کراچی میں بھارت جیسی صورتحال ہوئی تو وزیراعظم ذمہ دار ہوں گے : بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں بھارت جیسی صورتحال ہوئی تو وزیراعظم اور ان کے وزرا ذمہ دار ہوں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کورونا سمیت عوام کی صحت اور زندگی پر بھی سیاست کرنا چاہتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 30 فیصد سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ کی شرح بہت زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں سندھ کی مدد کرنے کے بجائے ہمارا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ وفاقی حکومت کو پتہ تھا کہ کورونا کیسز میں اضافہ کے باعث سندھ حکومت کو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر حکومت پر آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے انتخابات میں وفاقی وزیر نے پیسے بانٹے، ماضی میں کبھی کشمیر کی تاریخ میں بھی اس طرح کی دھاندلی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی حکومت میرے جیالوں کو پکڑے یہ برداشت نہیں کریں گے، نہ ماضی میں پیپلزپارٹی نے سیاسی انتقام برداشت کیا نہ آج کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آزاد کشمیر میں علما کی نشست کے لیے سابق طالبان نمائندے کو نامزد کیا، اس فیصلے سے دنیا میں بہت غلط تاثر جائے گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کے اس فیصلے کی مذمت کرتی ہے۔

سندھ میں لاک ڈاؤن کے فیصلے میں وفاق کو اعتماد میں نہیں لیا گیا،گورنر سندھ

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صوبے میں ایس او پیز پر عمل نہ ہونا وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کی ناکامی قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ بندش کے فیصلے میں سندھ حکومت نے وفاق کو  آن بورڈ نہیں لیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ صوبہ اکیلے فیصلہ نہیں کرسکتا، ہم مکمل کرفیو کی طرح کے لاک ڈاؤن کے خلاف ہیں۔

 عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ ایڈمنسٹریٹر ہیں ، انہیں جیسی مدد چاہیے ہم حاضر ہیں،  آپ بلاکر بات کریں ہم پر بھروسہ کریں ہم ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک مہذب قوم ہیں، آپ ایسے کیسے فوری مارکیٹیں بندکرسکتے ہیں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بھارتی ویرینٹ ہیں اسے ڈیلٹا ڈیلٹا کہا جارہا ہے۔

اوگرا نے اگست کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا

اوگرا نے اگست کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے فی کلو گرام اضافہ ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 112 روپے 50 پیسے مہنگا ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ جولائی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1889 روپے 57 پیسے کا تھا۔

کورونا: سندھ میں 8 اگست تک لاک ڈاؤن، کاروبار، ٹرانسپورٹ، سرکاری دفاتر بند، امتحانات ملتوی، ڈبل سواری پر پابندی، میڈیکل اور کریانہ سٹور، تندور، سٹاک ایکسچینج، بینک کھلے رہیں گے

31اگست کے بعد بغیر ویکسین تنخواہ بند،ریسٹورنٹس پرصرف ہوم ڈلیوری کی اجازت،وبا نہ رکی تو 5دن میں ہسپتالوں کی گنجائش ختم، صرف چند شعبے بند کررہے ہیں :مراد شاہ، کابینہ اجلاس ملتوی ، مزید 86اموات،4537نئے مریض، مثبت کیسز کی شرح 7.79فیصد،سکردو36.47،کراچی میں 25فیصد،ڈیلٹا وائرس سے 4ماہ تا8سال کے بچے بھی متاثر، لاہور میں نئی قسم کی تشخیص

کراچی ، لاہور، اسلام آباد (سٹی رپورٹر، خصوصی نامہ نگار،نیوز رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ،اپنے سیاسی رپورٹر سے ،ایجوکیشن رپورٹر)ملک میں کورونا کے وار تیز ،مزید 86افراد دم توڑ گئے جبکہ 4537نئے مریض سامنے آگئے ، سندھ حکومت نے آج سے لاک ڈائون کا فیصلہ کرتے ہوئے 8اگست تک سرکاری دفاتر ، مارکیٹیں ، پبلک ٹرانسپورٹ بند ،امتحانات ملتوی کردئیے ، ڈبل سواری پر پابندی لگادی گئی،سٹاک ایکسچینج ،بینک، تندور،پٹرول پمپ ، کریانہ اور میڈیکل سٹور کھلے رہیں گے ،پنجاب حکومت نے راولپنڈی کے 7علاقوں میں 6اگست تک سمارٹ لاک ڈائون لگادیا، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ٹاسک فورس کے اجلاس میں سندھ میں لاک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں اپوزیشن کے ارکان اور کاروباری شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا، وزیراعلیٰ نے کہا سب کواعتماد میں لینا چاہتا ہوں، بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا ٹاسک فورس نے مشکل مگر سودمند فیصلے کیے ، گزشتہ سال مکمل لاک ڈائون کا فائدہ ہواتھا،ٹاسک فورس فیصلوں کی وجہ سے نقصان کم ہوا،تیسری لہر میں یہاں صورتحال بہتر تھی مگر شمالی علاقہ جات اورلاہور میں نقصان ہوا تھا، لاہور میں کرفیو جیسے اقدامات کیے گئے ،تب کسی نے آواز نہیں اٹھائی، انہوں نے کہا اب ڈیلٹا ویرینٹ 100فیصد تک ہوگیا ہے ، وائرس کے پھیلائو کو نہ روکا گیا تو اگلے پانچ روز میں ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہوجائے گی،مکمل لاک ڈاؤن نہیں کر رہے ، مخصوص شعبے بند کررہے ہیں، اسدعمر اور فیصل سلطان سے بات کی اور انہیں فیصلوں پر اعتماد میں لیا ہے کہ لاک ڈائون کو کامیاب کرنے میں ہماری مدد کریں، 9اگست کو ہم پابندیاں ہٹانے کی پوزیشن میں ہونگے ، اگر شہریوں نے مدد کی تو بہتر نتائج آئیں گے ،لاک ڈائون کے دوران ویکسی نیشن جاری رہے گی، صرف ویکسی نیشن کیلئے چھوٹی ٹرانسپورٹ کھلے گی،ریٹیل کاروبار بند رکھناہو گا،سندھ کابینہ کا منگل کے روز ہونے والا اجلاس ملتوی کررہے ہیں، سندھ اسمبلی کا اجلاس مکمل آن لائن کرنے کیلئے بات چیت کررہے ہیں،ہمیں تھوڑی بہت قربانی دینی ہوگی،ہم نے فیصلے ڈاکٹرز کے مشورے پر کیے ،طبی ماہرین نے کہاکہ اگر بروقت فیصلے نہ کیے تو آخرمیں فرنٹ لائن کو نقصان ہوگا۔سندھ حکومت کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندیوں کا اطلاق آج سے 8اگست تک ہوگا،سرکاری ،نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اورکوچنگ سینٹرز بند رہیں گے ، ڈبل سواری پر پابندی ہوگی،مچھلی ، گوشت ،سبزی، دودھ، کریانہ سٹورزصبح 6سے شام 6 بجے تک کھلیں گے ، بیکری ،تنور ، فروٹ کے ٹھیلے ، ہسپتال، لیبارٹریز ، میڈیکل سٹورز اورپٹرول پمپس کھلے رہیں گے ، بجلی،گیس فراہم کرنے والے ادارے ،واٹر سپلائی اور موبائل کمپنیوں کو کم سٹاف کیساتھ خدمات فراہم کرنے کی اجازت ہوگی ، سٹاک ایکسچینج اوربینکس محدود سٹاف کے ساتھ کام کر سکیں گے ،فلاحی ادارے ، میڈیا پرسن، ہاکرز خدمات جاری رکھیں گے ،نماز جنازہ کیلئے کم سے کم افراد شریک ہونگے ،متعلقہ ایس ایچ او سے اجازت لینا لازمی ہوگی ، سڑکوں پر شہریوں کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک ہوں گے ، 31 اگست کے بعد ویکسین نہ لگوانے والوں کو تنخواہ نہیں ملے گی،ریسٹورنٹس میں صرف ہوم ڈلیوری ہوگی ،عملے کیلئے ویکسین لازمی ہے ، بین الصوبائی، انٹرسٹی اور انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ بند ہوگی،سماجی، مذہبی ، سیاسی اجتماعات پر پابندی ہوگی،کھیلوں کی سرگرمیاں معطل رہیں گی، غیر ضروری گھر سے نکلنے پر پابندی ہوگی،کار میں دو سے زائد افراد سفر نہیں کرسکیں گے ،تمام یونیورسٹیز کو 8 اگست تک بند کردیا گیا ،امتحانات بھی 8 اگست تک ملتوی کردئیے گئے ،صرف قانون نافذ کرنے والے ،صحت اورضروری سروسز فراہم کرنے والے ادارے کھلیں گے ،55سال سے زائد عمر کے ملازمین کے دفاتر آنے پرپابندی ہوگی، عبادت کے مقامات میں مختصر نمازیوں کے ساتھ نمازی لائے جائیں جس میں سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے ، اسی ٹرانسپورٹ کو روڈ پر چلنے کی اجازت دی جائے گی جس کی کلیئرنس متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز دیں گے ،مسافر سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے سفر کریں گے ، برآمدی صنعتوں کو کھلا رکھا جائے گا۔ادھر وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا،اجلاس کے بعد ٹویٹ میں کہا گیا کہ فورم نے کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلا ئوکا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور اس وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلا ئو کے رجحان سے نمٹنے کیلئے حکومت سندھ کی ہر ممکن مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وفاقی حکومت سندھ حکومت کیلئے امدادی اقدامات کر رہی ہے جس میں آکسیجن کی سہولیات والے بستر ، وینٹی لیٹرز کے علاوہ آکسیجن کی دستیابی،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی سمیت ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر کے نفاذ کے لئے مصروف عمل ہے ،سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہا ب نے کہا این سی اوسی کوبائی پاس کرنے والی بات درست نہیں، لاک ڈاؤن کے فیصلے کواین سی اوسی کے ساتھ شیئرکیاگیا،رمضان کے دوران لاہورمیں سخت لاک ڈاؤن کیاگیاتھا، ہم نے اس وقت کوئی اعتراض نہیں کیاتھا، زمینی حقائق سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیاہے ، ادھر آزاد کشمیر حکومت نے سیاحوں کو آزادکشمیر داخلے کی مشروط اجازت دیدی، صرف کوروناویکسین سرٹیفکیٹ کے حامل 18 تا 60 سال کے افراد آزادکشمیر میں داخل ہوسکتے ہیں ،پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں مثبت کیسز کی شرح 12فیصد تک پہنچنے پر 7علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کے احکامات جاری کردئیے ،6اگست تک پابندیاں نافذ رہیں گی،محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے بھی 2اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،اساتذہ کیلئے ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے ۔قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی مزید ایک ہفتہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کل یکم اگست سے کورونا ویکسین کے بغیر اندرون ملک سفر پر پابندی کانوٹیفکیشن جاری کردیا،ادھر این سی او سی کے مطابق ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 10لاکھ 24ہزار 861ہوگئی، جن میں 9لاکھ 38ہزار 843صحت یاب ہوگئے ، 23ہزار 295اموات ہوئیں، 3ہزار 117مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ، گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.79 فیصد ،سکردو 36.47فیصد،کراچی میں 25فیصد رہی،کراچی میں ڈیلٹا وائرس سے چار ماہ کے بچے سمیت 8 سال تک کے بچے بھی شکار بن گئے ،لاہور میں 9 ، پنجاب میں 24اموت ہوئیں،شہر میں کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا کے بعد نئی قسم کیلیفورنیا ایپسیلون وائرس کے 5کیسز کی تشخیص ہوئی ہے ، لاہور میں پنجاب بھر سے مشتبہ 23نمونے بھیجے گئے تھے ، گزشتہ روز ایک دن میں کورونا ویکسی نیشن کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،24گھنٹے میں ریکارڈ 8 لاکھ 67226 افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔

عراق میں جنازے کے اجتماع پر فائرنگ سے 13 افراد جاں بحق اور 50 زخمی

بغداد: عراق میں جنازے کے ایک اجتماع پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے شمالی شہر یثرب میں جنازے کے ایک اجتماع پر جدید اور خودکار اسلحے سے لیس جنگجوؤں نے دھاوا بول دیا۔ حملے میں 13 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔

عراق فوج کی جانب سے جاری بیان میں حملے کی ذمہ داری داعش پر عائد کی گئی ہے تاہم حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اور جنازے کا اجتماع کس کا تھا کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

ادھر امریکی اتحادی افواج اور عراقی فوج کے ساتھ برسوں کی جھڑپ کے بعد ملک کے کچھ ہی حصے میں سمٹ جانے والی شدت پسند تنظیم داعش کی جانب  سے اس جنازے کے اجتماع پر حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ ہی عید الاضحیٰ کی رات بغداد کی ایک پُررونق اور پُرہجوم مارکیٹ میں خودکش حملے میں 30 افراد اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس پر عراقی فوج کا کہنا تھا کہ داعش جنگجو خفیہ ٹھکانوں سے نکل کر عوامی مقامات پر حملے کر رہے ہیں۔

متھیرا کا وزیر اعظم سے جنسی زیادتی کیسز میں خواتین کو انصاف دلانے کا مطالبہ

 اداکارہ و ماڈل متھیرا نے ملک میں بڑھتے جنسی زیادتی کیسز کے پیشِ نظر وزیراعظم عمران خان سے متاثرہ خواتین کو جلد از جلد انصاف دلوانے کا مطالبہ کر دیا۔

اُنہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ براہِ کرم! ہم سبھی خواتین کیلئے انصاف چاہتے ہیں۔

 اداکارہ و ماڈل متھیرا نے مزید لکھا کہ بالخصوص ان خواتین کو انصاف دلایا جائے تو دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہتی ہیں، ہمیں انصاف دیا جائے کیونکہ ہم اب کوئی اور ہیش ٹیگ نہیں چاہتے۔

حکومت کی بجلی کے نرخوں میں اضافہ روکنے کیلئے مہنگی ایل این جی خریدنے کی وضاحت

حکومت نے اسپاٹ مارکیٹ سے مہنگی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی خریداری کو ‘نسبتاً کم بُرا فیصلہ’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی بین الاقوامی اشیا کی مارکیٹ کے بارے میں پیشگوئی کرکے اسے شکست نہیں دے سکتا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) بورڈ ستمبر 2021 کے لیے 4 ایل این جی ‘اسپاٹ’ ٹینڈر 15 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو پر قبول کرنے پر مجبور ہوا، دوسری صورت میں متبادل ایندھن (یعنی فرنس آئل) جو کہ اس سے بھی زیادہ مہنگا ہے، اس سے ستمبر میں بجلی کی قیمتوں میں کم از کم 20 فیصد تک اضافہ ہوتا۔

ستمبر میں پی ایل ایل کی جانب سے قبول کردہ 4 اسپاٹ ایل این جی کی ترسیل کے لیے بولیاں 15.2 سے 15.5 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کے درمیان تھیں جو کہ 2015 میں ایل این جی کی درآمد کے آغاز کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ستمبر اور اکتوبر کے لیے تقریباً 8 بولیاں منسوخ کر دی گئیں جن میں قطر سے 13.79 سے 13.99 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو شامل تھیں جبکہ دیگر بولیاں 16 ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔

15.5 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی ایکس شپ کے لیے تھی، اختتامی ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک پر فروخت کی قیمت 20 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سے زیادہ ہوگی۔

پیٹرولیم ڈویژن نے زائد قیمتوں کے حق میں جواز پیش کیا کہ حال ہی میں ’اسپاٹ‘ ایل این جی کی قیمت 15 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سے زیادہ ہو چکی ہے جس کی متعدد وجوہات ہیں، جن میں پاپوا نیو گنی میں ایکسون کی پیداوار میں تخفیف اور طلب سے متعلقہ عوامل مثلاً چین اور جاپان میں گرم موسم کی وجہ سے طلب میں اضافہ ہے۔

ڈویژن نے وضاحت دی کہ پاکستان کی ماہانہ ایل این جی کی تقریباً ایک تہائی خریداری ’اسپاٹ‘ کی بنیاد پر ہوتی ہے اور بقیہ دو تہائی طویل مدتی معاہدے کی بنیاد پر ہوتی ہے جو کہ بنیادی طور پر ایل این جی درآمد کرنے والے ممالک کی عالمی اوسط کے مطابق ہوتی ہے۔

وزارت نے دعویٰ کیا کہ آر ایل این جی کی قلت کی وجہ سے حکومت گرمیوں میں بجلی کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے ڈیزل جلانے پر مجبور ہوئی اور اس کے نتیجے میں ستمبر میں بجلی کی لاگت تقربیاً 50 فیصد زیادہ رہی۔

پیٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ ’یہ ان دو برائیوں میں سے کم ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر سسٹم میں وافر مقدار میں آر ایل این جی نہ ہوتی تو صنعتی شعبے کے لیے جبری گیس لوڈشیڈنگ کی ’موزوں وقت پر قیمت‘ کا بھی حساب دینا پڑتا۔

وزارت پیٹرولیم کے مطابق خام تیل کی قیمتیں فی بیرل 75 ڈالر ہیں جبکہ درآمد شدہ کوئلے کی قیمت میں بھی رواں برس جنوری سے تقریباً 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوا کہ بین الاقوامی سطح پر طلب اور محدود سپلائی عوامل کی وجہ سے زیادہ تر توانائی سے متعلقہ اشیا کی قیمتیں بڑھی ہیں کیونکہ معیشتیں کووڈ 19 کے بعد کھلتی ہیں۔

وزارت توانائی نے کہا کہ کوئی بھی بین الاقوامی اشیا کی مارکیٹ کے بارے میں پیشگوئی کرکے اسے شکست نہیں دے سکتا اور اسپاٹ خریداری کے وقت (یعنی پہلے یا بعد میں) اور اصل کے درمیان کوئی ثبوت پر مبنی ارتباط نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی قیمت طلب و رسد کے عوامل کی وجہ سے وقتاً فوقتاً مختلف (اوپر اور نیچے) ہوتی ہے۔

وزارت نے کہا کہ پاکستان 100 فیصد طویل مدتی معاہدے کی خریداری کا انتخاب کر سکتا ہے۔

علاوہ ازیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کہا کہ پائپ لائن کی تعمیر اور آپریشن کے لائسنس جاری کر کے ایک آخری سنگ میل حاصل کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اینرگاس ٹرمینل (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور تعبیر انرجی (پرائیویٹ) کو ایل این جی سپلائی چین کے لیے لائسنس جاری کیے گئے۔

نیشنل انڈر 17 اسنوکر چیمپئین شپ لاہور میں شروع ہوگئی

نیشنل انڈر 17 اسنوکر چیمپئین شپ لاہور میں شروع ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس بی کوچنگ سنٹر میں ہونے والی چیمپئین شپ میں ملک بھر سے 16 کیوئسٹ شریک ہیں، نیشنل انڈر 17 اسنوکر چیمپئین شپ کا فائنل 3 اگست کو کھیلا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ 13ویں نیشنل انڈر 21 اسنوکر چیمپئین شپ 6 اگست سے شروع ہو گی 18 کیوئسٹ شامل ہونگے، انڈر 21 اسنوکر چیمپئین شپ کا فائنل 10 اگست کو کھیلا جائے گا۔

زرائع نے مزید بتایا ہے کہ دونوں ایونٹس کی ایک ساتھ اختتامی تقریب 10 اگست کو ہو گی۔

بھارت کی انتہا پسند حکومت کے اقدامات سے کورونا پھر پھیلنے لگا: فواد چودھری

فواد چودھری نے کہا ہے کہ دنیا کچھ عرصہ پہلے مہلک وائرس کو شکست دینے کے قریب تھی، بھارت کی انتہا پسند حکومت کے اقدامات سے کورونا پھر پھیلنے لگا۔

وفاقی وزیر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب بنی نوع انسان کورونا وائرس کو شکست دینے کے قریب تھا، بھارت کی شدت پسند حکومت کے اقدامات ایک بار پھر ہمیں بیچ منجدھار لے آئے ہیں، ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے خلاف مودی حکومت کے ناکافی اقدامات کے باعث انسان دوبارہ وائرس کے رحم و کرم پر ہے۔

ادھر سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے نفاذ پر ردعمل میں فواد چودھری نے کہا کہ مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی واضح ہے، سپریم کورٹ بھی قرار دے چکی ہے کہ صوبے اس ضمن میں انفرادی فیصلہ نہیں کر سکتے، کووڈ پالیسی وفاق اور این سی او سی جاری کرتے ہیں، صوبے اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں، اگر سندھ نے ایس او پیز پر عمل کیا ہوتا تو آج کراچی میں صورتحال سنگین نہ ہوتی۔

مقبوضہ کشمیر میں مظالم بد تر ین لاک ڈاؤن 16،ارکان یورپی پارلمنٹ کا اظہار تشویش

 یورپین پارلیمنٹ کے 16ارکان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پراظہار تشویش کیا ہے۔

یورپین پارلیمنٹ کے 16ارکان نے یورپی کمیشن کی صدرارسلا وان ڈرلین اورنائب صدر جوزف بوریل کو خط لکھ کر انکی توجہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال کی طرف دلائی ہے، جسے ہیومن رائٹس واچ ورلڈرپورٹ2021ء اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے ہیومن رائٹس کی2018ء -2019ء کی رپورٹ کاحصہ بنایاگیا ہے۔

2019ء میں بھارتی زیرتسلط وادی کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے لاک ڈاؤن کا شکار ہے،جس کے تحت نقل وحرکت، معلومات تک رَسائی، صحت، تعلیم اور آزادی اظہار پر پابندی ہے،جس کی شدت میں کووڈ 19کی وباسے اضافہ ہوا ہے۔

کشمیریوں کی حمایت میں آواز اٹھانے اورصورتحال کی مذمت کرنے پرصحافیوں اور انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں کونشانہ بنایا جاتاہے۔ لوگوں کو عقوبت خانوں میں ڈالا جاتا ہے،عوامی اجتماع پر پابندی ہے، نوجوانوں اورارکان اسمبلی سمیت سیکڑوں لوگ زیر حراست ہیں۔

بدقسمتی سے گزشتہ برسوں میں بھارتی حکومتیں دہشت گردی اور علیحدگی روکنے کیلئے قوانین کا کشمیریوں کیخلاف غلط استعمال کرتی رہی ہیں۔ انسانی بحران کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر سے جنوبی ایشیاء کے امن، استحکام اور سکیورٹی کوشدید خطرہ لاحق ہے،اس کے باعث دو ایٹمی ملکوں کے درمیان آگ بھڑکنے کا خدشہ ہے،ہم فکرمند ہیں کہ کسی بھی غلط اندازے کے خطرناک نتائج لاحق ہوسکتے ہیں۔

وہاں نازک سکیورٹی صورتحال مزیدبدتر ہوئی ہے کیونکہ مقامی آبادی مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اور متضاد ہندوستانی شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کر رہی ہے،جس سے وادی میں بدامنی کی صورتحال پیدا ہو چکی،جس کے نتیجے میں بھارتی اور پاک افواج کے مابین تناؤ بڑھا ہے۔

خط میں مزید کہاگیا ہے کہ جناب صدر صاحب،عالمی انسانی حقوق کے چیمپئن کی حیثیت سے یورپی یونین کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز اْٹھانا ہو گی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یورپی یونین کو عالمی برادری کے ذریعے کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے ساز گار ماحول پیدا جبکہ پاکستانی اوربھارتی شراکت داروں کے ساتھ ہرممکن تعاون کیلئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانا ہو گا۔

خط میں کہاگیاکہ یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کی حیثیت سے ہم بھارت اور پاکستان کی پارلیمنٹس کے ساتھ ساتھ کشمیری رہنماؤں کے ساتھ اپنی کاوشیں جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کر تے ہیں تاکہ خطے میں امن و امان اور بات چیت کے ماحول کو فروغ دیا جاسکے۔ یہ انتہائی اہم ہے کہ کشمیریوں کی آوازیں سنی جائیں، ان کی خواہشات پرعمل کرتے ہوئے انھیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آپ پرصدر اور نائب صدر ہونے کی حیثیت سے ہم یورپی یونین کی طرف سے زور دیتے ہیں کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق اور بنیادی آزادی کی خلاف ورزیوں پر ہماری شدید تشویش بھارتی حکومت کو پہنچائی جائے، بدترین صورتحال کے خاتمے کیلئے فوری کارروائی کی جائے،خطے کے استحکام،کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلے کے پرامن حل ، پاکستان، بھارت اور کشمیریوں نمائندوں کے درمیان مکالمے کیلئے اپنے تعلقات کواستعمال کیا جائے۔

بھارت سے پانی کے معاملات پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں، انڈس واٹر کمشنر

انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے کہا ہے کہ بھارت سے پانی کے معاملات پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں۔

 سید مہر علی شاہکا کہنا تھاکہ دونوں ملکوں کے درمیان برف پگھل گئی ہے اور اب بھارت سے پانی کے معاملات پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی انڈس حکام اب سندھ طاس معاہدے کے تحت چل رہے ہیں اور  بھارت پاکستان کے ساتھ پانی کے معاملات پر بات چیت کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارتی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

دشمنوں کو افغان امن عمل سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی:  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن ہماری دلی خواہش ہے۔ دشمنوں کو امن عمل متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات افغان میڈیا کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن دشمنوں کی نشاندہی کرکے انھیں شکست دے۔ پاک افغان یوتھ فورم سے باہمی رابطوں کو فروغ ملے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے نوجوان خطے کا مستقبل ہیں۔ افغانستان میں پائیدار امن سے خطے میں ترقی ہوگی۔ پاک افغان بارڈر سیکورٹی دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔

افغان صحافیوں نے تبادلہ خیال کا موقع دینے پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ افغان عوام کے لیے پاکستان کی مخلصی اور کاوشوں پر شکر گزار ہیں۔ پاکستان کا افغان مہاجرین کی میزبانی اور امن عمل میں کردار قابل قدر ہے۔