ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل، ٹائسن فری اور ڈیلئن وائٹ کی فائٹ طے پاگئی

لندن: (ویب ڈیسک) انگلش باکسر ٹائسن فری کی ہم وطن حریف ڈیلئن وائٹ سے فائٹ طے پا گئی ، ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل کے لیے دونوں فائٹر 23 اپریل کو رِنگ میں اتریں گے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوشیلے، بھڑکیلے اور پھرتیلے کھیل باکسنگ کا عالمی مقابلہ مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ، ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل کے لئے انگلینڈ ہی سے تعلق رکھنے والے ٹائسن فری اور ڈیلئن وائٹ رواں سال 23 اپریل کو مدمقابل ہوں گے ، جبکہ ممکنہ طور پر کارڈیف کے باکسنگ ارینا اور رِنگ میں یہ زور کا جوڑ پڑے گا ۔
33 سالہ ڈیلئن وائٹ 30 بار اِن ایکشن ہوئے، دو مرتبہ ہارے اور ان کے ناک آؤٹس کی تعداد 19 ہے جبکہ انہی کے ہم عمر ٹائی سن فری 32 مقابلوں میں سے صرف ایک ہارے، 22 میں انہوں نے مدمقابل کو ناک آؤٹ کیا۔
سٹار بلکہ تجربہ کار فائٹر ٹائسن فری نے حریف کو ناک آؤٹ کرنے کا دعویٰ کر کے پرستاروں کو بھی پرجوش کر دیا ہے جبکہ دونوں فائٹرز کے اس باؤٹ کو ہم پلہ ہونے پر بہت دلچسپ قرار دے کر اس کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے ۔

پارٹی گیٹ سکینڈل: برطانوی وزیراعظم نے قوم سے معافی مانگ لی

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن پارٹی گیٹ سکینڈل پر قوم سے معافی مانگ لی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بورس جانسن کے خلاف پارٹی گیٹ سکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران وزیر اعظم ہاؤس میں پارٹیوں کے انعقاد کو قائدانہ کوتاہی قرار دیا گیا ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد اب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے قومی سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ میں معذرت چاہتا ہوں، میں لوگوں کے غصے کو سمجھتا ہوں، ہمیں اپنے آپ کو آئینے میں دیکھنا چاہیے اور سیکھنا چاہیے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس اور وزراء کی رہائشگاہوں پر بعض پارٹیاں ایسی تھیں جن کو روکا جانا چاہیے تھا لیکن نہیں روکا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جب برطانیہ بھر میں لاک ڈاؤن نافذ تھا تو ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں پارٹیاں منعقد کی جارہی تھیں جن کو برطانوی میڈیا نے رواں ماہ بے نقاب کیا تھا۔

پی ایس ایل 7: ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ کو شکست دے دی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے قائد محمد رضوان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
ملتان سلطانز کے 175رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احسن علی اور ول سمیڈ نے اننگز کا آغاز کیا مگر سمیڈ زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 3 سکور بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے،دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر احسن علی تھے جو کہ 24 سکور بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر ہی کلین بولڈ ہوئے،بین ڈکٹ 47،سرفراز احمد 21، عاشر قریشی صفر اور محمد نواز 1 رنز بناکر پویلین لوٹے،خوشدل شاہ اورعمران طاہر نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 175 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور شان مسعود نے کیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سہیل تنویر نے پہلا اوور کرایا۔ محمد رضوان صفر پر محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ صہیب مقصود کی گری اور انہوں نے 23 گیندوں پر 21 رنزبنائے، تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر ریلی روس تھے جو 21 رنز بناکر پویلین لوٹے، شان مسعود نے 58 گیندوں پر 88 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد حسنین کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر174رنز بنائے، ٹم ڈیوڈ28 اور خوشدل شاہ8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بلاول نے یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے عہد سے یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے سینیٹ میں سابق وزیراعظم کے بیان کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زردای نے کہا کہ یوسف گیلانی کی جمہوریت کے لئے خدمات جمہوریت پسندوں کے لئے روشن مثال ہیں، پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے کہ جس کے نمائندگان خود کا احتساب کرتے ہیں، یوسف رضا گیلانی نے ہمیشہ جمہوریت کے لئے جدوجہد کی یہاں تک کہ عوام کی خدمت کے جرم میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے سٹیٹ بینک ترمیمی بل کے حوالے سے متعصبانہ کردار پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے ملی بھگت کرکے سٹیٹ بینک ترمیمی بل کو منظور کروایا۔

بے جا تنقید پر ہمارے دل دکھتے ہیں: نامزد چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ بے جا تنقید پر ہمارے دل دکھتے ہیں۔ تنقید فیصلوں پر کریں مصنف پر نہیں۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس گلزار احمد کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا، عشائیہ میں نامزد چیف جسٹس عمر عطاء بندیال، سپریم کورٹ کے جج صاحبان اور سینئیر وکلاء بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نامزد چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ بار اور بینچ کا بڑا خوبصورت رشتہ ہے، ہم سب کا مشترکہ مقصد انصاف کی فراہمی ہے، انصاف کی فراہمی عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیر التواء کیسز کی تعداد زیادہ ہو چکی ہے، مقدمات کو جلد نمٹائیں گے، مقدمات کے فیصلے فریقین کو سن کر کریں گے، تنقید فیصلوں پر کریں مصنف پر نہیں، بے جا تنقید پر ہمارے دل دکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ نئے چیف جسٹس جسٹس عمر عطاء بندیال پرسوں سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر جاری کردہ تفصیل کے مطابق جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم کوہاٹ، راولپنڈی اور پشاور میں حاصل کرنے کے بعد کولمبیا یونیورسٹی امریکا سے گریجویشن کیا۔ کیمبرج یونیورسٹی کے لنکن اِن سے بیرسٹر کی سند حاصل کی۔ 1983ء میں لاہور ہائی کورٹ اور کچھ برسوں بعد سپریم کورٹ کے وکیل کی حیثیت سے درج ہوئے۔
جسٹس عمر عطاء بندیال نے 4 دسمبر 2004ء کو لاہور ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اُٹھایا لیکن نومبر 2007ء میں انہوں نے سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف کے عبوری آئینی حکم نامے (پی سی او) کے تحت حلف اُٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔ بعدازاں وہ دو سال کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے۔
جون 2014ء میں ان کو سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا۔ اپنے اعلیٰ عدالتوں میں منصب قاضی کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جسٹس بندیال نے اہم مقدمات کے فیصلے دیئے۔
سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس گلزار احمد نے 21 دسمبر 2019ء کو جسٹس ثاقب نثار کی جگہ چیف جسٹس کا منصب سنبھالا تھا۔ جسٹس بندیال کے منصب کی میعاد مکمل ہونے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ان کی جگہ لیں گے۔ ان کی چیف جسٹس کے لئے میعاد 25 اکتوبر 2024ء تک ہوگی۔
جسٹس مقبول باقر اور جسٹس مظہر عالم خان چیف جسٹس بنے بغیر ہی عدالت عظمیٰ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

اوٹاوا: (ویب ڈیسک) کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
کینیڈین وزیراعظم نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آج صبح ان کا کوویڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے لیکن کوئی علامات نہیں ہیں اور وہ خود کو ٹھیک محسوس کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت صحت کے وضع کردہ رہنما اصولوں کی پاسداری کر ر ہے ہیں۔ وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا ویکسین کے ساتھ ساتھ بوسٹر بھی لگوائیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بیٹے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر جسٹن ٹروڈو آئسولیشن میں چلے گئے تھے۔

فلائٹس میں تاخیر، نیویارک ایئرپورٹ پر پھنسے سینکڑوں مسافروں کی حالت بگڑ گئی

نیویارک: (ویب ڈیسک) جے ایف کے ایئرپورٹ پر جیٹ بلو کی فلائٹس میں کئی گھنٹوں کی تاخیر کی وجہ سے سینکڑوں مسافر اتوار کی رات سے پھنسے ہوئے ہیں۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق ائیرپورٹ پر طیارے کی پارکنگ والے حصے (Tarmac) میں گھنٹوں پھنسے رہنے کی وجہ سے مسافروں کی حالت بگڑ گئی اور بعض مسافر پینک اٹیک کا شکار ہوئے جبکہ متعدد مسافروں نے نشستوں پر ہی پیشاب کردیا۔
بعض مسافر جو اندر ویٹنگ ایریا میں رہ گئے انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے انہیں یرغمال بنایا ہوا ہے کیونکہ فلائٹ کینسل کرنے کا کہا گیا تو انتظامیہ نے یہ بھی کرنے سے انکار کردیا۔
ایوی ایشن ایکسپرٹ جیسن ربینوویٹز نے بتایا کہ 20 فلائٹس رن وے پر منتشر کھڑی رہیں جس کی وجہ سے کوئی طیارہ بھی مسافروں کو لینے کیلئے گیٹ پر پہنچ نہیں پایا۔
اینی اسٹول نام کی ایک مسافر بتاتی ہیں کہ ان کی نیویارک سے بفیلو جانے والی فلائٹ کا ٹائم رات کے 8 بجے کا تھا لیکن 5 گھنٹے تک تاخیر ہوتی رہی۔ 5 گھنٹے بعد وہ جہاز میں بیٹھیں۔ لیکن ایک گھنٹے بعد تمام مسافروں کو جہاز سے یہ کہہ کر اتار دیا گیا کہ فلائٹ صبح 6 بجے تک لیٹ ہے تاہم صبح 7 بجے عملے کی جانب سے فلائٹ کینسل کردی گئی۔
مشتعل مسافروں کا کہنا ہے کہ وہ جیٹ بلو سے اس غیر ذمہ دارانہ انتظام پر وضاحت طلب کریں گے کیونکہ جس عملے سے بھی مسئلے کی وجہ پوچھی جارہی ہے تو کوئی بھی ٹھیک معلومات نہیں دے رہا جبکہ کچھ مسافروں نے سارے پیسوں کی واپسی کا بھی کمپنی سے مطالبہ کیا ہے۔

طالبان کا 2 فروری سے تمام یونیورسٹیز کھولنے کا اعلان

کابل: (ویب ڈیسک) طالبان حکومت کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ 2 فروری سے تمام جامعات کھول دی جائیں گی تاہم سرد علاقوں کی یونیورسٹیز میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز 26 فروری سے ہوگا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان حکومت کے وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن شیخ عبدالباقی حقانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک بھر کی اگست سے بند جامعات کو فوری طور پر کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
شیخ عبدالباقی نے مزید بتایا کہ گرم علاقوں میں یونیورسٹیز 2 فروری سے کھل جائیں گی البتہ سرد علاقوں میں موسم کی سختیوں کے باعث تدریسی عمل کا آغاز 26 فروری سے ہوگا۔
تاہم وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن نے یہ واضح نہیں کیا کہ جامعات میں طالبات کے لیے کیا پالیسی رکھی گئی ہے۔
قبل ازیں طالبان حکام اس بات پر زور دیتے آئے ہیں کہ جامعات کے نہ کھلنے کی وجہ طالبات کے لیے اساتذہ اور علیحدہ کلاسوں کا انتظام نہ ہونا ہے۔
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے 15 جنوری کو میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ لڑکیوں کے لیے تعلیمی ادارے افغانستان کے نئے سال سے کھول دیئے جائیں گے۔ افغان سال نو 21 مارچ کو ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان عالمی قوتوں نے افغان فنڈز کی بحالی کو لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کی ملازمتوں پر واپسی سے مشروط کیا ہے۔

روس میں کالی برفباری

ماسکو: (ویب ڈیسک) ہم بچپن سے ہی تصاویر، ویڈیوز اور قسمت اچھی رہی ہو تو براہِ راست برفباری کا مشاہدہ کرتے آرہے ہیں اور ہمیں اس کے ساتھ سفید لکھنے کی ضرورت کبھی پیش نہیں آئی، سبھی جانتے ہیں برفباری سفید ہوتی ہے
دنیا کے دو خطے ایسے ہیں جہاں برفباری دو متضاد رنگوں کی ہوتی ہے، ایک سفید اور دوسری کالی۔ جی ہاں! روس کے خطے مگاڈن میں موجود متعدد گاؤں میں اس سال بھی موسمِ سرما میں سیاہ برفباری کی اطلاع ہے۔ اسی طرح سائبیریا میں بھی عام برفباری کے ساتھ ساتھ کالے رنگ کی بھی برفباری ہوتی ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں ایسا کیوں ہوتا ہے؟
دراصل روس میں کوئلے سے چلنے والے پرانے واٹر ہیٹنگ پلانٹس ہیں جہاں نامیاتی مادوں کے نامکمل احتراق سے کاربن ذرات بڑی مقدار میں خارج ہوتے ہیں اور پھر آس پاس کے مقامات میں بالکل برفباری کی طرح گرتے ہیں۔ اور کالی برفباری کا منظر پیش کرتے ہیں۔
یہاں کے بچے عام برفباری میں لطف اندوز ہونے والے بچوں کی طرح ہی اس سیاہ برفباری میں کھیلتے نظر آتے ہیں۔ برسوں سے ایسی ویڈیوز اور تصاویر منظر عام پر آچکی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے یہاں کہ لوگوں کو اس عجیب رنگت کی برفباری سے کبھی کوئی پریشانی کا سامنا نہیں ہوا۔

بلدیاتی انتخابات: وزیراعظم عمران خان کی عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کے منتخب نمائندوں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران خیبرپختونخواسے تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوئے۔
ملاقات میں وزیر مواصلات مراد سعید، ارکان قومی اسمبلی حیدر علی خان، سلیم رحمان، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ ، محمد بشیر خان، جنید اکبر، محمد نواز خان، صالح محمد، نذیر احمد عباسی، حاجی قلندر خان لودھی، مشتاق احمد غنی، زبیر خان، تاج محمد، وزیر زادہ، محمد اعظم خان، ہمایوں خان، لیاقت علی خان، شفیع اللہ، محمد دیدار خان، عبدالغفار، سید اقبال میاں، شکیل احمد، پیرمصور خان، سید احمد حسین شاہ، بابر سلیم سواتی، نوابزادہ فرید صلاح الدین، محمد اقبال خان، سید غازی غزن جمال، شوکت علی یوسف زئی، نصیر اللہ خان، شرافت علی، عزیزاللہ خان، فضل حکیم خان یوسفزئی، امجد علی اور محب اللہ خان نے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی سکیموں اور پارٹی کی تنظیم سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے تمام منتخب نمائندوں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مقامی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کا حکم دیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کی سفیر کی ملاقات

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کی سفیر نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق یورپی یونین کی سفیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال، باہمی دلچسپی اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان سے ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

امیرِ قطر وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات کریں گے

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) مغربی ممالک میں ایل این جی کے ممکنہ بحران کے پیش نظر صدر جوبائیڈن نے امیر قطر کو امریکا آنے کی دعوت دی ہے تاکہ تیل بحران پر لائحہ عمل بنایا جا سکے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرائن پر روسی جارحیت کے نتیجے میں ممکنہ طور پر پیدا ہونے والے تیل کے بحران سے نبرد آزما ہونے کے لیے قطر سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں قطر کے امیر تميم بن حمد بن خليفة الثاني وائٹ ہاؤس میں صدر جوبائیڈن سے آج پہلی ملاقات کریں گے۔ امیرِ قطر کی یہ ملاقات صدر جوبائیڈن کی دعوت پر ہورہی ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں امیر قطر اور امریکی صدر مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی معاملات اور افغانستان کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
ماہرین کے مطابق قطر ایل این جی برآمد کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جس اس سے قبل بھی توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے مغربی ممالک کی مدد کرچکا ہے۔
ماہرین کے بقول اس وقت قطر امریکی اتحادیوں سمیت کئی ایشیائی ممالک کو ایل این جی فراہمی کے لیے سو فیصد پروڈکشن کررہا ہے ایسے میں امریکا کی مدد مشکل کام ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کے بحفاظت انخلا کے لیے طالبان سے مذاکرات کے لیے پلیٹ فارم قطر ہی نے فراہم کیا تھا جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوگئے ہیں۔

اقوام متحدہ کا افغان طالبان پر سابق اہلکاروں کے قتل کا الزام

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں افغان طالبان پر سابق اہلکاروں کے قتل کا الزام عائد کردیا ہے۔
سلامتی کونسل میں پیش کی گئی اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد 100 سے زائد سابق حکام مارے گئے جبکہ دوتہائی سے زائد افراد کا افغان طالبان نے ماورائے عدالت قتل کیا۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں سابق افغان حکومت کے افسر، فوجی اور بین الاقوامی ملٹری کے ساتھ کام کرنے والے شامل ہیں جبکہ گرفتاری اور تشدد کے 44 کیسز میں سے 42 میں افغان طالبان ملوث ہیں۔