حکومت کا پیٹرول کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں کسی قسم کا ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس میں تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم ڈویژن کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری ارسال کی تھی۔ جس کے بعد پیٹرول دو روپے پچاس پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت بھی دو روپے پچاس پیسے تک بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 100 روپے 69 پیسے فی لٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت 62 روپے 86 پیسے، مٹی کا تیل 65 روپے 29 پیسے فی لٹر پر برقرار ہے۔ تاہم ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اب ڈیزل کی نئی قیمت 105 روپے 43 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اس کا اطلاق یکم دسمبر سے آج رات 12 بجے ہوگا۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 15 نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے اکہتر پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 79 پیسے کمی کی گئی تھی۔

اس اعلان کے بعد پیٹرول کی قیمت 100 روپے 69 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 101 روپے 43 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 62 روپے 86 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 65 روپے 29 پیسے برقرار رکھی گئی تھی۔

پاک برطانوی تعلقات گہرے انسانی رشتوں پر مشتمل ہیں، برطانوی ہائی کمشنر

برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے کہا ہے کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تعلقات گہرے انسانی رشتوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے سینٹر فارائیرو سپیس اینڈ سکیورٹی سٹڈیزسے ایک خطاب کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے گہرے ، دیرینہ اور قریبی روابط کی اہمیت کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ دونوں دوست ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو باہمی تجارت، معاشی ترقی، صحت ،تعلیم، توانائی، ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد اورسیاحت کے شعبوں میں مزید فروغ دینے کے لئیے کوشاں ہیں۔

اس موقع پر امبیسڈر جلیل عباس جیلانی ( ڈائریکٹر برائے خارجہ پالیسی) سینٹر فارائیرو سپیس اینڈ سکیورٹی سٹڈیز نے ابتدائی کلمات جبکہ ائیر چیف مارشل(ریٹائرڈ) کلیم سعادت صدر سینٹر فارائیرو سپیس اینڈ سکیورٹی سٹڈیز نے اختتامی کلمات ادا کئیے۔ اس دوران سوال و جواب کا ایک دور بھی چلاجس میں برطانوی پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل بحث ہوئی۔

پاکستان اور چین ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں: آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئے چینی وزیر دفاع وائی فنگ نے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور چینی وزیر دفاع وائی فنگ کے درمیان ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ معزز مہمان نے علاقائی امن اور استحکام کے قیام میں پاک فوج کے پرخلوص کردار کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر پاکستان کی غیر متزلزل سپورٹ کرنے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ ہم ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مستقبل کے چیلنجز کے باوجود ہمارے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی وزیر دفاع وائی فنگ کی جی ایچ کیو آمد پر انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ چینی وزیر دفاع نے یادگار شہدا پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بعد ازاں پاکستان اور چین کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کیلئے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

ملتان: پی ڈی ایم کارکنان رکاوٹیں ہٹا کر جلسہ گاہ میں داخل، قیادت بھی موجود

حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر جلسوں کی اجازت نہ دینے کے باوجود اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کارکنان ملتان جلسے سے 2 روز قبل ہی رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ نے 30 نومبر کو ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم انتظامیہ نے اس کی اجازت نہ دیتے ہوئے رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں۔

ڈان نیوز ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ آج اسلسلے میں پیپلزپارٹی کے رہنما علی موسیٰ گیلانی کی قیادت میں ریلی گھنٹہ گھر چوک پر پہنچی، جہاں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد اس ریلی شامل ہوئی، جس کے بعد شرکا جلسہ گاہ کی طرف پہنچیں، جہاں پولیس کی جانب سے انہیں روکنے کی کوشش کی گئی جس پر دونوں فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

بابراعظم کے خلاف سنگین الزامات، خاتون کا مقدمے کے اندراج کیلئے عدالت سے رجوع

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے خلاف سنگین نوعیت کے الزامات عائد کرنے والی خاتون نے اندراج مقدمہ کے لیے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کردی، جس پر عدالت نے ایس ایچ او نصیرآباد سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

حامزہ مختار نے سیشن کورٹ میں اندراج مقدمہ اور ہراساں کرنے سے روکنے کی درخواست دائر کی ہے۔

دائر درخواستوں میں بابر اعظم، محمد اعظم، فیصل اعظم، کامل اعظم اور محمد نوید کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سی سی پی او لاہور کو اندارج مقدمہ کی درخواست دی لیکن عملدرآمد نہیں ہوا۔

حامزہ مختار نامی خاتون نے سی سی پی او لاہور کو ایک درخواست میں فریق بناتے ہوئے کہا کہ ملزم بابر نے انہیں شادی کے بہانے 2012 سے مستقل جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس دوران وہ حاملہ بھی ہوئیں اور بعدازاں انہوں نے ملزم کی ایما پر اسقاط حمل بھی کروایا۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر کے اندرا ج کی کوشش کی گئی لیکن پولیس نے اس سلسلے میں کوئی شکایت درج نہ کی۔

درخواست میں تھانہ نصیر آباد پولیس کو بابر اعظم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

مذکورہ درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج نعمان محمد نعیم نے ایس ایچ او نصیر آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایس ایچ او بتائیں کہ درخواست گزار نے مقدمے کے اندراج کے لیے رابطہ کیا تھا یا نہیں، اگر کیا تھا تو کارروائی شروع کیوں نہیں کی گئی، مذکورہ معاملے میں مزید کوئی تفتیش کی گئی یا نہیں۔

سجل علی عرب فیسٹیول ایوراڈ جتنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئیں

کراچی : پاکستانی اداکارہ سجل علی عرب فیسٹیول ایوراڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئیں،پاکستانی اداکارہ سجل علی کو ان کی شاندار اداکاری کی بنیاد پر ڈیفا ایوارڈ سے نوازا گیا ۔

اداکارہ سجل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایوارڈ کے ساتھ تصویر شیئر کی اور کہا کہ یہ ایوارڈ نا صرف ایک فنکار کی حیثیت سے میرے لیے بہت خاص ہے بلکہ یہ میرے قابل فخر پاکستانی ہونے کی حیثیت سے بھی خاص ہے۔

اصلاح کریں اپنے آپ کی تاکہ اصلاح ہو نظام کی اور اصلاح ہو پاکستان کی: امتنان شاہد

ویسے تو 26ستمبر 2020ءکو قریباً دو ماہ پہلے خبریں اپنے 28 سال پورے کرچکا ہے لیکن کورونا وباءاور لوگوں میں پائی جانےوالی بے چینی کے سبب آج 30نومبر 2020ءکو سالگرہ کے حوالے خبریں میں یہ اشاعت شائع ہورہی ہے۔ گزشتہ 28 سال میں خبریں سے خبریں میڈیا گروپ تک کا سفر ایک لمبا‘ کٹھن اور مشکل سفررہا ہے‘ چاہے وہ مختاراں مائی کا کیس ہو یا زینب قتل سکینڈل کی تفصیل‘ اسامہ بن لادن کے بیٹے کا انٹرویو ہو یا سابق صدر جنرل ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف اور بینظیر بھٹو شہید کی خفیہ مذاکرات کی ڈیل‘ خبریں نے اپنے قارئین کو سب سے مو¿ثر اور مستند اطلاع دینے کی روایت برقرار رکھنے کی کوشش کی اور ساتھ ہی ساتھ پاکستان کے مظلوم‘ محروم طبقے کو اپ لفٹ (Up Lift) کرنے کےلئے نہ صرف ان کی معاشرتی مدد کی بلکہ قانونی اور کئی مواقع پر عدنان شاہد فاﺅنڈیشن کے زیراہتمام معاشی مدد بھی کی گئی ۔
ابھی پچھلے ہی سال نومبر میں خبریں کے 27 سال مکمل ہونے پر خبریں فیملی فیسٹا (Khabrain Family Fiesta) کے نام سے دو روزہ نمائش کا رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب لاہور میں انعقاد کیا گیا جس میں لاہور کے تمام روایتی کھانوں کے ساتھ ساتھ غیرملکی ریسٹورانٹس کی Chains نے بھی اپنے سٹال لگائے۔ ملکی اور غیرملکی مصنوعات نے بڑی تعداد میں اپنی پراڈکٹس حاضرین کے لئے پیش کیں اور اس فیسٹیول کا اختتام ایک شاندار میوزیکل کنسرٹ کے انعقاد پر ہوا۔ آج اس خبریں فیملی فیسٹا کو ایک سال گزر گیا ہے اور یوں لگ رہا ہے جیسے یہ کئی سال پرانی بات ہے کیونکہ اس سال کے آغاز پر پاکستان اور دنیا بھر میں پھیلنے والی اس کورونا وباءنے ہمارے معاشرتی روئیے اور ہماری سوسائٹی کو یکسر تبدیل کرکے رکھ دیا ہے۔ گزشتہ ایک سال میں اتنا کچھ ہوا‘ اتنی فرسٹریشن دیکھی گئی‘ اتنی اموات ہوئیں گویا لوگ ہنسنا ہنسانا ہی بھول گئے۔ کورونا کی اس وباءنے جیسے ایک سال پرانی یادوں کو مدھم کردیا اور محسوس ہونے لگا جیسے سالوں پہلے کی کوئی یاد ہو‘ بالکل ویسے ہی خبریں کے 28 سال کی اشاعت پر نظر ڈالی جائے تو ہمارا ملک‘ یہ دنیا‘ میڈیا انڈسٹری اور میڈیا مکینکس یکسر تبدیل ہوگئے۔ سوشل میڈیا کے اس دور کے اندر جہاں کوئی اطلاع چاہے وہ صحیح ہویا غلط وہ لوگوں تک منٹوں میں پہنچتی ہے‘ غلط صحیح اطلاع کے جھرمٹ میں کوئی ذریعہ اگر آپ کو مستند اور تصدیق شدہ اطلاع دے تو اس کی اہمیت (Value) کا اندازہ زیادہ ہوتا ہے۔ آج سے 28 سال پہلے شروع ہونے والے خبریں لاہور اور اسلام آباد نے خبریں میڈیا گروپ (خبریں لاہور‘ کراچی‘ اسلام آباد پنڈی‘ ملتان‘ مظفر آباد‘ پشاور‘ حیدرآباد سکھر‘ نیااخبار لاہور‘ کراچی‘ اسلام آباد‘ ملتان‘ خبرون سندھی اور الیکٹرانک ٹی وی چینل ‘چینل ۵) تک کا سفر بالکل ایسے ہی گزارا جس میں اتار چڑھاﺅ غم خوشی کے سب رنگ اور موسم آتے رہے‘ کئی حکومتیں اور سیاستدان آئے اور گئے‘ کبھی پارلیمانی تو کبھی صدارتی نظام آیا‘ کبھی اس ملک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ دیکھی تو کبھی مغربی ممالک جن کی وجہ سے دہشت گردی ہوتی رہی‘ ‘ ان کی دوستی دیکھی۔ اس سب کے بیچ پاکستان کے عوام کے معاشی‘ معاشرتی حالات تقریباً وہی ہیں جو آج سے 28 سال پہلے تھے۔ جن اداروں‘ جن لوگوں پر 28 سال پہلے ہم فخر کیا کرتے تھے یا تو وہ ختم ہوچکے یا انتقال کرگئے اور پاکستان کے عوام کا دکھ درد اور تکلیف‘ نظام ‘ شخصیات ‘ سسٹم کے خلاف وہی ہے جوکہ 26 ستمبر 1992ءکو تھا۔ 100 فیصد بہتری تو کہیں نہیں آتی البتہ پاسنگ مارکس 40 فیصد ہوں اور 28 سال سے پاکستانی عوام اس کو نمبر دیں تو شاید یہ نظام پاس بھی نہ ہوسکے اور فیل تصور کیا جائے لیکن ہمارا مذہب‘ ہمارا اللہ‘ ہمارا قرآن اور ہمارے پیارے نبی ﷺ نے ہمیں سکھایا ہے کہ ”مایوسی کفر ہے“ لہٰذا ڈٹ کر حالات کا مقابلہ کرنا اور منفی چیز میں سے بھی مثبت سوچ لے کر چلنا ہی کامیابی کی نشانی ہے اور اللہ انہی کو کامیاب کرتا ہے جو مستقل مزاجی سے اپنے حق اور نظام کی درستگی کے لئے جہد مسلسل کرتے ہیں۔
ہمیں امید نہیں چھوڑنی‘ مایوس نہیں ہونا کہ ملک کے نظام کے اندر بہت سی خرابیاں ہیں لیکن بہرحال یہ ملک ہماری‘ میری‘ آپ کی آزادی کی نشانی ہے۔ یہ ہمارا گھر ہے جسے ہم نے ہی ٹھیک کرنا ہے اور سب سے پہلے یہ اصلاح اپنے آپ سے شروع کرنی ہے۔ جب ہم اپنے آپ کوٹھیک کریں گے تو ایک ایک کرکے سب ٹھیک ہوتا چلا جائیگا اور وہی ہنستے مسکراتے چہرے نظر آئیں گے جیسے اس کورونا وباءسے قبل ہمیں نظر آتے تھے۔ پھر وہی فیملی فیسٹاز (Family Fiesta’s)‘ پھر وہی خوشیاں‘ رونقیں لوٹیں گی۔
گزشتہ ایک سال انتہائی پریشانیوں اوردکھوں پرمشتمل تھا‘ ہم نے دنیا بھر میں لاکھوں اموات کے بارے میں پڑھا اور سنا‘ پاکستان میں بھی اس وباءنے بڑی تیزی کے ساتھ اپنے رنگ دکھاتے ہوئے قریباً 8ہزار جانیں لیں اور اب دوبارہ اس میں تیزی (Peak) آرہی ہے۔ ہمیں ابھی اس سے لڑنا ہے‘ ہمیں اس کا مقابلہ بھی کرنا ہے لیکن جیسے کہتے ہیں ہرمشکل میں کوئی نئی امید جنم لیتی ہے‘ نئی ترکیب ‘ کوئی نیا سبب نکلتا ہے اور طریقہ وجود میں آتا ہے۔ اس کورونا وباءکے سبب پاکستان کا صحت کا نظام دو سال پہلے سے آج کئی گنا بہتر ہے۔ ہمارے ہسپتالوں میں اس وباءسے نمٹنے کے لئے وینٹی لیٹرز‘ نئے بیڈ‘ نئے طریقہ کار‘ نئی ایجادات کا تجربہ کیا جارہا ہے‘ نئی ادویات آرہی ہیں جوکہ آنے والی نئی نسلوں کے لئے ایک بہتری کی امید ہے۔ اگر ایک اندھیری سرنگ میں دور روشنی کی کرن اس پہلے سے بہتر صحت کی سہولتوں کی صورت میں نظر آرہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ روشنی موجود ہے‘ امید موجود ہے‘ اس لئے مایوسی کفر ہے۔ خبریں کے 28 سالوں میں خاص کر گزشتہ ایک سال دوسرے شعبہ جات کی طرح میڈیا انڈسٹری کے اوپر جو حالات گزرے اس میں کام کرنے والے لوگوں پر جو مشکلات آئیں اس کی مثال شاید پہلے نہ ملے لیکن کوشش کرنا اور اس کا صلہ اللہ سے لینا یہ مومن کی نشانی ہے اور ہم سب مسلمان اور پاکستانی ہونے کے ناطے اللہ کی ذات سے بہتری کی امید اور ایمان رکھتے ہیں ہم کوشش کرتے رہیں گے تو کامیابی ضرور ملے گی۔ خبریں گروپ اوراس میں کام کرنے والے کارکنان اور اس کو پڑھنے والے سب خبریں فیملی کا حصہ ہیں۔ آئےے مل کر وعدہ کریں کہ سب سے پہلے اصلاح کریں گے اپنے آپ کی تاکہ اصلاح ہو اس نظام کی اور اصلاح ہو پاکستان کی۔

سخت لاک ڈاؤن کا تقاضہ کرنے والوں کا اب جلسوں پر زور ہے، مراد سعید

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنما ہم سے سخت لاک ڈاؤن کا کہتے تھے اور اب جلسوں پر زور دے رہے ہیں جبکہ ان کے جلسے ناکام ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ویڈیو کلپس نشر کیے جس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں نے کورونا وبا کے دوران ایس او پیز پر عمل کرنے پر زور دیا تھا اور کورونا کی روک تھام کے لیے حکومتی پالیسی پر تنقید کے ساتھ بعض امور پر حکومتی اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے ماضی کے حکمرانوں نے ملکی مفاد میں کچھ نہیں کیا اور بیرون ملک جاکر علاج کروانے والے ملک میں کوئی معیاری ہسپتال قائم نہیں کرسکے۔

وزیر مواصلات نے کورونا وبا سے متعلق وزیراعظم کا حوالہ دے کر کہا کہ ‘عمران خان نے ملک میں وبا کے آغاز پر ایک وژن دیا جس میں نوجوانوں کو بے روزگاری اور نیم متوسط طبقے کو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے بھوک سے بچانا شامل تھا’۔

مراد سعید نے کہا کہ ‘انسداد وبا سے متعلق اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے این سی او سی سمیت دیگر ادارے تشکیل دیے گئے جہاں پر ملٹری و سول اداروں کے سینئر لوگ موجود رہے اور انہوں نے کورونا کے مریضوں سمیت ہسپتالوں اور طبی عملے کے بارے میں بروقت معلومات فراہم کیں’۔

وزیر مواصلات نے کورونا وبا کے دوران حکومت کے حالیہ اقدامات بشمول فی خاندان 12 ہزار روپے ادائیگی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اتنے اقدامات گزشتہ 40 سال میں نہیں ہوئے جتنے اس حکومت نے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب انسداد کورونا اقدامات کے بعد اپوزیشن رہنماؤں نے معافی مانگی اور نہ ہی شرمندگی کا اظہار کیا۔

مراد سعید نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ کورونا کی وجہ سے اموات کی شرح میں اضافہ ہو اور وہ اس پر سیاست کریں۔

ایک موقع پر انہوں نے سوال کیا کہ ‘حکومت سندھ نے راشن کے پیسوں کا کیا کیا؟’

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی حکمت عملی سے پاکستان بھارت جیسی تباہی سے بچ گیا۔

وزیر مواصلات نے کہا کہ کورونا کے خلاف حکومتی اقدامات پر اپوزیشن نے تنقید اور سیاست کی لیکن آخر میں نتائج سب کے سامنے ہیں کہ ڈبلیو ایچ او، ورلڈ اکنامک فورم اور بل گیٹس نے وزیر اعظم عمران خان کے فیصلوں کو قابل ستائش قرار دیا۔

مراد سعید نے کہا کہ پاکستان میں دوسری لہر کے بعد این سی او سی نے خبردار کیا تھا کہ جلسوں کی وجہ سے کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے جس پر اپوزیشن نے کورونا وبا کو غیر اہم قرار دیا اور کہا کہ کورونا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیشت مستحکم ہورہی ہے، ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، روزگار کے وسائل دستیاب ہورہے ہیں، چینی کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے اور اس دوران اپوزیشن پاکستان کو دیوالیہ اور فیٹف پر بلیک لسٹ کرنے کی کوشش کی۔

گیند پکڑنے کی کوشش میں آسٹریلوی کھلاڑ ی وارنر زخمی ہو کر اسپتال منتقل

بھارت اور  آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران آسٹریلین کھلاڑی ڈیوڈ وارنر زخمی ہو کر اسپتال منتقل ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوڈ وارنر بھارتی بیٹنگ کے دوران چوتھے اوور میں گیند پکڑنے کی کوشش میں زخمی ہوئے، جس کے باعث انہیں فوری طور پر طبی امداد دی گئی مگر “گرواِن انجری” کی وجہ سے وہ چلنے سے قاصر رہے چنانچہ انہیں گراؤنڈ سے باہر لے جایا گیا۔

تاہم اب اطلاعات یہ ہیں کہ انہیں مسلسل تکلیف کی وجہ سے اسکیننگ کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف 50 اوورز میں 389 رنز اسکور کیے جس کے تعاقب میں بھارت کی بیٹنگ جاری ہے۔

واضح رہے کہ اوپنر کی حیثیت سے آنے والے ڈیوڈ وارنر نے 77 گیندوں پر 83 رنز کی اننگز کھیلی۔

کوفے کی سیاست سے مدینے کی ریاست نہیں بن سکتی: بلاول کی حکومت پر تنقید

پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملتان میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)  کے جلسے سے قبل گرما گرمی میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ پولیس نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں اور دیگر کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے ہیں۔

پولیس نے پیپلزپارٹی کے رہنما علی قاسم گیلانی کو گرفتار کیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کی گرفتاری پر شدید ردعمل دیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں بلاول کا کہنا تھا کہ کوفے کی سیاست سے مدینے کی ریاست نہیں بن سکتی۔

انہوں نے گرفتار علی قاسم گیلانی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات پولیس نے علی قاسم گیلانی کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب نے انہیں ایک ماہ کے لیے جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا۔

پاکستان اقلیتوں کیلئے دنیا کا محفوظ ترین ملک بن گیا ہے ،گورنر پنجاب

گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہناہے کہ پاکستان اقلیتوں کیلئے دنیا کا محفوظ تر ین ملک بن گیا ہے جبکہ بھارت میں مودی کی نگرانی میں اقلیتوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ایم پی اے سردار مہندر پال اور دیگر نے ملاقات کی،گورنر پنجاب نے سکھ برادری کوباباگرونانک کے جنم دن پر مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں سکھ سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے جبکہ بھارت میں مودی کی نگرانی میں اقلیتوں کا قتل عام ہو رہا ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہاکہ کرتارپورراہداری منصوبہ بھارت کو آج تک ہضم نہیں ہورہا،آر ایس ایس اورنریند ر مودی کا ایک ہی مشن ہے جو امن کیلئے تباہ کن ہے ،پاکستان اقلیتوں کیلئے دنیا کا محفوظ تر ین ملک بن چکا ہے ،حکومت سکھ یاتریوں کو سیکیورٹی سمیت تمام سہولتیں دے رہی ہے،ہم قائدا عظم کے ویژن کے مطابق اقلیتوں کو تحفظ دے رہے ہیں۔

پاکستان کے نامور اداکار فواد خان کا 39 واں یوم پیدائش

پاکستان کے نامور اداکار فواد خان نے اپنے کیرئیر کا آغاز گلوکاری سے کیا۔

2007 میں فلم” خدا کے یے ” میں انہوں نے اپنا کردار ادا کیا،اور انہوں نے   ڈرامہ” ہم سفر ” سے بے حد شہرت سمیٹی  اس کے بعد ” زندگی گلزار ہے” اور” داستان” جیسے ڈراموں میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔

فواد خان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہمسایہ ملک میں بھی کیا گیا جہاں انہوں نے  فلم “خوبصورت”  اور” کپور اینڈ سنز  ” میں کام کیا۔2017 مین انہیں پرکشش مردوں کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا۔

افغان شہر غزنی میں خودکش حملہ، 23 افراد ہلاک اور 16زخمی

افغانستان کے شہر غزنی میں خودکش حملے کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق افغان شہر غزنی میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

افغان میڈیا کے مطابق خودکش حملے میں صوبہ زابل کے کونسل سربراہ کے قافلے کو نشانا بنایا گیا، ابھی تک طالبان سمیت کسی بھی گروپ کی جانب سے ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے تاہم پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔