All posts by admin

سلمان خان سیلفی لینے والے مداح پر پھٹ پڑے، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے سیلفی لینے والے مداح کو غصے میں فوراََ کیمرہ بند کرنے کی دھمکی دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سلمان خان کا شمار بالی ووڈ کی تاریخ کے کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے اور 58 برس کے ہوجانے کے بعد بھی اُن کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، اپنی نجی زندگی میں کئی تنازعات کا سامنا کرنے کے باوجود بھی سلمان خان کو بالی ووڈ کا بھائی جان سمجھا جاتا ہے۔ تاہم، اس بار اداکار نے اپنے رویے سے مداحوں کو مایوسی اور غصے کا احساس دلایا ہے۔

سوشل میڈیا پر سلمان خان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اداکار کو ایئرپورٹ سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اسی دوران کچھ فاصلے پر موجود ایک مداح ان کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کرتا ہے لیکن سلمان خان کو غصہ آجاتا ہے۔

سلمان خان غصے سے مداح کو گُھورتے ہوئے اُسے فوراََ کیمرہ بند کرنے کی دھمکی دیتے ہیں جس پر مداح خوفزدہ ہوتے ہوئے کہتا ہے کہ ٹھیک ہے سر، میں کیمرہ بند کررہا ہوں اور پھر فوراََ موبائل کا کیمرہ بند کردیتا ہے۔

یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے سلمان خان کے رویے پر اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی اداکار کے کچھ حامیوں نے مداح کو مذکورہ ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کی دھمکی بھی دی۔

ترقی کے باوجود برطانوی مسلمان اسلاموفوبیا کا شکار ہیں، مئیرلندن

لندن کے مئیر صادق خان کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں مسلمان اسلاموفوبیا کا نشانہ بن رہے ہیں۔

سینٹرل لندن میں رمضان المبارک کی آمد پر لائٹس روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مئیر لندن صادق خان نے کہا کہ برطانیہ میں مسلمانوں نے زندگی کے ہرشعبے میں بہت ترقی کی ہے تاہم اس کے باوجود انہیں اسلامو فوبیا کا سامنا ہے۔

صادق خان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم رشی سونک اور ان کی کابینہ اسلامو فوبیا کا لفظ تک استعمال کرنے سے ڈرتے ہیں۔ غزہ کے مسلمانوں کے لیے دعائیں کرتے ہیں۔

سینٹرل لندن میں رمضان لائٹس روشن کرنے کی تقریب میں مختلف شعبوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ سینٹرل لندن میں گزشتہ برس سے رمضان کی آمد پر لائٹس روشن کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

رمضان المبارک سے قبل ایل پی جی کی قیمت میں 30 روپے فی کلو اضافہ

لاہور: رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ایل پی جی کی قیمت میں 30 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا۔

ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں مجموعی طور پر 53 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ایل پی جی کی قیمت 257 روپے سے بڑھ کر 310 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

چیئرمین ایل پی جی ایسو سی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی کوٹہ ہولڈرز اور امپورٹرز کے گٹھ جوڑ نے اوگرا نوٹیفیکیشن کے بغیر ایک ہفتے میں ایل پی جی کی قیمت میں دوسری بار 30روپے فی کلو گرام کا بلاجواز اضافہ کر دیا۔ سرکاری قیمت 257روپے فی کلو جبکہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں 310روپے فی کلو اور پہاڑی علاقوں میں 360 روپے فروخت کی جانے لگی۔
انہوں نے کہا کہ قیمت میں اضافے کے بعد گھریلو سلنڈرکی 3030روپے کے بجائے 3700 روپے میں فروخت جاری ہے۔ گیس مافیا کے سامنے اوگرا، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر اور دکاندار بے بس ہیں۔ ایل پی جی کے دو بڑے جہاز پاکستان پہنچ گئے ہیں جبکہ پاکستان اور ایران کے بارڈر پروافر ایل پی جی موجود ہے۔

ملک بھر میں ایل پی جی کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے۔ رمضان المبارک سے قبل بلیک مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعظم پاکستان ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا فوری نوٹس لیں۔

پرینیتی چوپڑا کے حاملہ ہونے کی خبر جھوٹی نکلی

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ حاملہ نہیں ہیں بلکہ فی الحال اُن کی ساری توجہ اپنے کیریئر پر ہے۔

گزشتہ دنوں پرینیتی چوپڑا کو ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا تھا، اُن کے کُھلے ڈُھلے لباس کی وجہ سے یہ افواہیں پھیلنے لگی تھیں کہ اداکارہ حاملہ ہیں اور اُن نے یہ خبر مداحوں سے چُھپانے کے لیے ڈھیلا لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔

تاہم اب پرینیتی چوپڑا کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ حمل کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ان دونوں اداکارہ مختلف شہروں کا سفر کررہی ہیں، کبھی اپنے کام کی وجہ سے اور کبھی ذاتی وجوہات کی بنا پر۔
پرینیتی چوپڑا کے قریبی ذرائع نے کہا کہ یہ حیران کُن ہے کہ کسی خاتون کے لباس کا انتخاب ایسی قیاس آرائیوں کا باعث بن سکتا ہے، بےشک پرینیتی اپنی نجی زندگی کو پرائیوٹ رکھنا پسند کرتی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ حاملہ ہیں۔

ذرائع نے کہا کہ پرینیتی چوپڑا نے اپنے نئے پراجیکٹس کی منصوبہ بندی بہت پہلے ہی کرلی تھی اور وہ اب اُن تمام پراجیکٹس پر کام کررہی ہیں، اُنہوں نے اپنے کسی بھی پراجیکٹ کی شوٹنگ کو آگے نہیں بڑھایا۔

جوڑے کے ایک اور قریبی ذرائع نے انکشاف کیا کہ ہم نے حال ہی میں پرینیتی چوپڑا سے دہلی میں ملاقات کی تھی جس سے خبر کی تصدیق ہوئی کہ وہ حاملہ نہیں ہیں، اگر وہ حاملہ ہوتیں تو وہ یہ خبر خود اپنے مداحوں اور دوستوں کے ساتھ شیئر کرتیں۔

ذرائع نے مزید کہا کہ اس وقت، پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا اپنی شادی شدہ زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، اور ایک ساتھ گزارے گئے اور خاندان کے ساتھ گزارے گئے ہر لمحے کو قیمتی اور یادگار بنا رہے ہیں، اس کے علاوہ دونوں اپنے کام پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ 2023 میں 24 ستمبر کو پرینیتی چوپڑا نے عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والے معروف بھارتی سیاست دان راگھو چڈھا کے ساتھ ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں شاہی انداز میں شادی کی تھی، اس جوڑے کی شادی کی تقریب میں اہلخانہ سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

وزیراعظم کا صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کی مکمل حمایت کا اعادہ

 اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے مشترکہ صدارتی امیدوار آصف علی زرداری کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخاب کے آخری مرحلے میں پیپلز پارٹی نے اتحادی جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔آصف علی زرداری نے وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

عشائیے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کل ہم مل کر آصف علی زرداری کو ایک مرتبہ پھر صدر مملکت منتخب کروائیں گے۔عشائیہ میں ارکان اسمبلی کی طرف سے سابق صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد کا سلسلہ بھی جاری رہا۔عشائیہ کا اہتمام سندھ ہاوس اسلام آباد میں ہوا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی صدارتی انتخابات میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں نیشنل پارٹی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے قائدین میں ملاقات ہوئی جس میں نیشنل پارٹی نے صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کی حمایت کا اعلان کیا۔

ملاقات میں پیپلزپارٹی اور نیشنل پارٹی میں رابطہ اور سیاسی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ بلوچستان کے مسئلے پرسیاسی حکمت عملی اپناتے ہوئے مفاہمتی عمل کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

نیشنل پارٹی نے کہا کہ اعتمادی سازی کے لیے لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی اور بامقصد مذاکرات کئے جائیں گئے، 18 ویں آئینی ترمیم پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، پاک چین اقتصادی راہداری میں گوادر پورٹ کی آمدنی سے بلوچستان و گوادر کو حصہ دیا جائے، ملازمتوں اور کاروبار میں بھی حصہ دار بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے۔

ترجمان نیشنل پارٹی کے مطابق بلوچستان کی محرومیوں کو کم کرنے کے لیے وفاقی ملازمتوں کے کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

نیشنل پارٹی نے اعلان کیا کہ ہمارے اراکین اسمبلی، سینٹرز صدارتی الیکشن میں آصف علی زرداری کو ووٹ دیں گے۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے صدارتی الیکشن کا بائیکاٹ کردیا جبکہ جمعیت علما اسلام کے سربراہ نے بھی صدارتی الیکشن کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا ہے۔

یکم رمضان کوبینک بند رہیں گے، نوٹیفکیشن جاری

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے یکم رمضان المبارک کو بینکوں میں عام تعطیل کا اعلان کردیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق یکم رمضان المبارک 1445 ہجری کو عوام سے لین دین کے لیے تمام بینک بند رہیں گے۔

اسٹیٹ بینک کےمطابق یکم رمضان المبارک کو زکوٰۃکی کٹوتی کے لیے ’’بینک تعطیل‘‘ ہوگی، تمام بینک، ترقیاتی مالی ادارے اور مائیکرو فنانس بینک مذکورہ تاریخ پر عوام سے لین دین نہیں کریں گے۔

اسٹیٹ بینک کےمطابق بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں،مائیکرو فنانس بینکوں کے تمام ملازمین معمول کے مطابق کام کے لیے دفتر میں حاضر ہوں گے۔

ضرورت پڑی تو پیپلزپارٹی کابینہ کا حصہ بنے گی، خورشید شاہ

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ ضرورت پڑی تو پیپلزپارٹی کابینہ کا حصہ بنے گی، شہبازشریف کی حکومت کو مکمل سپورٹ کریں گے، کابینہ میں ہمارے نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وزارتوں کے پیچھے نہیں بھاگتے۔

آج نیوز کے پروگرام “روبرو “ میں اینکر پرسن شوکت پراچہ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن کے لیے بھاگ دوڑ بھی کی جاتی ہے، خوش نصیبی ہے کہ آصف زرداری صدارت کا الیکشن لڑرہے ہیں، آصف زرداری دوسری بار سویلین صدر بننے جارہے ہیں، اکھاڑے میں اترنے والے پہلوان داؤ پیچ سے جیتتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہم عوامی مفاد میں ہونے والی قانون سازی کے حق میں ہیں، چاہتے ہیں کہ ضرورت کے مطابق آئین میں ترمیم ہو، بلدیاتی قانون سازی پورے پاکستان کے لیے ایک جیسی ہونی چاہیئے، بلاول بھٹو نے ملکہ برطانیہ کا ذکر مذاقاً کیا تھا۔

پیپلز پارتی کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ صدارت کے لیے آصف زرداری کے پاس اکثریت ہے، حکومت اور اپوزیشن ایک گاڑی کے 2 پہیوں کی طرح چلیں، ہم نے بھٹو ریفرنس میں صبر کا دامن نہیں چھوڑا، ہماری جدوجہد کے باعث جوڈیشل مرڈر تسلیم کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے سیاست میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، انہوں نے صرف اپ دیکھا ہے ڈاؤن اب دیکھ رہے ہیں، بھٹو کی پھانسی کے بعد کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ پیپلز پارٹی پھرحکومت بنائے گی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت پر 1200 ارب روپے کا قرض ہے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی تیسری بار حکومت آئی ہے، بانی پی ٹی آئی نے وہ نہیں دیکھا جو پیپلزپارٹی نے دیکھا ہے، عمران خان صرف اپنے بارے میں سوچتے ہیں، دیکھنا ہوگا کہ معیشت، امن وامان کو کیسے درست کرنا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے شفاف انتخابات کے لیے قانون سازی کی تھی، ماضی میں ایک ایک آدمی کے کئی کئی ووٹ ہوتے تھے، ہم الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کی طرف جارہے تھے، ہم چاہتے تھے کہ کوئی بھی کہیں بھی ووٹ کاسٹ کرسکے، عوام کو پولنگ اسٹیشن ڈھونڈنے سے بچانا چاہتے تھے، یہ لوگ اپنے لیڈر کو بچانے کے لیے دھاندلی کا شور کررہے ہیں، ہم سب کے لیے فیئر ٹرائل چاہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم زراعت پر توجہ دے کر چین کو فوڈ سپلائی کرسکتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں، وفاقی حکومت کو عوام کے لیے کوششیں جاری رکھنا چاہئیں، کل وزیراعظم خیبرپختونخوا گئے، وزیراعلی نہیں آئے، علی امین گنڈا پور کے نہ آئے سے کوئی فرق نہیں پڑا۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو بھی بولنے کا موقع ملے، عمر ایوب بولتے ہیں کہ ہم خاموشی سے سنتے ہیں، ہماری باری پر اپوزیشن شور شرابا شروع کردیتی ہے۔

سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہبازشریف کی حکومت کو مکمل سپورٹ کریں گے، کابینہ میں ہمارے نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وزارتوں کے پیچھے نہیں بھاگتے، ضرورت پڑی تو پیپلز پارٹی کابینہ کاحصہ بنے گی۔

شوکت پراچہ نے سوال کیا کہ کیسے معلوم ہوگا کہ پیپلزپارٹی کی کابینہ میں ضرورت ہے؟ جس پر خورشید شاہ نے جواب دیا کہ وزیراعظم شہبازشریف خود ہی ہمیں بتائیں گے، ہم کسی چیز کو بیچ کر بہتر کرنے کے حق میں نہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی اے کا 800 بلین کا قرض ہے، بیچنے کا فائدہ نہیں ہوگا، بلوچستان کا بڑا دکھ احساس محرومی ہے، پیپلزپارٹی نے احساس محرومی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے، موجودہ حکومت بلوچستان میں پیسہ خرچ کرے، بلوچستان میں ایگری کلچر کو فروغ دیا جاسکتا ہے، بڑے لوگوں کے بجائے کسانوں کو سبسڈی ملنی چاہیئے، بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے سب کو بیٹھانا ہوگا، بلوچستان صوبہ منرلز سے مالامال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مولانافضل الرحمان کی بہت عزت کرتے ہیں، مولانا کا ووٹ بینک خیبرپختونخوا میں ہے، مولانا کے ساتھ دھاندلی کس نے کی ہے؟ مولانا کو ہرانے والوں نے کس کو جتوایا، پی ٹی آئی کو کراچی اور پنجاب میں دھاندلی نظرآتی ہے۔

ایچ آر سی پی کا نوجوانوں کو ’غیر سیاسی‘ کرنے کے خطرناک رجحان پر گہری تشویش کا اظہار

 کراچی: ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے نوجوانوں کو غیر سیاسی کرنے کے خطرناک رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایچ آر سی پی کے دفتر میں چیئرپرسن اسد اقبال بٹ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں 8 فروری کے انتخابات کو قریب سے مانیٹر کرنے والے متعدد ممبران نے شرکت کی۔

چیئرپرسن اسد اقبال بٹ نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ انتخابی عمل میں نوجوانوں کی کم سے کم شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عوام نے بڑی تعداد میں 8 فروری کے انتخابات کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابی عمل کی شفافیت اور ساکھ پر سنگین سوالات اٹھائے اور 2024 کے انتخابات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی نااہلی اور نگراں حکومت کے دباؤ اور قابل اعتراض فیصلوں کے باعث طے شدہ نوعیت کا قرار دیا۔

ایسا لگتا ہے کہ انتخابات طاقتور اداروں اور پسماندہ شہریوں کے درمیان لڑے گئے، قاضی خضر

وائس چیئرپرسن قاضی خضر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ انتخابات طاقتور اداروں اور پسماندہ شہریوں کے درمیان لڑے گئے ہیں، انتخابات کے دوران مالی وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ یہ انتخابات عام لوگوں کے مقابلے میں امیر طبقے کے لیے زیادہ موزوں دکھائی دیئے۔

پروفیسر سہیل سانگی نے انتخابی عمل میں متعدد بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی، جن میں پولنگ کے دن ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز کی بندش، پولنگ کی معلومات میں من مانی تبدیلیاں اور انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان عوامل نے ووٹروں کی پولنگ اسٹیشنوں تک رسائی میں نمایاں طور پر رکاوٹ ڈالی، جس سے خواتین، معذور افراد، بوڑھے اور کم آمدنی والے افراد زیادہ متاثر ہوئے۔

’’جامع سیاسی مکالمے کی ضرورت ہے‘‘

ایچ آر سی پی نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ سویلین بالادستی کی بحالی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کو ترجیح دیں، جس کے لیے جامع سیاسی مکالمے اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کے لیے حقیقی کوششوں کی ضرورت ہے۔

سرحدوں پر فوجیوں کی تعیناتی؛ چین نے بھارت کو خبردار کردیا

چین نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ ہمالیہ کی سرحد پر مزید فوجیوں کی تعیناتی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ ہمالیہ سرحد پر مزید فوجیوں کی تعیناتی سے خطے میں کشیدگی کم نہیں ہوگی بلکہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔

چینی ترجمان ماؤ ننگ نے مزید کہا کہ چین سرحدی علاقوں کے امن اور استحکام کے تحفظ کے لیے بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ بھارت کا طرز عمل کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سازگار نہیں ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ سرحدی علاقوں میں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی میں اضافہ حالات کو پُرسکون رکھنے یا ان علاقوں میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی کوششوں کو سبوتاژ کردے گی۔

خیال رہے کہ بھارت نے ہمالیہ سرحد پر فوج اُس وقت تعینات کی ہے جب کہ اُس نے حال ہی میں چین کے ساتھ  سرحدی مسائل کے حل کے لیے فوجی اور سفارتی طور پر بات چیت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

تاہم اب بھارت نے اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں چین کے ساتھ متصل اپنی 532 کلومیٹر طویل متنازع سرحد پر مزید 10 ہزار فوجیوں کو تعینات کیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان 3 ہزار 800 کلومیٹر طویل مشترکہ سرحد ہے جس میں سے زیادہ تر کی حد بندی ناقص ہے۔ 2020 کے وسط میں اس علاقے میں جھڑپوں میں 20 بھارتی اور 4 چینی فوجی مارے گئے تھے۔

سیلاب زدگان کیلیےمکانات کی تعمیر؛ وزیراعلیٰ سندھ نے اے ڈی بی سے 400 ملین ڈالرمانگ لیے

  کراچی: وزیراعلیٰ  سندھ  نے سیلاب زدگان کے لیے مزید ڈھائی لاکھ مکانات کی تعمیر کیلیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے 400 ملین ڈالر کی امداد طلب کرلی۔ 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایشین ڈیولپمنٹ بینک (ADB) کے وفد نے ہانگ سو لی کی قیادت میں ملاقات کی، ملاقات میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلیے مزید 250000 مکانات کے تعمیراتی پروجیکٹ پر تبادلہ خیال اور 400 ملین ڈالر کے لیے شرائط و ضوابط پر بات چیت پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم، سیکریٹری وزیراعلیٰ رحیم شیخ، چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ شکیل منگنیجو، سیکرٹری خزانہ کاظم جتوئی، سی ای او ایس پی ایچ ایف خالد شیخ نے شرکت کی جبکہ بینک کے وفد میں آبی وسائل و ہنگامی امداد کے سربراہ میاں شوکت، ماہر اقتصادیات جولس ہیوگٹ، پراجیکٹ اینالسٹ  رابعہ اور دیگر شامل تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلیے ڈھائی لاکھ مکانات کی تعمیر کیلیے فنڈز تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کیلیے 400 ملین ڈالر اور کمیونٹی انفرا اسٹرکچر کی ترقی کیلیے اضافی 100 ملین ڈالر درکار ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ ایک موثر نکاسی سسٹم (بڑے گڑھوں اور تالاب نما ٹینکوں کے ساتھ) پینے کے پانی کی سہولت اور نکاسی آب کا نظام بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیلاب سے متاثرہ مکانات کو سولر یونٹس اور واش رومز فراہم کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں۔

سی ای او ایس پی ایچ ایف خالد شیخ نے کہا کہ 10 لاکھ گھروں میں سے 100000 گھر تعمیر ہو چکے ہیں اور دیگر پر کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے انتخابی منشور میں غریبوں کیلیے کم قیمت مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیلاب سے متاثرہ افراد کے علاوہ مکانات کی تعمیر کیلیے عطیہ دہندگان کی بھی تلاش کر رہے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 250000 گھروں کی تعمیر کے 400 ملین ڈالر مالیت کے منصوبے کی کاغذی کارروائی مکمل کی جائے گی تاکہ انہیں ایشین بینک کے بورڈ کے اجلاس میں پیش کیا جا سکے۔

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں چار دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، جس کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا شدید تبدالہ ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد جہنم واصل ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوئی۔ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسزپر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت جرائم کی دیگر وارداتوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے جبکہ مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

صدارتی الیکشن: کل ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی

صدارتی انتخابات سے قبل سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کرلیے گئے، کل ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔

ذرائع کے مطابق صدارتی الیکشن کے حوالے سے کل ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، اس حوالے سے 600 پولیس اہلکار ریڈ زون میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

غیر متعلقہ افراد کو ریڈ زون میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی، پارلیمنٹ کے اندر جانے کی اجازت صرف پاسز کے ساتھ ہوگی۔

دفعہ 144 ریڈ زون میں پہلے سے نافذ ہے، صرف وی وی آئی پی والے اسکواڈ کو ریڈ زون میں جانے کی اجازت ہوگی۔

کترینہ کیف کو ’تیس مار خان‘ میں کاسٹ نہیں کرنا چاہتی تھی، فرح خان کا انکشاف

 ممبئی: بالی وڈ کی نامور ڈائریکٹر اور کوریو گرافر فرح خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم ’تیس مار خان‘ میں کترینہ کیف کو کاسٹ نہیں کرنا چاہتی تھیں۔

ایک انٹرویو میں فرح خان کا کہنا تھا کہ وہ شروع کے دن سے کترینہ کیف کو اپنی فلم میں لینے کے خلاف تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ کترینہ نے اس سے قبل 8 فلموں میں اکشے کمار کے ساتھ اسکرین شیئر کی تھیں، وہ ناظرین کو نئی جوڑی دینا چاہتی تھیں۔

2010 میں ریلیز ہونے والی فلم میں کترینہ کے ساتھ اکشے کمار نے مرکزی کردار کیا تھا۔

’تیس مار خان‘ باکس آفس پر تو کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی لیکن اس کے ایک گانے ’شیلا کی جوانی‘ نے بلاک بسٹر کامیابی حاصل کی۔