خودکش حملہ آور کا سر اور اعضاء ملے ہیں، آئی جی خیبر پختون خوا

پشاور : (ویب ڈیسک) آئی جی خیبر پختون خوا معظم جاہ انصاری نے بتایا ہے کہ پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکا خودکش تھا، خودکش حملہ آور کا سر اور کچھ اعضاء ملے ہیں۔
آئی جی خیبر پختون خوا نے نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں ہوئے خود کش دھماکے میں حملہ آور کے سیمپل ڈی این اے ٹیسٹنگ و فارنزک کے لیے بھیجوا دیے ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج سے دھماکے کی وجوہات کا تعین کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز ہونے چاہئیں، دہشت گردوں کا کنٹرول کسی علاقے پر اس طرح نہیں ہے جس طرح 10، 12 سال پہلے تھا۔ یہاں سے کوئی دہشت گرد بھاگ کر افغانستان میں پناہ لے تو معاہدے کے مطابق افغان حکومت کو اسے ہمارے حوالے کرنا چاہیے۔
واضح رہے پشاور پولیس لائنز دھماکے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے، آئی جی خیبرپختون خوا معظم جاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں ممکنہ طور پر دس سے بارہ کلو بارودی مواد استعمال ہوا ۔ پولیس لائنز میں تعمیراتی کام کے دوران وقفے وقفے سے بارود یہاں لایا گیا۔ حملہ آور سائلین کی شکل میں پولیس لائنز میں خودکش جیکٹ کے بغیر داخل ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی این اے سے حملہ آور کی شناخت ممکن ہو گی۔ گیٹ پر چیکنگ ہوتی ہے لیکن کوتاہی ہوئی، مسجد کی چھت گرنے سے زیادہ اموات ہوئی ۔ آئی جی کے پی نے بتایا کہ جے آئی ٹی حملے کی مکمل تحقیقات کرے گی۔ خودکش حملہ آور پولیس لائنز کیسے پہنچا سہولت کار کون تھے؟؟ بارودی مواد کیسے جمع ہوا؟؟

فواد کو سی کلاس جیل میں رکھا گیا ہے، ان کیساتھ دہشتگردی کے ملزمان ہیں، اہلیہ حبا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری کی اہلیہ حبا چودھری نے کہا ہے کہ فواد چودھری کو سی کلاس کی جیل میں رکھا گیا ہے، فواد کے ساتھ دہشتگردی کے ملزمان ہیں۔
کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری کی اہلیہ حبا چودھری نے کہا کہ فواد چودھری کا حوصلہ بلند ہے، فواد چودھری کے لئے بی کلاس جیل کی سہولت کے لئے مطالبہ کیا ہے، جیل میں بی کلاس تمام سیاسی شخصیات کو دی جاتی ہے تو فواد چودھری کو کیوں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل فواد سے 8 دنوں بعد ملاقات ہوئی، دو بیٹیوں کے ساتھ فواد چودھری سے ملنے اڈیالہ جیل گئی، ذہنی طور پر بہت مشکل لمحات تھے کیونکہ اڈیالہ جیل میں ماحول اچھا نہیں۔
حبا چودھری کا مزید کہنا تھا کہ فواد چودھری کے اہل خانہ کے حوصلے بلند ہیں، فواد سے تشدد کے حوالے سے بات نہیں کی، دو اور چار سال کی بچیوں کے ہاتھوں پر اڈیالہ جیل میں سٹمپ لگائی گئی، فواد چودھری سے پوچھا کہ سوشل میڈیا اور موبائل کے بغیر جیل میں رہ رہے ہو تو انہوں نے اس بات پر قہقہہ لگایا۔

مبینہ بیٹی ظاہر نہ کرنے پر نااہلی کی درخواست خارج کی جائے، عمران خان کی استدعا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے مبینہ بیٹی ٹیریان کو ظاہر نہ کرنے پر نااہلی کی درخواست خارج کی استدعا کر دی۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے تحریری جواب اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروا دیا گیا ہے، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ جج ایک بار کیس سننے سے انکار کر دیں تو دوبارہ سننا غیر مناسب ہے۔
سابق وزیر اعظم نے تحریری جواب میں جسٹس عامر فاروق پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نا اہلی کی درخواست نا قابل سماعت ہے، عمران خان رکن اسمبلی نہیں رہے، اسلام آباد ہائی کورٹ ٹیریان سے متعلق ڈکلریشن کا جائزہ آئینی دائرہ اختیار میں نہیں لے سکتی۔
درخواست کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق ماضی میں بھی عمران خان کیخلاف اس نوعیت کا کیس سننے سے انکار کر چکے ہیں، یہ مسلمہ اصول ہے کہ ایک بار جج کیس سننے سے انکار کر دیں تو جج دوبارہ وہ کیس سنیں تو غیر مناسب ہے، نا اہلی کی درخواست خارج کی جائے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے عام انتخابات کی کوئی تاریخ نہیں دی، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وضاحت کی ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے عام انتخابات کے لئے تاحال کوئی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔
اپنے ایک بیان میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ گورنر نے اپنے خط میں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے سیاسی جماعتوں اور سکیورٹی اداروں سے مشاورت کرنے کی تجویز دی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایک خبر سامنے آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں عام انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو اپریل کی 16 تاریخ تجویز کی ہے۔

پشاور خودکش حملے کے حوالے سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اہم ریمارکس

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پشاور مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کے حوالے سے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں سے مذاکرات کیوں کیے جا رہے ہیں۔
ایک کیس کی سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں سے کب تک ڈریں گے، کہا جاتا ہے کہ دہشت گردوں کو یہ دو وہ دو، کبھی کہا جاتا ہے دہشت گردوں سے مذاکرات کرو، اس دوران ریاست کہاں ہے، دہشتگردوں سے مذاکرات کیوں کیے جا رہے ہیں۔
فاضل جج نے کہا کہ آج دہشتگرد 2 بندے ماریں گے کل کو کو 5 مار دیں گے، پتا نہیں ہم کس معاشرے میں رہ رہے ہیں، ایک جج نے دہشت گردی کے واقعہ پر رپورٹ دی اس کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ لمبی داڑھی رکھنے سے بندہ مسلمان یا اچھا انسان نہیں بن جاتا، ہمارے ایک جج کو مار دیا گیا کسی کو پرواہ ہی نہیں۔

خیبرپختونخوا کوانسداد دہشتگردی کیلئے417 ارب روپے دیے ، کہاں گئے : وزیراعظم

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو تیرہ سال میں 417 ارب روپے انسداد دہشتگردی کی مد میں دیئے گئے، خدا جانے وہ کہاں خرچ کئے گئے، کوئی نہیں جانتا ، ان کا حساب دیا جائے کہ وہ کہاں گئے؟۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پشاور دھماکہ افسوسناک ہے ، خیبر پختونخوا میں 10سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی، گزشتہ 10 سال میں وفاق کی جانب سے 417 ارب روپے خیبرپختونخوا کو ادا کیے جاچکے ہیں، 417 ارب روپے کہاں استعمال ہوئے؟ کہا جاتا ہےکہ ہمیں پیسے نہیں ملے لیکن انہیں سالانہ 40 ارب ملے، وہ پیسے کہاں گئے؟
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ پیسہ خیبر پختونخوا کی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بہتری کے لئے استعمال ہونا تھا، خیبرپختون خوا کوسالانہ 40 ارب روپے ملے کسی اور صوبے کو اتنے نہیں ملے ، اب پی ٹی آئی کا گلہ حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے۔
پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس وسائل تھے تو نیکٹا بنایا گیا، سی ٹی ڈی بنائی گئی، پھر بھی پیسہ کہاں خرچ ہوا، کے پی کے سیاسی خاندانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔
ان کاکہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف قوم اور ادارے متحد اور ایک آوازہیں ، بہادر اور غیور عوام کی ہمت کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پشاور سے کراچی تک ہر آنکھ اشکبار ہے، دہشتگردی کا یہ ناسور دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، سوال پیدا ہوتا ہے،ان کو کون واپس لے کر آیا، دوبارہ پاکستان کا امن خراب ہوا، کس طرح کے پی دہشتگردوں کے ہاتھ میں چلا گیا، اگر ہم نے فوری اقدامات نہ کیے تو یہ پاکستان کے دوسرے علاقوں میں دوبارہ پھیل جائے گا ، ہم اس پر دوبارہ قابو پائیں گے۔

پی ٹی آئی کا کرپشن سے متعلق بیانیہ تقریروں اور مشہوری تک محدود تھا: شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا کرپشن کے حوالے سے بیانیہ صرف تقریروں اور مشہوری تک محدود تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ‏عالمی ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس رپورٹ 2022ء تحریک انصاف کے بیانیہ کے تابوت میں آخری کیل ہے، ان کے چار سالہ دور حکومت میں کرپشن کم نہیں بلکہ مسلسل بڑھتی رہی۔
انہوں نے کہا کہ ‏تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے پاکستان کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں 117ویں نمبر پر تھا، عمران خان کے اقتدار کے دوران پاکستان 2019ء میں 120ویں، 2020ء میں 124ویں اور 2021ء میں 140ویں نمبر پر آگیا، تحریک انصاف کے بدترین دور اقتدار کی وجہ سے پاکستان اس فہرست میں 140ویں نمبر پر پہنچ گیا۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ان کی کرپشن کی وجہ سے پاکستان کرپشن انڈیکس میں مجموعی طور پر 23 درجے اوپر چلا گیا، انہوں نے مخالفین پر جھوٹے کیسز بنائے جبکہ خود میگا کرپشن سکینڈلز میں ملوث رہے، اب عمران خان کہتا ہے کہ ان کے دور میں کوئی کرپشن اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔

پرویز الہیٰ کے گھر چھاپہ کس کی گرفتاری کیلئے مارا؟ پولیس نے وضاحتی بیان جاری کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پولیس کا کہنا ہے کہ پرویز الہیٰ کے گھر چھاپہ چودھری وجاہت حسین کی گرفتاری کے لیے مارا گیا تھا، وجاہت حسین گھر پر موجود نہ ہونے کے باعث پولیس تلاشی کے بعد واپس لوٹ گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ ککرالی میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، کوٹلہ ہسپتال جھگڑے میں چودھری وجاہت کے بیٹے موسیٰ الہیٰ بھی موقع پر موجود تھے، موسیٰ الہیٰ کو کوٹلہ سول ہسپتال میں فائرنگ کے معاملے پر دوران تفتیش مقدمہ میں نامزد کیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ موسیٰ الہیٰ نے مقدمہ میں عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، چودھری وجاہت نے تاحال مقدمہ میں ضمانت نہیں کروائی۔
خیال رہے کہ چودھری وجاہت حسین مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین کے بھائی اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے چچازاد بھائی ہیں۔

عمران، فواد، اسد عمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 14 فروری تک ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں معاون وکیل نے کہا کہ آئندہ سماعت تک شو کاز نوٹس کا جواب جمع کروا دیں گے جس کے بعد مزید سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔
عمران خان، فواد چودھری اور اسدعمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر اور وکیل انور منصور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
ممبر نثار درانی نے کہا کہ آپ شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروائیں جس پر وکیل اسد عمر نے کہا کہ میں مصروف تھا، جواب جمع کروانے کے لئے 4 دن کا وقت دیا جائے۔
معاون وکیل نے کہا کہ اسد عمر، عمران خان اور فواد چودھری کے وکیل فیصل چودھری راستے میں ہیں، آئندہ سماعت پر اعتراضات پر دلائل دوں گا، اس پر ممبر بلوچستان نے کہا کہ آئندہ سماعت پر تو فرد جرم عائد کریں گے۔
وکیل اسد عمر نے کہا کہ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ پہلے اعتراضات پر فیصلہ کریں، بیرون ملک جا رہا ہوں، واپسی پر دلائل دوں گا۔
ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ آئندہ سماعت 14 فروری کو رکھیں گے، جس پر معاون وکیل انور منصور نے کہا کہ آئندہ سماعت تک جواب جمع کروا دیں گے لیکن دلائل 20 کے بعد دوں گا۔

شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفے کی تردید کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
شاہد خاقان عباسی نے استعفے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آخری اطلاعات کے مطابق میں پارٹی کے سینئر نائب صدر کے عہدے پر فائز ہوں۔
قبل ازیں شاہد خاقان عباسی کی (ن) لیگ سے علیحدگی بارے متفرق خبریں آ رہی تھیں جن میں کہا جا رہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے ملک کی بہتری کے لئے ’ری امیجننگ پاکستان‘ کے فورم سے پاکستان کی فلاح و بہبود کا پیغام پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ : نیب ترامیم سے ختم ہونیوالے کیسز کا ریکارڈ طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کی وجہ سے احتساب عدالتوں سے ختم ہونے والے نیب کیسز کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
کرپشن کیس میں ملزم کی ضمانت منسوخی کی نیب درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی ، نیب ترامیم کے بعد کون کون سے مقدمات متعلقہ فورم پر بھیجے گئے؟ ریکارڈ پیش کریں،
کوئٹہ کا کرپشن کیس نیب دائرہ اختیار سے نکل گیا درخواست غیر موثر ہوگئی، نیب نے بیان میں کہا کہ نیب ترامیم کی وجہ سے کوئی بری نہیں ہورہا بلکہ کیسز منتقل ہورہے ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ نیب ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج ہیں ابھی عدالت نے فیصلہ کرنا ہے ۔ چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ نیب ان مقدمات کیساتھ کیا کررہا ہے جو ترامیم کی وجہ سے احتساب عدالتوں سے واپس آرہے ؟ نیب نے کہا کہ احتساب عدالتوں سے واپس آنے والے مقدمات کے لیے نظرثانی کمیٹی قائم ہے جو کیسز متعلقہ فورم پربھیج رہی ۔

شیخ رشید نے تھانہ طلبی کے نوٹس کوعدالت میں چیلنج کردیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے تھانہ آبپارہ طلبی کے نوٹس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ رات کے وقت انہوں نے ہماری ذاتی ملکیت پر قبضہ کیا، اگر یہ ہماری ذاتی ملکیت نہ ہوتو ہمیں چوک میں لٹکا دیا جائے ، انہوں نے 16وزارتوں کی انویسٹی گیشن کی ہے ، انہیں 16وزارتوں میں سے کچھ نہیں ملا۔
شیخ رشید نے کہا کہ اس ملک کو بحران میں داخل کرنے کی سازش کی گئی ، گھر گھر میں ایک قیامت کا پہلو ہے، لوگوں کے پاس قبر کے پیسے نہیں ہیں، آئی ایم ایف والے آئے ہوئے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے آئی ایم ایف کی شرائط کو اوپن کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اوورسیز کے ووٹوں کے لیے سپریم کورٹ گئے، اوورسیز کو ان کو حق ملے گا، ہم نگران وزیراعلیٰ کے خلاف بھی عدالت گئے ہوئے ہیں، یہ آئینی حق ہے 90روز میں الیکشن کروائے جائیں، خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ آگئی ہے اچھی بات ہے ، پنجاب میں بھی الیکشن کی تاریخ دی جائے۔
شیخ رشید نے کہا کہ تھانوں کے اندر غنڈہ گردی ہے، اپنے ایس ایچ اوز لگائے گئے ہیں، پسندیدہ لوگوں کو لگا کر اگر یہ سمجھتے ہیں کہ قانون خاموش تماشائی بنا رہے گا،تو یہ ان کی کم عقلی ہے، ہمیں پوری امید ہے ہمیں انصاف ملے گا، انصاف،آئین اور قانون ہمارا حق ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کو بچانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ الیکشن کروائے جائیں، ہمارے جیل میں جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ایک دن میں آپ ذلیل ہوئے ہیں، لوگوں کی ذاتی ملکیت پر رات کے اندھیرے میں ایف آئی اے نے قبضہ کیا ہے ، رینجرز اور ایف سی نہیں آئی ، ایف آئی اے کی بسوں میں آکر لال حویلی پر قبضہ کیا گیا، پولیس ہمراہ تھی ، ہم طاقت کا استعمال نہیں کرنا چاہتے لیکن جو کام آپ لوگ کرنے جارہے ہیں ، 15سے20دن میں حالات ایسے ہوں گے کہ کسی کو کال دینے کی ضرورت نہیں پڑے گی، لوگ خود ہی چوک ،چوراہے پر ہوں گے۔
یاد رہے کہ تھانہ آبپارہ پولیس نے شیخ رشید کی طلبی کا نوٹس جاری کر رکھا ہے، دوسری جانب لاہورہائیکورٹ پنڈی بینچ کےجج نے وقف املاک کو 15 دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دے رکھا ہے جبکہ 30جنوری کومتروکہ وقف املاک نے لال حویلی کے 7 یونٹ سیل کیے تھے۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری ٹی 20 آج کھیلا جائے گا

احمد آباد : (ویب ڈیسک) بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج احمد آباد کے مقام پر کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں کیوی ٹیم نے بھارتی ٹیم کو 21 رنز سے شکست دی تھی تاہم میزبان بھارتی ٹیم نے دوسرے میچ میں نہ صرف جاندار کم بیک کیا بلکہ کیوی ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
اس سے قبل میزبان بھارتی ٹیم نے کیویز کو تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا ، بھارتی ٹیم نے پہلے ون ڈے میں کیوی ٹیم کو 12 رنز ، دوسرے میچ میں 8 وکٹوں اور تیسرےمیچ میں 90 رنز سے شکست دی تھی۔
دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز جیتنے کے لئے فیصلہ کن میچ میں کامیابی کے بیانات دیئے ہیں اور شائقین کرکٹ کو فیصلہ کن میچ میں کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔