پاکستان اور ترکیہ باہمی تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں، حنا ربانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ آئندہ تین سال میں باہمی تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہیں، دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
پاکستان اور ترکیہ کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے جناح کنونشن سنٹر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انہوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ترکیہ کے سفیر مہمت پچاجی سمیت مختلف ممالک کے سفیروں نے بھی تقریب موجود تھے۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھا رہے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، ترکیہ نے پاکستان میں حالیہ بدترین سیلاب میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی بھرپور امداد کی، پاکستان میں 2010 کے ہولناک سیلاب کے دوران بھی ترکیہ کی امداد اور خدمات قابل ستائش تھیں، ترکیہ نے 2005 کے زلزلے میں بھی پاکستان کی دل کھول کر امداد کی تھی۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے بھائی چارے کی تاریخ کافی پرانی ہے، پاکستان سے لوگوں کی ایک کثیر تعداد سیر و سیاحت کیلئے ترکیہ جاتی ہے، پاکستان کے ترکیہ کے ساتھ سٹریٹیجک تعلقات دنیا کے دیگر ممالک سے الگ ہیں۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کو اپنے ترک بھائیوں پر ہمیشہ فخر رہا ہے، ترکیہ نے معاشی اور سیاسی محاذ پر ہمیشہ پاکستان کی معاونت کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مثالی عوامی روابط ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات سٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل ہوگئے ہیں، وزیراعظم پاکستان نے اس سال جون اور نومبر میں ترکیہ کا دورہ کیا جبکہ ملجم پی این ایس خیبر کا مشترکہ افتتاح بھی کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگست 2022 میں دونوں ملکوں کے درمیان سامان کی تجارت کے معاہدے پر دستخط کئے گئے جس کا مقصد 5 ارب ڈالر کے دو طرفہ تجارتی ہدف کو حاصل کرنا ہے۔
قبل ازیں پاکستان ترکیہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ایک کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، کلچرل نائٹ کا اہتمام وزارت خارجہ اور اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارت خانے نے مشترکہ طور پر کیا تھا جس میں پاکستان اور ترکیہ کی بھرپور ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔
اس سے قبل دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی اپنی وزارت خارجہ میں بیک وقت شجر کاری کی تقریبات کا انعقاد کیا۔
اسلام آباد میں درخت پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر نے مشترکہ طور پر لگایا جبکہ ترکیہ کے نائب وزیر برائے خارجہ امور فاروق کیماچی اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیرڈاکٹر یوسف جنید نے انقرہ میں درخت لگایا۔

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، حوالدار شہید، دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد کو ہلاک کر دیا جبکہ حوالدار وطن پر قربان ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی ویزرستان کے علاقے شیوا میں دہشتگردوں کے خلاف خفیہ معلومات پر آپریشن کیا، اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بیان کے مطابق فوجیوں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے تلاش کر کے ایک دہشتگرد کو مارڈالا، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار پاروش شہید ہو گئے، 35 سالہ حوالدار کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا۔
بیان کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

فیفا ورلڈکپ: تیونس نے دفاعی چیمپئن فرانس کو ایک صفر سے شکست دے دی

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں گروپ ڈی کے میچ میں تیونس نے دفاعی چیمپئن فرانس کو ایک صفر سے شکست دے دی۔
تیونس کا گول خضری نے 58 ویں منٹ میں اسکور کیا، کامیابی کے باوجود تیونس کی ٹیم راؤنڈ آف 16 میں نہیں پہنچ سکی۔
فرانس پہلے ہی ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بناچکا تھا۔
گروپ ڈی سے فرانس اور آسٹریلیا نے ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز یورپی ممالک کی سیر و تفریح کے بعد لندن پہنچ گئے

لندن: (ویب ڈیسک) نواز شریف اور مریم نواز یورپی ممالک کے دورے کے بعد واپس لندن پہنچ گئے۔
خاندان کے دیگر افراد بھی ان کے ہمراہ تھے، شریف فیملی جنیوا سے ہیتھرو ائیرپورٹ واپس آئی۔شریف خاندان 20 نومبر کو یورپ کے مختلف ممالک کے دورے پر روانہ ہواتھا۔ اس حوالے سے خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ بریک خاندان کیلئے ضروری تھا جو اس سے پہلے پاکستان میں پی ٹی آئی حکومت کے ہوتے ہوئے ممکن نہیں تھا۔
خیال رہے کہ مریم نواز شریف کئی روز سے لندن میں موجود ہیں اوروالد کے ساتھ وقت گزار رہی ہیں۔

حکومت کا پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے ایک بار پھر پیٹرول کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں آئندہ 15 روز کیلئے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے کیروسین آئل کی قیمت میں 10 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے فی لیٹر کمی کردی ہے۔
اس کے علاوہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانےکی تاریخ میں 15 دن کی توسیع کا بھی اعلان کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ سے حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

اداروں کیخلاف متنازع بیان: پرویز الٰہی نے مسرت چیمہ کو شوکاز جاری کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے اپنی اور صوبائی حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
مسرت جمشید چیمہ کوشوکازنوٹس اداروں کےخلاف متنازع بیان پرجاری کیاگیا۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے مسرت جمشید چیمہ سےمتنازع بیان پروضاحت طلب کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کےخلاف بیان بازی حکومت پنجاب کی پالیسی کےخلاف ہے۔

ون ڈے رینکنگ: بابر اعظم کی حکمرانی برقرار، شاہین چوتھے نمبر پر آگئے

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے درجہ بندی میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی حکمرانی برقرار ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی بھی ترقی ہوگئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور امام الحق بدستور بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں، جنوبی افریقا کے ریسی وینڈر ڈسن اور کوئنٹن ڈی کوک، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ بدستور بالترتیب تیسری سے چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کے جونی بیئر سٹو دو درجے ترقی سے ساتویں پوزیشن پر آگئے جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی اور روہت شرما ایک ایک درجہ تنزلی سے بالترتیب آٹھویں اور نویں پوزیشن پر چلے گئے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی دسویں پوزیشن برقرار ہے۔
باؤلرز کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بدستور پہلی، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دوسری اور آسٹریلیا کے ہی مچل اسٹارک بدستور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ ترقی سے چوتھی اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری تین درجے ترقی سے پانچویں پوزیشن پر آگئے، آسٹریلیا کے ایڈم زمپا بدستور چھٹی اور بنگلا دیش کے مہدی حسن بدستور ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں، افغانستان کے مجیب الرحمان چار درجے تنزلی سے آٹھویں پوزیشن پر چلے گئے جبکہ بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان ایک درجہ ترقی سے نویں پوزیشن پر آگئے، افغانستان کے راشد خان ایک درجہ تنزلی سے دسویں پوزیشن پر چلے گئے۔

انگلش کرکٹرز بیمار، پہلا ٹیسٹ میچ کب کھیلا جائے گا؟ فیصلہ کل

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) دورہ پاکستان پر موجود انگلش کرکٹرز کی طعیت بگڑنے کے بعد راولپنڈی ٹیسٹ کے آغاز کے معاملے پر پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ بورڈز کا مشترکہ بیان سامنے آگیا ہے۔
دورہ پاکستان پر موجود انگلش اسکواڈ کے درجن بھر ممبران کی طبعیت بگڑ گئی ہے، انگلش ٹیم مینجمنٹ نے اسے وائرل قرار دیا ہے تاہم بیمار پلیئرز میں اہم کھلاڑی بھی شامل ہونے کی وجہ سے راولپنڈی ٹیسٹ کے بر وقت آغاز پر سوالیہ نشان لگ گیا۔
جن پلیئرز کی صحت بگڑی ان میں بین اسٹوکس، بین فوکس، جیک لیچ، بین ڈکیٹ اور جمیز اینڈرسن بھی شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے مطابق اس صورتحال پر دونوں بورڈز کے درمیان بدھ کی شام میٹنگ بھی ہوئی جس میں دونوں کرکٹ بورڈز کی جانب سے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر جمعرات کو میچ سے قبل انگلش کھلاڑی فٹ نہ ہوئے تو پہلا ٹیسٹ میچ جمعے کو شروع کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان انگلینڈ کرکٹ میچ 5 روزہ ہی ہوگا۔دونوں بورڈز نے فیصلہ انگلش کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل کی ہدایت پر کیا۔جمعہ کو ٹیسٹ کا آغاز ہوتا ہے تو اس سے سیریز کے شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے آغاز کا فیصلہ صبح ساڑھے7 بجے کیاجائےگا۔

ملک میں سیاسی استحکام نہ ہوا تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے: اسحاق ڈار

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ڈالر 200 روپے سے نیچے لانے کے بیان سے پیچھے ہٹتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے ملک میں سیاسی استحکام لیکر آئیں، سیاسی استحکام نہ ہوا تو اس کے نتائج بہت اچھے نہیں ہوں گے۔ سب سے پہلے ریاست ترجیح ہونی چاہیے۔ ملکی ڈیفالٹ کے حوالے سے بے بنیاد خبریں چل رہی ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ توقع تھی کہ ڈالر 200 روپے پر آئے گا، ڈالر کا ریٹ فکس نہیں کرسکتے، اس وقت ڈالر کی قیمت 222 اور 224 کے درمیان ہے، اس وقت بہت زیادہ مسائل ہیں، ڈالر افغانستان سمگل ہورہا ہے، سمگلنگ کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ڈالر کی قیمت جلد نیچے آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز کی ادائیگی کی تاریخ 3 سے 5 دسمبر ہے، سکوک کی ادائیگیاں موخر نہیں کریں گے، ایسا کرنے سے انٹرنیشنل مارکیٹ میں ملکی ساکھ متاثر ہوگی۔
صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان صوبائی اسمبلیاں توڑنے کی بات کر رہے ہیں، ان حالات میں وفاقی حکومت عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کے ساتھ معاملات لیکر چلیں گے، اس پر جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے ملک میں سیاسی استحکام لیکر آئیں، سیاسی استحکام نہ ہوا تو اس کے نتائج بہت اچھے نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں لانگ مارچ اور دھرنے کی سیاست چل رہی ہے، اللہ کرے سب کو ہدایت آئے، اس وقت جو افراتفری کی سیاست نہ کریں، اور سب سے پہلے ریاست ترجیح ہونی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ڈیفالٹ کے حوالے سے بے بنیاد خبریں چل رہی ہیں، آج تک پاکستان نے ڈیفالٹ کیا ہے نہ آئندہ ہو گا۔ اس سے بھی زیادہ مشکل وقت ملک پر آئے ہیں، ماضی می معاشی پابندیاں کا بھی سامنا کر چکے ہیں، جو ڈیفالٹ کرنے کے بارے میں بیان دیتے ہیں، ان کو سوچنا چاہیے کہ وہ ملکی مفاد کی کتنی خدمت کر رہے ہیں۔

وزارت منصوبہ بندی کا ڈونرز کیساتھ بحالی و تعمیر نو پر مبنی جامع فریم ورک پر کام تیز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اگلے ہفتے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ سیلاب کے بعد بحالی، تعمیر نو پر مبنی ( آر ایف ایس 4) کا ایک جامع فریم ورک شیئر کرے گی تاکہ اسے باقاعدہ طور پر ڈونرز کانفرنس میں پیش کیا جائے جس کا انعقاد اگلے سال جنوری میں ہوگا۔
انہوں نے سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے ڈونرز کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی، وزارت منصوبہ بندی کے جوائنٹ سیکرٹری، ممبر انفراسٹرکچر، بین الاقوامی شراکت داروں اور تمام سفارت خانوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے جامع فریم ورک شراکت داروں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا تاکہ وہ اس کا مطالعہ کر سکیں اور ان کی قیمتی آراء سے وزارت منصوبہ بندی کو مدد ملے گی جسے باقاعدہ طور پر جنوری میں ہونی والی ڈونرز کانفرنس میں پیش کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے بین الاقوامی شراکت داروں پر بحالی کے مرحلے میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈونرز نے سیلاب کے فوراً بعد ریسکیو میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا جس کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان امید کرتا ہے کہ یہ سلسلہ اگلے مرحلے میں جاری رہے گا۔
اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی کے حکام نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے آر ایف ایس 4 کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جن 17 شعبوں بالخصوص انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت میں پر عملدرآمد کے لیے فریم ورک تیار کیا گیا ہے اور جن کو موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا۔
مزید برآں سیکرٹری اقتصادی امور نے شرکاء کو بتایا سیلاب کی بعد ان کی وزارت بھی اس عمل میں شریک ہے اور آج ڈونرز کے ساتھ ایک اہم اجلاس ہو گا۔
اس موقع پر ڈونرز نے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور آئندہ ڈونرز کانفرنس میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا یقین بھی دلایا۔

عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دی جائے، صدر مملکت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بیوروکریسی کو کارکردگی اور رسائی کو خاص طور پر ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک بڑھانے اور لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی خدمات کی معیاری اور تیز تر فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے خدمت پر مبنی شعبے میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر کسی پریشانی کے تیز رفتار خدمات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دی جائے۔
ایوان صدر میں 117ویں نیشنل مینجمنٹ کورس (این ایم سی) کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جن میں مختلف سروسز اور پیشہ ورانہ گروپوں کے سینئر سرکاری ملازمین شامل تھے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ بیوروکریسی کو اپنی توانائیاں، صلاحیتیں، علم اور مہارت کو پاکستانی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مرکوز کرنا چاہئے اور ملک کے تمام حصوں خصوصاً دور دراز علاقوں کے لوگوں تک خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود سے وابستگی بیوروکریسی کا مرکزی ستون ہونا چاہیے جس کے لئے زیادہ تر وقت پیسے نہیں بلکہ رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہوتی ہے۔
صدر مملکت نے مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجیز کی مدد سے اس کی تاثیر، کارکردگی اور نتائج میں غیر معمولی اضافہ کے لیے پاکستان کے بیوروکریٹک عمل کا جائزہ لینے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ بیوروکریسی کو مسائل کی نشاندہی کرنے، ماضی کے کامیاب تجربات پر غور کرنے، دنیا بھر کے بہترین طریقوں کو اختیار کرنے اور اہداف کے حصول کے لیے ایک مقررہ ٹائم لائن کے ساتھ اہم کارکردگی کے اشاریے ترتیب دے کر مسائل کا حل فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آبادی میں اضافہ کے چیلنج کا سامنا ہے، جو اس کے محدود وسائل پر زبردست دباؤ ڈال رہا ہے تاہم آؤٹ آف باکس آئیڈیاز اور حل ہماری آبادی میں اضافہ کو بہتر طریقے سے منظم کرنے اور اس آبادی کو معاشی اور مالیاتی اثاثے میں تبدیل کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ اگرچہ صوبوں نے اپنے بجٹ کا 20 فیصد سے زائد تعلیم پر خرچ کیا تاہم تعلیمی خدمات کے معیار اور حجم میں خاطر خواہ بہتری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے موجودہ سکولوں کی حالت کو بہتر بنانے اور نئی سہولیات پیدا کرنے اور 20 ملین سے زائد سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں لانے کے سلسلے میں سول بیوروکریسی کے اہم کردار پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کے لئے معاون ٹیکنالوجی اور سازگار حالات انہیں معاشی طور پر بااختیار بنا سکتے ہیں اور ان کی مرکزی دھارے میں شامل ہونے کو یقینی بنائیں گے، دماغی و نفسیاتی عوارض اور مسائل کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ہماری 24 فیصد سے زائد آبادی کو ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا ہے ۔
انہوں نے معاشرے میں تناؤ کی سطح کو کم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو خاص طور پر آئی ٹی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں قابل اور ہنر مند انسانی وسائل کی ضرورت ہے اور اگر پاکستان اپنے نوجوانوں کو مطلوبہ علم، تعلیم اور ہنر فراہم کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ انہیں ایک اعلیٰ پیداواری انسانی وسائل میں تبدیل کر سکتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر کے تجربے سے ثابت ہوا ہے کہ ہائبرڈ اور آن لائن تعلیمی نظام معیار اور لاگت کے لحاظ سے زیادہ موثر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور اعلیٰ تعلیم کے اداروں کو چاہئے کہ وہ ہائبرڈ اور آن لائن تعلیمی نظام کے بہترین طریقوں کو بروئے کار لائیں تاکہ تعلیم کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر بڑی تعداد میں لوگوں تک رسائی کو بڑھایا جا سکے۔
صدر نے نظام انصاف کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی جس سے لوگوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

پیپلز پارٹی اور مخالفین میں ایک فرق ہے ہم جمہوریت کو مقدم سمجھتے ہیں: زرداری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی میں اور ہمارے مخالفین میں ایک فرق ہے ہم جمہوریت کو مقدم سمجھتے ہیں اور ہمارا ہر فیصلہ جمہوریت کی بقا کیلئے ہوتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کے موقع پر سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی کے اس عہد کی تجدید کی ہے کہ پیپلز پارٹی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے ہر خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی تعمیر کریں گے جیسا کہ بینظیر بھٹو نے تصور کیا تھا۔ پاکستان میں خواتین کو ہر شعبے میں نمائندگی دی جائے گی اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام فراہم کیا جائے گا، نوجوانوں کو روزگار اور مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے مقاصد حاصل کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مزدوروں اور مزدوروں کے لیے نوکریوں اور انصاف کو یقینی بنائیں گے۔ کسانوں کو ان کی محنت کا پھل ملے گا اور پاکستان وسائل میں خود کفیل ہو جائے گا۔ عوام کی منتخب پارلیمنٹ ہی ملک کے تمام معاملات کا فیصلہ کرے گی اور انشاء اللہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔

کراچی، ماہی گیروں کے جال میں نایاب گھوڑا نامی مچھلی پھنس گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ابراہیم حیدری کے ماہی گیروں کےجال میں گھوڑا نامی مچھلی پھنس گئی۔
کوسٹل میڈیا سینٹر ابراہیم حیدری کے مطابق مچھلی کی لمبائی 10فٹ کے قریب ہے اور ابراہیم حیدری کے ماہی گیروں کوپہلی باراتنی بڑی گھوڑا مچھلی ملی۔
میڈیا سینٹر نے بتایا کہ ماہی گیروں نے نایاب گھوڑا مچھلی کو سمندر میں واپس چھوڑ دیا۔
تیکنیکی مشیرڈبلیوڈبلیوایف معظم خان کا کہنا ہے کہ گھوڑا مچھلی معدومیت سےدوچارنہیں، یہ پاکستانی سمندروں میں وافرمقدارمیں ملتی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پچھلےسال یہ مچھلی 2200 ٹن کے لگ بھگ شکار کی جاچکی ہے اور گھوڑا مچھلی کو انڈوپیسفک سیل فش کے نام سے پکارا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گھوڑا مچھلی کا گوشت زیادہ رغبت سے نہیں کھایا جاتا۔