پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 4 روپے 26 پیسے مہنگا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 50 پیسے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 112 روپے 68 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 50 پیسے فی لیٹر جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپیہ 68 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپیہ 69 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح 13 فیصد جب کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر جی ایس ٹی کی شرح 17 فیصد کردی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے پیٹرولیم ڈویڑن کو سمری بھیجی تھی جس میں 8 روپے تک قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری

کراچی(ویب ڈیسک)انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مزید 35 پیسے کم ہوکر 148.15 رو پے کا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے کمی کے بعد 148.50 روپے پر آگیا۔کرنسی ڈیلرز کہتے ہیں کہ رمضان کے آخری عشرے میں بیرون ملک سے ترسیلات زر کی آمد بڑھی ہے اور زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک سے آرہی ہیں، جس کی وجہ سے ڈالر کی سپلائی بہتر ہوئی ہے۔سپلائی بہتر ہونے سے ڈالر کی قیمت اوپن مارکیٹ میں ایک روپے تک گری ہے۔فوریکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا تھا کہ انٹر بینک مارکیٹ میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو اوپن مارکیٹ میں آنے والے دنوں میں ڈالر میں واضح کمی ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انٹر بینک مارکیٹ میں بہت زیادہ اتار چڑھاو¿ اوپن مارکیٹ کو متاثر کرتا ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ اسٹیٹ بینک، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی غیر ضروی خریداری روکنے کے لیے اپنے سخت اقدامات پر عمل درآمد جاری رکھے گا جس سے اس میں غیر قانونی کام کرنے والے بینکس اور درآمد کنندگان کی حوصلہ شکنی ہوگی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.70 روپے کمی کے بعد 148.70 روپے ہوگئی تھی، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے کمی کے بعد 149.50 روپے ہوگیا تھا۔بدھ کو ڈالر کی قدر انٹر بینک میں 78 پیسے کمی کے بعد 150.22 روپے رہی تاہم اوپن مارکیٹ میں اس کی قدر میں استحکام دیکھنے میں آیا۔منگل کے روز ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا تھا، انٹر بینک میں اس کی قدر 1.40 روپے اضافے کے بعد 151 روپے ہوگئی تھی جبکہ اوپن مارکیٹ میں 50 پیسے کمی کے بعد 150 روپے ہوگئی تھی۔پیر کے روز مانگ میں کمی اور سپلائی میں اضافے کی وجہ سے ڈالر کی قدر اوپن مارکیٹ میں 50 پیسے کمی کے بعد 149.50 ہوگئی تھی جبکہ انٹر بینک میں 1.30 روپے کمی کے بعد 149.60 ہوگئی تھی۔

کیلیفورنیا میں پانچ نشستوں والے جدید طیارے کی نمائش

سکرامنٹو(ویب ڈیسک )امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پانچ نشستوں والے جدید طیارہ نمائش کے لیے پیش کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اس طیارے کو ماہرین نے جدید طرز پر تیار کیا ہے، اسکائی نامی ایئرکرافٹ میں پانچ نشستیں ہیں جبکہ ایک منی وین جتنی گنجائش ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی کمپنی نے ہا ئیڈروجن سے چلنے والا اپنی نوعیت کا پہلا ائرکرافٹ تیار کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلی فورنیا میں نجی کمپنی نے ہائیڈروجن ایئر کرافٹ کے ماڈل کی نمائش کی، اسکائی نامی ایئر کرافٹ میں پانچ نشستیں جبکہ اس میں ایک منی وین جتنی گنجائش ہے۔چھ ہائیڈروجن فیول سیل بیٹریز سے لیس یہ منفرد ایئر کرافٹ قریبی شہروں کے سفر میں مددگار رہے گا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے سرٹیفکٹ ملنے کے بعد ایئر کرافٹ 2021 میں فروخت کیلئے دستیاب ہوگا۔قبل ازیں رواں سال اپریل میں دنیا کے سب سے چھوٹے جہاز نے پولینڈ کی فضاو¿ں میں پہلی اڑان بھرکر سب کو حیران کردیا تھا۔خیال رہے کہ پانچ سیٹوں پر مشتمل مذکورہ جہاز کو جنوب مشرقی پولینڈ میں قائم زائی لوناگورا نامی ایئرپورٹ پر اڑایا گیا تھا جسے دیکھنے والے دنگ رہ گئے تھے، جہاز کا وزن 700 کلو گرام تھا۔

اسپین میں بیٹے کا خط بلا اجازت پڑھنے پر والد کو 2 سال قید کی سزا

میڈرڈ(ویب ڈیسک)ہسپانوی عدالت نے باپ کو اپنے بیٹے کے نام آنے والا خط بلا اجازت پڑھنے پر 2 سال قید کی سزا سنادی۔خط بچے کی خالہ نے اسے لکھا تھا جس میں بچے کے والد کے خلاف گھریلو زیادتی کے کیس سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا لیکن والد نے بیٹے کے نام آنے والے خط کو اس کی اجازت کے بغیر پڑھ لیا تھا۔اسپین کی عدالت میں اس کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے والد کو اپنے بچے کی رازداری کی خلاف ورزی کرنے پر 2 سال کی قید اور مالی معاوضہ ادا کرنے کی سزا سنائی۔عدالت نے اس کیس کو بچے کی والدہ کی جانب سے کیے گئے کیس میں بطور ثبوت شامل کر لیا۔

پنجاب میں 72 لاکھ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ دیے جائیں گے، یاسمین راشد

راولپنڈی(ویب ڈیسک) وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں 72 لاکھ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ دیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے صحت نصاف کارڈ کی تقسیم کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں 2 لاکھ 57 ہزارصحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جا رہے ہیں، یہ کارڈ ہرسال دوبارہ جاری کیے جائیں گے۔ وزیرصحت پنجاب نے کہا کہ غربت کی سطح سےنیچے زندگی گزارنے والے افراد کا سروے کیا جائے گا، کارڈ ہولڈ کو آپریشن سے ادویات تک سب سہولت میسرہوں گی۔یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اسپتال پہنچنے پر ایک ہزار روپے کرایہ اسپتال ادا کرے گا، کارڈ کے حامل افراد کو سی ٹی اسکین، ڈائیلیسز کی سہولت بھی ہوگی، پنجاب میں 72لاکھ خاندانوں کوصحت انصاف کارڈدیئے جائیں گے۔یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں معذورافراد کو الگ سےکارڈ دیے جائیں گے، جن سے وہ فائدہ اٹھا سکیں گے۔خیال رہے کہ 7 اپریل 2019 کو اس وقت کے وفاقی وزیر عامر کیانی نے کہا ہے کہ اب تک 22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کیے جا چکے ہیں، رواں سال 90 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان سے افغان صدر کی ملاقات ، پاکستان کا خطے میں امن کی خواہش کا اعادہ

مکہ مکرمہ (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان سے مکہ مکرمہ میں افغان صدر اشرف غنی نے ملاقات کی ، وزیر اعظم نے افغان امن عمل کیلئے معاونت کا یقین دلایا۔تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں وزیر اعظم عمران خان سے افغان صدر اشرف غنی نے ملاقات کی ، دونوں ممالک نے افغان امن مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے ،افغانستان میں استحکام کیلئے بھر پور حمایت جاری رکھیں گے ،پاکستان افغان امن عمل کے سیاسی حل کیلئے معاونت کرے گا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی ، سکیورٹی اور اقتصادی معاملات میں تعاون کوفروغ دیں گے ،افغان صدر کا دورہ پاکستان تعلقات کی مضبوطی کیلئے مددگار ہوگا۔

پودوں، مٹی اور قدرتی رنگوں سے پینٹنگ کرنے والا بے گھر مصور

کیرالا(ویب ڈیسک) بھارت میں ایک بے گھر فن کار خداد صلاحیتوں کا مالک ہے اور وہ کوئلے،قدرتی رنگوں، پودوں کے اجزا اور مٹی وغیرہ سے دیواروں اور عمارتوں پر بڑی پینٹنگ اور میورل بناتا ہے۔ملگجی ڈاڑھی اور میلے کپڑوں میں ملبوس یہ شخص کولم شہر کی سڑکوں پر رہتا ہے اور لوگ اسے راجو کے نام سے پکارتے ہیں جو اس کا اصل نام نہیں ہے۔ تاہم یہ ایک کہنہ مشق فنکار ہے جو گزشتہ 8 برس سے شہریوں کو اپنے فن سے محظوظ کررہا ہے۔ کئی دیواروں اور عمارتوں پر اس نے حیرت انگیز پینٹنگ اور منظرنامے تخلیق کئے ہیں۔ یہ پتوں کو بطور برش استعمال کرتا ہے اور پودوں کے اجزا، کوئلے اور گارے کو رنگ کے طور پر استعمال کرتا ہے۔لوگ راجو کے پس منظر اور زندگی کے بارے میں جاننے کے خواہشمند نہیں لیکن جب بھی یہ کوئی نیا کام شروع کرتا ہے لوگ اس کے گرد جمع ہوجاتے ہیں۔ اگرچہ وہ جدید اشیا استعمال نہیں کرتا لیکن اس کے فن پارے کسی شاہکار سے کم نہیں ہوتے اور تکمیل کے بعد لوگ اسے دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔راجو مختلف رنگوں کے پتوں کو زمین پر پیس کر مختلف رنگ بناتا ہے اور اس میں اپنے ہاتھوں سے مٹی ملاتا جاتاہے جس سے براو¿ن اور سیاہ رنگ بنتے ہیں۔ اس کے بیگ میں نیلے، پیلے اور سرخ رنگ بھی ہیں جو

قدرتی رنگ ہیں۔ اس کے بعد راجو اپنا کام شروع کرتا ہے اور دماغ کی تخلیقی قوت سے دیواروں کو مزین کرتا ہے۔راجو نے پہلی پینٹنگ 2011 میں بنائی تھی اور اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا دماغی توازن درست نہیں اور وہ ایک روز اپنا گھربار چھوڑ کر فٹ پاتھ پر رہنے لگا تھا۔ تاہم اس کے بارے میں اتنا ہی کچھ معلوم ہوسکا ہے۔

کامیاب اداکارہ کے عروج وزوال کوبیان کرتا فلم ’باجی‘ کا ٹریلرریلیز

کراچی(ویب ڈیسک) اداکارہ میرا کی فلم ”باجی“ کا دھماکے دار ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے جس میں ایک کامیاب اداکارہ کے عروج اور زوال کی کہانی کو بڑی خوبصورتی سے فلمایا گیا ہے۔پاکستانی اسکینڈل کوئین اداکارہ میرا طویل عرصے بعد فلم ”باجی“ کے ذریعے فلم انڈسٹری میں واپسی کررہی ہیں۔ فلم کے ٹیزرمیں ان کے اسٹائل اوراداکاری نے سب کو متاثر کیا تھا جسے دیکھ کرناقدین بھی میرا کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے تھے اورفلمی شائقین اس فلم کو میرا کی فلموں میں دھماکےدار واپسی قرار دے رہے تھے۔فلم کے شاندارٹیزرکے بعد شائقین کو بے چینی سے اس کے مکمل ٹریلر کا انتظارتھا جو جاری کردیا گیا ہے۔ ٹریلر سے فلم کی مکمل کہانی سامنے آجاتی ہے جس میں ایک کامیاب اداکارہ شمیرا کے عروج و زوال کو بڑی خوبصورتی سے فلمایا گیا ہے۔ فلم میں شمیرا کا کردار اداکارہ میرا ادا کررہی ہیں جس کا کیریئر دس سال تک فلم انڈسٹری پر راج کرنے کے بعد اور بڑھتی عمر کے باعث اب زوال کی جانب گامزن ہے۔فلم میں دوسرا اہم کردارماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس اداکررہی ہیں جو فلم میں میرا کی جگہ لینے کی کوشش کرتی ہیں۔ ڈراما اور دلچسپی سے بھرپو فلم کی دیگر کاسٹ میں عثمان خالد بٹ، محسن عباس حیدر اورعلی کاظمی شامل ہیں۔ فلم 28 جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

مودی سرکار کی 57 رکنی کابینہ کا اعلان، سشما سوراج کی چھٹی

نئی دلی(ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے اپنی بھاری بھرکم کابینہ کے 57 اراکین کی وزارتوں کا اعلان کردیا ہے جس میں سابق وزیر خارجہ سشماسوراج کی چھٹی کردی گئی ہے اور سابق وزیر دفاع نرملہ سیتا رامن کا قلم دان تبدیل کردیا گیا ہے۔ ڈوبتی معیشت، فروغ پاتے جرائم اور لڑکھڑاتی خارجہ پالیسی کو سہارا دینے کے لیے وزیراعظم نریندرا مودی نے 57 اراکین پر مشتمل بھاری بھرکم کابینہ کی وزارتوں کا اعلان کردیا ہے جس میں میرٹ سے زیادہ بندر بانٹ نظر آئی۔وزیراعظم مودی نے اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ امیت شاہ پر داخلہ کی اہم وزارت وار دی جب کہ سشما سوراج کی چھٹی کردی گئی اور ان کی جگہ حیران کن طور پر سابق سیکرٹری وزارت خارجہ جے شنکر کو منصب دے دیا گیا۔ کابینہ میں یہ سب سے غیر متوقع تبدیلی ہے۔پاک فوج کے منہ توڑ جواب میں بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی تباہی اور پائلٹ کو حراست میں لینے کے بعد عالمی سطح پر سبکی کا سامنے کرنے والے مودی نے سابق وزیر دفاع نرملا سیتا رامن کو آزمانے سے گریز کیا اور راج ناتھ سنگھ کو وزیردفاع بنادیا۔ راج ناتھ سنگھ سابق کابینہ میں وزیر داخلہ تھے اور وہ بی جے پی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

امریکا نے پاکستانی سفارتکاروں کا ٹیکس استثنا ختم کردیا

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا نے پاکستانی سفارت کاروں کا ٹیکس استثنا ختم کردیا۔امریکا میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کو رہائش، خوراک، ائیر لائنز، گیس اور یوٹیلٹی پر ٹیکس میں استثنا دیا جاتا تھا جس کی سہولت ختم کردی گئی ہے۔امریکا نے 20 کے قریب پاکستانی سفارتکاروں کے لیے ٹیکس استثنا کی سہولت ختم کی اور انہیں ٹیکس استثنا کے لیے جاری کردہ کارڈ 15 مئی کو واپس کرنا پڑے۔پاکستانی سفارتخانے کے مطابق ختم کی گئی سہولیات ویانا کنونشن کے تحت دی جاتی ہیں۔اس حوالے سے ترجمان اسٹیٹ ڈپمارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ ان معاملات پر پاکستان سے بات چیت جاری ہے، امید ہے کہ معاملات جلد حل کر لیے جائیں گے جب کہ امریکی سفارت کاروں کو پاکستان میں ایسی سہولیات التواءمیں ہیں۔