پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آکر محنت کشوں کی مشکلات حل کرے گی: آصف زرداری

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی محنت کشوں کی جماعت ہے اور محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی۔
یوم مزدور کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے محنت کشوں کی ہمیشہ طرف داری کی تھی، پیپلز پارٹی نے لیبر اصلاحات کے ذریعے مزدوروں سے ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے مزید کہا کہ آج بدترین مہنگائی کی وجہ سے محنت کش طبقہ معاشی بدحالی کا شکار ہے، پی پی کی حکومت نے وفاق میں سرکاری صنعتی اداروں میں محنت کشوں کو شراکت دار بنایا تھا، پیپلز پارٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن میں ریکارڈ اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد محنت کشوں کی مشکلات کو ترجیحی بنیاد پر حل کرے گی، روٹی کپڑا اور مکان پیپلز پارٹی کا منشور ہے، ہم قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے منشور پر عمل پیرا ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا شہید اور والدہ شہید کی طرح محنت کشوں کا ساتھ دیں گے۔

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت نے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت 282 روپے برقرار رہے گی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 5 روپے کمی کے ساتھ 288 روپے فی لیٹر ہوگئی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے کمی کی گئی، موجودہ قیمتیں 15 مئی تک جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 5 سے 7 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز دی گئی تھی۔
اوگرا نے دوسری تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں
پٹرول: 282 روپے فی لیٹر
ہائی سپیڈ ڈیزل:288 روپے فی لیٹر
مٹی کا تیل : 176 روپے 07 پیسے فی لیٹر
لائٹ ڈیزل: 164 روپے 68 پیسے فی لیٹر

الیکشن کمیشن کا نوٹس غیر قانونی ہے، واپس لیا جائے: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس غیر قانونی ہے اسے واپس لیا جائے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو نوٹس واپس لینے کیلئے لکھا جا رہا ہے، تحریک انصاف کی ریلی کو معمول کے مطابق ہونے دیا جائے، الیکشن کمیشن ہر قدم سے ثابت کر رہا ہے کہ وہ جانبدار ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس دیا کہ آپ لیبر ڈے پر ریلی نہیں نکال سکتے، یکم مئی کو مزدوروں سے اظہار یکجہتی کیلئے سماجی و سیاسی جماعتیں ریلیاں نکالتی ہیں، حیران کن بات ہے کہ کہا جائے کہ یکم مئی کو ریلی نہیں نکال سکتے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سوائے الیکشن کے ہر کام کروانا چاہ رہا ہے، پاکستان میں کیا جمہوریت ہے، الیکشن کمیشن ملک کو کدھر لیکر جانا چاہتا ہے، الیکشن کمیشن لیڈرز کو نوٹسز اور ریلیوں پر پابندیاں لگا رہا ہے۔

ملک میں پائیدار ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے: رانا ثنا اللہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں ایک فتنہ ہمارے اوپر مسلط کر دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، 2013 میں بھی وہی حالات تھے جو آج ہیں، چار سال میں ملک میں تاریخی ترقیاتی کام ہوئے، ملک میں پائیدار ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، ہم نے بجلی کی پیداوار کو بڑھایا، ساڑھے چار سال میں کوئی ایک منصوبہ جو عمران خان نے لگایا ہو۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی نااہلی کے باعث دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھا لیا ہے، سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی آڈیو لیک ہوئی ہے، اس کے بیٹے نے ڈیڑھ کروڑ میں پی ٹی آئی کی ٹکٹ بیچی، یہ جب اعلیٰ منصب پر بیٹھا ہو گا تب کیا کرتا ہوگا، نواز شریف کو نکالنے والا بابا رحمتے اور اولاد پی ٹی آئی کی ٹکٹیں بیچ رہے ہیں۔

جرمن سفیر کی سراج الحق سے بھی ملاقات، ملک اور خطے کی صورتحال پر گفتگو

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گرانس نے ملاقات کی جس میں ملک، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر جرمن سفارتخانہ کے فرسٹ سیکرٹری کرسچین باؤچر، جماعت اسلامی کے رہنما محمد اصغر اور قیصر شریف بھی موجود تھے۔
جرمن سفیر نے ملک میں جاری کشمکش کو ختم کرنے پر سراج الحق کے کردار کی تعریف کی اور آپس کے رابطوں کو جاری رکھنے اور مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جرمن سفیر کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ روس یوکرین جنگ سے کسی کا فائدہ نہیں ہوگا، عالمی برادری کو امن کے قیام کیلئے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام، آئین و قانون کی بالادستی کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے، موجودہ افراتفری اور مسائل کا حل قومی انتخابات ہیں، سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ شفاف الیکشن کیلئے عوام کو سازگار ماحول مہیا کریں۔

پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے ہم نے حکومت سنبھالی: قمر زمان کائرہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کر دیا تھا، ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے حکومت سنبھالی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تمام کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ڈیجیٹل میڈیا مہم کارکنوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، یہاں تو لوگ جھوٹ پھیلا رہے ہیں، ہمارے پاس تو حقائق ہیں، ہم سچ بھی نہیں بتا سکتے؟، بدترین مخالف بھی اعتراف کرتے ہیں کہ بھٹو محسن پاکستان تھے، بھٹو شہید کی پھانسی پر مٹھایاں بانٹنے والے آج تعریفیں کر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان نئے منشور بعد میں دینا پہلے بتاؤ ساڑھے چار سال کیا کیا؟، نو سال تک خیبرپختونخوا پر حکومت کی بتاؤ کیا منصوبے لگائے، سوائے مخالفین کی کردار کشی کے عمران خان نے کچھ نہیں کیا، انہوں نے روز یوٹرن لیے، قوم کو خواب دکھائے، عمران خان کے کریڈٹ میں کوئی ایک بھی منصوبہ ہے تو بتائیں۔
وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ عمران خان بتائے مدینہ کی ریاست کیلئے کیا قانون سازی کی، سیاسی قیادت عوام کو خواب دکھا کر منزل تک پہنچاتی ہے، تمام دوست ممالک پاکستان سے منہ موڑ چکے تھے، ہم نے آکر خارجہ پالیسی کو بہتر راہ پر گامزن کیا، بلاول بھٹو اپنے نانا اور ماں کی طرح ملک کو بحرانوں کی دلدل سے نکالنے کی کنجی ہے۔

خطرے کا ڈرامہ کر کے عمران خان پیشیوں سے بھاگ رہا ہے: فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دوسروں کو چور کہنے والا آج ڈسٹ بن میں منہ چھپائے پھر رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ساڑھے 7 سالہ دور میں خیبرپختونخوا کو بے دردی سے لوٹا گیا ہے، ہم تو پہلے ہی کہتے تھے عمران نیازی بزدل ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا ہے کہ خطرے کا ڈرامہ کر کے عمران خان عدالتوں میں پیشی سے بھاگ رہا ہے، شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری غیر ملکی سفیروں کو عمران کا متبادل بتاتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی تحریک انصاف کو یوم مزدور پر ریلی منسوخ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کو یکم مئی کی ریلی منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کو ریلی نکالنے پر ضابطہ اخلاق کی شقوں کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا، نوٹس چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے نام جاری کیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جلسے جلوسوں اور ریلیوں کیلئے ضلعی انتطامیہ سے اجازت لینا ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں اور امیدوار اپنی ریلیوں اور جلسوں کے حوالے سے قبل از وقت مقامی انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے پابند ہیں تاکہ انتظامیہ مناسب سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات کر سکے، تحریک انصاف نے یکم مئی کو لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

ایسی حکومت سے واسطہ پڑا جو آئین سے انحراف اپنا حق سمجھتی ہے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے جرمنی کے سفیر ایلفرڈ گرانس نے خصوصی ملاقات کی۔
زمان پارک میں ہونے والی ملاقات کے دوران دوطرفہ امور، باہمی دلچسپی کے معاملات اور تحریک انصاف کے سیاسی فلسفے سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور حکومتی سطح پر دستور سے انحراف کے جمہوریت پر سنگین اثرات پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ملک پر ممکنہ معاشی اور سفارتی اثرات پر بھی گفتگو ہوئی، جرمن سفیر نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ممالک کو دی جانے والی جی ایس پی پلس حیثیت پر مرتب ہونے والے اثرات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مکمل طور پر آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت و جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے متحرک ہے، بنیادی حقوق کی ضمانت اور ووٹ کی پرچی کے ذریعے عوامی رائے کے بل بوتے پر حکومت کا قیام جمہوریت کی اساس ہے، قومی فیصلہ سازی میں عوام ہی کو طاقت کا سرچشمہ سمجھتے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ملک میں ایسی حکومت سے واسطہ ہے جو دستور و جمہوریت سے صریح انحراف کو اپنا حق سمجھتی ہے، جمہور کی منشاء کے خلاف ماورائے دستور اقدامات کے ذریعے عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 روز کی آئینی مدت گزر جانے کے باوجود غیرقانونی نگران حکومتیں قائم ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا ہے کہ آئین سے صریح انحراف کے نتیجے میں اقتدار کے دوام پر اصرار ملک میں سیاسی بحران کو سنگین اور پیچیدہ بنا رہا ہے، سنگین سیاسی بحران براہ راست ملکی معیشت کو ناقابل تصور نقصان پہنچا رہا ہے، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی، ماورائے آئین و قانون اقدامات اور آئینی آزادیوں پر پابندیوں کو انداز حکمرانی بنا لیا گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پرامن احتجاج، قانونی انتخابی مہم اور آزادی اظہار پر اصرار کرنے والوں پر غداری اور بغاوت کے جھوٹے مقدمے درج کئے جا رہے ہیں، جمہوریت کی بقاء و تسلسل کیلئے آئینی حدود میں مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل کیلئے کوشاں ہیں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور جمہوریت پر پیہم حملے اہل عالم کی فوری توجہ کے متقاضی ہیں، عتاب کے شکار عوام، سیاسی کارکنان اور آزاد صحافیوں کے حق میں دنیا بھر میں اٹھنے والی آوازوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
جرمن سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ملک میں جمہوریت کے بقاء و تسلسل کے خواہاں ہیں، بنیادی حقوق اور جمہوری اقدار کا فروغ و تحفظ سماجی نمو اور ترقی کیلئے اہم ہے، کسی ملک میں انسانی حقوق کی کیفیت کے حاصل جی ایس پی پلس حیثیت پر براہ راست اثرات مرتب ہوتے ہیں، بطور شراکت دار پاکستان کی پائیدار معاشی و سماجی ترقی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وزیراعظم اور وزیر مملکت خارجہ کی امریکہ سے تعلقات پر اہم گفتگو کا ریکارڈ لیک

لاہور: (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر اور ایک معاون کی خارجہ پالیسی امور پر اہم گفتگو کا ریکارڈ لیک ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق “ڈسکورڈ لیکس” دستاویزات میں وزیراعظم شہباز شریف اورحناربانی کھرکی امریکہ سے تعلقات پر گفتگو سامنے آئی ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی گفتگو روس یوکرین تنازع پر یو این ووٹنگ سے متعلق ہے۔
ایک معاون نے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا کہ قرار داد کی حمایت سے پاکستان کے روس سے تجارت اور توانائی کے سمجھوتے خطرے میں پڑ سکتے ہیں اور قرارداد کی حمایت پاکستان کی پوزیشن میں تبدیلی کا تاثر دے گی۔
لیک دستاویزات کے مطابق حنا ربانی کھر نےکہا کہ پاکستان کو مغرب کو خوش کرنے سے گریز کرنا چاہیے، پاکستان کی امریکا سے اسٹریٹجک پارٹنرشپ قائم رکھنے کی خواہش چین سے اصل اسٹریٹجک پارٹنرشپ کےمکمل فوائد کوقربان دےگی۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ امریکا کی یوکرین جنگ پر کم ہوتی بین الاقوامی حمایت پر ہے۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پاکستانی حکام نے افشا ہونے والی دستاویزات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

آڈیو لیک کی چھان بین کے بعد پیسے دینے کا الزام جھوٹ نکلا: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ابوزر چدھڑ اور نجم ثاقب نثار کی آڈیو لیک کے معاملے کی چھان بین کے بعد پیسے دینے کا الزام جھوٹ نکلا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عدالت سے درخواست ہے جعلی آڈیو جاری کرنے والے اصل چہرے بے نقاب کئے جائیں۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے مزید کہا ہے کہ تحقیقات کی جائیں کہ ایک خاص میڈیا گروپ سے وابستہ صحافیوں کو ہی کیوں ایسی آڈیو، ویڈیو جاری ہو رہی ہیں اور کون کر رہا ہے؟۔

ایکسپورٹ سیکٹرز کیلئے گیس پر 80 ارب روپے کی سبسڈی ختم کردی گئی

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے ایکسپورٹ کے پانچ سیکٹرز کےلیے گیس پر 80 ارب روپے کی سبسڈی ختم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکسٹائل، سپورٹس، سرجیکل، لیدر اور جیوٹ سیکٹر کو 9 ڈالر پر آر ایل این جی کی سپلائی ختم کردی گئی، یکم مئی سے تمام ایکسپورٹس سیکٹرز پر اوگرا کے منظور کردہ ریٹ نافذ ہونگے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایکسپورٹس سیکٹرز کو آر ایل این پر 4 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافی ادا کرنا ہونگے، وفاقی حکومت نے مؤقف اپنایا ہے کہ انڈسٹریز کو ریلیف ختم کرکے عوام کو دیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان ہوذری مینوفیکچرز ایسوسی ایشن سمیت دیگر صنعتی تنظیموں نے گیس کے ریٹس میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گیس مہنگی ہونے سے انڈسٹری مزید بحران کا شکار ہوگی۔

پیپلز پارٹی ایک بار پھر لاہور کا قلعہ فتح کرے گی: شرجیل انعام میمن

لاہور: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پراپیگنڈا کر کے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جتنی بھی پارٹیاں اقتدار میں آئیں کوئی نہ کوئی طاقت انہیں لے کر آئی، پیپلز پارٹی کبھی بیساکھیوں کے سہارے اقتدار میں نہیں آئی۔
ڈیجیٹل میٹ اپ کی تقریب سے خطاب سے کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کے اداروں پر سوشل میڈیا کے ذریعے خطرناک حملے کیے گئے، یہ سب وہ لوگ کر رہے ہیں جو ملک میں انتشار چاہتے ہیں، کسی کو پراپیگنڈے سے ملک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، ملک میں انتشار کیلئے لوگوں کو استعمال کیا جا رہا، ہم نے ملک کے دفاع کیلئے سچ کو سامنے لانا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا ہے کہ ہمارا کسی سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں، ہمارا مقابلہ نفرت کے بیج بونے والوں، جھوٹ بولنے والوں سے ہے، پیپلز پارٹی کی ایک تاریخ ہے، پی پی نے قربانیاں دیں، آئین دیا، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، سی پیک لے کر آئے، جمہوریت کی بحالی کا سہرا بھی پیپلز پارٹی کو جاتا ہے، ہمارے لیڈران کبھی باہر نہیں بھاگے، منہ چھپا کر عدالتوں میں نہیں گئے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ہمارے قائدین نے ملک کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے، یہ بالٹی والے بابا یا کسی بابا رحمتے کے بس کی بات نہیں ہے، ہم سب کو آئینہ دکھائیں گے آپ نے کیا کیا ہم نے کیا کیا، ہم تنظیم سازی کو پورے ملک تک بڑھائیں گے، پیپلز پارٹی سے گزارش کروں گا ایک ٹکٹ لاہور سے دے، یہاں پارٹی کو مضبوط کرنے والوں کو اسمبلیوں میں لائیں گے، وہ دن دور نہیں جب پیپلز پارٹی ایک بار پھر لاہور کا قلعہ فتح کرے گی۔