All posts by admin

مسلم لیگ(ن)، پی پی پی کا انتخابی اصلاحات کا فیصلہ، نگران سیٹ اپ کے خاتمے پر اتفاق

 اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے انتخابی عمل میں اصلاحات کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی نے نگران سیٹ اپ کا نظام ختم کرنے کی تجویز پر اتفاق کرلیا ہے اور انتخابی اصلاحات کے لیے قانون کا مسودہ بھی تیار کر لیا جائے گا۔

اتحادی جماعتوں نے نگران سیٹ اپ کے حوالے سے اتفاق کیا ہے کہ مدت پوری کرنے والی حکومت کا سربراہ ہی نئے عام انتخابات تک ذمہ داریاں انجام دے گا، مدت پوری ہونے کے بعد وزیراعظم کی کابینہ تحلیل ہو جائے گی لیکن وزیراعظم کام جاری رکھیں گے۔

انتخابی اصلاحات کے تحت الیکشن کا عمل سادہ اور  آسان بنانے کے لیے بھی سفارشات مرتب کی جائیں گی اور دونوں جماعتیں مجوزہ اصلاحات پر دیگر جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں گی۔

صدارتی انتخاب: سندھ اسمبلی کی تین مخصوص نشستیں فیصلہ کن ہونے پر شمار نہیں ہونگی، ہائیکورٹ

  کراچی: سندھ اسمبلی کی تین مخصوص نشستوں کو فیصلہ کن ہونے کی صورت میں صدارتی انتخابات میں شمار نہیں کیا جائے گا۔

سندھ ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کو سندھ میں مخصوص نشستیں نہ دینے کے خلاف درخواست پر ہونے والی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ تحریری حکم نامے میں عدالت نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی کی 3 مخصوص نشستوں کو فیصلہ کن ہونے کی صورت میں صدارتی انتخابات میں شمار نہیں کیا جائے گا۔

عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ صدارتی الیکشن میں عدالت سندھ اسمبلی کے اراکین کی جانب سے اپنے پسندیدہ  امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے عمل میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی ہے تاہم سندھ اسمبلی کے ان 3 ووٹوں کو فیصلہ کن ووٹ نہ سمجھا جائے جب تک درخواست کا حتمی فیصلہ نہ ہوجائے۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی جانب سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا گیا ہے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق سندھ حکومت نے موقف دیا ہے کہ سندھ اسمبلیوں کے تینوں اراکین 7 مارچ کو حلف لے چکے ہیں درخواست غیر موثر ہوچکی ہے۔ پیپلز پارٹی کی سمیتا افضال، ایم کیو ایم کی فوزیہ حمید اور پیپلز پارٹی کی اقلیتی نشست پر سریندر ولاسائی نے گزشتہ روز حلف لیا تھا۔

عدالت نے سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن، ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور دیگر سے 28 مارچ کو جواب طلب کرلیا۔

سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے حصول سے متعلق بیرسٹر علی طاہر کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ 8 فروری کے انتخابات میں انتہائی دھاندلی کے باوجود آزاد امیدواروں نے بڑی تعداد میں کامیابی حاصل کی، آزاد امیدواروں نے قانونی طریقے سے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی، سندھ اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کی اقلیت کی ایک اور خواتین کی 2 مخصوص نشستیں بنتی ہیں۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے یکم مارچ کو غیر آئینی فیصلے کے نتیجے میں سنی اتحاد کونسل کو ان نشستوں سے محروم کردیا، الیکشن کمیشن نے اقلیتی نشست پیپلز پارٹی کو دی جبکہ خواتین کی نشستیں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں تقسیم کردیں۔

درخواست گزار نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن پاکستان کا فیصلہ غیر آئینی و غیر قانونی قرار دیا جائے، سندھ اسمبلی میں مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو الاٹ کرنے کی ہدایت کی جائے۔

واضح رہے کہ درخواست میں وفاق پاکستان، چیف الیکشن کمشنر پاکستان و سندھ، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور مخصوص نشستوں پر کامیاب قرار دیئے گئے امیدواروں کو فریق بنایا گیا تھا۔

قومی اسمبلی میں ممبر کی سگریٹ نوشی پر ایاز صادق برہم

 اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں ممبر کی جانب سے سگریٹ نوشی پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ایک ممبر نے دوران کارروائی سگریٹ نوشی کی۔

اس پر ایاز صادق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی تاریخ میں ایک ممبر نے فلور پہ سگرٹ پی، یہ پارلیمانی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان میں پانی بھی پینا ہو تو اس کے لیے باقاعدہ اجازت لی جاتی ہے۔

ایاز صادق نے ارکان اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ اپنے ہمراہ کسی کو ساتھ نہ لائیں کیونکہ گیلری میں بیٹھ کر ٹک ٹاکر ویڈیوز بناتے ہیں، اگر آئندہ ایسا ہوا تو سخت ایکشن لیں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایوان میں موجود گیلریاں بھی ایوان کا حصہ ہیں۔

عریشہ رضی کی شادی کے بعد شوہر کے ہمراہ عمرہ ادائیگی

مدینہ منورہ: پاکستانی اداکارہ عریشہ رضی شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد عمرہ ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچ گئیں۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختلف تصاویر شیئر کی ہیں جس میں انہیں حرم شریف میں عبادت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے مدینہ اور مسجد نبوی سے اپنی تصاویر شیئر کی ہیں جس کو مداح بہت پسند کررہے ہیں۔

عریشہ رضی کی شادی حال ہی میں ہوئی ہے اور وہ عمرے کے روحانی سفر پر اپنے شوہر کے ساتھ گئی ہیں۔

پی ایس ایل 9: پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف

راولپنڈی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 کے 25 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیتنے کے لیے 197 رنز کا ہدف دے دیا۔

راولپنڈی میں جاری میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ٹام کوہلر کیڈمور 33، صائم ایوب 30، محمد حارث 20، حسیب اللہ خان 6، عامر جمال 5 جبکہ مہران ممتاز اور لیوک ووڈ 0، 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

روومن پاول 28 اور نوین الحق 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین نے 4 جبکہ سہیل خان، ابرار احمد اور محمد حسنین نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

پی ایس ایل 9: پشاور زلمی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بیٹنگ جاری

راولپنڈی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 میں کھیلے جانے 25 ویں میچ میں پشاور زلمی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ پشاور زلمی نے 13 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا لیے ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم 53،  صائم ایوب 30 ، محمد حارث 20 اور حسیب اللہ خان 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل خان، عقیل حسین اور ابرار احمد نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

کوئٹہ  گلیڈی ایٹرز: جیسن رائے، سعود شکیل، خواجہ نافع، رائلی روسو (کپتان)، عمیر بن یوسف، لوری ایونز، عقیل حسین، محمد حسنین، محمد عامر، ابرار احمد، سہیل خان

پشاور زلمی: صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، حسیب اللہ خان، روومن پاول، عامر جمال، لیوک ووڈ، نوین الحق، مہران ممتاز، خرم شہزاد

حکومتی اتحاد کا محسن نقوی کو سینیٹر کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ،وزیر داخلہ بنائے جانے کا امکان

 لاہور: حکومتی اتحاد نے سابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو سینیٹر کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، امکان ہے کہ انہیں وزیر داخلہ بنایا جائے گا۔

  مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سینیٹر کے لیے حکومتی اتحاد کے امیدوار ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کا عہدے اپنے پاس ہی رکھیں گے۔ دوسری جانب ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے ہے کہ سینیٹر منتخب ہونے کے بعد انہیں اہم وزارت دی جائے گی اور امکان ہے کہ انہیں وزیر داخلہ بنایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا محمود الحسن پنجاب سے پی پی کے سینیٹر کے امیدوار ہوں گے۔

مہنگائی میں اضافہ جاری، حالیہ ہفتے 14 اشیا کے نرخ بڑھ گئے

 اسلام آباد: ملک میں رمضان المبار ک کی آمد سے قبل مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان جاری ،  حالیہ ہفتے کے دوران  گرانی کی شرح میں1.11فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 14 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ، 14 کی قیمتوں میں کمی اور 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے کے دوران آلو انڈے،پیاز،ٹماٹر،بیف اورمٹن سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوئیں جن میں ایل پی جی کی قیمتوں میں4.43 فیصد، پیاز 33.86 فیصد،انڈے 2.66 فیصد، آلو 23.81 فیصد، ٹماٹر16.42فیصد،پٹرول 1.49فیصد،مٹن0.50 فیصد اوربیف کی قیمتوں میں1.38فیصد اضافہ ہوا۔

اس  کے برعکس  چکن کی قیمتوں میں6.95فیصد،چائے کی پتی 1.29 فیصد،دال مسور 0.26فیصد، کوکنگ آئل 0.96فیصد، سادہ روٹی 0.51فیصد، لہسن کی قیمت میں 0.39فیصد،ویجیٹیبل گھی 0.23فیصد اورگڑ کی قیمتوں میں0.40فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 27.43فیصد رہی۔

اسی طرح 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 31.40فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلے گرانی کی شرح 37.80فیصد ریکارڈ کی گئی۔

29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 24.48فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے  گرانی کی شرح 28.70فیصد رہی۔

قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب 4 اراکین نے حلف اٹھا لیا

قومی اسمبلی کے اجلاس میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے چار اراکین نے حلف اٹھا کر ممبرز آف رول پر دستخط کردیے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں تلاوت، حمد و ثنا اور نعت خوانی کے بعد سنی اتحاد کونسل کے رکن شاہد خٹک نے کورم کی نشاندہی کی۔ اس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے ممبران اسمبلی گنتی کی ہدایت کی۔

نعد ازاں نشستوں پر منتخب ہونے والے چار اراکین نے حلف اٹھایا جن سے اسپیکر نے حلف لیا، اس دوران اپوزیشن اراکین نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا۔ بعد ازاں منتخب ارکان نے حلف کے بعد ممبرز آف رول پر دستخط کیے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف لینا غیر آئینی اور توہین عدالت ہے، ہم فارم 47 کے تحت زبردستی جتوانے والوں کی مذمت کرتے ہیں اور یہ اُس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ہماری 180 ممبرز اسمبلی میں نہیں آتے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی عالمی دن پر غیر آئینی حلف لیکر خواتین کی مخصوص نشستوں پر ڈاکا مارا گیا۔

بیرسٹر گوہر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں اراکین سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے، ہمیں اس کوٹے کے مطابق مخصوص نشستیں ملنی ہیں، ہم نے چار مختلف درخواستیں الیکشن کمیشن کو بھیجیں، الیکشن کمیشن نے یکم مارچ کو فیصلہ کیا مگر اس کا 4 مارچ کو اعلان کیا جس پر ہائی کورٹ نے حکم امتناع دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکم امتناع ختم ہونے سے پہلے حلف لینا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ ہمیں الیکشن کمیشن یا پشاور ہائی کورٹ کا کوئی حکم موصول نہیں ہوا جبکہ اٹارنی جنرل نے کہا کہ آج جن ارکان نے حلف لیا ان میں خیبرپختونخوا کا کوئی رکن شامل نہیں کیونکہ پشاور ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ملک کی مختلف ہائی کورٹس میں گیا، لاہور ہائی کورٹ نے حلف نہ لینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں دیا، پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کا اطلاق پنجاب سندھ اور بلوچستان پر نہیں ہوتا۔

پاکستان سنگین بحرانوں سے گزر رہا ہے، کوئی جماعت اکیلے مسائل حل نہیں کرسکتی، مریم نواز، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت سنگین بحرانوں سے گزر رہا ہے، مخصوص جماعت نے معاشرے میں تقسیم پیدا کی ہے، سیاسی اختلاف کے باعث ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں، ہم سب کو مل کرتقسیم کو ختم کرنا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کوئی بھی جماعت اکیلے ملکی مسائل حل نہیں کرسکتی، ہم جھگڑوں کو آگے لے کر چلیں تو عوام کا نقصان ہوگا، اتحادی جماعتوں کا ایجنڈا ملک کو بحران سے نکالنا ہے،

ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ مریم نواز کو پہلی وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتا ہوں، مریم نواز کے رمضان پیکج سےغریب عوام کو فائدہ ہوگا، غریب عوام کی خدمت ہم سب کا فرض ہے، غریب اور متوسط طبقے کا خاص رکھا جائے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج میں پنجاب میں والد کے لیے ووٹ مانگنے آیا ہوں، میرے والد آپ کا ایسا خیال رکھیں گے جیسا میرا رکھتے ہیں، پاکستان اس وقت سنگین بحرانوں سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مخصوص جماعت نے معاشرے میں تقسیم پیدا کی ہے، سیاسی اختلاف کے باعث ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں، ہم سب کو مل کرتقسیم کو ختم کرنا ہے، معاشی بحران اور امن وامان کے مسائل سے مل کر نمٹیں گے، ہم مل کرتمام مسائل کا مقابلہ کریں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ آپ نہ بھی مانگتے تو بھی ن لیگ آصف زرداری کو ووٹ دیتی، بہت شکریہ آپ آئے، سب سے ملاقات ہوگئی، ہم جھگڑوں کو آگے لے کر چلیں توعوام کا نقصان ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم الیکشن میں مدمقابل تھے، جمہوریت میں مقابلہ ہوتا ہے، ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کے لیے فیصلہ کرنا ہوتا ہے، کوئی بھی جماعت اکیلے ملکی مسائل حل نہیں کرسکتی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھاکہ اتحادی جماعتوں کا ایجنڈا ملک کو بحران سے نکالنا ہے، رمضان پیکج میں بلاتفریق سب کی امداد کی جارہی ہے، آج خواتین کا عالمی دن ہے، ایسا لگتا ہے کہ پنجاب اسمبلی پر خواتین کا قبضہ ہے، میں تمام جماعتوں کی وزیراعلی ہوں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت نوکریوں میں خواتین کا کوٹہ 15 فیصد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا میری ریڈ لائن ہے، مجھے بھی ہراسانی سمیت دیگر معاملات نے کندن بنایا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے فاطمہ جناح، بے نظیر بھٹو اور والدہ کی یاد آرہی ہیں، آصف زرداری سیاسی اتار چڑھاؤ کو سمجھتے ہیں، گزشتہ 5 سال سے ایوان صدر سے آئین شکنی ہوتی رہی، صدر مملکت کسی جماعت کا نہیں پورے ملک کا ہوتا ہے، صدر مملکت کی ذمہ داری پورے ملک کا خیال کرنا ہے، امید ہے کہ اب آئین شکنی کی روایت ٹوٹے گی۔

اس سے قبل پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز سے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں ملاقات کی اور صدارتی انتخاب کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کل ہونے والے صدارتی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے گورنر ہاؤس لاہور پہنچے جہاں پاکستان مسلم لیگ(ن)، پاکستان پیپلزپارٹی اور دیگر ارکان کا اجلاس ہوا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کے موقع پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ملاقات میں کل ہونے والے صدارتی الیکشن پر مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری سے صدارتی الیکشن میں ووٹرز کی تعداد کے بارے میں بات چیت کی۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اسمبلی میں رکن پی پی پی علی حیدر گیلانی سمیت پارٹی کے دیگر ارکان اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔

بعد ازاں مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کی، مریم نواز نے کہا کہ آصف علی زرداری صدر پاکستان کے لیے ہمارے امیدوار ہیں، یہ فیصلہ پارٹی اور اتحادی حکومت کا ہے۔

عمران خان سے صرف وہ لوگ ملاقات کریں جن کے نام وہ خود دیں، اسلام آباد ہائی کورٹ

 اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں صرف ان لوگوں کی ملاقات کرائی جائے جن کے نام وہ خود دیں اس کے سوا کوئی ملاقات کی درخواست نہیں دے سکے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب، اسد قیصر اور دیگر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

جیل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ انہوں نے مشاورت سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کیلئے دن مقرر کیے تھے لیکن اب ان سے ملاقات کرنے والوں کی تعداد بڑھ گئی ہے، بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کی وجہ سے بہت سے کام روکنے پڑتے ہیں، دو روز قبل اڈیالہ جیل کی بیک سائیڈ سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا، دو ملزمان گرفتار کیے گئے کل سارا دن سرچ آپریشن جاری رہا جس کے باعث پی ٹی آئی رہنماؤں کو جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، استدعا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کرنے کے دن مقرر رہنے دیے جائیں۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا منگل اور جمعرات کے دو دن مقرر ہیں جن میں دو دو سیشن ہوتے ہیں، ایک سیشن میں چھ افراد ملاقات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے سماعت رمضان کے بعد تک ملتوی کرنے کی استدعا کی تو شیر افضل مروت نے کہا رمضان میں تو خان صاحب باہر آجائیں گے  یہ درخواست ہی غیر موثر کروانا چاہتے ہیں جس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

عدالت نے ہدایات جاری کرتے ہوئے سماعت 15 مارچ تک ملتوی کردی۔

دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ نے علامہ راجہ ناصر عباس کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کی درخواست پر سماعت کی۔

پٹیشنر اپنی وکیل ایمان مزاری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ درخواست دینے کے باوجود ان کی بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات نہیں کرائی گئی اس لیے عدالت سے رجوع کیا۔

عدالت نے سپرتٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو جیل مینئول کے مطابق ملاقات کرانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی ۔ اسی عدالت نے فردوس شمیم نقوی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست پر سپرنٹنڈنٹ جیل اسد وڑائچ کو نوٹس جاری کر کے رپورٹ طلب کرلی۔

ملاقات میں سیکیورٹی کو عمران خان سے دور کھڑا رہنے کی ہدایت کردی، سپرنٹنڈنٹ جیل

سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقاتوں کے دوران ان کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے دوران سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو ملاقاتیوں سے کچھ دور رہنے کی ہدایت کردی ہے، سکیورٹی اہلکار اب بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں کے دوران ہونے والی گفتگو نہیں سن سکیں گے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اسد وڑائچ نے توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریری جواب جمع کرایا ہے کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے تمام احکامات کی پاسداری کی گئی ۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے وکلاء سے مشاورت کے بعد چھ بیچ تشکیل دے دیئے گئے ہیں، وکلاء کو کبھی بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے نہیں روکا جائے گا، انہیں دستاویزات اور مطلوبہ اسٹیشنری بھی جیل کے اندر لے جانے کی اجازت دی جائے گی۔

اسد وڑائچ نے بتایا کہ دستاویزات کو جیل حکام کی جانب سے کبھی قبضے میں نہیں لیا جاتا البتہ انہیں سکیورٹی اسکینر سے گزارا جاتا ہے جس میں دستاویزات کو کاپی کرنے کی صلاحیت موجود نہیں ہے، جیل حکام کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے وکلاء سے ہمیشہ عزت و تکریم کا رویہ اپنایا جاتا ہے۔

کینسر کے علاج میں بڑی پیشرفت، بال سے زیادہ باریک سوئی ایجاد

لیڈز: سائنس دانوں نے انسانی بال سے 500 گُنا زیادہ مہین سوئی بنائی ہے جو کینسر کی بیماری کے نئےعلاج کے لیے راہ ہموار کر سکتی ہے۔

برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیڈز سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں نے نینو پائپیٹ نامی باریک اور انتہائی جدید سوئی کا استعمال کیا اور دیکھا کہ کینسر کے خلیے علاج کرنے پر کیسا ردِ عمل ظاہر کرتے ہیں اور اس دوران کتنا تبدیل ہوتے ہیں۔

انفرادی خلیوں کا مطالعہ کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی موجودہ تکنیک ان کو عموماً تباہ کر دیتی ہے لہٰذا محققین ان خلیوں کا مطالعہ علاج سے پہلے یا بعد میں ہی کر سکتے ہیں۔

لیکن لیڈز یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے بنایا جانے والا یہ آلہ کینسر کے علاج کے دوران زندہ خلیے کی تواتر کے ساتھ حیوی تشخیص (بائپسی) کر سکتا ہے اور خلیوں کو مارے بغیر ان میں سے چھوٹے چھوٹے نمونے نکال سکتا ہے۔

یہ صلاحیت سائنس دانوں کو وقت کے ساتھ علاج کے سبب خلیوں کے ردِ عمل کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

اس پائپیٹ میں دو انتہائی مہین سوئیاں ہیں جو ایک ہی وقت میں کینسر کے خلیے میں داخل ہوسکتی ہیں اور نمونہ باہر نکال سکتی ہیں۔

محققین نے اس تحقیق میں گلائیوبلاسٹوما (جی بی ایم) کے علاج کے مطابق ڈھل جانے اور بچ جانے کی وجہ سے بالخصوص مطالعہ کیا۔ یہ رسولی دماغ کے کینسر کی رسولیوں کی مہلک قسم ہے۔

محققین نے اس عمل کو کرنے کے لیے نینو سرجیکل پلیٹ فارم کی مدد سے پائپیٹ کا استعمال کیا کیوں کہ انسانی ہاتھ سے استعمال تقریباً ناممکن تھا۔

اس آلے کی مدد سے سائنس دان تواتر کے ساتھ خلیے کے نمونے لیتے رہے اور ایک انفرادی خلیے میں بیماری کیفیت کا مطالعہ کرتے رہے۔

خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع دینے کیلئے ایک نظام وضع کریں گے، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، ہمیں بھی ایک نظام وضع کرنا ہے جس سے خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں، خواتین کو ترقی اور خوشحالی کی دوڑ میں آگے لانے کے لیے تمام وسائل اور مواقع مہیا کرنا ہوں گے۔

اسلام آباد میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خاتون پاکستان ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جس سے خواتین آگے بڑھیں اور قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، پاکستانی خواتین نے اپنی ذہانت اور قابلیت سے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے، پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر کمی ہے تو پالیسی سطح پرہے، پاکستان میں خواتین کی آبادی کا صرف 23 فیصد مصروف عمل ہے، جو ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کررہی ہیں، اس کا اندازہ لگائیں کہ کس قدر گیپ ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خواتین کو برابری کی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہماری آبادی کا نصف فیصد خواتین کا ہے، ترقی یافتہ ملکوں میں خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، ہمیں بھی ایک نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو تربیت اور تعلیم کے وسائل مہیا کرنے ہوں گے، دنیا بھرمیں معاشرے کی ترقی میں خواتین کا کردار ہے، ایس پی شہربانو نے بہادری کی تاریخ رقم کی۔