وادی تیراہ، ملکہ کوہسار مری میں برفباری سے ٹھنڈ میں اضافہ

برفباری کے بعد خیبر کی وادی تیراہ کے پہاڑوں نے برف کی سفید چادراوڑھ لی ہے۔ برفباری سے سیاحوں کا مزہ دوبالا ہوگیا ہے۔ ملکہ کوہسار مری میں جاری برفباری نے موسم ٹھنڈا کردیا جبکہ سوات، مالم جبہ اور کالام میں بھی سیاحوں کا رش لگ گیا ہے۔ آزاد کشمیر میں برفباری سے کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

ملک میں کہیں بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے تو کہیں برفباری سے حسین وادیوں کا حسن مزید نکھر گیا ہے۔

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے ہرطرف سفیدی چھا گئی۔ کچھ علاقوں میں ہر چیز برف سے ڈھک گئی۔

مری میں آٹھ فٹ برف ریکارڈ کی گٸی جبکہ ایوبیہ اور نھتیاگلی میں ایک فٹ سے زاٸد برف پڑ چکی ہے۔

سیاحوں کی بھی بڑی تعداد مری پہنچی ہوٸی ہے اور شہری سہانے موسم سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

وادی سوات اور وادی کاغان میں برفباری سے ہر طرف پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ۔

 

 

وادی تیرہ برفباری کے بعد دلکش مناظر پیش کرنے لگی۔ دلفریب نظاروں کو دیکھنے کیلئے سیاح بھی پہنچ گئے۔

برفباری سے موسم تو اوسم ہوا لیکن سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔

 

 

آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا۔ لینڈسلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہوگئیں۔

متعدد سڑکیں بند ہونے سے وادی لیپہ، وادی نیلم اور کنگاچوٹی سمیت دیگر بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ دارالحکومت مظفرآباد سے منقطع ہوگیا۔

ملائیشیا کے نئے بادشاہ کی دولت کے چرچے، 300 کاریں، نجی فوج، طیاروں کا مالک

کوالا لمپور: ملائیشیا کے شاہی خاندان کے 65 سالہ جوہر سلطان اسکندر ملک کے نیا بادشاہ بننے جار ہے ہیں اور دنیا میں ان کی دولت کے چرچے ہو رہے ہیں، ایک اندازے کے مطابق ان کا خاندان 5.7 ارب ڈالر سے زائد اثاثوں کا مالک ہے، جس میں کاریں، نجی فوج اور طیارے بھی شامل ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے این دی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جوہر سلطان اسکندر کی دولت صرف ملائیشیا تک محدود نہیں ہے بلکہ ملک سے باہر بھی اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے اثاثوں میں زمینیں، کانیں، ٹیلی کمیونیکیشن، پام آئل سمیت دیگر شعبوں میں ان کا حصہ شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق جوہر سلطان کا محل استانا بوکیٹ ان کے خاندان کی دولت کا مظہر ہے، جہاں جرمنی کے ایڈولف ہٹلر کی تحفہ کی ہوئی کار سمیت 300 لگژری کاریں، نجی طیاروں کی فلیٹ، گولڈن اور نیلے رنگ کا 737 بوئنگ بھی کھڑا رہتا ہے اور ان کے خاندان کی نجی فوج بھی ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ان کے خاندان کی دولت کا حجم ایک اندازے کے مطابق 5.7 ارب ڈالر ہے لیکن سلطان ابراہیم کی دولت اس سے کہیں زیادہ ہے، ملائیشیا کی بڑی موبائل سروس کمپنیوں میں سے ایک یو موبائل میں 24 فیصد سے زیادہ حصص ہیں، نجی اور سرکاری کمپنیوں میں کی گئی مجموعی سرمایہ کاری 58 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔

سلطان کی دولت میں سنگاپور میں 4 ارب ڈالر مالیت کی اراضی سمیت بوٹینک گارڈن سے متصل مہنگا علاقہ ٹائیرسال پارک بھی شامل ہے، حصص اور رئیل اسٹیٹ ٹرانزیکشنز سے اضافی 1.1 ارب ڈالر حاصل ہوتے ہیں۔

سلطان کا ملکی اور خطے کے امور میں کردار

سلطان ابراہیم کا ملائیشیا کے انتظامی امور میں کردار علامتی ہوگا لیکن ملک کے سیاسی ماحول میں ان کی کردار اہمیت رکھتا ہے اور اپنے پیش رو کے مقابلے میں ان کی شہرت نمود و نمائش اور بے باک شخصیت کے طور پر ہے۔

رپورٹ کے مطابق انہیں سنگاپور کی سیاسی قیادت اور مشہور چینی ڈیولپرز سے تعلقات کی وجہ سے انہیں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اثر و رسوخ حاصل ہے اور ملک کی خارجہ پالیسی پر اس کا اثر پڑے گا۔

چینی سرمایہ کاروں اور سنگاپور کی قیادت کے ساتھ دیرینہ تعلقات کی بنا پر انہیں خطے کے معاملات میں نمایاں مقام حاصل ہوگا اور ملائیشیا کے اندر ذاتی جائیداد یا دولت سے بڑھ کر ملکی معیشت پر بھی ان کا بڑا اثر و رسوخ ہوگا کیونکہ چائینیز تائیکون کے ساتھ مل کر انہوں نے ملک کے اندر کئی بڑے منصوبوں کی تکمیل میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

عدالتی احکامات نہیں مانے تو ہم استعفیٰ دیکر عزت سے چلے جائیں گے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ابراہیم خان نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ نے بہت سے آرڈر دیے ہیں اس کی خلاف ورزی ہورہی ہے، ایک ادارہ کہتا ہے ہم نے احکامات نہیں ماننے، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوگی تو اس پر کمپرومائز نہیں کرسکتا۔ اگر عدالتی احکامات نہیں مانے گے تو پھر ہم استعفی دیکر عزت سے چلے جائیں گے۔ عدالت نے سلمان شنواری سے متعلق درخواست پر سماعت کل 2 بجے تک ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری کوہاٹ سلمان شنواری کی احاطہ عدالت سے گرفتاری کے خلاف درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت کے موقع پر چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ رپورٹ پیش کریں بندہ کہا ہے اور آپ ہمیں رپورٹ نہیں دے سکتے تو پھر ہم آپ کو بھی گھر بھیج دینگے، کل آپ تحریری طور پر جواب جمع کریں۔

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت دینے کے بعد ریمارکس دیے کہ پھر ہم دیکھے گے کہ قانون کے مطابق کیا کارروائی ہوسکتی ہے۔

سماعت کے موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ نے عدالت کو بتایا کہ تمام ایجنسیز سے رابطہ کیا انہوں نے زبانی بتایا کہ ہمارے پاس یہ بندہ نہیں ہے، تحریری طور پر جواب جمع کروں گا، اس کے لئے وقت دیا جائے۔

جس پر چیف جسٹس ابرہیم خان نے کہا کہ آپ جواب جمع کریں اگر نہیں ملا، پھر ہم ان لوگوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ پھر ہم یہ بھی دیکھے گے کہ ان کے خلاف کیسے کارروائی کرسکتے ہیں، آپ اس پر بھی عدالت کی معانت کریں گے۔

 

 

مزید ریمارکس دیے کہ اس کے لئے لارجر بنچ تشکیل دینگے جتنے ججز دستیاب ہونگے اس پر مشتمل لارجر بنچ بنائیں گے۔

چیف جسٹس ابراہیم خان نے کہا کہ اے جی صاحب جوڈیشری کی عزت کا خیال رکھیں۔ ملک میں اکیلا ایک ادارہ کچھ نہیں کرسکتا، ہائیکورٹ نے بہت سے آرڈر دیئے ہیں اس کی خلاف ورزی ہورہی ہے، ایک ادارہ کہتا ہے ہم نے احکامات نہیں ماننے۔ اگر عدالتی احکامات نہیں مانے گے تو پھر ہم استعفی دیکر عزت سے چلے جائیں گے۔ اس کرسی پر آج میں ہوں کل کوئی اور ہوگا لیکن اس سسٹم کو چلنا چاہیئے۔

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیے کہ مہربانی کریں اس سسٹم کو چلنے دیں جوڈیشری کو عزت دیں۔ عدالتی احکامات پر عمل نہیں ہوگا تو پھر ملک نہیں چلے گا یہ سسٹم خراب ہوجائے گا۔

 

 

انھوں نے مزید کہا کہ ہم قانون کے مطابق کے چلتے ہیں، جو حلف اٹھایا ہے اس پر چلتے ہیں۔ میرے والد بھی آرمی میں صوبیدار تھے، میں خود کیڈٹ کالج سے پڑھا ہوں، ہم سب آرمی کی عزت کرتے ہیں۔

ریمارکس میں مزید کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوگی تو اس پر کمپرومائز نہیں کرسکتا۔

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کل (جمعرات) آپ تحریری طور پر جواب جمع کریں۔ عدالت نے سماعت کل 2 بجے تک ملتوی کردی۔

ڈبلیو ایچ او کا عالمی سطح پر جعلی ادویات کی فروخت میں اضافے کا انکشاف

جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ گزشتہ برس ذیا بیطس کی مشہور ادویات (جو وزن میں کمی کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہیں) کی فراہمی میں عالمی سطح پر ہونے والی قلت کے سبب مشتبہ طور پر جعلی ادوایات کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ادارے کا کہنا تھا کہ جی ایل پی-1ایگنسٹس کلاس سے تعلق رکھنے والی ادویات کے جعلی ورژن اکثر بے قاعدہ ذرائع (بشمول سوشل میڈیا پلیٹ فارم) سے فروخت اور تقسیم کیے جا رہے ہیں، جو کہ صحت کے حوالے سے انتہائی سنگین نتائج رکھتا ہے۔

 

 

ڈبلیو ایچ او کے مطابق جعلی ادویات خراب کارکردگی یا زہریلے ردِ عمل کے لیے جانی جاتی ہیں۔ عین ممکن ہے ادویات ممکنہ طور پر غیر صحت بخش ماحول میں غیر سندیافتہ افراد کی جانب سے بنائی گئی ہوں جس کی وجہ سے یہ بیکٹیریا سے آلودہ ہوں۔

اوزیمپک اور اس جیسی متعدد ادویات (جن کو وزن کم کرنے کی ادویات کے طور پر منظوری ملی تھی) کی بے تحاشہ طلب عالمی مارکیٹ میں جعلی ادویات کی کھپت کا سبب بنی ہے۔

ایک خبر رساں ادارے کے مطابق 2023 میں امریکا میں اوزیمپک کی نقل استعمال کرنے کے سبب بلڈ شوگر خطرناک حد تک کم ہوجانے کے بعد تین لوگوں کو طبی مدد فراہم کی گئی۔

گزشتہ برس آسٹرین اور لبنانی صحت کے حکام نے بھی بتایا تھا کہ جعلی اوزیمپک کے استعمال سے لوگوں کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔

جی ایل پی-1 ایگنسٹس (جن کو ٹائپ 2 ذیا بیطس کے علاج کے لیے بنایا گیا تھا) کھانے کی طلب کم کرتی ہیں اور معدے کے خالی ہونے کی رفتار کو کم کرتی ہیں۔مطبی آزمائشوں یہ بات دیکھی جا چکی ہے کہ یہ ادویات مریضوں میں 15 سے 20 فی صد تک وزن کم کر دیتی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ ان ادویات کی طویل قلت اور جعلی ادویات کی دستیابی کے سبب ٹائپ 2 ذیا بیطس کے مریضوں کو سب سے زیادہ نقصان اٹھا نا پڑا۔

عدالتی نظام دو دنوں میں دو فیصلوں سے خود دفن ہوگیا ہے، علیمہ خان

 راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے سائفر اور توشہ خانہ کیس کے فیصلوں کے خلاف اعلیٰ عدالتوں میں جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی نظام دو دنوں میں دو فیصلوں کے بعد خود دفن ہوگیا ہے۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہمارے وکلا ہمیں جواب دیں، انہوں نے کہا تھا بار کونسلز اور ایسوسی ایشنز انصاف کے لیے کھڑی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے تو وکلا ہمیں بتائیں کہ یہ ججوں کو انہی سے اٹھ کر بنائے جاتے ہیں تو ان کو کیوں نہیں دیکھا جاتا، انہوں نے کیوں نہیں دیکھا کہ ہمیں انصاف دلا سکیں گے کہ نہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پورے نظام کو بے نقاب کردیا ہے، وکلا ہمیں جواب دیں یہ کس قسم کے جج آئے ہیں، ہم سمجھ رہے تھے کہ بار کونسلز اور وکلا تنظیمیں ان سب معاملات پر نظر رکھتے ہیں اور کوئی کیوں نہیں بول رہا ہے، سب اپنی اپنی انتخابی مہم چلا  رہے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن نے کہا کہ سائفر کیس میں سب نے دیکھا ہے کہ سابق وزیراعظم اور سابق وزیرخارجہ کے ساتھ جج کیسے برتاو کررہا تھا، دو فیصلوں کے بعد ہمیں 8 فروری کو مزید جوش سے نکلنا چاہیے، بہت منظم انداز میں لوگ ووٹ کے لیے نکلیں گے، ایک ووٹ کی کوئی قیمت نہیں ہوسکتی، یہ ہماری ذمہ داری ہے ووٹ کسی کو بھی ڈال دیں لیکن ہمیں ووٹ ڈالنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں صرف واویلا کررہی ہیں، ان کو پتا چل گیا ہے لوگ کس کے ساتھ ہیں، جماعت اسلامی کا کیا حال کر دیا ہے، مولانہ مودودی کتنے بڑے انسان تھے، عمران خان کا صرف جیل میں رہنا ہی ان کے لیے شرمندگی ہے، یہ اتنے شرمندہ ہوں گے کہ بولنے کے قابل نہیں رہیں گے۔

آزادانہ اورمنصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، کورکمانڈرزکانفرنس

 اسلام آباد: 262 ویں کورکمانڈرز کانفرنس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے ،اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے  گی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز( ملٹری ) کے زیرصدارت  262ویں کور کمانڈرز کانفرنس  منعقد ہوئی، جس میں عزم کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

آرمی چیف نے کورکمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت مقدس اور ناقابل تسخیر ہے اور پاکستان تمام ریاستوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔

آرمی چیف  نے مزید کہا کہ ملکی خودمختاری،قومی عزت اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کانفرنس کے شرکاء کو بھارت کی جانب سے ماورائے علاقہ اور ماورائے عدالت قتل، ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی اور بھارت کی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی گھناؤنی مہم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

فورم نے اتفاق کیا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔

شرکائے کانفرنس نے کہا کہ عالمی برادری پہلے ہی بھارت کے مجرمانہ رویے اور دنیا بھر میں قتل و غارت گری کے لیے ریاستی طاقت کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔

فورم نے فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تنازعہ کے انتہائی منفی اثرات اورخطے میں پھیلاؤ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا، فورم نے فلسطین میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کی فوری ضرورت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکائے کانفرنس نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انصاف کی فراہمی تک اخلاقی، سیاسی او ر سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

فورم نے عام انتخابات 2024 کے پرامن انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی معاونت کے لیے پاکستان آرمی کی تعیناتی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شرکائے کانفرنس نے کہا کہ پاک فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحت تفویض کردہ ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی۔

شرکائے کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے کی،اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فورم نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور غیر قانونی تارکین وطن سمیت غیر قانونی سرگرمیوں اور مجرمانہ مافیاز کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔

شرکاء کانفرنس نے اس طرح کے اقدامات اور ان کے معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود پر مثبت اثرات کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے فارمیشنز کمانڈرزپر پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، تربیت کے دوران بہترین کارکردگی اور فوجی جوانوں کے مورال اور بہبود پر زور دیا ۔

کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس طلب

 اسلام آباد: خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کل اہم اجلاس طلب کر لیا۔نگراں وزیر داخلہ اور سیکریٹری داخلہ اجلاس میں شریک ہونگے۔ کے پی کے اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز اور حساس اداروں کے نمائندگان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ آج خیبر پختون خوا کے ضلع باجوڑ میں پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان لیڈر اور قومی و صوبائی نشستوں سے الیکشن میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار ریحان زیب خان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے جبکہ کوئٹہ میں سریاب روڈ پر پی پی پی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملے میں 5 کارکن زخمی ہوگئے۔

فتنے نے قوم کو صرف ایک سبق دیا کہ ماروگھسیٹوآگ لگادو، مریم نواز

نارووال: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں شر پھیلانے کے لیے لائے گئے فتنے نے قوم کو صرف ایک ہی سبق دیا کہ مارو گھسیٹو اور آگ لگادو۔انتخابات کے سلسلے میں جلسہ عام  سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے چاروں جانب عوام ہی عوام دکھائی دہے رہے ہیں۔ اتنا بڑا جلسہ ہے کہ اسٹیڈیم سے بھی باہر جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری بدقسمتی ہے کہ کبھی نارووال نہیں آ سکی ، مگر آج یہاں آ کر خوشی کی کوئی حد نہیں ہے۔ آج جانا کہ مجھے نارووال، شکر گڑھ اور ظفر وال کیوں بلایا جا رہا تھا۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے گھروں کو چلے گئے اور آج میدان میں صرف اور صرف ایک لیڈر شیروں کی طرح کھڑا ہے، اس کا نام محمد نواز شریف ہے۔ جتنی سازشیں کیں، جتنا انتقام لیا، جتنا ظلم کیا، ایک ایک کرکے سب اپنے اپنے انجام کو پہنچے، آج ٹی وی پر دیکھتے ہوں گے نواز شریف کو اللہ نے دوبارہ عزت دے دی۔ یہ مکانافات عمل کے سوا کچھ نہیں۔

تحریک انصاف کا ایک ہفتے میں دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا فیصلہ کرلیا۔تحریک انصاف کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا جس میں انٹرا پارٹی الیکشن کی قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد پاس ہونے کے بعد سات دن کے اندر اندر انتخابات کروائے جائیں گے۔انتخابات فیڈرل الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد ، کراچی، لاہور سمیت ڈیجیٹلی بھی کروائے جا سکتے ہیں۔اجلاس میں رؤف حسن کو متفقہ طور پر تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر مقرر کردیا گیا۔ انٹرا پارٹی انتخابات کے فیصلے تک عمر ایوب پارٹی کے چیف آرگنائزر ہوں گے۔ 31 جنوری 2024 تک پاکستان تحریک انصاف کی رابطہ ایپ پر رجسٹرڈ ممبران ہی الیکشن لڑنے اور ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات کے لئے نامزد کردہ امیدوار آزاد نہیں سمجھے جائیں گے بلکہ الیکشن کے بعد بھی پی ٹی آئی کا ہی حصہ ہوں گے۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ عمران خان پی ٹی آئی کے بانی ہیں اور ہمیشہ ہمارے لیڈر رہیں گے۔

نیپرا نے عوام پر بجلی بم گرادیا، مزید 5.62 روپے یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری

اسلام آباد: نیپرا نے عوام پر ایک بار پھر بجلی بم گرا دیا اور قیمت میں 5.62 روپے فی یونٹ مزید اضافہ کرنے کی منظوری دے دی۔بجلی کی قیمت میں 5 روپے 62 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت چیئرمین وسیم مختار کی سربراہی میں نیپرا ہیڈ آفس میں ہوئی، جس میں دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر سماعت مکمل ہونے پر نیپرا نے 5.62 روپے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی ابتدائی منظوری دے دی۔قیمت میں حالیہ اضافے سے بجلی صارفین پر 49 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق اعداد و شمار کا جائزہ لے کر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔درخواست کی سماعت کے دوران سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ ایف سی اے کی مد میں اضافے کے ساتھ بقایاجات کی مد میں بھی رقم شامل ہے۔ گدو کے 2 ارب 56 کروڑ سے زائد کی انڈیکسشن شامل ہے۔ آر ایل این جی،امپورٹڈ کول اور لوکل کول کی قیمتوں میں استحکام ہے۔ گزشتہ ماہ کے بلوں میں نومبر کا ایف سی اے 4 روپے 13 پیسے لیا گیا۔ دسمبر کے ماہ میں ایف سی اے کی مد میں 5 روپے 56 پیسے کی درخواست ہے، تھرکول سے جو ایورج پیداوار ہے وہ ہو رہی ہے۔ممبر نیپرا نے استفسار کیا کہ سردیوں میں ہائیڈرل کم ہو جاتی ہے باقی پلانٹس کا شیڈول بنایا گیا ؟ ۔ سردیوں میں تو لوگوں پر بوجھ کم ہونے کی توقع ہوتی ہے۔ممبر نیپرا مطہر نیاز رانا نے کہا کہ سب سے کم فیول کاسٹ نیو کلئیر کی ہے۔ ممبر رفیق شیخ نے کہا کہ آپ لوگ مان رہے ہیں کہ فیول پر ریفرنس نہیں بڑھا۔سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ آر ایل این کا کمپوننٹ رواں سال آرہا ہے۔ ساؤتھ نارتھ پر مسائل کی وجہ سے بھی امور طے کرنا پڑتے ہیں، جس پر ممبر رفیق شیخ نے کہا کہ ساؤتھ نارتھ پر تو 1970 سے مسائل آ رہے ہیں۔ کب تک ہم لوگ ساؤتھ نارتھ کو دلیل بنا کر پیش کریں گے۔بعد ازاں نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی ابتدائی منظوری دے دی۔

پیپلز پارٹی کو کسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، بلاول بھٹو

مالاکنڈ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو کسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی اور 2018 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو انتخابی مہم چلانے نہیں دی گئی۔بٹ خیلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ 2018 میں پی ٹی آئی کو دہشت گردوں نے این او سی دیا ہوا تھا، خان صاحب کے تمام مخالف چور تھے لیکن کیا ان کے ساتھ موجود سب فرشتے تھے؟پی پی چیئرمین نے کہا کہ خاں صاحب کو خود توبہ کرنی چاہیے اور جو ہو رہا ہے یہ مکافات عمل ہے۔ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے اس لیے بانی پی ٹی آئی کو سزا پر جشن نہیں منا رہی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام دونوں اب تک آپ کے پاس ووٹ مانگنے نہیں آئے لیکن میں آیا ہوں کیونکہ مجھے آپ لوگوں کی فکر ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کو اپنی بیٹی کے ساتھ انتقام کی سیاست دیکھنا پڑے لیکن کیا ن لیگ والے آج اپنے ووٹ کی عزت کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے علاوہ عوام کی بات کوئی نہیں کرتا۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہو نواز شریف آپ کا چوتھی مرتبہ وزیراعظم نہ بنے تو اس سازش کو ناکام بنائیں اور انتخابات والے روز شیر کے بجائے تیر پر نشان لگائیں۔ تین مرتبہ وزیراعظم بن کر بھی ملک کے حالات نہیں ٹھیک کر سکے تو اب کیا کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی 17 وزارتیں جو ملکی خزانے پر بوجھ ہیں انہیں کر دوں گا کیونکہ عمران خان اور نواز شریف یہ کام نہیں کر سکے۔ ہم نے سندھ کے ہر ضلع میں مفت علاج کے لیے اسپتال بھی بنائے ہیں، ہم اسی طرح کے اسپتال مالاکنڈ بھی بنائیں گے اور ہیلتھ کارڈ کے نام پر دھوکا نہیں کریں گے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم نے سیاست کو سیاست رکھنا ہے اس کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا، ان لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں ملک اور معیشت کو تباہ نہ کریں۔

باجوڑ میں فائرنگ سے پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی امیدوار جاں بحق

خیبر پختون خوا کے ضلع باجوڑ میں پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان لیڈر اور قومی و صوبائی نشستوں سے الیکشن میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار ریحان زیب خان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔ڈی پی او باجوڑ کاشف ذوالفقار نے بتایا کہ صدیق آباد پھاٹک بازار مین چوک میں ریحان زیب الیکشن مہم کے سلسلے میں موجود تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔ایس ایچ او رشید خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریحان زیب خان این اے 8 اور پی کے 22 سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔واقعے کے باعث دونوں نشستوں پر الیکشن ملتوی کردیا جائے گا جس کا باقاعدہ اعلامیہ ریٹرننگ آفیسر جاری کریں گے۔ الیکشن ایکٹ کی شق 73 کے مطابق انتخابی نشانات جاری ہونے کے بعد امیدوار کی موت سے الیکشن ملتوی ہوجاتے ہیں۔

پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی جنگ میں ہماری مقبولیت کم ہوئی، شہباز شریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی جنگ میں ہماری مقبولیت کم ہوئی۔ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے قوم کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں جانے سے ہماری مقبولیت کم نہیں ہوئی، حکومت میں آکر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی خاطر جو ہم نے جہاد کیا، جنگ لڑی، اس سے یقینا ہماری مقبولیت میں کمی ہوئی، اور اگر میں یہ بات نہیں کہوں گا تو یہ حقائق سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہے، مگر آج آپ نے خود دیکھا ہے کہ جو تازہ ترین جتنے بھی سروے ہوئے ہیں، ان میں الحمدللہ ن لیگ نواز شریف کی قیادت میں دوبارہ تیزی سے مقبولیت حاصل کررہی ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں دوبارہ موقع ملا تو نواز شریف پاکستان کے برے دن بدلنے میں دن رات ایک کردیں گے، ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا اور نہ ہی کسی کو سیاسی بنیاد پر کبھی کوئی نقصان پہنچایا گیا۔لیگی رہنما نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو معاشی، معاشرتی اور خارجی چیلنجز کا سامنا ہے۔ قیام پاکستان کے خواب ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے۔ حالات کو درست سمت کی جانب موڑا جائے تو نقصان کا ازالہ ہوگا۔ہم نے ماضی میں بھی زراعت کے میدان میں انقلابی قدم اٹھائے، نوجوان نسل کو کلاشنکوف نہیں بلکہ ان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دیے گئے ۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار اسکیموں کے تحت ملازمتوں کے مواقع دیے گئے۔2013 سے 2018 تک کا دور سب کے سامنے ہے۔ اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھا۔ آر ٹی ایس بٹھانے کے باوجود بھی ہم جیت چکے تھے، مگر پھر سب کو یاد ہوگا کہ رات کو ٹھپے لگائے گئے اور جیت کو شکست میں بدلنے کی بڑی ایک شرمناک سازش کی گئی۔شہباز شریف نے کہا کہ آج جو سب لوگ کہہ رہے ہیں ، اس پر میں کہوں گا کہ یہ سب کچھ ہم نے نہیں کیا، یہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے فیصلے ہیں۔ سپریم کورٹ کی سماعتیں براہ راست نشر ہوئی ہیں، جس نے پوری قوم نے دیکھا ہے کہ ان سے جو سوالات کیے گئے، اس کے ان کے پاس نہ کوئی ثبوت تھے نہ دستاویزات۔ ایسی بے شمار چیزیں ہیں۔ الیکشن کمیشن کا پورا ایک نظام ہے۔ووٹ کو عزت دو سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم اپنے وعدے کے مطابق ایک بار پھر اقتدار میں آکر 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم کریں گے اور ماضی میں بھی ہم نے یہی کچھ کیا تھا، جس سے بہتری آئی تھی۔ یہ سب کچھ عوام کی توقعات پوری کرنے سے ہوتا ہے، اور اسی کوووٹ کو عزت دو کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر میں اسٹیبلشمنٹ کی آنکھ کا تارا ہوتا تو میں نے تو جیلیں بھی کاٹیں، پابندیاں اٹھائیں، نیب کے عقوبت خانے میں بند رہے، اپنے بھائی کے ساتھ جیلوں میں گیا، ہتھکڑیاں لگیں، بکتر بند گاڑیوں میں لائے گئے، کیا یہ سب اسٹیبلشمنٹ کی آنکھ کا تارا ہونے سے ہوتا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں بہت اچھا نظام بنا دیا تھا، کرپشن ختم ہو گئی تھی، سرکاری محکموں میں عوام کے کام جلدی ہو جاتے تھے، مگر پھر بدقسمتی سے ایک صاحب آئے اور انہوں نے اس سب کو گالی گلوچ میں بدلنے کی کوشش کی، نوجوان نسل کو بہکانے کے تباہ کن اثرات آج ہمارے سامنے ہیں۔ ہم اقتدار میں آکر پبلک ٹرانسپورٹ میں انقلاب لائیں گے جیسا کہ مسلم لیگ ن نے ماضی میں کیا تھا۔شہباز شریف نے کہا کہ ہماری پارٹی، کارکنوں، رہنماؤں اور اقارب نے جو مشکلات اور قربانیاں برداشت کی ہیں، اس کے بدلے میں ہم صرف یہ ہی چاہتے ہیں کہ انتخابات شفاف ہوں اور ملک کی ترقی کا پہیہ تیزی سے گھومے، تاکہ عوام کی مشکلات دور ہوں،قائداعظم کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے سب مل کر شبانہ روز کاوشیں کرنا ہوں گی۔