All posts by Channel Five Pakistan

ظہیرکومختصرفارمیٹ میں ٹیم سے کچھ کردکھانے کی امید

شارجہ(اے پی پی) ایشین بریڈ مین اور سابق کرکٹر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی شکست پر بے حد مایوسی ہوئی، امید ہے کہ کھلاڑی مستقبل میں غلطیاں نہیں دوہرائیں گے، ٹی20 سیریز میں قومی ٹیم کو نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہو گا، اچھی ٹیمیں وہی ہوتی ہیں جو انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے زیادہ سے زیادہ کھلاڑی تیار کریں، اسی طرح پاکستان کو بھی بہترین بیک اپ تیار کرنا چاہیے۔ ہفتے کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں اے پی پی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹیم کی شکست پر مایوسی ہوئی ہے، ہماری ٹیم میں زیادہ تر نئے کھلاڑی تھے جس کی وجہ سے ان سے غلطیاں ہوئیں، نیوزی لینڈ کی وکٹوں پر کھلاڑیوں کو سیکھنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وکٹیں تیز ہیں، سیریز کی تیاری کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو وہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگی حاصل کرنے کیلئے ٹیم کو جلد نیوزی لینڈ بھیجنا چاہیے تھا تاکہ اسے زیادہ سے زیادہ پریکٹس کا موقع مل سکتا، انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں ٹیم کو نئی حکمت عملی کے تحت میدان میں اترنا ہو گا، امید ہے کہ ٹیم سیریز جیت کر دوبارہ ٹریک پر آجائے گی۔

آسٹریلین اوپن سے شراپوا کا بوریا بستر گول

میلبورن (اے پی پی) عالمی نمبر ایک سیمونا ہالپ، اینجلیق کربر، کیرولینا پلسکووا، کیرولین گارسیا، کیرولین وزنائیکی اور میڈیسن کیز پیش قدمی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں، ماریا شرا پووا شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔ آسٹریلیا میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلام کے سلسلے میں ہفتے کو کھیلے گئے ویمنز سنگلز لاسٹ 32 راﺅنڈ میچز میں سٹار رومانوی کھلاڑی ہالپ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکن کھلاڑی ڈیوس کو 4-6، 6-4 اور 15-13 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جرمنی کی اینجلیق کربر روس کی گولڈن گرل شرا پووا پر حاوی رہیں، انہوں نے روسی کھلاڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-3 سے زیر کیا، جمہوریہ چیک کی پلسکووا بھی تیسری آزمائش میں سرخرو رہیں، انہوں نے ہم وطن کھلاڑی لوسی سفارووا کو شکست دی، فرانس کی کیرولین گارسیا نے ساسنووچ کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، فتح کے ساتھ ہی گارسیا پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئیں، دیگر کھیلے گئے میچز میں کیرولین وزنائیکی، میڈیسن کیز، اوساکا اور بربورا سٹرائیکووا اپنی اپنی حریفوں کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔

شعیب ملک کیویزکیخلاف ٹی20سیریزسے باہر

کراچی(نیوزایجنسیاں)قومی ٹیم کے آل راو¿نڈر شعیب ملک نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد، منیجر طلعت علی اور فزیو وی بی سنگھ پر مشتمل ٹور مینجمنٹ کمیٹی نے میٹنگ کے بعد فیصلہ کیا کہ آل راﺅنڈر شعیب ملک کو مزید آرام کی ضرورت ہے، اس لئے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کی بجائے انہیں وطن واپس بھیج دینا مناسب ہوگا۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں رن بناتے ہوئے کولن منرو کے تھرو پر گیند شعیب ملک کے سر سے ٹکرائی تھی، طبی امداد ملنے پر انہوں نے بیٹنگ شروع کردی تھی لیکن تھوڑی دیر بعد ہی آﺅٹ ہوگئے، بعد ازاں سر چکرانے کی شکایت پر انہیں گرین شرٹس کی فیلڈنگ کے دوران میدان میں نہیں اتارا گیا جب کہ آل راﺅنڈر پانچواں ون ڈے بھی نہیں کھیل سکے۔پی سی بی کے مطابق شعیب ملک کا نیوزی لینڈ میں میڈیکل پینل سے مکمل چیک اپ کروایا گیا تھا، جس میں یہ چیز سامنے آئی کہ بھاگ دوڑ کے دوران ان کا سر چکرانے کی شکایت سامنے آسکتی ہے لہٰذا ان کو وطن واپس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ مینجمنٹ نے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو طلب نہیں کیا۔

ٹیم ٹی20میں شکستوں کے داغ دھونے کیلئے پر عزم

ویلنگٹن(آئی این پی) نیوزی لینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل)پیر کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس سیریز میں شکستوں کے داغ دھونے کیلئے پر عزم ہے، اس سے قبل کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں میزبان نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5-0 سے وائٹ واش کیا تھا۔ون ڈے سیریز میں شاندار فتح کے بعد میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سیریز اپنے نام کرنے کیلئے پر جوش ہیں تو دوسری جانب شکست خوردہ پاکستانی ٹیم جو کہ ٹی ٹونٹی کی خطرناک ٹیم شمار کی جاتی ہے، سیریز جیت کر ایک روزہ سیریز میں شکست کا بدلہ چکانے کی خواہاں ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی 25 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی 28 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

اربوں کی لوٹ مار ، 56 کمپنیوں کیخلاف شکنجہ تیار

لاہور (نیا اخبار رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے صاف پانی کمپنی سمیت 56 کمپنیوں میں اربوں روپے سے زائد کی مبینہ کرپشن کے خلاف درخواست پر کمپنیوں کے وکلاءکو جواب جمع کروانے کے لئے آخری مہلت دے دی۔ جسٹس شاہد کریم نے شہری منیر احمد سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت شروع کی تو صاف پانی کمپنی سمیت 56 کمپنیوں کے وکلاءنے جواب جمع کروانے کے لئے مزید مہلت دینے کی استدعا کی۔ جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر جواب داخل نہ کروائے گئے تو عدالت قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔ درخواست گزاروں کا مﺅقف ہے کہ آئین آرٹیکل 140 اے کے تحت جو کام کمپنیز کو سونپے گئے۔ وہ بلدیاتی نمائندوں کے کرنے کے ہیں۔ 80 ارب سے زائد کی کرپشنکے باوجود ان کمپنیز کا آڈٹ نہیں کروایا ۔لہذا عدالت کمپنیوں میں کرپشن کے حوالے سے نیب کوازسر نو تحقیقات کا حکم دے۔

بچے اور بچیوں کے اغوا بارے سنسنی خیز انکشافات

لاہور (خصوصی رپورٹ) بچوں اور بچیوں کو اونٹ ریس کیلئے اغوا کرنے کے انکشافات کی رپورٹ پولیس و خفیہ اداروں نے اعلیٰ حکام کو پیش کر دی جس کے بعد تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اغواکاروں کا گروہ لاہور سمیت مختلف شہروں میں متحرک ہے جس میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ان کی سرپرستی بیرونی ممالک کے باشندے کر رہے ہیں۔ عیدالفطر کے بعد خلیج میں بڑے پیمانے پر اونٹ ریس ہوتی ہے جس کیلئے بچے اغوا کئے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان‘ بہاولپور اور ملتان کے خانہ بدوش بچوں کو 40 سے 60ہزار میں خرید کر دبئی پہنچا دیا جاتا ہے۔ لاہور سے گزشتہ چند ماہ سے اغوا 11بچے ابھی تک لاپتہ ہیں۔ سندر سے ڈیڑھ ماہ قبل تین بہنوں مناہل‘ رابعہ اور صبا کو اغوا کیا گیا۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش میں لکھا شبہ ہے کہ ملزم کالی وغیرہ اور اس کی ساتھی خاتون نازیہ نے اونٹ ریس کیلئے اغوا کر کے آگے فروخت کر دیا۔ مزید پیشرفت نہ ہونے پر فائل بند کر دی گئی۔ شادباغ سے 12سالہ وحید‘ شادمان سے دس سالہ فیصل ایک سال قبل اغوا ہوئے‘ ان کا سراغ نہیں لگ سکا۔ ملت پارک میں 10جولائی 2017ءکو ایک گروہ نے ایڈووکیٹ کے بیٹے ابرار کو اغوا کیا‘ پکی ٹھٹھی کے ایک فلیٹ پر لے گئے۔ ابرار موقع پا کر بھاگ نکلا جس کے بعد پولیس نے ایک ملزم ادریس کو گرفتار کیا‘ دیگر کی گرفتاری کیلئے مختلف شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایک ملزم نے پولیس کو بتایا وہ بچے اغوا کر کے ڈیرہ غازی خان پہنچاتے ہیں‘ فی بچہ انہیں ایک لاکھ ملتا ہے۔ اس گروہ کی گرفتاری کیلئے پولیس اور وفاقی تحقیقاتی اداروں کو سپیشل ٹاسک دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے عثمان انور کے مطابق اونٹ ریس کیلئے بچوں کے اغوا کے واقعات پہلے پیش آتے تھے‘ یہ سلسلہ اب ختم ہو گیا ہے۔
اونٹ ریس

600 افراد کا ڈی این اے ، حکومت پھر ناکام

قصور(خصوصی رپورٹ)پولیس نے ابتک معصوم بچوں کی ہلاکت کے شبہ میں 2ہزار سے زائد افراو کو پکڑا جبکہ 600مشتبہ افراد کا ڈی این اے کروایا گیا، 4کو مبینہ مقابلے میں ہلاک کرکے ان پر بچیوں کی ہلاکت کا الزام لگایااس کے بارجود بچبیوں کی ہلاکتیں جاری رہی ، قصورمیں مختلف تنظیموں کے زیراہتمام زینب کی یاد میں معصوم بچی کے والد لواحقین اور چوہدری منظور جنرل سیکرٹری پنجاب پیپلز پارٹی نے شمعیں روشن کیں ،جائے وقوعہ پر انجمن تاجران ،سول سوسائٹی،علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے ریلی نکالی اور شمعیں روشن کیں ،ریلی کے شرکا نے پولیس کیخلاف نعرے بازی کی ، اس موقع پر طلبا کی ایک کثیر تعداد نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے زینب کو انصاف دو کے نعرے بھی لگائے ،جمعہ کے خطبات میں علما اکرام اور مختلف تنظیموں نے اپنی تقریروں میں مرکزی ملزم کی گرفتاری تک چین سے نہ بیٹھنے کا اعلان کیا ۔

حکومت 2 ماہ کی مہمان ، بڑا دعویٰ سامنے آ گیا

لاہور (خصوصی رپورٹ) عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ پورے یقین سے کہتا ہوں شہباز حکومت دو ماہ سے بھی پہلے اپنے انجام کو پہنچ جائے گی۔ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے ایک دوسرے سے گلے شکوے دور کرانے کی کوشش کرونگا۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ احتیاطا دو ماہ کی بات کی ہے، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے ذمہ داروں سے بہت پہلے نجات مل جائے گی۔ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف اپنے اپنے موقف پر درست ہیں دونوں جماعتیں شہدا کے قصاص کے لیے ہمارے ساتھ کھڑی ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان رابطے میں ہے اگلے فیز میں ساتھ ہو گی۔ مال روڈ جلسہ ہماری حکمت عملی کے عین مطابق اور کامیاب جلسہ تھا۔ انتخابات کے حوالے سے کبھی اجلاسوں میں ایک بات تک نہیں ہوئی۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق انہوں نے مال روڈ جلسہ میں خالی کرسیوں کو حکمت عملی قرار دیا۔

لاہور میں پکڑ دھکڑ شروع ، 300 مقدمات درج

لاہور (کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز احمد نے کہاکہٹریفک سگنلز کو گداگری کی لعنت سے پاک کرنے اور چوکوں،چوراہوں میں ٹریفک کی روانی کو بغیر کسی رکاوٹ جاری رکھنے کےلئے عادی گداگروں اور بھکاریوں کےخلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا گیا ہے،اس سلسلہ میں ایک ٹریفک رسپانس یونٹ بھی قائم کیا گیا ہے جو شہر بھر کی اہم اور مصروف شاہراﺅں پرایسے افراد کےخلاف کاروائی کر رہا ہے ۔ایک ماہ کے دوران 300سے زائد افراد کو پکڑ کے مقامی پولیس کے حوالہ کیا گیا اور ان کےخلاف مقدمات بھی درج کروائے گئے،جبکہ20سے زائد بچوںکو پکڑ کر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے حوالے کیا گیا تاکہ وہ ان کے والدین کو بلا کر ان کی اصلاح کریں۔رائے اعجاز احمد نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گداگری کی لعنت سے پاک معاشرہ کےلئے سٹی ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں اورٹریفک سگنلز پر ایسے افراد کو بھیک نہ دیں اور ان کی ہر لحاظ سے حوصلہ شکنی کی جائے ۔ اس سے نہ صرف معاشرے میں بہتری آئےگی بلکہ چوکوں،چوراہوں پر بغیر تعطل ٹریفک کی روانی برقرار رہے گی۔

سرکاری سکولوں کے حوالے سے حکومت کا اہم اقدام

لاہور (خصوصی رپورٹ) سرکاری سکولوں کی سکیورٹی کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے سپرد کر دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں دہشت گردی کے خدشات کے باوجود سکیورٹی کے ناقص انتظامات کے انکشاف پر چیکنگ کی ذمہ داری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسروں سے لے کر کمشنرز اور ریجنل پولیس افسروں کے حوالے کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ مانیٹرنگ ٹیم برائے سکول کی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ سکولوں کی مانیٹرنگ اور سکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسر ناکام ہو گئے ہیں۔ کئی مرتبہ احکامات کے باوجود ابھی تک سکولوں میں سکیورٹی کے انتظامات کو مکمل نہیں کیا گیا۔ سکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس افسروں کو ذمہ داری دی گئی ہے وہ سکولوں کی مانیٹرنگ کیلئے کمیٹیاں بنائیں۔ مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اے اور اے پلس کیٹیگری کے حامل اداروں کے قریبی علاقوں میں کوئیک رسپانس فورس کے دستے بھی تعینات کئے جائیں۔ مراسلے میں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ سکولوں میں دہشت گردی کے سنگین خطرات موجود ہیں۔
سکول سکیورٹی

حکومت 7 روز کے اندر شریعت کا قانون نافذ کردے ورنہ پورا پنجاب بند کر دیں گے: پیر حمید الدین سیالوی

لاہور(ویب ڈیسک) پیر آف سیال شریف پیر حمید الدین سیالوی نے حکومت کو سات روز میں شریعت نافذ کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پنجاب کے بازار، گلیاں اور کوچے بند کر دیں گے جبکہ ڈاکٹر اشرف آصف علی جلالی نے 27جنوری سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے کہا ہے کہ شہباز شریف آستانوں کو خریدنے کا کام بند کرو ،آئندہ عام انتخابات ختم نبوت کے وفاداروں اور غداروں کے درمیان ہوں گے ، چند مولویوں سے بیان دلوانے سے کام نہیں چلے گا۔اہل سنت جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتما م داتا دربار کے باہر ختم نبوت کانفرنس ﷺ کا انعقاد کیا گیا ۔کانفرنس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے حکومت کے خلاف اور لبیک یارسول اللہ کے نعرے لگائے ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور شرکاء کو مختلف مقامات پر جامع تلاشی کے بعد اجتماع گاہ میں داخل ہونے دیا گیا ۔پیر حمید الدین سیالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت کانفرنس ﷺمیں شرکت کرنے والوں کے پائوں کوہاتھ لگا کر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ ہم ناموس رسالت ﷺکی حفاظت کے لئے حاضر ہوئے ہیں ، ہم ناموس رسالت کے لئے ایک بار نہیں سو ،سو بار بھی اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سات دن کی مہلت دے رہے ہیں کہ شریعت کا قانون نافذ کرو ورنہ پنجاب کے بازار، گلیاں اور کوچے بند کر دیں گے ۔انہوںنے کہا کہ مشائخ عظام یہ اعلان کر چکے ہیں کہ (ن) لیگ کو ووٹ نہیں دینا لیکن میں کہتا ہوںہر اس شخص کو ووٹ نہیں دینا جو نبی کریم ﷺ کا غلام نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجتماع کو دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ ابھی نبی کریمﷺ کے غلام زندہ ہیں ۔ شرکاء اسے میری نصیحت اور وصیت سمجھیں کہ اس تحریک کوختم نہیں ہونے دینا ۔ انہوں نے کہا کہ رانا تم اپنے بد معاشوں کو بندوقیں پکڑائو ہمارے سینے حاضر ہیں ،ہم دیکھتے ہیں نبی کریم ﷺ کے غلام زیادہ ہیں یا تمہارے بد معاش زیادہ ہیں۔ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے نے کہا کہ نبی کریم کا غدار اسلا م کا حقدار نہیں ، ختم نبوت کے معاملے پر دو ہر ی پالیسی نہیں چلے گی جو بھی ختم نبوت کو میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے نشان عبرت بنا دیا جائے گا،گھبرائو نہیں جلد پردہ چاق کرو نگا ، انشاء اللہ داتا کے دیس سے اہل سنت اپنی سیٹیں جیتے گی، پیر سیالوی کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں ، رانا ثنا ء اللہ کے استعفے کے معاملے پرپیر سیالوی کا بھر پور ساتھ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات ختم نبوت کے وفاداروں اور غداروں کے درمیان ہوں گے ،شہباز شریف سے کہتا ہوں کہ آستانوں کو خریدنے کا کام بند کرو،چند مولویوں سے بیان دلوانے سے کام نہیں چلے گا۔