اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف انتخابات سے قبل وطن واپس آئیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ واپسی کی تاریخ میاں صاحب نے دینی ہے، کوئی اور تاریخ نہیں دے سکتا، انتخابات میں پارٹی کو لیڈ کرنے کی درخواست میاں صاحب نے قبول کر لی ہے، عام انتخابات سے ساٹھ سے نوے روز قبل میاں صاحب واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ کو اکثریت ملی تو وزیر اعظم وہ بنے گا جسے نواز شریف چاہیں گے، عام انتخابات میں سیاسی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ ن لیگ کو کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کرنا چاہیے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے، آپشن ہمیں اوپن رکھنی چاہئے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ کوئی سیاسی انجینئرنگ نہیں ہو رہی جو یہ کہہ رہا ہے جھوٹ کہہ رہا ہے، 2018 میں جو ہوا وہ اب ہو رہا ہے تو انہیں کیوں اعتراض ہے، جو لوگ 2018 میں ایک جگہ اکٹھے ہوئے وہ اب کسی اور جگہ اکٹھے ہو رہے ہیں تو کیا پریشانی ہے۔
All posts by Muhammad Saqib
تحفظات دور ، بلوچستان عوامی پارٹی کا بجٹ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ پر بلوچستان عوامی پارٹی کے تحفظات دور کردیے جس کے بعد بی اے پی نے بجٹ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی قیادت میں ملاقات کی ، ملاقات میں بلوچستان عوامی پارٹی نے بجٹ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ اورحکومت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل کے حوالے سے بلوچستان عوامی پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، خالد حسین مگسی، مولانا غفور حیدری، آغا حسن بلوچ، اسحاق ڈار، احسن اقبال، ڈاکٹر مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ اور منظور کاکڑ کمیٹی کے رکن ہوں گے، کمیٹی آئندہ ہفتے تفصیلی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی حکومت کی اہم اتحادی ہے جس نے حکومت کے ہر فیصلے میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، بلوچستان عوامی پارٹی سے مشاورت اور ان کی رائے کے بغیر ممکن نہیں، چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان کی ترقی کے لیے وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی اور خصوصی اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر بلوچستان عوامی پارٹی خالد حسین مگسی اور سینیٹر نصیب اللہ بازئی نے بھی شرکت کی۔
ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، محسن نقوی کی بطور مہمان خصوصی شرکت
لاہور: (ویب ڈیسک) ایلیٹ فورس کے 24 ویں کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی جس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ایلیٹ فورس کے 24 ویں کورس میں پاس آؤٹ ہونیوالے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ایلیٹ ٹریننگ سینٹر بیدیاں روڈ میں منعقد ہوئی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بطور مہمان خصوصی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شریک ہوئے، تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، کمانڈنٹ ایلیٹ سینٹر کرنل (ر) نوید، ایلیٹ فورس کے اہلکار، فیملیز اور شہداء کی فیملیز شریک ہوئیں۔
تقریب میں کورس 24 کے پاس آؤٹ ہونیوالے جوانوں نے دہشتگردی سے نمٹنے، جوڈو کراٹوں اور آگ سے گزرنے کی مشقوں کا شاندار عملی نمونہ پیش کیا اور سلامی پیش کی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آئی جی پنجاب کے ہمراہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، ایلیٹ فورس کے 24 ویں کورس میں پاس آؤٹ ہونے والے ایلیٹ فورس کے جوانوں سے حلف بھی لیا گیا، محسن نقوی نے کورس میں بہترین کارکردگی کے حامل جوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔
کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سینٹر کرنل (ر) نوید نے بتایا کہ رواں سال پاس آوٹ ہونے والوں میں 542 مرد جبکہ 39 خواتین شام ہیں، ہر سال چار ہزار کے قریب ایلیٹ فورس اہلکار اس سکول سے تربیت حاصل کر کے نکلتے ہیں، ایلیٹ فورس ہمیشہ ملک اور قوم کی حفاظت کے لیے پیش پیش رہتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سکول بہت کم وقت میں جوانوں کو قوم کی حفاظت کے لیے تربیت پیش کرتا ہے، ایلیٹ ٹریننگ سینٹر کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ اب تک ڈولفن پولیس اور ایف آئی اے اہلکاروں کی بھی تربیت کر چکا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پولیس کو حوصلہ دیا، ،نگران وزیراعلی پنجاب نے الیکشن کمیشن کی اجازت سے پولیس سیکورٹی اداروں میں پروموشنز کیں، تمام پولیس سکیورٹی اداروں میں بنیادی سٹرکچر کو بھی ٹھیک کرنے میں معاونت کی، جب تک ہمارے ہاتھ سلامت ہیں ہم تب تک پاکستانیوں کی حفاظت کرتے رہیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پولیس سکیورٹی فورسز کو بہترین بنانے کے لیے بہت کام کیا، پولیس سکیورٹی فورسز کو مزید بہتر بنانے کے لیے جو ممکن ہوا کریں گے، اس سال پاس آؤٹ ہونے والے اہلکاروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پاس آؤٹ ہونے والے تمام جوانوں سے امید ہے کہ وہ محنت اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان رہا ہوتے ہی پھر گرفتار
مردان: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کو رہائی کے فوری بعد پھر گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق علی محمد خان کو مردان کی انسداد دہشتگردی کی عدالت سے رہائی کے بعد ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن پولیس کے مقدمے میں بھی علی محمد خان کا نام شامل ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کی گرفتاری پانچویں مرتبہ عمل میں لائی گئی ہے، انہیں گزشتہ روز پشاور جیل سے رہائی کے بعد مردان پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
آصف زرداری سمیت دیگر افراد کیخلاف 4 ریفرنسز نیب کو واپس
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور دیگرملزمان کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیسز کی سماعت کے دوران 4 ریفرنسز نیب کو واپس بھجوا دیئے۔
احتساب عدالت میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری و دیگر ملزمان کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیسز پر سماعت ہوئی، جج محمد بشیر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا، آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک اور نیب پراسیکیوٹرز عدالت پیش ہوئے۔
فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم کے بعد یہ ریفرنسز عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں، احتساب عدالت ریفرنسز پر ٹرائل نہیں چلا سکتی۔
عدالت نے سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور، حسین لوائی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیئے۔
علاوہ ازیں منظور قادر اور دیگر ملزمان کے خلاف پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس بھی نیب کو واپس بھجوا دیئے جبکہ بلال شیخ اور دیگر ملزمان کے خلاف سندھ بینک ریفرنس بھی واپس بھیج دیا گیا۔
احتساب عدالت نے پنک ریڈیڈنسی ریفرنس بھی نیب کو واپس بھجوا دیا ہے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف 4 نیب ریفرنسز پہلے ہی نیب کو واپس ہو چکے ہیں۔
کراچی اور اسلام آباد میں شہدائے اے ایس ایف کی سالانہ تقاریب کا انعقاد
کراچی/ اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہدائے اے ایس ایف کی یاد میں ہیڈکوارٹرز سمیت فورس کے تمام یونٹس میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ سالانہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر تقریبات منعقد کی گئیں، تقاریب میں چیف سکیورٹی آفیسرز اور آفیسرز کمانڈنگز نے اس دن کی مناسبت سے ڈائریکٹر جنرل کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔
اس ضمن میں مرکزی تقریب اسلام آباد ایئرپورٹ کے اسد شاہنواز شہید اے ایس ایف کیمپ میں منعقد ہوئی۔
ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد ہلال امتیاز ملٹری نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
بعد ازاں تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے شہداء اے ایس ایف کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 8 جون شہدائے اے ایس ایف کی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جب اے ایس ایف کے شہداء اور غازیوں نے وطن عزیز کے ایئرپورٹس کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے وطن کے دفاع کی خاطر ماضی میں بھی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی مادر وطن کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ اے ایس ایف کے افسران اور جوان ایئرپورٹس کی حفاظت کیلئے اپنی بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ ایمانی سے دشمن کی ہر تخریبی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
غیر قانونی بھرتیوں کا کیس: اینٹی کرپشن کو جواب جمع کروانے کی آخری مہلت
لاہور : (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کیخلاف درج غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں عدالت نے اینٹی کرپشن کو مقدمہ کا ریکارڈ جمع کروانے کی آخری مہلت دے دی۔
اینٹی کرپشن کورٹ کے سپیشل جج علی رضا نے پرویز الہٰی اور شریک ملزم رائے ممتاز کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی، پرویز الہٰی کی جانب سے ایڈوکیٹ رانا انتظار عدالت پیش ہوئے۔
مقدمہ کا ریکارڈ آج بھی پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، پرویز الہٰی کے وکیل نے استدعا کی کہ مقدمہ کا ریکارڈ آج بھی پیش نہیں کیا گیا ، عدالت ڈی جی اینٹی کرپشن کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے، جس پر پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کچھ وقت دے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن پیش ہو جاتے ہیں۔
اینٹی کرپشن عدالت کے سپیشل جج علی رضا نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ پیش کریں ورنہ ڈی جی اینٹی کرپشن کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیتا ہوں۔
بعد ازاں عدالت نے اینٹی کرپشن کو مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت کل 10 جون تک ملتوی کردی۔
واضح رہے پرویز الہٰی اور دیگر پر پنجاب اسمبلی میں ریکارڈ میں ردوبدل کرکے بھرتیوں کا الزام ہے، سابق وزیراعلیٰ کے شریک ملزم رائے ممتاز حسین نے بھی درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔
5 ای فریم ورک پاکستان میں معاشی ترقی کا گیم چینجر ثابت ہوگا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کاکہنا ہے کہ 5 ای فریم ورک پاکستان میں معاشی ترقی کا گیم چینجر ثابت ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایکسپورٹس ای پاکستان واٹر اینڈ فوڈ سکیورٹی، انوائرمنٹ، انرجی اور ایکویٹی ٹرن آ راؤنڈ پاکستان کے ستون ہیں ، اس فریم ورک کے ذریعے برآمدات میں اضافے کے لئے نئے کاروبار، روزگار کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت کے فروغ اور آبادی پر کنٹرول سے پاکستان کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی ، سستی اور بلا تعطل توانائی کی فراہمی سے معیشت و کاروبار میں نئی تیزی آئے گی، آبی ذخائر اور غذائی تحفظ کے ذریعے ماحول بہتر بنایا جائے گا۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ای پاکستان کے ذریعے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دیں گے، انہیں با اختیار بنائیں گے، جی ڈی پی کے لحاظ سے فسکل خسارے کا 4.9 فیصد سے کم ہوکر 4.6 فیصد پر آنا بڑی کامیابی ہے یہ حکومت کی درست معاشی پالیسی کا مثبت نتیجہ ہے۔
وزیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 76 فیصد کمی درست معاشی پالیسی کی علامت ہے، تجارتی خسارے میں 40.4 فیصد کمی معاشی اقدامات کی درستگی ظاہر کرتی ہے، تجارتی خسارہ 25.8 ارب ڈالر ہوگیا ہے جو 43.4 ارب ڈالر تھا ، یہ بہتری کی جانب آغاز ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ درآمدات میں 29.2 فیصد کمی ہوئی جس کے معاشی صورتحال پر اثرات مرتب ہوئے، 72.3 ارب ڈالر کے مقابلے میں درآمدات کا 51.2ارب ڈالر پر آنامعاشی بہتری کی طرف قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے 5ہزار 348.2 ارب روپے کے مقابلے میں 6210 ارب روپے ٹیکس رینیوز جمع ہوئے ، رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 7 لاکھ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے ہدف کے مقابلے میں تقریبا 9 لاکھ12 ہزار نئے ٹیکس دہندگان کو رجسٹرڈ کیا ہے جو کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کا ثبوت ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ 1.15 ٹریلین روپے کا وفاقی ترقیاتی بجٹ مختص ہونے سے ملک میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی اور روزگار بڑھے گا۔
سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ کا رخ تبدیل ہو کر پاکستان کی جانب مڑ گیا
کراچی: (ویب ڈیسک) سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ کا رخ تبدیل ہو کر پاکستان اور بھارت کے ساحلی علاقوں کی جانب ہوگیا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ جنوب مشرق بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان بائپرجوائے نے رخ تبدیل کر لیا جو اب شمال اور شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق اس ٹریک میں بھارت سمیت پاکستان کے ساحلی علاقے بھی آتے ہیں، آئندہ دو روز طوفان شمال اور شمال مشرق کے ٹریک پر رہے گا۔
سردار سرفراز نے مزید کہا کہ سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 1120 کلو میٹر دور ہے، طوفان کون سے ملک کے ساحلی علاقوں پر اثر انداز ہوگا یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
اس دہائی کے خطرناک ترین عالمی دہشتگرد کی افغانستان میں پر اسرار ہلاکت
کابل : (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت کئی ممالک میں دہشت گرد ی کی کارروائیوں میں ملوث عالمی دہشت گرد ثناء اللہ غفاری عرف شہاب المہاجر افغانستان میں پراسرار طور پر مارا گیا۔
پاکستان کے خطرناک ترین دشمن اور اِس دہائی کا سب سے بڑا دہشت گرد ثناء اللہ غفاری عرف شہاب المہاجر افغانستان کے شہر کنڑ میں جہنم واصل ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک دہشت گرد ناصرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر انتہائی مطلوب تھا، دہشت گرد اور اُس کی فیملی بھارت سے ہجرت کرکے افغانستان آئی تھی۔
خطرناک ترین دہشت گرد کا تعلق افغانستان کے شہر کابل سے تھا، دہشت گرد نے غفاری مدرسہ کابل سے مذہبی تعلیم حاصل کی۔
رپورٹ کے مطابق ثناء اللہ غفاری متعدد حملوں میں ایران، ازبکستان، تاجکستان، پاکستان اور افغانستان میں بھی ملوث رہا ہے، دہشت گرد اپریل 2020ء سے اسلامک اسٹیٹ خراسان پراونس کا سرغنہ تھا۔
دسمبر 2021ء میں ثناء اللہ غفاری کو اقوام متحدہ، امریکا اور یورپین یونین نے عالمی دہشت گرد قرار دیا تھا اور اس کے سر پر 10 ملین (ایک کروڑ) ڈالر کی انعامی رقم بھی رکھی ہوئی تھی۔
داعش خراسان کا دہشت گرد پاکستان اور دنیا بھر میں بے شمار حملوں کا ماسٹر مائنڈ اور آپریشنز لیڈر رہا، اس سے کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ کیا، امام بارگاہ قصہ خوانی بازار پشاور میں بھی خودکش حملہ کرایا جبکہ ننگر ہار افغانستان میں جیل بریک کی، ازبکستان اور تاجکستان میں بھی راکٹ حملے کئے۔
دہشتگرد ثناء اللہ غفاری ایران میں شاہ چراغ کے مزار پر دھماکے، افغانستان میں اہل تشیع کی مرکزی اور سب سے بڑی مسجد پر خودکش حملے اور روسی سفارتخانہ اور لوگون ہوٹل پر چینی باشندوں پر حملے میں بھی ملوث تھا جبکہ اس نے کابل ایئر پورٹ اور دیگر بے شمار حملوں میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پراے این ایف کی کارروائی ، بین الاقوامی سمگلرگروہ گرفتار
کراچی: (ویب ڈیسک) اےاین ایف نے اسلام آبادانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی سمگلر گروہ گرفتارکر لیا ، گرفتار افراد میں ایک ہی خاندان کے 9افراد شامل ہیں ۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اےاین ایف ) کی جانب سے اسلام آبادانٹرنیشنل اورجناح انٹرنیشنل ائیر پورٹس پرکریک ڈاؤن کیا گیا ، اسلام آبادانٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار بین الاقوامی سمگلر گروہ کے افراد میں 3 خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے9 افرادشامل ہیں ۔
ترجمان اےاین ایف کے مطابق ملزمان نے پیٹ میں منشیات بھرےکیپسولز کی موجودگی کااعتراف کیا ، ملزمان سے مجموعی طورپر575 ہیروئن اور159 آئس بھرےکیپسولز برآمد کیے گئے ہیں ۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ کیپسولز سے3کلو453 گرام ہیروئن اور 788 گرام آئس برآمد کی گئی ہے ، گرفتار افراد کاتعلق پشاور، مردان اورچارسدہ سے ہے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی میں 2ملزمان گرفتار کرلیے گئے ، مسافر کےپیٹ سے91 ہیروئن بھرےکیپسولز برآمدکرلیے گئے ، برآمد ہیروئن کا مجموعی وزن1کلو 170 گرام ہے۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزمان کیخلاف انسددِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
یقین نہیں آتا عامر لیاقت ہم میں نہیں ہیں: شوبز شخصیات کا پہلی برسی پر اظہار خیال
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف ٹی وی میزبان اور سکالر عامر لیاقت کی پہلی برسی پر شوبز شخصیات نے ان کے بلندی درجات اور لواحقین و مداحوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال نے عامر لیاقت کی پہلی برسی پر شوبز ستاروں کے پیغامات کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا، عامر لیاقت کی برسی پر اداکارہ یمنیٰ زیدی، ندا یاسر، اداکار ساجد حسن اور اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ افسوس ہے کہ لوگ عامر لیاقت کو یاد کرتے ہوئے ان کی وہ تمام خصوصیات بھول جاتے ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے کافی شہرت پائی۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم کسی کو یاد کرتے ہیں تو ہمیں چاہیے کہ ان کی اچھی باتوں کو یاد رکھیں،ان کو زبان پر عبور حاصل اور ان کے پاس وسیع علم تھا۔
اداکارہ یمنیٰ زیدی نے کہا کہ میرے کریئر کے ابتدائی دنوں میں عامر لیاقت نے میرا انٹرویو کیا جہاں میں نے انہیں کو انتہائی ذہین، حاضر جواب اور بہترین میزبان پایا، اللہ ان کے درجات بلند فرمائے، وہ ہمیشہ ایک بہترین میزبان کے طور پر ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
ٹی وی میزبان ندا یاسر نے کہا کہ عامر لیاقت کو ہم سے بچھڑے ایک سال ہوگیا ہے، آج بھی یقین نہیں آتا، عامر لیاقت کے ساتھ کام کرکے اندازہ ہوا کہ وہ انتہائی ذہین تھے، ہر موضوع پر روانی سے بولتے، ہر کسی کو عزت دیتے، وہ ہمیشہ ہمارے دل میں زندہ رہیں گے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 9 جون 2022 کی دوپہر کو کراچی کی ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے، انہیں انتہائی تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کی تھی۔
شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کی فلم ‘بے بی لیشیس’ ریلیز کیلئے تیار
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے سوشل میڈیا پر اپنی آنے والی فلم ’بے بی لیشیس‘ کا ٹیزر شیئر کر دیا۔
فلم کو رواں برس فروری میں ریلیز کیا جاتا تھا تاہم اسے زیادہ سے زیادہ ناظرین تک پہنچانے کیلئے ریلیز کی تاریخ کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تاہم اب شہروز اور سائرہ کی رومانوی فلم ’بے بی لیشیس‘ کو عیدالاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا جس کا مداحوں کو رواں سال کے آغاز سے انتظار تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی شوبزانڈسٹری کی معروف سابقہ جوڑی شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے راہیں جدا کر لی تھیں جبکہ شہروز نے ماڈل صدف کنول سے شادی بھی کر لی ہے جس سے ان کی ایک بیٹی ہے۔