All posts by saqib

مائیکل کلارک بھی عماد وسیم کی قومی ٹیم میں عدم شمولیت پر حیران

سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے آل راؤنڈر عماد وسیم کی پاکستانی ٹیم میں عدم موجودگی پر حیرانگی اظہار کردیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے فائنل میں آخری اوور کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی کرکٹر و کمنٹیٹر مائیکل کلارک نے آل راؤنڈر عماد وسیم کی تعریف کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل کمنٹری کرتے ہوئے کہ مجھے پسینہ آ رہا ہے، میں یقین نہیں کر سکتا! نہیں جانتا کہ کون جیت رہا تھا۔

مائیکل کلارک نے کہا کہ عماد وسیم فائنل کیلئے میرے ایم وی پی (موسٹ ویلیو ایبل پلئیر) ہیں، اگر وہ ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے نہیں کھیل رہے ہیں، تو یہ بہت غلط ہے۔

قبل ازیں گزشتہ دنوں عماد وسیم نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر سلیکٹرز انہیں ورلڈکپ کھیلنے کی بلاتے ہیں تو وہ قومی ٹیم میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے کھیلتے ہوئے مجھے لوگوں نے پہنچانا ہے، اگر میرے ملک کو کبھی بھی ضرورت ہوئی تو دستیاب ہوں گا۔

عماد وسیم نے بتایا کہ ‘شاہین نے مجھے ریٹائر ہونے کے بعد فون کیا لیکن میں نے انہیں کہا کہ ہم پی ایس ایل کے بعد بات کریں گے’۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل9؛ عماد کو چھیڑنے کیلئے بابر کے نعروں پر شاداب شائقین سے ناراض

واضح رہے کہ عماد وسیم نے گزشتہ سال مئی 2023 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

پی ایس ایل؛ بہترین الیون کی قیادت شاداب کے سپرد

کراچی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں ایڈیشن کی بہترین علامتی الیون منتخب کرلی گئی۔

چیمپئن سائیڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان کو کپتان مقرر کر دیا ہے،رنر اپ ملتان سلطانز کے 5 ،اسلام آباد یونائیٹڈ کے 3، پشاور زلمی کے 2اور کراچی کنگزکا ایک پلیئر جگہ بنانے میں کامیاب رہا، اس ٹیم کا انتخاب عثمان واہلہ (ڈائریکٹرانٹرنیشنل کرکٹ) کی زیرسربراہی پینل نے کیا، آزاد ارکان میں کمنٹیٹر ڈینی موریسن، مارک بوچر، عروج ممتازاورطارق سعید شامل تھے۔

25 سالہ شاداب کی کپتانی میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کا تیسرا ٹائٹل جیتا،آل رائونڈ کارکردگی پرانھیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انھوں نے 12 میچز میں 305 رنز بنائے اور 14 وکٹیں شامل رہیں۔

اسلام آباد میں شامل ان کے دیگر 2 پلیئرز عماد وسیم اور نسیم شاہ بھی منتخب ہوگئے، کندھے کی انجری سے واپس آنے والے 21 سالہ نسیم شاہ یونائیٹڈ کی کامیابی میں ایک اور اہم کردار تھے،دائیں ہاتھ کے تیزبولر نے 7.56 کی اکانومی ریٹ سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔

ملتان سلطانز نے پیر کی شب اپنا چوتھا فائنل (2021, 2022۔ 2023۔ 2024) کھیلا اس کے 5 کھلاڑی پلیئنگ الیون میں شامل ہوئے، ان میں عثمان خان (430 رنز، 2 سنچریاں، 2ففٹیز، اسٹرائیک ریٹ 164.12)، کرس جارڈن (6 وکٹیں، 8.42 اکانومی ریٹ ) اور ڈیوڈ ویلی (15 وکٹیں، 7.46 اکانومی ریٹ) کے ساتھ 2 مقامی کھلاڑی اسامہ میر اور افتخار احمد موجود ہیں۔

دھوکہ دہی کا الزام، عراق کے سابق وزیردفاع سویڈن میں گرفتار

اسٹاک ہوم: عراق کے سابق وزیر دفاع کو دھوکہ دہی کے الزام میں سویڈن میں گرفتار کرلیا گیا۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق عراق کے سابق وزیردفاع نحاح الشمّری کو دھوکے سے فوائد حاصل کرنے کے الزام پر مختصر وقت کے لیے گرفتار کیا گیا۔

پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق نحاح الشمری کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے ایئرپورٹ پر اترے۔ سابق عراقی وزیردفاع کے بارے میں 2019 میں رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے عراق میں اہم عہدے پر فائز ہونے کے باوجود سویڈن میں ہاؤسنگ اور بچوں کے لیے مخصوص مراعات حاصل کی تھیں اور ان سے اس بارے میں تفتیش بھی کی گئی تھی۔

ہالی ووڈ اسٹار ول اسمتھ کا ماہِ رمضان میں حرف بہ حرف قرآن پاک پڑھنے کا انکشاف

نیویارک: ہالی ووڈ سُپر اسٹار ول اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ماہِ رمضان میں پورا قرآن پاک پڑھا اور مقدس کتاب کی تعلیمات سے بےحد متاثر ہوئے۔

حال ہی میں ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ نے ‘بگ ٹائم پوڈ کاسٹ’ میں شرکت کی، اُنہوں نے کہا کہ میں گزشتہ دو سال سے ایک مشکل وقت گزار رہا تھا، میں بہت پریشان تھا، اسی دوران میں نے قرآن پاک سمیت تمام مقدس کتابیں پڑھنے کا فیصلہ کیا۔

ول اسمتھ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر میں نے ماہِ رمضان میں حرف بہ حرف قرآن پاک پڑھا اور قرآن پاک میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کے واقعات دیکھ کر حیران رہ گیا۔
اداکار نے کہا کہ قرآن پاک کی سادگی نے مجھے بہت متاثر کیا، یہ مقدس کتاب بہت آسان ہے اور قرآن پاک میں زندگی کا ہر پہلو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے، ہم قرآن پاک پڑھتے ہوئے کسی بھی غلط فہمی کا شکار نہیں ہوسکتے۔

اُنہوں نے کہا کہ تورات سے لیکر بائبل اور پھر قرآن پاک تک سب کچھ مجھے ایک ہی کہانی کی طرح لگ رہا تھا، مجھے قرآن پاک پڑھ کر دلی سکون ملا۔

ول اسمتھ نے مزید کہا کہ قرآن پاک میں بہت سارے واقعات تفصیل سے بیان کیے گئے ہیں تو میں یہ مقدس کتاب پڑھتے ہوئے تمام واقعات کو ذہن میں تصور کرتا تھا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا جس میں چار نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں ملکی معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا جائے گا جبکہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر بھی کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

کابینہ پی آئی اے کی نجکاری کے معاملہ کا جائزہ لے گی جبکہ شیریں مزاری کی حراست کی تحقیقات کے لیے قائم کمیشن رپورٹ اور حیدر آباد کی بینکنگ کورٹ کی بحالی کا بھی جائز ہ لے گی۔
اجلاس میں ای سی سی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی جائے گی۔

منشیات فروشوں کی الٹی گنتی شروع، سندھ حکومت نے بھرپور کریک ڈاؤن کیلیے کمر کس لی

  کراچی: سندھ کے سینئر اور صوبائی وزیر انسداد منشیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جلد بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا جس کے لیے اچھے افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر منسٹر اور صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول، ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔

شرکا سے گفتگو میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کریک ڈاؤن کے لئے اچھے افسران پر مشتمل ٹیمیں بنائی جائیں گی، منشیات کے خلاف اب بڑے پیمانے پر مؤثر کریک ڈائون ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو منشیات فروشوں کے چنگل سے نکالنا ہے، کریک ڈاؤن میں اچھی کارکردگی والے افسران کو انعامات و اعزازات سے نوازا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جائیں گی کیونکہ ہمیں منشیات کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنانا ہے، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے ساتھ نوجوان نسل کی آگہی کے لئے بھی کام کریں گے۔

اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز عاطف الرحمان، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب پنہور، ڈی جی ایکسائز ایڈمن ریاض کھوسو اور دیگر شریک ہوئے۔

وزیراعظم کا کارکردگی کو اجاگر کرنے کیلیے ترجمانوں کی ٹیم بڑھانے کا فیصلہ

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی کارکردگی کو بھرپور انداز سے اجاگر کرنے اور اپوزیشن کی تنقید کا میڈیا و سوشل میڈیا پر بھرپور دفاع کرنے کے لیے ترجمانوں کی ٹیم میں اضافے کا فیصلہ جبکہ سوشل میڈیا کیلیے جامع حکمت کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا پہلا غیر معمولی اجلاس ہوا، جس میں کارکردگی میڈیا اور سوشل میڈیا پر بہتر انداز سے دکھانے کے لیے ترجمانوں کی ٹیم میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اجلاس میں میڈیا کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی اور ترجمانوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی۔

اجلاس میں میڈیا کے محاذ پر چیلنجز، اپوزیشن کے بیانیے کا جواب دینے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ جوابی بیانیے، بروقت ردعمل اور میڈیا حکمت عملی کے حوالے سے موثر تیاری کی تجاویز پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم  نے وفاق اور صوبوں میں پارٹی اور حکومتی ارکان کو ترجمان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے مطابق پارٹی کے سینئر اور نوجوان رہنما ترجمان بنیں گے، جو اپنے اپنے شعبوں کے حوالے سے میڈیا میں پارٹی اور حکومت کا دفاع کریں گے۔

اجلاس میں ٹی وی پروگراموں میں پارٹی ترجمانوں کو بھجوانے کے لئے سینٹرلائزڈ نظام بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ سوشل میڈیا کے لئے جامع حکمت عملی کی بھی منظوی دی گئی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ترجمانوں کے درمیان اشتراک عمل قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی، وزیراعظم نے میڈیا کے محاذ پر بھرپور جواب کے لئے نئے چہروں کو بھی موقع دینے اور آگے لانے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کے علاوہ سابق وفاقی وزیر اطلاعات، پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب، پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری، خیبرپختون خوا سے اختیار ولی، صوبہ سندھ سے کھیل داس کوہستانی بھی شریک تھے۔

خدا کا خوف رکھنے والے مرد سے شادی کرنا چاہتی ہوں، یشما گِل

  کراچی: پاکستانی اداکارہ یشما گِل نے کہا ہے کہ وہ خدا کا خوف رکھنے والے مرد سے شادی کرنا چاہتی ہیں۔

ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ جس انسان کے دل میں خدا کا خوف ہوگا وہ دوسرے انسان کے جذبات کا خیال رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ جس شخص سے وہ شادی کی خواہشمند ہیں اس کے اخلاق اچھے ہونے چاہئیں اور جب انسان بااخلاق ہو تو باقی زندگی خود بخود ٹھیک ہوجاتی ہے۔

یشما گِل کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کی شادی کے متعلق سوچ بہت الگ ہے اور وہ ان کی شادی ایک کزن سے کرانا چاہتی ہیں جو اداکارہ سے چار برس چھوٹا ہے۔

رواں ماہ 2 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ ری شیڈول ہونے کی توقع ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

  کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران 2 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ ری شیڈول ہونے کی توقع ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کو مانیٹری پالیسی پر بریفنگ دیتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ حکومت نے مزید 4 ارب ڈالر کے قرضے رول اوور کرانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے معاشی تجزیہ کاروں سے ملاقات میں پاکستان پر رواں مالی سال قرضوں کی ادائیگی کے بوجھ اور فنانسنگ کے بندوبست کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مالی سال 24 کے دوران پاکستان کو مجموعی قرضوں اور مالی ذمہ داریوں کی مد میں 24.3 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں جس میں 20.4 ارب ڈالر کے اصل قرضے اور 3.9 ارب روپے کی سودی ادائیگیاں شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 13.5 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کی جاچکی ہیں جس میں 10.9 ارب ڈالر اصل قرض اور اس پر 2.6 ارب ڈالر کا سود ادا کیا گیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا حکومت کو مالی سال کے بقیہ تین ماہ میں 4.8 ارب ڈالر کی ادائیگیوں کا انتظام کرنا ہے جس میں 3.5 ارب ڈالر کے اصل قرضے اور 1.3 ارب ڈالر سود کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔

حسن اور حسین نواز العزیزیہ، ایون فیلڈ اور فلیگ شپ ریفرنس میں بری

 اسلام آباد: احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کو العزیزیہ، ایون فیلڈ اور فلیگ شپ ریفرنس میں بری کر دیا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ حسن اور حسین نواز کی جانب سے ان کے پلیڈر رانا محمد عرفان عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت، نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مریم نواز کی بریت کے خلاف ہم نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر نہیں کی، حسن اور حسین نواز پر سازش اور معاونت کا الزام ہے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ انکا کیس ہے کہ ان ریفرنسز میں مرکزی ملزم بری ہوچکے ہیں۔

حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو بری کیا، جن دستاویزات پر انحصار کرتے ہوئے عدالت نے مریم نواز کو بری کیا تھا انہی پر نواز شریف کی بریت ہوئی، نیب نے مریم نواز کی بریت کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر نہیں کی تھی اور ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ العزیزیہ کیس میں ٹرائل کورٹ نے سزا دی اور دسمبر 2023 میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی اپیل منظور کی، نیب نے نواز شریف کی اپیل منظور ہونے کے فیصلے کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج نہیں کیا جبکہ نیب نے مزید شواہد عدالت کے سامنے نہیں رکھے جو شواہد موجود ہیں ان پر بھی حسن نواز اور حسین نواز کو سزا نہیں ہو سکتی، حسن نواز اور  حسین نواز کے خلاف کیس چلانا عدالتی وقت ضائع کرنا ہوگا۔

قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے کہا کہ کیس میں مرکزی ملزم بری ہوگئے تو معاونت کے الزام میں کیس چل ہی نہیں سکتا، فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف ٹرائل کورٹ سے بری ہوگئے تھے، تیسرا کیس العزیزیہ ریفرنس تھا جس میں ٹرائل کورٹ نے نواز شریف کو سزا دی اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری کر دیا تھا، نیب نے بریت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل بھی نہیں کی، جو تمام شواہد موجود ہے ان کو تسلیم بھی کرلیا جائے تب بھی سزا کا کوئی چانس نہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا بڑھانے کے لیے نیب نے اپنی اپیل واپس لے لی تھی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

پنجاب کی جیلوں میں عمران خان اور بشری بی بی سمیت تمام قیدی محفوظ ہیں، وزیراطلاعات

 لاہور: وزیر اطلاعت پنجاب عظمی بخاری نے خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان،بشری بی بی سمیت پنجاب کی جیلوں میں قید تمام قیدی مکمل محفوظ  ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اربوں روپے کے ڈاکے مارنے والے شخص کو جیل میں بہترین سیکیورٹی اور کھانے کی سہولیات مل رہی ہیں، برسٹر سیف کو خیبر پختونخواہ کے عوام کی فکر کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے لوگوں کی گواہیاں ان کی جماعت کے اپنے لوگ دے رہے ہیں جبکہ مریم نواز کی کارکردگی کا اعتراف ان کے مخالفین بھی کر رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پنجاب میں خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں وہ  تختیوں پر تختیاں نہیں لگارہی بلکہ عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں، وہ پنجاب میں سوا تین کروڑ افراد کو باعزت طریقے سے رمضان پیکج تقسیم کر رہی ہیں۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ اس کے برعکس خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ گنڈا پور سرکار صرف فوٹو سیشن کررہے ہیں جو اُن کا مشغلہ ہے، تانگہ پارٹی (تحریک انصاف) نے 10 سال پہلے کے پی کو ایک ہزار ارب روپے کا مقروض کیا اب مزید لوٹ مار کا نیا آرڈر مل چکا ہے۔

سیکیورٹی خدشات، پختونخوا حکومت کا عمران خان کی حوالگی کا مطالبہ

 پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ اگر پنجاب حکومت عمران خان کو سیکیورٹی نہیں دے سکتی تو انہیں صوبائی حکومت کے حوالے کیا جائے۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کے معاملے پر مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب حکومت اگر عمران خان کو سیکیورٹی نہیں دے سکتی تو انہیں  خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر عائد پابندیوں سے تمام قیدیوں کے لیے مشکلات پیدا کردی گئیں ہیں، پنجاب حکومت اپنی نااہلی نالائقی اور عمران خان کی خوف کیوجہ سے لوگوں کو تکلیف اور اذیت میں مبتلا نہ کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کیا جائے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ مریم نواز پنجاب میں کام کی بجائے فوٹو شوٹ میں مصروف ہیں جبکہ خواجہ آصف میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اسمبلی میں فضول شوشہ چھوڑتے ہیں، پنجاب میں اپنی حکومت کی نااہلی نالائقی چھپانے کے  لیے ڈرامہ بازی ہو رہی ہے۔

سینیٹ الیکشن، زلفی بخاری اور صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات عائد

 لاہور: الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے زلفی بخاری اور صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات لگا دیے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن پنجاب نے زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی پر دہری شہریت کا اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی صورت میں وہ سینیٹ الیکشن کے اہل نہیں ہیں۔

اس کے علاوہ زلفی بخاری کے کاغذات پر اشتہاری ہونے اور اثاثوں کی تفصیلات میں غلط بیانی کا اعتراض بھی عائد کیا گیا ہے۔

سینیٹ کی نشست کے لیے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراضات عائد کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صنم جاوید کا والد کے ساتھ جوائنٹ اکاوئنٹ ہے، الیکشن قانون کے تحت جوائنٹ اکاوئنٹ رکھنے والا امیدوار کوئی بھی الیکشن نہیں لڑ سکتا۔

الیکشن کمیشن نے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی پر ہونے والے دستخط پر بھی اعتراض عائد کیا ہے۔