پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق مودی کا بیان مسترد کردیا

پاکستان کی جانب سے  پلوامہ حملے سے متعلق نریندر مودی کا بیان مستردکردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پلوامہ حملے سے متعلق نریندر مودی کا بیان مسترد کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ مودی نے وفاقی وزیر کے قومی اسمبلی میں تاثرات کا غلط حوالہ دیا ہے جبکہ وفاقی وزیر،مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت پرردعمل کا حوالہ دے رہے تھے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت کا وطیرہ ہے کہ وہ اپنی ناکامیوں کا الزام پاکستان پر لگاتی ہے اور بی جے پی ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے کا سب سے زیادہ فائدہ بی جے پی حکومت کو ہوا ہے ۔

پلوامہ حملے کے بعد پاکستان مخالف مہم سے بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات میں واضح اکثریت ملی بھارت آج تک پلوامہ حملے میں پاکستان کے مبینہ ملوث ہونے کا کوئی بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔

جم خانہ بند، سرکلر جاری

ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے حوالے سے کراچی جم خانہ کی جانب سے ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی بڑھتی صورتحال کے پیشش نظر جم خانہ کی انتظامیہ کی جانب سے جم خانہ بند کرنے کا فیصلہکیا گیا ہے جس کے لئے سرکلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔

کراچی جم خانہ کورونا کے بڑھتے کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے جم خانہ کو بند کردیا تاہم کراچی جم خانہ تاحکم ثانی بند رہے گا۔

’جیمز بانڈ‘ سیریز کے پہلے جاسوس چل بسے

ہولی وڈ کی شہرہ آفاق جاسوس فلم سیریز جیمز بانڈ کی پہلی فلم میں جاسوس ایجنٹ کا کردار نبھانے والے برطانوی نژاد اداکار شان کانری 90 سال کی عمر میں چل بسے۔

شان کانری نے جنگ عظیم دوئم کے فوری بعد اداکاری کا آغاز کیا تھا، جنگ عظیم دوئم کے دوران انہوں نے نیوی میں خدمات دی تھیں۔

محض 20 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کرنے والے شان کانری نے اگرچہ 1954 میں ہی اداکاری کی شروعات کی تھی، تاہم انہیں شہرت 1962 میں ریلیز ہونے والی پہلی ’جیمز بانڈ‘ سے ملی۔

شان کانری نے ’جیمز بانڈ‘ سیریز کی پہلی فلم میں برطانوی خفیہ ادارے ایم آئی سکس کے ایجنٹ ’جیمز بانڈ‘ کا کردار ادا کیا تھا۔

’جیمز بانڈ‘ سیریز کی پہلی فلم کا نام ’ڈاکٹر نو‘ تھا، مذکورہ فلم کی شاندار کامیابی کے بعد شان کانری نے ’جیمز بانڈ‘ سیریز کی مزید 6 فلموں میں کام کیا اور وہ مذکورہ سیریز کی ابتدائی 5 فلموں کے مرکزی ہیرو رہے۔

ایوارڈز دیے جانے کے معیار پر سوال اٹھانے والے پاکستانی فنکار

کراچی: شوبز انڈسٹری میں بہترین کام کرنے پرفنکاروں کی خدمات کو سراہنے اور ان کی حوصلہ افزائی  کرنےکے لیے انہیں ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے۔ فنکاروں کی شوبز میں خدمات کے صلے میں ایوارڈز سے نوازنے کا سلسلہ دنیا بھر میں رائج ہے اور ہر سال فنکاروں کو ایوارڈز دینے کے لیے ایوارڈز شوز منعقد کیے جاتے ہیں۔ لیکن کیا واقعی ایوارڈز فنکاروں کو منصفانہ طریقے سے دئیے جاتے ہیں۔

دنیا بھر میں کئی بڑے فنکار ایوارڈز شوز کے معیار پر نہ صرف سوال اٹھاتے ہیں بلکہ کئی فنکاروں کا ماننا ہے کہ ایوارڈز قابلیت پر نہیں بلکہ پسندیدگی پر دئیے جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کئی بڑے اداکار ایوارڈ شوز کی تقریب میں بھی شرکت نہیں کرتے۔ ان میں بالی ووڈ کے صف اول کے اداکار اکشے کمار اور عامر خان شامل ہیں۔ جب کہ پاکستان میں بھی کئی فنکار ایوارڈ شوز کی تقریب کو ایک شوپیس سمجھتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ یہ تقاریب مستند نہیں ہوتیں اور یہاں صرف اپنے اپنوں کو ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے۔

ترکی میں ہولناک زلزلے کے بعد 100 سے زائد آفٹر شاکس، ہلاکتیں 25 ہوگئیں

ازمیر: ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں ہولناک زلزلے کے بعد سے 100 سے زائد آفٹر شاکس آئے ہیں جب کہ 20 سے زیادہ عمارتیں گرنے کی وجہ سے ملبے تلے دب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے جب کہ 800 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ترکی کے ساحلی شہر ازمیر اور یونان کے جزیرے ساموس میں 7.0 شدت کے زلزلے نے صرف ازمیر میں چار مقامات پر 20 عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا تھا اور کئی عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہوگئی تھیں۔

ترکی میں عمارتوں کے ملبے سے 140 افراد کو زندہ نکالا گیا جب کہ 800 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہےبجہاں 25 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب یونان کے جزیرے جاموس میں بھی ایک عمارت کے گرنے کی وجہ سے ایک لڑکی اپنی ماں سمیت ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئی جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں تاہم یونان میں ترکی کے مقابلے میں جانی و مالی نقصان کم ہوا ہے۔

ادھر ترکی میں ہلاکت خیز زلزلے کے بعد 100 سے زائد آفٹر شاکس محسوس کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ انتظامیہ نے کسی بھی نقصان کے پیش نظر پہلے ہی متاثرہ علاقوں کی عمارتوں کو خالی کرالیا تھا۔

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں بڑی کارروائی، انتہائی مطلوب دہشتگرد مارا گیا

کیچ: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنادی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر بلوچستان کے ضلع کیچ کے علا قے بلیدہ میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کی، اس دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جب کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولا بارود بھی برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوا جب کہ آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد وں کا سرغنہ مارا گیا، ہلاک دہشت گرد شہریوں کے قتل اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔

حکومت کا اپوزیشن کے جلسوں کا جواب عوامی سطح پر دینے کا فیصلہ

حکومت  نے  اپوزیشن کے جلسوں کا جواب عوامی سطح پر دینے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق  وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کے جلسوں کا جواب جلسوں سے دینے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنا پہلا جلسہ سات نومبر کو کرے گی۔  حافظ آباد میں ہونے والے جلسے میں وزیر اعظم عمران خان خود شریک ہوں گے ۔ پارٹی نے جلسے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

وزیر اعظم جلسہ کے دوران حافظ آباد میں یونیورسٹی آف حافظ آباد کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے جبکہ حافظ آباد اسپتال کا اعلان بھی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے وزیر اعظم کو اپوزیشن  کے  جلسوں کا جواب جلسوں سے دینے کی تجویز پیش  کی  تھی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش

اوگرا نے يکم نومبر سے پيٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر تک کمی کی سفارش کر دی۔

اوگرا کی جانب سے سمری میں پيٹرول ایک روپیہ 50 پیسے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز کی گئی۔ اوگرا کے مطابق پيٹرولیم لیوی کی شرح بڑھا کر قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں ميں کمی کی سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ہی نئی قیمتوں کا اعلان ہوگا۔

وزارت خزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اعلان آج کرے گی۔ نئی قیمتوں کا تعین 15 روز کے لیے کیا جائے گا۔

دو ہفتے قبل حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اوگرا نے وزارت پیٹرولیم کو مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر اضافے کی سمری ارسال کی تھی

مریم نواز کا کل سے ’’شیر جوان‘‘ تحریک کا آغاز کرنے کا اعلان

 

کل آپ کے بڑے قائداعظم کی تحریک آزادی کا ہراول دستہ تھے، آج آپ کو قائداعظم کے اصولوں، آئین کی بالادستی اور ووٹ کو عزت دو کیلئے میدان میں آنا ہے، شیر جوان، ملک کی آن، قوم کی شان ہے۔ نائب صدر ن لیگ کا پیغام

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کل سے ’’شیر جوان‘‘ تحریک کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ کل آپ کے بڑے قائداعظم کی تحریک آزادی کا ہراول دستہ تھے، آج آپ کو قائداعظم کے اصولوں، آئین کی بالادستی اور ووٹ کو عزت دو کیلئے میدان میں آنا ہے، شیر جوان، ملک کی آن، قوم کی شان ہے۔انہوں نے مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کل انشاءاللہ ’’شیر جوان‘‘ تحریک کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ آپ کی تحریک ہے۔ آپ جو قوم کا بازو، قوم کی آواز، قوم کی تقدیر اور قوم کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل آپ کے بڑے قائداعظم کی قیادت میں تحریک آزادی کا ہراول دستہ تھے۔ 

 مریم نواز نے کہا کہ آج آپ نے قائداعظم کے اصولوں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور ووٹ کو عزت دو کے لئے میدان میں آنا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اٹھیے اپنی اور ملک کی تقدیر بدلنے کے لئے اس تحریک کا حصہ بنیے۔ اپنے فیصلے اپنے ہاتھوں میں لیجئے۔ شیر جوان، ملکی کی آن، قوم کی شان۔ 

 دوسری جانب معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بے شرمی کی انتہاؤں کو چھوتی ن لیگ نے کل ملک دشمنی کی نئی تاریخ رقم کی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ درباری میاں مفرور کے ریاست مخالف بیانیے کی ترویج میں مصروف ہیں، ن لیگ پوری قوم سے معافی مانگے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ذریعے ہندوستان کا بیانیہ پھیلانے کی بھونڈی کوشش کی جا رہی ہے، عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلنے والوں کا انجام برا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کے بیان کو متنازع بنا کر پھر بھارت کو خوش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، (ن ) لیگ ملک پر بدنما داغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں مفرور کے پاگل پن کیلئے ملک کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دیں گے، آپ ہندوستان کی سلیکٹ کردہ ہیں، اس لیے آپ عوام کو قبول نہیں۔

سب کچھ نوازشریف اور مریم کے اشارے پر ہورہا ہے: شیخ رشید

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید کاکہنا ہےکہ ڈھائی سال میں ایاز صادق کو بولتے نہیں دیکھا اور اب سب کچھ نوازشریف اور مریم نواز کے اشارے پر ہورہا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ (ن) لیگ کی طرف سے جو کچھ بھی کہا جارہا ہے وہ غیر ملکی ایجنڈا ہے، ہم نے ملک کو آگے لے کر چلنا ہے، اگر سیاست سے لڑائی کرنی ہے تو عمران خان میدان میں ہیں لیکن سیاست سے لڑائی آپ کا حق ہے، ریاست سے لڑائی آپ کا حق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتشار اور خلفشار سے ایسا نہ ہو کہ سیاسی قوتوں کو نقصان اٹھانا پڑے، ریاست سے لڑائی کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔

وزیر ریلوے کاکہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آئی کہ نوازشریف نے ایازصادق کو کیوں میدان میں اتارا، ڈھائی سال میں ایاز صادق کو بولتے نہیں دیکھا، اب سب کچھ نوازشریف اور مریم نواز کے اشارے پر ہورہا ہے، ایاز صادق کے بیان پر پاکستان کے دشمن شادیانے بجا رہے ہیں، ساری (ن) لیگ نہیں بول رہی بس وہی بول رہے ہیں جن کے خلاف نیب کےکیس ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ نوازشریف اور مریم نے جو بودیا ہے اس سے سیاست میں ان کے لیے مشکلات اور ناممکنات ہوگئی ہیں، پیپلزپارٹی نے بہتر سیاست کھیلی ہے جب کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس دینی مدارس کی طاقت موجود ہے، سیاست جس دوراہے میں داخل ہورہی ہے اس کے نتیجے کچھ بھی نکل سکتے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ  ملک مارشل لاء کی طرف نہیں جارہا اور عمران خان  بھی کہیں نہیں جارہے، ڈائیلاگ اور مذاکرات سیاسی جماعتوں میں ہوتے ہیں، سیاست میں ڈائیلاگ کے دروازے کبھی بند نہیں کرنے چاہیئں اور عمران خان نے ڈائیلاگ سے انکار نہیں کیا، اگر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ مل سکتے ہیں تو کوئی اور کیوں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کے بیان سے فوج میں غم و غصہ پایا جاتاہے، سیاست دانوں کو عقل کے ناخن لینے چاہیئں۔

حکومت سیاسی لڑائی میں افواج پاکستان کو شامل نہ کرے: ایاز صادق

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ حکومت سیاسی لڑائی میں افواج پاکستان کو شامل نہ کرے۔

لاہور میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں ہر طرح کی بات کرنے والے اور ہر طرح کی سوچ رکھنے والے لوگ موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی سوچ مختلف ہو سکتی ہے لیکن پاکستان کی بات آتی ہے تو پوری پاکستان قوم یکجا ہے، ہندوستان اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکے گا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا میری بات پر اختلاف ہو سکتا ہے مگر سیاسی بات کو جو رنگ دینے کی کوشش کی گئی اس سے پاکستان کے بیانیے کو تو فائدہ نہیں ہوا بلکہ ہندوستان کے بیانیے کو فائدہ پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے جو بیان دیا وہ حکومت سے متعلق تھا لیکن ان لوگوں نے میرے بیان کو افواج پاکستان سے نتھی کرنے کی کوشش کی وہ دیکھی اور سنی جا سکتی ہے، میں اپنے مؤقف پر آج بھی قائم ہوں یہ ان لوگوں نے ایسا کر کے پاکستان کی کوئی خدمت نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا ہمیں اس سلیکٹڈ حکومت سے شدید اختلاف ہے اور رہے گا لیکن نہ ہی مجھے اور نہ کسی اور کو حق ہے کہ وہ مجھے غدار کہے۔

سردار ایاز صادق نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نالائق حکومت کے بارے میں یہ ضرور کہنا چاہوں گا کہ جو لڑائی لڑنی ہے وہ ضرور لڑیں، لیکن اس لڑائی میں فوج کو شامل نہ کریں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بینر اور پوسٹر اس مؤقف کی خدمت نہیں جو پاکستان کا ؤمقف ہے، ان لوگوں نے ہندوستانی میڈیا کے ہاتھوں پر کھیل کر پاکستان کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس بے شمار راز ہیں، میں قومی سلامتی کمیٹی کو ہیڈ کرتا رہا ہوں، لیکن ہم سیاسی لوگ ہیں، کبھی بھی پاکستان مخالف بات نہیں کریں گے اور جب بھی پاکستان کی بات ہو گی تو اختلافات کے باوجود ہم سب ایک ہیں۔

کورونا: صوبے تیاری مکمل رکھیں، مزید سخت اقدامات کیے جاسکتے ہیں، این سی او سی

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں اضافےکی صورت میں مزید سخت اقدمات کیے جاسکتے ہیں۔

ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے اجلاس بلایا گیا جس میں تمام صوبوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

این سی او سی نے ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

این سی او سی نے تمام صوبوں کو اسپتالوں میں ضروری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانےکی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے اسپتالوں میں موجودہ طبی سہولیات کاجائزہ لیں اور انتظامی تیاری مکمل رکھیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اجلاس میں  تمام صوبوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

این سی او سی کا کہناہے کہ صلاحیت میں اضافے کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات کیے جائیں، کورونا کی موجودہ صورتحال میں اضافےکی صورت میں مزید سخت اقدمات کیے جاسکتے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج شروع ہو چکی ہے اور گزشتہ تین روز سے ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح مسلسل تین فیصد سے زائد رپورٹ ہورہی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21688 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 807 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ مزید 11 افراد وائرس سے انتقال کرگئے۔

ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار سے زائد ہے جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 800 سے تجاوز کر چکی ہے۔

پاکستان کا ترکی میں زلزلے سے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار

پاکستان نے ترکی کے صوبے ازمیر میں شدید زلزلے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں حکومت اورعوام کی ہمدردیاں ترک عوام کے ساتھ ہیں اور غمزدہ لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترک صوبے ازمیر میں شدید زلزلےکا سن کر گہرا دکھ اور افسوس ہوا، پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کی نیک تمنائیں اور دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ بحیرہ ایجیئن میں آنے والے  7.0 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں جبکہ اب تک 12 افراد کے ہلاک اور 500 سے زائد کے زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز ازمیر صوبے سے سمندر کی طرف 17 کلو میٹر دور تھا اور اس کی گہرائی 16 کلو میٹر تھی جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی ہے اور مرکز ترکی کے ساحل سے سمندر کی جانب 33.5 کلومیٹر دور بتایا ہے۔