All posts by saqib

شہداء کیخلاف ایک سیاسی جماعت کی مہم ملک دشمنی ہے، وزیر دفاع

سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ شہداء کے خلاف سیاسی جماعت کی مہم ملک دشمنی ہے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ دہشت گردی خیبرپختونخوا میں ہو رہی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے اتحاد ضروری ہے، گزشتہ روز وزیرستان میں ہمارے جوان شہید ہوئے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت نے سوشل میڈیا پر شہداء کے خلاف مہم چلائی اور ان کی شہادتوں کا مذاق اڑایا، وطن کے ساتھ اس سے بڑی ملک دشمنی نہیں ہوسکتی، الیکشن میں اختلافات پر شہداء کو شامل کرنا انتہائی گھٹیا عمل ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ زیادہ تر دہشت گردی افغان سرزمین سے ہو رہی ہے، جو شہدا کے خلاف بیانات دیتے ہیں ان کا دہشت گردوں سے ضرور کوئی رابطہ ہے، جو دہشت گرد اففانستان سے پاکستان آرہے ہیں یہی لوگ ان کو  پناہ دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں نے شہدا کا مذاق اڑایا اور انہیں ریٹرننگ افسروں سے تشبیہ دی، یہ پارٹی شناخت کھوچکی ہے، یہ سنی اتحاد کونسل ہے یا پی ٹی آئی کچھ پتا نہیں، آج یہ بے نام پارٹی ہے، ناجانے کون اس پارٹی کو چلا رہا ہے،کون ملک سے باہر بیٹھ کر گالیاں دے رہا ہے۔

مریم نواز کا سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ، قیدی خواتین کیساتھ روزہ افطار کیا

لاہوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سنٹرل جیل کوٹ لکھت کا دورہ کیا اور قیدی خواتین کے ساتھ روزہ افطار کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز مہمانوں کے ساتھ بیٹھنے کی بجائے قیدی خواتین کے ساتھ بیٹھ گئیں، وزیراعلیٰ قیدی خواتین کو خود سموسے ، پکوڑے ،پھل اور کھانا پیش کرتی رہیں، مریم نواز نے سنٹرل جیل کے لان میں پودا لگایا اور مزید درخت لگانے کی ہدایت بھی کی۔

مریم نواز نے اس سیل کا دورہ بھی کیا جہاں ان کے والد نواز شریف قید کے دوران رہے، مریم نواز جیل میں گزارے وقت کی یادیں تازہ کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔

انہوں نے جیل کے کچن کا دورہ کیا ، قیدیوں کیلئے تیار کھانے کا جائزہ لیا اور معیار چیک کیا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قیدیوں کے لئے سپیشل افطار مینیو تیار کیا گیا، وزیراعلیٰ نے قیدیوں سے بات چیت کی،مسائل اورضروریات کے بارے میں دریافت کیا۔

مریم نواز نے قیدی خاتون کے ساتھ موجود ننھی بچی کا ہاتھ پکڑ لیا اور اسے کھانے کے بارے پوچھا، وزیراعلیٰ نے جیل میں اپنی قید کے دوران ڈیوٹی پر متعین جیل سٹاف سے ملاقات بھی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کےلئے مخصوص 20 بیڈز کے ہسپتال اور قیدیوں کیلئے ویڈیو کال کی سہولت کا بھی افتتاح کیا، سنٹرل جیل لاہور دنیا بھر میں قیدیوں کے لئے ویڈیو کال کی سہولت فراہم کرنے والی پہلی جیل ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے رہائی پانے والے قیدیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے، مرد قیدیوں کو 15 ہزار روپے اور کپڑے جبکہ خواتین قیدیوں کو 15 ہزار روپے، کپڑے اور چوڑیا ں دیں۔

صوبائی مشیر پرویز رشید،صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری،چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ،آئی جی جیل خانہ فاروق نذیر اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ تھے۔

گھٹیا سیاسی مقاصد کیلئے شہداء کی بےحرمتی کرنے والے حقیقی مجرم ہیں، پی ٹی آئی

 اسلام آباد: ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ شہداء ہمارے ہیروز اور کسی سیاسی و گروہی تقسیم کے بغیر قوم کا مشترکہ اثاثہ ہیں۔

ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ دفاعِ وطن کے فریضے کی انجام دہی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے شہداء کو اپنے گھٹیا سیاسی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنا کر ان کی بےحرمتی کرنے والے حقیقی مجرم ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ افواج اور اس کے شہداء پر حملے نوازشریف، اس کی بیٹی اور اس کے درباریوں کی روایت رہی ہے، خواجہ آصف اور عطا تارڑ ان مجرموں میں سے ہیں جنہیں عوام نے مسترد کیا تاہم مینڈیٹ پر کھلا ڈاکہ ڈال کر انہیں ایوان میں پہنچایا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اندر سے شہداء کی حرمت و حیثیت پر حملے خود ریاست کیلئے بڑا امتحان ہیں۔ غاصبِ اعظم اپنے وزیروں کو نکیل ڈالے اور شہداء کو اپنی سیاست کا ایندھن بناکر ان کے اہلِ خانہ اور قوم کے جذبات مجروح کرنے والوں سے باز پرس کرے۔

پی ٹی آئی بھارت کیساتھ مل کر پاک فوج کیخلاف مہم چلا رہی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بھارت کے ساتھ مل کر پاک فوج کا مذاق اڑا رہی ہے، پاک فوج تو ہماری بقا کی ضمانت ہیں، کچھ لائن کراس نہیں کرنی چاہیے اور ایسا کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہدا کی تضحیک قابل قبول نہیں ہے، جو ذمہ داران ہیں اپنے سیاسی مفادات کی خاطر اس کی مہم چلاتے ہیں لہٰذا ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اگر ملکی مفاد اور شہدا کا مذاق اڑائیں گے تو اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا کو ذمہ داری سے استعمال کرنا چاہیے، شہداء کی توہین کرنے والے اکاﺅنٹس کی شناخت کی جائے گی اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ بہت سے اکاؤنٹس بیرون ملک سے چلائے جا رہے ہیں لیکن کچھ فالورز پاکستان میں بھی ہیں، پاکستان اور بیرون ملک ملوث لوگوں کی لسٹیں بنائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اور سیاسی جماعتوں پر تنقید کریں شہدا کی کسی سے کیا لڑائی ہے۔ جعلی اکاؤنٹس کو رپورٹ کیا گیا، شہدا کا مذاق اڑانے والے ملک دشمن ہیں، ان شہدا کی توہین کی جرات کہاں سے آتی ہے، سب سے پہلے پاکستان ہے ملک ہے تو سیاست ہے اور سیاستدان ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایس پی آر کا جعلی اکاؤنٹس بناکر پاک فوج کی تضحیک کی گئی، پی ٹی آئی نے وزیرستان کے شہداء کی قربانیوں کی تضحیک کی اور لسبیلہ میں بھی شہدا کا مذاق اڑایا گیا تھا، اس جماعت کا ماضی میں بھی ٹریک ریکارڈ ہے کہ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کے حوالے سے توہین آمیز اور تضحیک آمیز مہم سوشل میڈیا پر چلائی، ہم اس طرح کے گھناﺅنے عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آپ نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے اور نو مئی کا واقعہ کیا، یہ کہتے ہیں آئی ایم ایف بلڈنگ کے خلاف نعرے غلط تھے۔ آئی ایم ایف بلڈنگ کے باہر افطاریاں کر رہے ہیں، مظاہرے کررہے ہیں اور پاکستان کے خلاف نعرے لگاتے ہیں، پی ٹی آئی کھل کر مذمت کرے جنہوں نے آئی ایم ایف کے باہر احتجاج کیا اور شہدا کا مذاق اڑایا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ نو مئی میں ملوث نہیں ان سے مفاہمت کا راستہ کھولا جائے لیکن جو لوگ نو مئی واقعے میں سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آ رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، ملکی اداروں کے خلاف مہم چلانے والوں کے نام جلد منظرعام پر لائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نےُ میثاق مفاہمت کی بات کی، جب ہمیں اپوزیشن میں تھے تو میثاق معیشت کی بات کی تھی اگر اس وقت کچھ کیا ہوتا تو حالات کچھ ہوتے، آئیں مل کر بیٹھ جائیں اور معیشت کو مضبوط کریں۔ ملک کو ڈیفالٹ نہیں ہونے دیں گے، معیشت کی بحالی پر کام ہو رہا ہے۔ حکومتی اخراجات کو کم کرنا ہوگا اور کچھ اداروں کی نجکاری کرنا ہوگی، ایف بی آر کی تنظیم نو کریں گے اور ٹیکس نیٹ بڑھائیں گے جبکہ اشرافیہ کو مزید ٹیکس نیٹ میں لائیں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا اور معیشت کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں گے، عوام کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے معیشت کے حوالے سے آتے ہی اپنا ایجنڈا دیا، کوئی دن ایسا نہیں جب وزیراعظم معیشت کے بارے میں کوئی اجلاس منعقد نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں پاک فوج کے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، اس واقعے میں 23 سالہ کیپٹن محمد بدر شہید ہوئے جو پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے، جب محمد بدر شہید کا جسد خاکی اس گھر میں لایا گیا ہوگا تو وہاں کیا گزری ہوگی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سیکیورٹی اداروں اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ان کی قربانیوں کی وجہ سے ہی آج یہ ملک قائم و دائم ہے، ہم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیرستان کے واقعے میں شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

رمضان کے پہلے ہفتے میں مسجد نبویؐ میں آنیوالے زائرین کی تعداد 50 لاکھ سے زائد

مکہ المکرمہ: حرمین شریفین انتطامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں مسجد نبویؐ میں آنے والے زائرین کی تعداد پچاس لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جنہیں سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف اقدامات بھی کیے گئے۔

جنرل اتھارٹی برائے امور مسجد نبویؐ کی جانب سے جاری رپورٹ میں  کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 52 لاکھ 25 ہزار 231 زائرین کی مسجد نبویؐ آمد ہوئی، زائرین میں 149149 تحفائف بھی تقسیم کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق 414878 زائرین نے روضہ رسولﷺ پر سلام پیش کیا، 134447 مرد اور 107697 خواتین نے ریاض الجنہ میں نماز ادا کی جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران ہیلپ لائن پر 648411 کالز موصول ہوئیں جن پر انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی رہنمائی کی گئی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد نبویؐ کے اندرونی حصے سمیت بیرونی حصے میں بھی افطار کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں، ماہ صیام کے پہلے ہفتے کے دوران 144000 زمزم کی بوتلیں اور 15243 افطار بوکس تقسیم کیے گئے۔

اس کے علاوہ مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے 110412 زائرین نے مسجد نبویؐ میں ترجمہ کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھایا جبکہ 10482 بزرگ اور معذور افراد نے جنرل اتھارٹی برائے امور مسجد نبویؐ کی جانب سے ان کے لیے مخصوص خدمات کو استعمال کیا۔

بھارت؛ نماز کی ادائیگی کے دوران ہندو انتہاپسندوں کا غیر ملکی مسلم طلباء پر حملہ

بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد کی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں ہندو انتہا پسندوں نے نماز کی ادائیگی کے دوران مسلمان طلباء پر حملہ کرکے 5 طالبعلموں کو زخمی کردیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق احمدآباد میں واقع گجرات یونیورسٹی کے کیمپس میں مسجد نا ہونے کی وجہ سے وہاں زیر تعلیم غیر ملکی مسلم طلبا ہاسٹل میں نماز تراویح ادا کر رہے تھے کہ ان پر ہندو انتہا پسندوں کے مشتعل ہجوم نے چھریوں، پتھروں اور لاٹھیوں سے حملہ کردیا۔

متاثرہ طلباء کا کہنا ہے کہ ہجوم اسلامو فوبک اور ہندو مذہبی نعرے لگارہا تھا جبکہ واقعہ پر پولیس کی نفری موجود تھی تاہم انہوں نے غنڈوں کو جانے دیا اور کچھ نہیں کیا۔

رپورٹس کے مطابق 5 طلباء کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور جنہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

زخمی ہونے والے غیر ملکی طلباء میں افغانستان سے ہارون جبار، ترکمانستان سے آزاد اور سری لنکا سے تعلق رکھنے والے ایک عیسائی طالب علم ماریو شامل ہیں، باقی دو طالب علموں کا تعلق افریقی ممالک سے ہے۔

دوسری جانب حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس سے بڑے پیمانے پر ریاست میں غم و غصہ پایا جارہا ہے جبکہ ہندو مسلم فسادات کو روکنے کیلئے سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے صارفین کیلیے گیس مزید مہنگی ہونے کا امکان

 اسلام آباد: آئندہ مالی سال سے سندھ اور بلوچستان کے صارفین کے لیے گیس مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے جس کے لیے اوگرا کو درخواست جمع کرا دی گئی۔

سوئی سدرن گیس کمپنی نے یکم جولائی 2024 سے گیس مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔

ایس ایس جی سی نے گیس قیمت میں 274روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ہے اور گیس کی نئی اوسط قیمت 1740.80روپے مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔

درخواست میں سوئی سدرن نے کل 79ارب 63کروڑ روپے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا ہے جس میں مقامی گیس کی مد میں ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ 56ارب69 کروڑ روپے اور آر ایل این جی کے شارٹ فال کا تخمینہ 22 ارب 93 کروڑ 50 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔

اوگرا سوئی سدرن کی درخواست پر کل کراچی میں سماعت کرے گا جبکہ اوگرا کی جانب سے درخواست پر 20 مارچ کو کوئٹہ میں بھی سماعت کی جائے گی۔

اوگرا کے مطابق ایل این جی کی مد میں بھی 49روپے 63 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا گیا ہے۔ اس طرح، مقامی گیس اور ایل این جی پر مجموعی طو پر 324 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا گیا ہے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع

 اسلام آباد: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کردی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کردی۔

ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملامت کل پوری ہو رہی تھی اور انہوں نے 18 مارچ کو ریٹائر ہونا تھا۔ ظہیر احمد بابر سدھو نے 19 مارچ 2021ء کو چیف آف ائیر اسٹاف کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔

صوبائی حکومتیں کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف ناکام ہو چکیں، سراج الحق

صادق آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف فوری آپریشن کا مطالبہ کیا ہے۔

سراج الحق نے لنڈ گینگ کے ہاتھوں قتل کیے گئے صادق آباد کے نوجوان شہری اور جماعت اسلامی کے کارکن احسن فاروق کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کے دور میں اربوں روپے خرچ کرکے کچہ آپریشن کا ڈرامہ رچایا گیا، صوبائی حکومتیں کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف ناکام ہو چکی ہیں، جماعت اسلامی کے دو کارکن لنڈ گینگ کے ہاتھوں قتل ہوگئے، رحیم یار خان اور صادق آباد میں ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے وزیر اعظم، آرمی چیف اور پولیس اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ کچہ ہندوستان میں نہیں پاکستان میں ہے، فورسز کے پاس جہاز ، ٹینک ، لانچر ، راکٹ سبھی ہیں، پولیس کو ڈاکوؤں کے ٹھکانوں اور ناموں کا بھی پتہ ہے ، ان کے خلاف کارروائی کی جائے، ڈاکو سرعام سوشل میڈیا استعمال کرتے اور دھمکیاں دیتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ دو مغویوں کی رہائی کے لیے خواتین کشتی پر سوار ہوکر قرآن پاک سر پر اٹھاکر گئیں لیکن ڈاکوؤں نے کہا لاشیں ملیں گی، دونوں کو قتل کرکے لاشیں دریا برد کی گئیں، ایک لاش احسن فاروق کی مل گئی لیکن دوسری ابھی نہیں ملی۔

امیر جماعت اسلامی نے زور دیا کہ کبھی کے پی کے، کبھی راولپنڈی، بہاولپور سے اور کبھی صادق آباد سے نوجوانوں کو ڈاکو اغواء کرتے ہیں یہ ظلم زیادتی کب تک رہے گا، کچے میں فوری کارروائی اور عوام کو ریلیف کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وفاق سے ملنے والا پیسہ بھیک نہیں ہمارا حق ہے، لیکر رہیں گے، وزیراعلی کے پی

پشاور: وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاق سے ملنے والا پیسہ بھیک نہیں ہمارا حق ہے، جو لے کر رہیں گے۔

ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری پہلی ترجیح صوبے میں امن و امان کا قیام ہے، امن کے بغیر ترقی نہیں کر سکتے، امن و امان کے حوالے سے مکمل پلان بنایا ہے جس پر جلد کام شروع ہوگا۔

علی امین کا کہنا تھا کہ میری ترجیح صوبے کو اپنے پاؤں پہ کھڑا کرنا ہے، ہم لوگوں کو مچھلی پکڑنا سکھائیں گے، سال میں اگر کسی کو 10 ہزار روپے دے دیے جائیں تو اس سے اس کا کیا بنتا ہے، قوم بنتی ہیں جو اپنے پاؤں پہ کھڑی ہوتی ہیں۔ لوگوں کو خیرات دے کر قومیں نہیں بنتیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے اپنا کاروبار کریں، چھ لاکھ روپے کی بھینس 15 سے 16 کلو دودھ دیتی ہے جس سے اچھا روزگار کمایا جا سکتا ہے، نوجوان چوتھے گریڈ کی چپڑاسی کی نوکری کے لیے پانچ سے چھ لاکھ روپے رشوت دے رہے ہیں، وہ اپنی بھینس پال کر بہتر روزگار کما سکتے ہیں۔ بہتر ہے کہ ایک گائے ہی پال لیں۔ 50 روپے کا انڈا اسلام آباد میں 60 روپے کا ملتا ہے، اگر ایک لاکھ روپے کے مرغیاں لے لیں تو آپ کو کام کرنے کی ضرورت نہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ جو وفاق نے ہمیں بقایا جات دینے ہیں وہ تو ان کو دینے پڑیں گے، یہ ہمارا حق ہے کوئی خیرات اور بھیک نہیں، ہمارا صوبہ آپ کو سستے داموں بجلی دے رہا ہے جو آپ مہنگے داموں بیچ رہے ہو، وفاق نے صوبے کے ساتھ معاہدہ کیا ہوا ہے جس کے مطابق بھی پیسے نہ ملیں تو یہ پھر مذاق ہے، کہ وفاق ہمارے صوبے کو کچھ سمجھتا ہی نہیں ہے۔

میں پھر صدر نہ بنا تو خون کی ندیاں بہیں گی، ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر وہ دوبارہ صدر منتخب نہ ہوئے تو ملک میں خون کی ندیاں بہہ جائیں گی۔

ڈیٹن میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر قوم نے مجھے دوبارہ صدر منتخب نہ کیا تو ملک میں جمہوریت بھی نہیں رہے گی اور شاید ہی پھر کبھی انتخابات ہوسکیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 2020 میں مجھے دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا تھا۔ تقریر کی ابتدا میں انہوں نے 6 جنوری 2021 کو واشنگٹن میں کیپٹل ہل پر ہنگاموں کی پاداش میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے پڑے ہوئے پارٹی کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں محبِ وطن اور یرغمالی قرار دیا۔

دوسری طرف صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بوڑھے ہی نہیں، ذہنی طور پر بھی ان فٹ ہیں۔ واشنگٹن میں گرڈرین کلب ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں اور دوسرا بہترین متبادل میں ہوں۔

گرڈرین کلب کے ڈنر میں آئرش وزیر اعظم لیو ویریڈکر، امیزوز اور واشنگٹن پوسٹ کے مالک جیف بیزوز اور ٹک ٹاک کے سربراہ شاؤ زی چیو نے بھی شرکت کی۔

بشریٰ انصاری نے شوبز میں آنے کیلئے والد سے جوتے کھائے، اسما عباس کا انکشاف

لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ اسما عباس نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی بہن و اداکارہ بشریٰ انصاری نے شوبز میں آنے کے لیے والد صاحب سے جوتے کھائے اور بہت باتیں بھی سُنیں کیونکہ اُن کے والد آزاد خیال نہیں تھے، وہ اپنی بیٹیوں کے شوبز میں آنے کے سخت خلاف تھے۔

حال ہی میں اسما عباس نے نجی ٹی وی چینل کے شو ‘زبردست’ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے مرحوم والد کے سخت مزاج اور بہن بشریٰ انصاری کے کیریئر کی جدوجہد کے بارے میں بات کی۔

اسما عباس نے کہا کہ ہمارے والد صاحب بیٹیوں کے معاملے میں آزاد خیال نہیں تھے، وہ بہت قدامت پسند آدمی تھے، والد کی طرف سے ہم بہنوں کو کام کرنے کی اجازت نہیں تھی اور والد کے مزاج کی وجہ سے ہمارے گھر کا ماحول بھی بہت سخت تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ میرے والد اپنی بیوی یعنی ہماری والدہ کے معاملے میں روشن خیال تھے، اُنہوں نے والدہ کو باقاعدہ موسیقی کی کلاسز دلوائیں اور پھر والدہ سے گائیکی بھی کروائی لیکن ہم بہنوں کو تو مغرب کے بعد گھر سے باہر جانے کی اجازت تک نہیں تھی۔

اداکارہ نے اپنی بہن بشریٰ انصاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ باجی نے شوبز میں اپنے کیرئیر کو آگے بڑھانے کی بھاری قیمت ادا کی کیونکہ انہیں گھر میں بہت سختیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اسما عباس نے انکشاف کیا کہ بشریٰ انصاری نے شوبز میں آنے کے لیے بہت جدوجہد کی اور گھر کے سخت ماحول کی وجہ سے اُنہوں نے والد صاحب کی گالیاں، جوتے اور بےعزتی بھی برداشت کی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب بشریٰ انصاری نے بطورِ اداکارہ اپنا پہلا پراجیکٹ کیا تھا تو اُس وقت اُن کے نامور ساتھیوں کو بھی ہمارے والد صاحب نے بہت بےعزت کیا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ بچپن میں بشریٰ کو والد کی طرف سے ایک شو میں کام کرنے کی اجازت مل گئی تھی لیکن والد صاحب مجھے لازمی بشریٰ کے ساتھ بھیجتے تھے اور بشریٰ کو میرا ساتھ جانا پسند نہیں تھا۔

اسما عباس نے کہا کہ جب بشریٰ باجی کی ملاقات پروڈیوسر اقبال انصاری سے ہوئی تو اُنہوں نے والد کی سختی سے فرار ہونے کے لیے اقبال انصاری سے شادی کرلی اور پھر شادی کے بعد شوبز میں اپنے کامیاب کیریئر کا آغاز کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمارے والد نے بیٹیوں پر سختی کرکے ٹھیک نہیں کیا تھا کیونکہ جب والدین اپنی اولاد بالخصوص بیٹیوں پر سختی کرتے ہیں تو پھر وہ شادی کی صورت میں فرار ہونے کے راستے تلاش کرتی ہیں۔

رمضان کے پہلے ہفتے میں مسجد نبویؐ میں آنیوالے زائرین کی تعداد 50 لاکھ سے زائد

مکہ المکرمہ: حرمین شریفین انتطامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں مسجد نبویؐ میں آنے والے زائرین کی تعداد پچاس لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جنہیں سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف اقدامات بھی کیے گئے۔

جنرل اتھارٹی برائے امور مسجد نبویؐ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 52 لاکھ 25 ہزار 231 زائرین کی مسجد نبویؐ آمد ہوئی، زائرین میں 149149 تحفائف بھی تقسیم کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق 414878 زائرین نے روضہ رسولﷺ پر سلام پیش کیا، 134447 مرد اور 107697 خواتین نے ریاض الجنہ میں نماز ادا کی جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران ہیلپ لائن پر 648411 کالز موصول ہوئیں جن پر انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی رہنمائی کی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد نبویؐ کے اندرونی حصے سمیت بیرونی حصے میں بھی افطار کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں، ماہ صیام کے پہلے ہفتے کے دوران 144000 زمزم کی بوتلیں اور 15243 افطار بوکس تقسیم کیے گئے۔

اس کے علاوہ مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے 110412 زائرین نے مسجد نبویؐ میں ترجمہ کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھایا جبکہ 10482 بزرگ اور معذور افراد نے جنرل اتھارٹی برائے امور مسجد نبویؐ کی جانب سے ان کے لیے مخصوص خدمات کو استعمال کیا۔