کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ملک بھر میں آباد آٹھ لاکھ سے زائد سکھوں کے حقوق کے تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ ٹورونٹو میں خالصہ ڈے کے موقع پر وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے خطاب کے موقع پر خالصتان کے نعرے بھی لگ گئے۔ خطاب کے دوران جسٹن ٹروڈو پنجابی بھی بولتے رہے۔
جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ سکھوں کی اقدار کینیڈا کی اقدار ہیں۔ ملک بھر میں سکھوں کے گردواروں اور کمیونٹی سینٹرز کو زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ اتوار کو خالصہ ڈے کی تقریب کے دوران خالصتان کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔
کینیڈین وزیر اعظم نے سِکھوں کو یقین دلایا کہ کینیڈین حکومت ہر طرح کے امتیاز کے خلاف ان کے تمام حقوق اور آزادیوں کو ہر حال میں تحفظ فراہم کرے گی۔
خالصہ ڈے کی تقریب میں کنزرویٹیو لیڈر پیئرے پوئلیویئر، نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر جگمیت سنگھ اور ٹورونٹو کی میئر اولیویا چو نے بھی شرکت کی۔
خالصہ ڈے کو عرفِ عام میں بیساکھی کہا جاتا ہے۔ یہ سِکھوں کے نئے سال کا جشن ہے۔ تقریب میں خالصتان کے نعرے اس وقت لگائے گئے جب جسٹن ٹروڈو خطاب کے لیے ڈائس کی طرف جارہے تھے۔
جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی اصل طاقت تنوع میں ہے۔ ہم اپنے اختلافات کے باوجود نہیں بلکہ اُن کی بدولت مضبوط ہیں۔ اختلافات اور تنوع کے باوصف ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ سِکھوں کی اقدار کینیڈا کی اقدار ہیں۔
جسٹن ٹروڈو نے سِکھوں کو یقین دلایا کہ ان کے حقِ عبادت کی راہ میں کوئی بھی دیوار حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے تقریر کے آخر میں سِکھوں کو بیساکھی کی مبارک باد دیتے ہوئے ”واہے گرو جی کا خالصہ“ اور ”واہے گروجی کی فتح“ کا نعرہ بھی لگایا۔