کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا ہے کہ کوئٹہ میں قائم بلدیہ پلازہ میں وکلا نے کمرے کرایے پر لیے ہوئے ہیں اور وہ ماہانہ کرایہ صرف 55 روپے ادا کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے سرکل روڈ پارکنگ پلازہ کا دورہ کر کے میڈیا سے گفتگو میں یہ انکشاف کیا اور وکلا سے گزارش کی کہ وہ مارکیٹ کے حساب سے کمروں کا ماہانہ کرایہ ادا کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر صوبائی یا بلدیاتی حکومت نے وکلا کے خلاف کارروائی کی تو اگلے دن عدالت سے اسٹے آجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم کوئٹہ میں پارکنگ کا مسئلہ حل کریں گے اور پارکنگ پلازہ کو کھول کر اس کی چھت پر ہوٹل بھی بنائیں گے تاکہ وہاں پر لوگ بیٹھ سکیں اور ریونیو حاصل ہو۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ حلف لینے کے پہلے ہی روز کمشنر کو پارکنگ پلازہ فعال کرنے کی ہدایت کی، سرکلر روڈ پارکنگ پلازہ نے ایک ماہ میں زبردست ریونیو جنریٹ کیا ہے، جس کو دیکھتے ہوئے کوئٹہ شہر میں ایک اور پارکنگ پلازہ بنانے جا رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صفائی کے دوران سیورئھ لائنوں سے ٹائرز نکل رہے ہیں، شہریوں کا بھی فرض سیوریج لائینوں میں کچرا نہ پھینکیں۔