All posts by admin

مہاجروں اور مظلوموں کو ان کے حقوق واپس دلوائیں گے، فاروق ستار

کراچی: (ویب ڈیسک) سربراہ تنظیم ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد کے مہاجروں اور تمام مظلوموں کو ان کے حقوق واپس دلوائیں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں مردم شُماری میں کم گنا جاتا ہے، کراچی اورحیدرآباد میں غیر منصفانہ، متنازعہ حلقہ بندیاں کی گئیں، ہمیں ہمارے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، اس ظلم اور ناانصافی کے خلاف بھر پور احتجاج کرنا ہے۔
سربراہ تنظیم ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کا کہنا تھا کہ کب تک ظلم سہیں، آگے بڑھیں اور طاقتور ایوانوں تک آواز پہنچائیں، مہاجروں اور تمام مظلوموں کو اُن کے حقوق واپس دلوانے ہیں۔

مسلم لیگ ن نے اعتماد کے ووٹ کے مطالبے کی قرار داد جمع کرا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے اعتماد کے ووٹ کے مطالبے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی، قرار داد 4 لیگی ارکان کے دستخطوں کے ساتھ جمع کرائی گئی ہے۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ گورنر نے اعتماد کے ووٹ کے لیے جو حکم دیا ہے اس پر آئین کے مطابق عمل کیا جائے، اعتماد کے ووٹ کا مرحلہ سپیکر یا ڈپٹی سپیکر کے بجائے غیر جانبدار ممبر کی سربراہی میں کرایا جائے۔
قرار داد ایم پی اے محمد ارشد اور علی حیدر گیلانی کی جانب سے جمع کرائی گئی، اپوزیشن نے وزیراعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کیلئے سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور پینل آف چیئرمین پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب، اعتماد کے ووٹ کے لیے سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور چیئرمین پینل کے بجائے غیر جانبدار افراد کی ذمہ داری لگائی جائے، وزیر اعلیٰ کے اعتماد کا ووٹ اور نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ابزرور مقرر کیا جائے۔

جس دن ہماری حکومت آئی والیم 10 کھلے گا، مسرت جمشید چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جس دن ہماری حکومت آئے گی والیم 10 کھلے گا، آدھا تتر،آدھا بٹیراب نہیں چلےگا۔
ترجمان پنجاب حکومت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انڈسٹریز بند ہو رہی ہے، جو بکنے والے تھے وہ دفعہ ہو چکے ہیں اب کوئی بکاؤ مال نہیں، یہ سوشل میڈیا کا دور ہے کسی کو شب خون نہیں مارنے دیں گے۔
مسرت چیمہ نے کہا کہ زرداری تین میں نا تیرہ میں، زرداری کمپنی کی مشہوری کے لیے صرف ایک اشتہار ہے، ہم نے ان کے لیے بھی سرپرائز رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے، ہمارے پاس پنجاب اسمبلی کے نمبرز پورے ہیں، ملک دشمن، ہارے ہوئے ٹولے کے پاس اب جانے کو کوئی تیار نہیں۔

پنجاب میں غیر آئینی اقدام کیا گیا تو گورنر راج نافذ کرسکتے ہیں، وزیر داخلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی غیر آئینی اقدام کرے گی تو حکومت گورنر راج نافذ کر سکتی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ وزیر اعلیٰ اعتماد کا ووٹ نہ لیں تو وہ وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے، گورنر کی مرضی ہے ان سے جب بھی اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ دیں۔
رانا ثنا اللہ نے زور دیا کہ ہمیں معلوم ہے کہ انکے پاس نمبر پورے نہیں ہیں ، اگر ہیں تو ووٹ آف کانفیڈینس لے لیں، حمزہ شہباز ہی وزیر اعلیٰ کے متفقہ امید وار ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے علم میں نہیں کہ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی سے کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں، اگر یہ غیر آئینی اقدام کریں گے تو حکومت گورنر راج نافذ کر سکتی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ الیکشن تو تب ہی ہوتے کہ اسمبلیاں توڑ دی جاتیں، ابھی تو کے پی کے کی اسمبلی توڑنے سے بھی بھاگ رہے ہیں، اگر گورنر راج لگ گیا تو اسکا وقت 6 مہینے تک ہو گا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، وہ اور اسکے ورکرز گمراہی کی آخری حد کو پہنچے ہوئے ہیں، ایک مہینے سے اسمبلیاں توڑنے کا رونا رو رہے ہیں اس صورت حال میں گورنر کا حق ہے کہ وہ اپنا اختیار استعمال کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوائے عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ، سیاست دان اور قوم یہی چاہتی ہے کہ ملک میں استحکام ہو، عدالت سے عمران خان کو کوئی ریلیف نہیں ملنے والا۔

امریکا میں چور ٹرک کے تالے توڑ کر 9 کروڑ کی پینٹنگز لوٹ کر فرار

کولاراڈو: (ویب ڈیسک) بولڈر شہر میں ایک مکمل طور پر مقفل ٹرک سے 5 شاہکار پینٹنگ چوری ہوگئیں جس کی تلاش میں پولیس سرگرداں ہیں۔
مصوری کے ان شاہکار کی قیمت 4 لاکھ ڈالر تھی جو پاکستانی روپوں میں 9 کروڑ 12 لاکھ روپے بنتی ہے۔
شہری انتظامیہ کے مطابق یہ پیٹنگ 14 دسمبر کی شام سے لے کر صبح تک کے وقت میں چوری ہوئی ہیں، ٹرک ڈرائیور اور اس کا معاون عملہ شام کو ایک ہوٹل میں رکا تھا، جب صبح وہ ٹرک پر پہنچے تو اس کا مضبوطی سے بند کیا گیا دروازہ اور تالا وغیرہ ٹوٹا ہوا تھا، معلوم ہوا کہ اندر رکھی 5 پینٹنگ اور ان کے ساتھ کچھ اوزار بھی غائب ہیں۔
ٹرانسپورٹ سٹاف کے مطابق اس خزانے میں امریکی فن کار ارنسٹ مارٹن ہیننگز کی مشہور تخلیق ’لگونا پیبلو‘ بھی موجود تھی۔
اس کےعلاوہ جوزف ہنری شارپ کی تخلیق ’ویوز آف ٹاؤس پیبلو‘ ایلن ڈی کوننگ، جین فرائلیشر اور اینگر ارونگ کوز کا اہم کام بھی شامل تھا، ان تصاویر میں لینڈ اسکیپ پینٹنگ بھی شامل تھی۔
تاہم افسران نے یہ نہیں بتایا کہ قیمتی تصاویر کس میوزیئم سے لی گئی تھیں اور کہاں لے جائی جا رہی تھیں۔

اوزون کی سطح جلد اپنی پرانی حالت میں واپس آجائے گی، رپورٹ

نیروبی: (ویب ڈیسک) گلوبل وارمنگ کے پیشِ نظر اوزون کی تہہ کو بچانے کے لیے کی جانے والی کوششیں رنگ لانے لگ گئیں۔
پیر کے روز دنیا بھر کے سیکڑوں سائنس دانوں کی جانب سے مرتب کی جانے والی رپورٹ کے مطابق اوزون کو نقصان پہنچانے والی اشیاء کے استعمال میں کمی کے نتیجے میں اوزون کی تہہ بحال ہونا شروع ہوگئی ہے اور اس صدی کے آخر تک زمین کو گلوبل وارمنگ کے سبب بڑھنے والے درجہ حرارت میں 0.5- 1 ڈگری تک کمی کا سامنا متوقع ہے۔
اوزون سطح کرہ ارض کو ڈھانپنے والی ایک حفاظتی سطح ہے جو سورج سے آنے والی نقصان دہ الٹرا وائلٹ شعاؤں کو زمین کے ماحول میں گھسنے سے روکتی ہے۔
ماضی کے مطالعوں میں روز مرہ کی اشیاء میں استعمال ہونے والے کلوروفلورو کاربن (سی ایف سیز) کو اوزون سطح، انسان کی صحت اور ماحول کے لیے نقصان دہ پایا گیا ہے۔
1987 میں درجنوں ممالک نے موٹریال پروٹوکول پر دستخط کیے جس کے تحت دستخط کنندہ سی ایف سیز کے استعمال کو ختم کرنے کے پابند ہوگئے۔
پیر کے روز شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق تک اوزون سطح کی اینٹارکٹک میں 2066 تک، آرٹک میں 2045 اور باقی دنیا میں 2040 تک اس ہی حالت میں واپسی متوقع ہے جس حال میں وہ 1980 میں تھی۔
اقوام متحدہ کے اوزون سیکریٹریٹ کے انوائرنمنٹ پروگرام کی ایگزیکٹِیو سیکریٹری میگ سیکی کا کہنا تھا کہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اوزون تہہ کی بحالی ایک زبردست خبر ہے۔ موسمیاتی تغیر کو کم کرنے کے لیے مونٹریال پروٹوکول اس سے زیادہ اثر انداز نہیں ہوسکتا۔ 35 سال سے زیادہ کے عرصے میں یہ معاہدہ ماحولیات کے لیے حقیقی چیمپئن بن گیا ہے۔

رواں سال کا پہلا فیچر ٹک ٹاک صارفین کی بڑی مشکل میں معاون ثابت ہوگا

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک صارفین کی جانب سے اکثر شکایات کے بعد ایپ انتظامیہ نے نیا فیچر متعارف کروانے کی ٹھان لی۔
کمپنی کی جانب سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس کا مقصد مناسب وقت تک نیند کو یقینی بنانا ہے، کمپنی کی جانب سے نئے فیچر سلیپ ریمائنڈرز کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
اس فیچر کے تحت سونے کے وقت کے الرٹس لگانے جبکہ نیند کے دوران نوٹیفکیشنز کو میوٹ کرنے جیسے آپشنز دستیاب ہوں گے، نئے فیچر کی آزمائش دنیا بھر میں صارفین کی محدود تعداد میں کی جا رہی ہے، یہ نیا فیچر سکرین ٹائم سیٹنگز میں سلیپ ریمائنڈرز کے نام سے موجود ہوگا۔
کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر سے صارفین کو ٹک ٹاک پر سکرولنگ کے دوران معلوم ہوسکے گا کہ اب ان کے سونے کا وقت ہوگیا ہے، اس کے لئے صارفین کو سونے کے ایک وقت کو سلیکٹ کرنا ہوگا اور وہ وقت قریب آنے پر ایپ کی جانب سے یاد دلایا جائے گا کہ نیند کا وقت آگیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ پش نوٹیفکیشنز 7 گھنٹوں کے لئے میوٹ ہوجائیں گے تاکہ صارف کی نیند متاثر نہ ہوسکے۔
ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم صارفین کی بہتری کے لئے متعدد نئے ذرائع پر کام کر رہے ہیں اور یہ نیا ٹول بھی اسی مقصد کے لئے تیار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ٹک ٹاک نے فروری 2020 میں سکرین ٹائم منیجمنٹ ٹولز متعارف کرائے تھے اور اس کے بعد سے ایسے متعدد فیچرز کا اضافہ کیا گیا جو صارفین کو ایپ کے استعمال کے حوالے سے زیادہ اختیار فراہم کر سکیں۔

محکمہ خوراک پنجاب نے 26 ہزار میٹرک ٹن گندم ریلیز کر دی

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ خوراک پنجاب نے 26 ہزار میٹرک ٹن گندم صوبے کی 970 فلور ملز کو ریلیز کر دی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کو 5 ہزار 9 سو 95 میٹرک ٹن گندم کا کوٹہ ریلیز کر دیا گیا، گوجرانوالہ ڈویژن کو 1 ہزار 9 سو 19 میٹرک ٹن اور گجرات ڈویژن کو 1 ہزار 3 سو 36 میٹرک ٹن گندم کوٹہ ریلیز کیا گیا ہے۔
لاہور ڈویژن کو 7 ہزار 3 سو 2 میٹرک ٹن گندم، فیصل آباد ڈویژن کو 2 ہزار 6 سو 41 میٹرک ٹن، سرگودھا ڈویژن 1072 اور ملتان ڈویژن کو 1811 میٹرک ٹن گندم کوٹہ ریلیز کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے ساہیوال ڈویژن کو 756، ڈی جی خان ڈویژن کو 1078 اور بہاولپور ڈویژن کو 2090 میٹرک ٹن کوٹہ ریلیز کیا گیا ہے۔

مرغی کا گوشت عوام کی پہنچ سے دور، قیمت 650 روپے فی کلو سے بھی متجاوز

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں مرغی کا گوشت غریب کی پہنچ سے دور ہو گیا۔
لاہور میں ضلعی انتظامیہ سرکاری لسٹ پر عمل کرانے میں ناکام ہو گئی اور شہر میں مرغی کا گوشت 650 روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے جبکہ انڈوں کی قیمت مزید بڑھ کر 289 روپے فی درجن ہو گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمتیں ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہیں اور شہر میں مرغی کا گوشت کہیں 640 تو کہیں 660 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ انڈے فی درجن 300 روپے تک جا پہنچے ہیں۔
اس کے علاوہ کوئٹہ میں بھی مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 650 روپے برقرار ہے جبکہ گزشتہ روز مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 30 روپےکااضافہ ہوا تھا۔

شریف برادران شروع سے ہی دو نمبری کے ماہر، کبھی ایک نمبر کام نہیں کیا:پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہباز شریف شروع سے ہی دو نمبری کے ماہر ہیں، شریف برادران نے کبھی ایک نمبر کام نہیں کیا، کہ جو حکمران بے ایمان ہوگا اس کام میں برکت نہیں ہوگی، عمران خان جیسا سچا اور کھرا لیڈر پاکستان میں نہیں ملنا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے سمن آباد موڑ انڈر پاس اور کرکٹ سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع چودھری پرویزالہٰی کو میاں اسلم اقبال اور ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، سابق وفاقی وزیر حماد اظہر، اراکین اسمبلی، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چودھری پرویز الہٰی نے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 400 میٹر طویل سمن آباد انڈر پاس 2 ارب 3 کروڑ روپے کی لاگت سے 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، سمن آباد انڈر پاس بننے سے سمن آباد، گلشن راوی، توحید پارک، ملتان روڈ، چوبرجی، چوک یتیم خانہ اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی، سمن آباد کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر پر 66 کروڑ روپے لاگت آئے گی، کرکٹ گراؤنڈ بننے سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ماسٹر پلان کا ذکر اکثر سامنے آتا ہے، ماسٹر پلان پی ٹی آئی کے دور حکومت میں شروع ہوا، ن لیگ کے میڈیا سیل نے ماسٹر پلان کے متعلق منفی مہم چلائی، شہباز اور نوازشریف شروع سے ہی 2 نمبر ہیں، شریف برادران نے کبھی ایک نمبر کام نہیں کیا، مستقبل میں کسی کو پنجاب میں ن لیگ نظر نہیں آئے گی، صرف ہمارے کام نظر آئیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جو حکمران بے ایمان ہوگا اس کام میں برکت نہیں ہوگی، عمران خان جیسا سچا اور کھرا لیڈر پاکستان میں نہیں ملنا، عمران خان عوام کی بہتری اور بھلائی کے لئے ہر خطرہ مول لے رہے ہیں، ہمیں معلوم ہے عمران خان سچے ہیں اس لئے لوگوں نے ساتھ دیا ہے، جیسے قائداعظم سچے اور کھرے تھے اس ہی طرح عمران خان بھی ہیں۔

جنیوا کانفرنس کامیاب، سیلاب متاثرین کیلئے 9 ارب ڈالرز جمع کیے: بلاول زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنیوا سے پاکستان کیلئے ایک اچھی خبر ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے جینوا میں کامیاب کانفرنس کے دوران 9 ارب ڈالرز جمع کئے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سمیت تمام عالمی برادری کے شکر گزار ہیں۔

L’Oreal Pakistanنے L’Oréal Professionnel Institute of Pakistan (ایل پی آئی پی) کے آغاز کا اعلان کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) لوریل پاکستان نے(ایل پی آئی پی)کے قیام کے ساتھ پاکستان میں خواتین کیلئے مواقع پیدا کرنے کے اپنے عزم کا آغازکر دیا ہے۔2023 میں شروع ہونے والے اس پروگرام کا مقصدسیکھنے والے نئے خواشمندوں کے ساتھ موجودہ ہیئر ڈریسرز کو ارزاں قیمت پر سند یافتہ تربیت فراہم کرنا ہے۔اس پروگرام کا پس پردہ وژن پاکستان میں ہیئر ڈریسرز کمیونٹی کی صلاحیتوں کی نشاندہی کرنا اور انہیں قابل بناناہے۔
Professionnel Institute of Pakistan L’Oréalکو امید ہے کہ اس اقدام کے ذریعہ ہیئر ڈریسنگ کے شعبہ میں اپنے کیریئر کے آغاز کی خواہش رکھنے والی پرجوش خواتین کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ایل پی آئی پی کا مقصد خواتین پر مبنی این جی اوز اور اداروں کے ساتھ شراکت داری کرنا ہے،تاکہ ایسی پسماندہ خواتین کی نشاندہی کی جاسکے،جن کے پا س کام کرنے کا جذبہ ہے،لیکن وسائل اور سمت کی کمی ہے۔ہم ایل پی آئی پی کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے کی خواہش رکھتے ہیں،جہاں ہم اس بڑی رکاوٹ کو دور کرنے میں ان کی مدد کرسکیں،انہیں مفت پیشہ وارانہ ہیئر ڈریسنگ کی تعلیم فراہم کریں،جس سے انہیں مالی آذادی کے سفر کے آغاز میں مدد مل سکے۔
L’Oréal Pakistanپاکستان میں خواتین کی معاشی نقل و حرکت اور مالی آذادی کی اہمیت پت پختہ یقین رکھتا ہے،اور اس کی حمات کرتا ہے،اور ایسے وسیع مواقع فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے،جو ان کی کامیابی کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوں۔
انسٹی ٹیوٹ کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے L’Oréal Pakistan کے کنٹری منیجنگ ڈائریکٹر قوی نصیر نے کہا کہ ”مساوی مواقع فراہم کرنا L’Oréalکے ڈی این اے میں شامل ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ خواتین کو صحیح تعلیم،تربیت اور مواقعوں تک رسائی فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے،تاکہ وہ معیشت میں فعال کردار ادا کرسکیں اور ایک ایسی پائیدار دنیا کی جانب بڑھا جاسکے جو مساوی،متنوع اور جامع ہو۔ایل پی آئی پی کے آغاز کے ذریعہ ہم خواتین کو ان کے عزائم کو آگے بڑھانیاور مالی طور پر خودمختاری کے حصول کیلئے صحیح پلیٹ فارم کی فراہمی کے عمل کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔“
L’Oréalمیں ہم یقین رکھتے ہیں کہ خواتین کی حمایت کرنا نہ صرف ایک صحیح عمل ہے بلکہ یہ ایک پائیدار،منصفانہ اور جامع مستقبل کی جانب رستہ کو بھی یقینی بناتا ہے۔ایل پی آئی پی چھ ماہ پر محیط کورس کرائیگا،جس میں ہیئر ڈریسنگ کا احاطہ کیا گیا ہے،اور انٹرن شپ کے ذریعہ عملی تربیت کے ساتھ ساتھ کاروباری ذہانت کو بھی فروغ دیا جائیگا۔L’Oréal Pakistanہر بیج کے 50فیصد طلباء کو اسکالر شپ فراہم کرے گااور L’Oréal Pakistanایسے طلباء کی مکمل مالی معاونت کرے گی۔اس کے علاوہ L’Oréalتمام کامیاب گریجوئٹس کیلئے ملازمتوں کی فراہمی کیلئے سیلون ایکسپرٹ سیلونز کے ذریعہ مواقع بھی فراہم کرے گی۔

امریکی جنگ میں شامل ہونے سے پاکستان کا زیادہ نقصان ہوا: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ امریکی جنگ میں شامل ہونے سے نقصان زیادہ، معاوضہ معمولی ملا، اگر نیوٹرل رہتے تو حالات بہت بہتر ہوتے، امریکی جنگ کے اثرات اب تک پاکستان میں موجود ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے، اس سے بروقت نہ نمٹا گیا تو اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے، اگر یہ جنگ چل پڑی تو سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا کا ہوگا، ہمیں عقل سے چلنا پڑے گا، وفاقی گورنمنٹ کو بیٹھ کر اس معاملے پر مسلسل میٹنگ کرنی چاہئیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مزید کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری جب ملک کے سربراہ تھے تو 400 ڈرون اٹیک کیے گئے، ہمارے کرائم منسٹر ساری دنیا کو خوش آمد کرتے پھرتے ہیں، پاکستان کا وزیر خارجہ ساری دنیا کے چکر لگا رہا ہے، اس کو افغانستان جانا چاہیے تھا، اگر دہشتگردی کی جنگ شروع ہوگئی تو یہ رکے گی نہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وزرا غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں، پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے ہم نے ٹی ٹی پی سے بات کی، یہ لوگوں کو گمراہ نہ کریں، خیبر پختونخوا کے لوگوں نے دہشتگردی سے بہت نقصان اٹھایا، بارڈرز کا کنٹرول وفاقی حکومت کے پاس ہے، انہوں نے بڑھتی دہشتگردی پر توجہ نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے برا بھلا کہا گیا ،طالبان خان کہا گیا، پاکستان کا سب سے زیادہ نقصان خود کش حملوں نے کیا، قبائلی علاقے کے لوگوں نے جہاد میں شرکت کی، قائداعظم نے 1948میں پاکستانی فوج قبائلی علاقے سے واپس بلوالی تھی، میں کہتا تھا ہمیں امریکا کی جنگ میں نیوٹرل رہنا چاہیے، ہم نے امریکا کی جنگ میں 20سال تک شرکت کی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں زراعت میں کسانوں کے اچھے حالات تھے، انہوں نے معیشت پر توجہ نہیں دی، ساری دنیا میں بھیک مانگتے پھر رہے ہیں، ہمیں بیرونی سازش کے ذریعے گرایا گیا، جب آپ گندا پانی کھڑا رہنے کی اجازت دیتے ہیں تو اس میں مچھر آجاتے ہیں۔
اس کے علاوہ اپنے ٹویٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق جے آئی ٹی ممبران پر میرے خلاف قاتلانہ حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے نتائج سے خود کو دور کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، یہ میرے اس یقین کی مزید تصدیق کرتا ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کے پیچھے طاقتور حلقوں کا ہاتھ تھا۔