’دلہا پڑھا لکھا نہیں’: دلہن کا شادی سے انکار

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک انوکھی خبر نے سب کو حیران کر ڈالا ہے جہاں پر ایک دلہن نے سٹیج پر کھڑے ہو کر دلہے کو اس لیے مسترد کر دیا کیونکہ وہ پڑھا لکھا نہیں تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلہے کے ساتھ پیش آنے والے انوکھے واقعے نے ویڈیو دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کردیا کچھ لوگ اسے لڑکیوں کی آزادی سے تشبیہ دے رہے ہیں تو کچھ افراد کے بقول یہ بات بارات لانے سے پہلے کی جانی چاہیے تھی۔ انسٹاگرام پر پیج اس ویڈیو کو “برائیڈل لہنگا ڈیزائن” نے اپ لوڈ کیا ہے۔
ویڈیو میں دلہا اور دلہن کو سٹیج پر کھڑے دکھایا گیا ہے، پھولوں کی مالا پہنانے کی رسم کے دوران جب دولہا اپنی دلہن کے گلے میں مالا ڈالتا ہے، تو جواب میں دلہن اپنے ہاتھ میں موجود مالا کو غصے سے زمین پر پٹخ دیتی ہے۔اس کے بعد دلہن سٹیج سے اعلان کرتی ہے کہ وہ دولہا سے شادی نہیں کرے گی کیونکہ وہ پڑھی لکھی ہے۔ وہاں موجود کسی شخص نے اس سے استفسار کیا کہ انکار کی اصل وجہ کیا ہے؟ جس پر دلہن کا کہنا تھا کہ میں ایک تعلیم یافتہ لڑکی ہوں۔ میں بی ایڈ کر رہی ہوں جبکہ دولہا بالکل ناخواندہ ہے۔ تم مجھے بتاؤ؟ کیا میں اس کے ساتھ خوش رہ سکتی ہوں؟ میں اس سے شادی نہیں کرسکتی۔
ایک شخص پھر دلہن سے پوچھا کہ تم نے اس سے پہلے شادی کرنے سے انکار کیوں نہیں کیا؟ جس پر دلہن کا جواب تھا کہ میرا باپ مجھے پیسوں کی خاطر اس شخص سے شادی کرنے پر مجبور کر رہا تھا۔اس کے بعد لوگ دلہن سے مزید سوالات کرتے ہیں لیکن وہ دہراتی ہے کہ وہ ایک ایسا شوہر چاہتی ہے جو تعلیم میں اس کے برابر ہو اور اس سے انگریزی میں بات کرسکے۔

امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر مہنگا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 6 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 185 روپے 63 پیسے سے بڑھ کر 185 روپے 69 پیسے ہو گئی ہے۔

اہم کیسز کی صورت میں ہائیکورٹ عید کی چھٹیوں میں بھی دستیاب ہو گی: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بڑا فیصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی اہم نوعیت کے کیسز کی صورت میں عدالت عالیہ عید کی چھٹیوں میں بھی دستیاب ہو گی۔
عید کی چھٹیوں میں انتہائی اہم نوعیت کے کیسز سے متعلق ہائی کورٹ نے سرکلر جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی انتہائی عجلت کی صورت میں عید کی چھٹیوں میں کیس دائر ہو سکے گا۔ عدالت کیسز کو دیکھ کر ان پر آرڈرز کرنے کے لیے دستیاب ہو گی۔
سرکلر کے مطابق کیس دائر کرنے کا مجوزہ طریقہ کار ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پر موجود ہے، فروری 2022ء کے نوٹیفیکیشن میں 4 افسران میں سے کسی سے موبائل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

’پاکستان کو مدینے جیسا بنانا تھا مدینے کو پاکستان جیسا نہیں‘، فنکاروں کی مذمت

کراچی: (ویب ڈیسک) شوبز فنکاروں نے 28 اپریل کو مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی مذمت کی ہے۔
عفت عمر نے ٹوئٹر پر لکھا ’’پاکستان کو مدینے جیسا بنانا تھا مدینے کو پاکستان جیسا نہیں‘‘۔
اداکار فیصل قریشی نے بھی مسجد نبویﷺ میں کابینہ ارکان کے خلاف نامناسب نعرے لگانے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا ’’رسول اکرم محمد مصطفیٰﷺ کے روضہ اطہر کے قریب مسجد نبویﷺ میں بلند آواز یں کسنے اور گالم گلوچ کرنے والوں کے مکروہ فعل کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔
آخر یہ کیسا سیاسی اختلاف اور اتنا بھی کیا متشدد پن کہ روضہ اطہر کے تقدس کا بھی احترام نہ کیا گیا،استغفراللہ۔
قرآن کریم کی یہ آیت پڑھ کر رونگھٹے کھڑے ہوجاتے ہیں؛ ترجمہ ’’اے ایمان والوں! اپنی آوازیں نبیﷺ کی آواز پر اونچی نہ کرو اور ان کے حضور زیادہ بلند آواز سے کوئی بات نہ کہو جیسے ایک دوسرے کے سامنے بلند آواز سے بات کرتے ہو کہ کہیں تمہارے اعمال برباد نہ ہوجائیں اور تمہیں خبر نہ ہو۔‘‘ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت عطا فرمائے آمین۔
اداکارہ سعدیہ خان نے بھی مسجد نبویﷺ میں نعرے لگانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ روضہ رسول ﷺ پر یہ افسوسناک حرکت کرنے والے لوگوں کو شرم آنی چاہئے۔ اسلام نے ہمیں یہ نہیں سکھایا۔ دنیا کے مقدس ترین مقام سے اپنی گندی سیاست کو الگ رکھیں اور اگر آپ ان مقدس مقامات کا احترام نہیں کرسکتے تو وہاں نہ جائیں۔
گزشتہ روز کامیڈین و میزبان شفاعت علی نے بھی مسجد نبویﷺ میں سیاستدانوں کے خلاف نعرے بازی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا تھا حرمین شریفین کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کرنا بند کریں۔ خدا سے ڈریں!‘‘۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 28 اپریل کو اپنے 13 رکنی وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ پہنچے تھے۔ بعد ازاں وزیر اعظم اور ان کا وفد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے پہنچا جہاں مسجد نبوی کے احاطے میں کچھ افراد نے نعرے بازی شروع کر دی جس کی متعدد شخصیات کی جانب سے مذمت کی جارہی ہے۔

امریکی خاتون نے انوکھے طریقے سے لاکھوں ڈالر کی لاٹری جیت لی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی خاتون نے اپنے پوتے پوتیوں کی عمریں استعمال کرکے لاکھوں ڈالرز کی لاٹری جیت لی۔
اکثر ایک محاورہ کہا جاتا ہے کہ دینے والا جب بھی دیتا ہے چھپڑپھاڑ کر دیتا ہے، امریکی ریاست جنوبی کیرولینا سے تعلق رکھنے والی خاتون پر یہ محاوہ صدق آتا ہے جس نے لاٹری سے حیران کن طور پر 3 لاکھ ڈالرز کی خطیر جیت لی۔
جنوبی کیرولینا سے تعلق رکھنے والی دادی نے اپنے پوتے پوتیوں کی عمر، 2، 4، 13، 16 اور 21 کے ہندسوں کے پانچ لاٹری ٹکٹ خریدے تھے اور خوش قسمتی سے وہ لاٹری کی رقم اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔
امریکی دادی کا کہنا تھا کہ ’یہ انعام جیتنا ان کےلیے انتہائی حیران کن اور پُرجوش ہے، میں اس رقم کو مستقبل کیلئے جمع کروں گی‘۔

موٹاپا کم کرنے والی نئی ’’انقلابی دوا‘‘ سے وزن میں 22 فیصد کمی

انڈیاناپولس: (ویب ڈیسک) ایک نئی دوا ’’ٹرزیپاٹائیڈ‘‘ (tirzepatide) کی حتمی اور تیسرے مرحلے کی طبی آزمائشوں (فیز 3 کلینیکل ٹرائلز) میں رضاکاروں کا وزن اوسطاً 22.5 فیصد کم ہوا۔ یہ آزمائشیں 72 ہفتے جاری رہیں۔
اس دوا پر تحقیق، تیاری اور اس کی طبّی آزمائشوں کا تمام کام بین الاقوامی ادویہ ساز کمپنی ’’ایلائی للی‘‘ (Eli Lilly) کے تحت 9 ملکوں میں انجام دیا گیا ہے۔
فیز تھری کلینیکل ٹرائلز میں 2500 سے زیادہ رضاکار شریک تھے جن کا اوسط وزن 231 پاؤنڈ (105 کلوگرام) تھا۔
رضاکاروں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا: پہلے گروپ کو ہفتے میں ایک بار اس دوا کی 5 ملی گرام مقدار بذریعہ انجکشن دی گئی، دوسرے گروپ کو 10 ملی گرام فی ہفتہ، تیسرے گروپ کو 15 ملی گرام فی ہفتہ، جبکہ چوتھے گروپ کو جعلی لیکن بے ضرر دوا (پلاسیبو) دی گئی۔
دوا کے ساتھ ان تمام رضاکاروں کے روزمرہ معمولات میں متوازن غذا اور جسمانی مشقت/ ورزش بھی شامل رکھی گئی تھی جبکہ یہ سلسلہ 72 ہفتے (ایک سال 5 مہینے) چلتا رہا۔
کلینیکل ٹرائل کے اختتام پر معلوم ہوا کہ پلاسیبو لینے والے رضاکاروں کے وزن میں اس پورے عرصے کے دوران صرف 2.4 فیصد کمی واقع ہوئی۔
اس کے مقابلے میں صرف 5 ملی گرام فی ہفتہ یہ دوا لینے والے رضاکاروں کا وزن 16 فیصد، جبکہ 15 ملی گرام فی ہفتہ کی خوراک لینے والے رضاکاروں کا وزن 22.5 فیصد کم ہوا۔
یہ نتائج اگرچہ اب تک کسی تحقیقی مجلّے (ریسرچ جرنل) میں شائع نہیں ہوئے ہیں لیکن پھر بھی بہت امید افزاء ہیں۔
ایلائی للی کو امید ہے کہ ان نتائج کی روشنی میں مرکزی امریکی ادارہ برائے غذا و ادویہ (FDA) صرف چند ماہ میں اسے موٹاپے کی ایک نئی دوا کے طور پر منظور کر لے گا۔

اب ڈرون کیمرے سے سیلفی ایک نئے انداز سے بنائیں

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ویسے تو بہت سے ڈرون کیمرے بازار میں عام ہیں لیکن ’پکسی پاکٹ ڈرون‘ ان میں ایک نیا اضافہ ہے جو نہ صرف مشکل اور انوکھے ترین زاویوں سے سیلفی لیتا ہے بلکہ دو اعشاریہ سات کے معیار کی شاندار ویڈیو بھی بناتا ہے۔ اسے بطورِ خاص تفریح اور گھر سے باہر ویڈیو بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اسنیپ نامی کمپنی نے اسے ڈیزائن کیا ہے جو اس سے قبل تصویر لیینے والے عینک اور کیمرے بناتی رہی ہے۔ اب انہوں نے ہاتھ میں سماجانے والا ایک بہت ہلکا پھلکا اور منتوع فیہ کیمرہ ہے جو دورانِ پرواز گویا ایسی تصاویر لیتا ہے جو ماہر فوٹوگرافر عکس بند کرتے ہیں۔
اپنی گوناگوں صلاحیت کی بنا پر اسے کے چار آپشن سیٹ کئے جاسکتے ہیں جس کا گول بٹن عین درمیان میں اوپر لگایا گیا ہے۔ اس کے اندر خاص سافٹ ویئر ہوا میں پرواز یا معلق رہتے دوران تصاویر لیتا رہتا ہے۔ ڈرون کیمرہ منڈلاتے ہوئے، پیچھے بھاگتے ہوئے، دائیں یا بائیں سے ویڈیو ریکارڈ کرسکتا ہے۔
اس کا فرنٹ کیمرہ 12 میگاپکسل کی ویڈیو 30 فریم فی سیکنڈ کے لحاظ سے بناسکتا ہے۔ دوسرا کیمرہ ڈرون کی رہنمائی کے لیے بنایا گیا ہے جو دورانِ پرواز اسے راہ دکھاتا ہے۔ اس لیے کیمرے کو کنٹرول کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہ خود پرواز کرتا ہے اور خود ہی بحفاظت اترجاتا ہے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ رکاوٹوں کو کس طرح عبور کرتا ہے۔
اس میں چار پنکھڑیاں (روٹر) لگی ہیں جو پلاسٹک کی جالیوں میں بند ہے۔ بیٹری ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد 6 سے 8 مرتبہ پرواز کے لیے کارآمد رہتی ہے۔ بنیادی طور پر یہ اسنیپ چیٹ کے لیے بنایا گیا ہے اور ازخود اسنیپ چیٹ تک وائرلیس انداز میں تصاویر اور ویڈیو بھیجتا رہتا ہے۔ تاہم بعد میں آپ فوٹو ایڈیٹنگ کرسکتے ہیں۔
ڈرون پکسی کا وزن صرف 101 گرام ہے اور 16 جی بی کی اسٹوریج بھی موجود ہے جو 1000 تصاویر اور 100 منٹ کی ویڈیو محفوظ رکھ سکتی ہے۔ ڈرون کیمرے میں وائی فائی اور دیگر آپشن بھی موجود ہیں۔
کیمرے کی بیٹری چالیس منٹ میں مکمل طور پر جارچ ہوجاتی ہے اور نصف وقت میں 80 فیصد چارجنگ تک پہنچ جاتی ہے۔ اس کے علاوہ آپ پرواز کا راستہ بھی خود ہی سیٹ کرسکتے ہیں اور اس میں پرواز کا دورانیہ بھی سیٹ کرسکتے ہیں۔
سات میل فی گھنٹے کی رفتار سے پرواز کرنے والا پکسی ڈرون مکمل طور پر واٹر پروف بنایا ہے اور اس کی قیمت 229 ڈالر رکھی گئی ہے۔

معیشت کی شرح نمو 4 فیصد ہوگئی، وزارت خزانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ملک کی معاشی نمو کی شرح 4 فیصد ہوگئی ہے کیونکہ اس وقت ملک کو افراط زر یعنی مہنگائی اور بیرونی شعبہ جات کے دباؤ کا سامنا ہے۔
وزارت خزانہ کے مشاروتی ونگ کی جانب سے جاری معیشت کے ماہانہ جائزہ رپورٹ کے مطابق اپریل کے دوران مہنگائی کی شرح 12 اعشاریہ 5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے اور یہی معیشت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ماہ سے معاشی نمو کی رفتار 4 فیصد کے لگ بھگ ہی ہے تاہم معاشی اشاریے اس وقت بھی کافی مضبوط نظر آرہے ہیں۔ وزارت کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافے کے خدشات ہیں جبکہ ملک میں درآمدی اشیا کے مہنگا ہونے اور تیل اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بھی معاشی عدم توازن پیدا ہورہا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اپریل کے دوران اشیا اور خدمات کی برآمدات میں اضافے کا رجحان برقرار رہنے کی توقع ہے جبکہ درآمدات اپنی موجودہ سطح پر برقرار رہیں گی جس کے باعث رواں ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 3 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے۔
آؤٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ روس یوکرین جنگ سمیت جیو پولیٹیکل کشیدگی بڑھ رہی ہے جس کے باعث تیل اور خوراک کی عالمی قیمتوں مییں پھر اضافہ شروع ہو گیا ہے تاہم رواں مالی سال 2021-22کے پہلے 9 ماہ میں ترسیلات زر 17.1 فیصد اضافے سے 23 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ ملکی برآمدات 26.6 فیصد اضافے سے 23.70 ارب ڈالر اور درآمدات 41.3 فیصد اضافے سے 53.80 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی ہیں۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ آو’ٹ لک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال پہلے 9 ماہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 2 فیصد کمی سے 1.28 ارب ڈالر رہی۔ پورٹ فولیو سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 502 ملین ڈالر ہو گئی۔ مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 1446 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔زرمبادلہ ذخائر اپریل کے تیسرے ہفتے تک 16.57 ارب ڈالر رہے۔
اسٹیٹ بینک 10 ارب 54 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں کے ذخائر 6.03 ارب ڈالر رہے۔ ڈالر کی شرح تبادلہ 185.63 روپے فی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ 9 ماہ میں ٹیکس ریونیو 28.9 فیصد اضافے سے 4375 ارب روپے رہا۔ جولائی تا مارچ نان ٹیکس آمدنی 14.3 فیصد کمی سے 1052 ارب رہی۔ جولائی تا مارچ پی ایس ڈی پی کی مد میں 603 ارب روپے منظور کیے گئے۔
جولائی تا مارچ مالیاتی خسارہ بڑھ کر 2566 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا جبکہ پہلے 9 ماہ میں زرعی قرضے 0.5 فیصد اضافے سے 958 ارب روپے کی سطح پر رہے۔ پہلے 9 ماہ میں مہنگائی کی سالانہ شرح 10.8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
بڑی صنعتوں کی شرح نمو فروری میں 8.6 فیصد رہی۔ بڑی صنعتوں کی شرح نمو جولائی سے فروری کے دوران 7.8 فیصد رہی۔ اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 45 ہزار 871 پوائنٹس تک پہنچ گیاہے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر اپریل کے تیسرے ہفتے تک 16.57 ارب ڈالر رہے۔

سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں: وزیراعظم

ریاض: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کیساتھ 7 دہائیوں سے خاص رشتہ ہے، تاریخی تعلقات کو گہرے سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ سات دہائیوں سے ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔ سعودی عرب کے ساتھ اپنےخصوصی تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، دونوں ممالک نئے اور غیرروایتی شعبوں کی تلاش پر کام کر رہے ہیں۔
روس یوکرین جنگ کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ روس اور یوکرین کے حوالے سے پوری دنیا کو تشویش ہے، پاکستان کے دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، امید ہے جلد ہی ماسکو اور کیف کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا۔ پاکستان متاثرہ علاقوں میں امداد فراہم کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
یاد رہے سعودی عرب روانگی سے قبل اہم ویڈیو پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ میں اپنا پہلا دورہ سعودی عرب کا کررہا ہوں، پاکستان سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتاہے ، حالیہ دورے سے دوستی کا مثالی دور شروع ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتاہے، دونوں ملکوں کے تعلقات کی بنیاد باہمی تعاون،اعتماد پر مبنی ہے۔

جو استعفیٰ نہیں دینا چاہتے ان کی رکنیت برقرار رہے گی، راجہ پرویز اشرف

لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جو استعفیٰ نہیں دینا چاہتے ان کی رکنیت برقرار رہے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے مل کر ملک کو بنانا ہے اور ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہو گا۔ کسی بھی منصب کا شخص ہو اسے آئین پاکستان کی پاسداری کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ جو آئین پر عمل داری نہیں کرتا وہ آئین سے روگردانی کرتا ہے۔ میں اسپیکر ہوں اور ایوان کے نمائندوں کا تحفظ میری ذمہ داری ہے۔ جو استعفی نہیں دینا چاہتے ان کی ممبر شپ برقرار رہے گی۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میں لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر قانونی ذمہ داری پوری کرنے آیا تھا، بحثیت اسپیکر قومی اسمبلی ایک ہی بات کہوں گا آئین کی پاسداری میں ہی ہماری بقا ہے۔ پارلیمان کی سربلندی اور آئین کی پاسداری ہمارا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر، وزیر اعظم یا گورنر کوئی بھی ہو اس کو قانون پر عمل کرنا چاہیے، میں بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہوا ہوں مجھے سب کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ جو استعفے میرے پاس قوانین کے مطابق آئے ہیں وہ قبول کروں گا باقیوں کو اپنے پاس بلانا چاہتا ہوں، استعفیٰ ہاتھ سے لکھنا ہوتا ہے اس کے کچھ قوائد ہوتے ہیں۔

عید پر ڈبل سواری پر پابندی عائد

پشاور: (ویب ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بونیر میں امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لئے مقامی انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر بونیر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ عید کے روز سے دس دن تک دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ کیا گیا ہے،جس کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق اس عرصے کے درمیان ڈبل سواری، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش سمیت پٹاخوں کی خریدوفروخت اور پریشر ہارن پر مکمل پابندی ہوگی۔
ادھر مالاکنڈ میں بھی ضلعی انتظامیہ نے آتشبازی اورہوائی فائرنگ پرپابندی عائد کردی ہے، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ ایک ماہ کےلیےدفعہ144 نافذکر دی گئی ہے جس کے تحت نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر بھی پابندی ہوگی۔
واضح رہے کہ ضلع بونیر میں پولیو مہم کے دوران بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جاتی رہتی ہے، جس کا مقصد انسداد پولیو مہم کا عملہ باآسانی اور بلا خوف اپنے فرائض انجام دے سکے۔
بونیر انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ہائی رسک ایریا میں شامل ہے، گذشتہ پولیو مہم کے دوران صوابی میں پولیو ٹیم پر موٹرسائیکل سواروں نے حملے کے بعد کیا تھا جس میں سیکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہل کار جاں بحق اور ایک لیڈی ہیلتھ ورکر زخمی ہوگئی تھی۔

سندھ: قیدیوں کی 180 دن کی سزا معاف

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ داخلہ سندھ نے عیدالفطر کے موقع پر صوبے کے مختلف جیلوں میں سزا یافتہ قیدیوں کے لیے معافی کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے قیدیوں کی 180 دن / 6 مہینے کی سزا معاف کر دی، معافی سے صوبے بھر کی جیلوں میں قید 1202 قیدیوں کو فائدہ ہوگا۔
معافی کا اطلاق ایسے قیدیوں پر نہیں ہوگا جو سزائے موت، اغوا برائے تاوان، قتل، ریاست کے خلاف مہم جوئی اور دہشت گردی کے کیسز میں ملوث ہیں۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق جن قیدیوں کو فائدہ ہوگا، اُن میں سینٹرل جیل کے 371، حیدر آباد جیل کے 264، سکھر جیل کے 233، لاڑکانہ جیل کے 101، خیرپور جیل کے 63، میرپورخاص جیل کے 47، وومن جیل کراچی کے 8، ملیر جیل کے 88 قیدی شامل ہیں۔
دیگر قیدیوں میں شہید بے نظیر آباد جیل کے 2، دادو، گھوٹکی، اور لاڑکانہ جیل کے ایک ایک، نارا جیل کے 13، انڈسٹریل اسکول کراچی جیل کے 1، انڈسٹریل اسکول سکھر جیل کے 1، اسپیشل وومن جیل حیدر آباد کے 3 اور اسپیشل وومن پریزن سکھر کے 4 قیدی شامل ہیں۔

روضۂ اقدس کی حرمت کی پامالی پر مفتی منیب کا رد عمل آ گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) روضۂ اقدس کی حرمت کی پامالی پر رد عمل میں مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بعض لیڈروں کے پیشگی بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ ان کی پہلے سے منصوبہ بندی تھی۔
مفتی منیب الرحمٰن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حرمتِ نبویؐ کو پامال کرنے والوں، اُس کی ترغیب دینے والوں اور اس پر خوشی کا اظہار کرنے والوں پر وبال نازل ہوگا۔
انھوں نے کہا ہم حرمِ نبوی اور رسول اللہ ﷺ کے روضۂ اقدس کی حرمت کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس ناپاک اقدام نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کیا۔
انھوں نے سیاست دانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا یہ اپنی سیاسی خباثتیں مسجدِ نبویؐ میں لے گئے، شیخ رشید اور ان کے بھتیجے نے اس سانحے پر خوشی کا اظہار کیا، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ نعرے کسی کی حمایت میں ہوں یا مخالفت میں، کسی بھی صورت میں ان کا جواز نہیں ہے، قرآنِ کریم کی سورۃ الحجرات میں آدابِ بارگاہِ مصطفوی نہایت وضاحت سے بیان کیے گئے ہیں، وہاں تو حضور کی بارگاہ میں سلام پیش کرتے وقت بھی آواز پست رکھنے کا حکم ہے۔
انھوں نے مزید کہا پی ٹی آئی کے قائدین مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ جواز بھی پیش کر رہے ہیں، یہ کھلی منافقت ہے، مدینہ منورہ میں ننگے پاؤں چلنا ادب کی علامت ہے، لیکن بارگاہِ مصطفوی میں آواز پست رکھنا واجب ہے۔