All posts by admin

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی گاڑی پر جوتا پھینک دیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی گاڑی پر جوتا پھینک دیا گیا۔
یہ واقعہ پنجاب اسمبلی اجلاس کے بعد واپس جاتے ہوئے پیش آیا۔ رانا ثنا اللہ کی گاڑی پر نامعلوم شخص کی جانب سے جوتا پھینکا گیا جو گاڑی کی ونڈ اسکرین پر لگا۔
رانا ثنا اللہ گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھے ہوئے تھے، ڈرائیور نے ایک لمحے کیلئے گاڑی روکی اور پھر آگے بڑھادی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوتا مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی راشد حفیظ کے ڈرائیور نے پھینکا۔

جو طالبان کو بھتہ دینے کے الزامات لگارہے وہ ثبوت لائیں: وزیراعلیٰ پختونخوا

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے صوبائی اسمبلی کے ارکان کے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو بھتہ دینے کے سوال پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
صحافی نے محمود خان سے سوال کیا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان طالبان کو بھتہ دے رہے ہیں کیا یہ درست ہے؟ اس پر ان کا کہنا تھاکہ اگر اسمبلی ارکان طالبان کوبھتہ دینے میں ملوث ہوئے تو اسمبلی چھوڑ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو بھتے کے الزامات لگارہے ہیں وہ ثبوت لائیں، ہم حکومت چھوڑ دیں گے، یہ بلیم گیم نہیں ہونی چاہیے، نہ بھتہ دے رہے ہیں نہ دیں گے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی پھر ہنگامہ آرائی، نعرے بازی، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں

لاہور: (ویب ڈیسک) 3 گھنٹے 3 منٹ کی تاخیر سے شروع ہونے والے پنجاب اسمبلی اجلاس میں پھر ہنگامہ آرائی، ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں، سیشن سے پہلے بیرونی دروازے بند کرنے پر لیگی ارکان اور سکیورٹی سٹاف میں تلخ کلامی، ممبران دھکم پیل کے بعد عطا تارڑ کی گاڑی کو زبردستی اندر لے گئے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس 3 گھنٹے 3 منٹ کی تاخیر سے سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کے زیر صدارت شروع ہوا تو اپوزیشن نے پھر ہنگامہ آرائی شروع کر دی، ایوان مچھلی منڈی بن گیا، اپوزیشن اراکین نے پرویز الٰہی کے خلاف ڈاکو ڈاکو کے نعرے لگائے، اپوزیشن نے وقفہ سوالات کی کاپیاں ڈیسک پر بجا کر شور شرابا شروع کر دیا۔
رانا محمد اقبال نے پنجاب اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تعداد پی ٹی آئی سے زیادہ ہے، جس پر سپیکر نے کہا کہ جب تعداد زیادہ ہو تو ہماری بات بھی سن لیا کریں، کل کسی نے کورم کی نشاندہی نہیں کی، کل حکومتی بنچوں کی تعداد زیادہ تھی۔
خلیل طاہر سندھو کی ایوان میں نقطہ اعتراض پر تلخ کلامی، اقلیتی رکن سمیوئل یعقوب کو ڈانٹ کر بیٹھنے کا کہہ دیا، خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ پرویز الہی کی تین رولنگ ہمارے پاس ہیں، رولز معطل کرکے بدترین قانون سازی ہوتی ہے، یونیورسٹیوں کے بل تو منظور کر لئے لیکن ہمیں ایجنڈا تو دے دیا جائے، اپوزیشن کو 21 بار چانس دیا کہ تعداد پوری کریں لیکن انہیں شکست ہوئی۔
چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ اتنی نالائق اپوزیشن 36 سال میں نہیں دیکھی، اپوزیشن بنچوں کی جانب سے چوہدری ظہیر الدین کی تقریر کے دوران شور شرابا جاری رہا۔
رانا مشہود احمد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 4 سال بعد رولز پر عمل درآمد شروع ہوا ہے تو پھر ہائی کورٹ کے آرڈر پر کیبنٹ سٹینڈ نہیں کرتی، چئیر سے سوال رکھا قانون سازی غیر قانونی ہے، کہنا چاہتا ہوں جھوٹ بولتے ہیں، سٹینڈنگ کمیٹی کون نہیں بننے دے رہا، پہلی اسمبلی جس میں سٹینڈنگ کمیٹیوں کا وجود عمل میں نہیں لایا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں رانا مشہود احمد نے کہا کہ رولز و پروسیجر کی دھجیاں اڑا کر ممبرز کو ہی بل دئیے جاتے، کون سا بل ہاتھ میں رکھا جس میں ترامیم کرتے، اعتماد کے ووٹ کی آپ کی آئینی ذمہ داری ہے ہمت ہے ابھی ووٹ لیں ابھی جواب دیں گے کہ ایوان کس کے ساتھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل 4 بار فلور مانگا ہے ووٹنگ کرائیں، بلوں پر ووٹنگ بنائیں، قوم کو گمراہ نہ کریں، قوم آٹا چوروں کا احتساب مانگتی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار شہاب الدین نے کہا کہ اپوزیشن کو کہنا چاہتا ہوں، جواب سن نہیں سکتے؟ مونس الٰہی کو چھوڑیں، 1100 ارب روپے کی کرپشن جو حمزہ نے کی اس کا جواب دیں، اپوزیشن کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔
ظہیر عباس کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی بات کرنے والے سن لیں وہی تحریک عدم اعتماد شرم کی وجہ سے واپس لی، ہمیں ان پر عدم اعتماد ہے، ارشد شریف کے قاتلوں، عمران خان پر حملے کا جواب دیں، عوام پنجاب پر ظلم و بربریت کا سوال کرتے ہیں، معصوم بچوں کے قتل کا حساب مانگتے ہیں۔
ظہیر عباس کھوکھر نے اسمبلی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی لابی میں ایک جرائم پیشہ شخص بٹھایا ہوا ہے، اس لئے واک آؤٹ کر رہا ہوں۔
میاں محمود الرشید نے لابی میں بیٹھے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان پر خوب تنقید کی، انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت قائم ہے اور قائم رہے گی، سپیکر سبطین خان نے اجلاس 15 منٹ کے لئے ملتوی کر دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف جمعرات کو 2 روزہ دورے پر یو اے ای جائیں گے 

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف 12 سے 13 جنوری تک متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان کی دعوت پر یو اے ای کا دورہ کر رہے ہیں، وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا یو اے ای کا تیسرا دورہ ہو گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوں گے، اپنے دورے کے دوران شہباز شریف یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید سے ملاقات کریں گے، جس میں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے اور یو اے ای میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، وزیر اعظم اپنے یو اے ای کے ہم منصب، نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی کی جائیں گی۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت رجحان، 100 انڈیکس میں 296 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کا مثبت رجحان رہا، 100 انڈیکس 296 پوائنٹس اضافے سے 40801 پر بند ہوا۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 477 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، بازار میں 21 کروڑ شیئرز کے سودے 6.56 ارب روپے میں طے ہوئے، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 31 ارب روپے اضافے سے 6491 ارب روپے ہے۔

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے سلسلہ جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے سلسلہ جاری۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر47 پیسے مہنگا ہوکر227 روپے 88 پیسے پر بند ہوا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 25 پیسے مہنگا ہو کر 237 روپے کا ہوگیا ہے۔

سفاک شوہرنے فیس بک لائیو آکر بیوی کو ذبح کردیا

قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر میں بے رحم شوہر نے اپنی بیوی کو فیس بک لائیو آکر ذبح کردیا اور کٹے سر کے ساتھ اپنی سیلفی سسرال والوں کو بھیج دی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کی پولیس جب سفاک شوہر کو گرفتار کرنے پہنچی تو وہ اپنی بیوی کی سرکٹی لاش کے ساتھ فیس بک لائیو پوسٹ کر رہا تھا۔
پولیس کو دیکھ کر بے رحم قاتل نے اپنے تینوں کم سن بیٹوں کو دبوچ لیا اور دھمکی دی کہ اگر اسے جانے نہیں دیا گیا تو وہ تینوں بچوں کا گلا کاٹ دے گا۔
پولیس ٹیم نے ملزم کو باتوں میں الجھائے رکھا اور موقع دیکھ کر اسے گرفتار کرلیا۔ تینوں بچے بھی خیریت سے ہیں۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ بیوی سے جھگڑا ہوا تھا جس پر غصے میں آکر پہلے اسے تشدد کرکے قتل کیا اور پھر گلا کاٹ دیا۔
ہمسائیوں کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا اور بیوی اسے چھوڑ کر بھی چلی گئی تھی لیکن بعد میں صلح ہوگئی۔

شاہ رُخ خان اور دیپیکا کی متنازع فلم ’پٹھان‘ کا ایکشن سے بھرپور ٹریلر جاری

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان اور خوبرو اداکار دیپیکا پڈوکون کی متنازع فلم پٹھان کا ٹریلر جاری کر دیا گیا۔
بھارت میں بائیکاٹ مہم کا شکار متنازع فلم ’پٹھان ‘ کا ایکشن اور تھرلر سے بھرپور ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے فلم میں ایکشن ہیرو جان ابراہم بھی شاہ رُخ اور دیپیکا کے ہمراہ جلوہ گر ہوں گے۔
جان ابراہم فلم میں ویلن کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک انڈر کوور روسی ایجنٹ ہیں اور انڈیا میں تباہی مچانے آئے ہیں۔
سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی پٹھان نام کے ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جس کیلئے اس کا مذہب، ذات اور نام سب اس کا ملک ہے شاہ رُخ خان پٹھان کا کردار ادا کرتے نظرآئیں گے۔
فلم کے ٹریلر میں شاہ رُخ کو کہتے سُنا جا سکتا ہے کہ ’جب پٹھان کے گھر پر پارٹی رکھو گے تو پٹھان مہمان نوازی کرنے تو آئے گا ساتھ پٹاخے بھی لائے گا، فلم میں دیپیکا شاہ رُخ کے ساتھ خاتون انڈر کور فوجی کا کردار نبھا رہی ہیں جس کا کام انڈیا کی حفاظت کرنا ہے۔
یشراج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’پٹھان‘ 25 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی، فلم کو ہندی، تامل اور تیلیگو زبان میں ریلیز کیا جائے گا۔
واضح رہے اس سے قبل شاہ رخ خان کی آخری فلم ’زیرو‘ دسمبر 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔

جنیوا کانفرنس میں بلاول زرداری نے کامیاب سفارتکاری کی: فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے بغیر کسی وجہ 8 لاکھ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈ بند کر دیئے تھے، جن کے ساتھ زیادتی ان کے کارڈ کو کھولیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے تخفیف غربت فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کو جنیوا کانفرنس میں تاریخی کامیابی ملی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کامیاب سفارتکاری کی، پاکستان سے 9 ارب ڈالر سے زائد امداد کے وعدے کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدد کرنے والے مالیاتی اداروں اور دوست ممالک کے شکر گزار ہیں، بڑی کامیابی پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں آج بھی پانی کھڑا ہے۔

عمران خان کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف پنجاب کا اجلاس

لاہور: (ویب ڈیسک) چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف پنجاب کا اہم اجلاس ہوا، کپتان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کو سراہا۔
عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے ڈویژنل کوارڈینیٹرز نے شرکت کی، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی، فواد چودھری بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں چئیرمین تحریک انصاف کو اسمبلی میں پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ گزشتہ روز حکومتی بنچز نے 21 بل پاس کرا کر اپوزیشن کو ایک بار پھر اسمبلی میں شکست دی۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کو سراہا۔

سیلاب سے 33 ملین پاکستانی متاثر ہوئے، عمران کہیں مدد کرتے نظر نہیں آئے، مرتضیٰ وہاب

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے لیکن عمران خان کہیں بھی سیلاب متاثرین کی مدد کرتے نظر نہیں آئے۔
نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمران خان کا 4 سال کا دور تباہ کن تھا، کل پی ٹی آئی والوں نے کہا ڈونرز کانفرنس ناکام ہو گئی، کسی نے ٹویٹ کیا ڈونرز کانفرنس میں کوئی نہیں آیا جبکہ ڈونرز کانفرنس میں احسن انداز میں پاکستان کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھا گیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کا مقدمہ پیپلز پارٹی نہیں ریاست پاکستان کا تھا، اگر ان لوگوں کو پاکستان سے محبت ہوتی تو وزیراعظم، وزیر خارجہ کو شاباش دیتے۔

13 جماعتی ٹولہ پھر ارکان کی منڈی لگانے کی کوشش کر رہا ہے: عمر چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق گورنر پنجاب اور پی ٹی آئی کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ 13 جماعتی ڈاکوؤں کے ٹولے نے پہلے بھی واردات کرنے کی کوشش کی تھی، اب یہ دوبارہ ارکان کی منڈی لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ہمیں پتا تھا ان کے پاس نمبرز پورے نہیں، عدم اعتماد کا ایک طریقہ کار ہے، عدم اعتماد کا ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، گورنر پنجاب کا اعتماد کا ووٹ لینے کا طریقہ کار غلط تھا، عدالت نے گورنر کے آرڈر کو مسترد کیا، یہ میڈیا میں آکر بڑھکیں مارتے ہیں، بڑھکیں مارنے کا مقصد اپنی نالائقی سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔
سابق گورنر پنجاب نے کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف ملک کو دہشت گردی کا سامنا دوسری طرف وزیر داخلہ پنجاب میں ووٹوں کی سودے بازی کر رہا ہے، یہ لوگ اپنے بندوں کی فکر کریں، آصف زرداری، شہباز شریف گینگ مسلسل اسی کوشش میں ہے، یہ این آر او ٹو کے تحفظ کیلئے اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں۔

لاہور: سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنیوالا ‘ سنجے دت’ گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) گلشن اقبال پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم حسنات کھوکھر عرف سنجے دت کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کی ویڈیو منظر عام آنے پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم حسنات کھوکھر عرف سنجے دت کو گرفتار کرکے پستول اور گولیاں برآمد کرلیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اکثر سکول چوک کے باہر ہوائی فائرنگ کرکے ٹک ٹاک ویڈیوز بناتا اور انہیں سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتا تھا۔