All posts by admin

پہلے ون ڈے میں فتح پر شاہد آفریدی کی ٹیم کو مبارکباد

کراچی: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میچ کے بعد عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے ٹیم کیلئے تعریفی ٹوئٹ کی ہے۔
کراچی میں پاکستان نے پہلے ون ڈے میں گرین شرٹس نے کیویز کی جانب سے 256 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان حاصل کرلیا اور یوں کیویز کو 6 وکٹوں سے شکست ہوئی۔
پاکستان کی فتح کے بعد عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد خان آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’شاندار کوشش اور کارکردگی پر بابر اعظم اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے کھیل کے ہر شعبے میں نیوزی لینڈ کو آؤٹ کلاس کردیا، بابر، نسیم، اسامہ ، حارث اور رضوان کیلئے بڑا دن، فخر نے بھی اچھا آغاز فراہم کیا، امید ہے ہم دوسرے میچ میں بھی اسے برقرار رکھیں گے۔‘

پہلے ون ڈے میں جیت کا کریڈٹ فاسٹ باولرز کو جاتا ہے: بابراعظم

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ جیت کا کریڈٹ فاسٹ باولرز کو جاتا ہے جنہوں نے بہت اچھی گیند بازی کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ باولرز نے پہلے 15اوورز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پر پریشر ڈال کر رکھا جس کی وجہ سے سپن باولرز کو بھی پرفارمنس دکھانے کا موقع ملا ۔ انہوں نے کہا کہ سیکنڈ بیٹنگ میں ڈیو کے فیکٹر کی وجہ سے سپورٹ ملی ،گراونڈ میں فخر زمان اور میری کوشش تھی کہ لمبی پارٹنر شپ لگائیں ، محمد رضوان نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کپتان ہونے کی حیثیت سے میرے لیے اچھی بات ہے کہ بنچ سٹرنتھ پرفارم کرے ۔

جنیوا میں وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی، ازبک وزراء کی ملاقاتیں

جنیوا: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے جنیوا میں ازبکستان کے وزیر خارجہ، برطانیہ کے وزیر برائے ترقی اور چیئرمین چائنہ انٹرنیشنل کوآپریشن سے ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیر اعظم نے ازبکستان کے وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف سے ملاقات میں تجارت کے حجم کو بڑھانے، تجارتی راہداری پر کام کو مزید تیز کرنے اور خطے میں پائیدار امن کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ازبک صدر شوکت مرزیئوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی۔
برطانیہ کے وزیر مملکت برائے ڈویلپمنٹ اینڈرو مِچّل سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے امداد پر شکریہ ادا کیا، ان سے گفتگو میں وزیر اعظم نے کہا سیلاب نے پاکستان میں بے پناہ تباہی برپا کی، زراعت، لوگوں کا روزگار اور معیشت کو شدید نقصان پہنچا، پاکستان کے عوام برطانیہ کے مشکور ہیں، اس موقع پر اینڈرو مِچّل نے متاثرین کی بحالی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
جنیوا میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین چائنہ انٹرنیشنل کوآپریشن لو ژاوہوئی سے ملاقات میں چین اور چینی عوام کا پاکستانی سیلاب زدگان کی امداد پر شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور ہر مشکل وقت میں مدد اس دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ چینی حکومت، چینی کمپنیوں اور چینی عوام نے سیلاب متاثرین کے درد کو سمجھا، اس جذبہ کو پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی، چیئرمین چائنہ انٹرنیشنل کوآپریشن نے وزیرِ اعظم کو سیلاب زدگان کی امداد کی ہر ممکن یقین دہانی کروائی۔

چودھری شجاعت حسین سے دیوان حامد مسعود چشتی کی ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر پاکپتن شریف کے گدی نشین دیوان حامد مسعود چستی نے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔
ملاقات میں چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے چودھری شافع حسین بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران دونوں شخصیات میں علاقائی اور سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نےپاکپتن شریف کے گدی نشین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا زرعی علاقہ ہے ،آپ اپنی پیداوار بڑھا کر دوسرے علاقوں کو بھی روزمرہ کی اشیاء سے فائدہ دے سکتے ہیں۔

قصور: تیزرفتار بس کی موٹرسائیکل اور رکشہ کو ٹکر،3 افراد جاں بحق

قصور: (ویب ڈیسک) تیزرفتار بس نے موٹرسائیکل اور رکشہ سواروں کو کچل ڈالا جس کے باعث 3 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ مصطفیٰ آباد ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا جہاں فیکٹری کی بس بریک فیل ہونے کے باعث موٹرسائیکل اور رکشہ ایک کار کو بری طرح روندھ ڈالا۔
ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 17 سالہ وقاص، 20 سالہ رفاقت،38 سالہ ذوالقرنین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 30 سالہ امان اللہ، 22سالہ ارباز اور 19سالہ سیف اللہ شامل ہیں۔

عمران خان سے مایوس لوگ دوسری پارٹیاں دھونڈ رہے ہیں: خواجہ آصف

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی اصلیت سامنے آنے پر لوگ مایوس ہو رہے ہیں، وہ لوگ اپنے لیے نئی پارٹیاں، نئی پناہ گاہیں ڈھونڈ رہے ہیں، جب کسی پارٹی کی مقبولیت کا گراف گرتا ہے تو لوگ نئی پارٹیوں میں جاتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد جس کے پاس حکومت ہے وہی آٹا بحران کے ذمہ دار ہیں، آٹا بحران کا سوال ان سے کریں، پنجاب میں تبدیلی ضرور ہو گی، الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، پنجاب حکومت کے پاس ووٹ پورے ہیں تو اعتماد کا ووٹ کیوں نہیں لے رہے، پرویزالہٰی ہمارے قریب آئیں اللہ وہ نوبت نہ لائے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عمران خان کے مبینہ ڈاکو کو فارغ تو ہونا ہے، اگر تحریک انصاف کے ووٹ پورے ہیں تو اعتماد کا ووٹ کیوں نہیں لیتے، موقع آنے دیں سب کو پتہ چل جائے گا کون کتنے پانی میں ہے، عدم اعتماد کے ووٹ کے بعد فیصلہ ہو گا کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ کا امیدوار کون ہوگا ، مجھے گنتی نہیں آتی لیکن ہمارے پاس ممبران کی بہت بڑی تعداد ہے۔
وزیر دفاع نے کہا پاور شیئرنگ فارمولے کا کوئی علم نہیں، میرے خیال میں اسمبلی کے اندر ہمارے بے شمار بندے موجود ہیں، نوازشریف کی واپسی کسی چیز سے مشروط نہیں، عدالتی معاملات پر کوئی ریڈ لائن کراس نہیں کروں گا، مریم نواز کو پارٹی کا آرگنائزر لگانا اچھی بات ہے، نواز شریف وطن واپس آئیں گے لیکن اس کا پنجاب حکومت کی تبدیلی سے لنک نہیں ہے۔

پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کیلئے ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل کے حل کے لیے ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
پنجاب کےسیکرٹری صنعت، تجارت، سرمایہ کاری اور سکلز ڈویلپمنٹ لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (آپٹما) لاہور آفس کے دورہ کے موقع پر کہا کہ ورکنگ گروپ میں پنجاب حکومت کے افسران اور اپٹما کے نامزد افراد شامل ہوں گے۔
اس موقع پرچیئرمین اپٹما نارتھ زون حامد زمان، سینئر وائس چیئرمین کرمان ارشد، وائس چیئرمین اسد شفیع، سیکرٹری جنرل اپٹما رضا باقر اور ایسوسی ایشن کے سینئر ممبران جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری زوہیب مشتاق، سینئر اقتصادی مشیر جاوید اقبال ملک، ڈپٹی سیکرٹری ابوبکر زبیر، سی ای او پی آئی ای ڈی ایم سی علی معظم سید، ڈائریکٹر ابوبکر سلیمان اور دیگر بھی موجود تھے۔
چیئرمین اپٹما نارتھ زون حامد زمان نے صوبائی سیکرٹری کو پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی انڈسٹری کو 350 ایم ایم سی ایف ڈی کے منظور شدہ لوڈ کے مقابلے میں گزشتہ سال کی گیس کی کھپت کا 50 فیصد فراہم کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ پنجاب کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمت 9$/MMBTU ہے جو کہ ملک کے باقی حصوں پر لاگو $3.75 کی لاگت سے کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ گیس کی کمی کا اطلاق صرف پنجاب میں ملوں پر کیا جا رہا ہے اور توانائی کے نرخوں میں فرق پنجاب میں یونٹس کو بند کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔
چیئرمین اپٹما نے صوبے میں 100 سلائی یونٹس کے قیام کے لیے سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے پنجاب میں TERF جیسی سہولت میں توسیع کی بھی درخواست کی ہے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ پنجاب حکومت پنجاب روزگار سکیم سے ایس ایم ایز اور سٹارٹ اپس کو رعایتی قرض کی سہولیات فراہم کرے، ان کے مطابق نوجوان افرادی قوت کو تربیت دینے کے لیے ٹیوٹا کی جانب سے غیر ملکی منظوری کے ساتھ عالمی معیار کے سلائی ٹریننگ سینٹر کا قیام بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
حامد زمان نے PESSI بقایا جات کی رضاکارانہ ادائیگی پر سرچارج کی چھوٹ کے لیے ایک آرڈیننس کے لیے مزید کہا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ لیبر سے متعلق کنونشنز کو نافذ کرے، لیبر یونینوں کے اعدادوشمار شیئر کرے، ٹیکسٹائل ورکرز کو ٹیوٹا کے ذریعے جی ایس پی پلس کنونشنز کی تعمیل کرتے ہوئے تربیت دی جائے۔
پنجاب کے سیکرٹری انڈسٹریز نے کہا کہ انٹیگریٹڈ ٹیکسٹائل اینڈ اپیرل پارکس اور ٹیکسٹائل سٹیز کا قیام، قائداعظم اپیرل پارک کی ترقی، انڈسٹریل اسٹیٹس کے بورڈز میں اپٹما کی نمائندگی اور بند یونٹس کی بحالی کے لیے پنجاب کی صنعت کے لیے نرم قرضے / سکیمیں شامل ہیں۔
انہوں نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ملکی برآمدات کے وسیع تر مفاد میں صنعت کے مطالبات پر غور کرے گی، پنجاب حکومت برآمدات میں اضافے کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام صنعتی یونٹس کی ہموار کارکردگی میں معاونت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، انہوں نے پنجاب میں ایکسپورٹ اورینٹڈ یونٹس کے لیے توانائی کے مسائل کو متعلقہ حلقوں کے ساتھ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی جبکہ صوبے میں ایکسپورٹ دوست ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اپٹما نارتھ زون کے سینئر وائس چیئرمین کامران ارشد نے صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل میں جرات مندانہ اقدامات کرنے پر صوبائی سیکرٹری بالخصوص اور صوبائی اور وفاقی حکومتوں کا بالعموم شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت کی مسلسل حمایت سے صنعتکاروں کو صنعتوں کی ترقی میں مدد ملے گی، ٹیکسٹائل کا پورا شعبہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا، انہوں نے ملک میں صنعتی سرگرمیوں اور برآمدات کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اسحاق ڈارکی آئی ایم ایف مشن چیف سے ملاقات، معاشی چیلنجز پر تبادلہ خیال

جنیوا: (ویب ڈیسک) سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے آئی ایم ایف کے پاکستان مشن چیف ناتھن پورٹر سے ملاقات کی ہے۔ وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیر خزانہ نے قرض پروگرام پر عمل درآمد کے عزم کو دہرایا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اور آئی ایم ایف مشن چیف کی ملاقات جنیوا میں ڈونرز کانفرنس میں ہوئی۔
خیال رہے کہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کیلئے جنیوا کانفرنس میں مختلف ممالک اور اداروں کی جانب سے 8 ارب ڈالر سے زائد امداد دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں وفد جنیوا میں موجود ہے جہاں اقوام متحدہ کی میزبانی میں کانفرنس ہو رہی ہے۔

ویمن فٹ بال ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کیلئے پاکستان ٹیم سعودی عرب روانہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ویمن فٹبال ٹیم چار ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کیلئے آج سعودی عرب روانہ ہوگئی۔
پاکستانی ٹیم براستہ بحرین، دمام پہنچے گی، 24 رکنی قومی اسکواڈ میں ماریہ خان ٹیم کی قیادت کریں گی، ملیکہ نور بطور نائب کپتان ان کی معاون ہوں گی۔
منتخب اسکواڈ میں فارورڈز عالیہ صادق، انمول ہیرا، نادیہ خان، نقیہ علی، صنوبر عبدالستار، ظہمینہ ملک اور زویا ذیشان، مڈفیلڈرز ماریہ خان، آمنہ حنیف، انوشے عثمان، ماروی بیگ، رامین فرید اور سوہا ہیران، ڈیفینڈرز ملیکہ نور، مشال اکرم بھٹی، نزالیہ صدیقی، سحر زمان، صاحبہ شیردل، سارہ خان اور صوفیہ قریشی، گول کیپرز فاطمہ ناز، مافیہ پروین، نشا اشرف اور رومیسا خان شامل ہیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم اپنی مہم کا آغاز ایونٹ کے افتتاحی روز 11 جنوری کو کوموروس کے خلاف کرے گی، دوسرا میچ 15جنوری کو ماریشس اور تیسرا 19 جنوری کو سعودی عرب سے ہوگا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کا کہنا ہے کہ4 ملکی ٹورنامنٹ کیلئے منتخب اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نئے ٹیلنٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

پہلا ون ڈے؛ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کراچی میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 256 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کیا۔
پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 77 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان بابر اعظم 66، فخر زمان 56 اور حارث سہیل 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل نے 2، ٹِم ساؤتھی اور گلین فلپس نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر رنز255 اسکور کیے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل 43 اور وکٹ کیپر بیٹر ٹام لیتھم 42 رنز بنا کر نمایا رہے۔
گلین فلپس 37، ڈیرل مچل 36، فِن ایلن 29، کپتان کین ولیم سن 26، مچل سینٹنر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹِم ساؤتھی 15 جبکہ لوکی فرگوسن 1 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 10 اوورز میں 57 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسامہ میر 2 جبکہ محمد وسیم اور محمد نواز 1،1 وکٹ لے سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی عمران خان سے ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی ٹولے نے چند ماہ کے اندر معیشت تباہ کر دی ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں۔
اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ لاؤ لشکر سمیت جینوا جا کر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی، نااہل اور نالائق ٹولہ جینوا سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹے گا، آج معیشت نہ سنبھلی تو کل اس کا نقصان ریاست کو ہوگا، اقتدار کی ہوس میں اندھے حکمران مہنگائی کا طوفان لے کر آئے ہیں۔
زمان پارک میں وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ڈائریکشن مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ملک پر مسلط بے حس ٹولے نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے، یہ لوگ عوام کے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے این آراو کے ذریعے اپنے آپ کو کلیئر کرانے میں لگے ہیں۔

زرداری کو سمجھ جانا چاہیے ہر وقت ضمیر نہیں خریدے جا سکتے: راجہ بشارت

لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے کہا ہے کہ آج تاثر دیا جا رہا تھا کہ تحریک انصاف کے پاس اکثریت نہیں، ہمارے ممبران نے اپنی اکثریت کے بل بوتے پر آج 21 بل پاس کیے، جو اپنے ممبران کی کارکردگی دیکھنے ایوان آئے تھے کیا منہ لیکر واپس جائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشارت نے کہا کہ آج کا دن پنجاب اسمبلی کے حوالے سے تاریخی دن ہے، 21 بل میں سے کسی ایک بل پر اپوزیشن کی طرف سے ترمیم نہیں آئی، پنجاب اسمبلی کی تاریخ کی سب سے نالائق ترین اپوزیشن ہے، آج پنجاب کےعوام نے ان کی نالائقی کا عملی مظاہرہ دیکھا، قانون سازی کے دوران ان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صبح سے (ن) لیگ کی مرکزی قیادت پنجاب اسمبلی میں موجود تھی، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ گیلری میں تھے، پاکستان کی تاریخ میں اتنا فارغ وزیر داخلہ نہیں دیکھا، وزیر داخلہ اسمبلی کی کارروائی کو سبوتاژ کرانے کیلئے سارا دن اسمبلی رہا، پنجاب اسمبلی کے تمام ممبران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے اپوزیشن کے منصوبے کو ناکام بنایا۔
راجہ بشارت نے کہا کہ اسلام آباد سے آنے والا شخص ان سے ان کی کارکردگی بارے سوال ضرور کرے گا، اگر ہماری اکثریت پر سوالیہ نشان ہوتا تو آج 21 بل پاس نہ کرتے، جب بھی موقع آیا ہم نے اپنی اکثریت کو ثابت کیا، حمزہ کو مشورے دینے والوں کا آج تک منہ ہی کالا ہوا، حمزہ شہباز تو اپنے ساتھ سابق وزیر اعلیٰ کا لفظ بھی نہیں لکھ سکتے، آج ہم نے اپنی اکثریت ثابت کردی ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جب بھی عدالت کہے گی آج کی طرح پھر اکثریت ثابت کریں گے، یہ اپنی اکثریت کے جھوٹے دعوے کر رہے تھے، اپوزیشن کے تو اپنے ممبران پورے نہیں تھے، اپوزیشن کے چند شرپسند نعرے، باقی کاغذ پھاڑنے میں لگے تھے، اپوزیشن کا کردار ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے، وزیٹر گیلری میں بیٹھے لوگوں کو خوش کرنے کیلئے ایسا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری پہلے بھی پنجاب آئےتھے، اب زرداری صاحب کو سمجھ جانا چاہیے ہر وقت لوگوں کے ضمیر نہیں خریدے جا سکتے، اسمبلی کے حوالے سے جو بھی فیصلہ قیادت کرے گی، وزیر اعظم بیرون ممالک امداد حاصل کرنے کیلئے دربدر ٹھوکریں اور وزیر صوبے میں انتشار کی کوششں کر رہے ہیں، اس محاذ آرائی میں نقصان صرف عوام کو ہو رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ محاذ آرائی کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، وفاق نے پنجاب کے 172 ارب سے زائد دینے ہیں، ہماری کوششوں کے باوجود وفاق پنجاب کو پیسے نہیں دے رہا، وفاقی حکومت کے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود آٹے کے مصنوعی بحران کو پیدا نہیں ہونے دیں گے۔

برٹش ایئرویز نے نئے یونیفارم میں حجاب کو شامل کرلیا

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی ایئر لائن برٹش ایئرویز نے نیا یونیفارم متعارف کرایا ہے جس میں خواتین ملازمین کے لیے حجاب بھی لباس کا حصہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برٹش ایئرویز نے 20 سال بعد اپنے یونیفارم میں تبدیلی کی ہے۔ آج نئے یونیفارم کی رونمائی کی گئی جو عالمی شہرت یافتہ برطانوی فیش ڈیزائنر نے تیار کیا ہے۔
مردوں کے لیے نیا یونیفارم تھری پیس پر مشتمل ہے جب کہ خواتین کے لیے اسکرٹ، ٹراؤزر اور جمپ سوٹ ہے اور ساتھ ہی سر ڈھانپنے کے لیے حجاب بھی یوبیفارم کا حصہ ہے۔
حجاب یونیفارم کا لازمی حصہ نہیں۔ ایئرہوسٹس کا اختیار ہوگا کہ وہ پہننا چاہیں یا نہ پہنیں۔
جلد ہی یہ نیا یونی فارم ایئرلائن کمپنی کے 30 ہزار ملازمین پہنیں گے جب کہ ایئر لائن کے ملازمین کے پرانے یونیفارم کو یا تو خیراتی ادارے میں عطیہ کر دیے جائیں گے یا انھیں کھلونے، ٹیبلٹ ہولڈرز اور دیگر اشیاء بنانے کے لیے ری سائیکل کیا جائے گا۔
فضائی کمپنی کا نیا یونیفارم تیار کرنے والے ٹیلر نے کہا کہ ایسا یونیفارم تیار کرنا چاہتا تھا جو سب کے لیے قابل قبول ہو اور اس میں اجنبیت محسوس نہ ہو۔ یہ صرف لباس کے ایک کپڑے کی بات نہیں بلکہ تشخص اور شناخت بھی ہے۔