نیا سال پاکستان کیلئے اندرونی اور بیرونی اعتبار سے انتہائی اہم ہے، آرمی چیف

نیا سال پاکستان کیلئے اندرونی اور بیرونی اعتبار سے انتہائی اہم ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

سال نو کے حوالے آرمی چیف جنرعاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج ملکی سلامتی اور ترقی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں پاکستانی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی پر فخر ہے، افواج پاکستان اور عوام ایک ہیں۔

’عوام کو نئے سال کی مبارک‘

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کی طرف سے باوقار اور قابل فخر عوام کو نئے سال کی مبارک بعد پیش کرتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ نیا سال پاکستان کے لئے اندرونی اور بیرونی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، مسلح افواج مادر وطن کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں، پاکستان کی سرزمین بے پناہ قدرتی نعمتوں اور مواقع کی حامل ہے۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ بلاشبہ قوم ہمارے آباو اجداد کے خوابوں کے مطابق سرخرو ہوگی، آنے والی نسلوں کا روشن مستقبل ہمارا منتظر ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق ہم فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، توقع ہے کہ نیا سال فلسطینی اور کشمیریوں کے مسائل میں کمی کا سبب بنے گا۔

فضل الرحمان کو نشانہ بنانے کا مقصد انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی سازش ہے: شہبازشریف

لاہور: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے ڈی آئی خان میں مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کی۔

شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے ساتھی حملے میں محفوظ رہے، سابق وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ غیرملکی اسلحہ سے لیس پاکستان دشمن عوامی قائدین کو نشانہ بنا کر دہشت پھیلانا چاہتے ہیں، پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر پاکستان دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گی، قوم اپنے اتحاد کی قوت اور سکیورٹی فورسز کی طاقت سے پاکستان کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنائے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو نشانہ بنانے کا مقصد پاکستان میں انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی سازش ہے، دہشت گرد پاکستان اور پاکستانیوں کے دشمن ہیں، قوم کو مل کر اس دشمن کو مٹانا ہوگا۔

خرم لطیف کھوسہ دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار

تحریک انصاف کے رہنما اور معروف قانون دان لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم لطیف کو لاہور پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تحریک انصاف کے وکیل انتظار حسین پنجوتھا نے ایک ایف آئی آر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم لطیف کھوسہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

وکیل انتظار حسین کے مطابق لاہور کے تھانہ مزنگ پولیس نے خرم لطیف کھوسہ کو دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔

امارات میں پیٹرول ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی

متحدہ عرب امارات میں جنوری 2024 کے لئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ رون 95 جو پاکستان میں ملنے والا اعلی معیار کا پیٹرول ہے امارات میں 2.71 درہم میں دستیاب ہے جو پاکستانی کرنسی میں 206 روپے بنتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی فیول پرائس کمیٹی نے جنوری 2024 کے مہینے کے لئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا اعلان کیا ہے۔ جس کے مطابق امارات میں پیٹرول ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کردی گئی ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری 2024 سے ہوگا۔ سپر 98 پیٹرول کی قیمت 2.96 درہم کے مقابلے میں 2.82 درہم فی لیٹر کردی گئی۔

خصوصی 95 پیٹرول کی قیمت 2.71 درہم فی لیٹر ہوگئی جو گزشتہ ماہ 2.85 درہم تھی۔

ای پلس 91 پیٹرول کی قیمت جنوری 2024 کیلئے 2.64 درہم فی لیٹر کردی گئی جو دسمبر میں 2.77 درہم فی لیٹر تھی۔

ڈیزل کی قیمت دسمبر میں 3.19 درہم تھی اسے کم کرکے 3 درہم فی لیٹر کردیا گیا۔

ذیل میں پورے سال کے دوران ایندھن کی مختلف اقسام میں قیمتیں پیش کی جارہی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر ڈی آئی خان میں حملہ

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر ڈیرہ اسماعیل خان میں حملہ ہوا ہے۔

ترجمان مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ  مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر انٹر چینج پر فائرنگ کی گئی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق مولانا فضل الرحمان حملے میں محفوظ ہیں۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر دو اطراف سے فائرنگ کی گئی، وہ الیکشن مہم کے سلسلےمیں ڈی آئی خان سے گزر رہے تھے۔

افغانستان سے در اندازی کی کوشش ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک، نائیک شہید

باجوڑ: سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں پاک افغان بارڈر پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے، مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ برآمد کرلیا، شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے سپن وام میں سرحد پار سے دہشتگردوں نے فائرنگ کی، دہشت گردوں نے افغان حدود سے پاکستانی بارڈر پوسٹ کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کا بھاری جانی نقصان ہوا، نائیک عبدالرؤف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان عبوری افغان حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ کے لئے بارہا معاملہ اٹھا چکا ہے، توقع ہے افغان عبوری حکومت دہشتگردوں کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی مزید اجازت نہیں دے گی۔

عام انتخابات : کاغذات نامزدگی کے فیصلوں پراپیلیں کل سے دائرہوں گی

لاہور:عام انتخابات 2024 کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف الیکشن ٹریبونلز میں کل سے اپیلیں دائر کی جائیں گی۔

ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع ہونے، منظور یا مسترد ہونے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے ،  ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں پر اپیلوں کا عمل کل سے 3 جنوری تک جاری رہے گا۔

ان اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10جنوری تک فیصلہ کریں گے جبکہ امیدوار اپنے کاغذات 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے۔

امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو دیے جائیں گے جبکہ عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔

ملک بھر کے اضلاع میں ریٹرننگ افسران  کی جانب سے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کی فہرستیں جاری کر دی گئیں ، ان فہرستوں میں  کاغذات نامزدگی  مسترد کیے جانیوالوں میں ملک کی کئی بڑی سیاسی شخصیات بھی شامل تھیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے بانی سمیت  سابق وزیرداخلہ شاہ محمود قریشی اور  پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔

اسی طرح سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور پنجاب کی سابق وزیر یاسمین راشد، اختر مینگل، فواد چودھری اور انکی اہلیہ حبا فواد،اعظم سواتی ، ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا اور انکے بیٹے کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے گئے۔

دوسری جانب ن لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور صادق سنجرانی سمیت دیگر کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے۔

سکیورٹی فورسز کا مشکئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

آواران: سکیورٹی فورسز نے مشکئی میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقے مشکئی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، دوران آپریشن فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ فورسز نے دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر کے ہتھیار، گولہ بارود برآمد کر لیا، علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے دشمن کی ہر سازش ناکام بنا دیں گی، بلوچستان میں امن واستحکام اور ترقی کا عمل سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔

انسانوں کے سبب پرندوں کی سیکڑوں اقسام معدوم ہونے کا انکشاف

لندن: ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انسانی سرگرمیوں کی بدولت پرندوں کی 1400 سے زائد اقسام معدوم ہو چکی ہیں۔

یو کے سینٹر فار اکولوجی اینڈ ہائیڈرولوجی کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وقت کے ساتھ ہوائی، ٹونگا اور ایزورس جیسے علاقوں میں انسانوں کی آمد کے جنگلات کے کٹاؤ اور کثرتِ شکار سمیت وسیع اثرات سامنے آئے جس کے نتیجے میں کئی نامعلوم پرندوں کی اقسام معدوم ہوگئیں۔

سائنس دانوں کے نئے اندازے کے مطابق  پرندوں کی نو میں سے ایک قسم معدوم ہوچکی ہے۔ محققین کی جانب سے بتائی جانے والی یہ شرح موجودہ اندازے سے دُگنی ہے۔

سائنس دانوں نے یہ بھی بتایا کہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ تاریخ میں ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں کی سب سے بڑی معدومیت انسانوں کی وجہ سے ہوئی۔

پرندوں کے معدوم ہونے کے ریکارڈ کا اندراج 16 ویں صدی سے کیا جا رہا ہے لیکن وہ اقسام جو اس سے پہلے معدوم ہوئیں، ان کے لیے سائنس دان ان کی باقیات (فاسل) پر انحصار کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ ریکارڈز بہت محدود ہیں کیوں کہ پرندوں کی کم وزن ہڈیاں وقت کے ساتھ ریزہ ریزہ ہوجاتی ہیں جس سے عالمی معدومیت کا حقیقی حجم چھپ جاتا ہے۔

محققین کا اب ماننا ہے کہ 1 لاکھ 30 ہزار سال قبل پلیسٹوسین دور کے آخر کے بعد سے جدید انسانی تاریخ کے بعد تک پرندوں کی 1430 اقسام (تقریباً 12 فی صد) معدوم ہوچکی ہیں۔

محققین کا خیال ہے کہ ان اقسام کی بڑی تعداد کے معدوم ہونے کا تعلق بالواسطہ یا بلاواسطہ انسانی سرگرمی سے ہے۔

تحقیق کے سربراہ مصنف ڈاکٹر روب کُک کے مطابق تحقیق بتاتی ہے کہ انسان نے پرندوں کی نسل کو جتنا سمجھا جاتا تھا اس سے زیادہ متاثر کیا ہے۔

دنیا میں پہلی بار 100 ارب ڈالرز کی مالک بننے والی خاتون

دنیا میں پہلی بار ایک خاتون 100 ارب ڈالرز سے زیادہ دولت کی مالک بن گئی ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق فرانس سے تعلق رکھنے والی فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس کے اثاثے 100 ارب ڈالرز سے زائد ہوگئے ہیں اور وہ پہلی خاتون ہیں جو ایسا کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

دنیا کے ایک مقبول ترین میک اپ برانڈ کمپنی کی مالک فرانکوئس بیٹن کورٹ دنیا کی 12 ویں امیر ترین شخصیت ہیں اور پہلی بار ان کے اثاثے 100 ارب ڈالرز تک پہنچے ہیں۔

ان کی کمپنی کے حصص کی مالیت میں 2023 کے دوران 35 فیصد اضافہ ہوا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کووڈ 19 کی وبا کے بعد لوگ ایک بار پھر پرتعیش مصنوعات پر پیسے خرچ کر رہے ہیں۔

70 سالہ فرانکوئس بیٹن کورٹ کے والد نے L’Oréal گروپ آف کمپنیز کی بنیاد رکھی تھی اور وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھیں۔

2017 میں ان کی والدہ کے انتقال کے بعد انہیں کمپنی کے 33 فیصد حصص اور دیگر اثاثے مل گئے تھے۔

اب وہ دنیا کی سب سے بڑی کاسمیٹک کمپنی کی وائس چیئر پرسن ہیں۔

اگرچہ ان کے اثاثے 100 ارب ڈالرز تک پہنچ گئے ہیں مگر دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے مقابلے میں بہت کم نظر آتے ہیں جو 232 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔

فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس بزنس کے ساتھ ساتھ لکھنا بھی پسند کرتی ہیں اور اب تک مختلف موضوعات پر کئی کتابیں تحریر کرچکی ہیں۔

انہوں نے 1984 میں شادی کی تھی اور ان کے 2 بیٹے ہیں۔

بھارتی ائیرلائن کی پرواز میں مسافر کو دیے گئے سینڈوچ سے زندہ کیڑا نکل آیا

بھارتی ائیر لائن انڈیگو میں مسافروں کو دیے جانے والے سینڈوچ سے زندہ کیڑا نکل آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر  بھی وائرل ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ انڈیگو کی نئی دلی سے ممبئی کیلئے اڑان بھرنے والی فلائٹ میں پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دوران پرواز فلائٹ کی انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو کھانا دیا گیا جس میں موجود سبزیوں کے ایک سینڈوچ میں زندہ کیڑا پایا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خشبو گپتا نامی ایک خاتون مسافر نے اپنے سینڈوچ سے زندہ کیڑا نکلنے کی شکایت کی لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاص توجہ نہ دیے جانے پر خاتون نے اپنے کیمرے سے سینڈوچ میں موجود کیڑے کی ویڈیو بنائی اور ساتھ یہ بھی بتایا کہ انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے باوجود بھی انہوں نے دیگر مسافروں کی صحت کو خطرے میں ڈالتے ہوئے کھانا تقسیم کیا۔

خشبو گپتا نے بتایا کہ جہاز کی انتظامیہ نے اس کے سینڈوچ کو کسی اور چیز سے تبدیل کرنے کا کہا اور ساتھ ہی انتظامیہ نے مجھے ایک چیزوں سے بھرا بیگ بھی دیا جسے میں نے لینے سے منع کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خشبو گپتا پیشے کے اعتبار سے پبلک ہیلتھ پروفیشنل ہے اور انہوں نے فلائٹ انتظامیہ کی لاپرواہی پر کیس درج کرنے کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے باوجود بھی فلائٹ انتظامیہ کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

دنیا میں سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں سالِ نو کا آغاز؛ شاندر آتشبازی

آکلینڈ: دنیا بھر میں آج مختلف اوقات میں سال نو کا آغاز ہونے جا رہا ہے اور سب سے پہلے یہ مرحلہ نیوزی لینڈ میں آیا۔

نیوزی لینڈ میں شاندار آتش بازی سے سال نو کا استقبال کیا گیا۔ آکلینڈ کے معروف مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ موسیقی اور رنگا رنگ تقاریب منعقد کی گئیں۔

آکلینڈ کے اسکائی ٹاور پر سال نو منانے والوں کا جم غفیر موجود تھا۔ سب نے مل کر کاؤنٹ ڈاؤن کیا اور جیسے تاریخ تبدیل ہوئی اسکائی ٹاور جگمگا اٹھا۔ شاندار آتش بازی ہوئی۔

سال نو کا باقاعدہ آغاز نیوزی لینڈ اور پھر چند لمحوں بعد آسٹریلیا سے ہوا۔ سڈنی ہاربر پر شاندار آتش بازی کی گئی۔ لندن، نیویارک کے ٹائمز اسکوائر، ہانگ کانگ کے وکٹوریا ہاربر، تھائی لینڈ کے شاپنگ سینٹر آئیکون سیام سمیت درجنوں مقامات پر سال نو کا آغاز کیانجائے گا۔

متحدہ عرب امارات، مراکش اور پاکستان سمیت کئی اسلامی ممالک نے سال نو کی تقریبات کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجاً منسوخ کردیں۔

ویسے تو دنیا میں سب سے پہلے 2024 کا آغاز وسطی بحرالکاہل کے جزائر ٹونگا اور کیریباتی میں ہوا لیکن یہاں انسانی آبادی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے اس لیے کوئی تقریب منعقد نہیں ہوتی۔

کوئی بھی حکومت پیپلز پارٹی کے بغیر نہیں بن سکے گی، یوسف رضا گیلانی

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دعویٰ کیا ہے کہ کوئی بھی جماعت پیپلز پارٹی کے بغیر حکومت نہیں بناسکتی۔

یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی، جنوبی پنجاب کی مسیحی برادری نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی جماعت پیپلز پارٹی کے بغیر ملک میں حکومت نہیں بناسکتی۔

انہوں نے کہا کہ صاف و شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، لیول پلئینگ سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ تاثر زائل ہونا چاہیے کہ کون سی جماعت حکومت میں آئے گی۔