All posts by saqib

بلوچستان : بی ایل اے کے دہشت گردوں کا غیر ملکی اسلحہ استعمال کرنے کا انکشاف

کوئٹہ: بلوچستان میں بی ایل اے کے دہشت گردوں کی جانب سے غیر ملکی اسلحہ استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے لائے جانے والے غیر ملکی اسلحے کے استعمال کے ثبوت ایک بار پھر منظرِ عام پر آگئے۔

25 اور 26 مارچ کی درمیانی رات کو بی ایل اے کے دہشت گردوں نے تربت میں پاک بحریہ کی پی این ایس صدیق پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے آپریشن کے دوران M32 ملٹی شاٹ گرینیڈ لانچر, M16/A4, نائت تھرمل ویزن اور دیگر امریکی ساختہ اسلحہ برآمد کیا۔
بی ایل اے کے دہشت گردوں نے 20 مارچ 2024ء کو گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر بزدلانہ حملہ کرنے کی ناکام کوشش کی
جی پی اے پر حملے کے دوران بی ایل اے کے دہشت گردوں نے امریکی اسلحے کا استعمال کیا جو کہ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں برآمد کیا۔

دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے امریکی اسلحے میں M-16/A4 ،AK-47 گرینیڈ لانچر اور ہینڈ گرینیڈ شامل تھے۔

اس سے پہلے بھی متعدد بار پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں میں غیر ملکی ہتھیار استعمال کیے گئے۔ افغانستان سے جدید امریکی اسلحہ کی پاکستان اسمگلنگ اور ٹی ٹی پی کا سیکیورٹی فورسز اور پاکستانی عوام کے خلاف امریکی اسلحے کے استعمال افغان عبوری حکومت کا اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کے دعووں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا مسیحی ملازمین کیلیے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر بونس کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسیحی ملازمین کیلیے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر بونس کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز کے لیے خوش خبری سنائی گئی ہے، جس میں گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے مواقع پر مسیحی ملازمین کے لیے 5000 روپے بونس کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سی ای او بابر صاحب دین کی ہدایت پر ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق 9199 سینٹری ورکرز 73 سپر وائزرز، 250 ڈرائیورز، 6 ہیلپرز کو گڈ فرائیڈے اور ایسٹر بونس دیا جائے گا۔ گڈ فرائیڈے کی چھٹی سے قبل شہر بھر میں زیرو ویسٹ آپریشن کیا جائے گا۔ تمام ورکرز اپنی شفٹ سے 2 گھنٹے زائد فیلڈ میں کام کریں گے۔

ایسٹر تقریبات سے قبل شہر کے 266چرچز کی صفائی دھلائی یقینی بنائی جائے گی۔ 78کر سیچن کالونیز میں خصوصی طور پر مینوئل سویپنگ اور اسکریپنگ کا عمل مکمل کیاجائے گا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر آپریشنل مشینری فیلڈ میں متحرک رہے گی۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ شہر کو صاف رکھنے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی عملے کا ساتھ دیں۔

عثمان خان کیخلاف اماراتی بورڈ نے تحقیقات کا آغاز کردیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بیٹر عثمان خان کیخلاف اماراتی کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے معاہدے کی خلاف ورزی پر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق عثمان خان کی جانب سے اماراتی کرکٹ بورڈ سے معاہدے کی خلاف ورزی پر حتمی فیصلہ آئندہ 10 سے 15 روز میں کرلیا جائے گا جبکہ بورڈ آئی ایل ٹی20 اور ٹی10 لیگ میں مقامی کھلاڑی کے طور پر کرکٹر کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ عثمان خان اگر معاہدے کیخلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے گئے تو انہیں اماراتی لیگ کھیلنے سے متعلق بھی پابندی بھگتنا پڑسکتی ہے۔

دوسری جانب کرکٹر عثمان خان سمجھتے ہیں کہ انہوں نے کسی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی، ان کے معاہدے میں 30 دن کے نوٹس کی مدت کے ساتھ معاہدے سے الگ ہونے کی شق بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ عثمان خان اسوقت قومی ٹیم کے کرکٹرز کے ہمراہ کاکول میں ٹریننگ کیمپ میں شامل ہیں اور دورہ نیوزی لینڈ کے دوران کرکٹر کو موقع ملنے کا امکان ہے۔

اذان میں تبدیلی سے متعلق شارجہ انتظامیہ نے وضاحت کر دی

شارجہ شہر کی انتظامیہ نے اذان کی تبدیلی سے متلق تبدیلیوں کی خبروں پر ردعمل سے دے دیا ہے، اتنطامیہ نے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا عندیہ دے دیا۔

اس حوالے سے شارجہ کے حکومتی میڈیا آفس کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں شہریوں سے کسی بھی خبر کو شئیر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیونٹی ممبران خبر کی تصدیق کے لیے اس کے ذرائع کو ویرافائی کریں اور افواہوں کو شئیر کرنے سے گریز کریں۔

اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ شارجہ میں حال ہی میں اذان کی تبدیلی سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے، جبکہ یہ امارات کے مذہبی ویلیوز کے بھی منافی ہیں۔

واضح رہے متحدہ عرب میں امارات میں فیک نیوز پھیلانے کے حوالے سے سخت قانون موجود ہے۔

آرٹیکل 52، فیڈرل ڈیکری قانون نمبر 34، 2021 کے مطابق کوئی بھی شخص، فیک نیوز، افواہ، مس لیڈنگ انفارمیشن کو انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہوئے شئیر کرے گا، تو اسے کم از کم ایک سال قید کی سزا کے ساتھ ساتھ 1 لاکھ درہم جرمانہ ہوگا۔

دوسری جانب کرائسز، ڈیزاسٹرر یا پینڈیمک کی صورتحال میں ریاست کے خلاف فیک نیوز یا پھر ریاست مخالف پبلک آپینئین پر مجرم کو کم از کم 2 سال قید اور 2 لاکھ درہم جرمانہ ہوگا۔

جعلی خبریں عالمگیر مسئلہ، مل کر حل ڈھونڈنا ہوگا،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور اس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ صحافیوں کو سوشل میڈیا پر تصدیق کے عمل کو اپنانا چاہیے۔ سوشل میڈیا سے متعلق پوری دنیا کو مل کر ضابطہ اخلاق تیار کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر نے ملاقات کی جس میں مس زوئی ویئر نے حکومت کی تشکیل اور عطاءاللہ تارڑ کی بحیثیت وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات تعیناتی پر مبارک باد پیش کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر ے ملاقات کے دوران کہا کہ گمراہ کن خبروں کی روک تھام ہر باشعور پاکستانی کا فرض ہے۔ مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر کوششیں کی جانی چاہئیں۔

اس ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے فلم اور ڈرامے کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

برطانوی سیاسی قونصلرنے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات و تعاون کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

قومی ٹیم کی کوچنگ؛ جیسن گلیسپی اہم فیصلہ کرلیا

سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کا پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کیلئے ویسٹرن آسٹریلیا کی ٹیم سے الگ ہونے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آسٹریلوی کرکٹر جیسن گلیسپی کا ویسٹرن آسٹریلیا کلب سے ایک سال باقی ہے تاہم وہ عہدے سے الگ ہونے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

میڈیا کا کہنا ہے کہ جیسن گلیسپی پاکستان ٹیم کی کوچنگ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں جبکہ بورڈ کے ساتھ رابطوں کی وجہ سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ جلد فیصلہ کرلیں گے۔

واضح رہے کہ جیسن گلیسپی نے ویسٹرن آسٹریلیا کے ساتھ کوچنگ کا 2 سال کا معاہدہ کیا تھا۔

دوسری جانب غیرملکی کوچز گیری کرسٹن اور لیوک رونچی نے پاکستانی ٹیم کی کوچنگ سے قبل وقت مانگا تھا تاکہ اہلخانہ اور دوستوں کے ساتھ مشاورت کی جاسکے۔

جونیئر ٹینس انڈر 14 کوالیفائرز: پاکستان نے ازبکستان کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

ایشیا اوشیانا ورلڈ جونیئر ٹینس انڈر14 کوالیفائرزمیں پاکستان نے ازبکستان کو دو ایک سے شکست دیکر کوارٹر فاٸنل راونڈ کیلٸے رساٸی حاصل کرلی ہے۔

ملاٸیشیا کے شہرکوچنگ میں جاری ایونٹ میں ازبکستان کیخلاف میچ میں ڈبلزمیں پاکستان کے طلحہ ابوبکر، جوادعمر فاتح رہے۔

سنگلز کے پہلے میچ میں طلحہ ابوبکر نے چھ دو، چھ چار سے کامیابی حاصل کی۔

دوسرے سنگلز میں جوادعمر کو چھ دو، سات چھ کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کوارٹر فائنل میں جاپان کے مدمقابل ہوگا۔ ایشیا اوشیانا ورلڈ جونیئر ٹینس انڈر14 کوالیفائرز 30 مارچ تک جاری رہیں گے ۔۔

سوئی ناردرن کی گیس قیمتوں میں اضافے پر وضاحت

لاہور: سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس نرخوں میں اضافے پر وضاحت جاری گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق گیس قیمت کا 94 فیصد حصہ گیس کے اخراجات جب کہ باقی ماندہ کیپ ایکس پر ریٹرن پر مشتمل ہوتا ہے۔ گیس کی کُل قیمت کا محض 4 فیصد آپریٹنگ اخراجات بشمول افرادی قوت پر مشتمل ہوتا ہے۔

کمپنی کا مؤقف ہے کہ گیس خریداری کے تمام معاہدے امریکی ڈالر میں طے پاتے اور خام تیل/فرنس آئل کی قیمت سے منسلک ہوتے ہیں۔ ہر 6 ماہ بعد مقامی گیس کی ویل ہیڈ پرائس میں بھی اضافہ کردیا جاتا ہے۔ موسم سرما میں مقامی گیس کی کمی کے باعث گھریلو صارفین کو آر ایل این جی سپلائی ناگزیر ہوچکی ہے۔

سوئی ناردرن کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی کی اوسط قیمت تقریباً 3,500 روپے جب کہ گھریلو شعبے کی اوسط قیمتِ فروخت تقریباً 1,100 روپے ہے۔ گھریلو صارفین کو آر ایل این جی سپلائی کے باعث 231 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا ہے اور یہی شارٹ فال گیس کی قیمت میں اضافے کا اہم سبب ہے۔

وضاحت میں مزید بتایا گیا ہے کہ آر ایل این جی کے اخراجات وصول کرکے ہی ملک میں ایل این جی سپلائی چین کو بحال رکھا جاسکتا ہے۔ مقامی گیس کی قیمت میں بھی 69 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ پروٹیکٹڈ کیٹیگری کے گھریلو صارفین کے لیے اب بھی گیس کے اوسط نرخ 513 روپے ہیں جو قیمت خرید یعنی 1,674 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے کہیں کم ہے۔

سوئی ناردرن کے 44 لاکھ یعنی 60 فیصد گیس صارفین پروٹیکٹڈ کیٹیگری کے ذیل میں آتے ہیں۔ پروٹیکٹڈ صارفین کے ماہ فروری کے گیس بل 2 ہزار روپے بشمول ٹیکسز سے کم رہے ہیں۔ مالی سال 24-2023 میں سوئی ناردرن کے صارفین کو 128 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔ گیس کمپنیز کی ریونیو ضروریات کے تعین کے لیے اوگرا 2002ء سے عوامی سماعت منعقد کرتا آرہا ہے۔ زیرِ تذکرہ اوگرا عوامی سماعت مالی سال 25-2024ء کے لیے ہے جو یکم جولائی 2024ء سے مؤثر ہوگی۔ اس سماعت سے فوری طور پر گیس قیمتوں پر کوئی فرق مرتب نہیں ہوگا۔

وفاقی کابینہ کی 24 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے 24 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کی سمری پر سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی۔

پی ٹی آئی رہنما بابراعوان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی گئی، بابراعوان کا نام دسمبر 2023 میں القادرٹرسٹ کیس کے باعث ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔

وفاقی کابینہ نے 22 مخلتف شخصیات کے نام ای سی ایل سے نکلانے کی بھی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل کی سفارشات کی روشنی میں منظوری دی۔

لونگی کو پچھاڑ کر سن گرو سولر سیکٹر کی ورلڈ لیڈر بن گئی

سن گرو پاور سپلائی کمپنی نے لونگی گرین انرجی ٹیکنالوجی کمپنی کو پیچھے چھوڑ کر اب سولر انرجی میں دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہونے کا اعزاز پالیا ہے۔

سن گرو پاور سپلائی کمپنی کو یہ اعزاز ایسے وقت ملا ہے جب دنیا بھر میں ایکوپمنٹ کی قیمتیں سکڑنے سے سولر پینلز کے اجزا بنانے والوں کو منافع میں کمی کا سامنا ہے۔

چین میں بیٹری اسٹوریج کا شعبہ تیزی سے فروغ پارہا ہے۔ گزشتہ سال اس کی کارکردگی میں 400 فیصد اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں سن گرو کو بھی پنپنے کا موقع ملا ہے۔

اس سیگمنٹ کی آمدنی میں اس کا شیئر 2022 میں ایک چوتھائی رہا۔ سن گروپ نے جنوری میں کہا تھا کہ اسے 2023 کی آمدنی میں 187 فیصد اضافے کی توقع ہے۔

سٹی گروپ نے ایک بیان میں بتایا کہ چین کے علاقے ہیفی میں قائم سن گرو شمسی توانائی کو آلٹرنیٹ کرنٹ میں تبدیل کرنے والے انورٹرز کی فروخت سے سے سب سے زیادہ حصہ مل رہا ہے۔ یہ سسٹم دنیا بھر کے گرڈز میں مستعمل ہے۔ سن گرو کے پروڈکٹ مکس میں ہائی ویلیو گروتھ اور نسبتاً منافع شامل ہیں۔

لونگی کا شمار سولر ماڈیولز، سیلز اور ویفرز کی پیداوار کے حوالے سے بڑے عالمی اداروں مٰں ہوتا ہے۔ 2021 میں یہ کمپنی سولر پینلز کی تیاری اور فروخت کے حوالے نقطہ عروج پر تھی۔

تب سے اب تک اس اس کے مارکیٹ شیئر میں 70 فیصد کمی واقع ہوچکی ہے اور اس کا بنیادی سبب یہ ہے کہ دنیا بھر میں سولر پینلز کے مینوفیکچررز بڑھے ہیں اور رسد نے طلب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

مسابقت بہت بڑھ چکی ہے۔ ایسے میں دوسرے بہت سے اداروں کی طرح لونگی کے لیے بھی سولر انرجی سیکٹر میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنا انتہائی دشوار ہوچکا ہے۔ کمپنی نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ وہ ہزاروں ملازمین کو فارغ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

چین میں بیٹری اسٹوریج کا شعبہ تیزی سے فروغ پارہا ہے۔ گزشتہ سال اس کی کارکردگی میں 400 فیصد اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں سن گرو کو بھی پنپنے کا موقع ملا ہے۔ اس سیگمنٹ کی آمدنی میں اس کا شیئر 2022 میں ایک چوتھائی رہا۔ سن گروپ نے جنوری میں کہا تھا کہ اسے 2023 کی آمدنی میں 187 فیصد اضافے کی توقع ہے۔

جمعہ کو لونگی کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن گر کر 21 ارب ڈالر کی سطح پر آگئی جس کے نتیجے میں سن گرو اس سے آگے نکل گئی ہے۔

بلوم برگ نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ 2018 سے اب تک لونگی سولر انڈسٹری کی 13 بڑی کمپنیوں میں رہی ہے۔ دونوں ادارے اپنی مجموعی قدر کے لحاط سے چین میں قائدانہ حٰثیت کی حامل (تیل اور گیس پیدا کرنے والی) انرجی فرم پیٹرو چائنا کمپنی سے ذرا ہی پیچھے ہیں۔

منگل کو سن گرو نے چین کے شینزین اسٹاک ایکچینج میں 1.1 فیصد بڑھوتری دکھائی جبکہ شنگھائی میں لونگی کے شیئرز کی ویلیو میں 0.9 فیصد اضافہ ہوا۔

ایف بی آر سے کرپشن کے خاتمے کیلیے خفیہ ایجنسی کو ٹاسک دیدیا گیا

اسلام آباد: حکومت نے ایف بی آر سے کرپشن کے خاتمے کے لیے ملازمین کی معلومات اکٹھی کرنے کا ٹاسک خفیہ ایجنسی کو دے دیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور اس کے ماتحت اداروں سے کرپشن کے خاتمے اور اچھی ساکھ کے حامل افراد کے اہم عہدوں پر تقرر کے لیے ایف بی آر میں قائم انٹیگریٹی مینجمنٹ سیل پھر سے فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم سیکرٹریٹ نے اس حوالے سے ایف بی آر سے انٹیگریٹی مینجمنٹ یونٹ کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی ہے جب کہ ایف بی آر و اس کے ماتحت اداروں کے ملازمین سے متعلق تفصیلات لینے کے لیے سول انٹیلیجنس ایجنسی کوٹاسک دیدیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس ایجنسی نے ملازمین کے دفاتر اور رشتے داروں سے معلومات لینا شروع کر دی ہیں۔

اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ 2019 میں ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں انٹیگریٹی مینجمنٹ سیل(آئی ایم سی) قائم کیا گیا تھا، اس سیل کے قیام کا مقصد ایف بی آر اور اس کے ماتحت اداروں میں ملازمین و افسران کی کرپشن کی شکایات کی چھان بین کرنا اور اچھی ساکھ کے حامل افسران کی فہرستیں مرتب کرکے ایف بی آر انتظامیہ کو فراہم کرنا تھا تاکہ اہم اور حساس عہدوں پر اچھی ساکھ کے حامل قابل اور ایماندار افسران تعینات کیے جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے سے یہ سیل سست روی کا شکار تھا۔ نئی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد پھر سے اس سیل کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کی ہدایت پر ایف بی ا ٓر ہیڈ کوارٹر میں قائم انٹیگریٹی مینجمنٹ سیل کو فعال کیا جارہا ہے اور وزیراعظم سیکرٹریٹ کے لیے اس سیل کی کارکردگی رپورٹ بھی تیار کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ جلد وزیراعظم سیکرٹریٹ کو ارسال کردی جائے گی، جس کے بعد اس حوالے سے وزیراعظم کو خصوصی بریفنگ بھی دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں قائم انٹیگریٹی مینجمنٹ یونٹ نے اب تک ایف بی آر اور ماتحت اداروں کے مجموعی طور پر 12 ملازمین و افسران کو کرپشن ثابت ہونے پر سزائیں دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اہم ترین عہدوں پر تقرریوں سے قبل ادارے نے متعلقہ تفصیلات لینے کے لیے سول انٹیلیجنس ایجنسی کو بھی ٹاسک دے دیا ہے اور یہ ادارہ افسران کی رپورٹ مرتب کرے گا۔ انٹیلی جنس ایجنسی گریڈ 19، 20 اور 21کے ملازمین سے متعلق معلومات اکٹھی کرنا شروع کردی ہیں۔

آفیسرزکی مالی طور پر ایمانداری اور پروفیشنل کارکردگی کے بارے میں معلومات لی جارہی ہیں جس میں یہ بھی چیک کیا جارہا ہے کہ کونسا افسر کہاں اور کتنے عرصے تعینات رہا ہے اور جہاں وہ افسر تعینات رہا ہے اس کی تعیناتی کے عرصے کے دوران اس کے دائرہ کار یا اختیارات میں ریونیو کی کیا پوزیشن تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معلومات ملنے کے بعد ملازمین کو اے، بی اور سی 3 کیٹیگریز میں رکھا جائے گا۔ کیٹیگری اے اور بی کے آفیسرز کو رپورٹ کی مناسبت سے پوسٹنگ دی جائے گی جب کہ کیٹیگری سی میں آنے والے ملازمین کو اہم ذمے داریاں نہیں سونپی جائیں گی۔

علاوہ ازیں کیٹیگری سی میں آنے والے آفیسرز کو ملازمت سے فارغ بھی کیا جا سکتا ہے۔ مستقبل میں ترقی بھی انہی رپورٹوں کی مدد سے کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس ادارے کے افسران کی رپورٹ اور ایف بی ا ٓر میں قائم انٹیگریٹی مینجمنٹ سیل کی رپورٹ کو افسران کی تقرریوں و تبادلوں کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا ۔

سویلین ٹرائلز؛ سپریم کورٹ کی فوجی عدالتوں کو محفوظ شدہ فیصلے سنانے کی مشروط اجازت

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کو محفوظ شدہ فیصلے سنانے کی مشروط اجازت دے دی۔

سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں کیخلاف فیصلہ پر انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت ہوئی۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان نے بتایا کہ 20 افراد ایسے ہیں جنکی عید سے قبل رہائی ہو سکتی ہے، بریت اور کم سزا والوں کو رعایت دیکر رہا کیا جائے گا، جن کی سزا ایک سال ہے انہیں رعایت دیدی جائے گی، مجموعی طور پر 105 ملزمان فوج کی تحویل میں ہیں، جن کی رہائی کیلئے تین مراحل سے گزرنا ہوگا، پہلا مرحلہ محفوظ شدہ فیصلہ سنایا جانا ، دوسرا اسکی توثیق ہوگی، تیسرا مرحلہ کم سزا والوں کو آرمی چیف کی جانب سے رعایت دینا ہوگا۔

اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں کو محفوظ شدہ فیصلے سنانے کی اجازت دینے کی استدعا کی۔ اس پر جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اگر اجازت دی بھی تو اپیلوں کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگی۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے پوچھا کہ جنہیں رہا کرنا ہے انکے نام بتا دیں۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ جب تک فوجی عدالتوں سے فیصلے نہیں آ جاتے نام نہیں بتا سکتا۔

سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کو محفوظ شدہ فیصلے سنانے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ صرف ان کیسز کے فیصلے سنائے جائیں جن میں نامزد افراد عید سے پہلے رہا ہوسکتے ہیں، اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کم سزا والوں کو قانونی رعایتیں دی جائیں گی، فیصلے سنانے کی اجازت اپیلوں پر حتمی فیصلے سے مشروط ہوگی۔

سپریم کورٹ نے کے پی حکومت کی اپیلیں واپس لینے کی استدعا بھی منظور کر لی۔ کے پی حکومت نے سویلنز کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کےخلاف دائر اپیلیں واپس لینے کی استدعا کی تھی۔

عدالت نے تین سال سے کم سزا پانے والوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کوشش کریں عید سے تین چار دن پہلے انہیں چھوڑ دیں۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ جی ٹھیک ہے ہم کوشش کریں گے۔

عدالت نے اٹارنی جنرل کو عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت اپریل کے چوتھے ہفتے تک ملتوی کردی۔

قادیانی شہری ضمانت کیس؛ علماء سے 2 ہفتے میں تحریری رائے طلب

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے قادیانی شہری کی ضمانت کے کیس میں علماء سے 2 ہفتے میں تحریری رائے طلب کرلی۔

سپریم کورٹ میں مبارک احمد ضمانت فیصلے پر نظرثانی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے تمام درخواست گزار علماء سے 2 ہفتے میں تحریری رائے طلب کر لی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اگر عدالت سے فیصلے میں غلطی ہوئی ہے تو اصلاح کریں گے۔ ڈنڈے اٹھا کر فساد کرنے سے بہتر ہے مناسب طریقہ اختیار کیا جائے۔ شرعی معاملہ ہے غور و فکر کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔ علماء سے قانونی رائے نہیں لیں گے۔ شریعت میں علماء کا علم ہم سے زیادہ ہے اس پر رہنمائی لیں گے۔ اسلام میں مسلمان کی تعریف کیا ہے؟
عدالت کا کہنا تھا کہ علماء اپنی رائے عدالتی فیصلے میں میں اٹھائے گئے نکات تک محدود رکھیں۔ مقررہ وقت کے بعد آنے والی آراء کو شمار نہیں کیا جائے گا۔ سول مقدمات میں متعلقہ افراد کو فریق بنایا جا سکتا ہے۔ فوجداری مقدمات میں فریق صرف مدعی، ملزم اور حکومت کو بنا سکتے ہیں۔ فریق بنائے بغیر بھی تمام علماء کی رائے کو سنا جائے گا۔ مزید سماعت علماء کی رائے جاننے کے بعد ہوگی۔