All posts by saqib

روہت شرما پاکستانی مداح کے پیغامات پر مسرور

لاہور: بھارتی کپتان روہت شرما پاکستانی شائقین کے پیغامات پر مسرور ہیں۔

ایک انٹرویو میں روہت شرما نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین کی طرف سے پیغامات ملنے پر خوشی محسوس کرتا ہوں، میں جانتا ہوں کہ وہ کرکٹ سے بے پناہ لگائو رکھتے ہیں،انگلینڈ میں بھی پاکستانی شائقین ملیں تو بڑی عزت دیتے ہیں،وہ بتاتے ہیں کہ چند بھارتی کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنا انھیں کتنا اچھا لگتا ہے۔

کپتان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی خواہش ظاہر تھی،وہ کب ہوگی؟ انھوں نے جواب میں کہا کہ میں نہیں جانتا، اگر آپ مجھ سے پوچھیں تو میری ذاتی رائے یہ ہے کہ میں ایک کرکٹر ہوں،چاہتا ہوں کہ خود کو چیلنج میں آزمانے کا موقع ملے، میں کسی بھی سطح پر کھیلنا چاہتا ہوں،پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے،انھیں بہترین نوجوان بولرز کی خدمات حاصل ہیں،بیٹنگ بھی اچھی ہے، پاک بھارت ٹیمیں مقابل ہوں تو ہمیشہ ایک نیا پن آتا ہے۔

روہت شرما نے کہا کہ شائقین دونوں ٹیموں کو ایکشن میں دیکھنے کیلیے بے تاب ہوتے ہیں،مجھے پاک، بھارت میچز میں کوئی مسئلہ نہیں،میں یہ بات کھیل کے لحاظ سے کررہا ہوں،روایتی حریفوں کے مقابلے ٹیسٹ کرکٹ کیلیے بھی ایک اچھا شگون ہوں گے،میں دوسرے ملکوں کی طرح پاکستان کیخلاف بھی کھیلنا چاہتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ آپ آسٹریلیا جائیں تو مختلف حصوں میں الگ طرح کے چیلنجز درپیش ہوتے ہیں،اسی طرح انگلینڈ کی کنڈیشنز مختلف ہیں، ایشیا میں پاکستان ٹیم سمیت کسی سے بھی کھیلتے ہوئے الگ نوعیت کی مہارت درکار ہوتی ہے،یہ سب چیزیں ٹیسٹ کرکٹ کے حسن میں اضافہ کرتی ہیں۔

گوگل کا اینڈرائیڈ صارفین کیلئے سیکیورٹی فیچر متعارف کرانے کا اعلان

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے دوسرے اینڈرائیڈ 15 بِیٹا کے اجراء کے ساتھ متعدد نئے سیکیورٹی فیچرز متعارف کرانے اعلان کر دیا۔

اعلان کیے گئے نئے سیکیورٹی فیچرز میں ایک ایسا فیچر بھی شامل ہے جو اس لمحے کی بھی نشاندہی کر سکتا ہے جب فون ایک ہاتھ سے دوسرے میں منتقل کیا گیا ہے۔

ان اپ ڈیٹس میں سے چند رواں سال کے آئندہ حصے میں اینڈرائیڈ 15 کے ساتھ متعارف کرائی جائیں گی۔ تاہم، چوری شدہ فون کی نشاندہی (تھیفٹ ڈیٹیکشن فیچر) اور اس کے علاوہ متعدد دیگر فیچرز اینڈرائیڈ کے پرانے او ایس ورژن رکھنے والے فونز میں دستیاب ہوں گے۔
تھیفٹ ڈیٹیکشن لاک غیر معمولی حرکات کی نشاندہی کرتے ہوئے یہ اشارہ کرتا ہے کہ کسی نے صارف کے ہاتھ سے یا سامنے رکھی ٹیبل پر رکھے کو فون چھینا ہے۔

چوری کرنے والے کو صارفین کی ڈیوائس میں موجود معلومات تک پہنچنے سے روکنے کے لیے اسکرین خود بخود لاک ہوجاتی ہے اور سسٹم ایسے سگنلز کی تلاش میں لگ جاتا ہے جس سے کسی مشکوک حرکت کا اشارہ ملتا ہو اور اس طرح دور دراز علاقے میں رسائی سے بچنے کے لیے نیٹورک سے ہٹائے جانے کی کوشش پر سسٹم حفاظت کے لیے بھی اسکرین لاک کر سکے گا۔

اس کے علاوہ گوگل فون اسکرین کو لاک کرنے کا ایک اور نیا طریقہ بھی متعارف کرا رہا ہے جس کے تحت اگر فون غلط ہاتھوں میں پڑ جائے android.com/lock پر جا کر صارف اپنا فون نمبر ڈال سکتا ہے اور ایک سیکیورٹی چیلنج کو پورا کر کے ڈیوائس کو لاک کر سکتا ہے۔

گوگل کی جانب سے یہ تمام فیچر رواں برس کے آخر میں متعارف کرائے جائیں گے اور یہ اپ ڈیٹس اینڈرائیڈ 10 اور اس کے بعد کے ورژنز کے لیے دستیاب ہوں گی۔

کیریبیئنز اب تک وسیم اکرم کے سحر میں مبتلا

سابق اسٹار اولمپئن اسپرنٹر یوسین بولٹ کو آئی سی سی کی جانب سے ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ کا ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے، وہ دیگر کیریبیئنز کی طرح کرکٹ کا بہت ہی شوق رکھتے ہیں، خاص طور پر ٹی 20 کے دلدادہ ہیں، یہ فارمیٹ خاص طور اسپیڈ اسٹار کے مزاج سے میل کھاتا ہے، وہ خود بھی بچپن میں کرکٹر بننے کے خواہاں تھے، اب اتنے بڑے ایونٹ کا ایمبیسڈر مقرر ہونے پر بھی بہت زیادہ خوش ہیں۔

بولٹ نے کہا کہ میں ایک طرح سے اپنے خواب میں جی رہا ہوں، میں کرکٹ دیکھتا ہوا بڑا ہوا، میرے والد کرکٹ کے بہت بڑے شائق تھے اور اب بھی ہیں، یہ کھیل میرے خون میں شامل ہے، میں بطور کرکٹر تو اپنا خواب نہیں پورا کر سکا مگر اتنے بڑے ایونٹ سے منسلک ہونا بھی میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں بچپن میں وسیم اکرم کا بہت بڑا فین تھا، وہ اپنی ان سوئنگنگ یارکرز سے بیٹرز کا دل دہلا دیتے تھے، میرے والد بھی ان کے فین تھے، کورٹنی والش اور کرٹلی امبروز میرے آئیڈیل رہے۔

ایک سوال پر یوسین بولٹ نے کہا کہ میں کرکٹ میں اپنی ویسٹ انڈین ٹیم کو ہی سپورٹ کرتا ہوں مگر بھارت کے ویراٹ کوہلی مجھے موجودہ نسل کے کرکٹرز میں بہت پسند ہیں۔

یوسین کی کرس گیل کے ساتھ کافی دوستی ہے، ایک نمائشی میچ میں وہ سابق ویسٹ انڈین اسٹار کو آئوٹ بھی کرچکے ہیں، اس بارے میں انھوں نے کہا کہ جب میں نے گیل کو آئوٹ کیا تو انھوں نے مجھے چیلنج کیا تھا کہ وہ مجھے 100 میٹر ریس میں ہرا سکتے ہیں، مجھے ان کے اس چیلنج کو پورا کرنے کا انتظار ہے۔

موقف پر کھڑاہوں، گردن کٹوادوں گا، پیچھے نہیں ہٹوں گا، فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اپنے موقف پر کھڑا ہوں، اپنی عزت پرگردن کٹوا دوں گا، پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ میں نے جو پریس کانفرنس میں کہا اس موقف پر کھڑا ہوں، اپنی عزت پرگردن کٹوا دوں گا، پیچھے نہیں ہٹوں گا، میں نے کسی جج کا نام لے کر کوئی بات نہیں کی،بالکل کہا کہ جو میری پگڑی اچھالے گا اس کی پگڑیوں کا فٹ بال بنا دوں گا، رؤف حسن نے ججوں کو ٹاؤٹ کہا اس پر سو موٹو نہیں، گورنر سندھ، عطاء اللہ تارڑ، طلال چودھری اور مصطفٰے کمال کو نہیں بلایا، مجھے سنگل آؤٹ کیا جا رہا ہے، سوال اٹھانے پر بھٹو کی طرح پھانسی دینا چاہتے ہیں تو حاضر ہوں، پراکسی کا ٹھپہ لگائیں تو میں آپ سے شواہد مانگوں گا۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اللہ کا احسان ہے کہ مجھے ایک ایماندار چیف جسٹس کے سامنے جانے کا موقع مل رہا ہے، میں ان کو اپنا موقف بھی بتا سکوں گا اور شاید اتنی بڑی بڑی فائلوں کا کچھ حصہ، ارشد شریف قتل کیس، دیگر تضادات، کہ آپ کے لیے کافی دو سو روپے کی اور یہی کافی میرے لیے چھ سو روپے کی اور ایسی بہت ساری چیزیں کہ شاید وہ خوش ہوں کہ ایک پاکستانی اتنا آگے بڑھا ہے، دوسرا یہ کہ کوئی جرات مجھے دکھائے میرے نام کے ساتھ کہ فیصل واوڈا کسی کی پراکسی ہے اگر کوئی جج مجھ پر کھلم کھلا الزام لگائے گا تو اس کو ثابت کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کے رؤف حسن ججوں کو ٹاؤٹ کہہ رہے ہیںتو ان پر سوموٹو نوٹس نہیں ہے اگر فیصل واوڈا نے جسٹس بابر ستار کی تقرری پر سوال اٹھایا ہے، ان کی اہلیت پراعتراض نہیں کیا جو سوال کیا وہ ویسے ہی نکلا کہ ریکارڈ نہیں تھا، آپ مجھے پیار دیں گے میں ڈبل پیار دوں گا آپ مجھ سے بدمعاشی کریں گے میں ڈبل بدمعاشی کروں گا، 2700 ارب روپے رکے سٹے آرڈر سے رکے رہیں گے، سوال میں کروں گا، 19-aکے تحت بھی کروں گا لیجسلیٹو بھی کروں گا، جو قانون آپ کے لیے ہوگا ، وہ قانون میرے لیے ہوگا۔ وہی قانون جج کے لیے ہوگا، میں نے فوج پر کیا ہی نہیں تھا اٹیک اگر ان کو لگا ہے اٹیک تو غلطی ہے آپ میرے باس ہیں نکال دیں، معافی نہیں مانگوں گا۔

10ماہ میں تجارتی خسارے میں 16.55 فیصد کمی ریکارڈ

اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے10ماہ کے دوران ملکی تجارتی خسارہ میں سالانہ بنیادوں پر 16.55فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل تک ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر9.10 فیصد اضافہ اور درآمدات میں 3.83 فیصد کمی ہوئی، تجارتی خسارہ 19.63ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے 23.53 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کے مقابلہ میں 16.55 فیصد کم ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق پہلے10ماہ میں ملکی برآمدات کا مجموعی حجم 25.27 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی23.17 ارب ڈالر کی برآمدات کے مقابلہ میں 9.10 فیصد زائد ہے۔ اپریل میں برآمدات سے ملک کو 2.35 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا،جوکہ مارچ میں 2.56ارب ڈالر جبکہ گزشتہ سال اپریل میں 2.13 ارب ڈالر تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے پہلے 10 ماہ میں درآمدات پر44.91 ارب ڈالر خرچ ہوئے جوکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 3.83 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدات پر 46.70 ارب ڈالر خرچ ہوئے تھے۔

کراچی کے علاوہ لاہور، ملتان کی ٹمبرمارکیٹ بھی احتجاجاً بند کرنیکا اعلان

ٹمبر امپورٹرز اینڈ مرچنٹس نے کراچی کے علاوہ لاہور، ملتان کی ٹمبرمارکیٹ بھی احتجاجاً بند کرنیکا اعلان کردیا۔

کراچی ٹمبر امپورٹرز اینڈ مرچنٹس نے ٹمبر کے پھنسے ہوئے کنسائمنٹس کو کلئیرنس نہ دینے پر جمعے کو محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دینے اور کراچی کے علاوہ لاہور وملتان کی ٹمبر مارکیٹ بھی احتجاجاً بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

یہ اعلان جمعرات کو آل پاکستان ٹمبر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین شرجیل گوپلانی نے کراچی ٹمبر مرچنٹس کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں ٹمبر کی درآمدات محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کی امپورٹ پرمٹ سے مشروط ہے، امپورٹ پرمٹ کی مدت صرف 6ماہ ہوتی ہے، مڈل ایسٹ جنگ کے باعث ٹمبر کنسائمنٹس کے بحری جہازوں کی آمد تاخیر کا شکار ہیں جسکی وجہ سے مقررہ 6ماہ کی مدت میں متعدد ٹمبر کے کنسائمنٹس پاکستان تاخیر سے پہنچے ہیں جس پر محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے امپورٹ پرمٹ زائد المیعاد قرار دیدیا ہے۔انھوں نے مسئلے کے حل کیلیے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو 24گھنٹے کا الٹی میٹم دیدیا۔

اسرائیلی ٹینک اپنی ہی فورسز پر چڑھ دوڑے، 5 فوجی ہلاک

غزہ: غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں کی اپنی ہی فورسز پر گولہ باری سے 5 فوجی ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی غزہ میں نہتے فلسطینوں کوشہید کرنے والے اسرائیلی فوجی اپنے ہی ٹینکوں کا نشانہ بن گئے۔ ٹینک کی ایک عمارت پر گولہ باری سے 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

اسرائیل فورسز کے غزہ کے رہائشی علاقوں میں حملوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 40 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جنگ کا دائرہ غزہ کے 78 فیصد علاقے تک بڑھا دیا ہے جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے پاس غزہ میں خوراک اور ایندھن کا چند روز کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے۔

دوسری جانب شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں 5 اسرائیلی فوجی زخمی زخمی ہوگئے۔ گزشتہ سال اکتوبرسے غزہ پراسرائیلی حملوں میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 35 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

ٹی20 ورلڈکپ، شعیب ملک نے ٹیم سے بلند توقعات وابستہ کرلیں

لاہور: شعیب ملک نے ٹی20ورلڈکپ میں قومی ٹیم سے بلند توقعات وابستہ کرلیں۔

نیویارک اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ کھلاڑی اچھی فارم میں آگئے ہیں، انگلینڈ سے سیریز جیت گئے تو اعتماد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، میگا ایونٹ میں بہتر آغاز کریں تو فائدہ ہوگا،لگتا ہے ٹیم آگے تک جائے گی، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، پلیئرز کو اعتماد دینا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ عماد وسیم اور محمد عامر کی اسکواڈ میں موجودگی پاکستان کیلیے خوش آئند ہے، صائم ایوب خطرات مول لے کر کھیلتا ہے،نوجوان بیٹر میں بہت ٹیلنٹ ہے،اگرہائی اسکورنگ گیم ہوئے تو انھیں ہی اوپننگ کرنا ہوگی، اگر 160تک رنز بن رہے ہوں تو بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی کا اننگز شروع کرنا بہتر ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ امریکا میں نئی کنڈیشنز کو جلد سمجھ جانے والے کو فائدہ ملے گا، پاک بھارت مقابلے کو بطور کرکٹر ہم صرف ایک میچ کے طورپردیکھتے ہیں، میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ساتھ بیٹھتے اور کھاتے پیتے ہیں۔

کیٹلن کلارک کاWNBAمیں ڈیبیو ESPNکو ریکارڈ ویورشپ ملی

منگل کو لیگ کی افتتاحی رات کلارک کے ڈبلیو این بی اے ڈیبیو میں بخار پر سن کی 92-71 کی جیت نے ESPN2، ESPN+ اور Disney پر اوسطاً 2.1 ملین ناظرین کو متوجہ کیا۔
نیو یارک — کیٹلن کلارک اور انڈیانا فیور کے خلاف کنیکٹی کٹ سن کی گیم کی ESPN کی نشریات میں نیٹ ورک پر WNBA گیم کے لیے سب سے زیادہ ناظرین تھے۔
منگل کو لیگ کی افتتاحی رات کو کلارک کے ڈبلیو این بی اے کے ڈیبیو میں فیور پر سن کی 92-71 کی جیت نے ESPN2، ESPN+ اور Disney+ پر اوسطاً 2.1 ملین ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کیا، جس میں شام 7:45 کے درمیان 2.3 ملین ناظرین کی تعداد بھی شامل ہے۔ اور شام 7:59 یہ ڈیانا توراسی کے دوکھیباز سیزن میں 22 مئی 2004 کو فینکس مرکری-کنیکٹی کٹ سن گیم کے لیے تقریباً 1.5 ملین ناظرین کے پچھلے نمبر پر ہے۔

Phoenix اور دو بار کے دفاعی چیمپئن لاس ویگاس Aces کے درمیان ہونے والے دوسرے گیم میں اوسطاً 464,000 ناظرین تھے، دونوں گیمز کی اوسط 1.28 ملین تھی – ESPN پر نشریات کے لیے لیگ کی اوسط سے 192% اضافہ۔

انڈیانا فیور گارڈ کیٹلن کلارک (22) منگل، 14 مئی 2024 کو انکاس ویل، کون میں ایک کھیل کے دوران کنیکٹی کٹ سن کے خلاف 3 پوائنٹ کا شاٹ لگا رہا ہے۔
کلارک نے گزشتہ سیزن میں Iowa میں NCAA کا ہمہ وقتی اسکورنگ کا ریکارڈ قائم کیا اور وہ ایک بڑی وجہ تھی کہ ریکارڈ 18.9 ملین ناظرین نے قومی چیمپئن شپ گیم میں شرکت کی، جسے اس کی Hawkeyes ناقابل شکست جنوبی کیرولینا سے ہار گئی۔ کلارک کی WNBA میں آمد لیگ کے لیے پہلے ہی ایک بڑا فروغ رہا ہے۔ WNBA ڈرافٹ میں ریکارڈ ناظرین کی تعداد تھی، اور تین ٹیموں نے پہلے ہی اپنے کھیل کو بڑے میدانوں میں منتقل کر دیا ہے تاکہ اس کے کھیل کو دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی مانگ کو برقرار رکھا جا سکے۔

‘عشق مُرشد’ کی جوڑی بلال عباس اور درفشاں سلیم نے خفیہ نکاح کرلیا ،یوٹیوبرکا دعویٰ

کراچی: یوٹیوبر ماریہ علی نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرامہ سیریل ‘عشق مُرشد’ کی جوڑی بلال عباس اور درفشاں سلیم نے خفیہ نکاح کرلیا ہے۔

حال ہی میں یوٹیوبر ماریہ علی نے اپنے چینل پر بلال عباس اور درفشاں سلیم کی نجی زندگی سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات کیے۔

یوٹیوبر ماریہ علی نے کہا کہ یہ خبریں ہیں کہ درفشاں سلیم اور بلال عباس نے خفیہ طور پر شادی کرلی ہے اور دونوں نے اپنے کیریئر کی وجہ سے اپنے نکاح کو دُنیا سے خفیہ رکھا ہوا ہے۔
ماریہ علی نے کہا کہ یہ سب نے ہی دیکھا ہے کہ ڈرامہ سیریل ‘عشق مرشد’ کی آخری قسط کے پریمیئر پر بلال عباس نے ایک لمحے کے لیے بھی درفشاں کو تنہا نہیں چھوڑا تھا، دونوں نے ایک حقیقی جوڑی کی طرح ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑا ہوا تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ ‘عشق مرشد’ کی آخری قسط کے پریمیئر پر دونوں ہی اداکار تین گھنٹے تاخیر سے آئے تھے، اس کے علاوہ ڈرامے کے سیٹ پر بھی دونوں ساتھ ہی آتے تھے، اکٹھے کھانا کھاتے تھے اور شوٹنگ کے دوران بھی زیادہ وقت اکٹھے ہی گزارتے تھے۔

ماریہ علی نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں درفشاں سلیم نے بھی اسی دوران عُمرے کی سعادت حاصل کی جس وقت بلال عباس بھی عُمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود تھے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلال عباس اور درفشاں سلیم نے ایک ساتھ عُمرے کی سعادت حاصل کی لیکن مداحوں کو بظاہر یہی دکھایا کہ دونوں الگ الگ عُمرہ کرنے گئے ہیں۔

یوٹیوبر نے اپنی ویڈیو میں درفشاں سلیم کے سابق دوست و اداکار عُمر شہزاد کے بارے میں بھی بات کی، اُن کے مطابق عُمر شہزاد نے ریئلیٹی شو ‘تماشہ گھر’ میں انکشاف کیا تھا کہ وہ اور درفشاں ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور دونوں شادی بھی کرنے والے تھے۔

عُمر شہزاد کا کہنا تھا کہ وہ اور درفشاں ایک ہی بلڈنگ میں مقیم تھے، دونوں کے درمیان سب کچھ اچھا چل رہا تھا لیکن جب اداکارہ کا ڈرامہ ‘کیسی تیری خود غرضی’ ہٹ ہوا تھا تو اداکارہ کے برتاؤ میں تبدیلی آنے لگی۔

اداکار کے مطابق جب وہ شہر سے باہر چلے تھے تو اُن کی غیرموجودگی میں بلال عباس، درفشاں سلیم سے ملنے کے لیے آتے تھے اور جب عُمر شہزاد نے درفشاں سے بلال عباس سے متعلق شکوہ کیا تو اداکارہ نے کہا کہ وہ صرف دوست کی حیثیت سے آتے ہیں۔

ماریہ علی نے اپنی ویڈیو میں یہ بھی بتایا کہ کس طرح در فشاں سلیم نے عُمر شہزاد سے بریک اَپ کیا اور پھر بلال عباس کے ساتھ اُن کی گہری دوستی سامنے آئی۔

یوٹیوبر کے انکشافات پر مداحوں کا کہنا ہے کہ اگر بلال عباس اور درفشاں سلیم نے خفیہ طور پر شادی کرلی ہے تو یہ ایک اچھی خبر ہے کیونکہ مداح بھی دونوں کو حقیقی زندگی میں ایک ساتھ دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

مداحوں نے یہ بھی کہا کہ وہ درفشاں سلیم اور بلال عباس کی جانب سے نکاح کے باضابطہ اعلان کا انتظار کریں گے۔

اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کیخلاف درخواست خارج

لاہور ہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کیخلاف درخواست خارج کردی۔

ہائیکورٹ میں اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کیخلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار اشبا کامران نے مؤقف اختیار کیا کہ سینیٹر اسحاق ڈار وزیر خارجہ کے عہدے پر تعینات ہیں۔ آئین میں نائب وزیر اعظم کا عہدہ موجود نہیں ہے۔ آئین کے برخلاف ان کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کی گئی ہے، عدالت تقرری کالعدم قرار دے۔
ہائیکورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کر دی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا  نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزیراعظم کو  ارسال کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ  پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 15 روپے سے زائد کمی متوقع ہے، ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے سے زائد فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق  مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے سے زائدکمی کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں فی لیٹر 7 روپے سے زائدکی کمی کا امکان ہے۔

وزیراعظم کی منظوری کے بعد قیمتوں میں کمی کا باضابطہ اعلان ہوگا۔

لاہور: بیوٹی پارلر میں خواتین کی نیم برہنہ تصاویر بنانے پر مقدمہ درج

 لاہور: بیوٹی پارلر میں خواتین کسٹمرز کی نیم برہنہ تصاویر بنانے پر لاہور میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

نواب ٹاؤن میں بیوٹی پارلر کی مالک کے خلاف دو لڑکیوں کی نازبیا تصاویر بنانے کا مقدمہ درج کیا گیا، دونوں لڑکیاں اریبہ شفیق بیوٹی پارلر میں اسکن پالش کروانے گئی تھیں۔

بیوٹی پارلر کی مالکن رخسانہ نے موبائل فون سے دونوں لڑکیوں کی اسکن پالش کے دوران نیم برہنہ تصاویریں بنائیں۔

ایف آئی آر کے مطابق بیوٹی پارلر مالکن کے موبائل سے پارلر میں آنے والی متعدد لڑکیوں کی نیم برہنہ تصاویر برآمد ہوئیں۔

ملزمہ رخسانہ نے مختلف واٹس ایپ گروپس میں بھی تمام تصاویریں شیئر کیں۔ سائبر کرائم یونٹ لاہور نے تحقیقات مکمل ہونے پر تھانہ نواب ٹاون میں مقدمہ درج کروایا۔

مقمدمہ ابتدائی طور پر پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا تاہم بعد میں پولیس نے مذکورہ دفعات حذف کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کیخلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات کے تحت انویسٹی گیشن کی کارروائی یکسو کی جائے گی۔