مسجد نبوی ﷺ واقعے سے پاکستان کی بدنامی ہوئی، چوہدری شجاعت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مسجد نبویؐ میں پیش آنیوالے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، اس سے پاکستان کی بدنامی ہوئی۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسجد نبویؐ میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، واقعے سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کا امیج متاثر ہوا ہے۔ انہیں رمضان المبارک میں مقدس مقام کی بےحرمتی نہیں کرنی چاہیے تھی۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسجد نبویؐ میں احتجاج نے ہنگامے کی صورت اختیار کرلی، شاہ زین بگٹی سے بدسلوکی کی گئی، انکے بال نوچےگئے، مسجد نبویؐ میں ایسی بدسلوکی نہیں ہونی چاہیےتھی، مقدس مقامات کا ادب واحترام پامال نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ یہ ناخوشگوار واقعہ دو روز قبل اس وقت پیش آیا تھا جب وزیراعظم شہباز شریف کے وفد کے ہمراہ مسجد نبوی ﷺ پہنچنے پر لوگوں نے چور چور کے نعرے لگا دیے تھے۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز نے آئینی ماہرین کا ایک اور ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز نے آئینی ماہرین کا ایک اور ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس آج شام گورنر ہاؤس میں گورنر عمر چیمہ کی زیر صدارت ہوگا۔
گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں حمزہ شہباز کی حلف برداری کا جائزہ لیا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ میں ہونے والی پٹیشن کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ حلف برداری میں غیر آئینی اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ گورنر پنجاب حلف برداری کی تقریب کو مسترد کر چکے ہیں۔ حلف برداری کے بعد کے لیگل آپشنز کا جائزہ لیں گے۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی جہانگیر ترین کے گھر آمد، صحتیابی پر نیک خواہشات کا اظہار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جہانگیر ترین کے گھر آمد، انہوں نے جہانگیر ترین کی صحت یابی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حمزہ شہباز نے سیاسی تعاون کرنے پر جہانگیر ترین گروپ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور جہانگیر ترین کی ملاقات میں پنجاب میں حکومت سازی کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔
قبل ازیں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ترین گروپ کا اجلاس ہوا، لندن سے واپسی پر جہانگیر ترین سے گروپ کے رہنماؤں نے ملاقات کی۔ ترین گروپ کے رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی صحت یابی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین بھی موجود تھے۔

پنجاب میں ترقی کا سفر جہاں سے چھوڑا تھا وہیں سے آغاز کریں گے، وزیر داخلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقی کا سفر جہاں سے چھوڑا تھا وہیں سے آغاز کریں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے حمزہ شہباز کو بطور وزیر اعلیٰ پنجاب حلف لینے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز پنجاب کو ترقی کی نئی منزل کی طرف کے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں ترقی کا سفر جہاں سے چھوڑا تھا وہیں سے اس کا آغاز کریں گے اور وفاق میں تبدیلی اقتدار کے بعد آج پنجاب میں بھی آئینی اور قانونی مرحلے کا اختتام ہو گیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اب پاکستان ایک آئینی، جمہوری اور فلاحی ریاست کے طرف بڑھ چکا ہے۔

یوکرین جنگ طویل ہو سکتی ہے، نیٹو

لاہور : (ویب ڈیسک) مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین جنگ طویل ثابت ہو سکتی ہے۔
روس اور یوکرین کے مابین گزشتہ تین ماہ سے جاری اس جنگ کے تناظر میں نیٹو کے چیف ژینس اشٹولٹن برگ نے کہا کہ فن لینڈ اور سویڈن فوری طور پر اس عسکری اتحاد کے رکن بن سکتے ہیں۔
انہوں نےکہا ہے کہ اس کا فیصلہ ان ممالک نے خود کرنا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ دونوں ممالک مئی میں نیٹو میں شمولیت کی خاطر درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

جامعہ کراچی دھماکےمیں مبینہ سہولت کاری کا الزام ،گلشن اقبال سے ایم فل کا طالبعلم گرفتار

کراچی : (ویب ڈیسک) جامعہ کراچی خودکش دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،سیکیورٹی اداروں نے بم دھماکے میں مبینہ سہولت کاری کے الزام میں ایم فل کے ایک طالب علم کو گرفتار کر لیا ہے ۔
ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ خودکش دھماکے میں ملوث سہولت کاروں کےخلاف کارروائی کےلیے تفتیش کاروں نے گزشتہ رات گلشن اقبال کے علاقے میں کارروائی کی جہاں سے ایم فل کے ایک طالب علم کو حراست میں لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق حراست میں لیا گیا شخص جامعہ کراچی میں لیکچرزبھی دیتا تھا، ملزم کے زیراستعمال لیپ ٹاپ اور غیرملکی لٹریچر بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث افراد سوشل میڈیا سے رابطہ کرتے تھے،تفتیش کاروں نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے بھی رابطہ کیا جس کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ سے متعلق مواد بھی ملا ہے۔
واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں 26 اپریل کو ہونے والے خودکش حملے میں 3چینی اساتذہ سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے۔

جس بندے کاالیکشن ہی نہیں ہوا اسے وزیر اعلیٰ کس نے مان لیا ، سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور : (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ جس بندے کا الیکشن ہوا ہی نہیں اسے وزیر اعلیٰ کس نےمان لیا ، صوبے میں آئینی بحران آگیا ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ آج ہر پاکستانی کے ذہن میں سوال ہے ، وزیر اعلیٰ کا الیکشن متنازعہ نہیں ہے بلکہ یہ ہوا ہی نہیں ہے ، دنیا کی کسی پارلیمنٹ میں پولیس نہیں آتی ،حمزہ کے کہنے پر مجھ پر تشدد کیاگیا۔میں امیدوار تھا مجھ پر تشدد کیا گیا، الیکشن ہمیشہ ہاؤس کے اندر ہوتا ہے ، وزیر اعلیٰ کا انتخاب گیلری سے نہیں کیا جا سکتا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ چیف سیکرٹری کے ساتھ ٹینٹ والے آئے اور گورنر ہاؤس پر قبضہ کرلیا ، عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور ہی نہیں ہوا ، آج بھی کابینہ کا اجلاس ہوا ہے ۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عدلیہ کا ہمیشہ احترام کیا ہے ، ہم ساری رات کھڑے رہے مگر ہماری کوئی شنوائی نہیں ہوئی ، سارے اداروں کا بیرہ غرق کر دیا گیا ہے ۔

ارجن کپور بھی پاکستانی کوک سٹوڈیو کے گانے ’پسوڑی ‘ کے مداح نکلے

ممبئی : (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار ارجن کپور کو بھی عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوک سٹوڈیو 14کے گانے پسوڑی کے کو پسند کرنے والوں میں شامل ہو گئے انھوں نے سوشل میڈیا پر اس کا اظہار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی میوزک شو کوک سٹوڈیو سیزن 14کے گانے پسوڑی کے مداحوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہیں۔ ارجن کپور نے اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر ایک سٹوری لگائی جس میں انھوں نے گانے کا سکرین شوٹ لگایا اور ساتھ ہی گانے کے گلوکار علی سیٹھی اور شئے گل کو بھی ٹیگ کیا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی اس گانے کے بالی ووڈ مداح اداکاروں نے اس گانے کو سننے کے بعد اپنے تاثرات سوشل میڈیا پر شیئر کیے تھے۔

فرانس میں تحریک انصاف کے زیر اہتمام پارٹی کا 26واں یوم تاسیس منایا گیا

لاہور : (ویب ڈیسک) فرانس میں تحریک انصاف فرانس کے زیر اہتمام پارٹی کا 26واں یوم تاسیس نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔
میزبان تقریب چوہدری گلزار لنگڑیال تھے، یوم تاسیس کے پروگرام میں ورکرز اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،اس موقع پرشرکاء تقریب کیلئے افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔کارکنوں نے کون بچائے گا پاکستان ، عمران خان عمران خان اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے اور آخر میں یومِ تاسیس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عمران خان وہ واحد لیڈر ہے جو پاکستان اور قوم کیلئے دل میں درد رکھتا ہے، پاکستان کا نوجوان بیدار ہو چکا ہے اور عمران خان کے شانہ بشانہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کے لیے کھڑا ہے ۔

لاہور ہائیکورٹ نےتحریک انصاف کی انٹرا کورٹ اپیل پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کر دی

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کی انٹرا کوٹ اپیل پر سماعت ہوئی ، عدالت نے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کر دی ۔
لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی ، عدالت نے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے کیس واپس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیا ۔ عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ اپیل میں اہم نوعیت کے نکات ہیں ، پانچ یا اس سے زائد ارکان پر مشتمل بڑا بینچ سماعت کیلئے تشکیل دیا جائے ۔
عدالت نے سنگل بینچ کے فیصلے کے پیرا گراف 9 کو معطل کر دیا ۔ پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ عدالت کسی کو حلف برداری کاحکم دے ، سنگل رکنی بینچ نے جو حکم دیا اس نے میری اپیل کا حق ختم کر دیا ، درخواست کی پہلے قابل سماعت ہونے کا معاملہ طے ہونا چاہئے ، ہماری استدعا پر غور نہیں کیا گیا ، عدالت نے وہ راستہ اختیار کیا جس کی آئین میں گنجائش ہی نہیں ۔
عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست تو پرانے دو فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے تھی ۔گورنر نے جو نیا حکم دیا ہے اس کے بعد کیا صورتحال ہے ، وزیر اعلیٰ اور کابینہ بحال ہو گئے تو پھر آپ کی اپیل تو غیر موثر ہو گئی ، اس اپیل میں اہم نکات ہیں جن کا فیصلہ ہونا چاہئے ، درخواست کو سماعت کیلئے منظور کر کے نوٹس کر دیتے ہیں ۔
وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ صدر اور گورنر کو حکم دے رہے ہیں توپہلے ان کو نوٹس کیا جاتا ۔ پیراگراف 9میں صدر اور گورنر سے متعلق انتہائی سخت ریمارکس دیے گئے ، عدالت نے سنگل بینچ کے فیصلے کے پیرا گراف 9 کو معطل کر دیا ۔

بھارتی پنجاب میں خالصتان کے حق میں مظاہرے، کرفیو لگا دیا گیا

پٹیالا : (ویب ڈیسک) بھارتی پنجاب کے شہرپٹیالا میں سکھوں کے الگ وطن خالصتان کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں پرہندوانتہاپسندوں کے حملوں اورجھڑپوں کے بعد کرفیو نافذ کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست پنجاب کے شہرپٹیالا میں خالصتان کے حامیوں اورمخالفین میں جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ پٹیالا میں کرفیو نافذ کرکے انٹرنیٹ اورموبائل سروس بند کردی گئی۔ خالصتان کے حامیوں نے نے تلواریں ہاتھ میں لے خالصتان زندہ باد اور راج کرے گا خالصہ کے نعرے بھی لگائے۔
ہندوانتہاپسند تنظیم نے خالصتان کے حق میں مظاہرے میں شریک افراد کے گھروں پرحملے کرنے اورانہیں جلانے کی دھمکی دے دی۔ ہندوانتہاپسند تنظیم کی جانب سے پٹیالا میں ہڑتال کی کال دی گئی ہے اورپولیس سے خالصتان کے حامیوں کوگرفتارکرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سکھ بھارت سے آزادی اوراپنے علیحدہ ملک خالصتان کے لئے تحریک چلا رہے ہیں۔ برطانیہ میں سکھ برادری ایک ریفرنڈم کے ذریعے خالصتان کے قیام کی منظوری دے چکی ہے۔

مسجد نبوی ﷺ کا واقعہ، سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد مشکل میں پھنس گئے ، درخواست دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسجد نبوی ﷺکے تقدس کی پامالی پر سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔
شہری حافظ احتشام نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف سیشن کورٹ میں مقدمہ اندراج کی درخواست دائر کی۔
درخواست گزار نے کہا پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرنے پر عدالت سے رجوع کیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید نے مسجد نبوی کے تقدس کی پامالی کی منصوبہ بندی کی اور شرپسندوں کو ایسا کرنے پر اکسایا۔ پولیس کو مقدمہ اندراج کی درخواست دی جس پر کوئی کارروائی نہ کی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔

حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلیٰ حلف اٹھانے پر تحریک انصاف کا موقف بھی آ گیا

لاہور : (ویب ڈیسک) نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عہدے کا حلف اٹھا لیاہے جس پر تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بیان جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”پولیس کی مدد سے مہمان گیلری سے خود ساختہ انتخاب کے ذریعے بننے والے عبوری ضمانت پر ایک مطلوب شخص نے گورنر ہاؤس کے گراؤنڈ پر قبضہ کر کے ایک نجی تقریب میں حلف اٹھا کر وزیر اعلیٰ کہلوانا شروع کر دیا، اس Process کو کون مانے گا۔“
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو حلف لینے کا حکم دیا تھا جس کے بعد آج گورنر ہاؤس پنجاب میں تقریب کے تمام انتظامات کیےگئے ۔ حلف برداری کی تقریب کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے جبکہ مال روڈ کو بھی بند رکھا گیا۔