All posts by saqib

وزیراعلیٰ پنجاب نے نوازشریف کسان کارڈ کی منظوری دے دی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محمد نواز شریف کسان کارڈ کی منظوری دے دی۔

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی صدارت میں زرعی اصلاحات کے لیے خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کسان کارڈ اور زرعی شعبے کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دی گئی۔

کسان کارڈ کے ذریعے 5 لاکھ چھوٹے کاشتکارو ں کو آسان شرائط پر ایک سال میں 150 ارب روپے کا قرض دیا جائے گا۔ بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات کی خریداری کے لیے کاشتکاروں کو 30 ہزارروپے فی ایکٹر زرعی قرض دیا جائے گا۔

نواز شریف کسان کارڈ کے تحت مختلف اقسام کی سبسڈی بھی دی جائے گی۔ نجی شعبے کے اشتراک سے ماڈل ایگریکلچر سینٹرز بنائے جائیں گے جن میں جدید زرعی مشینری، ٹریننگ ، پیسٹی سائیڈ بیج موجود ہوں گے جبکہ نمائشی پلاٹ بھی بنائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کو ہر فصل کی پیداوار اور ڈیمانڈ کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کاٹن، گندم اور چاول کی فصل پر ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کیلئے

اسٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر آف ایکسیلنس بنانے کی منظوری دیتے ہوئے اس کے انتظامی امور بورڈ کے ذریعے چلانے اور ریسرچ سینٹر کو علاقائی یونیورسٹیز سے لنک کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

چین کے تعاون سے ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد میں 2 ارب کی لاگت سے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ پاک چائنہ آر اینڈ ڈی سینٹر میں جینوم سنٹر، جرم پلازم ریسورس، سپیڈ بریڈنگ اور کلائیمنٹ چینج پر ریسرچ کی سہولت ہو گی۔ جعلی زرعی ادویات اور کھاد کی فروخت روکنے کیلئے ایگریکلچر پیسٹی سائیڈ ایکٹ اور فرٹیلائزرز کنٹرول ایکٹ میں ترامیم کی جائیں گی۔

پشاور؛ بس سے 2 ہزار کلو سے زیادہ مضر صحت گوشت و دیگر اشیا برآمد

پشاور: پشاور میں ایک مسافر بس سے بھاری مقدار میں مضر صحت گوشت سمیت متعلقہ اشیا برآمد کرلی گئیں۔

میڈیا سیل ڈپٹی کمشنر آفس پشاور کے مطابق جی ٹی روڈ پر پنجاب سے آنے والی بس سے بھاری مقدار میں مضر صحت گوشت و دیگر اشیاء برآمد کرکے ڈرائیور سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بس سے 2 ہزار کلو سے زائد مضر صحت گوشت، کلیجی، پائے، سری پائے، مغز ،بھینسوں کے سر اوردیگر اشیا برآمد ہوئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کے مطابق خفیہ اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر حسن خیل کی زیر نگرانی کارروائی کی گئی، جس میں برآمد اشیا کو پائے، سری پائے، شوارما اور برگر بنانے والوں کو سپلائی کیا جاتا تھا۔
محکمہ لائیو اسٹاک کی لیبارٹری نے اپنی رپورٹ میں بس سے برآمد گوشت اور دیگر اشیا کو مضر صحت قرار دے دیا۔

علاوہ ازیں موٹر وے انٹرچینج پر ملاوٹ شدہ دودھ سے بھرا کنٹینر پکڑا گیا، مضر صحت دودھ کو موقع ہی پر ضائع کر دیا گیا اور سپلائی کرنے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

صنم سعید نے مختلف ممالک کے انداز میں انگریزی بول کر مداحوں کو حیران کردیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید نے مختلف ممالک کے انداز اور لہجے میں انگریزی زبان بول کر مداحوں کو حیران کردیا۔

صنم سعید کے انٹرویو کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہورہا ہے جس میں شو کی میزبان سونیا رحمان ایک سیگمنٹ کے دوران اداکارہ کو دنیا کے چند ممالک کے نام دیتی ہیں۔

شو کی میزبان صنم سعید کو ٹاسک دیتی ہیں کہ ان ممالک میں جس انداز اور لہجے میں انگریزی زبان بولی جاتی ہے، آپ کو بالکل اُسی انداز اور لہجے میں انگریزی زبان میں بات کرنی ہے۔
میزبان کی جانب سے ٹاسک ملنے پر صنم سعید نے آسٹریلیا، برطانیہ، امریکا، روس اور بھارت کے لوگوں کے لہجے کو اپناتے ہوئے زبردست انداز میں انگریزی زبان بولی۔

اسی کے ساتھ جب صنم سعید جرمنی اور جنوبی افریقہ کے لوگوں کے انداز میں انگریزی بولنے لگیں تو اُنہیں مشکل پیش آئی۔

صںم سعید کو متعدد انداز اور لہجوں میں شاندار انگریزی بولتا سُن کر مداح حیران ہوگئے اور اُن کی تعریف میں تبصروں کی برسات کردی۔

بس کھائی میں گرنے سے 45 لوگ مر گئے، صرف ایک بچی محفوظ رہی

جنوبی افریقا میں ایک بس نالے میں گرنے سے 45 مسیحی زائرین ہلاک ہوگئے۔ ایک آٹھ سالہ بچی زندہ ملی ہے تاہم اُس کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

50 میٹر بلند پُل کی ریلنگ توڑ کر نالے میں گرتے ہی بس میں آگ لگ گئی۔ بدنصیب مسافر بوٹسوانا کے دارالحکومت گوبورن سے جنوبی افریقا کے شمالی شہر موریا جارہے تھے جہاں انہیں سینٹ اینجینس زاینسٹ کرسچین چرچ میں ایسٹر کی دعائیہ تقریبات میں شریک ہونا تھا۔

یہ حادثہ اس وقت رونما ہوا جب ایک ٹریلر کو ’ٹو“ کرنے کے دوران بس ڈرائیور کے کنٹرول میں نہ رہی۔ بعض لاشیں انتہائی مسخ ہونے کے باعث ناقابلِ شناخت ہوچکی ہیں۔ موریا نامی شہر جوہانسبرگ کے شمال مشرق میں 300 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

غیرقانونی بھرتی کیس: پرویز الہیٰ سمیت دیگر ملزمان فرد جرم کیلئے طلب، تحریری حکم جاری

پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ میں اینٹی کرپشن عدالت لاہور کے جج ارشد حسین بھٹہ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا، عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ سمیت دیگر ملزمان کو چار اپریل کو فرد جرم کے لیے طلب کرلیا۔

تحریری حکم میں کہا گیا کہ سینٹرل جیل راولپنڈی نے پرویز الہٰی کی میڈیکل رپورٹس جمع کروائی۔

عدالت نے کہا کہ 17 مارچ کو پرویز الہٰی واش روم میں گر گئے، جس سے ان کی پسلی فریکچر ہوئی۔

تحریری حکم کے مطابق میڈیکل افسر نے پرویز الہیٰ کو 2 ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا۔

اینٹی کرپشن کورٹ نے مزید کہا کہ ملزم کو عدالت میں پیش نہ کیا گیا جس کے باعث عدالت فرد جرم عائد نہیں کرسکتی۔

عمران خان پر پہلے بھی حملہ ہوا، مزید بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے،لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے، ہم مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

سابق وزیر اعظم کو جیل میں سکیورٹی فراہم نہ کرنے کےخلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے درخواست قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ سکیورٹی خدشات سے متعلق رپورٹ طلب کروں گا۔

خالد اسحاق کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ہوں یا اللہ دتہ ان کی سکیورٹی کی ذمہ داری ہماری ہے۔

اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

عدالت نے کہا کہ پہلے لیاقت علی خان اور پھر بے نظیر بھٹو کو شہید کردیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے، عمران خان کو کس لیول کے سکیورٹی خدشات ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ یہ درخواست راولپنڈی بینچ میں سنی جاسکتی ہے، عدالت نےکارروائی 3 اپریل تک ملتوی کردی۔

کرپٹو کرنسی بادشاہ کے 11 ارب ڈالر ضبط، 25 برس قید

دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا مالیاتی فراڈ کرنے والے کرپٹو کرنسی کے بدنام زمانہ شخص سیم بینک مین فریڈ کو 25 سال قید کی سزا سناتے ہوئے 11 ارب ڈالر کے اثاثے ضبط کرنے کا حکم سُنایا گیا ہے۔

جج لیوس کپلان نے جمعرات کو مین ہٹن کی ایک عدالت میں یہ سزا سنائی۔ دیوالیہ ہونے والی کرپٹو کرنسی ایکسچینج ایف ٹی ایکس کے سابق چیف ایگزیکٹو بینک مین فریڈ کو گزشتہ سال کے اواخر میں دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کی سازش کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔

سزا سنائے جانے کے دوران جج نے بینک مین فریڈ کو ریاضی کا ایک ماہر قرار دیا جو جان بوجھ کر غلط کام کرتے ہوئے طاقت اور اثر و رسوخ حاصل کرنا چاہتا تھا۔ اگرچہ بینک مین فریڈ نے ایف ٹی ایکس کے زوال پر معافی مانگتے ہوئے کہاتھا کہ انہوں نےبہت سے غلط فیصلے کیے، جج نے قرار دیا کó، ’بینک مین فریڈ وہ جانتے تھے کہ غلط تھا، وہ جانتے تھے کہ یہ مجرمانہ تھا۔ بینک مین فریڈ ن متعدد بارجھوٹی گواہی دی۔

عدالتی فیصلہ سُنائے جانے سے قبل بینک مین فریڈ، ان کے دفاع کے وکیل اور وفاقی پراسیکیوٹر نے بیانات دیے۔

بینک مین فریڈ نے ایف ٹی ایکس کے بحران کو بدانتظامی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے معافی مانگی اور کہا کہ جو کچھ ہوا اس پر انہیں افسوس ہے۔ انھوں نے اپنے سابق ملازمین اور ایگزیکٹوز کی تعریف کی جن میں شریک بانی گیری وانگ اور ان کی سابق گرل فرینڈ کیرولین ایلیسن بھی شامل ہیں۔ بینک مین فریڈ نے دعویٰ کیا کہ انکی خواہش ہے کہ وہ صارفین کے فنڈز واپس کرنے میں مدد کر سکیں، لیک وہ اب اقتدار کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

بینک مین فریڈ نے مزید کہا کہ، ’میری مفید زندگی شاید ختم ہو گئی ہے۔‘

دفاعی وکیل مارک موکاسی نے سابق کرپٹو موگل کو ایک حساس اور نیک دل شخص کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جس نے غلطیاں کیں۔ انھوں نے بینک مین فریڈ کو ’ریاضی کا ایک عجیب و غریب شخص‘ قرار دیا جو جانوروں، ویڈیو گیمز اور ’دوسروں کو دینے کے لیے زندگی‘ سے محبت کرتا تھا۔ مکاسی نے بینک مین فریڈ کی سماجی بے چینی اور ڈپریشن کو غلط فہمی کی وجوہات کے طور پر بھی بیان کرتے ہوئے کہا کہ ، بینک مین فریڈ اپنے دل میں بدنیتی کے ساتھ فیصلے نہیں کرتا، وہ اپنے دماغ میں ریاضی کے ساتھ فیصلے کرتا ہے۔’

جج کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے اس بات کو مدنظر رکھا کہ بینک مین فریڈ آٹزم کا شکار ہیں اور سماجی طور پرعجیب ہیں لیکن انہوں نے ایک بہت سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ سابق ارب پتی اپنے جرائم کی ذمہ داری قبول کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے تھے، وہ اپنے طرز عمل کے بارے میں جھوٹ بولتے رہے، ’اس طرح کی کارکردگی کبھی نہیں دیکھی‘، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس بات کا خطرہ نظر آتا ہے کہ اگر بینک مین فریڈ کامیاب ہوئے تو مستقبل میں مزید غلط کام کریں گے۔

استغاثہ نے 40 سے 50 سال قید کی سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے دلیل دی تھی کہ 32 سالہ بینک مین فریڈ نے ’بے مثال لالچ اور تکبر‘ کی زندگی گزارنے کے دوران اپنے جرائم پر پچھتاوے کا اظہار نہیں کیا۔

سزا سنائے جانے کے بعد ایک بیان میں وفاقی پراسیکیوٹر ڈیمین ولیمز نے کہا کہ بینک مین فریڈ کی سزا نے ’ایک اہم پیغام‘ دیا ہے اور ’مدعا علیہ کو دوبارہ دھوکہ دہی کا ارتکاب کرنے سے روکا جائے گا۔‘

گزشتہ ماہ سزا سنائے جانے سے قبل جمع کرائے گئے دلائل میں بینک مین فریڈ کے وکیل نے جج پر زور دیا تھا کہ وہ نرمی کا مظاہرہ کریں، ان کے موکل کو 100 سال کی زیادہ سے زیادہ ممکنہ سزا ’عجیب‘ ہے۔ بینک مین فریڈ کے وکیل تقریبا 7 سال قید کی سزا کا مطالبہ کر رہے تھے۔

کپلان نے سفارش کی کہ بینک مین فریڈ کو درمیانی یا کم سیکیورٹی والے جیل میں بھیج دیا جائے تاکہ اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت مل سکے۔

بینک مین فریڈ کا زوال
صرف 2 سال قبل بینک مین فریڈ امریکہ میں سب سے زیادہ مالی اور سیاسی طور پر بااثر افراد میں سے ایک بننے کے لیے تیارتھے، ان کی فرم ایف ٹی ایکس کی مالیت 32 ارب ڈالر تھی اور وہ کرپٹو کرنسی انڈسٹری کا عوامی چہرہ بن چکے تھے، مشہور شخصیات اور سابق عالمی رہنماؤں کے ساتھ تقریبات میں اسٹیج پر نمودار ہونے والے بینک مین فریڈ ایک بڑے سیاسی عطیہ دہندہ تھے جو کرپٹو ریگولیشن پر قانون سازوں کی لابنگ کرتے ہوئے انتخابی مہموں میں رقم لگاتے۔

کرپٹو گولڈن بوائے سے تنزلی کا عمل تیزی سے ہوا۔ نومبر 2022 میں بینک مین فریڈ کی کمپنیوں کے مالی عدم استحکام کا انکشاف کرنے والی رپورٹس سامنے آنے کے بعد ڈپازٹس پر بینک طرز پر چلنے والے صارفین اور تفتیش کاروں نے ایف ٹی ایکس اثاثوں کو منجمد کردیا۔ کرپٹو نیوز سائٹ کوئن ڈیسک کی ابتدائی رپورٹ کے صرف 9 دن بعد ایف ٹی ایکس نے دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا اور بینک مین فریڈ کی ذاتی دولت میں اربوں ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔

انہیں ہفتوں بعد بہاماس میں گرفتار کیا گیا تھا جہاں وہ اور ایف ٹی ایکس کے دیگر ایگزیکٹو رہائش پزیر تھے اور ان کی کمپنی کے کچھ حصے واقع تھے۔

بینک مین فریڈ کے بہت سے اعلیٰ عہدیداروں اور قریبی اتحادیوں بشمول ان کی گرل فرینڈ کیرولین ایلیسن نے مقدمے کی سماعت کے دوران ان کے خلاف گواہی دی۔

یف ٹی ایکس کی ٹریڈنگ شاخ المیڈا ریسرچ کی سابق چیف ایگزیکٹو ایلیسن نے عدالت کو بتایا کہ بینک مین فریڈ نے انہیں دھوکہ دہی کرنے اور ایف ٹی ایکس کسٹمر فنڈز کو ان کی جانکاری کے بغیر استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

بینک مین فریڈ کے مقدمے کی جیوری نے صرف 4 گھنٹے کی غور و خوض کے بعد انہیں دھوکہ دہی اور سازش کے تمام سات الزامات میں قصوروار پایاجبکہ بینک مین فریڈ کا کہنا تھا کہ وہ بے قصور ہیں۔

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے اپنی بیٹی کو کروڑوں کی مالکن بنا دیا

ممبئی: بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے 250 کروڑ سے زائد مالیت کا اپنا نیا بنگلہ بیٹی کے نام کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کا نیا بنگلہ ممبئی کے پوش علاقے باندرہ میں زیرِ تعمیر ہے جس کی قمیت تقریباََ بھارتی 250 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی بیٹی کے نام کیا گیا یہ بنگلہ ممبئی کا سب سے مہنگا ترین ’سیلیبریٹی بنگلہ‘ ہے جس نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ’منت‘ اور امیتابھ بچن کے بنگلے ’جلسہ‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رنبیر کپور کی والدہ نیتو کپور بھی اپنی پوتی کے بنگلے کی شریک مالک ہوں گی جبکہ حال ہی میں عالیہ بھٹ، نیتو اور رنبیر کپور کو اپنی بیٹی راحہ کے زیرِِ تعمیر بنگلے میں دیکھا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی بیٹی راحہ کپور 250 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے بنگلے کی مالکن بننے کے بعد بالی ووڈ کی سب سے کم عُمر امیر ترین ‘اسٹار کِڈ’ بن گئی ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور باندرہ کے علاقے میں چار فلیٹس کے مالک بھی ہیں جن کی مالیت بھارتی 60 کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ نیتو کپور نے بھی حال ہی میں باندرہ کے علاقے میں 15 کروڑ روپے کا ایک شاندار گھر خریدا ہے۔

بھارتی میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ راحہ کپور کے نام کیا گیا بنگلہ تیار ہونے کے بعد نیتو کپور، عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور اسی بنگلے میں ایک ساتھ رہیں گے۔

یوپی سے 5 بار منتخب ہونے والے مسلمان سیاستدان بھارتی جیل میں ہلاک

بھارتی ریاست اتر پردیش سے 5 باررکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہونے والے مختار انصاری جمعرات 28 مارچ کی شام دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے، ستمبر 2022 سے یوپی کی مختلف عدالتوں سے 8 مقدمات میں سزا سنائے جانے کے بعد وہ بانڈا جیل میں قید تھے ، اُن کی چانک موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

مختار انصاری کو بھارتی میڈیا گینگسٹر قرار دیتا ہے لیکن وہ تحریک آزادی رہنما کے پوتے تھے ، اُن کے دادا دادا 1927 میں کانگریس کے صدر تھے۔

بانڈا ضلع جیل میں بند مختار انصاری کو روزہ افطار کرنے کے بعد طبیعت خراب ہونے پر رانی درگاوتی میڈیکل کالج لے جایا گیا۔ اس سے قبل ڈاکٹروں کو ان کے علاج کے لیے جیل بلایا گیا تھا جن کے یہ بتانے پر کہ سیاستدان کو دل کا دورہ پڑا ہے، اُنہیں فوری طور پراسپتال لے جایا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مختار انصاری کو بے ہوشی کی حالت میں رات 8 بج کر 25 منٹ پراسپتال لایا گیا تھاجہاں9 ڈاکٹروں کا ایک پینل ان کا علاج کر رہا تھا۔

مختار انصاری کے اہل خانہ کی جانب سے مبینہ سازش کا الزام عائد کئے جانے کے بعد مجسٹریٹ کی جانب سے تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ بیٹے عمر انصاری نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کوکھانے کے ذریعے زہر دیا گیا۔

اس سے کچھ دن پہلے مختار انصاری نے بارہ بنکی کی ایک عدالت کو بتایا تھا کہ انہیں جیل کے اندر زہر ملا کھانا دیا گیا تھا۔ اُنہیں پیٹ میں درد کی شکایت کے بعد 26 مارچ کو تقریباً 14 گھنٹوں تک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ انہیں پیشاب کی نالی کے انفیکشن (یو ٹی آئی) کی تشخیص ہوئی تھی اور انہیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں سرجری کرانے کا مشورہ دیا تھا۔

سماج وادی پارٹی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے بھارتی سیاستدان کےاہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سربراہ بھارتی سماج وادی پارٹی مایاوتی نے ایکس پوسٹ میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا، ’جیل میں مختار انصاری کی موت کے بارے میں ان کے اہل خانہ کی جانب سے لگائے گئے خدشات اور سنگین الزامات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔ ایسے میں ان کی فیملی کا غمگین ہونا فطری بات ہے۔‘

مختار انصاری ماؤ صدر سیٹ سے 5 بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں ، وہ 2005 سے یوپی اور پنجاب میں قید تھے تھے۔ ان کے خلاف 60 سے زیادہ مجرمانہ مقدمات زیر التوا تھے۔ انہوں نے پنجاب کی جیل میں2 سال گزارے اور اپریل 2021 میں انہیں بانڈا جیل واپس لایا گیا تھا۔

انہیں ستمبر 2022 سے یوپی کی مختلف عدالتوں نے 8معاملوں میں سزا سنائی تھی اور وہ بانڈا جیل میں بند تھے۔ بھارتی حکومت نے مختار انصاری کا نام گزشتہ سال سال اتر پردیش پولیس کی طرف سے جاری 66 گینگسٹرز کی فہرست میں شامل کروایا تھا۔

اہلخانہ کے احتجاج کے بعد پولیس نے لکھنؤ، کانپور، ماؤ اور غازی پور سمیت بانڈا اور دیگر علاقوں میں سیکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔ حساس علاقوں میں پولیس فورسز کی گشت بڑھانے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

بھارتی اداکارہ ادیتی راؤ حیدری کی سدھارتھ کیساتھ شادی کی تردید

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ادیتی راؤ حیدری نے اداکار سدھارتھ کے ساتھ شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اپنی منگنی کی تصویر شیئر کردی۔

گزشتہ روز بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ نے 26 مارچ کو تلنگانہ کے رنگناتھ سوامی مندر میں اپنے اہلخانہ اور قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں شادی کی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ سدھارتھ اور ادیتی راؤ حیدری کی شادی کی کوئی تصویر سامنے نہیں آئی لیکن یہ جوڑا بہت جلد اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کرے گا۔

شادی کی خبروں کے درمیان ادیتی راؤ حیدری نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اداکار سدھارتھ کے ہمراہ اپنی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں دونوں اسٹارز اپنی منگنی کی انگوٹھیاں مداحوں کو دِکھا رہے ہیں۔

ادیتی راؤ حیدری نے اپنی پوسٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ اُنہوں نے اداکار سدھارتھ سے منگنی کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ نے 26 مارچ کو مندر میں شادی نہیں بلکہ منگنی کی تھی۔

واضح رہے کہ ادیتی راؤحیدری کی پہلی شادی اداکار ستیہ دیپ مشرا کے ساتھ ہوئی تھی۔ دونوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا تھا لیکن بعد میں اس جوڑی کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

دوسری جانب سدھارتھ نے سال 2003 میں میگھنا نارائن سے پہلی شادی کی تھی، اُن کی یہ شادی طویل عرصے تک نہیں چل سکی اور سال 2007 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

برج خلیفہ کے رہائشیوں کیلیے سحر و افطار کے 3 مختلف اوقات

دبئی کےبرج خلیفہ کے مکین 3 مختلف اوقات میں سحری اور روزہ افطار کرتے ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں واقع دنیا کی سب سے بلند عمارت برج خلیفہ میں رہائش پذیر12 ہزار افراد ٹاور کی اونچائی کے باعث مختلف اوقات میں سحری اور افطاری کرتے ہیں۔ اوقات کا فرق زمین کے قریب منزلوں اور بہت اونچی منزلوں کے رہائشیوں کے درمیان وقت میں فرق کی وجہ سے ہوتا ہے۔

دبئی کے اسلامی امور کے محکمہ نے برج خلیفہ کی 160 سے زائد منزلوں میں رہنے والے والوں کے لیے جو ہدایات جاری کیں ان کے مطابق 80 ویں منزل سے 150 ویں منزل تک کے رہائشی افطاری 2 منٹ تاخیر سے اور سحری 2 منٹ جلدی ختم کرتے ہیں۔
اسی طرح 150 ویں منزل اور اس سے اوپر کے رہائشیوں کے لیے مغرب کی نماز کی اذان 3 منٹ تاخیر سے دی جاتی ہے ۔ ان کی سحری کا وقت بھی 3 منٹ جلدی ختم ہوجاتا ہے۔

افغانستان دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے، طالبان وعدے پورے کریں، امریکہ

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکا چاہتا ہےافغانستان دوبارہ کبھی دہشت گردی کے لیےاستعمال نہ ہو، طالبان عالمی برادری کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے وعدوں کو پورا کریں۔

معمول کی بریفنگ میں ملر نے کہا کہ افغان طالبان پر واضح کیا ہےکہ دہشت گردوں کومحفوظ پناہ گاہ نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گرد گروہوں کے بڑھتے خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہتے ہیں، داعش سمیت دہشت گرد گروہوں کوفروری 2022میں نشانہ بنایا۔

ملر نے افغانستان سے انخلا کے بعد کیے گئے امریکی فضائی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کابل میں فضائی حملے میں القاعدہ کے امیرالظواہری کومارا، داعش رہنما حاجی عبداللہ بھی امریکی فضائی حملے میں ماراگیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہامریکااوردیگرمغربی ممالک دہشت گردوں کےحملےروکنےکےلیے کام جاری رکھیں گے۔

جہانیاں : تیز رفتار مسافر بس الٹ گئی، ایک شخص جاں بحق، 21 زخمی

جہانیاں میں تیز رفتار مسافر بس الٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور21 افراد زخمی ہوگئے۔

افسوسناک واقعہ چوک میتلا کے قریب پیش آیا۔

ٹریفک حادثے کے زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

بس الٹنے کے بعد ریسکیو ورکرز اور قریب کھڑے افراد موقع پر جمع ہوگئے اور جاں بحق شخص کی لاش اور زخمیوں کو باہر نکالا۔