تازہ تر ین

عمران خان کی طویل عرصے بعد بالی ووڈ میں واپسی

ممبئی: بالی ووڈ کے سُپر اسٹار عامر خان کے بھانجے عمران خان 9 سال بعد بڑے پردے پر واپسی کرنے جارہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عمران خان کچھ عرصے سے اداکاری کی دنیا میں واپسی پر غور کر رہے تھے اور اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ وہ عامر خان کی پروڈیوس کردہ کامیڈی فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔

عامر خان کی پروڈکشن میں بننے والی اس کامیڈی فلم کا نام “ہیپی پٹیل” ہوگا جبکہ اداکار ویر داس فلم کے ہدایتکار ہوں گے، وہ اس فلم کے ذریعے ہدایتکاری کی دُنیا میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی ریاست گوا میں فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ عمران خان نے 8 ماہ قبل ہی بالی ووڈ میں اپنی واپسی کا اشارہ دے دیا تھا اور وہ اُس وقت سے فلم کی تیاری میں مصروف ہیں۔

اس سے قبل سال 2008 میں ریلیز ہونے والی عمران خان کی ڈیبیو فلم ‘جانے تو یا جانے نا’ کو بھی عامر خان نے ہی پروڈیوس کیا تھا، بعد میں دونوں نے سال 2011 کی فلم ‘دہلی بیلی’ میں بھی ایک ساتھ کام کیا تھا، عمران خان اور عامر خان کی یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر چھاگئی تھیں۔

واضح رہے کہ عمران خان آخری مرتبہ کامیڈی رومینٹک فلم ’کٹی بٹی‘ میں نظر آئے تھے جو 2015 میں ریلیز کی گئی۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv