خیبرپختونخوا میں ایک ماہ کی بندش کے بعد سی این جی اسٹیشن کھل گئے

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں ایک ماہ کی بندش کے بعد سی این جی اسٹیشن کھل گئے ہیں ۔ پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں سی این جی کی فراہمی بحال ہوگئی ہے ، سی این جی اسٹیشنز کے سامنے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ صوبہ بھرمیں سی این جی اسٹیشن یکم جنوری سے بند کئےگئے تھے ، اسٹیشن بندش کا مقصد صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔ صوبائی حکومت نے سوئی گیس پریشر میں کمی کے سبب تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں دفعہ 144 کے تحت سی این جی اسٹیشنز بند کرانے کے نوٹی فکیشنز جاری کرنے کی ہدایت کی تھی

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ شمالی بلوچستان اور بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی توقع ہے۔

کورونا وائرس : ملک میں اموات اور کیسز کی شرح میں مستقل کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات اور کیسز کی شرح میں مستقل کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 797 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 19 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.50 فیصد رہی ہے ، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ11 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس فروری / مارچ 2020 میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا ۔