All posts by Channel Five Pakistan

یونیفارم تبدیل ، آئی جی نے حکم دیدیا

لاہور (خصوصی رپورٹ) آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے ٹریفک پولیس کی وردی بھی تبدیل کر دی۔ ٹریفک وارڈن بھی اب اولیو گرین یونیفارم پہنیں گے۔ ٹریفک وارڈن‘ پٹرولنگ پولیس‘ ایلیٹ فورس اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ اب سے اولیوگرین رنگ کی یونیفارم پہنیں گے۔
یونیفارم تبدیل

بچو ں سے جنسی درندگی ، شرمناک حقائق سے پردہ اٹھ گیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ2016-17 کے دوران پنجاب کے تمام شہروں میں سامنے آنے والے بچوں کے ریپ کیسز میں لاہور سرفہرست ہے۔صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی (اے آئی جی) کی جمع کردہ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں دو برسوں میں سینکڑوں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے کیسز سامنے آئے۔ رپورٹ کے مطابق 2016 کے مقابلے میں 2017 میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوا جبکہ لاہور میں سب سے زیادہ واقعات ہوئے۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق لاہور میں بچوں سے زیادتی کے 107 واقعات پیش آئے۔قومی اسمبلی کی کمیٹی میں جمع کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کہ پنجاب میں دو برسوں میں مجموعی طور پر 1297 بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2016 میں 645 اور 2017 میں 652 بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ 17-2016 کے دوران جنسی زیادتی کے شکار بچوں میں 252 بچیاں اور ایک ہزار45 بچے شامل ہیں۔ صوبائی حکومت کے ریکارڈ کے مطابق پنجاب میں 43 بچوں کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں قصور میں 66، شیخوپورہ میں 38 اور خوشاب میں50 بچے جنسی زیادتی کا نشانہ بنے۔ صوبائی حکومت لاہور شہر میں بھی بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کو روکنے میں ناکام رہی جہاں رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال تین بچوں کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا جاچکا ہے۔ بچوں سے زیادتی کے واقعات میں ملوث افراد کے حوالے سے ایک ہزار 446 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 21 کو سزائیں سنائی جا سکیں۔ گرفتار ملزمان میں سے 166 کو شواہد کی عدم دستیابی کے باعث رہا کردیا گیا۔ خیال رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے یہ رپورٹ قصور میں کم سن بچی زینب کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تھی جن کی لاش کو 9 جنوری کو قصور میں ایک کچرا کنڈی سے برآمد کرلیا گیا تھا۔ قصور میں 6 سالہ زینب کو 4 جنوری کو اغوا کیا گیا تھا جنھیں ریپ کے بعد قتل کردیا گیا تھا جس پر ملک بھر میں غم و غصے کا اظہار کیا گیا جبکہ قصور شہر میں شدید احتجاج کرتے ہوئے رکن اسمبلی کے ڈیرے میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔

عوام کیلئے خوشخبری ، بینک آج بھی کھلے ، وجہ انتہائی شاندار

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ) ملک بھر میں حج درخواستوں کی وصولی کاعمل جاری ہے،بنکوں کی نامزدشاخیں درخواستوں کی وصولی کیلئے (آج) بھی کھلی رہیں گی۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق اب تک ایک لاکھ بہتر ہزارحج درخواستیں وصول ہوچکی ہیں اوربنکوں کی نامزدشاخیں درخواستوں کی وصولی کیلئے (آج) اتوار کو بھی کھلی رہیں گی۔ عازمین حج بدھ تک درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ عازمین حج کی درخواستوں کی قرعہ اندازی جمعے کوہوگی۔

پاکستان دشمن نصاب ، حکومت لاعلم ، خطرناک حقائق سے سب کو چونکا دیا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) خیبر پختونخوا میں اقوام متحدہ کے زیرانتظام سکولوں میں طلبہ کو پاکستان مخالف نصاب پڑھانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اخبار کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی جانب سے خیبر پختونخوا میں نصاب تعلیم میں تبدیلی کی گئی ہے، یو این ایچ سی آر کی جانب سے افغان مہاجرین کے کیمپوں میں کمیونٹی پرائمری سکول قائم کیے گئے ہیں جن کا سلیبس صوبائی اور وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر تبدیل کردیا گیا جس پر وفاقی حکومت نے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ وزارت داخلہ نے خیبر پختونخوا حکومت کے ذریعے یو این ایچ سی آر سے وضاحت طلب کرلی۔ ذرائع کے مطابق سلیبس میں پاکستان کی پالیسی اور نظریے کیخلاف تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ معاشرتی علوم کی کتاب میں گلگت، بلتستان اور متنازعہ کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھایا گیا ہے، پاک افغان بارڈر کو ڈیورنڈ لائن بتایا گیا ہے اور بھارت کو قریبی دوست ملک لکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انگلش کی کتاب پر افغانستان کا جھنڈا ہر صفحہ پر موجود ہے۔ وزارت داخلہ نے خیبرپختونخوا حکومت کے ذریعے یو این ایچ سی آر سے وضاحت طلب کرلی ہے۔

سابق صدر کو اور دھچکا ، وجہ بھی سامنے آ گئی

راولپنڈی (صباح نیوز) بے نظیر قتل کیس میں نامزد اور عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیئے جانے والے سابق صدر پرویز مشرف کی ضمانت ضبط کرلی گئی ہے۔ ہفتہ کوراولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بے نظیرقتل کیس میں نامزد اشتہاری ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں اشتہاری ملزم پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے سے متعلق معاملے کا ازسرِ نو جائزہ لیا اور ملزم کی املاک کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کی ضمانت کے 10، 10لاکھ روپے کی رقم ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے پرویز مشرف کے اشتہاری ہونے کے بعد یہ رقم بحق سرکاری ضبط کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20فروری تک ملتوی کردی۔

آزادکراچی مہم ، امریکہ بھی میدان میں آ گیا

واشنگٹن (اے این این) امریکا میں پاکستان کے خلاف شروع ہونے والی حالیہ اشتہاری مہم کے بعد واشنگٹن نے اسلام آباد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ملک کی خود مختاری پر حملہ کرنے والی کسی بھی تنظیم کی حمایت نہیں کرے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم نے آزاد کراچی مہم کا معاملہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں اٹھایا جہاں انہوں نے ہمیں یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی خود مختاری اور اس کے اندرونی معاملات کی ہمیشہ کی طرح حمایت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ الیس ویلز نے اسلام آباد کے اپنے حالیہ دورے کے دوران بھی پاکستان کو اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ امریکا پاکستان کے دشمنوں کو اپنا دشمن سمجھتا ہے۔ سفیر کا کہنا تھا کہ کچھ منفی پوسٹرز اور بل بورڈز کو نیو یارک میں دیکھا گیا ہے جن میں سے چند ٹیکسیوں پر بھی لگائے گئے تھے تاہم پاکستان کی جانب سے احتجاج کیے جانے کے بعد انہیں ہٹایا جاچکا ہے جبکہ واشنگٹن میں بھی کچھ ٹیکسیوں پر اسی طرح کے اشتہارات دیکھے گئے تھے جو کچھ ہی عرصے میں غائب ہوگئے تھے۔ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس معاملے کو امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور دیگر حکومتی اداروں میں اٹھاتے ہوئے انتہائی سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے جس پر امریکا نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی کہ اس منفی مہم کے پیچھے تنظیموں کو امریکی ایجنسیوں کی جانب سے حمایت حاصل نہیں ہوگی۔ یہ عناصر امریکا کے آزادی اظہار رائے کے قوانین کا استعمال کرتے ہوئے اپنے خیالات کا پراپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ اس پروپیگینڈے کے پیچھے ملوث افراد کی کوئی آواز نہیں اور انہیں پاکستان اور نہ ہی دیگر ممالک میں کوئی حمایت حاصل ہے۔ ان خفیہ کاموں کے پیچھے چھپے ہاتھوں کی نشاندہی کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ ایسے کام کرنے والے افراد امریکا میں نہیں بلکہ ان کا تعلق ہمارے مشرقی پڑوسی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایک منتخب حکومت ہے اور وہاں غیر معمولی ترقی جاری ہے جو ان پروپیگنڈوں کے کھوکھلے پن کا اظہار کرتی ہے۔

چودھری نثار اور پرویز رشید کی لڑائی ، نواز شریف کے فیصلے نے سب کو چونکا دیا

اسلام آباد ( آن لائن)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف نے ن لیگ کے دو سینئر رہنماو¿ں چوہدری نثار علی خان اور پرویز رشید کے درمیان لفظی جنگ میں اپنا وزن سینیٹر پرویز رشید کے پلڑے میں ڈال دیا ہے اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے مفاہمتی پیغام کے باوجود نوازشریف نے ہفتہ کو سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات نہیں کی جبکہ شہباز شریف نے چوہدری نثار علی کو راضی کرلیا تھا کہ وہ نواز شریف سے ملاقات کرکے اپنے پرویز رشید بارے تحفظات سے انھیں آگاہ کریں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پرویز رشید کے حالیہ بیانات پر نواز شریف خوش ہیں اسی لیے ان کی راولپنڈی میں چوہدری نثار سے ملاقات منسوخ ہو گئی زرا ئع نے بتایا کہ اس ملاقات کا اہتمام بھی شہباز شریف نے کیا تھامگر نواز شریف پرویز رشید کو لے کر ہری پور پہنچ گئے اور انہوں نے پرویز رشید کو نثار کے معاملے پر ہتھ ہولا رکھنے کے لیے تو کہا ہے مگر منع نہیں کیا ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اب نواز نثار ملاقات کسی اور وقت میں ہو گی مگر کوئی نیا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔

لندن فلیٹس ، شریف فیملی کیلئے شکنجہ تیار ، اہم شواہد بھی مل گئے

اسلام آباد (صباح نیوز) لندن فلیٹس ریفرنس کے سلسلے میں نیب لاہور نے نواز شریف کے خلاف ضمنی ریفرنس تیار کرلیا، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد دائر کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق برطانیہ سے ملنے والی اہم معلومات، نواز شریف اور بچوں کے خلاف نئے گواہان کو ضمنی ریفرنس کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ضمنی ریفرنس چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔ اس سے پہلے نیب احتساب عدالت کی جانب سے مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کے ریفرنسز میں جعلی دستاویزات کی دفعات نکالنے کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست بھی واپس لے چکا ہے۔ نیب نے موقف اختیار کیا تھا کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کیس ، شہباز شریف کے فیصلے نے سب کو حیران کر دیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بائیس جنوری کو نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا ان کا یہ فیصلہ قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد سامنے آیا، اس سے قبل پنجاب حکومت کے ترجمان نے نیب کی جانب سے طلبی کے نوٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کو آشیانہ ہاوسنگ سکیم کے حوالے سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ۔ تین روز قبل نیب لاہور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر خاور الیاس کی جانب سے جاری نوٹس میں شہباز شریف کو 22جنوی کو صبح ساڑھے 10 بجے ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں واقع نیب کمپلیکس میں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہو کربیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی تھی ۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ آشیانہ ہاوسنگ سکیم کے حوالے سے جاری کیس میں پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی انتظامیہ، افسروں ، عہدیداروں اور لاہور کاسا ڈویلپرز کے مالکان، انتظامیہ اور دیگر نے دوران تفتیش یہ انکشاف کیا ہے کہ شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ غیرقانونی احکامات جاری کیے ۔شہباز شریف کو جاری کیے گئے خط میں کہا گیا کہ پی ایل ڈی سی بورڈ کے غیرقانونی اقدامات کے باعث قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا ۔وزیراعلیٰ پنجاب کو کہا گیا تھا کہ آپ نے آشیانہ اقبال سکیم کے ٹھیکے کیلئے کامیاب بولی حاصل کرنیوالی کمپنی لطیف اینڈ سنز کا ٹھیکہ دوسری کمپنی کاسا ڈویلپرز کو دینے کے احکامات جاری کیے جس کی وجہ سے 19 کروڑ 30 لاکھ کا نقصان ہوا ۔نیب نوٹس میں مزید کہا گیا کہ بطور وزیراعلی آپ نے پی ایل ڈی سی کو آشیانہ اقبال منصوبے کا ٹھیکہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو دینے کے احکامات جاری کیے جس کے باعث لاہور کاسا ڈویلپرز(جے وی) کو ساڑھے 71 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور منصوبہ ناکام ہوا۔ اس نوٹس کی موصولی کے بعد اب وزیر اعلی پنجاب نےاپنے وکلا اور قانونی ماہرین سے طویل مشاورت کے بعد 22 جنوری کے دن نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ 22 جنوری کو نیب کی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کے روبرو اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے ،اس سے قبل ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ آشیانہ ہاوسنگ سکیم کی تحقیقات کے حوالے سے نیب کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب کو کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ۔

بھارت میں گلوکاری کر نا بھی پاکستان کی جیت

لاہور (شوبز ڈیسک) گلوکار شفقت امانت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت جا کروہاں گلوکاری کر نا بھی پاکستان کی جیت ہوتی ہے پاکستان کے لوگ کھولے دل کے ہیں مگر بھارت میں لوگوں کا رویہ پوری دنیا کے سامنے ہیں ۔ ایک ملاقات کے دوران شفقت امانت علی خان نے کہا کہ شوبز فنکاروں کو پوری دنیا میں کام کر نے کا حق ہے مگر اس بات میں بھی کوئی شک نہیں سب سے پہلے پاکستان کی سالمیت اور عزت ہے جسکے لیے ہم اپنی جان بھی دینے کو تیار ہیں اور پوری قوم متحد ہے اور دشمن کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ۔

دلچسپ سکرپٹ ہی فلموں کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتا ہے

کراچی (شوبز ڈیسک )معروف اداکارہ نیلم منیر نے کہا کہ ٹی وی ڈرامہ کے بعد فلموں میں عمدہ پرفارمنس سے اپنی منفرد شناخت بنا نا چاہتی ہوں۔ پہلی فلم چھپن چھپائی کی کامیابی نے میرے حوصلے بڑھا دیئے ہیں۔ موجودہ دور میں تفریح سے بھر پور جاندار اور دلچسپ سکرپٹ ہی فلموں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ اچھی و بری فلم کا مقابلہ کرنے کے بجائے ملکی فلم انڈسٹری کو استحکام دینے کیلئے ہمیں سینما گھروں کو آباد کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا نئے لوگوں نے فلم بنائی اور توقع سے زیادہ پسند کی جارہی ہے۔ کم بجٹ کی فلم ہونے کے باوجود شائقین نے جو حوصلہ افزائی کی ہے اس سے ہماری ٹیم کو ایک نئی زندگی مل گئی ہے۔2018 پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے مزید کامیابیاں لے کر آئیگا۔

انہوں نے کہا ٹی وی ڈراموں کی مصروفیات بھی فلم کی ریلیز سے قبل چھوڑ دی تھی۔ اب نئے ٹی وی ڈراموں کو وقت دوں گی۔ کئی نئے پراجیکٹس کی آفرز مل رہی ہیں جس کو اب فائنل کروں گی۔