تازہ تر ین

پاکستان سنگین بحرانوں سے گزر رہا ہے، کوئی جماعت اکیلے مسائل حل نہیں کرسکتی، مریم نواز، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت سنگین بحرانوں سے گزر رہا ہے، مخصوص جماعت نے معاشرے میں تقسیم پیدا کی ہے، سیاسی اختلاف کے باعث ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں، ہم سب کو مل کرتقسیم کو ختم کرنا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کوئی بھی جماعت اکیلے ملکی مسائل حل نہیں کرسکتی، ہم جھگڑوں کو آگے لے کر چلیں تو عوام کا نقصان ہوگا، اتحادی جماعتوں کا ایجنڈا ملک کو بحران سے نکالنا ہے،

ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ مریم نواز کو پہلی وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتا ہوں، مریم نواز کے رمضان پیکج سےغریب عوام کو فائدہ ہوگا، غریب عوام کی خدمت ہم سب کا فرض ہے، غریب اور متوسط طبقے کا خاص رکھا جائے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج میں پنجاب میں والد کے لیے ووٹ مانگنے آیا ہوں، میرے والد آپ کا ایسا خیال رکھیں گے جیسا میرا رکھتے ہیں، پاکستان اس وقت سنگین بحرانوں سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مخصوص جماعت نے معاشرے میں تقسیم پیدا کی ہے، سیاسی اختلاف کے باعث ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں، ہم سب کو مل کرتقسیم کو ختم کرنا ہے، معاشی بحران اور امن وامان کے مسائل سے مل کر نمٹیں گے، ہم مل کرتمام مسائل کا مقابلہ کریں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ آپ نہ بھی مانگتے تو بھی ن لیگ آصف زرداری کو ووٹ دیتی، بہت شکریہ آپ آئے، سب سے ملاقات ہوگئی، ہم جھگڑوں کو آگے لے کر چلیں توعوام کا نقصان ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم الیکشن میں مدمقابل تھے، جمہوریت میں مقابلہ ہوتا ہے، ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کے لیے فیصلہ کرنا ہوتا ہے، کوئی بھی جماعت اکیلے ملکی مسائل حل نہیں کرسکتی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھاکہ اتحادی جماعتوں کا ایجنڈا ملک کو بحران سے نکالنا ہے، رمضان پیکج میں بلاتفریق سب کی امداد کی جارہی ہے، آج خواتین کا عالمی دن ہے، ایسا لگتا ہے کہ پنجاب اسمبلی پر خواتین کا قبضہ ہے، میں تمام جماعتوں کی وزیراعلی ہوں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت نوکریوں میں خواتین کا کوٹہ 15 فیصد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا میری ریڈ لائن ہے، مجھے بھی ہراسانی سمیت دیگر معاملات نے کندن بنایا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے فاطمہ جناح، بے نظیر بھٹو اور والدہ کی یاد آرہی ہیں، آصف زرداری سیاسی اتار چڑھاؤ کو سمجھتے ہیں، گزشتہ 5 سال سے ایوان صدر سے آئین شکنی ہوتی رہی، صدر مملکت کسی جماعت کا نہیں پورے ملک کا ہوتا ہے، صدر مملکت کی ذمہ داری پورے ملک کا خیال کرنا ہے، امید ہے کہ اب آئین شکنی کی روایت ٹوٹے گی۔

اس سے قبل پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز سے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں ملاقات کی اور صدارتی انتخاب کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کل ہونے والے صدارتی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے گورنر ہاؤس لاہور پہنچے جہاں پاکستان مسلم لیگ(ن)، پاکستان پیپلزپارٹی اور دیگر ارکان کا اجلاس ہوا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کے موقع پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ملاقات میں کل ہونے والے صدارتی الیکشن پر مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری سے صدارتی الیکشن میں ووٹرز کی تعداد کے بارے میں بات چیت کی۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اسمبلی میں رکن پی پی پی علی حیدر گیلانی سمیت پارٹی کے دیگر ارکان اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔

بعد ازاں مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کی، مریم نواز نے کہا کہ آصف علی زرداری صدر پاکستان کے لیے ہمارے امیدوار ہیں، یہ فیصلہ پارٹی اور اتحادی حکومت کا ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv