اداکارہ رمشا خان نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہنے کا عندیہ دیدیا

لاہور:  پاکستانی خوبرو و ہنس مُکھ اداکارہ رمشا خان نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہنے کا عندیہ دے دیا۔

اداکارہ رمشا خان کئی نامور ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، تاہم اب انہوں نے انڈسٹری کو خیر باد کہنے کا عندیہ دیا ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران رمشا خان سے جب سوال کیا گیا کہ آپ خود کو آنے والے وقتوں میں کہاں دیکھتی ہیں؟ اس پر جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں خود کو صفِ اوّل کی اداکارہ کے روپ میں دیکھنا چاہتی ہوں اور اس مقام تک پہنچنے کیلئے جو کام مل رہا ہے کر رہی ہوں البتہ اس دوران شادی ہوگئی تو پھر یقیناً انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گی۔

فیلڈ میں مشکلات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی فیلڈ میں خود کو منوانے کیلئے مشکلات کا سامنا تو کرنا ہی پڑتا ہے، اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم انہیں مثبت انداز سے دیکھتے ہیں یا پھر منفی طور پر۔

رمشا خان نے مزید کہا کہ میں خود کو اس لحاظ سے خوش قسمت تصور کرتی ہوں کہ مجھے ابتداء ہی میں ٹی وی سکرین کے سُپر سٹارز کے ساتھ کام کا موقع مل گیا۔

یاد رہے کہ 29 سالہ اداکارہ کئی ڈرامہ سیریلز “عشقیہ”، “کتنی گرہیں باقی ہیں”، “صنف آہن” اور دیگر کے بعد حال ہی میں ریلیز ہونے والی پاکستان کی بلاک بسٹر فلم ’تیری میری کہانیاں‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

سندھ میں تیل و گیس کے کنوؤں سے اضافی ذخائر دریافت

حیدر آباد:  تیل و گیس کی تلاش میں بڑی پیش رفت، سندھ میں تیل وگیس کے کنوؤں سے اضافی ذخائر دریافت ہو گئے۔

تیل و گیس کے اضافی ذخائر سندھ کے اضلاع ٹنڈو الٰہ یار، سانگھڑ اور حیدر آباد میں دریافت ہوئے ہیں، اضافی ذخائر او جی ڈی سی ایل نے کٹنگ ایج ٹیکنالوجی سے دریافت کیے۔

 

ٹنڈو الٰہ یار، سانگھڑ اور حیدر آباد میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 59 لاکھ کیوبک فٹ اضافی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے، تینوں اضلاع کے تین کنوؤں سے 2 ہزار 665 بیرل یومیہ تیل حاصل ہو رہا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق تیل و گیس کے اضافی ذخائر سے 51 میٹرک ٹن یومیہ ایل پی جی بھی حاصل ہو رہی ہے، ٹنڈو الٰہ یار سندھ میں 585 بیرل یومیہ اضافی تیل برآمد ہو رہا ہے، ٹنڈو الٰہ یار کنویں سے 74 لاکھ کیوبک فٹ گیس اور 32 ٹن یومیہ ایل پی جی سسٹم میں شامل ہو رہی ہے۔

 

پساکھی سندھ حیدر آباد کنویں سے 1810 بیرل یومیہ اضافی تیل برآمد ہو رہا ہے، ضلع سانگھڑ سے 140 بیرل یومیہ تیل، 47 لاکھ کیوبک گیس اور 11 ٹن یومیہ ایل پی جی برآمد ہو رہی ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق ضلع سانگھڑ کے چک جنوبی کنویں سے 130 بیرل اضافی تیل، 38 لاکھ کیوبک گیس اور 8 ٹن یومیہ ایل پی جی برآمد ہو رہی ہے۔

توشہ خانہ فوجداری کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کو کل 342 کا بیان قلمبند کروانے کی ہدات

اسلام آباد: عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 342 کا بیان قلمبند کروانے کیلئے کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔

دوران سماعت سابق وزیر اعظم کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہائیکورٹ میں معاملہ پینڈنگ تھا اور یہاں کارروائی چلائی جاتی رہی، چیئرمین پی ٹی آئی کو ہائیکورٹ کی ڈائری برانچ سے نیب نے اٹھایا، اگلے دن پولیس لائن میں عدالت لگا کر پیش کر دیا گیا، غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا اور اس عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس لائن پیشی پر فرد جرم عائد کی گئی۔

وکیل خواجہ حارث نے مزید کہا کہ فرد جرم کی کارروائی پر ہمارے تین اعتراضات ہیں، جس پر جج ہمایوں دلاور نے استفسار کیا کہ یہ اسی دن کا واقع ہے جب فرد جرم عائد ہوا اور آپ کی جانب سے کہا گیا کہ اٹھیں اٹھیں، الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا جی اسی دن کا واقعہ ہے جب فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

وکیل خواجہ حارث نے کہا سیشن عدالت نے چیرمین پی ٹی آئی کے سامنے فرد جرم بھی نہیں پڑھی، میں نے کبھی سماعت کا بائیکاٹ نہیں کی، ایسا کہہ بھی کیسے سکتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی پر کوئی فرد جرم عائد نہیں ہوا، میں بار بار کہتا ہوں، جس پر جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ کیا آپ اپنا افیڈیوٹ جمع کروائیں گے کہ فرد جرم عائد نہیں ہوا؟، کیا افیڈیوٹ جمع کروا سکتے ہیں کہ فرد جرم آپ کے سامنے نہیں پڑھا گیا، وکیل الیکشن کمیشن نے کہا فرد جرم عائد کرتے وقت جرم چیئرمین پی ٹی آئی کو پڑھایا گیا۔

وکیل خواجہ حارث نے کہا افسوس ہوا تھا کہ معاملہ ہائیکورٹ میں زیر التوا تھا اور سیشن عدالت میں سماعت جاری رہی، فرد جرم کے حوالے سے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کا حق روکا گیا ہے، ان کو سیشن عدالت کی پولیس لائنز منتقلی پر بھی اعتراض ہوا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کو غیر قانونی طور پر گرفتار کر کے فرد جرم کیلئے سیشن عدالت پیش کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا جب ہم عدالت سے باہر چلے گئے تو فرد جرم اس کے بعد پڑھا گیا، 7 دن دئیے گئے تھے کہ اس کیس کا فیصلہ کیا جائے، میں نے درخواست دی کہ سماعت پیر تک ملتوی کی جائے لیکن وہ ہماری استدعا مسترد کی گئی، ہائیکورٹ نے سات دن دئیے اور اس عدالت نے تیسرے دن فیصلہ کر دیا، اس عدالت نے 15 منٹ میں فیصلہ جاری کر دیا۔

خواجہ حارث نے مزید کہا کہ کیس قابل سماعت ہونے کے معاملے پر سماعت کے طریقہ کار پر اعتراض اٹھایا، جس پر جج ہمایوں دلاور نے استفسار کیا کہ کیا سیشن عدالت نے آپ کو زبردستی کہا تھا کہ قابل سماعت ہونے کے معاملے پر دلائل دیں؟ آپ دلائل بھی دیتے رہے، چائے بھی پیتے رہے، یہاں جونیئر وکیل بھی موجود ہیں، ایمانداری دکھائیں، وکیل خواجہ حارث نے جواب میں کہا میں ایمانداری دیکھا رہا ہوں، جج ہمایوں دلاور نے دوبارہ کہا آپ ایمانداری نہیں دکھا رہے، کچھ اور دکھا رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں کہا آپ ہمیشہ تاریخیں گنتے ہیں، چھٹیوں کو کون گنتا ہے، عید اور عشورہ کی چھٹیوں میں کیسے وکلاء سے کام کرنے کی توقع کی جا سکتی ہے؟، کیا توشہ خانہ کیس میں جانبداری نظر نہیں آرہی؟، چیئرمین پی ٹی آئی کے دماغ میں عدالت کی جانب سے ایسا تاثر بنا دیا گیا ہے، ان کا عدالتی حق متاثر کیا جا رہا ہے۔

خواجہ حارث نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے گواہان سے بیان کا ریکارڈ مانگا تھا، سیشن عدالت کے فیصلوں کے حوالے سے مختلف عدالتوں میں ہم بھاگ رہے ہیں، موجودہ وقت میں سیشن عدالت کے حوالے سے 7 اپیلوں کی درخواستیں ہائیکورٹ میں زیرالتوا ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے سامنے ایک تاثر ہے کہ سیشن عدالت جلد فیصلہ سنا کر چاہتی ہے کہ تمام اپیلیں غیر موثر ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کہتے ہیں آج فیصلہ سنا دوں گا، کل نہیں سنوں گا، کل فیصلہ ہو جائے گا، سیشن عدالت نے خود ہی مجھے گواہان کے بیان ریکارڈ کرتے وقت نمائندہ مقرر کر دیا، ایسے حالات میں سیشن عدالت سے انصاف کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کے دلائل

خواجہ حارث کی جانب سے دائر درخواست کی مخالفت میں الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے دلائل میں کہا کہ دو ٹرانسفر کی درخواستیں اور 5 اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا ہیں، تمام درخواستوں اور اپیلوں کا مقصد سیشن عدالت میں اسٹے مانگنے کا ہے، سپریم کورٹ سے ایک دن کا اسٹے مانگا گیا لیکن استدعا مسترد کر دی گئی، ہر دائر درخواست کے ساتھ اسٹے کی استدعا ہے، قانون سب کیلئے یکساں ہے۔

امجد پرویز نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال کے مطابق سیشن عدالت ٹرائل جاری رکھ سکتی ہے، ابھی ٹرائل جاری ہے، فیصلہ جاری نہیں ہوا، ٹرائل جاری رکھنے سے نہیں روکا جا سکتا، فرد جرم عائد ہونے پر آج پہلی بار اعتراض سیشن عدالت میں اٹھایا، یہ ہائیکورٹ جائیں اور مطمئین کریں کہ فرد جرم غلط عائد کی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے تو خود الیکشن کمیشن میں اپنے اثاثہ جات درج کروائے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ صرف 342 کا بیان ریکارڈ کروانا، ان کا تو اپنا بیان ہے جو الیکشن کمیشن میں جمع ہے، ہر ٹرائل میں ملزم کی حاضری ضروری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے کتنی استثنیٰ کی درخواستیں دائر ہوئیں؟، سب کے سامنے ہیں، انہوں نے جواب دینا ہے جو ان کے اپنے الفاظ میں عدالت لکھے گی، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے وکلاء کے ہمراہ کھڑے ہو کر جواب دائر کرنا ہے۔

وکیل امجد پرویز نے مزید کہا کہ ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کا کوئی جواز نہیں، الیکشن کمیشن کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی صرف تاخیری حربے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

جج ہمایوں دلاور کے ریمارکس

دوران سماعت جج ہمایوں دلاور نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی کا 342 کا بیان قلمبند کرنے کیلئے سماعت مقرر تھی، آج تیسرا دن 342 کا بیان ریکارڈ کروانے کیلئے تعین تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء نے 342 کے بیان کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی، چیئرمین پی ٹی آئی اپنے وکیل خواجہ حارث کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

معزز جج نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیان قلمبند کرنے کیلئے کچھ وقت مانگنے کی درخواست دائر کی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق آج کل 180 کیسز میں پیش ہو رہے ہیں، ان کے مطابق عاشورہ کی چھٹیوں کے باعث 342 کا بیان نہیں بنایا جا سکا، چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے وکلاء کو 342 کے بیان قلمبند کروانے کیلئے کافی وقت دیا گیا۔

جج ہمایوں دلاور نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے 3 مئی کے بعد سے سماعتوں کے فیصلے عدالت میں پڑھے، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کے مطابق سیشن عدالت تیزی سے ٹرائل چلا رہی، وکلاء کے مطابق تیزی سے ٹرائل چلنے پر غیر جانبداری سے ٹرائل نہیں چل رہا، چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی سیشن عدالت پر اعتماد کا اظہار نہیں کیا، سیشن عدالت نے ایسی ہی درخواستیں پہلے بھی مسترد کی ہیں۔

معزز جج نے کہا کہ ایسی درخواستوں کا مقصد ٹرائل کو تاخیر کا شکار بنانا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے سینئر وکیل خواجہ حارث کا رویہ عدالت کے سامنے عیاں ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اور وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو صرف مایوس کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کا مقصد تاخیری حربے استعمال کرنا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے وکلاء عدالت کو مزید مایوس کرنا چاہتے تھے، عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو 342 کا بیان قلمبند کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت کل 9 بجے تک ملتوی کر دی۔

سی پیک کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے۔

اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 10 سال مکمل ہونے پر میں چین کے نائب وزیر اعظم کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 10 سال قبل سی پیک منصوبوں پر کام کا آغاز ہوا تھا، سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، پاکستان اور چین نے اس معاہدے پر 10 سال قبل دستخط کئے تھے، اس کی سیاہی سوکھنے سے قبل ہی اس پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کی بدولت آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں شعبہ توانائی، روڈ، انفراسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ اور ہائیڈل پاور سیکٹر میں 25 ارب ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری آئی، کوئی شک نہیں کہ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخلے ہو رہے ہیں، آج ہم نے کچھ اہم دستاویزات پر دستخط کئے ہیں جو دونوں ماملک کے درمیان اقتصادی تعاون میں مزید اضافے کا سبب بنیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے، یہ بزنس ٹو بزنس، سرمایہ کاری، زراعت اور آئی ٹی پر مرکوز ہوگا تاکہ چین کے تعاون سے پاکستان اپنی مصنوعات چینی حکومت کے معیار اور ضروریات کے مطابق برآمد کر سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں چین کے نائب وزیراعظم کو بطور خصوصی سفیر پاکستان بھیجنے پر شی جن پنگ کا شکر گزار ہوں، اس سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ چین اور پاکستان ایک ایسے تعلق میں جڑے ہیں جو دنیا میں منفرد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان یہ دوستی ہمیشہ برقرار رہے گی اور اس میں ہم کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب
قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم چین تقریب میں موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان ، وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کے علاوہ چینی وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔

باجوڑ دھماکا: وزیر اعظم کا سی پیک کی 10 سالہ تقریبات سادگی سے منانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (خبریں ڈیجیٹل) وزیر اعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں دہشت گردی کے واقعے کے سوگ میں سی پیک کی دس سالہ تقریبات سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سی پیک کے دس سال مکمل ہونے کی خوشی میں کلچر شو بھی منسوخ کر دیا گیا، سی پیک کے دس سال مکمل ہونے کی خوشی میں منعقدہ تقریب کلچرل شو کے بغیر سادگی سے منعقد ہو گی۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ قوم سوگ کی حالت میں ہے لہٰذا کلچر شو منعقد نہ کیا جائے، چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ کی آمد کے موقع پر کلچر شو منعقد ہونا تھا۔

واضح رہے باجوڑ میں گزشتہ روز جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں خودکش بم دھماکے سے 44 افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

دو سکرپٹس تیار، اتنے پیسے نہیں کہ فلم بنا سکوں: ایمان علی

لاہور:  پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ ایمان علی نے کہا ہے کہ دو سکرپٹ لکھ چکی ہوں جو مکمل طور پر تیار ہیں، لیکن اتنے پیسے نہیں کہ فلم بنا سکوں۔

اداکارہ ایمان علی نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور شادی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

ایمان علی نے بتایا کہ میں نے دو سکرپٹس لکھ رکھے ہیں، پہلے سکرپٹ کو لوگ پڑھ کر کہہ رہے ہیں کہ یہ رومانوی کامیڈی سکرپٹ ہے لیکن یہ عام زندگی سے متعلق ہے، جبکہ دوسرا سکرپٹ ایکشن فلم کے لیے ہے مگر میرے پاس اتنے پیسے نہیں کہ فلم بنا سکوں۔

پاکستانی فلموں کے سکرپٹس پر بات کرتے ہوئے ایمان علی کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلموں کے سکرپٹس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، خواتین کے حوالے سے لکھے جانے والے کرداروں پر خوش نہیں ہوں، میں انتظار کررہی تھی کہ کوئی بہت بڑا پروجیکٹ ملے مگر اتنا انتظار کرکے کوئی فائدہ نہیں ہوا، میرے لیے اگر کردار لکھے جاتے تو میں کام کرلیتی۔

شرح سود برقرار ،مہنگائی میں کمی متوقع ہے ، سٹیٹ بینک

کراچی : سٹیٹ بینک نے اگلے دو ماہ کیلئے شرح سود 22فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق گورنراسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا،گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے کرنٹ اکائونٹ میں بہتری آئی۔

شرح سود آئندہ2ماہ کیلئے 22فیصدپر برقراررہےگی،مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے،6ماہ سے ہم مہنگائی کی پیشگوئی کررہے تھے۔

گزشتہ مالی سال کے اختتام پر مہنگائی کی شرح 29 فیصد رہی ،آئندہ مالی سال کیلئے کمیٹی 20 سے 22 فیصد مہنگائی کی توقع کررہی ہے۔

جولائی سے دسمبر میں مہنگائی میں معمولی کمی آئی ،مالی سال کی دوسرے ششماہی میں تیزی سے مہنگائی میں کمی آئے گی۔

مالی سال 2025 کے اختتام تک مہنگائی کی شرح 5 سے 7 فیصد آنے کی توقع ہے،اگلے سال کی جی ڈی پی گروتھ 2 سے 3 فیصد رہنے کی توقع ہے ،روس یوکرین جنگ کے اثرات ابھی تک خطے پر موجود ہیں۔

کمیٹی کا حصہ نہیں، جو بھی نام ہوں گے وہ سامنے آ جائیں گے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد:  وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وہ نگران وزیراعظم کی مشاورت کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں، اس حوالے سے جو بھی نام ہوں گے وہ سامنے آجائیں گے۔

روات میں ریڈیو پاکستان کے ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیٹر کی تنصیب کا منصوبہ تاریخ میں ایک انقلابی سنگ میل ہے۔ ہائی پاور ٹرانسمیٹر راولپنڈی کے نواحی علاقے روات میں نصب ہوگا۔ منصوبے پر عمل کا آغاز آج سے ہوگا اور 2 سال میں تکمیل ہوگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ نیو سسٹم سے ریڈیو پاکستان کی ٹرانسمیشن 52 ممالک تک سنی جاسکے گی۔ ریڈیو پاکستان کے 20 میں سے 14 میڈیم ویو طبعی عمر پوری کرچکے ہیں۔ جدیدٹرانسمیشن کی تنصیب سے 33 فیصد بجلی کی بچت ہوگی۔

نگران سیٹ اپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگران سیٹ اپ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کی تحلیل کا فیصلہ اتحادی حکومت اور وزیراعظم کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک گروہ نے حملہ آور ہوکر 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کے آرکائیو کو جلایا، اسی گروہ نے 2014 میں پی ٹی وی پر حملہ کیا۔  ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی قومی اثاثہ ہیں، ہم نے نہ صرف پشاور ریڈیو کی بحالی کا آغاز کیا بلکہ ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی سے استوار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریڈیو پاکستان کا تمام آرکائیو ڈیجیٹل ہوگیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف جلد اس کا افتتاح کریں گے۔

باجوڑ، جے یو آئی کے جلسے میں دھماکہ 22 افراد جاں بحق، 50 زخمی اسپتال منتقل

باجوڑ:  باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں دھماکا اس وقت ہوا جب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن جاری تھا، کنونشن میں ایم این اے جمال الدین اور سابق سینیٹر عبدالرشید سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جمال الدین اور عبدالرشید محفوظ رہے۔

زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، دھماکا کس نوعیت کا ہے تحقیقات کے بعد پتا چلے گا، ضلع انتظامیہ نے شہر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔

ہما قریشی نے موٹاپے پر منفی تبصرے کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

 ممبئی: ہما قریشی نے اپنے وزن  پر ٹرولنگ کرنے والوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسی پر ذاتی کمنٹس کرنے کے بجائے اگر فلم پسند نہ آئے یا اداکارہ اچھی نہ لگے تو فلم نہ دیکھیں۔ 

سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کوئی نئی بات نہیں اور معاملہ باڈی شیمنگ کا ہو تو تبصرے کرنے والوں کو مزید چٹخارے مل جاتے ہیں۔ رانی مکرجی کو اپنی آواز اور ابھیشک بچن کو والد کی طرح کامیاب نہ ہونے پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ودیا بالن کو اپنے بڑھتے وزن پر تنقید اور مذاق کا نشانہ بننا پڑتا رہا ہے اور اس فہرست میں اب ہما قریشی کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔ گینگز آف واسے پور اسٹار ہما قریشی کو موٹاپے پر مسلسل ٹرول کیا جاتا رہا ہے۔

ایک انٹرویو میں 37 سالہ اداکارہ ہما قریشی نے کہا کہ لوگ اداکاروں پر ذاتی طور پر حملہ کرنے کے عادی ہیں، اگر انھیں کوئی اداکارہ پسند نہیں تو کوئی بات نہیں لیکن ذات پر جملے نہ کسیں۔

اداکارہ نے کہا کہ بہتان بازی اور رکیک جملے کہنے اچھی عادت نہیں۔ کوئی بہت برا لگتا ہے تو اس کی فلمیں نہ دیکھیں۔

کویت میں چاکلیٹس چوری کرنے والے ملزم کو ایک سال قید

کویت کی عدالت نے دکان سے چاکلیٹس چوری کرنے والے ملزم کو ایک سال قید کی سزا دی۔

العربیہ نیوز کے مطابق کویت کی عدالت میں پولیس نے ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیجز پیش کیں جس میں ملزم کو ایک دکان نے چاکلیٹس کے بنڈلز چوری کرکے لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس نے ملزم کا اعترافی بیان بھی جمع کرایا اور دکان کے مالک کا ریکارڈ بھی پیش کیا جس میں کٹ کیٹ چاکلیٹ کے 23 کارٹن، کیڈبری کے 20 کارٹن اور کنڈر کے 12 کارٹن چوری ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

پولیس نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم نے مجموعی طور پر 377 دینار کی مالیت کی چاکلیٹس چوری کیں، چور مجرمانہ ریکارڈ کا حامل بھی ہے اور اس نے جرم کا اعتراف بھی کرلیا۔

عدالت نے شواہد اور اعترافی بیان کی روشنی میں ملزم کو ایک سال قید کی سزا سنادی۔

دبئی ،آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی متحدہ عرب امارات صدر محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی

دبئی:آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی ۔

آرمی چیف نے یو اے ای کے صدر سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زیدالنہیان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کی جانب سے  جاری تصویر میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اماراتی صدر  کے ساتھ اظہار افسوس کرتے نظر آ رہے ہیں۔

اسرائیل کے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والی اداکارہ کو ایران میں گرفتار کر لیا گی

تہران : اسرائیل کے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والی اداکارہ کو ایران میں گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اداکارہ شہرہ قمر کو اسرائیلی وزیرِ اعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے کے بعد معاشرے میں نفسیاتی عدم تحفظ پیدا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا

رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی جانب سے چند دن قبل سوشل میڈیا (انسٹاگرام) پر اسرائیلی وزیرِ اعظم کی صحت یابی کے لیے دعا پوسٹ کی گئی تھی۔

اداکارہ نے نیتن یاہو کی تصویر لگاتے ہوئے لکھا تھا کہ میں آپ کی صحت کے لیے دعاگو ہوں، آپ سلامت رہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اداکارہ کے انسٹاگرام پر 40 لاکھ فالوورز ہیں

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیل کے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے دل کی سرجری کر کے انہیں پیس میکر لگایا گیا تھا۔