، بابر 59 گیندوں پر 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی اور سام کُرن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 2-3 کی برتری حاصل ہے۔
سیریز کے پہلے مرحلے کے چار میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے جس میں سے دو میں پاکستان اور دو میں انگلینڈ نے فتح حاصل کی جبکہ لاہور میں کھیلے گئے پانچویں میچ میں گرین شرٹس نے 6 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔

دیپیکا پڈوکون کی صحتیابی کے بعد کام پر واپسی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی صحتیابی کے بعد کام پر واپسی ہوگئی۔
دیپیکا پڈوکون کو 26 ستمبر کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم گزشتہ روز اداکارہ کو ممبئی ایئر پورٹ پر بالکل ٹھیک ہنستے مسکراتے دیکھا گیا ہے۔
اداکارہ نےایئرپورٹ پر مشہور فوٹو گرافر گروپ پاپرازی کے لیے مسکراتے ہوئے کچھ پوز بھی دیے۔
دیپیکا پڈوکون کی ممبئی ایئر پورٹ سے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
اُنہیں ان تصاویر اور ویڈیوز میں سیاہ رنگ کی ہائی نیک کے اوپر سے دھاری دار سویٹر اور نیلے رنگ کے ڈینم میں دیکھا جاسکتا ہے۔