ٹیسٹ سیریز: آسٹریلوی کرکٹرعثمان خواجہ ویزا مسائل کے باعث بھارت نہ جاسکے

سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے کرکٹر عثمان خواجہ ٹیسٹ سیریز کیلئے ویزا مسائل کے باعث بھارت نہ جاسکے۔
آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ٹیم کے ہمراہ بھارت نہ جانے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ میں ویزے کا انتظار کر رہا ہوں، یہ ایسے ہے جیسے میں پھنسا ہوا ہوں۔
رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی اسکواڈ منگل کی رات سڈنی سے بھارت کیلئے روانہ ہوا جبکہ عثمان خواجہ کے حوالے سے امکان ہے کہ ان کا ویزا آج کلیئر ہوجائے گا اور وہ آج ہی بھارت روانہ ہوں گے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق عثمان خواجہ کو 2011 میں بھی بھارت جانے کے لیے ویزے کا مسئلہ ہوا تھا ، عثمان خواجہ کو2011 میں چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لیے بھارت جانا تھا۔
عثمان خواجہ نے 2011 میں بھی ویزا نہ ملنے پر آواز اٹھائی تھی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے بھارت میں 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے ، آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 فروری کو شیڈول ہے۔

اے این ایف کی کارروائیاں ، دبئی جانیوالے مسافر کے پیٹ سے 80 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس کا منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، اسلام آباد ایئر پورٹ پر مختلف کارروائیوں میں بیرون ملک کیپسولز کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی ۔
اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر دبئی جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 80 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے ہیں ، ملزم شمالی وزیرستان کا رہائشی ہے ۔
اے این ایف کے مطابق دوحہ جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے بھی 52 چرس، اور 31 آئس بھرے کیپسول برآمد کیے گئے ، ملزم کا تعلق مردان سے ہے ، دونوں واقعات میں اسمگلنگ میں ملوث مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایک اور کارروائی میں اے این ایف نے اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب اسلام آباد کے رہائشی ملزم سے 510 گرام چرس برآمد کرلی ، ملزم برآمدہ چرس طلباء کو فروخت کرتا تھا ۔
اے این ایف اور اے ایس ایف کی باچہ خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور پر مشترکہ کارروائی ، شارجہ جانے والےملزم سے 70 گرام چرس برآمد کر لی گئی ہے ، سوات کا رہائشی ملزم گرفتارکرلیا گیا ۔
اے این ایف حکام کے مطابق لاہور میں ایمپریس روڈ پر واقع نجی کورئیر آفس میں ناروے سے بھیجے گئے پارسل میں سے 31 گرام ویڈ برآمد کر لی گئی ، ملزم گرفتار کر لیا گیا ۔
اے این ایف حکام کے مطابق ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔

کراچی : رینجرزاور پولیس کی مشترکہ کارروائیاں ، 72مشتبہ افراد زیرحراست

کراچی : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 72 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کٹی پہاڑی کے قریب رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 64 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہے ۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں شہید پولیس اہلکار اے ایس آئی اقبال کے قتل میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا ۔
لائنز ایریا میں شہید اہلکار کے قتل میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز نے مشترکہ ٹارگٹڈ سرچ آپریشن کرتے ہوئے 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے ۔

افریقہ میں 278 ملین افراد فاقہ کشی کا شکارہیں : اقوام متحدہ

نیویارک : (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں فاقہ کشی کا شکار 828 ملین افراد میں سے 278 ملین افریقا میں مقیم ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت نے خبردار کیا ہے کہ افریقی ترقیاتی بینک (اے ایف ڈی بی) کی طرف سے بتائی گئی تعداد 2030 میں بڑھ کر 310 ملین تک پہنچ سکتی ہے۔
اگرچہ یہ براعظم 2050 تک 9 بلین لوگوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے کافی قابل کاشت زمین کا مالک ہے اس کےباوجود یہ ایک سو ملین ٹن سے زیادہ خوراک درآمد کرتا ہے ، 2022 میں افریقا کی زرعی صورتحال کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ افریقہ میں زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے ہر سال 257 بلین ڈالر کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ، تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، انفراسٹرکچر اور زراعت میں سرمایہ کاری میں کمی افریقا میں خوراک کے مسئلے کی سنگینی میں اضافہ کر رہی ہے ، براعظم میں 30 سے زیادہ مسلح دہشت گرد گروہوں کی موجودگی بھی زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبوں پر بھی منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔
خیال رہے کہ افریقا دنیا کی کاشت نہ کی جانے والی 65 فیصد ذرخیز زمین کا مالک ہے۔

برطانیہ کی معیشت رواں برس سکڑے گی : آئی ایم ایف نے خبردار کردیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ رواں برس ترقی یافتہ ممالک میں برطانیہ وہ واحد ملک ہوگا جس کی معیشت ترقی کرنے کی بجائے سکڑے گی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ برطانوی معیشت 2023 میں 0.6 فیصد تک سکڑ جائے گی ، برطانیہ کی شرح نمو اعشاریہ تین فیصد جبکہ جی ڈی پی اعشاریہ چھ فیصد تک گرنے کا خدشہ ہے ، اس طرح برطانیہ کی معیشت روس سے بھی بدتر ہوسکتی ہے ۔
آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق درست حکومتی اقدامات کے سبب آئندہ برس معیشت میں 0.9 فیصد ترقی کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق گیس کی قیمت و شرح سود میں اضافہ ، رہن سہن کے بڑھتے اخراجات اور ٹیکسوں میں اضافہ برطانوی معیشت کی ترقی میں رکاوٹ ہے، چانسلر جیریمی ہنٹ نے دباؤ کے باوجود بجٹ میں ٹیکسوں میں کمی کا امکان مسترد کر دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے رواں برس مہنگائی کی شرح کو نصف کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی ایم ایف نے بنگلہ دیش کیلئے 4.7 ارب ڈالر کا امدادی قرضہ پیکیج منظور کیا ہے ، آئی ایم ایف پیکیج کے ذریعے 47 کروڑ 60 لاکھ ڈالر بنگلہ دیشی حکومت کو فوری میسر ہوں گے ، گزشتہ مئی سے اب تک بنگالی ٹکا ڈالر کے مقابلے میں 25 فیصد کم ہوا ہے جس کی وجہ سے وہاں پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔

روس کا یوکرینی شہر باخموت کے ایک گاؤں پر قبضے کا دعویٰ

ماسکو : (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کے شہر باخموت کے شمالی مضافات میں ایک گاؤں پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے تاہم یوکرین کی حکومت کی طرف سے فوری طور اس دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ بلہودتنے گاؤں جو باخموت کے شمال میں تقریباً پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اس پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔
دریں اثناء روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے منگل کو بیلاروس کے ساتھ مشترکہ فوجی تربیتی مراکز قائم کرنے کے منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا کہ پڑوسی ملک کی افواج یوکرین میں ان کی فوج کے ساتھ لڑائی میں شامل ہو سکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پیوٹن نے وزیر دفاع اور خارجہ کو بیلاروس کے ساتھ بات چیت کرنے اور تنصیبات کے قیام کے لیے ایک معاہدہ طے کرنے کا حکم دیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ مراکز کہاں قائم ہوں گے۔

نفرت انگیز مہم سے فنکار ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں: ثروت گیلانی

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے کہا ہے کہ شوبز شخصیات بھی انسان ہیں اور جذبات رکھتے ہیں، نفرت انگیز مہم ان پر اثر ڈالتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے حالیہ انٹرویو میں ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ آن لائن منفی مہم فنکاروں کو شدید متاثر کرتی ہے، نفرت انگیز مہم چلانے والے افراد کو پہلے خود پر نظر ڈالنی چاہئے اور خود پر کنٹرول کرنا سیکھنا چاہئے۔
اداکارہ نے کہا کہ بدقسمتی سے آج کل ہمارے ہاں یہ کلچر بن گیا ہے کہ ہم اچھی چیزوں کو سراہتے نہیں ہیں بلکہ جیسے ہی ہمیں کوئی غلط چیز نظر آئے ہم منفی مہم شروع کردیتے ہیں، بسا اوقات ان غیر ضروری مہم سے فنکار ڈپریشن کا شکار ہوجاتے ہیں اور خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے ٹرولرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پاس انٹرنیٹ اور کی بورڈ ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو لوگوں کی عزتیں اچھالنے کی اجازت مل گئی ہے۔

کراچی : دو مختلف پولیس مقابلے، 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

کراچی : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں دو مختلف پولیس مقابلوں کے دوران 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔
کراچی پولیس کے مطابق عوامی کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کئے گئے ہیں جن کی شناخت زوہیب اور اشفاق کے نام سے ہوئی جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب ہونے والے ایک اور پولیس مقابلے کے دوران بھی دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے ہیں ، ملزمان کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جائے گی جس کے بعد تفتیش کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔

بیان پر قائم ہوں، عمران درست کہتا ہے کہ زرداری اسے قتل کروانا چاہتا ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں اپنے بیان پر قائم ہوں، عمران خان درست کہتا ہے کہ آصف زرداری اسے قتل کروانا چاہتا ہے، عمران خان کی جان کو شدید خطرات ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ان کا منصوبہ عمران خان کو نااہل اور مائنس کرنا ہے، 16 وزارتوں میں کچھ نہ ملا ت حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر آ گئی ہے، میرے وکیل نعیم حیدرنےتھانےمیں بیان جمع کروا دیا ہے جو پولیس لینے سے انکاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی پوری کوشش ہے کہ مجھے ہر حال میں گرفتار کیا جائے، پہلے لال حویلی پر قبضہ کیا جو ہماری ذاتی ملکیت ہے، ہائیکورٹ نے قبضےکوختم کر دیا۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آبادپولیس کی طرف سے مجھے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، میرے وکیل سردار رازق، نعیم حیدر اور انتظار حسین ہیں، باقی پولیس کی طرف سے میرے خلاف میڈیا ٹرائل کروایا جا رہا ہے۔

تھانہ مکڑوال حملہ ناکام بنانے پر وزیراعظم کی پولیس افسران، جوانوں کو شاباش

میانوالی: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے تھانہ مکڑوال میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دی اور غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے افسران، جوانوں کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کو مار بھگانے والے پنجاب پولیس کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پولیس دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے میں ہمارا قابل فخر ہراول دستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم اور ادارے متحد اور ایک آواز ہیں، انسداد دہشت گردی کے خاتمے میں پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کا کردار اور جذبہ پہ پوری قوم کو فخر ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کو مزید مظبوط اور جدید ہتھیاروں سے لیس کریں گے، پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی بہادر فورسز کے ساتھ ہے۔

پولیس کا سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر چھاپہ

گجرات : (ویب ڈیسک) پنجاب پولیس کی جانب سے مسلم لیگ ( ق ) کے رہنما ء اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے جبکہ پولیس کی درجنوں گاڑیوں اور سینکڑوں اہلکاروں نے رہائش گاہ کو حصار میں لئے رکھا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے گجرات میں چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کنجاہڑی ہاؤس پر چھاپا مارا گیا اور بھاری نفری نے رہائش گاہ کو حصار میں لئے رکھا جبکہ پولیس کی کچھ گاڑیاں رہائش گاہ کے قریب بھی گشت کرتی رہیں۔
مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی اور انکے بیٹے مونس الہٰی گھر پر نہیں بلکہ لاہور میں موجود ہیں، صرف گھریلو ملازمین گھر پر موجود ہیں، یہ بھی نہیں بتایا جا رہا ہے کہ پولیس نے کس مقدمہ میں اور کیوں چھاپہ مارا ہے۔
قبل ازیں 28 جنوری کو پولیس نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ کے ڈرائیور اور گن مین کو شراب کی بوتلیں لے جاتے ہوئے گرفتار کیا جس پر ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے ریسٹورنٹس رات 11 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے ریسٹورنٹس رات 11 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے سموگ کیس میں گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا جس کے مطابق ہوم ڈیلیوری کی سروس رات ساڑھے 12 بجے تک دینے کی اجازت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں عدالت نے ٹریفک پولیس کو سٹرکوں پر ٹریفک کی معلومات کے لئے ٹیلی فون نمبر دینے کی ہدایت کردی، عدالت نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر تحریری حکم جاری کیا۔

حکومت ہمیں پکڑنے کے بجائے دہشتگردوں کو پکڑے، پرویز الہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حکومت ہمیں پکڑنے کے بجائے دہشتگردوں کو پکڑے، نگران حکومت اپنا مینڈیٹ بھول گئی ہے، ان کا مینڈیٹ صاف اور شفاف الیکشن کروانا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کسی کے گھر پر ریڈ نہیں کر رہی، وہ اپنے مخالفین کی دل آزاری نہیں کر رہے، آپ دیکھیں گے ان کے خلاف کس طرح سارا گجرات باہر نکلتا ہے، حکومت ہمیں پکڑنے کے بجائے دہشتگردوں کو پکڑے، یہ یہاں اپنی دشمنیاں نکالنے کے لئے موجود نہیں ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کو سرخاب کے پر لگ گئے ہیں اور یہ پکڑے نہیں جائیں گے، ان کا بھی احتساب بہت جلد ہوگا، یہ کام ہی سارا غلط کر رہے ہیں، ہمیں اپنی عدلیہ پر پورا یقین ہے، ان کو عدالتوں سے سزا دلوائیں گے، یہ غیر قانونی حرکتیں کر رہے ہیں، ہم تمام ریکارڈ اکٹھا کر رہے ہیں، ساری وکلاء تنظیمیں بھی ہمارے ساتھ کھڑی ہیں، یہ جو لوگوں کو تنگ کرتے ہیں، اب باری ان کی ہے۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ان کو الیکشن میں اپنی موت نظر آ رہی ہے، ہمارے ملازمین کو دھمکیاں دیتے رہے اور تلاشیاں لیتے رہے ہیں، جو ان کو چلانے والے حکمران ہیں اب ان کی باری ہے، یہ چھاپہ اس لئے مار رہے ہیں کہ یہ چاہتے ہیں ہم الیکشن نہ لڑیں، ہم لوگوں کے لئے کام کرنا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کورٹ میں جائیں گے تو پھر ان کا دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا، ہمیں چھاپے سے پہلے کچھ نہیں بتایا گیا، ہم ان کو کٹہرے میں لائیں گے، ان کے خلاف قانونی و عدالتی کارروائی ہوگی