طالبان حکومت نے افغان شہریوں پر نئی سفری پابندیاں عائد کردیں

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں برسراقتدار طالبان حکومت نے افغان شہریوں پر نئی سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔ اس بات کا اعلان طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک چھوڑنے سے ان افراد کو روکا جا رہا ہے جن کے پاس اس کی کوئی خاص یا ٹھوس وجہ نہیں ہے۔
انہوں ںے واضح کیا کہ بنا کسی ٹھوس یا معقول وجہ کے ملک چھوڑنے والے افراد یا خاندانوں کو ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام روک دیں گے۔
طالبان ترجمان کے مطابق افغان خواتین کسی مرد رشتہ دار کے بنا بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی پابندیوں کے تحت خواتین کے ساتھ مرد نگہبانوں کا ہونا ازحد ضروری ہے اور یہی شریعت کا بھی قانون ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اعلان کردہ نئی سفری پابندیوں سے وہ افغان شہری سب سے زیادہ متاثر ہوں گے جنہوں نے غیر ملکی افواج یا تنظیموں کے ساتھ ماضی میں کام کیا تھا اور اس وقت پوری امید لگائے بیٹھے تھے کہ وہ بیرون ملک پناہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایسے افغان شہریوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ اعداد و شمار کے تحت 31 اگست تک ایک لاکھ 20 ہزار افغان اور دہری شہریت رکھنے والے افراد کو افغانستان سے نکلنے میں مدد فراہم کی گئی تھی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ایسی رپورٹس موصول ہوئی ہیں جن کے تحت ہزاروں افغان شہری بیرون ممالک بہت برے حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور سفری پابندیاں اس وقت تک عائد رہیں گی جب تک یقین دہانی نہ کرا دی جائے کہ بیرون ملک جانے والے افغانوں کی زندگیوں کو خطرہ نہیں ہو گا۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت نے کبھی بھی یہ وعدہ نہیں کیا تھا کہ انخلا کا عمل غیرمعینہ مدت تک جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ہم نے کہا تھا کہ امریکہ ان افراد کو لے کر جا سکتا ہے جن کے متعلق اسے تشویش ہے لیکن یہ وعدہ ہمیشہ برقرار تو نہیں رہے گا۔

وزیراعظم کے اعلان کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق پٹرول اور ڈیزل میں 10، 10 روپے ، لائٹ ڈیزل 5 روپے 66 پیسے اور مٹی کا تیل ایک روپیہ فی لٹر سستا ہوگیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول 10 روپے فی لٹر سستا کیا گیا ہے اور پٹرول کی قیمت 149 روپے 86 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 10 روپے فی لٹر سستا ہوگیا اور نئی 144 روپے 15 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے فی لٹر کمی کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 125 روپے 56 پیسے فی ہوگئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 66 پیسےفی لٹر کمی کردی گئی جس کے بعد نئی قیمت 118 روپے 31 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا جہانگیر ترین سے ٹیلی فونک رابطہ، خیریت دریافت کی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین سے رابطہ کرکے خیریت دریافت کر لی۔ نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے تصدیق کی کہ وزیراعظم کو جہانگیر ترین کی صحت کے حوالے سے بتا یا گیا تھا جس پر عمران خان نے جہانگیر ترین سے رابطہ کر کے خیریت دریافت کی تھی ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے عوام کا احساس کرتے ہوئے پٹرول اور بجلی میں کمی کا اعلان کیا ، اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن مہنگائی کم کرنا حکومت کا اہم ٹارگٹ ہے ۔
خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کی اتحادی جماعتوں کے ساتھ ساتھ جہانگیر ترین گروپ سے بھی تحریک عدم اعتماد میں تعاون کے لیے مدد مانگی گئی تھی ، اس کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیر اعظم عمران خان تقریباً دو سال کے عرصے کے بعد اپنے پرانے ساتھی جہانگیر ترین سے رابطہ کرنے جا رہے ہیں ۔انہی خبروں کے دوران جہانگیر ترین بیماری کی وجہ سے خصوصی طیارے میں سوار ہو کر لندن چلے گئے تھے ۔

ایک دن کی محنت سے پیٹرول 10 روپے کم ہو گیا: بلاول بھٹو

نواب شاہ: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج آپ لوگ کٹھ پتلی کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، ایک دن کی محنت کے نتیجے میں پیٹرول 10 روپے کم ہو گیا، آپ کو دیکھ کر وزیر اعظم گھبرا گیا، ابھی اسلام آباد نہیں پہنچے ہیں انکی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، پٹرول کی قیمتوں میں 12 روپے کا اضافہ کرکے اب 10 روپے کم کرکے بتانے کی کوشش کر رہا ہے، ہمیں معلوم ہے کہ ہمارا وزیر اعظم جھوٹا ہے اس لئے پیچھے ہٹنے والے نہیں۔
لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری دورمیں سلالہ واقعہ پرامریکا نے معافی مانگی تھی، زرداری کی وجہ سے ہیلری کلنٹن نے معافی مانگی، تمہاری کیا فارن پالیسی ہے؟ تم خود مانتے ہو تمہاری فارن پالیسی ناکام ہے، وزیراعظم ٹی وی پر آکر کریڈٹ لینے کی کوشش کررہا ہے، احساس، احساس کہتا ہے اس کو کوئی احساس نہیں ہے، یہ احساس نہیں بلکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے، پولیو کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہا ہے، وہ بھی بے نظیر کا پروگرام ہے، اگر تم نے کچھ کیا ہے توغریب آدمی سے ظلم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوابشاہ آتے ہیں تو فخر محسوس کرتے ہیں، یہ ضلع شہیدوں اور غازیوں کا ضلع ہے، اسلام آباد پہنچیں گے اور اس کٹھ پتلی کا مقابلہ کریں گے، جب تک اسلام آباد پہنچیں گے اس کو گھر بھیجیں گے۔

شہباز کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد اثاثہ جات بڑھے، ڈیلی میل کا عدالت میں جواب

لندن: (ویب ڈیسک) ڈیلی میل نے ایک سال کی تاخیر کے بعد جواب عدالت میں جمع کروا دیا ہے جس میں لکھا گیا کہ شہباز شریف کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد انکے اثاثہ جات میں نمایاں اضافہ ہوا۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کی جانب سے 49 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا گیا ہے، جواب نیب کے شہباز شریف پر کئے گئے ریفرنس پر مشتمل ہے۔
ڈیلی میل کے جواب میں شہباز شریف اور انکے خاندان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات، شریف فیملی کے ملازمین کے بیانات، دبئی اور پاکستان میں بینکوں میں پیسے جمع کروانے والے درجنوں ملازمین کے نام شامل ہیں۔
جواب میں ڈیلی میل کی طرف سے پیش کئے گئے شواہد میں رمضان شوگر ملز کا ذکر ہے جبکہ اخبار کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا کہ مضمون چھاپنے سے پہلے شریف فیملی کا موقف لیا گیا۔
شہباز شریف کے داماد کے حوالے سے بھی ڈیلی میل نے جواب عدالت میں جمع کروا دیا اور دعویٰ کیا کہ شہباز شریف، انکے داماد کے حوالے سے چھپنے والے الزامات پر قائم ہیں، علی عمران یوسف کے اثاثے شریف فیملی میں شادی کے بعد بڑھے۔

ملائیشیا میں بوسٹر ڈوز نہ لگوانے والوں کے مسجد میں داخلے پر پابندی

کوالالمپور: (ویب ڈیسک) ملائیشیا میں کورونا وائرس کی بوسٹر ڈوز نہ لگوانے والے نمازیوں کے مسجد میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائیشیا کے سیلنگور کے ہولو لنگٹ مسجد میں متعدد نمازیوں کو بوسٹر ڈوز نہ لگوانے پر مسجد میں نماز ادا کرنے سے روک دیا۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہورہی ہے جس میں لوگوں سے پہلے ان کے ڈوز کا سرٹیفکیٹ دکھانے کیلئے کہا جارہا ہے، اس کے بعد ہی مسجد میں داخل ہونے دیا جارہا ہے جبکہ جو لوگ سرٹیفکیٹ نہیں دکھا سکے، انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں ملی۔
دوسری جانب صارفین کا کہنا ہے کہ اگر بوسٹر ڈوز وبا پر کنٹرول کا طریقہ ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں، وہیں کچھ لوگ ابھی بھی ویکسین سے پرہیز کررہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ویکسین کورونا کی نہیں بلکہ لوگوں کو بچہ پیدا کرنے سے روکنے کیلئے ہے۔
واضح رہے کہ ملائیشیا میں پہلے سے ہی ایسے پمفلیٹ تقسیم کیے جارہے ہیں کہ جس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ اگر آپ نے بوسٹر ڈوز نہیں لی ہے تو آپ مسجد میں جمعہ کی نماز ادا نہیں کرسکیں گے جبکہ اس کے باوجود لوگ ڈوز لیے بغیر ہی مسجد پہنچ رہے ہیں جب انہیں اندر جانے سے روکا جارہا ہے تو وہ اس کی مخالفت کررہے ہیں۔

پٹرول اور بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان عمران خان کی نوکری بچانے کی ناکام کوشش ہے، مریم اورنگزیب

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) نے وزیر اعظم کے حالیہ قوم سے خطاب کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان دراصل عمران خان نوکری بچانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے مریم اورنگزیب نے کہا کہ 3 برس میں 15 روپے بجلی بڑھائی اور آج نوکری بچانے کے لیے 5 روپے سستی کر دی جبکہ اسی عرصے میں پیٹرول 70 روپے بڑھا کر 10 روپے سستا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کمی عوام کے درد اور مسائل کے احساس کی وجہ سے نہیں بلکہ تحریک عدم اعتماد کے بڑھتے خوف کی وجہ سے ہے، جب عوام بلبلا رہے تھے، مسلم لیگ (ن) پیٹرول میں کمی کی دہائی دے رہی تھی، اس وقت بجلی اور پٹرول کی قیمت کم کیوں نہ کی؟
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان نے 7 ماہ میں12 ارب ڈالر کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ دیا ہے، رفتار یہی رہی تو کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 20 ارب ڈالر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گا جو آج تک کسی حکومت میں نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی کے لحاظ سے یہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ مشرف حکومت کے بعد پی ٹی آئی کے دور میں بلند ترین ہے، عمران صاحب دعوی کررہے ہیں کہ ہم نے 6000 ارب روپے ٹیکس جمع کیا لیکن یہ بیان جھوٹ پر مبنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کم دکھانے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے پی پی پی کے 1970 کے اور مسلم لیگ (ن) کے 1990 کے اعداد شمار استعمال کیے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے آخری دور حکومت میں مہنگائی 3.4 فیصد کی کم ترین سطح پر تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تقریر میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں خسارے سے متعلق سفید جھوٹ بولا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے مجموعی قرض کا 66 فیصد صرف 3 برس میں لینے والے وزیر اعظم کو قرض کی باتیں نہیں کرنی چاہیے۔

7 ماہ میں مہنگائی کی شرح 10. 3 فیصد ریکارڈ کی گئی: وزارت خزانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جنوری میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 13 فیصد ، پہلے 7 ماہ میں مہنگائی کی سالانہ شرح 10.3 فیصد ریکارڈ کی گئی، بڑی صنعتوں کی شرح نمو دسمبر میں 6.4 فیصد تک رہی ، شرح نمو جولائی سے دسمبر کے دوران 7.4 فیصد تک رہی اور اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 45 ہزار 132 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
وزارت خزانہ کی ملکی معیشت پر ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کی گئی جس کے مطابق پہلے 7 ماہ میں ترسیلات زر 9.1 فیصد اضافے سے 18 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، ملکی برآمدات 27.4 فیصد اضافے سے 17.7 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں، درآمدات 55.1 فیصد اضافے سے 42.8 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 11.6 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 11.3 فیصد اضافے سے 1.16 ارب ڈالر رہی، پورٹ فولیو سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 958.3 ملین ڈالر ہو گئی، مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 1817.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، زرمبادلہ ذخائر فروری کے تیسرے ہفتے تک 22.99 ارب ڈالر ہوگئے، اسٹیٹ بینک 16 ارب 58 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں کے ذخائر 6.40 ارب ڈالر رہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق ڈالر کی شرح تبادلہ 176.16 روپے فی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، 6 ماہ میں ٹیکس ریونیو 30.3 فیصد اضافے سے 3351 ارب روپے رہا، جولائی سے دسمبر میں نان ٹیکس آمدنی 14.6 فیصد کمی سے 764.9 ارب رہی ، جولائی تا دسمبر تک پی ایس ڈی پی کی مد میں 566.3 ارب روپے منظورکئے گئے، اسی دوران مالیاتی خسارہ بڑھ کر 1371 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا ، پہلے 7 ماہ میں زرعی قرضے 3.4 فیصد اضافے سے 740.3 ارب روپے کی سطح پر رہے۔

قومی ٹیم کے آسٹریلوی بولنگ کوچ شان ٹیٹ کی پاکستان آمد میں تاخیر

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کےآسٹریلوی بولنگ کوچ شان ٹیٹ کی پاکستان آمد میں تاخیر ہوگئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے مطابق شان ٹیٹ والد کی تدفین کے باعث پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے بعد پاکستان پہنچیں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ شان ٹیٹ کی پاکستان آمد کی تاریخ بعد میں بتائے جائے گی۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر شان ٹیٹ کو ایک سال کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

آرمی چیف سے آرچ بشپ کینٹر بری کی ملاقات، مذہبی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چرچ آف انگلینڈ کے آرچ بشپ کینٹر بری کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی اور مذہبی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار سے بشپ کینٹر بری نے ملاقات کی، ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے مسیحی برادری کی پاکستان کے قیام میں کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مسیحی برادری ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسیحی برادری کے تعلیم، صحت اور پبلک ویلفئیر شعبوں میں منظم کردار کی تعریف کی مسیحی برادری کی اور مسلح افواج میں رہ کر ان کی کوششوں کو بھی سراہا۔
آرمی چیف سے ملاقات میں بشپ کینٹر بری نے دہشت گردی اور اقلیتوں کے تحفظ کے لئے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انٹرنیٹ پر وائرل جادوئی کرتب نے صارفین کو چکرا دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ایک شخص نے محض چینی کے ساشے سے حیرت انگیز جادوئی کرتب دکھا کر انٹرنیٹ صارفین کو سرکھجانے پر مجبور کردیا ہے۔
ویڈیو کو سب سے پہلے ٹک ٹاک صارف jadon.ray@ نے شیئر کیا تھا جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے ویڈیو انٹرنیٹ پر چھا گئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص چینی کے چھوٹے سے ساشے کو کھولتا ہے اور چینی کو الٹے ہاتھ کی مٹھی میں ڈال دیتا ہے۔
بعد میں دکھایا گیا کہ کرتب دکھانے والا چینی کا خالی ساشے ہونٹوں میں دبا لیتا ہے اور مٹھی میں بند چینی کو ہوا میں اڑا دیتا ہے۔ اس کے بعد ویڈیو کا وہ حصہ ہے جس نے ناظرین کو دماغ لڑانے پر مجبور کردیا۔
چینی کو ہوا میں اڑانے کے بعد آدمی اس انداز سے ہاتھ لہراتا ہے جیسے وہ ہوا سے چینی کے ذرات چُن رہا ہو اور کچھ ہی دیر بعد وہ چینی واپس ساشے میں ڈال رہا ہوتا ہے۔ اس ویڈیو کو اب تک 60 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
تاہم کچھ صارفین نے اس کرتب کی پول کھول دی ہے۔ جادوگر نے سیدھے ہاتھ کے انگوٹھے پر دراصل ایک جعلی انگوٹھے کا خول پہنا ہوا ہے جس میں چینی بھری ہوئی ہے۔ یہ جادوگر کا کمال تھا کہ اس نے کیسے ہاتھ کی صفائی سے لوگوں کو مبہوت کردیا۔

روس اور یوکرین کے درمیان بیلا روس کی سرحد پر مذاکرات کا آغاز

بیلاروس: (ویب ڈیسک) بیلاروس کی سرحد پر روسی اور یوکرینی سفارت کاروں کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے جس میں فریقین دس نکاتی ایجنڈے پر بات چیت کر رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کو پانچ روز ہوگئے ہیں جس میں ہلاکتوں اور ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے کے متضاد دعوے کیے جا رہے ہیں۔
روس فوجیں یوکرین کے دارالحکومت میں پارلیمنٹ سے صرف 9 کلومیٹر کی دوری پر ہیں جب کہ دوسرے بڑے شہر خارکیف میں داخل ہوچکی ہیں جہاں سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔
دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے نیوکلیئر فورس کو جنگ کے لیے فوری طور پر تیار اور مستعد رہنے کا حکم دیا ہے جس پر اقوام متحدہ، نیٹو اور مغربی ممالک نے شدید احتجاج کیا ہے۔
تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان کسی بھی پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کا آغاز بیلا روس کی سرحد پر ہوگیا ہے جہاں فریقین تنازع پر جنگ کے بجائے سفارتی حل پر بات چیت کررہے ہیں۔
چند روز قبل روسی صدر نے مذاکرات کاروں کو بیلاروس بھیجا تھا تاہم یوکرینی صدر نے سابق منسک معاہدے کے غیر فعال ہونے پر بیلا روس کے بجائے کسی دوسرے شہر میں مذاکرات کا مطالبہ کیا تھا۔
تاہم اب دوست ممالک کی مداخلت پر فریقین بیلا روس کی سرحد پر مذاکرات کے لیے تیار ہوگئے۔

بھارت؛ انتخابی جلسے میں پاکستان زندہ باد کے نعروں پر7 افراد پر مقدمات درج

الہٰ آباد: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک عوامی اجتماع میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ گئے جس پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق الہٰ آباد کے انتخابی حلقے ہنڈیا میں سماج وادی پارٹی کے امیدوار کی انتخابی مہم جاری تھی اس دوران ایک جلسے میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
انتخابی جلسے میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگنے پر پولیس حرکت میں آگئی اور ویڈیوز کی مدد سے 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انتخابی جلسے میں امیدوار موجود نہیں تھے اس لیے انھیں کیس میں شامل نہیں کیا گیا جلد ساتوں ملزمان کو حراست میں لے لیا جائے گا۔
سماج وادی پارٹی کے ترجمان نے اس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمراں جماعت بی جے پی سیاسی مخالفت کی تمام حدیں پار چکی ہے اور اس قسم کے ہتھکنڈوں سے اپنی شکست کو ٹال نہیں سکتے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی کئی بار پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے پر متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج ہونے کے ساتھ ہی انہیں گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔