All posts by admin

کراچی: گھر میں سلنڈر پھٹنے سے میاں بیوی سمیت 4 افراد زخمی

کراچی: (ویب ڈیسک) گھر میں سلنڈر پھٹنے سے میاں بیوی سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق نیو کراچی سیکٹر 4 ڈی میں گھر کے اندر زور دار دھماکا ہوا، دھماکے کے بعد کچن کی دیوار کو نقصان پہنچا اور کچن کا سامان بھی گر گیا، دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جن میں میاں بیوی اور 2 بچے شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمی افراد کی شناخت 40 سالہ عبدالرحمٰن، 35 سالہ سمیرا، 15 سالہ فزاء اور 10 سالہ یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔

کچہ رجوانی: دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا پولیس پر راکٹ لانچروں سے حملہ

صادق آباد: (ویب ڈیسک) کچہ رجوانی کے علاقے میں دہشت گردوں اور کچہ کے جرائم پیشہ عناصر نے پولیس پر راکٹ لانچروں اور لانگ رینج ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔
شرپسندوں کے حملے میں پولیس کی اے پی سی کو معمولی نقصان پہنچا، جوابی کارروائی میں دہشت گرد و ڈاکو پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے، پولیس نے علاقے میں قابل سکھانی اور لاٹھانی گینگ کے 18 ، 20 خطرناک ملزمان اور دہشت گردوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لینے اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے جنوبی پنجاب روانہ ہوگئے، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق کچہ مورو اور کچہ جمال کے علاقے کلیئر کروا لئے گئے ہیں، گزشتہ برس ہونے والے آپریشن کے دوران یہاں شہادتیں ہوئی تھیں تاہم اس برس بغیر کسی نقصان کے دونوں علاقے کلیئر کرائے گئے ہیں۔
کچہ پولیس آپریشن تیرھویں روز جاری ہے، اس دوران رحیم یار خان پولیس نے اب تک 20 ڈاکو گرفتار کر لئے ہیں جب کہ 3 ہلاک ہو چکے ہیں، پولیس نے کچہ کا مزید ہزاروں ایکڑ رقبہ جرائم پیشہ عناصر سے پاک کر دیا ہے، پولیس کی مؤثر حکمت عملی سے سکھانی گینگ کی مزاحمت دن بہ دن کمزور پڑ رہی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس کچہ آپریشن کو کامیاب بنا کر اہل علاقہ کو مستقل امن کا تحفہ دے گی، علاقہ میں امن کا مستقل قیام ہماری عید کا دن ہو گا۔

شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا 85 واں یومِ وفات

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے قومی شاعر اور مفّکر اسلام علامہ محمد اقبال کا 85 واں یوم وفات عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے معروف شاعر، مصنف، قانون دان، سیاستدان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔
علامہ محمد اقبال نے تصوّر پاکستان پیش کر کے برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کو پہلی دفعہ باقاعدہ شکل میں پیش کیا، اس کے ساتھ ساتھ انہیں عالم اسلام کے ایک معروف شاعر فلسفی اور مفّکر کی حیثیت سے بھی پہچانا جاتا ہے۔
اقبال، مولانا جلال الدین رومی کو اپنا مرشد مانتے تھے اور اپنے فلسفہ خودی و بے خودی میں انہوں نے مولانا جلال الدین رومی کی طرح قرآن کو اپنا رہبر بنایا۔
یہی وجہ ہے کہ فریڈرک نطشے، ہنری برگساں اور گوئٹے جیسے مفّکرین کے فلسفوں پر مکمل دسترس کے باوجود ان کے ہاں مولانا رومی اور ان کے اسلامی فلسفے کا رنگ حاوی دکھائی دیتا ہے۔
علامہ اقبال نے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لئے نسلی و فرقہ وارانہ تفریق کو بالائے طاق رکھ کر باہم متحد ہونے کی تلقین کی، ان کے دل میں صرف برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ہی نہیں پورے عالم اسلام کے لئے تڑپ تھی۔
خاص طور پر سلطنت عثمانی کے لئے انہوں نے بہت پُر اثر اشعار لکھے اور جنگ نجات کے دوران ترکوں کی مدد کے لئے مسلمانوں کو منّظم کیا اور جمع ہونے والی ڈیڑھ ملین اسٹرلن پر مشتمل رقم کو انقرہ بھیجا۔
انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی جو تحریکِ آزادی میں نہایت کارگر ثابت ہوئی۔
آپ نے تمام عمر مسلمانوں میں بیداری و احساسِ ذمہ داری پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھیں اور 21 اپریل 1938 کو اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

کرچی سمیت ملک بھر میں بوہری برادری آج عیدالفطر منا رہی ہے

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی سمیت ملک بھر میں بوہری برادری آج عید الفطر منا رہی ہے۔
کراچی کے بڑے کاروباری علاقے صدر اور اس کے اطراف میں رہائش پزیر بوہری برداری نے نماز عید طاہری مسجد میں ادا کی۔
نمازِ عید کی ادائیگی کے دوران صدر طاہری مسجد کی طرف آنے والی سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا تھا۔
بوہری براداری کی جانب سے نمازِ عید الفطر میں ملک کی سالمیت اور امن و سلامتی کی دعائیں مانگی گئیں، بوہری برادری کے افراد نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی۔
بوہری برادری کے نماز عید کے اجتماع کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

مسجدالحرام، مسجدنبویﷺ میں نمازعید کے روح پرور اجتماعات، لاکھوں افراد شریک

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی عرب، ترکیہ، عراق، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے جبکہ مسجدالحرام اور مسجدنبویﷺ میں نمازعید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
سعودی فرماں روا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے عید الفطر کے موقع پر قوم سے خطاب میں کہا کہ ہمیں آپ کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہورہی ہے، اللہ ہمارے ماہ صیام کے روزے، عبادات اور نیک اعمال قبول فرمائے۔
عیدالفطر کے خطبے میں امام مسجد نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبرکا درس دے گیا ہے اس کو قائم رکھو اور اچھے برے کا فرق بتایا اور سمجھایا گیا ہے کہ کسی کے حقوق سلب نہ کرو اپنے برابر سمجھو۔
مزید کہا کہ حُسن اخلاق رکھو اور معاشرے اچھائی کا سبب بنو کیونکہ اتحاد سب سے بڑی مسلمان کی طاقت ہے جبکہ زندگی اللہ کی دی ہوئی امانت ہے اس کو سنوارو، زبان،رنگ اور نسل سے اوپر انسانیت ہے توحید پر ایمان رکھو یہی ایمان کا جزو ہے۔
خادمین حرمین شریفین، ولی عہد نے سعودی عرب کے عوام اور تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارک باد دی
گزشتہ روز سعودی حکام نے چاند کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب میں جمعۃ المبارک 21 اپریل کو عیدالفطر منائی جائے گی۔
حرمین انفو نامی ٹوئٹر اکاونٹ سے چند تصاویر شئیر کی گئی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خانہ کعبہ میں لاکھوں کی تعداد میں افراد نمازعید کی ادائیگی کر رہے ہیں۔
نماز عیدالفطر کے روح پرور اجتماع میں 20 لاکھ سے زائد عمرہ زائرین نے نماز عیدالفطر ادا کی۔
ادھر افغانستان، ترکمانستان، ازبکستان سمیت وسط ایشیائی ریاستوں، امریکا، برطانیہ اور یورپی ممالک میں بھی آج عید منائی جارہی ہے۔
ایران، اومان، بھارت، بنگلادیش، ملائیشیا، انڈونیشیا میں چاند نظر نہیں آیا، اس لیے عید کل منائی جائے گی جبکہ جاپان، برونئی، آسٹریلیا، جاپان، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ میں بھی چاند رات آج ہوگی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ٹی 20 بارش کے باعث منسوخ کردیاگیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے چوتھے ٹی 20 میچ کو بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نےپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے، مارک چیمپن 71 رنز کی جارحانہ اننگز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ٹام لیتھم 13، ول ینگ 6 اور ڈیرل مچل 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ چیڈ باؤس نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 3، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کے چوتھے اور راولپنڈی میں ہونیوالے پہلے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دے دی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو 5 میچز کی سیریز میں قومی ٹیم کو دو ایک کی برتری حاصل ہے۔

سابق صدر آصف زرداری نوابشاہ پہنچ گئے، عید وہیں منائیں گے

نواب شاہ: (ویب ڈیسک) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نواب شاہ پہنچ گئے۔
سابق صدر آصف علی زرداری عید نواب شاہ میں ہی منائیں گے، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ساتھ ان کی ہمشیرہ ایم پی اے فریال تالپور بھی موجود ہیں
آصف زرداری کی آمد کی وجہ سے زرداری ہاؤس کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کر دیئے گئے، اس سے قبل سابق صدر نے ٹنڈوجام کا بھی نجی دورہ کیا تھا۔

خاتون جج دھمکی کیس، پولیس وارنٹ کی تعمیل کروانے زمان پارک جائے گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خاتون جج دھمکی کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے جاری وارنٹ کی کاپی منظرعام پر آگئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہوئے ہیں، اسلام آباد پولیس وارنٹ کی تعمیل کروانے زمان پارک جائے گی، عمران خان کے 20 ہزار روپے ضمانت کے عوض وارنٹ جاری ہوئے۔
عمران خان کی لیگل ٹیم ضمانت کی ادائیگی کیلئے پولیس سے رابطے میں ہے، لیگل ٹیم ضمانت کی ادائیگی کر کے وارنٹ وصول کر لے گی، عدالت کی جانب سے عمران خان کو 25 مئی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

سیاحوں کیلئے بری خبر، گلیشیئر پھٹنے کی وجہ سے ناران کاغان روڈ ٹریفک کیلئے بند

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقے کاغان کے قریب گلیشیئر پھٹنے سے مین ناران کاغان روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہو گئی۔
صوبائی انتظامیہ نے سیاحوں کوعیدالفطر کی تعطیلات میں ناران ، کاغان کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کر دی، سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ سیاحت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکمے بھی الرٹ ہیں۔
ترجمان محکمہ سیاحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی معلومات یا ہنگامی صورت حال میں سیاحتی ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کمراٹ روڈ بھی مکمل بند ہے، سیاح عید الفطر کی چھٹیوں میں کمراٹ آنے سے بھی اجتناب کریں۔

بھارت نے جی 20 اجلاس کی ممکنہ ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا شروع کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) کھسیانی بلی کھمبا نوچے، بھارت نے جی 20 اجلاس کی ممکنہ ناکامی کا ملبہ پاکستان کے سر ڈالنا شروع کر دیا۔
3 بجے کے قریب ضلع راجوڑی میں فوجی ٹرک میں لگنے والی آگ اور نتیجتاً 4 فوجیوں کی ہلاکت کی وجہ آسمانی بجلی کو قرار دیا، شام 6 بجے بھارتی فوج نے حادثے کو نامعلوم دہشت گردوں کی طرف سے گرینیڈ حملہ قرار دے دیا۔
7 بجے کے بعد بھارتی میڈیا، سابق سرکاری اہلکاروں اور مودی نواز صحافیوں نے حملے کے پیچھے لشکر طیبہ اور دیگر کالعدم تنظیموں کا ہاتھ قرار دے ڈالا، بعض ریٹائرڈ افسران اور تجزیہ نگاروں نے تو اعلانیہ پاکستان پر الزام لگانا شروع کر دیا۔
بھارت نے جی 20 ممالک کا اجلاس 21 سے 23 مئی کے دوران سرینگر میں منعقد کروانے کا اعلان کر رکھا ہے، اجلاس کا مقصد عالمی دنیا کو یہ باور کروانا تھا کہ کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بالکل نارمل ہے، امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور کشمیر کی متنازعہ حیثیت کے پیش نظر بیشتر جی 20ممالک کی شرکت سے معذرت کی وجہ سے مودی سرکار شدید دباؤ کا شکار تھی۔
اجلاس کے دوران کشمیریوں کی طرف سے شدید احتجاج اور ہڑتالوں کے خدشات بھی مودی سرکار کیلئے درد سر بنے ہوئے تھے، جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو پاکستان کی طرف سے امن کی پیشکش بھی ایک آنکھ نہ بھائی۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی گووا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ممکنہ شرکت نے بھی بھارت کے پاکستان کو خارجی محاذ پر تنہا کرنے کی کوششوں پر پانی پھیر دیا تھا، ماہرین کے مطابق بادی النظر میں راجوڑی واقعہ بھی پلوامہ طرز کا خود ساختہ حملہ لگتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خودساختہ راجوڑی واقعے کا مقصد جی 20 اجلاس کو سرینگر سے کہیں اور منتقل کرنا ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق واقعے کو جواز بنا کر بھارت پاکستانی وزیر خارجہ کی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت سے بھی معزرت کر سکتا ہے۔

عمران خان کا رویہ اچھا نہیں، ان سے مذاکرات کیلئے دل گردہ چاہیے: مراد شاہ

جیکب آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا جو رویہ رہا ہے اس کیلئے بڑا دل گردہ ہونا چاہیے کہ ایسے شخص کیساتھ بات کی جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے کچھ اضلاع میں ڈاکوؤں سے مقابلے کیلئے پولیس نے اقدامات کیے ہیں، پولیس نے ڈاکوؤں کو سرغنوں کو مقابلے کے بعد ہلاک کیا ہے، پنجاب کی طرف آپریشن کے بعد ہم نے سندھ میں بھی ایک حکمت عملی جوڑی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا ہے کہ ہمارا یہی پلان ہے کہ دریاؤں کے بندوں پر چوکیاں قائم کی جائیں، ڈاکوؤں کی نقل حرکت اور ان تک اسلحہ پہنچانے کی روک تھام کی جائے، پہلے سندھ کے کچھ علاقے نوگو ایریاز تھے، اب حالات کچھ بہتر ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اس ملک میں آئین اور ہر ادارے کا مینڈیٹ ہے کہ وہ کام کرے اور اس کا تعین ہو، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیچیدگیاں بڑھ رہی ہیں، فیصلے کے بعد مسئلے حل ہوں تو ہر کوئی ماننے کیلئے تیار ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئین میں 90 روز میں الیکشن کرانا ہے، خالی نشستوں پر بھی جلد الیکشن کرانا ہیں، ہم ساری سیاسی جماعتوں کے اپنے نظریے ہیں، ہم ضرور اکٹھے ہوکر حکومت کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ڈائیلاگ پر یقین رکھا ہے۔
انہوں نے کہا آصف زرداری اور بلاول بھٹو ہمیشہ بات کرنے کیلئے تیار ہیں، مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کا اپنا موقف ہے وہ بھی غلط نہیں ہیں، ہم نے اپنے قائد ذوالفقار علی بھٹو اور متحرمہ بینظیر بھٹو کو کھو دیا پھر بھی آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تھا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی کا داتا دربار کی بند پارکنگ فوری فعال کرنے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا داتا دربار آنے والے زائرین کی سہولت کیلئے اہم اقدام، محسن نقوی نے داتا دربار کی 13 برس سے بند پارکنگ کو فوری طور پر فنکشنل کرنے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں داتا در کی پارکنگ اور زائرین کیلئے سہولتوں کی فراہمی سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اوقاف، ڈپٹی کمشنر لاہور، نیسپاک کے افسران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
محسن نقوی نے داتا دربار کی 13 برس سے بند پارکنگ کو فوری طور پر فنکشنل کرنے کا حکم دیا، اس موقع پر کربلا گامے شاہ موڑ سے داتا دربار آنے والی ٹریفک ون وے کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ داتا دربار پارکنگ میں زائرین کی صرف چھوٹی گاڑیاں جا سکیں گی جبکہ لوڈر گاڑیاں اور ٹرک پارکنگ میں نہیں جا سکیں گے، پارکنگ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے بہترین سکیورٹی کمپنی کی خدمات مستعارلی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پارکنگ میں سکیورٹی اور سرویلنس کے جدید ترین آلات کے ذریعے مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے گا، نگران وزیراعلیٰ نے پلان پر جلد از جلد عملدررآمد کر نے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ زائرین کی سہولت اور ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے 2010 سے بند کار پارکنگ کو کھولا جا رہا ہے، داتا دربار پیدل جانے والے زائرین کیلئے فٹ پاتھ پر محفوظ راستہ بنایا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابی شیڈول تبدیل کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں انتخابی شیڈول تبدیل کر دیا۔
نئے شیڈول کے مطابق امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کرنے کی آخری تاریخ 26 اپریل مقرر کی گئی ہے۔
پنجاب کے انتخابی شیڈول میں تبدیلی عید کی چھٹیوں کے باعث کی گئی، الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کرنے کی آخری مہلت آج رات 12بجے تھی۔