ایم کیو ایم پاکستان کا بڑا فیصلہ، وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کی پیشکش مسترد کردی

اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کی پیشکش مسترد کردی۔

ایم کیو ایم پاکستان نے وزارت عظمیٰ کا ووٹ ن لیگ کو دینے کا فیصلہ کرلیا لیکن وفاقی کابینہ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا، مسلم لیگ ن نے مرکز میں ایم کیوایم کو وفاقی وزارتوں کی پیشکش کی تھی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق ملک بھر میں بلدیاتی اداروں کو مالی و انتظامی خود مختاری دینے کے لئے آئینی ترمیم پر سپورٹ چاہتے ہیں، مضبوط بااختیار مالی خودمختار بلدیاتی اداروں سے 18 ویں ترمیم کو مزید تقویت ملے گی۔

دھاندلی کے خلاف ثبوت لیکر سپریم کورٹ جائیں گے: شعیب شاہین

اسلام آباد:پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ثبوت لے کر سپریم کورٹ میں جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں الیکشن کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوئی ہے ،الیکشن کمیشن ن لیگ کے ساتھ مل کر دھاندلا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ میں پٹیشن لے کر جائیں گے اور ثبوت پیش کریں گے کہ کیسے آر اوز سے مل کر دھاندلی کی گئی ۔

شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ فافن اور فوٹن نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو استعفیٰ دے دینا چاہیے کس طرح الیکشن کمیشن نے ہر قدم پر دھاندلی کی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آخری رات میں فارم 47 کے ذریعے لوگوں کو جتوایا گیا، موڈیز نے بھی رپورٹ دی ہے کہ دھاندلی سے پاکستان میں سیاسی  استحکام نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو مشروط طور پر سپورٹ کیا تھا، آئی ایم ایف سے معاہدے سے بجلی، گیس بلوں میں اضافہ ہوگا، سیاسی استحکام ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی، بجلی کا یونٹ 70 روپے تک ہوگیا ، گیس بھی مہنگی ہوئی اگر یہ رفتار رہی تو گیس کا بل 1 لاکھ روپے پر چلا جائے گا ۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ان حالات میں کون بزنس مین ہوگا جو مہنگی بجلی اور گیس سے کاروبار چلا سکے گا ، ان حالات میں جو حکومت آئے گی ان کو عوام کی سپورٹ نہیں ہوگی۔

شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ ہم نے فری اینڈ فئیر الیکشن کے ساتھ آئی ایم ایف معاہدے کو مشروط کیا تھا، سود اور آمدنی کی رقم کو دیکھیں اورمزید قرضہ لینا ہے تو کیسے قرض اتاریں گے؟

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی صورت میں جو تباہی ہوچکی ہے اس سے زیادہ تباہی ہوگی، اس ملک کے اصل وارث عوام کو اس ملک کا اختیار دیا جائے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ ہمیں انصاف دے گی، سپریم کورٹ نے 5 ممبر بینچ کا فیصلہ کیا تھا، قاضی فائز عیسیٰ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات میں طرفداری ظاہر کرتے ہیں، ہماری اپیل ہوگی کہ پی ٹی آئی کیسز میں قاضی فائز عیسیٰ نہ بیٹھیں۔

شعیب شاہین کا مزید کہنا تھا کہ ہم کے پی کے تمام حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں، شہباز شریف 25 کروڑ عوام کا دشمن ہے، مریم نواز ایک کٹھ پتلی ہے ان کو حکمرانی کا کوئی اختیار نہیں ہے، ریزرو سیٹیں ہمارا حق ہے، الیکشن کمیشن بہت زیادتی کررہا ہے۔

ملک کا اگلا وزیراعظم کون ہوگا؟ انتخاب کیلئے شیڈول مرتب کر لیا گیا

اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ پاکستان کا اگلا وزیراعظم کون ہوگا؟ اس سلسلہ میں شیڈول مرتب کر لیا گیا۔

وزیراعظم پاکستان کا انتخاب بروز اتوار 3 مارچ کو ہو گا، وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 2 مارچ دوپہر 2 بجے تک حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اسی روز 3 بجے تک کر لی جائے گی، قومی اسمبلی اجلاس میں 3 مارچ بروز اتوار وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے شیڈول کے مطابق ممبران قومی اسمبلی اپنے مسلم ارکان میں سے ایک ممبر کو وزیراعظم منتخب کریں گے۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کے روز کسی قسم کا اور کوئی ایجنڈا اجلاس میں زیر غور نہیں آئے گا۔

پاکستان معاشی استحکام کے حصول کیلیے آئی ایم ایف کے ساتھ کام جاری رکھے، امریکا

  واشنگٹن: امریکا نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں معاشی استحکام کے حصول کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ کام جاری رکھے۔ 

محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا  کہ ’’امریکا قرضوں اور مالی امداد کے شیطانی چکر سے آزاد ہونے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔‘‘

ترجمان محکمہ خارجہ کا بیان پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو ارسال کیے گئے مراسلے متعلق ایک سوال کا جواب میں سامنے آیا۔ مراسلے میں آئندہ قرض کی سہولت کو ملک میں 8 فروری کے عام انتخابات کے آڈٹ سے منسلک کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

پی ٹی آئی نے “قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی کم از کم 30 فیصد نشستوں” کے انتخابی آڈٹ کا بھی مطالبہ کیا، جو پارٹی کے بقول “صرف دو ہفتوں” میں مکمل ہو سکتی ہے۔

ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت کو فوری طور پر معاشی صورتحال کو ترجیح دینی چاہیے کیونکہ آئندہ کئی ماہ کی پالیسیاں پاکستانیوں کے لیے معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اہم ہوں گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “میں آئی ایم ایف کے حوالے سے صرف اتنا کہوں گا کہ ہم قرضوں اور بین الاقوامی فنانسنگ کے شیطانی چکر سے آزاد ہونے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔”

ترجمان محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت کی طویل مدتی معاشی منصوبہ بندی اہم ہے۔” پاکستان کو حالیہ برسوں میں مالیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، جس میں زرمبادلہ کے کم ہوتے ذخائر اور اپنی قومی کرنسی کی گرتی ہوئی قدر ہے۔

بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بیرسٹر گوہر علی خان پارٹی کے بلامقابلہ چیئرمین اور عمر ایوب جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے جبکہ تین صوبائی صدور کا انتخاب بھی بلامقابلہ عمل میں آیا۔

پی ٹی  آئی  کے مرکزی سیکریٹریٹ کی جانب سے  جاری اعلامیے کے مطابق شیڈول انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے پینلز کا اعلان کردیا گیا ہے بیرسٹر گوہر،  عمر ایوب کے مقابلے میں مرکز میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ انٹراپارٹی انتخابات کے لیے خیبرپختونخوا میں علی امین گنڈا پور کا پینل، سندھ میں حلیم عادل شیخ اور پنجاب میں راشد یاسمین پینل ہے اور ان کے مقابلے دوسرا پینل نہیں لہٰذا تینوں صوبائی صدور بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔

پی ٹی آئی بلوچستان کے پینلز میں امین خان جوگیزئی پینل، داؤد شاہ پینل اور منیر احمد بلوچ پینل شامل ہیں، جن کے درمیان مقابلہ 3 مارچ 2024 کو ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ انٹراپارٹی انتخابات کے نتائج کا باقاعدہ اعلان 3 مارچ کو کوئٹہ میں صدر کی عہدے پر انتخابات کے بعد کیا جائےگا۔

پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ کے13 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 166 رنز کا مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 20ویں اوور میں حاصل کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شرفین ردر فورڈ 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ شرفین ردفورڈ او عقیل حسین کے درمیان 80 رنز کی شراکت نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے 52، سعود شکیل 24، کپتان رائلی روسو 5، سرفراز احمد 3 اور خواجہ نافع 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

عقیل حسین 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی اور زاہد محمود نے 2، 2 جبکہ شعیب ملک نے 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز اسکور کیے۔

کراچی کنگز کی جانب جیمز ونس 37، محمد نواز 28، ٹم سائفرٹ 20، عرفان خان 15، کیرون پولارڈ 13، شعیب ملک 12 ، حسن علی 2 اور کپتان شان مسعود 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انور علی 25 اور زاہد محمود 3 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے 3، عثمان طارق اور عقیل حسین نے 2، 2 جبکہ محمد وسیم جونیئر نے 1 وکٹ حاصل کی۔

پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 13 پیسے کا اضافہ، ڈیزل کے نرخ برقرار

 اسلام آباد:  نگراں حکومت نےپیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا، ڈیزل کی  قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق نگراں حکومت نے جاتے جاتے ایک بار پھرپیٹرول کی قیمت  بڑھا دی، پیٹرول کی  فی لیٹر قیمت میں  چار روپے 13   پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد  فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 279  روپے 75  پیسے ہوگئی ہے۔

لائٹ ڈیزل کی قیمت 287  روپے 33  پیسے پر برقرار رکھی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق قیمت میں اضافے کا اطلاق  رات 12 کے بعد سے ہوگا۔

پی ٹی آئی وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات؛ اسپیکراور وزیراعظم کیلیے ووٹ مانگ لیے

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان سے قومی اسمبلی میں اپنے نامزد کردہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کے لیے ووٹ مانگ لیے۔  

عمرایوب، اسد قیصر اور جنید اکبر پر مشتمل پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کے ملکر چلنے کو خوش آئند قرار دیا۔

ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ دھاندلی ہوئی ہے، اسد قیصر

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسد قیصر نے کہا کہ ہم فارم 45 کے نتائج کے لئے ملک گیر الائنس بنانے پر کام کررہے ہیں کیونکہ اس الیکشن میں ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ دھاندلی ہوئی ہے۔

کس نے یہ دھاندلی کروائی ہے؟ سے متعلق سوال کے جواب میں اسد قیصر نے کہا کہ ‎جس نے یہ سب سسٹم چلایا ہے اس کا سب کو پتا ہے۔

علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوا ر برائے وزیر اعظم عمرایوب خان اور نامزد امیدوار برائے اسپیکر ملک عامر ڈوگر نے میڈیا سے گفتگومیں کہا ہم نے اپنا مؤقف مولانا فضل الرحمان کے سامنے رکھا ہے۔

’’فارم 45کے مطابق جو بھی نتیجہ بنتا ہے وہ دیا جائے‘‘

انہوں نے کہا کہ فارم 45کے مطابق جو بھی نتیجہ بنتا ہے وہ دیا جائے، فری الیکشن کا تقاضا پامال کیا گیا ہے یہ پاکستان کا دھاندلی زدہ الیکشن ہوا ہے آج جن ارکان نے حلف اٹھایا ہے ان کی اخلاقی حیثت کیا ہے؟ ہم نے مولانا سے صرف ووٹ کی بات نہیں کی ہم اسمبلی میں اس ایشو پر اکٹھے بات کریں گے۔

عمر ایوب خان نے کہا کہ ہم قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، ہم مسلم لیگ ن کے علاوہ سب جماعتوں کو فارم 45کے تحت نتائج چاہتے ہیں۔ جس پر اسد قیصر نے وضاحت کی کہ پی پی پی اور ایم کیو ایم نے بھی مینڈیٹ چرایا ہے اس لئے ان کے علاوہ باقی جماعتوں سے بات کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو معلوم ہے کہ ہم مولانا فضل الرحمان سے قومی اسمبلی میں اپنے نامزد کردہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کے لیے ووٹ مانگنے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے شہباز شریف جبکہ سنی اتحاد کونسل نے عمرایوب کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔

گوادر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع، پچھلی بارش سے کئی گنا زیادہ نقصان کا اندیشہ

ایک طرف کراچی سمیت سندھ بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے تو دوسری جانب گوادر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوچکا ہے، آج ہونے والی بارش 27 فروری کو ہوئی بارش سے کئی گنا تیز ہے۔ جس کے بعد بلوچستان کی نگراں حکومت نے شہر کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔

گوادر کا پورا شہر پہلے ہی 27 فروری کو ہوئی بارش کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے، سینکڑوں مکانات و چار دیواریاں گر چکی ہیں، لوگ بے یار و مدد گار ہیں۔

سیکڑوں لوگ اپنے عزیز و اقارب کے یہاں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں اور آج کی بارش سے بھی بہت زیادہ نقصانات کا اندیشہ ہے۔

گوادر کی پرانی آبادی مکمل پانی میں ڈوبی ہوئی ہے، جبکہ نیو ٹاؤن ، شمبے اسماعیل وارڈ، نیا آباد، فقیرکالونی، ڈھور انتہائی متاثر ہیں۔

سربندن ، پشکان اور نواحی علاقوں کا گوادر سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔

خاران میں مکان کی چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق اور ان کے والد زخمی ہوگئے ہیں۔

حالیہ تباہی پر پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

گوادر اور کیچ میں حالیہ بارشوں سے متعلق پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گوادر میں 140 سے زائد گھر متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 50 سے زائد گھر مکمل تباہ ہوئے اور 90 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 15 سے زائد چار دیواریاں گرگئی ہیں، دو سڑکیں تباہ ہوئی ہیں۔

کیچ میں بھی دو سڑکیں اور ایک پل تباہ ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق مکان کی چھت موسلادھار بارش کے باعث گری، جاں بحق بچوں کی عمریں پانچ سے سترہ سال تک ہیں۔

اس حوالے سے چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر شریف میانداد نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ادارہ مجھ سے تعاون نہیں کر رہا، صرف فوٹو سیشن چل رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گوادر میں ایمرجنسی نافذ کی جائے اور اسے آفت زدہ قرار دیا جائے۔

شریف میانداد کا کہنا تھا کہ میں بے بس ہوں، میونسپل کمیٹی گوادر کے پاس کوئی مشینری نہیں ہے جس سے شہر کے پانی کو نکالا جاسکے۔

اُنہوں نے کہا کہ کوئی ادارہ ہم سے تعاون نہیں کر رہا اور کئی مقامات پر مجھے بھی جانے سے روکا جارہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پورے شہر کی پانی نکالنے کیلئے میرے پاس صرف 6 واٹر باآؤر اور 14 چھوٹے واٹر پمپ ہیں جس سے شہر کی پانی کو نکالنا بالکل ممکن نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ شاید گوادر کے شہریوں کو دانستہ طور پر مارنے کا پلان بنایا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر شہر کی پانی کو ہنگامی بنیادوں پر نہیں نکالا گیا تو انتہائی بھیانک صورتِ حال پیدا ہوسکتی ہے۔

گوادر والوں سے سوتیلا سلوک بند کیا جائے، سینیٹر کہدہ بابر

گوادر میں ایک بار پھر تیز بارش اور ژالہ باری کے دوران سینیٹر کہدہ بابر نے سست امدادی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر والوں سے سوتیلا سلوک بند کیا جائے۔

سیںیٹر کہدہ بابر نے کہا کہ ابھی تک پچھلی بارش کا پانی نہیں نکلا، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کارروائیوں میں تیزی لائیں، پانی نکالنے کیلئے ہیوی جنریٹرز فراہم کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ کے وسائل کافی نہیں، گزارش ہے کہ گوادر کو آفت زدہ قرار دیا جائے، گوادر میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے، رواں اسپیل میں مالی اور جانی نقصان کا اندیشہ ہے، فوری اقدامات نہ کیے تو انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

گوادر آفت زدہ قرار

نگراں صوبائی وزیراطلاعات جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ گوادر کو حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد تشویشناک صورتحال کے باعث آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کے حوالے سے نگراں وزیراعلیٰ نے سمری پر دستخط کردیے ہیں، نگراں وزیراعلی گوادر سمیت تمام بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

گوادر میں دھرنا

گوادر میں بارش سے ہوئی تباہی کا شکار بننے والے متاثری نے کسی قسم کی کارروائی نہ ہونے کے خلاف دھرنا بھی دیا۔

اس موقع پر حق دو تحریک کے سربرا مولانا ہدیات الرحمان کا آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تین دن گزرنے کے باوجود وفاقی حکومت غیرسنجیدگی دکھا رہی ہے، سیرسپاتوں کے لیے وسائل ہوتے ہیں، پیسے فوراً ریلیز کیے جاتے ہیںض انتظامات ہوجاتے ہیں، وزیراعظم گوادر آجائیں تو ان کے آنے سے پہلے جم غفیر یہاں جمع ہوجاتا ہے کہ وزیراعظم صاحب آرہے ہیں، آج گوادر پانی میں ہے تو وفاقی اور صوبائی ادارے و حکومت نظر نہیں آرہے۔

بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری

نوشکی شہر اور اس کے گردونواح سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے، ساتھ ہی گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

قلات اور گردونواح میں بھی گزشتہ رات سے وقفے وقفے کے ساتھ بارشِ کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اور گردونواح میں گزشتہ آٹھ گھنٹوں میں اٹھارہ ملی میٹر بارشِ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

یوکرین جنگ؛ پوتن کی نیٹو ممالک کو جوہری جنگ کی دھمکی

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر نیٹو فوجوں نے یوکرین جنگ میں شامل ہوا تو جوہری جنگ چھڑ سکتی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کےمطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن نے پارلیمنٹ سے اپنے سالانہ خطاب میں کہا کہ روس کسی کو بھی اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔

صدر پوتن نے مزید کہا کہ روسیوں کی اکثریت یوکرین میں خصوصی فوجی کارروائیوں کی حمایت کرتی ہے۔ مسلح افواج کی جنگی صلاحیتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ روسی فوجیں اعتماد کے ساتھ پیش قدمی کر رہی ہیں اور نئے علاقوں کو آزاد کروا رہی ہیں۔

روسی صدر نے فرانسیسی ہم منصب کی جانب سے نیٹو فوج کی یوکرین میں تعیناتی کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر نیٹو ممالک یوکرین میں فوج بھیجتے ہیں تو اس سے خطے میں جوہری جنگ چھڑ سکتی ہے۔

یاد رہے کہ 24 فروری 2022 کو روسی فوجیں یوکرین میں داخل ہوگئی تھیں اور تب سے دونوں ممالک کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے جس میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔

روس نے یہ جنگ یوکرین کے نیٹو میں شمولیت کی دراخوست کے جواب میں مسلط کی ہے۔ روس یوکرین سمیت فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کو اپنی سالمیت کا خطرہ قرار دیتا ہے۔

روس کا مؤقف ہے کہ ان ممالک کی نیٹو ممالک میں شمولیت سے نیٹو افواج کے لیے روس میں داخلے کی راہیں کھل جائیں گی اور مغربی اتحاد روس پر حملہ آور ہونے کے لیے ہی ان ممالک کو رکنیت دے رہا ہے۔

این اے 15 سے نواز شریف کو شکست، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب قرار

ریٹرننگ افسر نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 15 کا فارم 49 جاری کر دیا۔

فارم 49 کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ شہزادہ گشتاسپ خان کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

ریٹرننگ افسر کے مطابق شہزادہ گشتاسپ خان نے 105259 ووٹ حاصل کیے جبکہ نواز شریف 80413 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی این اے 15 سے متعلق درخواست خارج کر دی تھی۔

الیکشن کمشن نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے درخواست گزار کو الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کو تین دن میں حتمی نتیجہ مرتب کرنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ دو روز مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی این اے 15 سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے وکیل جہانگیر جدون نے کمیشن سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ این اے 15 کا الیکشن نہ آئین، نہ الیکشن ایکٹ نہ الیکشن رول کے مطابق ہے، بیلٹ بیگز اور فارم 45 کی ٹیمپرنگ ہوئی، یہاں برف تھی، رابطے منقطع تھے، حلقے کا الیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔

وکیل جہانگیر جدون نے کہا تھا کہ ہم نے 15 فروری کو آر او کی رپورٹ مانگی، 650 صفحات کی آر او رپورٹ دی گئی، ہمارا کیس اب آر او کی رپورٹ کے ریکارڈ پر ہو گا، درخواست گزار کو 82 ہزار سے زائد ووٹ ملے، مخالف امیدوار کو 1 لاکھ 5 ہزار سے زائد ووٹ پڑے، مسترد ووٹ 9 ہزار 82 تھے، این اے 15 مانسہرہ میں ٹوٹل 550 پولنگ اسٹیشن تھے، ہمیں 123 پولنگ اسٹیشنز کالا ڈھاکہ کے تھے ان کے فارم 45 نہیں ملے۔

این اے 15 مانسہرہ پر کامیاب امیدوار کے وکیل بابر اعوان نے کہا تھا کہ اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان دیا، اے آر او نے کہا کہ ایف آئی آر میں درج الزامات غلط ہیں، کچھ فارم 45 درست بھی ہیں، 8 فروری کے الیکشن پر ایک بجے تک آواز نہیں اٹھی، لوگ آواز اٹھا رہے ہیں کہ 9 فروری کا الیکشن درست نہیں ہوا، ایک حلقے پر نئے الیکشن کرائیں تو مطلب ہو گا، کراچی اور لاہور سے متعلق فیصلے غلط ہیں، حیران کن طور پر ابھی تک دوبارہ گنتی جاری ہے، رحمٰن کانجو کیس میں دوباہ گنتی کر کے جیتنے والے امیدوار کو ہرا دیا گیا ہے۔

بجلی کے کنکشن کی سکیورٹی فیس 1220 سے بڑھا کر 18000 روپے کرنے کی درخواست دائر

ذرائع کے مطابق گھریلو صارفین کے لئے سکیورٹی فیس 1220 سے بڑھا کر 18000 روپے کرنے کی درخواست دائرکردی گئی، دس کلو واٹ سے کم لوڈ لینے والے صارفین کو 20000 روپے فی کلو واٹ سے ادائیگی کرنا ہو گی، سنگل فیز میٹر پر کنکشن کے لئے صارفین کو 24000 روپے تک ادائیگی کرنا پڑے گی۔

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ دیہی علاقوں میں سکیورٹی 610 سے بڑھا کر 7800 روپے فی کلوواٹ کرنے کی اجازت دی جائے اور دس مرلہ سے زائد اراضی کے حامل صارفین سے پراپرٹی ریٹ کا ایک فیصد لیا جائے گا۔

ذرائع وزارت پاور ڈویژن نے تین ماہ کے بلوں کے مطابق سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا، نیپرا میں سماعت کے بعد سکیورٹی فیس بڑھا کر ڈیمانڈ نوٹسز کا اجراء کیا جائے گا، کمرشل اور صنعتی صارفین کے لئے بھی سکیورٹی فیس میں اضافہ کیا جائیگا۔

کمرشل اور چھوٹی صنعت کے لئے سکیورٹی فیس 2010 سے بڑھا کر 57000 روپے فی کلوواٹ کرنے کی درخواست دائر اور صنعتی، سٹریٹ لائٹس، ہاؤسنگ سوسائٹیزکے لئے بھی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں رین ایمرجنسی: کل آدھی چھٹی ہوگی، عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

کراچی سمیت سندھ میں موسلا دھار بارش کے امکان کے پیش نظر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کردی۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔

رین ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیشگوئی کے بعد طلب کیے جانے والے اجلاس میں کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو اس حوالے سے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کے باعث کل کراچی میں سرکاری اور نجی اداروں میں اوقات کار نصف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مراد علی شاہ کو ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ بھر میں آج سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ کراچی میں کل دوپہر کے بعد بارش کا امکان ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں 12 گھنٹے میں 13 سے 16 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

وزیراعلی سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ کل غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، کراچی میں دوپہر 2 بجے کے بعد 3 تا 4 بارش کے اسپیل ہونے کا امکان ہے، انہوں نے اس دوران ٹریفک انتظامات میں بہتری کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایات جاری کیں۔

میئرکراچی مرتضی وہاب نے اجلاس میں بتایا کہ گزشتہ ماہ بارش کے دوراں نکاسی کے مسائل ہوئے، جنہیں حل کیا جارہا ہے، واٹر بورڈ کی تریپن سکسیشن مشینیں ضرورت میں استعمال ہوسکتی ہیں۔

مئیر کراچی کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، ہمیں کلائمٹ چینج اور گلوبل وارمنگ کا سامنا ہے، بلدیاتی اداروں نے تمام حفاظتی اقدامات کئے ہیں، تمام عملہ گراؤنڈ پر موجود ہوگا، کوشش ہوگی کہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کیلئے وہاں موجود زائرین کی بڑی تعداد کی حفاظت کیلئے اور ضروری انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کراچی میں یکم مارچ کو موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی اور طوفانی بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کردیا تھا۔

سندھ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ 29 فروری سے دو مارچ تک سندھ میں طوفانی بارشیں ہوسکتی ہیں جس سے کھمبوں، فصلوں اور سولر پینلزکو نقصان پہنچا سکتا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے آج نیوزسے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں یکم مارچ کو پورا دن رات گئے تک معتدل اورتیز بارش ہوگی۔

انھوں نے یکم مارچ سے آئندہ تین سے چار روز کے دوران شہر قائد کا درجہ حرارت بھی گرنے کا امکان ہھی ظاہرکیا تھا۔

بلدیہ عظمیٰ کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

کراچی میں بارشوں کے پیش نظر کے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں ۔ میئر کراچی مرتضی وہاب نے وڈیو پیغام میں کہا کلائمیٹ چینج اور گلوبل وارمنگ کا سامنا ہے، تاریخ نہیں ملتی کہ مارچ کے مہینے میں کراچی اس طرح کی بارش پیش گوئی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورتحال ہے بلدیاتی اداروں نے تمام حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ تمام عملہ گراؤنڈ پر موجود ہوگا،کوشش ہوگی لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ تفصیلی میٹنگ میں ٹریفک کنٹرول سے متعلق بھی خصوصی حکمت عملی طے کی گئی ہے۔

فلائٹ اسکول کی پروازیں معطل

نجی فضائی کمپنی اسکائی ونگز ایوی ایشن نے کل یکم مارچ کو بارش کے پیش نظر فلائٹ آپریشن معطل کردیا ہے۔

ترجمان اسکائی ونگز ایوی ایشن کیپٹن ازقا ملک کا کہنا ہے کہ اسکائی ونگز نے کل تمام فلائنگ اسکول کی کلاسز بھی معطل کردی ہیں، پائلٹس کی تربیتی پروازیں اور گراؤنڈ ٹریننگ کلاسز اتوار کے روز ہوں گی۔

اسکائی ونگز نے کل یکم مارچ کو اپنی ایئر ٹیکسی سروس کی فلائٹس بھی معطل کردی ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ایوی ایشن کمپنیوں کو الرٹ جاری کیا ہے۔

جامعہ کراچی کے امتحانات ملتوی

جامعہ کراچی نے بھی بی ڈی ایس تھرڈ اور ایم بی بی ایس تھرڈ پروفیشنل کے یکم مارچ کو ہونے والے امتحانات بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر ملتوی کردیے ہیں۔ ملتوی ہونے والے امتحانات اب 07 مارچ 2024ء کو منعقد ہوں گے۔

ناظم امتحانات جامعہ کراچی کے مطابق بی ڈی ایس تھرڈ پروفیشنل ضمنی امتحانات 2023 اور ایم بی بی ایس تھرڈ پروفیشنل سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے یکم مارچ 2024ء کو ہونے والے امتحانات بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر ملتوی کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ امتحانی مرکز اور وقت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔