اداکارہ ماہِ نور حیدر کا اپنے گھر جنات کے بسیرے کا انکشاف

لاہور: مقبول ترین ڈرامہ سیریل ‘خئی’ میں ‘آپانا’ کے کردار سے شہرت پانے والی پاکستانی اداکارہ و ماڈل ماہِ نور حیدر نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے گھر گزشتہ کئی عرصے سے جنات کا بسیرا ہے۔

گزشتہ دنوں ماہِ نور حیدر نے اپنے ساتھی اداکار شجاع اسد کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے کامیڈی شو میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے اپنے گھر سے متعلق ایک حیران کُن انکشاف کیا۔

شو کے میزبان تابش ہاشمی نے ماہِ نور حیدر سے سوال کیا کہ آپ نے اسکردو، گلگت بلتستان کے علاقوں میں شوٹنگ کی تو کبھی شوٹنگ کے دوران جنات وغیرہ سے سامنا ہوا؟

اس سوال کے جواب میں ماہِ نور حیدر نے کہا کہ میرے گھر میں جنات ہیں کیونکہ مجھے اکثر کچن سے میرے نام کی آوازیں سُنائی دیتی ہیں لیکن جب میں پیچھے مُڑ کر دیکھتی ہوں تو وہاں کوئی نہیں ہوتا۔

ماہِ نور حیدر نے کہا کہ مجھ سے قبل میری والدہ کو بھی اسی طرح کی آوازیں سُنائی دیتی تھیں، کوئی میری والدہ کو اُن کے نام سے پُکارتا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ سب کافی عرصے سے چل رہا ہے، کئی سال پہلے ایک بار ایسا ہوا تھا کہ میرے والد صاحب صبح کی واک کے لیے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے لیکن میری والدہ کو میرے والد صاحب گھر میں دکھائی دیے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ دراصل یہ واقعہ کچھ اس طرح ہوا کہ میرے والد صاحب صبح فجر کی نماز پڑھتے ہی واک پر چلے گئے تھے اور جب میری والدہ فجر کی نماز کے لیے اُٹھیں تو میری والدہ نے والد کو کمرے میں دیکھا۔

ماہِ نور حیدر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر جب میرے والد صاحب واک کرکے واپس گھر آئے تو والدہ نے اُن سے پوچھا کہ آپ تو گھر میں تھے تو اب آپ اچانک باہر سے کیسے آرہے ہیں؟ جس پر میرے والد صاحب نے کہا کہ میں تو تمہارے اُٹھنے سے پہلے ہی واک پر چلا گیا تھا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اُس وقت سے ہمیں اپنے گھر میں عجیب و غریب سرگرمیاں محسوس ہوتی ہیں لیکن اب ہمیں عادت ہوچکی ہے۔

بشام چینی انجینئرز بس حملے میں ملوث ٹی ٹی پی کے 4 دہشتگرد گرفتار

پشاور: محکمہ انسداد دہشت گردی نے بشام میں چینی انجینئرز کی بس پر خودکش حملے میں ملوث ٹی ٹی پی کے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق چار اہم دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ حملے کا مرکزی ملزم عادل شہباز ہے جس کا تعلق جلال آباد افغانستان سے ہے۔

عادل شہباز سمیت واقعے میں ملوث تمام ملزمان محمد شفیق قریشی، زاہد قریشی اور نذیرحسین مانسہرہ کے رہائشی ہیں۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے کہا کہ عادل شہباز نے کالعدم ٹی ٹی پی سے منسلک ہونے اور حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو بشام میں چینی انجینئرز کی بس پر خود کش حملے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

کینیڈین وزیراعظم کے سامنے خالصتان کے حق میں نعرے، ٹروڈو پنجابی بولتے رہے

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ملک بھر میں آباد آٹھ لاکھ سے زائد سکھوں کے حقوق کے تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ ٹورونٹو میں خالصہ ڈے کے موقع پر وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے خطاب کے موقع پر خالصتان کے نعرے بھی لگ گئے۔ خطاب کے دوران جسٹن ٹروڈو پنجابی بھی بولتے رہے۔

جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ سکھوں کی اقدار کینیڈا کی اقدار ہیں۔ ملک بھر میں سکھوں کے گردواروں اور کمیونٹی سینٹرز کو زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ اتوار کو خالصہ ڈے کی تقریب کے دوران خالصتان کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔

کینیڈین وزیر اعظم نے سِکھوں کو یقین دلایا کہ کینیڈین حکومت ہر طرح کے امتیاز کے خلاف ان کے تمام حقوق اور آزادیوں کو ہر حال میں تحفظ فراہم کرے گی۔

خالصہ ڈے کی تقریب میں کنزرویٹیو لیڈر پیئرے پوئلیویئر، نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر جگمیت سنگھ اور ٹورونٹو کی میئر اولیویا چو نے بھی شرکت کی۔

خالصہ ڈے کو عرفِ عام میں بیساکھی کہا جاتا ہے۔ یہ سِکھوں کے نئے سال کا جشن ہے۔ تقریب میں خالصتان کے نعرے اس وقت لگائے گئے جب جسٹن ٹروڈو خطاب کے لیے ڈائس کی طرف جارہے تھے۔

جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی اصل طاقت تنوع میں ہے۔ ہم اپنے اختلافات کے باوجود نہیں بلکہ اُن کی بدولت مضبوط ہیں۔ اختلافات اور تنوع کے باوصف ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ سِکھوں کی اقدار کینیڈا کی اقدار ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے سِکھوں کو یقین دلایا کہ ان کے حقِ عبادت کی راہ میں کوئی بھی دیوار حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے تقریر کے آخر میں سِکھوں کو بیساکھی کی مبارک باد دیتے ہوئے ”واہے گرو جی کا خالصہ“ اور ”واہے گروجی کی فتح“ کا نعرہ بھی لگایا۔

کسی ادارے سے بات کرنے کا اختیار پارٹی کے کسی نمائندے کو نہیں، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ کسی مذاکرات کے بارے میں کسی ادارے سے بات کرنے کا اختیار پارٹی کے کسی نمائندے کو نہیں ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ہماری بات ہوئی ہے ، اگر مذاکرات کے بارے میں کوئی بات ہوگی تو وہ میں لے کر آؤں گا یا عمران خان صاحب خود جیل میں بتائیں گے، ہمارے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں، جس دن بات چیت ہوئی تو ہم میڈیا کو بتائیں گے، کسی مذاکرات کے بارے میں کسی ادارے سے بات کرنے کا اختیار پارٹی کے کسی نمائندے کو نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انتشار کا شکار نہیں ہے، پارٹی میں اختلاف رائے ہوسکتی ہے، یہ کنگز پارٹی نہیں ہے، یہاں آمریت نہیں ہے، ہم سب کو کہتے ہیں کہ رائے کا اظہار کرو لیکن جب پارٹی فیصلہ کر لیتی ہے تو سب اس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، اور پارٹی فیصلے کا مطلب ہے عمران خان کا فیصلہ، خان صاحب لیڈر ہیں چاہے وہ جیل میں ہوں یا اس سے باہر ہوں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کا نام پی اے سی کی چیئرمین کے لیے واپس نہیں لیا گیا لیکن اس معاملے پر کل تک فیصلہ ہوجائے گا، خان صاحب کے اوپر ہے کہ وہ کس کو چنیں۔

اس موقع پر شیر افضل مروت نے کہا کہ اس میں کوئی تنازع نہیں ہے، کل تک نام فائنل ہوجائے گا۔

ملک کیخلاف ہونی والی سازشوں سے 9 مئی کو آگاہ کیا جائے گا، مولانا فضل الرحمان کا اعلان

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کا تنازع ختم ہونا چاہیے، ہماری اپیل سپریم کورٹ میں دائر ہے، ہماری درخواست ہے کہ اسے جلد سے جلد سنا جائے، جو لوگ پارٹی سے جا چکے ہیں ان کی واپسی کا فیصلہ خان صاحب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، اگر وہ ہمارے احتجاج کو مزاحمت کہتے ہیں اسے تو کہہ لیں۔

وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا کی وفاقی حکومت پر چڑھائی کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ علی امین نے چڑھائی کا نہیں کہا بلکہ کہا کہ اگر ہماری ساتھ زیادتی ہوگی تو خیبرپختونخوا اٹھ کھڑا ہوگا، انہوں نے اس تناظر میں بات کی تھی۔

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمران خان بارہا کہہ چکے کہ پاکستان بھی ہمارا، ملک بھی ہمارا، فوج بھی ہماری ہے اور یہی پارٹی کا مؤقف ہے۔

امریکی اداکارہ نے حماس کے خلاف اسرائیلی پروپیگنڈے کو مسترد کردیا

واشنگٹن: معروف امریکی اداکارہ سوزن سارینڈن بھی فلسطینیوں اور حماس کی حمایت میں میدان میں آگئیں۔

یروشلم پوسٹ کی خبر کے مطابق اسرائیل کی حامی ولاگر کے چبھتے ہوئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے نہ صرف حماس کے خلاف اسرائیلی پروپیگنڈے کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کردیا بلکہ حماس کی جانب سے اسرائیلی سیزفائز ڈیلز مسترد کرنے کو منطقی بھی قرار دیا۔

سوشل میڈیا صارف کیرن پکر نے ویڈیو شیئر کی جس میں اس نے امریکی اداکارہ سے سوالات کیے کہ آپ ’سیزفائر ناؤ‘ گانے کی گلوکارہ اور نغمہ نگار بھی ہیں، مگر کیا آپ جانتی ہیں کہ حماس نے 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک جنگ بندی کے ہر معاہدے کو مسترد کر دیا ہے؟

اس کے جواب میں سوزن نے کہا کہ “کیونکہ وہ ڈیلز بہت ہی بے کار ڈیلز ہیں اور فلسطین حماس کا نام نہیں ہے۔

اسی طرح سوزن سارینڈن نے حماس کی جانب سے ریپ کرنے اور بچوں کو قتل کرنے کے اسرائیلی و بھارتی اسرائیلی پروپیگنڈے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ اوونز میں بچوں کو جلانے اور عصمت دری کی خبریں سب جھوٹ ہیں۔

سوزن نے غزہ میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں کا بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ “جو 35 ہزار افراد مارے گئے ہیں ان کا کیا ہوگا؟” آخر میں سوزن نے سوال پوچھنے والی لڑکی کو کہا کہ اپنی مطالعے میں اضافہ کرو۔

واضح رہے کہ حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مستقل جنگ بندی کی شرط رکھی ہے۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا پی ٹی آئی کو اسمبلیوں سے استعفے کا مشورہ

اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کو ایک بار پھر اسمبلیوں سے استعفے دے کر سڑکوں پر احتجاج کرنے کا مشورہ دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ اگر آنے والے ہفتوں میں بانی چیئرمین کو انصاف نہ ملا تو ہمیں اسمبلیوں میں نہیں بیٹھنا چاہیے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے اور سڑکوں پر آنے پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے واضح کیا میں بانی چیئرمین کے لیے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے والا پہلا شخص ہوں گا۔

عمران خان کی طویل عرصے بعد بالی ووڈ میں واپسی

ممبئی: بالی ووڈ کے سُپر اسٹار عامر خان کے بھانجے عمران خان 9 سال بعد بڑے پردے پر واپسی کرنے جارہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عمران خان کچھ عرصے سے اداکاری کی دنیا میں واپسی پر غور کر رہے تھے اور اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ وہ عامر خان کی پروڈیوس کردہ کامیڈی فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔

عامر خان کی پروڈکشن میں بننے والی اس کامیڈی فلم کا نام “ہیپی پٹیل” ہوگا جبکہ اداکار ویر داس فلم کے ہدایتکار ہوں گے، وہ اس فلم کے ذریعے ہدایتکاری کی دُنیا میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی ریاست گوا میں فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ عمران خان نے 8 ماہ قبل ہی بالی ووڈ میں اپنی واپسی کا اشارہ دے دیا تھا اور وہ اُس وقت سے فلم کی تیاری میں مصروف ہیں۔

اس سے قبل سال 2008 میں ریلیز ہونے والی عمران خان کی ڈیبیو فلم ‘جانے تو یا جانے نا’ کو بھی عامر خان نے ہی پروڈیوس کیا تھا، بعد میں دونوں نے سال 2011 کی فلم ‘دہلی بیلی’ میں بھی ایک ساتھ کام کیا تھا، عمران خان اور عامر خان کی یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر چھاگئی تھیں۔

واضح رہے کہ عمران خان آخری مرتبہ کامیڈی رومینٹک فلم ’کٹی بٹی‘ میں نظر آئے تھے جو 2015 میں ریلیز کی گئی۔

غزہ صورت حال؛ امریکی وزیر خارجہ اہم دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

ریاض: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ کی صورت حال پر عرب ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے دورے کے پہلے مرحلے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔ جہاں وہ قطر، مصر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن کے ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر اہلکار کے بقول ان ملاقاتوں میں اسرائیل حماس جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ میں نئی حکومت کے قیام سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔
اعلیٰ امریکی سفارت کار نے رائٹرز کو مزید بتایا کہ انٹونی بلنکن اس ہفتے کے آخر میں اسرائیل جائیں گے اور وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر سنگین انسانی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے دباؤ ڈالیں گے۔

بعد ازاں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر عرب ممالک اور یورپی ممالک کو ایک جگہ جمع کریں گے تاکہ غزہ میں تباہ عمارتوں اور انفرا اسٹریکچر کی تعمیر نو میں مدد کی جا سکے۔

یاد رہے کہ غزہ میں حماس کی حکومت کو ختم کرکے نئی حکومت کے قیام کے بیشتر آپشنز پر کئی مہینوں سے بات چیت جاری ہے تاہم اب تک کسی ایک پر اتفاق نہیں کیا جا سکا ہے۔

دوسری جانب حماس نے کسی بھی غیر جمہوری کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام کسی پیرا شوٹ حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔ حماس بھی صرف عوام کا فیصلہ تسلیم کرے گی۔a

وفاقی وزیر کا پاسپورٹ آفس کا دورہ، ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تبدیل

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے عوامی شکایت پر ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو فوری طور پر تبدیل کر کے محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔

دورے کے دوران محسن نقوی پاسپورٹ آفس کے حالات دیکھ کر برہم ہوگئے۔

انھوں نے کہا کہ عملے کی ملی بھگت کے بغیر پیسے لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ آج سے گھروں پر ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی سہولت دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ٹریفک کا مسئلہ حل کرنا ہے، اس شہر کو سگنل فری کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں منشیات فروشوں کا خاتمہ کریں گے، شہر کو ڈرگ فری اور تجاوزات فری بھی کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوئی پولیس یا آرمی میں جاتا ہے تو سوچ سمجھ کرجاتا ہے، یہ فورس 24 گھنٹے کام کرنے والی فورس ہے۔

گوہرعلی اور عمرایوب سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت منظور

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما گوہرعلی ، عمرایوب ، سنی اتحاد کے رکن قومی اسمبلی عامرڈوگر اور دیگر کی ضمانت منظور کر لی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جب بھی پرامن احتجاج کرتے ہیں نیا مقدمہ درج ہوجاتا ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج اویس محمد خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنان کیخلاف درج مقدمہ میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انتظامیہ نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا، ضمانت منظور کی جائے اور پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔

عدالت نے گوہرعلی، عمرایوب، عامر ڈوگر اور دیگر کی 5 ،5 ہزار روپے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے فریقین کو جواب کیلئے نوٹسز جاری کرکے سماعت7 مئی تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے ریلی نکالنے پر اسلام آباد میں 2 روز قبل مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، اپوزیشن لیڈر عمرایوب، عامر ڈوگر اور شعیب شاہین سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا تھا۔

اسلام آباد کے کراچی کمپنی تھانے میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی قیادت سمیت 100سے 150 نامعلوم پی ٹی آئی کارکنان کو نامزد کیا گیا تھا۔

غزہ صورت حال؛ امریکی وزیر خارجہ اہم دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

ریاض: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ کی صورت حال پر عرب ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے دورے کے پہلے مرحلے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔ جہاں وہ قطر، مصر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن کے ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر اہلکار کے بقول ان ملاقاتوں میں اسرائیل حماس جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ میں نئی حکومت کے قیام سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔
اعلیٰ امریکی سفارت کار نے رائٹرز کو مزید بتایا کہ انٹونی بلنکن اس ہفتے کے آخر میں اسرائیل جائیں گے اور وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر سنگین انسانی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے دباؤ ڈالیں گے۔

بعد ازاں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر عرب ممالک اور یورپی ممالک کو ایک جگہ جمع کریں گے تاکہ غزہ میں تباہ عمارتوں اور انفرا اسٹریکچر کی تعمیر نو میں مدد کی جا سکے۔

یاد رہے کہ غزہ میں حماس کی حکومت کو ختم کرکے نئی حکومت کے قیام کے بیشتر آپشنز پر کئی مہینوں سے بات چیت جاری ہے تاہم اب تک کسی ایک پر اتفاق نہیں کیا جا سکا ہے۔

دوسری جانب حماس نے کسی بھی غیر جمہوری کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام کسی پیرا شوٹ حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔ حماس بھی صرف عوام کا فیصلہ تسلیم کرے گی۔

کراچی میں آئندہ 3 سے 4 روز تک سورج آگ برسائے گا، گرمی میں اضافے کی پیشگوئی

کراچی میں آئندہ 3 سے 4 روز تک سورج آگ برسائے گا، محکمہ موسمیات نے گرمی میں اضافے کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ تین سے چار روز تک گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

کراچی اور ملحقہ علاقوں میں دن میں موسم گرم اور شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے بھی شہر میں موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36-38 سیںٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 سے 50 تک پہنچنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

ملک کے 91 اضلاع میں آج سے خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز

ملک کے اکانوے اضلاع میں آج سے خصوصی انسداد پولیومہم کا آغاز ہوگیا۔ پانچ روزہ مہم تین مئی تک جاری رہے گی۔ جس میں دو کروڑ چالیس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

مہم اسلام آباد، پنجاب کے دس اضلاع اور سندھ کے چوبیس اضلاع میں شروع ہوگی۔

مہم میں خیبرپختونخوا کے چھبیس اور بلوچستان کے تیس اضلاع شامل ہیں۔

کوآرڈینیٹر قومی صحت کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس ایک سنگین خطرہ ہے، عوام پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بچے کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا

سندھ میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے خصوصی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔انھوں نے گلشن اکاخیل ، گڈاپ میں نئی تعمیر ہونے والی ڈسپینسری میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔

اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم صوبے کےچوبیس اضلاع میں شروع کی گئی۔ آج سے تین مئی تک جاری مہم میں 80 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ مہم میں باسٹھ ہزارفرنٹ لائن ورکرز کو تعینات کیاگیا ہے۔ پولیو ٹیم پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو ان کے گھروں ، اسکولوں، اسپتالوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر ویکسین فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماحولیاتی نمونوں کے مثبت آنے سے وائرس کی بڑھتی ہوئی گردش کے بارے میں خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ ہمارے فعال اقدامات وائرس کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لیے تیار ہیں۔