All posts by admin

امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر ’خوفناک غلطی‘ کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر اپنی ایک ’خوفناک غلطی‘ کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگی ہے جس پر انہیں مداحوں کی جانب سے ٹرول کا سامنا کرنا پڑا۔
امیتابھ بچن ہمیشہ اپنی ٹویٹوں کے ساتھ ٹویٹ نمبر بھی لکھتے ہیں اور شاید عام لوگوں کیلئے یہ بات اتنی اہم نہ ہو لیکن بگ بی ان نمبروں پر نہایت سنجیدہ ہیں۔
سپر اسٹار نے ایک ٹویٹ میں مداحوں کو بتایا کہ پچھلی ٹویٹس کے نمبر غلط لکھ کر انہوں نے ایک ’خوفناک غلطی‘ کی ہے جس پر وہ معافی کے طلبگار ہیں۔
اگرچہ یہ اتنا سنجیدہ معاملہ نہیں تھا لیکن اداکار کی تشویش کو دیکھ کر انٹرنیٹ ٹرولز کو موقع مل گیا اور انہوں نے بگ بی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ اتنی ’سنگین غلطی‘ کرنے کے بعد آپ نے انگریزی میں معافی کے ہجے بھی غلط لکھے ہیں، یہ بات بہت ’خوفناک‘ ہے۔
کچھ ٹرولز نے بگ بی سے کہا کہ آپ کی معافی قابلِ قبول نہیں ہے، چناں چہ آپ اپنا اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کردیں۔
بعض صارفین نے مزاحیہ کمنٹس بھی کیے ہیں، ایک نے لکھا کہ آپ کی غلطی کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں گڑبڑ ہوگئی ہے کہ جبکہ ایک صارف نے کہا کہ شکر ہے آپ نے اس کو واضح کردیا مجھے رات کو نیند نہیں آئی تھی۔

روہت شیٹی زخمی حالت میں شوٹنگ کیلئے سیٹ پر پہنچ گئے

بھارتی حیدرآباد: (ویب ڈیسک) بھارتی ہدایتکار روہت شیٹی زخمی حالت میں فلم کی شوٹنگ کیلئے سیٹ پر پہنچ گئے۔
بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سدھارتھ ملہواترا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ہدایتکار روہت شیٹی کے ساتھ ویڈیو شیئر کی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روہت شیٹی کے ہاتھ پر پٹی بندھی ہوئی ہے ویڈیو میں سدھارتھ بتاتے نظر آرہے ہیں کہ روہت ایک کار اسٹنٹ کے دوران زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور وہ 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں واپس شوٹنگ پر پہنچ گئے ہیں اور فلم کریو بھی یہاں موجود ہے۔
سدھارتھ نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ’ہم سب روہت شیٹی کی اسٹنٹ اور ایکشن سے محبت اور جنون کو جانتے ہیں وہ ایک ایکشن سین پرفارم کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے مگر وہ ایک معمولی سرکری کے بعد 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں سیٹ پر واپس آگئے ہیں‘۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شیٹی گزشتہ دنوں حیدرآباد میں اپنی آنے والی ویب سیریز ’انڈین پولیس فورس‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک ایکشن سین فلماتے ہوئے زخمی ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ مذکورہ ویب سیریز میں سدھارتھ ملہوترا، وویک اوبرائے اور شلپا شیٹی مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

سینیگال میں مسافر بسوں میں ہولناک تصادم؛ 40 ہلاک اور 87 زخمی

ڈاکار: (ویب ڈیسک) افریقی ملک سینیگال میں مخالف سمت سے آنے والی دو تیز رفتار مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک اور 87 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خوفناک ٹریفک حادثہ سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار کے علاقے کافرین میں قومی شاہراہ پر پیش آیا۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ بسوں کے پرخچے اُڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ رات سوا تین بجے پیش آیا۔ ممکنہ طور پر اندھیرے اور دھند کے باعث حادثہ پیش آیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو ٹیم کے انچارج نے بتایا کہ رات کی تاریکی کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ زخمیوں میں سے 15 کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب کچھ زخمیوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بسوں کی رفتار تیز تھی اور ڈرائیور کو اونگھ آجانے کی وجہ سے حادثہ پیش آٓیا۔
ادھر حکومت نے تین دن کے سوگ اعلان کیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی۔

ایران میں مزید 3 مظاہرین کو سزائے موت سنادی گئی

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کی عدالت نے مھسا امینی کی ہلاکت پر ملک گیر احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے مزید 3 مظاہرین کو سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر قاتلانہ حملے کے الزام میں سزائے موت سنادی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران میں مزید 3 مظاہرین کو سزائے موت سنانے کے بعد مجموعی تعداد 17 ہوگئی ہے اب تک 4 مظاہرین کو پھانسی بھی دی جا چکی ہے۔
ایران کی عدالت نے آج جن 3 مظاہرین کو سزائے موت سنائی ان پر اللہ کے قانون سے جنگ، ملک دشمنوں کے ہاتھوں کھیلنے اور ریاست کے نظریات کو نقصان پہنچانے کے علاوہ سیکیورٹی فورسز پر قاتلانہ حملے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
عدالت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد ملنے کے بعد سزا سنائی گئی ہے، ملزمان کو سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا حق حاصل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں نوجوان کرد لڑکی کی پولیس کی زیر حراست ہلاکت پر پھوٹنے والے احتجاج کے دوران اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 46 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی

چندی گڑھ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست پنجاب میں آرمی آفیسر نے گھر میں اپنی اہلیہ کو گولیاں مار کر قتل کردیا اور پھر خود بھی خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب ہاؤس سے گولیوں کی آواز آنے پر پہنچنے والی ٹیم نے دو لاشیں دیکھیں جن پر گولیوں کے نشان تھے۔
لاشوں کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل نشانت اور ان کی اہلیہ ڈمپل کے ناموں سے ہوئی۔ لاشوں کے نزدیک آرمی آفیسر کے ہاتھوں سے لکھا ہوا خط بھی ملا۔
لیفٹیننٹ کرنل نے خودکشی نوٹ میں لکھا کہ جھگڑے کے نتیجے میں اپنی بیوی کو قتل کردیا اور خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر رہا ہوں۔
خودکشی کرنے والے آرمی آفیسر کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی تھی اور دنوں کونسلنگ بھی کرا رہے تھے۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جنیوا کانفرنس سے پیسے تو آئے نہیں، کئی لاکھ ڈالرز دورے پر لگ گئے، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جینیوا کانفرنس سے پیسے تو نہیں آئے لیکن کئی لاکھ ڈالرز کابینہ کے دورے پر لگ گئے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہی ہے۔
فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا کہ ڈونر کانفرنس میں میزبان فرانس نے دس ملین ڈالر دیے، ایک بھی اہم لیڈر کانفرنس میں شریک نہیں ہوا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر ساری کانفرنس ویڈیو لنک پر کرنی تھی تو جینیوا جانے کی کیا ضرورت تھی؟ پیسے نہیں آئے لیکن کئی لاکھ ڈالر وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے دورے پر لگ گئے ہیں۔

شہباز شریف 10 جنوری کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کل 10 جنوری کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جنیوا سے واپسی پر کل متحدہ عرب امارات پہنچیں گے، وزیراعظم کے ساتھ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ہوں گے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی سعودی عرب سے متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ملک کی معاشی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ متحدہ عرب امارات انتہائی اہم نوعیت کا حامل ہے۔

روس سے گندم لے کر دو جہاز پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گندم کی درآمد کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، روس سے گندم لے کر دو جہاز پاکستان پہنچ گئے۔
وزارت فوڈ سکیورٹی حکام کے مطابق روس سے حکومتی سطح پر منگوائی جانے والی گندم کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی، ساڑھے 4 لاکھ ٹن گندم بذریعہ گوادر پاکستان پہنچے گی۔
حکام کے مطابق مختلف ممالک سے بھی درآمدی گندم لے کر جہاز کراچی پورٹ پہنچ چکے ہیں، جن میں ساڑھے تین لاکھ ٹن گندم کراچی پورٹ پہنچ چکی ہے، حکومتی سطح پر روس سے مجموعی طور پر ساڑھے 7 لاکھ ٹن گندم درآمد کی جائے گی۔

بشریٰ بی بی مجھے بیٹا کہتی تھی وہ آڈیو تو نہیں نکلی: ذلفی بخاری

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی ذلفی بخاری نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی مجھے بیٹا کہتی تھی وہ آڈیو تو نہیں نکلی، ٹیلی گراف ایکٹ 1985 اور سیکرٹ ایکٹ کے تحت آڈیو لیکس پر کیس کروں گا۔
نیب راولپنڈی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ذلفی بخاری کا کہنا تھاکہ القادر یونیورسٹی بنی ہوئی ہے وہاں 200 طالبعلم بھی زیر تعلیم ہیں، نیب نے عزت دی اور پیشہ وارانہ انداز سے بات کی، ڈونیشن آپ نیک نیتی سے دیتے ہیں، این سی اے اور یونیورسٹی کا کوئی لنک نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ مجھےسوالنامہ دیاگیاہےاس کا کل پرسوں تک جواب دے دوں گا، مجھے بطور گواہ بلایا گیا ہے بطور ملزم نہیں، اگر قانون توڑا گیا ہے تو بتائیں کہ کہاں قانون توڑا گیا۔
آڈیو لیک کے حوالے سے ذلفی بخاری کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کی محفوظ لائن کو کون ریکارڈ کررہا ہے؟ ٹیلی گراف ایکٹ 1985 اور سیکرٹ ایکٹ کے تحت آڈیو لیکس پر کیس کروں گا، یہ آڈیوز ایڈیٹ کرکے بنائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی مجھے بیٹا کہتی تھی وہ آڈیو تو نہیں نکلی، دو تین ادارے ہی ہوتے ہیں،جن کے پاس آڈیوز ہوتی ہیں، ٹیم کام کررہی ہے کہ وہ آڈیو لیک کس نے نکالی ہے جس نے سب سے پہلےآڈیو نکالی پتہ چل جائے گا کہ وہ ٹاؤٹ ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی ذلفی بخاری کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے زمین القادر یونیورسٹی کو منتقل کرنے کے الزام میں پوچھ گچھ کیلئے طلب کیاتھا۔

سندھ حکومت کا آٹے کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) حکومت سندھ نے صوبے میں آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے لئے سستے آٹے کے اسٹال بڑھانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
یہ فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ سعید احمد منگریجو، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سیکریٹری خوراک راجا خرم شہزاد عمر، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محمد حنیف چنہ، سمیت تمام ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے جبکہ صوبائی وزیر خوراک مکیش کمار چاولہ نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا حکومت سندھ نے سستے آٹے کے لئے 33 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، آٹے کی قیمتوں پر ہر صورت کنٹرول کیا جائے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے تمام ڈویژنل کمشنر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کے وہ صوبے میں حکومت کے جانب سے قائم کئے گئے سستا آٹا اسٹال کا دورہ کریں، سستا آٹا پوائنٹ پر سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے ، اس حوالے سے پولیس اور رینجرز سیکیورٹی فراہم کریں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والی فلور ملز کے خلاف صوبے بھر میں کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ گندم کی 100 فیصد گریڈنگ کو یقینی بنایا جائے۔
صوبائی وزیر خوراک مکیش کمار چاولہ نے بتایا سستے آٹے کے اسٹال بڑھائے گئے ہیں، کراچی ڈویژن میں اب 27 کے بجائے 64 سستا آٹا پوائنٹس بنائے گئے ہیں ہر پوائنٹ پر 5 گاڑیوں کے ذریعے عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی اجلاس؛ وزیراعلیٰ کا اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر شورشرابا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کا اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر شورشرابا ہوا اور اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اعتماد کا ووٹ نہ لیے جانے پر اپوزیشن کے شور شرابہ کے دوران وقفہ سوالات کا آغاز ہوا جس میں وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ بھی اپوزیشن گیلری میں موجود تھے۔
حکومتی اراکین کی جانب سے رانا ثنا اللہ اور عطا اللہ تارڑ کے خلاف نعرے بازی ہوئی اور اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔ اپوزیشن نے کارروائی کے کاغذات کے جہاز بناکر حکومتی ارکان کی طرف پھینکتے رہے فیاض الحسن چوہان پر بھی جہاز بناکر اڑایا تو وہ خاموش ہو گئے۔
بعدازاں رانا مشہود احمد خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جو کئی برس سے عمرانی کھیل رہا تھا، عمران خان نے معیشت کی تباہی ، نوجوان نسل کو بدتمیز کرنے اور کرپشن کا سونامی لے کر آیا۔
انہوں نے کہا کہ قندیل بلوچ کا قتل کیا گیا، مومنہ وحید نے بھی کہہ دیا جنسی درندہ پاکستان پر مسلط کیا گیا، عمران خان اقتدار کا اتنا بھوکا جب ہارتا تو کہتا دوبارہ الیکشن کرواؤ، سی پیک عمران خان دھرنے کی وجہ سے لیٹ ہوا۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ جب پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیر اعظم کو آئینی و طریقے سے گھر بھیجا گیا تو کہا نیا الیکشن کراؤ، پہلے سائفر اور ایبسلوٹلی ناٹ کا ڈرامہ کیاگیا، پرویز الہی سے آئینی وقانونی طریقے سے اعتماد کا ووٹ مانگا تو عدالت میں چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہی عدالتی وزیر اعلی ہے اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر وہ وزیر اعلی نہیں رہے، پولٹری آٹے و چینی گھی کا بحران پیدا کرکے جیبیں بھر رہے ہیں ، پنجاب کے لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس اور مونس الہی پیسے اکٹھے کرکے عیاشی کررہا ہے۔

بدبو دار پھول کو سونگھنے کیلئے ہزاروں افراد کا باغ کا رخ

ایڈیلیڈ (ویب ڈیسک) ویسے کو کسی بھی قسم کی بدبو کو برداست کرنا ممکن نہیں لیکن آسٹریلیا میں ایک ایسا پھول کھلتا ہے جس کی بو سونگھنے کیلئے لوگ جمع ہوتے ہیں۔
آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ کے نباتاتی باغ میں ٹائٹن اروم نامی پھول کھلا ہے جو ایسی خوفناک بو خارج کرتا ہے جو متعدد کلومیٹر دور تک جا کر مکھیوں اور دیگر کیڑوں کو اپنی جانب کھینچتی ہے، یہ پھول 7 سے 10 سال میں ایک بار کھلتا ہے اور کھلنے کے 48 گھنٹے بعد مر جاتا ہے۔
یاد رہے کہ یہ دنیا کا ایک تنے والا سب سے لمبا پودا ہے جس پر ایک پھول کھلتا ہے اور اس کی کوئی اور شاخ نہیں ہوتی، اسے مردہ پودا بھی کہا جاتا ہے جس میں سے ایسی بو خارج ہوتی ہے جیسے متعدد چوہے مرے ہوئے ہوں جبکہ کچھ افراد اسے پیروں کی بو سے بھی تشبیہ دیتے ہیں۔
ایڈیلیڈ میں کھلنے والے پھول کو دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد نے نباتاتی باغ کا رخ کیا اور گھنٹوں تک قطار میں لگ کر اس کی بو کو سونگھا، یہ پودا بنیادی طور پر انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا سے تعلق رکھتا ہے جو بظاہر ایک پھول نظر آتا ہے مگر یہ حقیقت میں پھولوں کا ایک گچھا ہے۔
اس پھول کا وزن 150 کلوگرام تک ہوسکتا ہے، انڈونیشیا نے اس پودے کو بچانے کے لئے بیجوں کو مختلف ممالک کے نباتاتی باغات میں بھیجا۔
نباتاتی باغ کے منتظم کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں لگے ایسے پھولوں میں سے سب سے بڑے پھول کا وزن 75 کلوگرام ہو چکا ہے اور اس کی لمبائی 2.6 میٹر ہے، کھلنے کے بعد ایک ہفتے کے اندر یہ پودا گر جاتا ہے جس کے بعد زیر زمین جڑیں ایک سال تک خوابیدہ رہتی ہیں اور پھر ایک پتے کی شکل میں ابھرنا شروع ہوتی ہیں، چند سال بعد یہ جڑیں ایک بار پھر مردہ پھول کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔

سائیکل چلاتے ہوئے حیران کن کرتب کرنے والی لڑکی انٹرنیٹ پر وائرل

ممبئی : (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ ایسی متعدد ویڈیوز سے بھرا ہوا ہے جس میں لوگوں کو مختلف کرتب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور صارفین ان پر اپنے تعریفی یا تنقیدی تبصرے کر کے رد عمل کا اظہار کرتے رہتے ہیں، بلکل ایسے ہی ایک بھارتی لڑکی کی ویڈیو انٹرنیٹ پر زیر گردش ہے جس نے صارفین کی توجہ حاصل کی ہوئی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر ایک بھارتی لڑکی کی جانب سے ویڈیو شیئر کی گئی جس میں اسے سائیکل چلاتے دیکھا جا سکتا ہے، لڑکیوں کا سائیکل چلانا کوئی حیران کن نہیں رہا مگر ویڈیو میں لڑکی کو سائیکل چلاتے ہوئے ایک حیران کن کرتب کر تے دیکھ کر صارفین کی جانب سے کافی حیرانگی کا اظہار کیا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکی سائیکل چلانے کے دوران ساتھ ساتھ رسی بھی کو د رہی ہے، جو عموماً سکولز یا کالجز کی طالبات کا پسندیدہ کھیل سمجھا جا سکتا ہے۔
اس دوران لڑکی کے گلے میں ایک پمفلٹ لٹکا بھی دیکھا جا سکتا ہے جس میں 2023 تحریر کیا گیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ لڑکی نے یہ حیران کن سٹنٹ نئے سال کے موقع پر لوگوں کو منفرد انداز میں مبارکباد دینے کیلئے کیا ہے۔
دوسری جانب صارفین نے نے ویڈیو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مختلف تبصرے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ ’’ محفوظ رہنا یقینی بنائیں کیونکہ یہ خطرناک ہے‘‘ ، ایک اور صارف نے لکھا کہ ’’ بہت مشکل لیکن شاندار کارکردگی،‘‘ ، دوسرے نے اظہار کیا، ’’ بہت غیر محفوظ، ‘‘ ایک تیسرے نے تبصرہ کیا۔ ’’ تم عظیم ہو‘‘ چوتھے نے تعریف کی۔