All posts by admin

بھارت کا ایشین گیمز 2023 کیلئے کرکٹ ٹیمیں چین بھیجنے سے انکار

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک مرتبہ پھر ایشین گیمز 2023 کے لیے کرکٹ ٹیمیں بھیجنے سے انکار کر دیا۔ خیال رہے کہ ایشین گیمز میں کرکٹ کے ٹی 20 میچز 23 ستمبر سے چین کے شہر ہینگ زو میں شیڈول ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کرکٹ کے علاوہ ایشین گیمز کے تمام مقابلوں میں حصہ لے گا، مرد و خواتین کی کرکٹ ٹیمیں ایشین گیمز میں حصہ نہیں لیں گی، بھارتی بورڈ کے مطابق ٹیموں کی پیشگی مصروفیات کے باعث ایونٹ میں حصہ لینا ممکن نہیں۔ بھارت کے ایشین گیمز کے لیے چیف مشن نے کرکٹ ٹیموں کی عدم شرکت کی تصدیق کی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین اولمپک ایسوسی ایشن نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے تین چار بار رابطہ کیا لیکن انٹریز کے موقع پر انکارکر دیا گیا۔ بھارتی بورڈ کا موقف ہے کہ انٹریز کی ڈیڈ لائن سے ایک روز پہلے بتایا گیا اور تب تک ہمارے فیوچر ٹور پروگرام طے ہو چکے تھے، کمٹمنٹ کے باعث ایشین گیمز کے لیے ٹیمیں بھیجنا ممکن نہیں رہا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے دنیا بھر میں آج عید منانے والے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں لکھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور دنیا بھر کے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو عیدالفطر کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں، اللہ کریم ہماری عبادات کو قبول فرمائے اور ہمارے گناہوں کو معاف فرمائے! واضح رہے کہ سعودی عرب، ترکی، عراق، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں میں آج عید منائی جا رہی ہے۔

اسرائیل نے مسلم ملک ترکمانستان میں مستقل سفارت خانہ قائم کردیا

ترکمانستان: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے وسطی ایشیائی مسلم ملک ترکمانستان میں مستقل سفارت خانہ قائم کردیا ہے اس سے پہلے اشک آباد میں صرف ایک عارضی اسرائیلی مشن تھا۔ اسرائیلی وزیرخارجہ نے ترکمانستان کے صدر سردار بروی محمدوف سے اشک آباد میں ملاقات کی جہاں دونوں ممالک نے 30 سال قبل سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ خیال رہے کہ ترکمانستان کا اب بھی اسرائیل میں کوئی سفارت خانہ نہیں ہے، جبکہ اسرائیلی وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے ایران کے قریب ترین سفارتی موجودگی کو تاریخی لمحہ قرار دے دیا ہے۔

اے این ایف کی کارروائیاں، بیرون ملک منشیات سمگلنگ کی کوششیں ناکام

کراچی: (ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کی بیرون ملک سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ نمبر پی کے 225 کے ذریعے مسقط جانے والے مسافر سے 1450 نشہ آور گولیاں برآمد کر لی گئیں اور مظفر گڑھ کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری کارروائی میں اسلام آباد جی پی او سے بحرین جانے والے پارسل سے 2 کلو آئس برآمد کرلی گئی، جسے دودھ کے ڈبوں میں چھپایا گیا تھا، دریں اثنا گجرات جی ٹی روڈ چناب ٹول پلازہ کے قریب ٹرک سے 12 کلو ہیروئن برآمد کر کے پشاور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اُدھر مستونگ بائی پاس کے قریب کار سے 10 کلو افیون برآمد کر کے قلات کے رہائشی ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ علاوہ ازیں تربت دنوک کے قریب ایک کارروائی کرتے ہوئے 100 کلو چرس برآمد کر لی گئی، جسے زیر تعمیر مکان میں زمین کے اندر چھپایا گیا تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام کارروائیوں میں گرفتار کئے گئے ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، عیدالفطر کی مبارکباد دی

تہران: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ سے ایران کے ہم منصب نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارک باد دی۔ رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوستانہ معاہدے کے تناظر میں آئندہ کے اقدامات پر گفتگو کی۔ دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیفرلے نے بھی سعودی ہم منصب سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے سوڈان میں متحارب گروہوں سے جنگ بندی اور انسانی امداد کی ترسیل کے لئے راہداری فراہم کرنے کی اپیل کی۔

گورنر سندھ کا 20 لاکھ افراد کو مفت راشن دینے کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صوبے بھر میں 20 لاکھ لوگوں کو 6 مہینے تک مفت راشن دینے کا اعلان کر دیا۔ کراچی میں گورنر سندھ نے فیڈرل بی ایریا میں سحری کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ طاقتور پاکستان کے نام سے پورے صوبے میں 20 لاکھ لوگوں کو 6 مہینے تک مفت راشن دیں گے، اگر کسی کو 6 مہینے سے زیادہ راشن چاہیے تو پھر اس سے راشن کی آدھی قیمت وصول کریں گے۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے لیاری میں بروہی چوک کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کی، اس موقع پر لوگوں نے رویتی بلوچی پگڑی بھی گورنر سندھ کو پہنائی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آج لیاری میں دورے پر مجھے لیاری والوں نے گلے لگایا، کہا آپ سے ہمیں امیدیں ہیں، میں نے لیاری والوں کو کہا آپ کے پاس تو بڑے بڑے لیڈر ہیں، لیاری والوں نے کہا کہ سب لیڈروں کی ایسی کی تیسی۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاری میں بجلی گیس پانی کا مسئلہ ہے، اس شہر میں واٹر ہائیڈرنٹ صرف 7،8 لوگوں کے ہیں ، غلام نبی نامی بندے کو میں نے بلایا تو اس نے کہا کہ میرے 1200 واٹر ٹینکر ہیں، اس شخص نے اتنے پیسے کہاں سے کمائے کہ اس کے پاس 1200 ٹینکر ہیں۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ میرے پاس پورا فارمولا ہے جس کے تحت 300 یونٹ تک بجلی مفت مل سکتی ہے، وزیراعظم سمجھدار آدمی ہیں، عید کے بعد کراچی اور صوبے کے مسائل پر وزیراعظم سے بات کروں گا۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مجھے 70 ہزار لوگوں نے درخواستیں دی ہیں، میرا کمرا بھر گیا ہے، عید کے بعد میڈیا کو وہ 70 ہزار درخواستیں دکھاؤں گا۔

حکومت عدالت میں پاؤں اور میڈیا پر گلے پڑتی ہے: شیخ رشید احمد

لاہور: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے حکومت چیمبر کے اندر اور عدالت میں پاؤں پڑتی ہے جبکہ میڈیا کے سامنے ٹارزن بنتی اور گلے پڑتی ہے۔
سماجی رابطی کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکمران سامان باندھ لیں ،گاڑی چھوٹنے والی ہے، ساری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، عید کے بعد بڑی خبر آسکتی ہے، نگران حکومتیں ختم ہوچکیں،14مئی کو صوبائی الیکشن ہوں گے۔
شیخ رشید نے کہا حکومت توہین عدالت میں نااہلی ، عدم اعتمادی اور آرٹیکل6 کے ریڈار میں آسکتی ہے، سپریم کورٹ نے کہہ دہا ہے سپلیمنٹری گرانٹ کا مسترد ہونا حکومت پر عدم اعتماد ہے، عدلیہ نے ہر قسم کے دباؤ کو مسترد کرکے آئین اور قانون کا جھنڈا اٹھایا ہوا ہے، عدلیہ ہی جیتے گی۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا نوازشریف ،شہبازشریف کے فون کے بعد فضل الرحمان نے پر تشدد اور دہشت گردانہ کانفرنس کی، مندر کا ہتھوڑا، بندوق کی نوک اور گینگ آف تھری کے سیاستدانوں کے الفاظ کا استعمال مذاکرات نہیں بلکہ عدلیہ سے کھلی جنگ ہے، حکومت چیمبر کے اندر اور عدالت میں پاؤں پڑتی ہے جبکہ میڈیا کے سامنے ٹارزن بنتی اور گلے پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ باپ سپریم کورٹ کو خوش آئند بیٹا بندوق کی نوک کہتا ہے، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں سب کو پابند کردیا ہے، جوسپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانے گا وہ قانون کے شکنجے میں آئے گا، پاکستان دوست ممالک بھی پاکستان میں سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کاسٹاف لیول معاہدہ کھٹائی میں پڑچکا ہے، سعودی عرب یو اے ای کی امداد اور امریکی یقین دہانیاں بھی کام نہیں آ سکی، چین کی ہدایات اورمشورے پس پشت نہ ڈالےجائیں، نااہل حکومت کوطول دینے کے لیے ملک کوتنہائی کی دلدل میں پھینکا جارہا ہے، آئین اور قانون کو نہ ماننا غداری کے زمرے میں آتا ہے۔

سیاستدان عیدالفطر اپنے اپنے آبائی علاقوں میں منائیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی سیاستدان عیدالفطر کی خوشیاں اپنے اپنے آبائی علاقوں میں منائیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کراچی اور وزیراعظم شہباز شریف لاہور میں عید منائیں گے، سابق وزیراعظم عمران خان بھی عید کا دن لاہور میں گزاریں گے، سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز جدہ میں عید منائیں گی۔
سابق صدر مملکت آصف زرداری نوابشاہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو لاڑکانہ میں عید منائیں گے، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ فیصل آباد ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف گوجرخان میں عید منائیں گے، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہٰی گجرات اور چودھری مونس الہٰی عید کے ایام لندن میں گزاریں گے۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملتان میں عید منائیں گے، فواد چودھری جہلم ، منظور وٹو اوکاڑہ اور مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان میں عید منائیں گے۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی، سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہبازبھی لاہور میں عید منائیں گے، گورنرپنجاب بلیغ الرحمان، سابق گورنرپنجاب چودھری سرور، سردار لطیف کھوسہ بھی عید کے ایام لاہور میں گزاریں گے، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، ایازصادق، نگران صوبائی وزیرجاوید اکرم بھی لاہور میں عید کی خوشیاں منائیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، سینیٹر اعجاز چودھری بھی عید پر لاہور میں ہوں گے، سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، اعتزاز احسن، ہمایوں اختر خان بھی لاہور میں عید گزاریں گے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم لاہور میں عید منائیں گے۔
شیخ رشید، چودھری نثار اور نگران صوبائی وزیر جمال ناصر راولپنڈی میں عید کی خوشیاں منائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شیریں مزاری اور رضا ربانی کراچی میں عید منائیں گے۔

اشتعال انگیز تقاریر کیس: علی امین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

شکارپور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما علی امین گنڈاپور کو شکارپور کی مقامی عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
علی امین گنڈا پورکو اشتعال انگیز تقاریر کے کیس میں سپیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا جہاں پولیس نے ان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے پولیس کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئےعلی امین گنڈا پورکا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا اور ان کو سکھر سینٹرل جیل بھیج دیا۔
عدالت نے رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈا پور کو 26 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ ریاست مخالف تقاریر اور ٹویٹ کرنے پر شکارپور کے مقامی شخص امان اللہ کی جانب سے علی امین گنڈا پور کیخلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی تھی۔

عدالتی فیصلے کے باوجود سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل قانون بن گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عدالتی فیصلے کے باوجود ’سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل‘ باقاعدہ قانون بن گیا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے عدالتی اصلاحات سے متعلق بل ’سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر‘ کے باقاعدہ قانون بن جانے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے گزٹ نوٹیفکیشن کی ہدایت کردی۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق بل اب قانون کی شکل میں نافذ ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ یہ بل 10 اپریل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کثرت رائے سے ترامیم کے ساتھ منظوری کے بعد 11 اپریل کو صدر مملکت عارف علوی کو دوبارہ بھجوادیا گیا تھا تاہم صدر نے دوسری بات بھی بل پردستخط کیے بغیر اسے واپس بھجوا دیا تھا۔
صدر کے 10 دن تک دستخط نہ کیے جانے کی صورت مین بل از خود قانون بن جانا تھا، اسی لیے اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے 10 دن کی مدت پوری ہوتے ہی ’سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر‘ کے باقاعدہ قانون بن جانے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے آٹھ رکنی بنچ نے 13 اپریل کو عدالتی اصلاحاتی بل روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے بعد چیف جسٹس کا تحریر کردہ 8 صفحات پرمشتمل حکم نامہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ایکٹ بادی النظر میں عدلیہ کی آزادی اور اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، بل قانون کا حصہ بنتے ہی عدلیہ کی آزادی میں مداخلت شروع ہوجائے گی، بل پر عبوری حکم کے ذریعے عملدرآمد روکنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، اس دوران عبوری حکم نامہ جاری کرنا ضروری ہے۔
سپریم کورٹ کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ صدر دستخط کریں یا نہ کریں دونوں صورتوں میں یہ تا حکم ثانی نافذ العمل نہیں ہو گا، عدالت کسی قانون کو معطل نہیں کر سکتی، بادی النظر میں بل کے ذریعے عدلیہ کی آزادی میں مداخلت کی گئی۔
عدالتی حکم نامے میں مزید کہا گیا تھا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت 2 مئی کو ہوگی، حکم امتناعی کا اجرا ناقابل تلافی خطرے سے بچنے کیلئے ضروری ہے، سیاسی جماعتیں چاہیں تو اپنے وکلاء کے ذریعے فریق بن سکتی ہیں۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیا ہے؟
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل کے قانون بننے سےسو موٹو نوٹس لینے کا اختیار اب اعلیٰ عدلیہ کے 3 سینئر ترین ججز کے پاس ہوگا
اس کے تحت چیف جسٹس کا ازخود نوٹس کا اختیار محدود ہوگا، بنچوں کی تشکیل اور از خود نوٹس کا فیصلہ ایک کمیٹی کرے گی جس میں چیف جسٹس اور دو سینئر ترین ججز ہوں گے۔
نئی قانون سازی کے تحت نواز شریف کو از خود نوٹس پر ملی سزا پر اپیل کا حق ملے گا جبکہ نااہل قرار پانے والے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، جہانگیر ترین اور دیگر فریق بھی اپنے خلاف فیصلوں کو چیلنج کرسکیں گے۔

عیدالفطر پر صدر مملکت کا قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عیدالفطر کی مناسبت سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 یوم کی کمی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب کی جیلوں میں بند 129 قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔
عید الفطر کی مناسبت سے سزاؤں میں کمی کے اعلان کے تحت مجموعی طور پر 2610 قیدیوں کو فائدہ پہنچا، اسی سلسلے میں سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی سے بھی صدر مملکت کی خصوصی معافی کے تحت 39 اسیروں کو رہائی ملی جبکہ مجموعی طور پر 415 قیدیوں کی سزاؤں میں کمی ہوئی۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چند روز قبل عید الفطر کی مناسبت سے قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کی منظوری دی تھی۔
ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کی منظوری دی۔
قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اطلاق زنا، قتل، جاسوسی، ریاست مخالف سرگرمیوں اور دہشت گردی سمیت دیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں سزا یافتہ قیدیوں پر نہیں ہوگا، علاوہ ازیں سزاؤں میں کمی کا اطلاق مالی جرائم اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق سزاؤں میں کمی کا اطلاق 65 سال سے زائد عمر کے مرد اور 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدیوں پر ہوگا، تاہم لازمی ہے کہ وہ سزا کی میعاد کی ایک تہائی قید کاٹ چکے ہوں، اسی طرح 18 سال سے کم عمر افراد جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ہیں ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔

زمان پارک میں آپریشن کا خدشہ، بشری بی بی کا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو مراسلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) عیدالفطر کے موقع پر زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خدشے کے پیش نظر عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر کو مراسلہ لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے زمان پارک میں عید کے موقع پر ممکنہ آپریشن کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سمیت دیگر کو اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے مراسلہ ارسال کیا ہے۔
مراسلے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ عید کے موقع پر پولیس کی جانب سے زمان پارک میں آپریشن کا خدشہ ہے، لارجر بینچ کا فیصلہ موجود ہے تاہم عدالتی حکم کی غلط تشریح کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، پہلے بھی عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آپریشن کیا گیا۔
مراسلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ وزیراعظم اور نگراں وزیر اعلی پنجاب سمیت دیگر حکام عدالتی حکم کی پاسداری کرتے ہوئے کسی بھی آپریشن سے باز رہیں، اگر زمان پارک آپریشن کیا گیا تو اعلی عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔
یاد رہے گزشتہ روز بھی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے عید کے موقع پر زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کے خدشات کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت نے بشری بی بی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔
واضح رہے اس سے قبل لاہور اور اسلام آباد کی ہائیکورٹس نے عمران خان کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے تھے، وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ بھی کہہ چکے ہیں کہ عمران خان عید سکون سے گزاریں انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

نواز شریف اور سعودی ولی کے درمیان ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

جدہ: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں مریم نواز بھی موجود تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان اور نواز شریف کی ملاقات مثبت رہی جب کہ شاہی محل میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں (ن) لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز بھی موجود تھیں۔
مریم اورنگزیب کے مطابق کہ نواز شریف اور محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے اور پاکستان کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر نواز شریف نے سعودی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ نواز شریف اور مریم نواز خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کے بعد سعودی عرب میں موجود ہیں۔