All posts by admin

ایرانی عدالت نے سابق صدر کی بیٹی فائزہ ہاشمی کو 5 سال قید کی سزا سنا دی

تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں عدلیہ نے سابق ایرانی صدر اکبر ہاشمی رفسنجانی کی بیٹی فائزہ ہاشمی رفسنجانی کو 5 سال قید کی سزا سنادی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک عدالت نے فائزہ ہاشمی رفسنجانی کیخلاف الزامات پر غور کرنے کیلئے سماعت کی اور سابق صدر کی بیٹی کو 5 سال قید کی سزاسنادی۔
اس سے قبل ایران کی ایک عدالت نے فائزہ ہاشمی رفسنجانی کو حکومت کیخلاف پروپیگنڈا سرگرمیوں کے جرم کے ارتکاب پر 6 ماہ قید اور سیاسی، ثقافتی اور صحافتی سرگرمیوں سے 5 سال کی پابندی عائد کی تھی۔
یاد رہے 59 سال کی فائزہ ہاشمی رفسنجانی اصلاح پسند ”بلڈنگ کیڈرز“ پارٹی کی رکن ہیں، 2012ء میں بھی فائزہ کو حکومت کیخلاف پروپیگنڈے کے الزام میں 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

روبوٹ وکیل عدالت میں انسان کا دفاع کرنے کیلئے تیار

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) دنیا کی تاریخ میں پہلی بار اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس ایک روبوٹ وکیل کی حیثیت سے عدالت میں کیس لڑنے والا ہے۔
فروری 2023 میں ایک امریکی عدالت میں ڈو ناٹ پے آرٹی فیشل انٹیلی جنس نامی کمپنی کا تیار کردہ یہ ڈیجیٹل وکیل پارکنگ ٹکٹ کے کیس میں ایک شخص کا دفاع کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مدعا علیہ کی جانب سے عدالت میں وہی کچھ کہا جائے گا جو اے آئی بوٹ کی جانب سے اسے کہا جائے گا،رپورٹس میں مدعا علیہ کی شناخت یا عدالتی سماعت کے مقام کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔
سمارٹ فون ائیر پیس کے ذریعے یہ اے آئی بوٹ عدالتی کارروائی کو سن کر ائیربڈ کے ذریعے مدعا علیہ کو دفاع کے لیے دلائل فراہم کرے گا۔
ڈو ناٹ پے کے بانی جوشوا بروڈر نے دعویٰ کیا کہ ایک اے آئی لیگل اسسٹنٹ کو تربیت دینے کے لیے کافی کچھ کرنا پڑتا ہے اور وہ ہمیشہ سچ بولتا ہے،جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا عدالت اے آئی بوٹ کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت سے آگاہ ہے تو انہوں نے کہا کہ یقیناً نہیں۔
کمپنی کے مطابق ڈو ناٹ پے ایپ دنیا کے پہلے روبوٹ وکیل کا گھر ہے جو اداروں سے لڑ سکتا ہے اور بیوروکریسی کو ہراسکتا ہے۔

ترقی پذیر ممالک کو غربت سے نکالنے کیلئے منی لانڈرنگ کا خاتمہ ضروری ہے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ امور، باہمی دلچسپی کے معاملات، انسانی حقوق کے تحفظ، کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ذریعے ترقی پذیر ممالک سے سرمائے کی ترسیل کے تدارک پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی ، فواد حسین چودھری اور فرخ حبیب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پاکستان پر ماحولیات کے اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ ایک بڑا چیلنج ہے، پاکستان تحریک انصاف نے اپنے دور میں بلین ٹری پروگرام متعارف کروائے، ٹین بلین ٹری ماحولیات کے تحفظ کیلئے قابلِ ذکر اقدام ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک سے سرمائے کی غیر قانونی ترسیل کا تدارک لازمی کرنا ہو گا، اقوام متحدہ کے مطابق ترقی پذیر ممالک سے 7 کھرب ڈالرز منتقل ہو جاتے ہیں، ترقی پذیر ممالک کو غربت جیسے چیلنجز سے نجات دلانے کیلئے منی لانڈرنگ کا خاتمہ ضروری ہے۔

اعتماد کا ووٹ، پرویز الہیٰ کے پاس تعداد پوری نہیں، استعفیٰ دیں: رانا ثنا اللہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پارلیمانی اجلاس میں کسی رکن نے حمزہ شہباز پر تحفظات کا اظہار نہیں کیا، حمزہ شہباز والدہ کےعلاج کے سلسلے میں امریکا میں ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ لینے والا اجلاس موجودہ سپیکر کی صدارت میں نہیں ہونا چاہیے، پینل آف چیئر کی صدارت میں اجلاس ہونا چاہیے، کل یہ دوبارہ داؤ لگانے کی کوشش کریں گے، پرویز الہیٰ کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں، استعفیٰ دیں، ایوان کو نئے پارلیمانی لیڈر منتخب کرنے کا موقع ملنا چاہیے، مسلم لیگ سے پارلیمانی لیڈر حمزہ شہباز ہی امیدوار ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کل یہ دوبارہ اپنے نمبرز پورے کرنے کی کوشش کریں گے، ان کے پاس 186 ارکان نہیں ہیں، آج ہماری حاضری پوری تھی اور ثابت بھی کیا، کل تک ہماری حاضری 180 تک ہو جائے گی، ان کے پاس آج 174 ارکان تھے، ، یہ کوشش کر رہےتھے ان کے نمبرز پورے ہو جائیں، حکومت نے آج طویل قانون سازی کی، دو، دو سال پرانے بلوں کی قانون سازی کی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ایک طرف عمران خان گیارہ تاریخ سے پہلے اعتماد کا ووٹ لینے پر بضد ہیں، اگر یہ اجتماعی استعفوں کی طرف جائیں گے تو ضمنی الیکشن ہوں گے، اگر ان کے پاس آج 186 تعداد ہوتی تو کل دوبارہ اجلاس نہ بلاتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر آباد والا واقعہ جعلی نہیں ہے، نوید اصل ملزم ہیں، نوید کے فون سے چیزیں برآمد ہوئی اس کے آگے پیچھے کوئی نہیں ہے، اس نے واقعی وزیر آباد میں فائر کیا ہے، نوید نے 7 سے 8 فائر کیے، عمران کو گولی نہیں چھرے لگے، دو ماہ ہو گئے زخم ٹھیک نہیں ہو رہا، واقعے کا قصہ ختم نہ ہو اس لیے دو اور لوگوں کو شامل کر رہے ہیں۔
فواد چودھری کی مریم نواز کی تعریف کرنے کے سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فواد چودھری کے رابطے کرنے پر بات ہوسکتی ہے، وہ باقیوں میں سے بہتر سیاسی سوچ رکھتے ہیں، عمران کسی کی بات نہیں سنتا، سیاسی مخالفین کو کرش نہیں بیٹھ کر معاملہ حل کرنے کی بات کرتے ہیں، کرش کرنا ہماری سیاست نہیں ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کرنا ملک دشمن ایجنڈا تھا۔
رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ 26 تاریخ کو جب عوامی سمندر نہ آیا تو پھر اسمبلیوں کو توڑنے کا سلسلہ شروع کر دیا، اس کا مقصد اسمبلیاں توڑنا نہیں پاکستان کوعدم استحکام کرنا ہے، عمران خان گزشتہ دو ماہ سے ڈیفالٹ کرنے کی باتیں کر رہا ہے، وہ ملک کوعدم استحکام سے دوچار کرنے پر تلا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا معجوم والا نسخہ کابینہ کو پیش کیا تھا لیکن کابینہ نے میری بات کو تسلیم نہیں کیا، اسٹیبلشمنٹ اس وقت نیوٹرل ہو گی جب عمران کی حمایت کرے گی، اسٹیبلشمنٹ اس وقت کسی کی حمایت نہیں کر رہی، ہم نہیں عمران خان ساری سیاسی جماعتوں سمیت (ق) لیگ سے بھی لڑ رہا ہے، یہ آدمی فتنہ، فساد ہے اگر اس کا ووٹ کی طاقت سے سدباب نہ کیا تو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا۔

محکمہ جیل خانہ جات میں جدید ٹیکنالوجی سے کرپشن ختم کی جائیگی، عمر سرفراز چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے گا۔
مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب کے زیر صدارت جیل اصلاحات کے حوالے سے اہم میٹنگ ہوئی، عمر سرفراز چیمہ نے جیل خانہ جات میں کرپشن کے مکمل خاتمے کے حوالے سے دبنگ اعلان کرتے ہوئے جیل حکام کو بڑا ٹاسک دے دیا۔
عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ جیل کے نظام کو مکمل طور پر جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کر رہے ہیں، جیل خانہ جات میں تمام شعبوں میں کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو اپنایا جائے، محکمہ جیل خانہ جات کے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور ملازمت سے برطرف کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جیل خانہ جات کے ملازمین کی خفیہ اور جدید ذرائع سے نگرانی کی جائے گی، سزا یافتہ قیدیوں کی ہیومن ریسورس اور سکلز سے استفادہ کیا جائے گا، فلاحی تنظیموں کی جانب سے صوبہ بھر کی جیلوں میں مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔
عمر سرفراز چیمہ نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ محکمہ جیل خانہ جات میں کھانے پینے کی اشیاء اور کینٹین کا معیار بہتر بنایا جائے، قیدیوں سے ملاقات کا نظام بھی جلد سے جلد جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے۔
میٹنگ میں آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر احمد خان، ایڈیشنل سیکرٹری جیل خانہ جات حسن رضا، ڈی جی پیرول شیریں ناز، ایڈیشنل آئی جی جوڈیشل ڈاکٹر قدیر عالم، ڈی جی پی آئی ٹی بی سید قاسم افضال، چیف سائیکالوجسٹ سعدیہ ظفر، انچارج پی ایم آئی ایس امتیاز عالم اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ نہ لیں، آخر 11 تاریخ تو آنی ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ نہ لیں، آخر 11 تاریخ تو آنی ہے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الٰہی کیلنڈر سے گیارہ تاریخ نوچ کر نہیں پھینک سکتے، عدالت کے حکم پر ڈنڈے کے زور پر اگر وہ اعتماد کا ووٹ لیں گے پھر بھی لوگ پورے نہیں ہیں، دیکھتے جائیں فلم ابھی باقی ہے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میں ہمیشہ سے ہی خوش رہتی ہو آج بھی خوش ہوں، جو جعلی خوش ہوئے تھے اب ان کے تھوڑے دن رہ گئے ہیں۔

چڑیا گھر کی ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) چڑیا گھر کی ٹکٹوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا، چڑیا گھر مینجمنٹ کمیٹی نے ٹکٹس کے نئے ریٹس جاری کر دئیے۔
ملک میں بڑھتی مہنگائی غریب عوام کی تفریح پر بھی اثر انداز ہونے لگی، لاہور میں چڑیا گھر مینجمنٹ کمیٹی نے شہریوں کیلئے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے نئے ریٹس جاری کر دئیے۔
انتظامیہ کے مطابق چڑیا گھر میں خصوصی افراد، بزرگوں کا داخلہ فری ہو گا، بڑوں کی ٹکٹ 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے کر دی گئی جبکہ بچوں کی ٹکٹ 30 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کر دی گئی، انتظامیہ کا موقف ہے کہ مہنگائی کے پیش نظر قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

پنجاب میں اکثریت دوبارہ دکھا دی، اعتماد کا ووٹ مرضی سے لیں گے: اسد عمر

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پنجاب میں اعتماد کا ووٹ مرضی کے مطابق لیں گے، اپوزیشن کے مطالبے پر نہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ممبران کو کالز تو آ رہی ہیں لیکن زیادہ اثر نہیں ہو رہا، قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، پنجاب میں نمبروں کا بڑا شور ڈال رہے تھے، آج حکومت نے دوبارہ عددی اکثریت دکھا دی ہے، اب وقت آگیا ہے ملک کو فوری نئے الیکشن کی طرف لے جایا جائے، الیکشن سے پاکستان کو مشکلات سے نکالا جا سکتا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، ملک میں گندم کا سارا بحران پی ڈی ایم حکومت نے خود پیدا کیا ہوا ہے، درآمدات، سپلائی وفاق کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں وہ ناکام رہے، وفاق کو تو عمران خان پر جھوٹے مقدمات بنانے سے ہی فرصت نہیں، مئی میں کبھی بھی گندم کی ریلیز نہیں شروع کی جاتی، حمزہ شہباز نے کیوں ریلیز شروع کی؟ انہوں نے خود ایسے حالات پیدا کیے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گندم ریلیز شروع کرنے سے آٹا پرائیویٹ ہاتھوں میں چلا گیا، کتنا افغانستان پہنچ گیا، ابھی گندم کی بوائی نہیں ہوئی تھی مرادعلی شاہ نے 4 ہزارمیں خریدنے کا اعلان کر دیا، اس اعلان کے بعد تو خود ہی گندم اور آٹا کی قیمتیں بڑھنی تھیں، سندھ نے تو ابھی تک گندم ریلیز شروع نہیں کی، ملک بحرانوں میں ڈوبتا جا رہا ہے حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں۔
انہوں نے کہا ملک میں انڈسٹریز بند ہو رہی ہے، سویا بین روک کر پولٹری کی صنعت کو درہم برہم کر دیا گیا ہے، گزشتہ ایک ماہ میں آٹے کی قیمتیں آسمان تک پہنچ گئی ہیں، ہر طرف پریشانی، بدحالی اور امپورٹڈ حکومت کی ناکامی نظر آ رہی ہے، قوم موجودہ حکمرانوں سے تنگ ہے، موجودہ حکمران اپنی سیاست بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے اسمبلی میں جہاز اڑاتے نظر رہے ہیں۔

پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا: بلاول بھٹو، ترک صدر

جنیوا: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
جنیوا کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ کانفرنس کے شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریوں کا حجم بہت بڑا ہے، پاکستان میں ہر 7 میں سے ایک شخص سیلاب سے متاثر ہوا، تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سیلاب کے 5 ماہ بعد بھی کئی علاقے سیلاب کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، آئندہ قدرتی آفات سے بچنے کیلئے پاکستان نے فریم ورک بنایا ہے، تعمیر نو کیلئے اقدامات تاحال جاری ہیں، آج اقوام عالم پاکستان سے یکجہتی کیلئے اکٹھا ہوا ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ترک صدر طیب اردوان نے مزید کہا کہ سیلاب کے بعد ترکیہ کے حکومتی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، پرامید ہوں کہ کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کو سیلابی تباہی سے بحالی میں مدد ملے گی۔

سیلاب متاثرین کیلئے ملنے والی امداد شفاف طریقے سے خرچ ہو گی: وزیر اعظم

جنیوا: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی پر عالمی برادری کے شکر گزار ہیں، سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالرسے زائد کا نقصان ہوا۔
پاکستان کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں جاری موسمیاتی تباہ کاریوں کے باعث ہونے والے نقصان کے ازالے اور مدد کیلئے منعقدہ کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون ، ترک صدر طیب اردوان اور دیگر سربراہان مملکت نے خطاب کیا۔
وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے بین الاقوامی موسمیاتی کانفرنس برائے پاکستان میں سیلاب متاثرین اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا پلان پيش کر ديا۔
جنیوا میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں، غیرمعمولی سیلاب سے پاکستان میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کے عوام اور انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا، سیلاب کے دوران 3 کروڑ سے زائد افراد بے گھر ہوئے، متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کیلئے بڑے سرمائے کی ضرورت ہے، دوست ممالک، عالمی اداروں نے سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان کی معاونت کی، اسلامی ترقیاتی بینک نے سب سے زیادہ 4.2 ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ،عالمی برادری ہم سے توقع کرے گی کہ پائی پائی کا حساب دیں، عالمی امداد میں شفافیت ہماری پہلی ترجیح ہے، عالمی امداد کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائیں گے، متاثرین کو ملنے والی امداد کا ایک ایک پیسہ شفاف طریقے سے خرچ ہوگا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیلاب متاثرین کے ساتھ مسلسل کھڑے رہے، یوکرین، روس جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر اشیا کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
قبل ازیں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے پاکستان کو 16.3 بلین ڈالرز کی ضرورت ہے، گزشتہ برس ستمبر میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے ساتھ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کادورہ کیا، پاکستان کے عوام انتونیو گوتریس کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخی نہج پر کھڑا ہے، سیلاب سے تعلیمی اداروں، مکانات، زراعت اور دیہات کو نقصان پہنچا، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے، سیلاب سےکاشتکاری کونقصان پہنچا جس سے خوراک کی قلت نے جنم لیا، پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب سے 33 ملین لوگ متاثر ہوئے، سیلاب کے باعث انفراسٹرکچر کی تباہی کے ساتھ معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے فریم ورک تیار کیا ہے، ہمیں سیلاب متاثرین کو دوبارہ بحال کر کے اچھا مستقبل دینا ہے، پاکستان مشکل میں مدد کرنے والے ممالک کو کبھی نہیں بھولے گا۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے پوری دنیا کو خطرات لاحق ہیں اثرات سے آج پاکستان متاثر ہوا ہے، کل کوئی دوسرا ملک بھی متاثر ہو سکتا ہے، عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ پاکستان کو ماحولیاتی انصاف فراہم کرے، امید ہے کہ یہ کانفرنس متاثرین کی بحالی میں معاون ثابت ہوگی۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کا خود مشاہدہ کیا، پاکستان کے بنیادی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پرسرمایہ کاری کی ضرورت ہے، پاکستان کو اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا ہے، عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ پاکستان کی بھرپور مدد کرے۔
کانفرنس سے خطاب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے تباہی کے مناظر دیکھ کر دل ٹوٹ گیا، پاکستان میں ہونے والی سیلاب کی تباہ کاریوں کا خود جا کر مشاہدہ کیا، برے حالات میں بھی پاکستانی عوام کا جذبہ دیکھ کر حیران ہوا، متاثرین کی بحالی کے لئے فوری 16 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

ملکی سطح پر سونے کے نرخ میں معمولی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4 ڈالر کے اضافے سے 1871 ڈالر کی سطح پر آنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 200 روپے اور 172 روپے کی کمی واقع ہوئی۔
نتیجے میں ملکی سطح پر فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر ایک لاکھ 85 ہزار 100 روپے اور فی دس گرام قیمت گھٹ کر ایک لاکھ 58 ہزار 693 روپے کی سطح پر آگئی۔
اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2070 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1774.70 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

جنیوا کانفرنس، پاکستان کیلئے ساڑھے 8 ارب ڈالرز سے زائد کی امداد

جنیوا: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جنیوا میں منعقدہ عالمی کانفرنس کے پہلے سیشن میں پاکستان کے لیے مجموعی طور پر ساڑھے آٹھ ارب ڈالرز سے زائد کی امداد کے وعدے کیے گئے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں یورپی یونین نے 93 ملین ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منعقدہ کانفرنس میں جرمنی نے 88 ملین ڈالرز، چین نے 100 ملین ڈالرز،اسلامی ترقیاتی بینک نے چار ارب 20 کروڑ ڈالرز اورعالمی بینک نے دو ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے مطابق عالمی کانفرنس میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے جاپان نے 70 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے ڈیڑھ ارب ڈالرزدینے کا وعدہ کیا ہے۔

جارح مزاج بیٹر اعظم خان نے ٹی ٹوئنٹی میں پہلی سنچری جڑ دی

ڈھاکا: (ویب ڈیسک) پاکستان کے جارح مزاج بیٹر اعظم خان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری جڑ دی۔
بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے میرپور میں ہونے والے میچ میں کھلنا ٹائیگرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اعظم خان نے 109 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔
اعظم خان نے 58 گیندوں پر 109 رنز بنائے جس میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔
یہ اعظم خان کے کیریئر کی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری ہے۔
خیال رہے کہ ان دنوں بنگلادیش پریمیئر لیگ جاری ہے جس میں متعدد پاکستانی کرکٹرز ایکشن میں ہیں۔
اعظم خان سابق وکٹ کیپر بیٹر معین خان کے بیٹے ہیں۔